گرداب ( از قلم صدیقی )
قسط نمبر ۲۲
دن ڈھلتے ڈھلتے امن گھر واپس پہنچا۔ گھر میں داخل ہوتے ہی وہ سیدھا لاؤنج میں آیا اور صوفے پر بیٹھ گیا۔
انیسہ بیگم بھی وہیں موجود تھیں۔ اسے دیکھتے ہی پوچھنے لگیں۔
ارے! کیا ہوا؟ کھانے پر گھر نہیں آئے؟
امن نے تھکن سے آنکھیں بند کرتے ہوئے جواب دیا۔
ہاں دادی، کہیں مصروف تھا۔
اچھا، ہم تمہارے لیے کھانا لگواتے ہیں۔
انیسہ بیگم یہ کہتے ہوئے اٹھیں اور کچن کی طرف بڑھ گئیں۔
امن نے پیچھے سے آواز لگائی۔
کھانے کا وقت تو نکل چکا ہے۔ آپ بس کافی کا کہہ دیں۔
انیسہ بیگم ابھی کچن میں پہنچی ہی تھیں کہ اتفاق سے وہاں یُسریٰ موجود تھی۔ امل نے ابھی ابھی اسے پاستا بنانے کا کہا تھا۔ امل کی عادت تھی کہ ہر شام اسے کچھ نہ کچھ اچھا کھانے کو چاہیے ہوتا تھا۔
انیسہ بیگم نے کافی کا کہا تو یُسریٰ کو جیسے موقع مل گیا۔ اس نے فوراً کافی تیار کی اور ڈائننگ ٹیبل پر رکھ دی۔ ساتھ ہی پاستا بھی رکھ دیا۔ امن پاستا نہیں کھاتا تھا، لیکن انیسہ بیگم نے کہا تھا کہ رکھ دو، دل کرے گا تو کھا لے گا۔
یُسریٰ نے دونوں چیزیں میز پر رکھیں اور فوراً وہاں سے ہٹ گئی۔ وہ نہیں چاہتی تھی کہ امن اسے دیکھ لے، کیونکہ اسے اچھی طرح معلوم تھا کہ اگر امن کو پتا چل گیا کہ کافی اس نے بنائی ہے تو شاید وہ اسے ہاتھ بھی نہ لگائے۔
کچھ دیر بعد امن صوفے سے اٹھا اور ڈائننگ ٹیبل کی طرف بڑھا۔
یُسریٰ ڈائننگ ٹیبل کے پیچھے دیوار کے ساتھ چھپی کھڑی تھی۔ اس کی نظریں مسلسل امن پر جمی تھیں۔
کیا وہ پہچان لے گا کہ کافی یُسریٰ نے بنائی ہے؟
اور اگر پہچان بھی گیا تو کیا پھر بھی اسے پی لے گا؟
امن کی نظر پاستا پر پڑی تو اس نے فوراً پلیٹ آگے سرکا دی اور ملازمہ سے کہا۔
یہ لے جاؤ، سنان کو دے دو۔
ملازمہ نے سر ہلایا، پلیٹ اٹھائی اور سنان کے کمرے کی طرف چلی گئی۔
یُسریٰ کو معلوم تھا کہ امن ایسی چیزیں نہیں کھاتا، اس لیے پاستا کا معاملہ تو اس کی توقع کے مطابق ہی تھا۔ اب اسے صرف کافی کا انتظار تھا۔
امن نے کافی کا کپ اٹھایا اور لبوں سے لگا لیا۔
دوسری طرف یُسریٰ کے لبوں پر بےاختیار مسکراہٹ پھیل گئی۔
کافی پینے کے بعد امن اٹھا اور ڈائننگ ٹیبل سے سیدھا اپنے کمرے کی طرف چلا گیا۔
یُسریٰ نے اسے جاتے دیکھ کر زیرِ لب کہا۔
اتنی جلدی پوری پی گئے؟ لگتا ہے شاید واقعی تھکے ہوئے تھے۔
وہ خوشی سے تقریباً بھاگتی ہوئی ڈائننگ ٹیبل کی طرف آئی، لیکن اگلے ہی لمحے اس کے قدم وہیں رک گئے۔
کافی کا کپ ابھی تک میز پر رکھا تھا۔ اس میں تقریباً ساری کافی موجود تھی۔ امن نے صرف ایک گھونٹ لیا تھا!
یُسریٰ کی مسکراہٹ غائب ہو گئی۔
کیا امن نے کافی چھوڑ دی تھی؟
صرف اس لیے کہ وہ اس کے ہاتھ کی بنی ہوئی تھی؟
کیا اس نے کافی کا ذائقہ پہچان لیا تھا؟ کیا اسے معلوم ہو گیا تھا کہ یہ یُسریٰ نے بنائی ہے؟
اس خیال نے جیسے اس کے اندر آگ لگا دی۔ اس کی ساری خوشی اور ساری امید ایک ہی لمحے میں خاک ہو گئی۔
غصے سے اس نے کافی کے کپ کو ہاتھ مارا۔ کپ میز سے نیچے جا گرا اور کافی فرش پر پھیل گئی۔
تبھی ایک ملازمہ کی آواز سنائی دی۔
ارے! دھیان سے، کیا کر رہی ہو؟
یُسریٰ نے خود کو سنبھالتے ہوئے کہا۔
یہ پلیز صاف کر دیجیے گا۔ اور امل بی بی کو پاستا دے دیجیے گا۔ مجھے چکر آ رہے ہیں۔
ملازمہ نے اس کی طرف دیکھا۔
اچھا، ٹھیک ہے۔ تم جاؤ، آرام کرو۔
یُسریٰ نے مزید کچھ کہے بغیر وہاں سے قدم بڑھا دیے، مگر اس کے ذہن میں اب بھی ایک ہی سوال گردش کر رہا تھا۔
اگر وہ اُس کی بنائی ہوئی کافی پی لیتا تو کیا ہوجاتا کونسا یسریٰ اُس کے سامنے تھی۔۔۔
یا وہ انجان بن کر بھی اُس کے ہاتھ کی بنی کافی پی سکتا تھا۔۔۔
مگر یُسریٰ یہ بھی جانتی تھی کہ امن اپنی بات اور اپنے فیصلے کا کتنا پکا تھا۔ ایک بار جو کہہ دیتا، پھر اس سے پیچھے نہیں ہٹتا تھا۔ اُس کے لیے کہی ہوئی بات محض الفاظ نہیں، ایک فیصلہ ہوتی تھی، جس پر وہ ہر حال میں عمل کر کے رہتا تھا۔
++++++++++++++
یُسریٰ تیزی سے اپنے کمرے میں آئی اور فوراً فون نکال کر امن کے کمرے میں نصب کیے گئے کیمرے کی لائیو ویڈیو کھول لی۔
اسے اندازہ تھا کہ اب امن یا تو دوبارہ بُوا سے کافی بنوائے گا یا پھر نہات سے اس بارے میں بات کرے گا۔ اگر نہات نے بھی اسے یُسریٰ سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہوتا تو یقینا امن ابھی نہات سے اس بارے میں بات ضرور کرے گا۔۔۔
کچھ دیر بعد، جب امن تازہ دم ہو کر اپنے کمرے میں آیا اور بستر پر لیٹا، تو عین یُسریٰ کی توقع کے مطابق اس نے نہات کو فون ملا لیا۔
کہاں ہو؟
دوسری طرف سے نہات کی آواز آئی۔
ابے بھائی! ابھی تو تمہارے ساتھ ہی اپنے گھر پہنچا ہوں۔
وہ کیسی ہے؟
نہات نے سامنے ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھی ارحا کی طرف دیکھا، جو نہ جانے کیا کھانے میں مصروف تھی۔
ٹھیک ہے، میرے سامنے بیٹھی ڈائننگ ٹیبل پر پتا نہیں کیا ٹھونس رہی ہے۔ بھائی، بہت کھاتی ہے یہ۔۔ میرے گھر کا آدھا راشن ختم کر دیا ہے اس نے۔
امن نے بےنیازی سے جواب دیا۔
کھانے دو، میں ڈلوا دوں گا تمہارے گھر راشن۔
نہات نے جیسے شکایتوں کا پورا دفتر کھول دیا۔
صبح بھی کھاتی ہے، پھر دوپہر میں بھی، پھر شام کو بھی، پھر رات کو بھی اور رات کے تین بجے بھی۔۔ لیکن پھر بھی موٹی نہیں ہو رہی۔ اتنا میں کھاؤں تو دو دن میں آلو جیسا ہو جاؤں گا۔
امن نے فوراً ٹوکا۔
اب تم اس کے کھانے پر نظر مت لگانا۔
نہات نے حیرت سے جواب دیا۔
استغفراللہ، بھائی! تم کیا پاگل ہو؟
ایسے بولنے سے بھی نظر لگ جاتی ہے۔ اور ٹھیک ہے نا، طبیعت سیٹ ہے اس کی؟ ہیلتھی ہیلتھی کھانا کھا رہی ہے نا وہ؟
ہاں، ہاں! مست اس کی عیاشی چل رہی ہے۔
یُسریٰ اپنے کمرے میں بیٹھے فون کی اسکرین پر امن کو دیکھ رہی تھی۔ اس کی گفتگو سنتے ہی اس کی پیشانی پر بل پڑ گئے۔
یہ کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں امن؟ کس کی اتنی فکر ہو رہی ہے انہیں؟
وہ چند لمحے سوچتی رہی، پھر اچانک اس کے ذہن میں ایک خیال آیا۔
کیا مائرہ کے بارے میں؟
ہاں، ہاں! وہی ہو گی۔ وہاں تو ذرا سی بات پر چکر کھا کر بےہوش ہونے لگتی ہے۔
مگر اگلے ہی لمحے اس نے خود ہی اس خیال پر سوال اٹھایا۔
لیکن کیا مائرہ نے امن کو اپنے جال میں پھنسا لیا ہے؟
ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟
اس کی نظریں دوبارہ فون کی اسکرین پر جم گئیں۔ وہ امن کی ہر حرکت اور ہر لفظ پر غور کرنے لگی، مگر اس کی الجھن کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جا رہی تھی۔
اچھا، دکھاؤ اسے۔
نہات نے حیرت سے پوچھا۔
کسے؟
امن نے جواب دیا۔
ویڈیو کال کرو۔
ابے بھائی! اچھا، رکو ذرا۔
نہات نے کہتے ہوئے ویڈیو کال ملا دی۔
اسکرین پر ارحا کا چہرہ نمودار ہوتے ہی امن کے لبوں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔
ارحا حسبِ معمول ٹی شرٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس ڈائیننگ ٹیبل پر بیٹھی تھی۔ اس کے بال بےترتیب سے جوڑے میں بندھے ہوئے تھے اور وہ مزے سے فروٹ چاٹ کھانے میں مصروف تھی۔
امن کی نظریں اسکرین پر جمی رہیں، جبکہ اس کے چہرے کی مسکراہٹ مزید گہری ہو گئی۔
دوسری طرف یُسریٰ بھی اپنے فون کی اسکرین پر نظریں جمائے بیٹھی تھی۔ وہ اس لڑکی کو دیکھنے کی کوشش کر رہی تھی جس سے امن بات کرنا چاہتا تھا، مگر کیمرہ امن کے بستر کے سامنے نصب تھا۔ اس لیے اسے صرف امن ہی دکھائی دے رہا تھا، فون کی دوسری طرف موجود لڑکی نہیں۔
یُسریٰ کے ذہن میں کئی سوال ایک ساتھ اٹھنے لگے۔
اگر وہ مائرہ ہے تو نہات کے گھر پر کیا کر رہی ہے؟ یا پھر نہات مائرہ کے گھر گیا ہوا ہے؟
لیکن اگر وہ مائرہ نہیں ہے تو پھر کون ہو سکتی ہے؟
ویسے بھی یُسریٰ نے اب تک کسی دوسری لڑکی کو امن کے اتنے قریب نہیں دیکھا تھا۔
اس نے ایک بار پھر اسکرین پر امن کے مسکراتے چہرے کو دیکھا۔
مائرہ ہی ہو گی۔۔ جیسے وہ ائراہ بن کر امن کی زندگی میں داخل ہوئی تھی، کیا پتا اب کوئی اور ڈرامہ کر رہی ہو۔
یُسریٰ کے ذہن میں شکوک و شبہات مزید گہرے ہوتے چلے گئے۔
اور وہ مائرہ کے لیے بھی جلد ہی کوئی نہ کوئی دوسرا بندوبست کرنے والی تھی۔
++++++++++++++
نہات نے جیسے ہی کال بند کی، وہ فون ہاتھ میں لیے ارحا کے پاس چلا آیا، جو ابھی بھی مزے سے فروٹ چاٹ کھانے میں مصروف تھی۔
یہ کیا کھا رہی ہو؟
ارحا نے نظریں اٹھائے بغیر جواب دیا۔
دکھائی دینا بند ہو گیا ہے کیا؟
نہیں، دکھائی تو دے رہا ہے۔
تو پھر کیوں پوچھ رہے ہو؟
نہات نے اسے عجیب نظروں سے دیکھا۔
عجیب…
ارحا نے چمچ ایک طرف رکھتے ہوئے پوچھا۔
دور کھڑے کس سے بات کر رہے تھے؟
نہات کا ماتھا ٹھنکا۔ کیا اس نے اسے ویڈیو کال کرتے دیکھ لیا تھا؟ حالانکہ وہ تو بڑی احتیاط سے فون پکڑے کھڑا تھا تاکہ ارحا کو کوئی شک نہ ہو۔ وہ ابھی اسی سوچ میں گم تھا کہ ارحا نے اگلا سوال کر دیا۔
قاتل سے؟
نہات نے بےساختہ جواب دیا۔
ہاں…
ارحا نے حیرت سے اسے دیکھا۔
دن کے چوبیس گھنٹوں میں سے کتنے گھنٹے تم اُن کے ساتھ رہتے ہو؟ اور جو چند سیکنڈ کے لیے گھر آتے ہو، اُن میں بھی تمہیں اُن ہی سے فون پر بات کرنی ہوتی ہے؟ کوئی اور دوست نہیں ہے تمہارا؟
نہات نے سادگی سے جواب دیا۔
نہیں۔
ارحا نے اگلا سوال کیا۔۔۔
اچھے خاصے ہو، انٹیلیجنٹ ہو، پڑھے لکھے ہو، تو پھر کوئی دوسرا کام کیوں نہیں کرتے؟ قاتل کے ساتھ ہی کیوں کام کرتے ہو؟
نہات اس کے سوال پر مسکرا دیا۔
سب کا الگ الگ چیزوں میں انٹرسٹ ہوتا ہے۔ جیسے کسی کو ڈاکٹر بننے میں، کسی کو ٹیچر اور کسی کو پولیس میں جانے میں۔ اور میرا انٹرسٹ وہاں ہوتا ہے جہاں بھائی ہوتے ہیں۔ مجھے بھائی کے ساتھ کام کر کے خوشی ملتی ہے۔
وہ چند لمحے رکا، پھر مسکراتے ہوئے بولا۔
افتخار صاحب سوچتے ہیں کہ میں امن بھائی کے ساتھ صرف اس لیے ہوں کیونکہ وہ ایک سیاست دان ہیں۔ اور میں اُن کے ساتھ طاقت اور پیسے کی وجہ سے ہوں، لیکن اگر بھائی اس وقت سیاست دان کی جگہ مکینک بھی ہوتے نا، تو میں بھائی کے ساتھ مکینک کا کام کرتا۔۔۔
نہات نے بھی فوراً بات کا رخ بدل دیا۔
اور تُم انہیں چھوڑو، تم بتاؤ، تم بھائی کو کیوں مارنا چاہتی ہو؟
ارحا نے بےتاثر انداز میں جواب دیا۔
انہیں ہی تو نہیں چھوڑ سکتی۔ خیر، تم اپنے لیے کوئی دوسرا کام شروع کر دو، کیونکہ تمہارے بھائی کو میں بہت جلد مار دوں گی۔ پھر تمہیں اکیلے ہی کام کرنا پڑے گا۔
یہ کہتے ہوئے اس نے اپنا باؤل اٹھایا اور وہاں سے چلی گئی۔۔۔
یہ تھوڑی سی پاگل واگل ہے؟ یا کیا چرس ورس کا نشہ کرتی ہے؟
وہ خود سے بڑبڑاتا فوراً دوبارہ امن کو کال ملا دی۔
امن نے کال اٹھائی تو نہات نے غصے سے بولنا شروع کر دیا۔
تم نے ایسا بھی کس کا قتل کر دیا ہے کہ اس کے سر پر خون سوار ہے؟ اب میں جینوئنلی جاننا چاہتا ہوں کہ تم کس کے قاتل ہو۔۔۔
امن نے اس کی بات سن کر اطمینان سے جواب دیا۔
اس کے دل کا۔ کیا پتا، میں نے اس کے دل پر وار کیا ہو۔
نہات کا پارہ مزید چڑھ گیا۔
بھائی، میں سیریس ہوں۔۔ میں بالکل بھی مذاق کے موڈ میں نہیں ہوں۔ مجھے غصہ آ رہا ہے۔۔۔
امن نے بےنیازی سے کہا۔
ٹھنڈا پانی ڈالو اپنے سر پر۔ اب مجھے تنگ مت کرنا، مجھے اور بھی پچاس کام ہیں۔
نہات نے غصے سے جواب دیا۔
کام کرتے کرتے مر جاؤ۔۔۔
یہ کہتے ہی اس نے فون کاٹ دیا۔
+++++++++++++++
اگلے دن امل یونیورسٹی کے گیٹ کے اندر داخل ہونے ہی والی تھی کہ اچانک پیچھے سے کسی نے اس کی ناک پر رومال رکھ دیا۔ امل نے چونک کر پیچھے ہٹنے کی کوشش کی، مگر اس سے پہلے کہ وہ کچھ سمجھ پاتی، اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگا۔ اس نے ہاتھ اٹھا کر خود کو چھڑوانا چاہا، لیکن چند ہی لمحوں میں اس کا جسم ڈھیلا پڑ گیا اور وہ بےہوش ہو گئی۔
جب امل کو ہوش آیا تو اس نے سب سے پہلے اپنے سر میں اٹھتے درد کو محسوس کیا۔ اس نے کراہتے ہوئے کروٹ بدلی، پھر آہستہ آہستہ اپنی آنکھیں کھولیں۔
چند لمحوں تک وہ بےسمجھ نظروں سے چھت کو دیکھتی رہی۔ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کہاں ہے اور یہاں کیسے پہنچی۔
پھر اس کی نگاہیں کمرے میں ادھر اُدھر گھومیں۔
پھر اس کا سانس حلق میں اٹک گیا۔
یہ۔۔۔ یہ تو وہی کمرہ تھا..
وہی کمرہ جہاں ریپر نے پچھلی بار اسے اغوا کرکے رکھا تھا۔
امل یک دم اٹھ کر بیٹھ گئی۔ اس کی نگاہوں میں خوف اترنے لگا۔ کمرے کی ہر چیز اسے کچھ نہ کچھ یاد دلا رہی تھی۔ وہی دیواریں، وہی کھڑکی، وہی دروازہ۔۔۔ جیسے وقت نے ایک چکر کاٹا ہو اور اسے دوبارہ اسی مقام پر لا کھڑا کیا ہو جہاں سے اس کی زندگی کا ایک خوفناک باب شروع ہوا تھا۔
پچھلے واقعے کے تمام مناظر ایک ایک کرکے اس کے ذہن میں ابھرنے لگے۔
وہ پراسرار آواز۔۔۔ ریپر کا اسے مضبوطی سے پکڑنا۔۔۔ اس کا شیشے کا گلاس توڑ کر اس کا نوکیلا ٹکڑا اپنی گردن پر رکھ لینا۔۔۔
سب کچھ اسے دوبارہ یاد آنے لگا۔
اس کے دل کی دھڑکن بےقابو ہونے لگی۔ اس نے گھبرا کر اپنے سینے پر ہاتھ رکھا اور گہری سانس لینے کی کوشش کی، مگر خوف اس کے وجود میں یوں سرایت کر چکا تھا جیسے وہ ابھی بھی اسی لمحے میں قید ہو۔
نہیں۔۔۔ نہیں، یہ نہیں ہو سکتا…
وہ بڑبڑاتے ہوئے بستر سے اتری اور تقریباً بھاگتے ہوئے دروازے تک پہنچی۔ اس نے جھٹکے سے دروازہ کھولا۔
سامنے وہی سیڑھیاں تھیں۔
وہی گھر۔ سب کچھ بالکل ویسا ہی تھا۔
امل چند لمحے دروازے میں کھڑی رہی، پھر اس نے بےیقینی سے اپنے اردگرد دیکھا۔
یہ کیا ہو رہا ہے؟
کیا یہ کہانی دوبارہ شروع ہو رہی ہے؟ یا میں کسی ٹائم مشین میں بیٹھ کر واپس اسی وقت میں پہنچ گئی ہوں؟
اس نے گھبرا کر اپنے بازو پر چٹکی کاٹی۔
آہ!
