بسم اللہ الرحمن الرحیم
افسانہ
سیاہ تنہائی
مصنفہ: ماہ نور اعوان
پیش لفظ
میں صرف دو تین سطروں میں یہ کہنا چاہوں گی کہ “سیاہ تنہائی” نام کیوں رکھا گیا ہے، یہ آپ کو افسانہ پڑھ کر معلوم ہوگا۔ امید ہے آپ اسے سمجھ پائیں گے۔
میرے اس افسانے میں دو کرداروں کے ذریعے تنہائی کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ امید ہے ارحم اور حسان، دونوں دوستوں اور تنہائی سے لڑتے میرے کرداروں سے آپ کچھ سیکھ پائیں گے۔شکریہ!
ماہ نور اعوان
************
آغاز
تنہائی صرف باہر نہیں ہوتی، اندر بھی ہوتی ہے۔ انسان کسی کے جانے سے ہی تنہا نہیں ہوتا، وہ اندر سے بھی تنہا ہو سکتا ہے۔ اندر کے اندھیرے انسان کو کھوکھلا اور بے کار کر دیتے ہیں۔ رات کے اندھیروں سے مختلف، اندر کے اندھیرے اچھے سے اچھے انسان کو بھی ختم کر دیتے ہیں۔ اور جب یہ اندھیرے حد سے بڑھ جائیں تو انسان اپنی ہی تنہائی میں گم، ایک پراسرار اور گمنام وجود بن کر رہ جاتا ہے۔
***********
میں کمرے میں بیٹھا ڈائری نما ایک موٹی سی کتاب میز پر کھولے، اس میں قلم سے الفاظ اتارتا جا رہا ہوں۔ کمرے میں مدھم لیمپ کی روشنی ہے اور میں مسلسل لکھے جا رہا ہوں۔
باہر کے اندھیروں سے مختلف اندر کے اندھیرے ہیں، جو مجھے اپنے جذبات کاغذ پر اتارنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ میں ہجوم سے گھبراتا ہوں، اس لیے تنہائی کو اپنا دوست بنا لیا تھا، مگر اب یہی تنہائی مجھے کاٹنے کو دوڑ رہی ہے۔ میں اسے “سیاہ تنہائی” کا نام دے چکا ہوں۔
میں نے اپنی اس ڈائری نما موٹی کتاب کا نام بھی “سیاہ تنہائی” رکھ دیا ہے۔
اب لکھتے لکھتے تھک چکا ہوں، اس لیے تھوڑا آرام کرنے کے لیے نیچے جا کر چائے بناؤں گا، شاید اس سے کچھ سکون ملے۔
کتاب بند کرنے سے پہلے اس میں قلم رکھا اور اٹھ کھڑا ہوا۔ کتاب کو کھلا چھوڑ کر دروازہ کھولا اور نیچے جانے والی سیڑھیوں پر قدم رکھتے ہوئے صرف اپنے قدموں کی چاپ سن رہا تھا، جو سیدھی میرے کانوں میں پڑ رہی تھی۔
زینے اترتے ہوئے بائیں جانب بنے کچن میں داخل ہوا۔ کھڑکی سے آنے والی ٹھنڈی ہوا میرے چہرے سے ٹکرائی تو مری کے اس سرد پہاڑی موسم میں اپنے ہی گھر کے اندر کھڑا تھرتھرا گیا۔
جلدی سے آگے بڑھ کر کھڑکی کے پٹ بند کیے۔ پھر اوپر دیوار پر بنے شیلف کو کھولا اور اندر سے پتی کا ڈبہ نکالا۔ چینی بھی تھوڑی سی پڑی نظر آئی۔
میں تنہائی کے زیرِ اثر اتنا آ چکا ہوں کہ اب کسی چیز کا خیال ہی نہیں رکھ پاتا۔ اب تھوڑی سی چینی بھی میرے ایک کپ چائے کے لیے کافی ہے۔
چینی اور پتی نکال کر رکھ دی اور فریج کی جانب بڑھا۔ دروازہ کھول کر اندر جھانکا تو دودھ کا ایک ڈبہ پڑا تھا۔ اسے نکال کر فریج کا دروازہ بند کیا ہی تھا کہ اچانک دروازے پر دستک کی آواز آئی۔
میں چیزیں وہیں چھوڑ کر دروازے کی طرف بڑھا اور سوچنے لگا:
“اس وقت کون آ سکتا ہے؟ وہ بھی اتنی سردی میں؟ خیر، جو بھی ہے، جا کر دیکھتا ہوں۔”
اندر ہی اندر خوش بھی ہو رہا تھا کہ چلو، کوئی تو آیا ہے میری تنہائی بانٹنے۔
