Habal by MAHNOOR AWAN (AFSANA)

افسانہ

حبل

مصنفہ: ماہ نور اعوان

پیش لفظ

حبل کا مطلب رسی ہے، اور قرآنِ مجید میں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیتے ہیں، وہ مایوسی کے اندھیروں میں بھی امید کا چراغ روشن رکھ سکتے ہیں۔ اللہ پر یقین رکھنے والا انسان مشکلات سے گھبراتا ضرور ہے، مگر ہمت نہیں ہارتا۔ وہ جانتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

اس لیے اللہ پر یقین رکھیں، کوشش جاری رکھیں اور اس کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ بے شک، ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے۔

انتساب

اللہ کی رسی تھامنے والوں کے نام!

ان لوگوں کے نام جو مشکلات کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑتے، جو اپنے رب پر یقین رکھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ جب انسان اللہ کی طرف رجوع کرتا ہے تو اس کے دل کو سکون ملتا ہے۔

وہ سنبھال لیتا ہے۔

آغاز

اسلام آباد

سورج کی روشنی ہر سو پھیل چکی تھی، لیکن موسمِ خزاں کی اداسی فضا میں نمایاں تھی۔ درختوں سے جھڑتے پتے اور سوکھ کر زمین پر گرتے پھول جب کسی راہ گیر کے قدموں تلے آتے تو چرچرا اٹھتے۔ کہیں زرد پتوں کی چادر بچھی تھی تو کہیں ہوا کے جھونکے انہیں اپنے ساتھ اڑائے پھرتے تھے۔

موسمِ خزاں کسی کا پسندیدہ تھا تو کسی کے لیے اداسی کی علامت۔

یونیورسٹی کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں نورے اپنی دوست زونیرہ کے ساتھ بیٹھی تھی۔ اردگرد دوسرے طلبہ بھی موجود تھے، جو اپنی اپنی باتوں میں مصروف تھے۔

“نورے! کیسی ہو؟” زونیرہ نے اس کی خیریت دریافت کی۔

“میں ٹھیک ہوں۔ تم سناؤ؟”

نورے دھیمے لہجے میں بولی۔

“میں بالکل ٹھیک ہوں، لیکن تم آج کل مجھے ٹھیک نہیں لگ رہی۔”

زونیرہ نے اسے غور سے دیکھتے ہوئے کہا۔ نورے کا اترا ہوا چہرہ دیکھ کر وہ اندازہ لگا چکی تھی کہ کچھ نہ کچھ ضرور گڑبڑ ہے۔

“نہیں، میں ٹھیک ہوں۔ تمہیں غلط فہمی ہو رہی ہے۔”

“غلط فہمی نہیں، مجھے یقین ہے کہ تم ٹھیک نہیں ہو۔ کچھ چھپا رہی ہو مجھ سے۔”

“اگر بتا بھی دوں تو تم نے کون سا میرا مسئلہ حل کر لینا ہے۔”

نورے نے شکوہ کیا۔

“بولو، کچھ ہوا ہے کیا؟ میں کیوں حل نہیں کر پاؤں گی؟”

زونیرہ اس کی طرف ذرا آگے کھسکی اور اس کے ہاتھ تھام لیے۔

“تم خود ہی سوچ لو کہ تم میرا مسئلہ کیوں حل نہیں کر پاؤ گی۔”

“اوہو! میں حل کروں گی، اگر بات حل کرنے والی ہوئی تو۔”

زونیرہ نے وضاحت دی۔

نورے نے ایک گہری سانس لی۔

“سنو!”