درد محسوس ہوا تو اس نے فوراً اپنا ہاتھ پیچھے کھینچ لیا۔ یہ ….. یہ خواب بھی نہیں ہے…
وہ دھیرے دھیرے سیڑھیوں کی طرف بڑھی۔ ہر قدم کے ساتھ اس کا دل مزید زور سے دھڑکنے لگتا۔ اس نے سیڑھیوں سے نیچے لاؤنج میں جھانکا، مگر وہاں کوئی دکھائی نہیں دیا۔
امل نے بےاختیار سکون کا سانس لیا۔ شکر تھا یہاں کوئی نہیں ہے۔
وہ احتیاط سے سیڑھیاں اترنے لگی۔ ابھی چند قدم ہی چلی تھی کہ اسے کچن کی طرف سے برتنوں کی ہلکی سی آواز سنائی دی۔
اس کے قدم وہیں رک گئے۔
اس نے آہستہ سے اپنا سر موڑ کر کچن کی طرف دیکھا۔
وہاں کون ہے؟
چند لمحے وہ وہیں کھڑی رہی، پھر نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے قدم آواز کی سمت بڑھنے لگے۔ وہ کچن کے قریب پہنچی تو اس کی نظر ساتھ موجود ڈائننگ ایریا پر پڑی۔
اور پر اس کے قدم زمین میں گڑ گئے۔
وہ وہاں بیٹھا تھا۔
ریپر…
سیاہ لباس میں ملبوس، اپنے مخصوص لمبے سیاہ کوٹ اور چہرے پر سیاہ ماسک کے ساتھ۔ اس کے ہاتھ میں چھری تھی، جسے وہ بڑے اطمینان سے انگلیوں کے درمیان گھما رہا تھا۔
ڈائننگ ٹیبل پر کھانے کی بےشمار چیزیں سجی ہوئی تھیں۔ اسپگیٹی، میکرونی، چکن، بریانی، کباب، ملائی بوٹی اور میٹھے میں بھی کئی اقسام کی ڈشز موجود تھیں۔
اتنا سارا کھانا دیکھ کر کسی بھی عام انسان کے منہ میں پانی آ جاتا، مگر امل کی تو بھوک ہی خوف کے ہاتھوں مر چکی تھی۔
ریپر نے چھری گھماتے ہوئے سر اٹھایا۔ ماسک کے پیچھے چھپا اس کا چہرہ تو دکھائی نہیں دے رہا تھا، مگر اس کی نگاہیں سیدھی امل پر جمی تھیں۔
آؤ، بیٹھو، گریملن…
امل وہیں کھڑی رہی۔
اب کیوں لائے ہیں آپ مجھے یہاں؟ ہاں؟ وہ چیخی۔ آخر مسئلہ کیا ہے آپ کے ساتھ؟
آ جاؤ، ورنہ میں تمہارے پاس آ جاؤں گا۔
مجھے بھوک نہیں ہے..
میں نے تم سے کھانے کے بارے میں پوچھا؟
امل نے غصے سے اسے گھورا۔
تو پھر کیا چاہتے ہیں آپ؟
بس میرے ساتھ بیٹھ جاؤ۔
امل چند لمحے اسے گھورتی رہی، جیسے اس کے ارادے سمجھنے کی کوشش کر رہی ہو۔ پھر اس نے ایک گہری سانس لی اور بےدلی سے ڈائننگ ٹیبل کی طرف بڑھ گئی۔
ریپر میز کے درمیان والی مرکزی نشست پر بیٹھا تھا، جبکہ امل نے اس سے دور، میز کے دوسرے سرے پر موجود کرسی کھینچی اور بیٹھ گئی۔ دونوں کے درمیان لمبی سی میز حائل تھی، جس پر طرح طرح کے کھانے سجے ہوئے تھے۔
اس نے ایک نظر کھانے پر ڈالی، پھر ریپر کی طرف دیکھا۔
خوش؟
اس کے لہجے میں ایسا طنز تھا جیسے وہ اس کی کسی احمقانہ فرمائش پر عمل کرکے آئی ہو۔
ریپر نے کرسی پر ذرا سا پہلو بدلا۔
کیا تم میرے ہاتھ میں پکڑی چھری سے ڈر گئی ہو؟ جو میرے ساتھ بیٹھنے کے بجائے اتنی دور جا کر بیٹھی ہو۔۔
امل خاموش رہی۔
میں نے تم سے کچھ پوچھا ہے، گریملن۔
امل نے بےزاری سے آنکھیں گھمائیں۔
سوری، آئی ایم ناٹ انٹرسٹڈ! میں آپ کی بار بار “ڈر گئی ڈر گئی” کا جواب نہیں دے سکتی ہوں۔۔
بس مجھے اتنا بتا دیں کہ مجھے دوبارہ یہاں لانے کا مقصد کیا ہے؟
ریپر چند لمحے اسے دیکھتا رہا،
تم سے بات کرنی تھی۔ اور تمہارا فون بھی توڑنا تھا۔
اب مجھے تنگ نہیں کر پا رہے تھے، اس لیے فون توڑنے کا خیال آ گیا؟
دیکھو، میرے اور تمہارے معاملے میں تم ویسے ہی امن کو بیچ میں گھسا کر رکھتی ہو۔ امن تک تو بات پھر بھی برداشت کی جا سکتی ہے، لیکن اگر تم نے کِسی اور تیسرے شخص کو اس معاملے میں شامل کرنے کی کوشش کی، تو پھر۔۔۔
تو کیا؟ امل فوراً بولی۔
اس نے کرسی پر سیدھا بیٹھتے ہوئے اپنی ٹھوڑی ذرا سی اوپر اٹھائی۔
ماریں گے مجھے؟ تو مار کر دکھائیے! ایک تو آپ بار بار مجھے تنگ کرتے ہیں، میری زندگی میں مسائل پیدا کرتے ہیں، اور میں اپنے بچاؤ میں کچھ بھی نہ کروں؟
ریپر چند لمحے خاموشی سے اسے دیکھتا رہا۔
نہیں۔۔۔ اگر کروگی تو نقصان اُٹھاؤ گی۔۔۔
امل فوراََ بولی۔۔ نہیں کرونگی تو بھی نقصان ہی اُٹھاؤں گی۔۔
ریپر چند لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر اس کے لبوں پر ایک دھیمی، پراسرار مسکراہٹ پھیل گئی۔ لیکن اس کے ماسک کے پیچھے کی مسکراہٹ امل نہیں دیکھ سکتی تھی۔۔۔
تم تو مجھے پہچان گئی ہو، گریملن۔
امل نے اسے گھورا۔ پھر کچھ سوچتے بولی
آپ کی کوئی فیملی نہیں ہے؟
پھر وہ ایک لمحے کو رکی اور بولی۔
میں آپ کو ایک چیز بتاتی ہوں۔
اس نے پلیٹ میں رکھے تربوز کے ٹکڑوں میں سے دو ٹکڑے اٹھائے۔ دونوں تکون کی شکل میں کاٹے گئے تھے۔
اب دیکھیے، مان لیں کہ یہ ایک ٹکڑا امن بھائی ہیں اور یہ دوسرا ٹکڑا آپ ہیں۔ ٹھیک ہے؟
ریپر نے چھری گھماتے ہوئے اسے دیکھا۔
کرنا کیا چاہتی ہو؟
وہی تو دکھا اور بتا رہی ہوں۔
امل نے پہلے ٹکڑے کی طرف اشارہ کیا۔
اب آپ نے امن بھائی پر حملہ کیا، انہیں نقصان پہنچایا۔
یہ کہتے ہوئے اس نے امن کی نمائندگی کرنے والے تربوز کے ٹکڑے سے ایک بائٹ لے لی
ریپر کے لبوں پر مسکراہٹ ابھری۔
اور پھر اس کا اثر آپ کی ذات پر صرف ایک بیج کے برابر ہوا۔
اس نے دوسرے ٹکڑے سے ایک بیج نکالا اور پھینک دیا۔
پھر آپ نے دوبارہ امن بھائی کو نقصان پہنچایا۔
امل نے پہلے امن کی نمائندگی کرنے والے ٹکڑے سے ایک اور بائٹ لیا۔ منہ میں آنے والے بیج کو نکال کر پلیٹ میں رکھ دیا۔
اور اس کا اثر آپ کی ذات پر ایک بیج کے برابر ہوا۔
اس نے دوسرے ریپر والے ٹکڑے سے ایک اور بیج نکالا اور پھینک دیا۔
پھر آپ نے دوبارہ امن بھائی کو نقصان پہنچایا۔
امل نے پہلے ٹکڑے سے ایک اور بائٹ لیا اور اس کے بیج بھی پلیٹ میں رکھ دیے۔
ریپر کی نظریں اب پہلے ٹکڑے پر جمی تھیں، جو امن کی نمائندگی کر رہا تھا۔ وہ تقریباً ختم ہو چکا تھا۔ بس ایک اور بائٹ، اور وہ مکمل طور پر ختم ہو جاتا۔
جبکہ دوسرے ٹکڑے پر اب بھی کافی تربوز موجود تھا۔
ریپر مسکرایا۔
امل پھر بولی۔ وہ جانتی تھی اِس وقت ریپر ماسک کے پیچھے مسکرا ہی رہا ہوگا۔
بقول آپ کے، امن بھائی سے زیادہ آپ کے پاس طاقت ہے، نا؟ اور جو کچھ آپ کرتے، اس کا اثر آپ کی زندگی پر صرف ایک بیج کے برابر ہوتا ہے۔۔
ریپر نے اثبات میں سر ہلایا۔
بالکل۔
امل نے پہلے ٹکڑے کی طرف دیکھا۔
اب یہ آخری حملہ…
اس نے امن کی نمائندگی کرنے والے تربوز کا آخری بائٹ بھی لے لیا۔
اب دیکھیے، آپ اب بھی ویسے کے ویسے ہیں۔ لیکن اندر سے خالی ہو چکے ہیں۔ آپ کے پاس ایک بھی بیج نہیں بچا۔
ریپر نے بے نیازی سے کہا۔
تو کیا ہوا؟ بیج سے کیا فرق پڑ رہا ہے؟
بالکل۔۔۔
امل نے دوسرے ٹکڑے کو اٹھا کر گھمایا اور اسے ریپر کے سامنے کیا۔
اب اس پلیٹ میں دیکھیے۔