میں جلدی سے قدم اٹھاتا دروازے پر پہنچا تاکہ اسے کھول کر آنے والی شخصیت کو اندر لے آؤں، لیکن دروازہ کھولتے ہی ٹھنڈی ہوا میرے چہرے سے ٹکرائی۔ میں نے آنکھیں بند کر لیں تاکہ ہوا سے آنکھیں نہ جلنے لگیں۔
لیکن آنکھیں کھولیں تو سامنے سوا اندھیرے کے کچھ نظر نہ آیا۔ دور دور تک صرف پہاڑ اور گھر کے لان میں لگے درخت دکھائی دے رہے تھے۔
میں نے ایک نظر آس پاس ڈالی اور مایوسی سے دروازہ بند کر دیا۔ پھر پلٹ کر کچن کی جانب بڑھنے لگا۔
اب میں سوچ رہا تھا:
“کاش! تنہائی کو نہ چنتا تو آج میرے پاس بھی کوئی ہوتا، میری تنہائی بانٹنے کے لیے۔ خود ہی تو سب کو خود سے دور کر دیا تھا۔ اب ندامت محسوس کرنے کا کیا فائدہ؟”
کچن کے دروازے پر رک کر اب چائے بنانے کا بھی دل نہیں کر رہا تھا۔ ان چیزوں کو وہیں چھوڑ کر میں لاؤنج میں پڑے صوفے پر جا کر بیٹھ گیا۔
صوفے پر بیٹھ کر اندھیرے میں دیکھتے ہوئے میری آنکھوں کے سامنے ایک منظر گھومنے لگا۔
چند دن پہلے کا منظر، جب میرا ایک ہی دوست تھا اور اسی تنہائی نے اسے بھی مجھ سے چھین لیا تھا۔
سوموار کا دن تھا۔ صبح کا وقت تھا اور ہر طرف ہریالی ہی ہریالی تھی۔ اردگرد ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی اور خوب صورت مری کے مال روڈ پر لوگوں کا رش لگا ہوا تھا۔
میں اردگرد دیکھتا ہوا سامنے درخت کے نیچے رکھے بینچ کی طرف جا رہا تھا کہ پیچھے سے آواز آئی۔
میں اردگرد دیکھنے لگا کہ شاید کسی اور کو پکارا گیا ہے۔ لیکن مجھے کون آواز دے گا؟ میرا تو حسان کے سوا کوئی دوست بھی نہیں تھا۔
میں نے سر جھٹک دیا، مگر دوبارہ آواز آئی تو میں چونک گیا۔ یقیناً مجھے ہی آواز دی جا رہی تھی۔
میں مڑا تو سامنے حسان کھڑا تھا۔ سیاہ کوٹ پہنے، میری طرف دیکھ کر مسکراتا ہوا۔
مجھے خوشی محسوس ہوئی۔ میں سوچ رہا تھا کہ اس ہجوم سے بھری دنیا میں کوئی تو ہے جو مجھے بھی یاد رکھتا ہے۔
میں مسکرانے لگا اور اس کی طرف بڑھا۔ ہم دونوں قریب پہنچے اور ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔
میرے اندر تک سرشاری پھیل گئی، جو پہلے کبھی محسوس نہیں ہوئی تھی۔
حسان اور میں الگ ہوئے تو وہ خوشی سے بولا:
“سناؤ ارحم، کیسے ہو؟”
“میں تو بالکل ٹھیک ہوں، تم سناؤ، کیسے ہو؟” میں نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
“میں ٹھیک ہوں۔ اور تم کب سے کہاں غائب ہو؟ نظر ہی نہیں آتے۔”
وہ مجھ سے شکوہ کر رہا تھا۔
حسان کا شکوہ کرنا مجھے اندر تک شرمندہ کر گیا۔ میرے پاس اس کے جواب میں کہنے کے لیے کوئی بات نہیں تھی۔
لیکن وہ میری طرف دیکھ رہا تھا۔ شاید میری کیفیت سمجھ چکا تھا۔ پھر بات ٹالتے ہوئے بولا:
“اچھا، چھوڑو۔ اور سناؤ، جاب کیسی جا رہی ہے؟”
وہ اور میں چلتے ہوئے بینچ کی طرف گئے اور اس پر بیٹھ گئے۔
یہاں لوگوں کا رش کم تھا اور شور بھی نہیں تھا۔
“جاب اچھی جا رہی ہے۔”
میں اسے کیا بتاتا کہ مجھے دو بار جاب سے نکالے جانے کی وارننگ مل چکی تھی۔
“یہ تو اچھی بات ہے! تم کسی کام میں تو دل لگا رہے ہو، ورنہ آج تک تم ایک جگہ پر زیادہ دن ٹھہر ہی نہیں سکتے۔”
وہ نہ جانے کس احساس کے تحت کہہ گیا تھا۔
لیکن مجھے اس کی باتیں مزید شرمندہ کرنے کے بجائے چبھتی ہوئی محسوس ہوئیں۔