“سناؤ۔”

“میں پچھلے کچھ عرصے سے بہت تھک چکی ہوں، یار۔ مجھ سے اب یہ سب برداشت نہیں ہوتا۔”

“کیا برداشت نہیں ہو رہا؟”

“میں کب تک ایسے جیتی رہوں گی؟ میرا مطلب ہے، اتنی جگہوں پر درخواستیں دینے کے باوجود کچھ نہیں بن پا رہا۔ کہیں سے نوکری مل ہی نہیں رہی۔ ہر جگہ سے انکار سننے کو ملتا ہے۔ میرے گھر کے حالات سدھرنے کے بجائے بگڑتے جا رہے ہیں، اور میں صرف بے بسی سے سب دیکھ رہی ہوں۔”

اس کی آواز میں مایوسی نمایاں تھی۔ وہ حد سے زیادہ ناامیدی کا شکار ہو چکی تھی۔

نورے کے نقوش سادہ تھے۔ اس نے سفید اور گلابی رنگوں کے امتزاج والا لباس پہن رکھا تھا، جس پر ہم رنگ پھول بنے ہوئے تھے۔ بال سلیقے سے بندھے تھے اور عینک کے پیچھے سے جھانکتی آنکھوں میں تھکن نمایاں تھی۔

“سب ٹھیک ہو جائے گا۔ تم پریشان مت ہو،” زونیرہ نے اسے تسلی دینے کی کوشش کی۔

“کب ٹھیک ہوگا سب؟” نورے نے ناامیدی سے پوچھا۔

“جب ہونا ہوگا۔”

“وہی تو پوچھ رہی ہوں کہ کب ہوگا؟”

وہ اپنی بات پر قائم رہی۔

“جب اللہ چاہے گا، تب سب ٹھیک ہو جائے گا۔ تم کوشش کرتی رہو۔ دیکھنا، تمہیں اپنی محنت کا پھل ضرور ملے گا۔”

زونیرہ نے اسے امید دلائی۔

نورے مکمل طور پر مطمئن تو نہیں ہوئی، لیکن اس کے دل کا بوجھ کچھ ہلکا ضرور ہو گیا تھا۔

اردگرد جھڑتے پتے قدموں تلے چرچراتے اور بکھرتے جا رہے تھے۔

*********

شام کے سائے پھیل چکے تھے۔

یونیورسٹی سے واپسی پر نورے دو جگہوں پر ملازمت کے سلسلے میں گئی تھی، لیکن دونوں جگہوں سے اسے یہی جواب ملا کہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ بلا لیا جائے گا۔

وہ ایک درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والے گھرانے کی لڑکی تھی۔ والد کا انتقال ہو چکا تھا۔ گھر میں اس کی والدہ مدثرہ خاتون اور چھوٹی بہن علیزے ہی اس کا کل سرمایہ تھیں۔

والد کے انتقال کے بعد گھر کی تمام ذمہ داری مدثرہ خاتون کے کندھوں پر آ گئی تھی۔ وہ سلائی کر کے گھر کا خرچ چلاتی تھیں۔ دو بیٹیوں کی پرورش، ان کی تعلیم اور دوسری ضروریات پوری کرنے کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی تھی۔

انہوں نے کبھی اپنی بیٹیوں کو کسی چیز کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھا، انہیں پڑھایا لکھایا اور اسکول سے یونیورسٹی تک ان کی تعلیم جاری رکھی۔

نورے کی یونیورسٹی کی فیس ادا کرنے کے لیے مدثرہ خاتون نے کمیٹی ڈال رکھی تھی۔ ہر سمسٹر کی فیس اسی رقم سے ادا کی جاتی۔

نورے نے بچپن سے اپنی ماں کو محنت کرتے دیکھا تھا۔ ان کے ہاتھوں پر سلائی کرتے کرتے پڑنے والے نشان اور تھکن سے چور چہرہ اسے اندر تک دکھی کر دیتا تھا۔

وہ چاہتی تھی کہ اب اس کی ماں کو آرام ملے۔ وہ ان کی ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اٹھائے، ان کی چھوٹی بڑی خواہشات پوری کرے اور انہیں زندگی کی آسائشیں دے سکے۔

مگر اس کی کوششیں بار بار ناکامی سے دوچار ہو رہی تھیں۔

انٹرویو ہو یا ٹیسٹ، ہر مرحلہ طے کرنے کے بعد بھی اسے ملازمت کے لیے منتخب نہیں کیا جاتا تھا۔ مسلسل انکار نے اس کے اندر کی امید کو کمزور کر دیا تھا۔

**********

شام کے وقت نورے لان میں رکھی کرسی پر بیٹھی آسمان کو تک رہی تھی۔ اس کی نظریں آسمان پر جمی تھیں، مگر ذہن کہیں اور بھٹک رہا تھا۔

علیزے گھر کے اندر سے نکلی۔ دبے قدموں چلتی ہوئی اپنی بہن کے پیچھے پہنچی اور اسے ڈرانے کے لیے اچانک آواز نکالی۔

“بھو!”