اس نے اس پلیٹ کی طرف اشارہ کیا جس میں تربوز کے تمام بیج جمع تھے۔ جو اُس نے امن کی نمائندگی کرنے والے تربوز کے ٹکڑے میں سے نکال کر رکھا تھا۔۔
یہ آپ کو معمولی سے بیج لگ رہے ہیں، نا؟
ریپر نے پلیٹ پر نظر ڈالی۔ ہاں۔
امل نے پانچ بیجوں کو انگلی سے الگ الگ کرتے ہوئے کہا۔
یہ پہلا بیج ہے، اللّٰہ سے محبت کا، اللہ پر ایمان اور اس کے سہارے کا۔
اس نے دوسرا بیج اٹھایا۔
یہ دوسرا بیج ہے، اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی محبت، اور اُن کی تعلیمات کا۔۔۔
پھر تیسرے بیج کی طرف اشارہ کیا۔
یہ تیسرا بیج ہے، خاندان کی محبت، اپنائیت اور ایک دوسرے کے سہارے کا۔۔
یہ چوتھا بیج کراچی کی عوام کی محبت، اُن کی دعاؤں، اعتماد اور حمایت کا۔۔
اور یہ پانچواں بیج دوستوں کی محبت، وفاداری اور ہر مشکل میں ساتھ نبھانے کا۔
وہ چند لمحوں کے لیے خاموش ہوئی، پھر اس نے بیج اپنی ہتھیلی پر رکھ لیے۔
دیکھیے، یہ صرف بیج ہیں۔ اتنے چھوٹے اور کمزور کہ ذرا سی ضرب سے بکھر جائیں۔ لیکن آپ کو پتا ہے؟ اگر ہم انہیں مٹی میں دبا دیں اور ان کا خیال رکھیں، تو ایک دن یہی بیج ایک پورا درخت بن سکتے ہیں۔
امل نے ریپر کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بات مکمل کی۔
پھر ایک تربوز کے درخت کے سامنے اس ایک ٹکڑے کی کیا حیثیت رہ جائے گی؟
ریپر کے چہرے پر مسکراہٹ اب بھی موجود تھی، مگر اب اس کی نظریں تربوز کے ان پانچ ننھے بیجوں پر جمی ہوئی تھیں۔
امل نے اپنی ہتھیلی پر رکھے تربوز کے بیج ریپر کے سامنے کرتے ہوئے اسے غور سے دیکھا۔
اب آپ خود کو دیکھیے۔۔۔ کیا ہے آپ کے اندر؟ اللہ کی محبت؟ اُس کے رسول ﷺ کی محبت؟ خاندان کی محبت؟ دوستوں کی محبت؟ اور لوگوں کی مدد کرنے کے بعد اُن سے ملنے والی محبت؟
وہ ایک لمحے کو رکی، پھر اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولی۔
آپ کا ظاہر تو بہت مضبوط ہے، لیکن باطن کا کیا؟ باطن تو کمزور ہے آپ کا۔۔۔ اور جانتے ہیں، اصل فاتح کون ہوتا ہے؟ وہ جس کا باطن کمزور نہ ہو۔
ریپر نے اس کی بات سنی تو چند لمحے خاموش رہا، پھر قدرے تلخی سے بولا۔
میری کوئی فیملی نہیں ہے۔۔۔ تو مجھے فیملی کا ساتھ کہاں سے ملے گا؟
فیملی بنائی بھی تو جا سکتی ہے۔ کوئی تو ہوگا آپ کے پاس۔۔۔ باپ، بھائی، بہن، ماں یا کوئی اور خونی رشتہ؟
میرا کوئی نہیں ہے۔۔
اس نے جس تلخی سے جواب دیا تھا، امل چند لمحوں کے لیے خاموش ہو گئی۔ پھر اس کے لہجے میں نرمی اتر آئی۔
جن کا کوئی نہیں ہوتا، اُن کا اللہ ہوتا ہے۔
ریپر نے حیرت سے اسے دیکھا۔ شاید اسے امل سے اس جواب کی توقع نہیں تھی۔
آپ کے پاس تو اللہ کو پانے کا بہت اچھا موقع ہے۔ اللہ کی محبت پانے کے بجائے آپ کن کاموں میں لگے ہوئے ہیں؟ کہتے ہیں، اللہ اُن کے دل میں رہتا ہے جن کے دل میں کوئی نہیں رہتا۔
وہ اپنی ہتھیلی پر رکھے بیجوں کو دیکھتے ہوئے دوبارہ بولی۔
آپ کو ان سارے بیجوں کی بھی ضرورت نہیں۔۔۔ ایک بیج بھی کافی ہے۔ اگر آپ کے اندر اللہ کی محبت ہو تو آپ بھی مضبوط بن سکتے ہیں۔
میں مضبوط نہیں ہوں؟ ریپر نے اُس کی طرف دیکھتے سوال کیا۔۔۔
ابھی تو بتایا ہے۔۔۔ امن بھائی کہتے ہیں کہ مضبوط وہ انسان ہوتا ہے جس کا باطن مضبوط ہو۔
ریپر نے کچھ توقف کے بعد کہا۔
تمہیں نہیں معلوم، لیکن میں نمازیں پڑھتا ہوں۔
اچھا۔۔۔
میرے پاس بھی اللہ کی محبت کا بیج ہے۔
امل نے فوراً اس کی طرف دیکھا۔
آپ کو اللہ سے محبت ہے؟
ریپر نے ہاں میں سر ہلایا۔۔۔
کیا اللہ کو بھی آپ سے محبت ہے؟
ریپر حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔
کیا مطلب؟ اللہ کو محبت۔۔۔
جیسے آپ اللہ سے محبت کرتے ہیں، کیا اللہ بھی آپ سے محبت کرتے ہیں؟
ریپر چند لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر بے یقینی سے بولا۔
پتا نہیں۔
اللہ اُن لوگوں سے محبت کرتے ہیں جو اُس کے بندوں سے اُس کی خاطر محبت کرتے ہیں۔ اللہ اُن سے محبت کرتے ہیں جو لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں، جو اُس کے بندوں پر ظلم نہیں رحم کرتے ہیں۔
ریپر چند لمحے خاموشی سے امل کو دیکھتا رہا۔ ایک پل کے لیے اسے یوں محسوس ہوا جیسے اس کے سامنے امل نہیں، امن بیٹھا ہو۔ وہی انداز، وہی باتیں اور وہی سنجیدہ لہجہ۔۔۔ امن نہ جانے اپنے کتنے ہی جلسوں اور انٹرویوز میں ایسی باتیں کر چکا تھا۔
امل کا شوخ اور چنچل انداز ایک طرف تھا، مگر جب وہ سنجیدگی سے بات کرتی تو بالکل امن کی نقل دکھائی دیتی۔ آخر امن کی ہی تو تربیت تھی وہ، پھر اس کے انداز میں امن کی جھلک کیوں نہ ہوتی؟
امل ابھی ریپر کو ہی دیکھ رہی تھی کہ اچانک اس کے پیچھے سے گولی چلنے کی تیز آواز گونجی۔
امل کا پورا وجود لرز اٹھا۔ وہ بےاختیار چونک کر اچھلی اور خوف سے پیچھے مڑی۔ اس کا دل حلق میں آ گیا تھا۔
کون۔۔۔ کون ہے وہاں؟
وہ پلٹ کر دیکھ ہی رہی تھی کہ ریپر کی پرسکون آواز آئی۔
ڈرو نہیں، ٹوئیٹی ہے۔
امل نے گھوم کر اسے دیکھا۔ وہ اپنی کرسی پر بالکل اطمینان سے بیٹھا تھا، جیسے ابھی ابھی گولی نہیں، کسی نے برتن گرایا ہو۔
وہ اپنے گن شاٹ کی پریکٹس کر رہی ہے۔
پریکٹس؟ امل کی آواز بمشکل نکلی۔ گھر کے اندر گن شوٹ کی پریکٹس کون کرتا ہے۔۔۔؟؟
اس کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی عقبی دروازہ کھلا اور ٹوئیٹی ہاتھ میں پستول گھماتی ہوئی باہر نکل آئی۔ اس کے چہرے پر ایسی بےفکری تھی جیسے وہ کسی پارک میں سیر کرکے لوٹی ہو۔
امل کو یوں دیکھ کر اس نے ہاتھ ہلایا۔
ہائے، امل۔۔۔
امل نے گھبرا کر ریپر کی طرف دیکھا، پھر ٹوئیٹی کی طرف۔ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ان دونوں میں زیادہ خطرناک کون ہے۔
ریپر کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔ اس نے اپنا لمبا سیاہ کوٹ درست کیا اور ٹوئیٹی کی طرف دیکھا۔
اسے یونی واپس چھوڑ دو۔
ٹوئیٹی نے مسکرا کر سر ہلایا۔
پھر وہ چند قدم چل کر امل کے برابر سے گزرتا ہوا دروازے کی طرف بڑھا، مگر اچانک رک گیا۔ اس نے گردن موڑے بغیر کہا۔
اور ہاں۔۔
امل کی سانس رک سی گئی۔
تمہاری وہ باڈی گارڈ یونی کے بیک یارڈ میں بےہوش پڑی ہوگی۔ اسے اٹھا لینا۔
پھر اس کے بھاری قدموں کی آواز دھیرے دھیرے دور ہوتی گئی، اور چند لمحوں بعد دروازہ بند ہونے کی آواز آئی۔
+++++++++++