میں اس کی باتیں سن رہا تھا، مگر اس کی طرف دیکھتے ہوئے سوچ رہا تھا کہ آخر اس کے کہنے کا مقصد کیا ہے۔
مجھے خاموش پا کر وہ بول اٹھا:
“خاموش کیوں ہو گئے، ارحم؟”
حسان نے میرے گھٹنے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔
میں سوچ رہا تھا کہ اس سے پوچھوں کہ اس نے اس طرح کی بات کیوں کہی، مگر چاہنے کے باوجود نہیں پوچھ پایا۔
“کچھ نہیں، بس یہ سوچ رہا ہوں کہ انسان ہجوم میں ہو کر بھی تنہا ہوتا ہے۔”
میں اندر کے درد کو باہر نہیں لانا چاہتا تھا، مگر وہ بے اختیار باہر نکل ہی آیا۔
“یہ تنہائی کچھ لوگ خود ہی اپنے لیے چن لیتے ہیں، اور انہیں شکوہ کرنا زیب نہیں دیتا۔”
حسان نے تلخ حقیقت بیان کی تو میرے تن بدن میں آگ سی لگ گئی۔
مجھے محسوس ہوا جیسے وہ مجھے سنا رہا ہے۔
میں غصہ ضبط کرنے کی کوشش کے باوجود خود کو نہ روک پایا اور بے اختیار میرے منہ سے نکلا:
“تم مجھے سنا رہے ہو، حسان؟”
وہ چونک گیا۔ پھر بات سنبھالتے ہوئے بولا:
“تمہیں نہیں سنا رہا، بلکہ سمجھانے کی کوشش کر رہا ہوں کہ زندگی کو خود پر تنگ مت کرو۔ اسے جیو۔ خدا کی طرف سے ملی ہے تو اسے تحفہ سمجھ کر قبول کرو اور اس کے ساتھ انصاف کرو۔”
سمجھاتے ہوئے اس کے لہجے میں میرے لیے ہمدردی اور محبت تھی۔
“میں جی تو رہا ہوں، اور کیا کروں؟”
حسان کی بات میری سمجھ سے باہر ہو رہی تھی۔ یہ میری زندگی تھی، میں جو بھی کرتا، اسے کیا مسئلہ تھا؟
“جی نہیں رہے، بلکہ بوجھ سمجھ کر گزار رہے ہو۔”
میں اس کی بات بالکل نہیں سمجھ پایا کہ وہ میری زندگی کو بوجھ کیوں کہہ رہا تھا۔
“بوجھ؟ کیا مطلب ہے تمہارا؟ ذرا کھل کر بتاؤ، جو کہنا چاہتے ہو۔”
وہ کچھ لمحے خاموش رہا، پھر بولا:
“میری بات سنو۔ تم کہیں آتے جاتے نہیں، اپنے خاندان سے دور اس شہر میں رہ رہے ہو، دوست نہیں بناتے، اکیلے رہتے ہو اور سب سے کٹ کر۔ اس طرح نہیں رہا جاتا جس طرح تم رہ رہے ہو۔ سب کے ساتھ گھل مل کر جیو اور زندگی کا لطف اٹھاؤ۔ آج ہے، کل نہیں ہوگی، اور تم تنہائی کو چن کر بیٹھے ہو۔”
وہ بات سمجھاتے ہوئے میری طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہا تھا۔
لیکن میں اس کی بات سن کر ہنسنے لگا۔
وہ میری طرف ناسمجھی سے دیکھنے لگا کہ میں کیوں ہنس رہا ہوں۔
ہنستے ہنستے جب میں رکا تو اسے دیکھ کر بولا:
“حسان، تم میری بات سنو۔ انسان ہجوم میں رہے یا اکیلا، وہ ہمیشہ اکیلا ہی ہوتا ہے۔ زندگی جس طرح چل رہی ہے، اسے چلنے دو۔ اور جہاں تک تنہائی کی بات ہے تو یہ انسان کو اپنے اندر جھانکنے اور خود کو جاننے کا موقع دیتی ہے۔ اس سے انسان خود کو سمجھتا ہے۔ اور تم یہ بات نہیں سمجھو گے، کیونکہ تم خود کو سمجھنا ہی نہیں چاہتے۔
اگر میں آج تنہا ہوں تو اس لیے کہ مجھے تنہائی عزیز ہے اور اس سے مجھے سکون ملتا ہے۔ تم میری فکر مت کرو۔ مجھے ایسے ہی رہنا پسند ہے۔”
میں نے بات مکمل کی تو حسان چند لمحے میری طرف دیکھتا رہا۔ پھر اس نے مسکرا کر اردگرد دیکھا، جہاں ہلکی پھلکی دھند چھائی ہوئی تھی۔
بینچ پر بیٹھے ہمیں ایک گھنٹے سے زیادہ ہو چکا تھا اور وقت کا پتا ہی نہیں چلا۔
میں اس کے بولنے کا انتظار کرتا رہا۔ شاید وہ اب کوئی اور فلسفہ بیان کرے گا۔