مگر نورے کے جسم میں کوئی جنبش نہ ہوئی۔

علیزے نے حیرت سے بھنویں سکیڑیں اور اس کے سامنے والی کرسی پر آ بیٹھی۔

“آپی! تارے گن رہی ہیں؟”

“تارے گنتے گنتے ہم ختم ہو جائیں گے، لیکن تارے نہیں گن پائیں گے۔”

نورے نے آسمان پر نظریں جمائے جواب دیا۔

علیزے کی نظریں بھی اس کے چہرے سے ہٹ کر آسمان پر جا ٹھہریں، جہاں بے شمار ستارے جگمگا رہے تھے۔ پھر اس نے دوبارہ نورے کو دیکھا۔

“کیا ہوا؟”

“کچھ نہیں۔ ایک سیدھی سی بات بتائی ہے۔”

“وہ تو ہے، لیکن آپ کچھ اداس سی ہیں۔”

“اداس نہیں ہوں، بلکہ اپنی قسمت پر دکھ ہو رہا ہے کہ یہ مجھے کہاں کہاں بھٹکائے گی۔”

نورے نے پھیکی مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔

“قسمت کا رونا نہیں روتے۔”

“کیوں نہیں روتے؟”

اس نے فوراً سوال کیا۔

علیزے عمر میں چھوٹی تھی، لیکن اس وقت اپنی بڑی بہن کو سمجھاتے ہوئے کسی بڑی عمر کے انسان کی طرح محسوس ہو رہی تھی۔

بعض اوقات جب بڑے بہن بھائی پریشان ہوں تو چھوٹوں کو بھی سمجھ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ایسے وقت میں دو تسلی کے بول ان کے دل کو ایسا سکون دے سکتے ہیں جسے وہ مدتوں یاد رکھتے ہیں۔

“اس لیے کہ یہ زندگی ہمیشہ ہمارے پاس نہیں رہنی۔ ایک دن ہمیں یہاں سے چلے جانا ہے۔ پھر دنیا کی یہ پریشانیاں اور خواہشات سب پیچھے رہ جائیں گی۔ اس لیے زندگی جیسی بھی ہو، اسے قبول کرنا سیکھیں اور اللہ کی رضا میں خوش رہنے کی کوشش کریں۔”

ان کی ماں کھڑکی سے دونوں بیٹیوں کو دیکھ رہی تھیں۔ ان کی باتیں سنتے ہوئے دل ہی دل میں ان کے لیے دعائیں کر رہی تھیں۔

وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹیاں خوش رہیں، ان کے دلوں سے مایوسی دور ہو اور ان کا یقین اللہ پر مزید مضبوط ہو جائے۔

“خوش کیسے رہوں؟ میں نے ہر ممکن کوشش کر لی، لیکن مجھے وہ نہیں مل رہا جو مجھے چاہیے۔”

نورے پھر شکوہ کر بیٹھی۔

پچھلے کئی مہینوں سے وہ اسی طرح مایوسی کی باتیں کر رہی تھی۔ جب سے اس نے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش شروع کی تھی، تب سے اسے اپنی مرضی کے مطابق نتائج نہیں مل رہے تھے۔

“آپی! آپ کو کیا لگتا ہے؟ کیا ہمیشہ بغیر مانگے، بغیر کچھ کیے سب کچھ مل جاتا ہے؟ بالکل نہیں! اللہ نے آپ کو ہاتھ پاؤں دیے ہیں تو انہیں استعمال کریں۔ محنت کریں، کوشش کریں۔ تبھی آپ کو کامیابی ملے گی۔ ورنہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے کچھ نہیں بدلتا۔”

علیزے نے بات کرتے کرتے توقف کیا اور اپنی بہن کی آنکھوں میں دیکھا۔ نورے اسے حیرت اور ناسمجھی سے دیکھ رہی تھی۔

“آپ حبل کو تھام لیں۔”

“حبل؟”

نورے نے الجھن سے پوچھا۔

“جی، حبل! قرآنِ مجید میں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا حکم دیا گیا ہے۔ آپ ایک بار اللہ کی طرف رجوع تو کریں۔ اس سے مانگیں، اس پر یقین رکھیں اور اپنی کوشش جاری رکھیں۔ دوسروں کے سامنے اپنا دکھ بیان کرنے کے بجائے اللہ کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھیں۔ وہ آپ کی ہر بات سنتا ہے۔ اس کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔ وہ آپ کو سنبھلنے کی ہمت دے گا۔”

علیزے نے ایسی گہری باتیں کیں کہ نورے اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔

“یہ سب باتیں تم نے کہاں سے سیکھیں؟”

نورے جاننے کے لیے بے تاب تھی۔

“قرآنِ مجید پڑھ کر اور اپنی زندگی کے حالات سے۔ انسان کے ساتھ پیش آنے والی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی اسے بہت کچھ سکھا دیتی ہیں۔ میں نے بھی یہی سیکھا ہے کہ اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔”

علیزے نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔

“تمہارے ساتھ کیا ہوا ہے، علیزے؟”

“کچھ خاص نہیں، آپی! بس زندگی نے چھوٹی چھوٹی باتوں سے بہت کچھ سکھا دیا ہے۔ ہر کسی کی زندگی ایک جیسی نہیں ہوتی، لیکن اللہ پر یقین انسان کو ہمت دیتا ہے۔”

اس نے اپنی بہن کو امید کا دامن تھما دیا۔

نورے نے مسکرا کر سر ہلا دیا۔

آسمان پر چمکتے ستارے جیسے ان دونوں کو دیکھ رہے تھے۔ وہ رات کی خاموشی میں لان میں بیٹھی اپنے اپنے خیالوں میں گم تھیں۔

*********

آج نورے نے دل سے دعا مانگی تھی۔

اس نے اللہ سے درخواست کی تھی کہ اس کی کوششوں میں برکت ڈالے، اس کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور اسے مایوسی سے محفوظ رکھے۔

علیزے کو خدا حافظ کہہ کر وہ اپنی ماں کے ساتھ ایک اور ملازمت کے انٹرویو کے لیے روانہ ہو گئی۔

اس کے آخری سمسٹر کے امتحانات قریب تھے۔ تعلیم مکمل ہونے کے بعد وہ باقاعدہ طور پر ملازمت کرنا چاہتی تھی۔

“نور! میری بچی، پریشان نہ ہو۔ سب ٹھیک ہو جائے گا۔”

مدثرہ خاتون رکشے میں اس کے ساتھ بیٹھی اسے تسلی دے رہی تھیں۔

“نہیں، امی! پریشان نہیں ہو رہی۔ بس دل گھبرا رہا ہے کہ انٹرویو کیسا ہوگا۔”

نورے نے گھبرائے ہوئے لہجے میں جواب دیا۔

“اچھا ہی ہوگا۔ ویسے بھی، میں تم لوگوں کے لیے اتنی محنت کر رہی ہوں۔ پھر تمہیں اتنی جلدی نوکری کرنے کی کیا ضرورت ہے؟”

وہ اپنی بیٹی کو پریشان نہیں دیکھ سکتی تھیں۔

“نہیں، امی! آپ نے ہمارے لیے اتنی محنت کی ہے۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھی آپ کے لیے کچھ کریں۔ آپ کو آرام دیں، آپ کی ضروریات پوری کریں اور آپ کی چھوٹی چھوٹی خواہشات کو پورا کریں۔ میں چاہتی ہوں کہ اب آپ کو ہمارے لیے اتنی محنت نہ کرنی پڑے۔”

نورے نے ہوا سے بکھرتے بال کان کے پیچھے اڑستے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