آج امل یونیورسٹی نہیں آئی تھی، اور ہنزہ آج زوبیہ کے ساتھ بیٹھی تھی۔ جب بھی امل غیر حاضر ہوتی، ہنزہ زوبیہ کے ساتھ ہی گھومتی پھرتی نظر آتی۔ جب امل موجود ہوتی تو وہ زوبیہ کے ساتھ نہیں ہوتی تھی، کیونکہ امل اور زوبیہ کی آپس میں بنتی ہی نہیں تھی۔ یوں جب امل ہوتی تو زوبیہ غائب ہوتی، اور جب زوبیہ ہوتی تو امل کہیں دکھائی نہ دیتی۔
اس وقت دونوں حفصہ کے ساتھ بیٹھی تھیں۔ حفصہ ان کی کلاس کی سب سے “ڈم” اسٹوڈنٹ تھی۔ میتھس ہو یا کوئی اور مضمون، اسے کچھ نہیں آتا تھا، اور وہ پڑھنے کی کوشش بھی نہیں کرتی تھی۔
یہ دیکھو، میں نے تو سارے سوال اپنے اُس سے بنوا لیے۔ بہت اچھا لڑکا ہے۔ حفصہ نے کاپی لہراتے ہوئے فخر سے کہا۔
اس نے بنا بھی دیے؟ کچھ بولا نہیں؟ ہنزہ نے حیرت سے پوچھا۔
نہیں، اس نے تو یہاں تک کہا کہ میں تمہیں سمجھا بھی سکتا ہوں۔
تو سمجھ لیا تم نے؟ زوبیہ نے ابرو اٹھا کر پوچھا۔
نہیں یار، میرے پاس اتنا ٹائم نہیں تھا۔ میں نے کہا بس یہ سوال حل کر کے دے دو مجھے۔
اور اس نے دے دیے؟ ہنزہ کی آنکھیں پھیل گئیں۔
ہاں۔
اس کا مطلب سچ میں میتھس میں اچھا ہے وہ لڑکا؟
ہاں۔ یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ یہ کلاس پڑھ چکا ہو، تو پیچھے کے میتھس اسے آتے ہوں۔
ارے ہاں، یہی بات ہوگی۔ ہنزہ نے سر ہلایا۔ کوئی سیکھا سکھایا پیدا نہیں ہوتا۔ میں تو فارمولے بھول جاتی ہوں۔ مجھے تو میتھس کے سوال دیکھ کر ہی چکر آنے لگتے ہیں، دماغ میں کچھ آتا ہی نہیں۔
اور اس نے فوراً دو منٹ میں حل کر دیا، بالکل ٹیچرز کی طرح۔ حفصہ فوراََ بولی۔۔۔
اچھا۔۔۔
ہاں۔ تم دونوں کو بھی کوئی میتھس حل کروانا ہو تو چلی جانا۔ پتا ہے، لڑکوں کی طرح ایٹیٹیوڈ بھی نہیں دکھاتا۔
ہنزہ نے زوبیہ کی طرف دیکھا۔
زوبیہ، تم جاؤ گی؟
نہیں، مجھے کیا ضرورت ہے۔ مجھے تو وہ سب آتا ہے جو سر سمجھاتے ہیں۔
ہاں۔ ہم لڑکوں سے بات نہیں کرتے۔ مجھے بھی بھائی میتھس سمجھا دیتے ہیں۔ ہنزہ بولی
اوکے۔ حفصہ نے کندھے اچکائے اور اٹھ کر چلی گئی۔
اس کے جاتے ہی زوبیہ نے سر کھجایا۔
عجیب بات ہے، آج کل ہر جگہ اسی کے چرچے ہو رہے ہیں۔
ہاں۔
اتنے وقت پہلے کہاں تھا یہ؟ سو رہا تھا کیا جو اب اچانک جاگا ہے؟
نہیں، ابھی حال ہی میں جو امتحانات کے رینک آئے ہیں ناں، ان میں اس کا رینک سب سے زیادہ آیا۔ پھر سب اس سے مدد مانگنے لگے، اور وہ کرنے بھی لگا۔ شاید اسی لیے۔۔۔ ورنہ ایک ٹاپر ہماری کلاس کا بھی ہے، لیکن بدتمیز کہیں کا۔ کسی کو منہ نہیں لگاتا۔
وہ انٹروورٹ ہے یار۔ تم جاؤ گی تو مدد کر دے گا۔
میں کیوں جاؤں؟ کسی کے پاس بھلا؟ میں لڑکوں سے بات نہیں کرتی۔۔۔ ہنہ۔
کل تو تم حمزہ سے بات کر رہی تھیں؟ زوبیہ بولی
ہاں تو وہ آیا تھا مجھ سے بات کرنے! لڑکے آتے ہیں مجھ سے بات کرنے، میں کسی لڑکے سے بات نہیں کرتی۔
زوبیہ ہنس پڑی۔
اچھا بھائی، ٹھیک ہے۔ “مین ہیٹرز” آپ چلیں کلاس لینے، یا سر سے ڈانٹ سننی ہے؟
ہاں، چلو۔
دونوں اٹھ کر اگلی کلاس کی طرف چل پڑیں۔
ویسے یہ امل بہت ڈم ہو گئی ہے۔ چند قدم بعد ہنزہ بولی۔
کیوں؟
یونی کی اتنی چھٹیاں کرتی ہے، اوپر سے کلاس کے وقت بھی دھیان نہیں دیتی۔ اسائنمنٹ بھی وقت پر جمع نہیں کروا رہی، اور ٹیسٹ کا تو تم چھوڑ ہی دو۔
ہاں۔ جب سے اس کے بھائی الیکشن جیتے ہیں، وہ ایسی ہی ہو گئی ہے۔
یہ سب ریپر کی وجہ سے ہے۔ اللہ اسے کبھی معاف نہ کرے۔ میری دوست پہلے کتنی اچھی تھی، اور اب دیکھو۔۔۔
ریپر نے کیا کیا ہے؟ زوبیہ نے حیرت سے پوچھا۔
یہ پوچھو اس نے کیا کیا نہیں۔۔۔ ہنزہ نے جھنجھلا کر کہا۔ خیر چھوڑو، ابھی جلدی کلاس میں چلو، دوڑ لگاؤ ورنہ لیٹ ہو جائیں گے۔
پھر دونوں تیز تیز قدموں سے چلنے لگیں۔
++++++++++++++
امن نے امل کی حفاظت اور تربیت کے لیے اپنے گھر کے پچھلے حصے میں واقع ایک وسیع میدان کو خاص طور پر اس کے لیے تیار کروایا تھا۔ وہاں ایک طرف جسمانی مشقوں کے لیے جگہ مختص تھی تو دوسری طرف فائرنگ کی پریکٹس کے لیے باقاعدہ انتظام کیا گیا تھا۔ امل ہر شام تانیہ کے ساتھ وہاں آتی اور اپنی تربیت جاری رکھتی تھی۔
آج بھی شام کے وقت وہ دونوں وہیں موجود تھیں۔
سورج ڈھلنے لگا تھا۔ میدان کے ایک طرف لگے درختوں کے لمبے سائے زمین پر پھیل رہے تھے۔ امل ہاتھ میں پستول تھامے نشانے کی طرف دیکھ رہی تھی، جبکہ تانیہ اس کے قریب کھڑی اسے مشق کروا رہی تھی۔
کچھ دیر بعد تانیہ نے اس کے ہاتھ سے پستول لیتے ہوئے قدرے بیزاری سے کہا۔
میرے بس کی بات نہیں ہے۔ آپ اپنے لیے کسی اور کا انتظام کروا لیجیے، میرے ہونے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
امل نے بے نیازی سے جواب دیا۔
پتا ہے مجھے۔
تو پھر آپ اپنا کوئی اور انتظام کیوں نہیں کر رہیں؟
بھائی کر چکے ہیں، بس کچھ دنوں کی بات ہے۔
تانیہ نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا۔
کیا؟ کوئی نیا باڈی گارڈ آ رہا ہے؟
نہیں! اور تم یہ سب بھی مجھے مت سکھاؤ۔ اگر میں نے گن چلانا سیکھ لیا نا تو سب سے پہلے ریپر پر گولی چلاؤں گی۔
تانیہ نے بے ساختہ کندھے اچکائے۔
چلا دیجیے گا۔ آپ کو تو اجازت بھی ہے۔
امل نے چونک کر اسے دیکھا۔
کیا؟
میرا مطلب ہے، آپ گولی چلا بھی دیں گی تو آپ کے بھائی ہیں نا آپ کو بچانے کے لیے۔ وہ آپ کو بچا لیں گے۔
امل نے ایک گہری سانس لی۔
ہاں…
تانیہ نے اس کے چہرے کو غور سے دیکھا، پھر قدرے اطمینان سے بولی۔
ویسے میں نے آپ کو اتنا تو سکھا ہی دیا ہے کہ آپ ریپر کو اپنے قریب آنے سے روک سکیں۔
قریب ہی تو نہیں آتے وہ! وہ مجھے کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش تو کریں، پھر میں ان کا مقابلہ کروں نا…
تانیہ نے الجھن سے اس کی طرف دیکھا۔
مطلب؟
امل نے بے زاری سے کہا۔
ہاں! وہ میرا ذہنی سکون برباد کرنا چاہتا ہے۔ معلوم ہے مجھے، تم مجھے یہ سب مت سمجھاؤ۔
تانیہ چند لمحے خاموش رہی، پھر سنجیدگی سے بولی۔
اور آپ پر اس کا اثر بھی ہو رہا ہے۔ آپ بہت چڑچڑی ہوتی جا رہی ہیں۔ پہلی دفعہ جب میں آپ سے ملی تھی تو آپ ایسی نہیں تھیں۔ اب ہر بات پر غصہ کرنے لگتی ہیں۔
امل کے چہرے کے تاثرات یک دم بدل گئے۔
ہاں تو کیا کروں میں؟ کیا کروں؟ مجھے نہیں سیکھنی یہ سب چیزیں.. جاؤ یہاں سے، مجھے اکیلا چھوڑ دو…
اس کی آواز بلند ہو گئی تھی۔ تانیہ نے حیرت سے اسے دیکھا، مگر امل جیسے اپنے غصے پر قابو کھو چکی تھی۔
اور میرے سامنے اُس کا نام بھی مت لینا۔ ورنہ اُس سے پہلے تم پر گولی چلا دوں گی…
تانیہ نے ناگواری سے اسے دیکھا۔
ریپر کا غصہ مجھ پر کیوں نکال رہی ہیں آپ؟
تو بولا نا، جاؤ یہاں سے! اور ہاں، بھائی کو کچھ مت بتانا۔ اب جاؤ، گھر جاؤ۔ آج کے لیے کافی ہے۔
تانیہ نے مزید کچھ کہنا مناسب نہ سمجھا۔ اس نے خاموشی سے اپنا سامان سمیٹا اور وہاں سے نکل گئی۔
اس کے قدموں کی آواز آہستہ آہستہ دور ہوتی چلی گئی۔ میدان ایک بار پھر خاموشی میں ڈوب گیا۔
امل کچھ دیر وہیں کھڑی رہی۔ پھر جیسے اس کے اندر جمع سارا حوصلہ یک دم جواب دے گیا۔ وہ آہستہ سے زمین پر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی اور دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا لیا۔
اگلے ہی لمحے اس کے ضبط کے سارے بندھن ٹوٹ گئے۔
وہ سسکیاں لے کر رونے لگی۔
اب جب بھی وہ اکیلی ہوتی تھی، اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگتے تھے۔ دن بھر خود کو مضبوط ظاہر کرنے کی کوشش کرتی، سب کے سامنے ہنستی بولتی، مگر تنہائی میں اس کے اندر چھپا خوف، غصہ اور بے بسی آنسوؤں کی صورت باہر آ جاتا۔
وہ نہیں چاہتی تھی کہ امن کو اس کی حالت کا علم ہو۔ وہ پہلے ہی اس کی حفاظت کے لیے بہت کچھ کر رہا تھا۔ وہ اسے مزید پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی۔
اسی لیے ہر بار اپنے آنسوؤں کو تنہائی کے حوالے کر دیتی۔
وہ اسی طرح سر جھکائے بیٹھی تھی کہ اچانک اس کے بالکل قریب ایک سیاہ جوتا آ کر رکا۔
امل نے روتے روتے اپنی سسکیاں روکنے کی کوشش کی، مگر سر اٹھانے کی ہمت نہ ہوئی۔
کچھ لمحے بعد اسے اپنی طرف بڑھا ہوا ایک رومال دکھائی دیا۔ کسی نے اپنی جیب سے رومال نکال کر خاموشی سے اس کی جانب بڑھایا تھا۔
امل نے پہلے اس ہاتھ کو دیکھا، پھر آہستہ سے سر اٹھایا۔
سامنے زرقان کھڑا تھا۔
اس نے نیلی جینز اور سیاہ جوتے پہن رکھے تھے۔ اور اس کی نگاہیں امل کے سرخ ہوتے چہرے اور بھیگی آنکھوں پر ٹھہری ہوئی تھیں۔
وہ چند لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر ہلکے سے بولا۔
میں تو اکیلے میں بہت خوش رہتا ہوں، تم کیوں اکیلے میں رونے لگتی ہو؟
امل نے اس کے ہاتھ سے رومال لے لیا اور جلدی سے اپنے آنسو صاف کرنے لگی۔
اس نے چہرہ دوسری طرف پھیرتے ہوئے کہا۔
کچھ نہیں۔۔۔ وہ مجھے چوٹ لگ گئی تھی، درد ہو رہا تھا، اسی لیے بس۔
پھر فوراً بات بدلتے ہوئے پوچھا۔
اور آپ یہاں کیسے؟
وہ اُس کی بات کو نظر انداز کیے سنجیدگی سے بولا۔۔۔
کہتے ہیں، کوئی آپ کے لیے کچھ کرے تو آپ کو اُسے دس گنا زیادہ لوٹانا چاہیے۔
امل نے الجھن سے اس کی طرف دیکھا۔
تو پھر تم اس تکلیف کا دس گنا زیادہ تکلیف کیوں نہیں لوٹا رہیں؟
پھر اُس نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈال کر ایک نیا سم نکالا اور اس کی طرف بڑھا دیا۔
میں یہ دینے کے لیے آیا تھا۔
امل نے اس کے ہاتھ سے سم لے لیا اور اسے دیکھنے لگی۔ ابھی وہ کچھ کہنے ہی والی تھی کہ اچانک میدان میں سنان کی بلند آواز گونجی۔
ابے او منحوس کہیں کے۔۔ میری زندگی کی مصیبت۔۔۔
زرقان نے چونک کر آواز کی سمت دیکھا۔ سنان تیز تیز قدم اٹھاتا ان کی طرف آ رہا تھا۔ اس کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ تھا اور چہرے پر غصے کے آثار نمایاں تھے۔
کیا ہے؟ زرقان نے اسے دیکھتے ہوئے پوچھا۔
سنان اس کے قریب آ کر رکا اور لیپ ٹاپ اس کے سامنے کرتے ہوئے بولا۔
منحوس۔۔ دیکھ، تُو نے میرا سارا ڈیٹا اڑا دیا۔۔۔
زرقان نے ایک نظر لیپ ٹاپ پر ڈالی، پھر سنان کو دیکھا۔
جا کر اپنے کچرے جیسے دماغ کا علاج کروا۔
سنان نے غصے سے دانت پیسے۔
ماروں گا تھپڑ۔۔۔
امل اب نیچے سے جلدی جلدی اٹھ کھڑی ہوئی۔۔ اور بولی
ارے، ارے! کیا ہوا؟
سنان نے فوراً لیپ ٹاپ امل کی طرف کرتے ہوئے شکایتی انداز میں کہا۔
دیکھو اسے! یہ نالائق کوئی کام تو ہے نہیں اسے۔ ریپر نے نیٹ ورک میں گھسنے کی کوشش کی ہے اور پھر ہیک ہو گیا! اچھا خاصا مجھے انفارمیشن مل رہی تھی، لیکن اس منحوس نے بھی اسی نیٹ ورک میں گھسنا تھا۔۔
امل نے دونوں کو دیکھتے ہوئے قدرے گھبرائے ہوئے لہجے میں کہا۔
یار! آہستہ بولیں، آہستہ! کوئی سن لے گا۔
سنان نے بے پروائی سے جواب دیا۔
کوئی سنتا ہے تو سننے دو۔ اب میں اور کام نہیں کروں گا۔۔۔
بس ختم میرے کو اور کام نہیں کرنا
وہ لیپ ٹاپ پھکنے والا تھا کہ جلدی سے زرقان نے اُس کے ہاتھ سے لیپ ٹاپ لے لیا۔۔۔
اِدھر دکھا۔
اس نے لیپ ٹاپ اپنی طرف کیا اور اسکرین پر کھلی ہوئی معلومات کا جائزہ لینے لگا۔ چند لمحے خاموشی سے اسکرین دیکھنے کے بعد اس کی انگلیاں کی بورڈ پر حرکت کرنے لگیں۔ پھر اس نے سنجیدہ لہجے میں کہا۔
جو بھی ریپر کے نیٹ ورک کی حفاظت کر رہا تھا، اسے ہماری موجودگی کا پتا چل گیا ہے۔ اس نے فوراً سسٹم کی سیکیورٹی سخت کر دی، اسی لیے تمہارا کنکشن منقطع ہو گیا اور ڈیٹا بھی ضائع ہو گیا۔
سنان نے فوراً اس کی بات کاٹی۔
چل جھوٹ مت بول! اپنے آپ کو بچانے کے لیے ریپر پر الزام لگا رہا ہے۔
زرقان نے اسکرین سے نظریں ہٹا کر اسے دیکھا۔
ابے جا! میں تجھ سے خود کو بچاؤں گا؟ شکل دیکھی ہے اپنی؟ دو کوڑی کا آدمی…
تو دو کوڑی کا آدمی… جھوٹا، منحوس کہیں کا! بھائی کو آنے دے، سب بتاؤں گا۔ آج تو تجھے چھوڑوں گا نہیں۔۔
سنان نے اس کے ہاتھ سے لیپ ٹاپ تقریباً چھینتے ہوئے کہا تو زرقان کا غصہ بھی بھڑک اٹھا۔
نکل جا یہاں سے، لے کر اپنا لیپ ٹاپ! مر جا کہیں اور جا کر! ادھر آیا ہی کیوں تھا؟
تجھے تیری اوقات دکھانے آیا تھا۔۔۔ سنان بھی پیچھے کہاں رہنے والا تھا
امل نے دونوں کو باری باری گھورا اور قدرے بلند آواز میں بولی۔
چپ کر جائیں دونوں! کیا کیا بولے جا رہے ہیں؟
سنان نے فوراً امل کی طرف رخ کیا اور زرقان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بولا۔
ائی چھوٹی لڑکی۔۔ اُس نے امل کی طرف اُنگلی کا اشارہ کیا اسے سمجھا دے، سنان سے پنگا اِز ناٹ چنگا۔۔
زرقان نے بھی کہاں پیچھے رہنا تھا۔ وہ سنان کی طرف دیکھ کر بولا۔
زیادہ مت اُچھل، پیچھے مُڑ اور چلتا بن۔۔۔۔
سنان غصے سے لال ہوتا، بڑبڑاتا ہوا وہاں سے چل دیا۔ اس کے انداز سے صاف لگ رہا تھا جیسے دوبارہ آنے کا ارادہ رکھتا ہو۔
امل نے دونوں کو دیکھتے ہوئے حیرت سے پوچھا۔
آپ دونوں اتنا لڑتے کیوں ہیں؟
زرقان نے ناک سے ہلکی سی آواز نکالی۔
ہنہ! پاگل ہے یہ۔ دیکھ تو لیا ہوگا تم نے۔ اچھا خاصا فون چلا رہا تھا، تمہارے اس سم کے چکر میں باہر نکلا تھا۔ اور میں کیوں گھسنے لگا ریپر کے نیٹ ورک میں؟
امل نے شرارت سے پوچھا۔
کیوں؟ آپ نہیں پکڑے گے ریپر کو۔۔؟؟
زرقان نے اطمینان سے جواب دیا۔
زرقان ہمیشہ آسان راستہ چنتا ہے۔
ہاں، کیونکہ زرقان بہت آلسی لڑکا ہے۔۔۔۔۔
امل یہ کہہ کر فوراً وہاں سے بھاگ گئی۔ تک زرقان کو اُسے کہنے کا کُچھ موقع نہیں ملے۔۔۔
زرقان نے اسے جاتے دیکھا اور سر جھٹکتے ہوئے بولا۔
دیکھ لے زرقان، دیکھ لے۔۔ یہی حال ہوتا ہے، اسی لیے فون کے علاوہ کسی انسان سے منہ نہیں لگاتے۔۔۔
وہ بڑبڑاتا ہوا چل پڑا۔
++++++++++++
رات کو جب نہات گھر واپس آیا تو لاؤنج میں داخل ہوتے ہی اس کی نظر ٹی وی پر پڑی۔ ٹی وی کھلا ہوا تھا اور ارحا صوفے پر بیٹھی اسے دیکھ رہی تھی۔ یہ دیکھ کر اس نے سکون کا سانس لیا۔
شکر ہے.. اُس نے ٹی وی دیکھنا شروع کیا، اب وہ اسے بھوتنی کی طرح کسی کونے میں بیٹھی نظر نہیں آئے گی۔
وہ اپنا کوٹ اتار کر صوفے پر رکھنے لگا، مگر جیسے ہی اس کی نظر ٹی وی کی اسکرین پر پڑی، اس کے قدم رک گئے۔ وہاں بھی امن ہی دکھائی دے رہا تھا۔ اس کا کوئی پرانا انٹرویو چل رہا تھا، جسے ارحا پوری توجہ سے دیکھ رہی تھی۔
نہات نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔
تمہیں اور کچھ نہیں ملا؟
ارحا اس کی طرف مڑی اور بولی۔
تم قاتل پر اتنا بھروسا کیوں کرتے ہو؟ کبھی قاتل نے تمہارا فائدہ اٹھا لیا تو؟
نہات نے فوراً جواب دیا۔
فائدہ اٹھانا؟ نہیں، نہیں۔۔ اگر وہ اپنے ہاتھوں سے میرا قتل بھی کر دے نا، تو میں اپنی آنکھوں دیکھی کو بھی جھٹلا دوں گا۔
ارحا نے اسے گھور کر دیکھا۔
اندھے ہو گئے ہو؟
نہات نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
جن سے محبت کرتے ہیں، اُن کے معاملے میں اندھے ہو ہی جاتے ہیں۔
ارحا نے کچھ سوچتے ہوئے پوچھا۔
تو تم اُس کے رائیڈ اور ڈائی ہو؟
نہات نے الجھن سے اسے دیکھا۔
مطلب؟
ارحا نے وضاحت کی۔
رائیڈ یعنی اچھے وقت کا ساتھی اور ڈائی یعنی برے وقت کا ساتھی۔ مطلب وہ جہاں جائے، تم اس کے پیچھے پیچھے۔ وہ جیے تو تم جیو، وہ گرے تو تم بھی اس کے ساتھ گر جاؤ۔ بس یہی۔۔۔
نہات کے لبوں پر مسکراہٹ گہری ہو گئی۔
وہ گریں گے نہیں، ارحا۔۔ اور اگر کبھی گر بھی گئے تو اسے اٹھانے والا پہلا شخص میں ہوں گا۔
یہ کہتے ہوئے اس نے صوفے سے اپنا کوٹ اٹھایا، پھر ارحا کی طرف دیکھ کر بولا۔
اور تم نے بالکل ٹھیک کہا۔۔۔ میں اُن کا رائیڈ اور ڈائی ہوں۔۔۔ پِھر نہات نے کُچھ سوچتے سوال کیا۔۔
کیا تُمہارا کوئی رائیڈ اور ڈائی ہے۔۔؟؟
ارحا نے اس کی طرف دیکھے بغیر جواب دیا۔
میرا رائیڈ بھی میں خود ہوں اور ڈائی بھی…
یہ کہتے ہوئے اس نے ٹی وی بند کیا، صوفے سے اٹھ کر کھانے کے لیے کچن کی طرف قدم بڑھا دیے۔
نہات چند لمحے اسے جاتا دیکھتا رہا، پھر سر جھٹکتے ہوئے بڑبڑایا۔
کیا عجیب لڑکی ہے یہ بھی…
+++++++++++++
کھانا پینا کرنے کے بعد جب وہ سونے کے لیے اپنے کمرے میں آیا تو سر میں ہلکی ہلکی ٹیسیں اٹھنے لگیں۔ ابتدا میں درد کی شدت معمولی تھی، مگر اس کی مسلسل بڑھتی ہوئی لہریں اسے بے چین کرنے لگی تھیں۔
وہ بستر کے قریب رکھی دراز کی طرف بڑھا، اسے کھولا اور اندر سے دوائیں نکال لیں۔
یہ وہی دوائیں تھیں جو آخری مرتبہ اس کے بے ہوش ہونے پر افتخار صاحب نے اسے دی تھیں۔ ایک دوا سر درد کی صورت میں استعمال کرنے کے لیے تھی، جبکہ دوسری اسے روزانہ رات کو سونے سے پہلے لینی تھی تاکہ اسے پُرسکون نیند آ سکے۔
مگر اب…
ابھی تو وہ ان دواؤں، تھراپسٹ اور علاج معالجے کے چکروں سے بمشکل باہر نکلا تھا، اور اب پھر وہی سب؟
اس نے ہتھیلی پر رکھی دواؤں کو غور سے دیکھا۔ چند لمحے خاموشی سے انہیں تکتا رہا، جیسے ان چھوٹی چھوٹی گولیوں کے اندر اس کی زندگی کے کسی بڑے راز کا جواب چھپا ہو۔
اگر وہ یہ دوا لے لیتا تو شاید اسے کچھ یاد نہ آتا۔
اور وہ یاد کرنا چاہتا تھا۔
مگر آخر کیا؟
اس کی زندگی تو اسے اتنی سادہ اور معمول کے مطابق دکھائی دے رہی تھی کہ بظاہر کوئی ایسی بات ہی نہیں تھی جسے یاد کرنے کی ضرورت پیش آتی۔ دادا دادی موجود تھے، امل اور نہات بھی اس کے سامنے، بالکل خیریت سے تھے۔ ماں باپ کے قتل کے پیچھے کون تھا، یہ بھی معلوم ہو چکا تھا۔
تو پھر ایسی کون سی بات تھی جو اس کی یادداشت کے پردوں میں کہیں دفن تھی؟
کون سا راز تھا جو اس کے ذہن سے چھپا ہوا تھا؟
اس نے دوائیں واپس دراز میں رکھ دیں اور خود بستر پر دراز ہو گیا۔
چھت کو گھورتے ہوئے اس کے ذہن میں ایک بار پھر ایک ہی نام گردش کرنے لگا۔
ریپر۔۔۔
ریپر اسے مارنا نہیں چاہتا تھا۔
آخر کیوں؟
وہ اس سے کچھ اور چاہتا تھا، مگر کیا؟
وہ اسے سیاست سے دستبردار کروانا چاہتا تھا، یہ بات تو واضح تھی۔ مگر اگر اسے سیاست دانوں سے اتنی ہی نفرت تھی، وہ تو ہر سیاست دان کو مار ڈالتا تھا تو پھر وہ اس کی جان بار بار کیوں بخش رہا تھا؟ اسے ختم کرنے کے بجائے زندہ رہنے کا موقع کیوں دے رہا تھا؟
کیا وہ صرف یہ چاہتا تھا کہ وہ زندہ رہے، مگر سیاست سے ہمیشہ کے لیے کنارہ کش ہو جائے؟
اور اگر ایسا تھا تو اس کے پیچھے کیا مقصد چھپا تھا؟
کیا وہ اسے تباہ و برباد کرکے کوئی پرانا بدلہ لینا چاہتا تھا؟
مگر کیسا بدلہ؟
اس نے تو اپنی پوری زندگی میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی تھی۔ نہ کبھی کسی کا حق مارا، نہ کسی کو بلاوجہ تکلیف پہنچائی۔ حتیٰ کہ وہ کسی کو بے وجہ تنگ کرنے سے بھی گریز کرتا تھا۔
تو پھر ریپر اس کی زندگی کے پیچھے کیوں پڑا تھا؟
آخر وہ اس سے کیا چھیننا چاہتا تھا؟
یا پھر…
کیا اس نے اپنی زندگی میں کبھی ایسا کچھ کیا تھا جس کا اسے خود بھی علم نہیں تھا؟
کوئی ایسا عمل، کوئی ایسا فیصلہ، کوئی ایسا گناہ یا غلطی، جس کی یاد اس کے ذہن سے مٹا دی گئی ہو؟
اس کی پیشانی پر بل نمودار ہوئے۔ سر کا درد اب آہستہ آہستہ شدت اختیار کر رہا تھا، مگر اس کے ذہن میں سوالوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری تھا۔
تبھی اسے نہات کی بات یاد آئی۔
تمہیں سب کچھ یاد آ رہا ہے، دوا مت لینا۔
وہ چند لمحے اسی جملے کو ذہن میں دہراتا رہا۔
اگر اسے واقعی سب کچھ یاد کرنا تھا تو پھر دوا کا استعمال اسے خود ہی روکنا ہوگا۔
سر درد چاہے جتنا بھی بڑھ جائے، اسے برداشت کرنا ہی پڑے گا۔ جو کچھ بھی اس کی یادداشت کے پردوں کے پیچھے چھپا تھا، اسے ہر حال میں اس تک پہنچنا تھا۔
وہ اچانک بستر سے اٹھ بیٹھا۔
کچھ دیر خاموشی سے بیٹھنے کے بعد وہ واش روم کی طرف بڑھ گیا۔ وضو کیا اور جب واپس باہر آیا تو اس کے چہرے پر ایک عجیب سی سنجیدگی تھی۔
ویسے تو وہ پانچ وقت کی نماز کا پابند تھا، مگر اس کی ایک عادت اور بھی تھی۔ کبھی کسی خوشی کے موقع پر، کبھی غم کی شدت میں، کبھی کسی ضرورت کے تحت اور کبھی محض اپنے رب کے قریب ہونے کے لیے، وہ کسی بھی وقت نفل نماز پڑھنے کھڑا ہو جاتا تھا۔
اور اس وقت تو اسے اپنے رب کی مدد کی اشد ضرورت تھی۔
کیونکہ جہاں انسانوں کے دروازے بند ہو جاتے ہیں، وہاں بھی ایک در ایسا ہوتا ہے جو کبھی بند نہیں ہوتا۔
اور اس در سے بھی شفا ملتی ہے۔
وہ جائے نماز بچھا کر کھڑا ہو گیا۔
کمرے میں مکمل خاموشی تھی۔ باہر رات اپنی سیاہ چادر پھیلائے ہوئے تھی، جبکہ کمرے کے اندر ایک شخص اپنے رب کے حضور کھڑا اپنی الجھنوں، خوف اور بے بسی کو سمیٹنے کی کوشش کر رہا تھا۔
نماز مکمل کرنے کے بعد وہ جائے نماز پر بیٹھ گیا۔ دونوں ہاتھ دعا کے لیے بلند کیے تو اس کی آنکھیں خودبخود جھک گئیں۔
اس کی آواز دھیمی تھی، مگر الفاظ میں ایک عجیب سی التجا تھی۔
یا اللہ! مجھے کبھی، کسی بھی قیمت پر غلط راستے پر چلنے نہ دینا۔ اگر کبھی میرے قدم ڈگمگانے لگیں، اگر میں کبھی گمراہی کی طرف بڑھنے لگوں تو مجھے واپس اپنے راستے پر بلا لینا، میرے مالک! مجھے کبھی خود سے دور نہ ہونے دینا۔
اس نے ایک گہرا سانس لیا۔ دل میں جمع بے شمار سوال جیسے ایک ایک کرکے اس کی زبان تک آنے لگے۔
اور یا اللہ! جو راز مجھ سے پوشیدہ ہے، جو حقیقت میری نگاہوں سے اوجھل ہے، اسے میرے لیے آشکار کر دے۔ میرے مالک! مجھے وہ سب یاد دلا دے جو میں بھول چکا ہوں۔ مجھے حقیقت تک پہنچنے کی ہمت عطا فرما، چاہے وہ حقیقت کتنی ہی تلخ کیوں نہ ہو۔
اس کی پلکوں پر نمی اتر آئی۔
مجھے میرے مقصد میں کامیابی عطا فرما۔ میرے راستے آسان کر دے۔ میری مدد فرما، میرے اللہ! مجھے اتنی ہمت دے کہ میں سچ کا سامنا کر سکوں اور اتنا حوصلہ بھی کہ سچ جاننے کے بعد خود کو سنبھال سکوں۔
دعا کرتے کرتے اس کے الفاظ کا رخ اچانک بدلنے لگا۔
اپنی ذات، اپنی الجھنوں اور اپنے مقصد سے نکل کر اس کے خیالات ان لوگوں کی طرف جا پہنچے جو اس کی زندگی کا اصل سرمایہ تھے۔
دادا دادی…
امل…
اور نہات…
اس نے سر ذرا سا جھکایا، جیسے ان سب کے تصور نے ہی اس کے دل میں ایک نرم سی کیفیت پیدا کر دی ہو۔
یا اللہ! میرے گھر والوں کی حفاظت کرنا۔ انہیں اپنی امان میں رکھنا۔ میرے اللہ! ان کے حصے میں سکون، عافیت اور خوشیاں لکھ دینا۔
چند لمحوں کے لیے وہ خاموش ہوا، پھر اس کے لبوں پر ایک نام ٹھہر گیا۔
اور نہات…
اس کے لہجے میں بے اختیار نرمی اتر آئی۔
نہات کی زندگی میں وہ تمام خوشیاں لکھ دے جن کا وہ حقدار ہے۔ اسے اتنی خوشیاں عطا کرنا کہ اس کی زندگی کے سارے دکھ کہیں پیچھے رہ جائیں۔
اس کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔
وہ مانتا نہیں ہے، میرے اللہ! اسے تجھ سے مانگنا نہیں آتا، شاید وہ اپنی خواہشوں کا اظہار کرنا بھی نہیں جانتا۔ مگر تو تو دلوں کے ان کہے حال سے بھی واقف ہے۔ تو اس کے بغیر مانگے ہی اسے عطا کر دیا کر۔ اس کی زندگی میں وہ تمام خوشیاں لکھ دے جن کا وہ خواب بھی نہیں دیکھتا،
اس نے ایک گہری سانس لی۔
پھر اس کے ذہن میں اپنی چھوٹی بہن کا خیال آیا تو چہرے پر فکر کے آثار نمایاں ہو گئے۔
اور میری بہن…
اس کی آواز میں اب ایک بھائی کی بے بسی تھی۔
اس کی حفاظت کرنا، میرے اللہ! وہ ابھی بہت چھوٹی ہے، بہت نازک دل کی ہے۔ وہ ان سب معاملات کو برداشت نہیں کر سکتی۔ اسے ان تمام الجھنوں سے دور رکھ۔
اس کے ہاتھ دعا کے لیے مزید بلند ہو گئے۔
اسے میرے ان جھمیلوں سے دور رکھ۔ اسے ریپر سے دور رکھ، میرے اللہ! وہ اس سب میں نہ الجھے۔ میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے اسے کوئی نقصان پہنچے۔
اس کی پلکوں پر نمی اتر آئی۔
میرے مالک! میرے اپنے لوگوں کو مجھ سے محفوظ رکھنا۔ اگر ان سب مصیبتوں کا بوجھ اٹھانا ہی ہے تو مجھے اٹھانے دینا، مگر میرے اپنوں کو اس کی زد میں مت آنے دینا۔
وہ کچھ دیر اسی طرح ہاتھ اٹھائے بیٹھا رہا۔
اس کے پاس بہت سے سوال تھے، بہت سے راز تھے، ایک ایسا دشمن تھا جس کا مقصد اس کی سمجھ سے باہر تھا،
مگر اس لمحے اس نے اپنے تمام سوال اپنے رب کے سپرد کر دیے تھے۔
کیونکہ اسے یقین تھا کہ دنیا کے ہر راز کا کوئی نہ کوئی دروازہ ہوتا ہے، اور ہر بند دروازے کی ایک کنجی۔
بس اسے اپنے رب پر بھروسا رکھنا تھا۔
پھر اچانک اسے اسی لمحے سنان اور زرقان کا خیال بھی آ گیا۔
اس نے دل ہی دل میں ان دونوں کے لیے بھی دعا کی۔
اور سنان اور زرقان کی بھی حفاظت کرنا، میرے اللہ! میری وجہ سے انہیں کچھ نہ ہونے دینا۔ انہیں اپنی امان میں رکھنا۔ یہ مشن میری وجہ سے ہے، مگر میں نہیں چاہتا کہ اس کی قیمت میرے کسی اپنے کو چکانی پڑے۔۔
اچانک اس کے سر میں ایک اور شدید ٹیس اٹھی۔ درد کی شدت سے اس کی پیشانی پر شکنیں ابھریں اور بےاختیار ایک آنسو اس کی آنکھ سے نکل کر رخسار پر بہہ گیا۔
اس نے نم آنکھوں سے جائے نماز کے سامنے دیکھتے ہوئے سوچا، بس۔۔ ایک دعا اور ایک آخری دعا اور، اس کے بعد وہ آنکھیں بند کر لے گا۔ پھر اُس کے لب ہلے۔۔
اور ارحا… جانے کیوں وہ مجھے اپنا قاتل سمجھتی ہے، اور جانے کون سا راز ہے جو اس کی نفرت کے پیچھے چھپا ہے۔ مگر میرے اللہ! وہ مجھ سے جتنی بھی بدگمان ہو، تو اس سے بدگمان نہ ہونا۔ میں نے اس کے گرد حفاظت کے کئی حصار کھڑے کیے ہیں، مگر جانتا ہوں، تیری حفاظت کے بغیر ہر حصار بے معنی ہے۔ اسے اپنی امان میں رکھنا، میرے مالک۔۔۔
دعا کے آخری الفاظ ادا کرکے اس نے آہستگی سے آنکھیں بند کر لیں۔
مگر ذہن کہاں خاموش ہونے والا تھا۔۔۔
ایک ایک کرکے ارحا کے ساتھ والے مناظر اس کی نگاہوں کے سامنے چلنے لگے۔ پہلا منظر… دوسرا… تیسرا…
اس کا چہرہ، اس کی آنکھیں، اس کے لہجے کی تلخی، اس کی بےبسی… سب کچھ جیسے ایک فلم کی صورت اس کے ذہن میں گردش کرنے لگا۔
پھر اس کے لب ایک بار پھر بےاختیار ہلے۔
وہ دل کی بری نہیں ہے، میرے اللہ! مُجھے بس وہ حالات کی ماری ہوئی لگتی ہے۔ وہ جس بھی مشکل میں گرفتار ہے، اسے اس سے نکال دے۔ اس کی آنکھوں میں اداسی اچھی نہیں لگتی، میرے اللّٰہ۔۔ میں چاہتا ہوں وہ ہنسے، مسکرائے، اپنی زندگی جیے… اس کی زندگی سے بھی یہ اداسی کے سائے سمیٹ لے، میرے اللہ۔۔ مجھ سے اسے یوں تکلیف میں دیکھا نہیں جاتا۔
آخری جملے پر اس کی آواز دھیمی پڑ گئی۔
عجیب بات تھی، جس لