آزادی کیا ہے؟
مصنفہ: ماہ نور اعوان
“آزادی کیا ہوتی ہے؟”
میں بتاتی ہوں، آزادی وہ ہے جو ہمارے ملک پاکستان کو ملی۔ بہت سے لوگوں کے لیے آزادی کا مطلب شاید یہی ہوگا کہ ہم آزاد ہیں، اچھا کھا رہے ہیں، اچھا پہن رہے ہیں، اچھی زندگی گزار رہے ہیں، تو یہی آزادی ہے۔
لیکن آزادی صرف عیش و عشرت کی زندگی کا نام نہیں۔ آزادی وہ نعمت ہے جو ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دے کر حاصل کی۔ کتنے لوگ شہید ہوئے، کتنے خاندان اجڑے، کتنی ماؤں نے اپنے بیٹے کھوئے، تب جا کر یہ ملک وجود میں آیا۔
لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ہم آزادی کے اصل مفہوم کو کہیں نہ کہیں بھولتے جا رہے ہیں۔ ہم نے اپنے آباؤ اجداد کی وہ قربانیاں فراموش کر دی ہیں جو انہوں نے اس ملک کے لیے دی تھیں۔
آج اگر آزادی منانی ہی ہے تو کیوں نہ ان شہداء کو یاد کیا جائے جنہوں نے اس وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں؟ کیوں نہ ان کے لیے قرآنِ پاک پڑھا جائے، فاتحہ خوانی کی جائے اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا جائے؟
لیکن آج کل گلی محلوں میں بینڈ باجے، ناچ گانے اور شور شرابے تک آزادی کے مفہوم کو محدود کر دیا گیا ہے۔
مجھے پوچھنا ہے، کس کتاب میں یہ لکھا ہے کہ ہماری اس طرح کی خوشیاں ہمارے شہداء کو پسند آئیں گی اور ان کی روحیں خوش ہوں گی؟ کیا ہمارے بزرگوں، جوانوں اور ماؤں نے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ ان کے شہید ہو جانے کے بعد ہم انہیں بھول جائیں؟
کیا واقعی ہمارا ملک آزاد ہے؟ کیا ہم اس آزادی کی قدر کرتے ہیں؟ ہم نے اس ملک کے لیے کیا کیا ہے، سوائے جشن منانے کے؟
قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایک آزاد وطن کا تحفہ دیا۔ لیکن آج ہم انہیں اور ان کی جدوجہد کو کتنی شدت سے یاد کرتے ہیں؟ آزادی منائی جا رہی ہے، خوشیاں بھی منائی جا رہی ہیں، مگر کیا ہمیں آزادی کا اصل مطلب بھی یاد ہے؟
میرے آپ سے چند سوال ہیں:
کیا واقعی یہ ملک آزاد ہے؟
کیا ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہیے یا آزادی کو صرف بینڈ باجے، ناچ گانے اور شور شرابے تک محدود کر دینا چاہیے؟
کیا ہم نے ان کی قربانیوں کا مطلب صرف عیش و عشرت کی زندگی سمجھ لیا ہے؟
اس ملک میں آپ کا بھی حصہ ہے۔ آپ اس ملک کے لیے کچھ کریں، اسے سنواریں، اسے مضبوط بنائیں، ورنہ اگر یہ بکھر گیا تو اسے سنبھالنا آسان نہیں ہوگا۔
آزادی کیا ہوتی ہے؟
اس کا اصل مطلب شاید ہمیں تب سمجھ آئے گا جب ہم آزادی کی قدر کرنا سیکھیں گے۔ اگر ہم نے اپنے ملک اور اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز کیا تو یہ خوبصورت وطن کمزور پڑ سکتا ہے۔
آج ہم اپنی قومی زبان اردو کو بھولتے جا رہے ہیں اور دوسری زبانوں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ آج ہمیں اپنا ملک پسند نہیں آتا اور ہم بہتر مستقبل کی تلاش میں دوسرے ممالک کا رخ کرتے ہیں۔
خدارا! اپنے ملک کو آباد کریں، اسے بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور آزادی کے اصل مفہوم کو سمجھیں۔
آزادی صرف جشن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ذمہ داری ہے۔
آزادی اپنے وطن سے وفا کا نام ہے۔
آزادی اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے کا نام ہے۔
آزادی اپنے ملک کو بہتر بنانے کی کوشش کا نام ہے۔
آزادی کیا ہوتی ہے؟
یہ سوال خود سے ضرور کیجیے۔
ختم شد۔