لیکن اس کے منہ سے نکلے الفاظ نے مجھے حیران کر دیا۔
اس نے صرف دو الفاظ کہے:
“سیاہ تنہائی۔”
میں نے اس کے الفاظ دہرائے:
“سیاہ تنہائی؟”
اس نے سر ہلا دیا۔
“ہاں، سیاہ تنہائی۔ جو تم چن چکے ہو اپنے لیے۔ اور اس سے نکلنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ میں اب کچھ نہیں بولوں گا۔ بس تمہارے اس سے نکلنے کا انتظار کروں گا کہ تم اس سے کیسے نکلتے ہو۔”
میں اس کے الفاظ کو سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ اسے میرے تنہا رہنے سے بھی کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے۔
میں غصہ ضبط نہ کر پایا اور اٹھ کھڑا ہوا۔
وہ مجھے ابرو سکیڑے دیکھ رہا تھا۔
میں نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا:
“میں تنہائی پسند ہوں تو وہ سیاہ تنہائی نہیں بلکہ روشن تنہائی ہے، اور مجھے یہ پسند ہے۔ میں جس طرح بھی رہوں، مجھے پسند ہے۔ تم آئندہ مجھے اس طرح مت ٹوکنا۔ میں جس طرح بھی رہوں، تمہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔”
میرے منہ سے نکلے الفاظ پر مجھے خود یقین نہیں آ رہا تھا کہ میں اس طرح بھی بول سکتا ہوں۔
حسان پھیلی ہوئی مسکراہٹ کے ساتھ میری باتیں سنتا رہا۔ پھر وہ بھی اٹھ کر میرے سامنے آ کھڑا ہوا اور اداسی سے بولا:
“میں تمہیں کچھ نہیں بولوں گا۔ صرف تمہاری زندگی کی طرف لوٹ آنے کا انتظار کروں گا۔ اور مجھے امید ہے کہ جلد ہی تم اپنی عزیز روشن تنہائی کو سیاہ تنہائی کا نام دے دو گے۔
میں کب سے چاہتا تھا کہ تم سے اس بارے میں بات کروں، لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ تم باتوں سے نہیں، بلکہ اس سب سے گزر کر ہی سمجھ سکتے ہو۔”
وہ کہہ کر چلا گیا۔
میں اسے جاتے دیکھتا رہا۔
اور مال روڈ کی گہماگہمی مجھے اس ہجوم سے بھری دنیا میں مزید تنہا کر گئی۔
میں نے منظر کو محسوس کرتے ہوئے آنکھیں کھولیں تو خود کو دوبارہ لاؤنج کے صوفے پر بیٹھا پایا۔
میری نظریں اندھیرے میں کچھ دیر پہلے کے منظر کو محسوس کر رہی تھیں۔
مجھے حسان کی باتیں لفظ بہ لفظ یاد تھیں۔
میں اپنی ہر چیز، اپنے دوست اور سب کو اس وجہ سے چھوڑ چکا تھا، اور اب یہی روشن تنہائی میری سیاہ تنہائی بن چکی تھی۔
میری کتاب کا عنوان “سیاہ تنہائی” تھا، اور مجھے لگتا تھا کہ میں اس عنوان کے ساتھ انصاف کر چکا ہوں۔
چائے کا سامان کچن میں پڑا تھا۔
میں سوچ رہا تھا کہ اب زندگی کی طرف لوٹنے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ابھی سے اس کی ابتدا کر دینی چاہیے۔
رات کے باہر گہرے سیاہ اندھیرے چھائے ہوئے تھے۔ دور سے آتی چنگھاڑتی ہوئی آواز میرے کانوں کو پھاڑ رہی تھی۔
اور اندر کی تنہائی میرے اندر کو ختم کرنا چاہتی تھی۔
میں خود پر قابو رکھتے ہوئے کچن کی طرف بڑھنے لگا۔ چائے مجھے عزیز تھی، اسے پی کر میں دوبارہ اپنی تنہائی میں زندہ رہنا چاہتا تھا۔
اوپر کھلی میری کتاب میرا انتظار کر رہی تھی۔
لیکن “سیاہ تنہائی” سے اب چھٹکارا پانے کے لیے میں پہلا قدم اٹھا رہا تھا۔
قدم بہ قدم کچن کی جانب بڑھتے ہوئے میرے دل میں صرف ایک خیال تھا:
میں اس سے لڑ لوں گا۔
ختم شد