مدثرہ خاتون مسکرا دیں۔

مگر ان کے ذہن میں پچھلے چند دنوں کے مناظر ایک ایک کر کے ابھرنے لگے۔

چند دن پہلے

“جب آپ کی ضرورت ہوگی تو ہم آپ کو بلا لیں گے۔ فی الحال ہمیں کسی کی ضرورت نہیں ہے۔”

اسکول کے دفتر میں بیٹھے ایک صاحب نے نورے اور اس کی والدہ سے کہا تھا۔

دونوں خاموشی سے ان کی بات سن رہی تھیں۔

“سر! کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کب تک کوئی جگہ خالی ہونے کا امکان ہے؟ میرا مطلب ہے کہ ملازمت کے لیے کوئی آسامی کب نکلے گی؟”

نورے نے امید بھری نظروں سے پوچھا۔

“دیکھیے، آپ کے پاس تجربہ نہیں ہے۔ دوسرا، آپ کی تعلیم بھی ابھی جاری ہے۔ ہم ہر کسی کو ایسے ہی ملازمت نہیں دے دیتے۔ پہلے جانچ پڑتال کرتے ہیں۔”

پچاس سال سے زیادہ عمر کے اس شخص نے اطمینان سے جواب دیا۔

نورے دل ہی دل میں سوچنے لگی کہ ملازمت کے لیے درخواست دی ہے یا کوئی رشتہ لے کر آئی ہے کہ اتنی جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔

مگر وہ خاموش رہی۔

“ٹھیک ہے، سر! آپ ضرور میرے لیے جگہ رکھیے گا۔ میں آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔”

وہ اپنی ماں کے ساتھ بے دلی سے اٹھ کر وہاں سے نکل آئی۔

دوسرا منظر

“آپ کی انگریزی کمزور ہے۔ آپ کو ریاضی بھی نہیں آتی۔ ہمیں تو ایسا انسان چاہیے جو ہر کام بہترین طریقے سے سنبھال سکے۔”

نادرا کے دفتر میں سامنے بیٹھی خاتون نے نورے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا۔

نورے اپنی ماں کے ساتھ کھڑی ان کی باتیں سن رہی تھی۔

“میں سیکھ لوں گی، میڈم۔”

اس نے امید دلانے کی کوشش کی۔

“بی بی! آپ ماسٹرز کرنے والی ہیں اور آپ کو دو اہم مضامین نہیں آتے۔ ہم آپ کو ملازمت کیسے دے دیں؟”

“میری بیٹی کی بات تو سن لیں،” مدثرہ خاتون نے نورے کا اترا ہوا چہرہ دیکھ کر کہا۔

“جائیں، ہمیں مزید بات نہیں کرنی۔”

وہ خاتون بے رخی سے بولیں۔

مدثرہ خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ خاموشی سے وہاں سے نکل آئیں۔

*********

نورے جہاں بھی جاتی، اسے ناامیدی کا سامنا کرنا پڑتا۔ مسلسل ناکامیوں نے اسے توڑ کر رکھ دیا تھا۔

وہ اپنی ماں کو بھی اپنے ساتھ پریشان کرتی تھی، حالاں کہ مدثرہ خاتون کی دعائیں ہر وقت اس کے ساتھ تھیں۔

اور جب اللہ کی رحمت پر یقین ہو تو انسان کے لیے امید کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا۔

************

رات کا پچھلا پہر

کمرے میں خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ باہر اندھیرا پھیلا تھا اور چاندنی کھڑکی سے چھن کر اندر آ رہی تھی۔

نورے جائے نماز پر بیٹھی تھی۔ اس کا چہرہ آنسوؤں سے تر تھا اور وہ سجدے میں سر رکھے رو رہی تھی۔

آج وہ اپنے رب کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھ دینا چاہتی تھی۔

“یا اللہ! آپ نے مجھے ہمیشہ کامیاب کیا۔ ہر امتحان میں میرا ساتھ دیا، لیکن میں آپ سے دور ہوتی گئی اور لوگوں کے سامنے اپنا دکھ لے کر بیٹھ گئی۔ میں بھول گئی تھی کہ آپ تو میرے دل کا حال بھی جانتے ہیں۔”

وہ کچھ دیر خاموش رہی، پھر دوبارہ بولی۔

“یا اللہ! میں آپ کی طرف لوٹ آئی ہوں۔ میں نے آپ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیا ہے۔ اب مجھے آپ پر یقین ہے۔ میں آپ سے دور نہیں جانا چاہتی۔ میرے دل کو سکون دے دیجیے، مجھے ہمت عطا کیجیے اور میرے لیے آسانیاں پیدا فرما دیجیے۔”

اس کی آواز آنسوؤں میں بھیگ رہی تھی۔

وہ اپنے رب کے حضور سجدہ ریز تھی۔ اس کے دل میں ایک نئی امید جنم لے رہی تھی۔ اسے محسوس ہو رہا تھا کہ اس نے اپنے اندر کی بے چینی کو اللہ کے سامنے رکھ کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کر لیا ہے۔

“یا اللہ! مجھے کبھی اپنی رحمت سے مایوس نہ ہونے دیجیے گا۔ مجھے اپنے یقین پر قائم رکھیے گا۔”

وہ دیر تک دعا کرتی رہی۔

اس رات نورے نے اپنی پریشانیوں کے ساتھ ساتھ اپنے رویے پر بھی غور کیا۔ اسے سمجھ آ گیا تھا کہ دعا کے ساتھ کوشش بھی ضروری ہے اور مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

**********

“آپ ہمیں کب تک جوائن کریں گی؟”

ایک پُرتعیش دفتر میں بیٹھی خاتون نے نورے سے سوال کیا۔

میز کے دوسری طرف نورے اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھی تھی۔

“جی، ان شاء اللہ، بہت جلد۔ میرے امتحانات ہونے والے ہیں۔ جیسے ہی ختم ہوں گے، میں آپ کے پاس آ جاؤں گی۔”

نورے خوشی سے پھولے نہیں سما رہی تھی۔

“ٹھیک ہے، آپ کی سہولت کے مطابق۔ لیکن وعدے کے مطابق ضرور آئیے گا۔”

“جی بالکل! ضرور آؤں گی۔ آپ فکر مت کریں۔ بہت شکریہ!”

نورے اور مدثرہ خاتون اٹھیں اور خاتون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دفتر سے باہر نکل آئیں۔

نورے نے فوراً زونیرہ کو فون کر کے خوش خبری سنائی۔

وہ بھی بہت خوش ہوئی۔

مدثرہ خاتون دل ہی دل میں اللہ کا شکر ادا کر رہی تھیں۔ ان کی آنکھوں میں خوشی کی چمک تھی اور لبوں پر اپنی بیٹی کے لیے دعائیں۔

***********

چھ ماہ بعد

نورے کلاس روم میں بچوں کو پڑھا رہی تھی۔

اس نے سیاہ عبایا پہن رکھا تھا اور سر پر سیاہ اسٹول تھا۔ اس کے چہرے پر اعتماد اور اطمینان نمایاں تھا۔

بچے پوری توجہ سے اس کی باتیں سن رہے تھے اور اس کے سوالوں کے جواب بھی دے رہے تھے۔

پڑھاتے پڑھاتے اس نے بچوں سے ایک سوال کیا۔ جب انہیں جواب سمجھ آ گیا تو وہ خود بھی انہیں مزید وضاحت دینے لگی۔

اسی دوران اسکول کی پرنسپل دوسری پرنسپل کے ساتھ راہداری سے گزر رہی تھیں۔ نورے کو پڑھاتے دیکھ کر وہ رک گئیں۔

“بچو! آپ جانتے ہیں کہ جب ہم محنت کرتے ہیں اور دل لگا کر پڑھتے ہیں تو کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی کوشش جاری رکھیں اور ہمت نہ ہاریں۔”

بچوں میں سے ایک نے جواب دیا۔

“جی، ٹیچر! ہم سمجھ گئے۔”

“بہت خوب! اب ہم آگے بڑھتے ہیں۔ میں آپ کو کتاب کے اگلے سبق کی تفصیلات سمجھاتی ہوں۔”

پرنسپل کچھ دیر اسے دیکھتی رہیں، پھر مسکراتے ہوئے آگے بڑھ گئیں۔

نورے کو اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ اس کی محنت کسی کی نظروں میں آ چکی ہے۔

***********

“میڈم! آپ کا کیا خیال ہے، اس سال بہترین ٹیچر کا ایوارڈ کس کو ملنا چاہیے؟”

مس ریحانہ نے اپنی ساتھی پرنسپل سے پوچھا۔

وہ دونوں اپنے دفتر کی طرف جا رہی تھیں۔

“میں نے اس کے لیے ایک نام سوچ لیا ہے۔ بس جلد ہی اس کا اعلان کر دوں گی۔”

پرنسپل نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔

انہیں یقین تھا کہ ان کا فیصلہ بہت سے لوگوں کو خوش کر دے گا۔

**********

پچھلے کچھ عرصے سے نورے کو پرنسپل کی طرف سے جو بھی کام دیا جاتا، وہ اسے پوری دل جمعی سے کرتی۔ وہ بچوں کو محنت اور توجہ سے پڑھاتی اور اسکول کی دوسری ذمہ داریاں بھی خوش اسلوبی سے نبھاتی۔

اس نے اب یہ سیکھ لیا تھا کہ کامیابی کے لیے صرف خواہش کافی نہیں ہوتی، بلکہ مسلسل محنت، صبر اور اپنے مقصد سے وابستگی بھی ضروری ہے۔

***********

“امی! یہ آپ کے لیے ہے۔”

پہلی تنخواہ ملنے کے بعد نورے نے خوشی سے ایک ڈبیا اپنی ماں کی طرف بڑھائی۔

“اس میں کیا ہے، نور؟”

مدثرہ خاتون نے حیرت سے پوچھا۔

“کھول کر تو دیکھیں!”

انہوں نے ڈبیا کھولی تو اندر سونے کی بالیاں موجود تھیں۔

“یہ تو وہی بالیاں ہیں جو مجھے پسند تھیں!”

ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

یہ وہی بالیاں تھیں جنہیں خریدنے کی خواہش وہ کافی عرصے سے اپنے دل میں لیے بیٹھی تھیں، لیکن حالات نے انہیں اپنی خواہشات پوری کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

آج ان کی بیٹی نے ان کی وہ خواہش پوری کر دی تھی۔

“امی! یہ سب آپ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ آپ نے ہمارے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ اب ہماری باری ہے۔”

نورے نے محبت سے ان کا ہاتھ تھام لیا۔

پھر اس نے ایک اور ڈبہ اٹھایا اور علیزے کی طرف بڑھا دیا۔

“علیزے! یہ تمہارے لیے ہے۔”

“میرے لیے؟”

علیزے نے حیرت سے پوچھا۔

“جی ہاں، تمہارے لیے۔”

نورے نے اسے نیا موبائل فون دیا، جو علیزے کافی عرصے سے لینا چاہتی تھی۔

علیزے خوشی سے کھل اٹھی۔ اس نے موبائل اپنے ہاتھوں میں لیا اور پھر مسکراتے ہوئے نورے کے گلے لگ گئی۔

مدثرہ خاتون کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ وہ دل ہی دل میں اللہ کا شکر ادا کر رہی تھیں اور اپنی بیٹیوں کے لیے ڈھیروں دعائیں مانگ رہی تھیں۔

***********

کچھ عرصے بعد

اسکول کا ہال طلبہ اور اساتذہ سے بھرا ہوا تھا۔ اسٹیج پر تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اور سب لوگ بہترین ٹیچر کے ایوارڈ کے اعلان کے منتظر تھے۔

اسٹیج پر موجود میزبان نے مائیک سنبھالا اور اعلان کیا۔

“اس سال بہترین ٹیچر کا ایوارڈ دیا جاتا ہے۔۔۔ مس نورے حیدر کو!”

چند لمحوں کے لیے نورے کو اپنے کانوں پر یقین نہ آیا۔

کیا واقعی اس کا نام لیا گیا تھا؟

پھر اچانک تالیوں کا شور بلند ہوا۔ وہ اپنی نشست سے اٹھی اور دھیرے دھیرے اسٹیج کی طرف بڑھنے لگی۔

اس کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ اس نے پرنسپل کے ہاتھوں سے ایوارڈ وصول کیا اور مائیک کے سامنے آ کھڑی ہوئی۔

“السلام علیکم!

آج میں جس مقام پر کھڑی ہوں، اس کے پیچھے میری محنت کے ساتھ ان لوگوں کا بھی ہاتھ ہے جنہوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ میری ماں، میری بہن علیزے اور میری دوست زونیرہ نے مجھے مایوسی سے نکال کر امید کی طرف بڑھنے کا حوصلہ دیا۔

ایک وقت تھا جب میں مسلسل ناکامیوں سے تھک چکی تھی۔ مجھے لگتا تھا کہ شاید میری کوششوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ میں ہر جگہ سے انکار سن کر مایوس ہو جاتی تھی، لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ اللہ پر یقین رکھنا اور اپنی کوشش جاری رکھنا کتنا ضروری ہے۔

میں نے اللہ کی طرف رجوع کیا، اس سے دعا مانگی اور اپنی کوشش جاری رکھی۔ آہستہ آہستہ میرے لیے راستے کھلنے لگے۔

آج میں ان سب لوگوں سے کہنا چاہتی ہوں جو زندگی میں کسی مشکل کا سامنا کر رہے ہیں، جو اپنی دعاؤں کی قبولیت کے منتظر ہیں یا بار بار ناکامیوں کے بعد مایوس ہو چکے ہیں۔

اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہوں۔ اس کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ دعا کے ساتھ کوشش جاری رکھیں اور اپنے رب پر یقین رکھیں۔ زندگی میں مشکلات آتی ہیں، لیکن ہمیں ان کے سامنے ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

یاد رکھیے، کامیابی ہمیشہ ہماری مرضی کے مطابق اور ہمارے مقرر کردہ وقت پر نہیں ملتی۔ بعض اوقات ہمیں انتظار کرنا پڑتا ہے، خود کو بہتر بنانا پڑتا ہے اور نئے راستے تلاش کرنے پڑتے ہیں۔

یہ ایوارڈ میری ماں، میری بہن اور میری دوست کے نام ہے، جنہوں نے میرے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ میں یہ ایوارڈ اپنی ماں کے نام کرتی ہوں، جنہوں نے اپنی زندگی ہماری پرورش اور تعلیم کے لیے وقف کر دی۔

اور سب سے بڑھ کر، میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے مجھے مایوسی سے نکلنے اور دوبارہ کوشش کرنے کی ہمت عطا کی۔”

نورے نے اپنی بات مکمل کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

اس نے ایوارڈ اپنے سینے سے لگایا اور اسٹیج سے اتر کر اپنی ماں کے پاس آ گئی۔

پھر اس نے ایوارڈ مدثرہ خاتون کے ہاتھوں میں تھما دیا۔

“امی! یہ آپ کا ہے۔”

مدثرہ خاتون کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کو گلے لگا لیا۔

علیزے اور زونیرہ کی آنکھیں بھی نم تھیں۔ وہ اپنی دوست کی کامیابی پر دل سے خوش تھیں۔

نورے نے اپنی زندگی میں ایک اہم سبق سیکھ لیا تھا۔ اسے سمجھ آ گیا تھا کہ مایوسی کے اندھیروں میں امید کی روشنی تلاش کرنے ک

ے لیے اللہ کی طرف رجوع کرنا، اس پر یقین رکھنا اور اپنی کوشش جاری رکھنا ضروری ہے۔

اس نے حبل کو مضبوطی سے تھام لیا تھا۔

اب سوال یہ تھا کہ آپ کیا تھامے ہوئے ہیں؟ مایوسی یا امید؟

فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔

ختم شد

اللہ کی رسی تھامنے والوں کے نام!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *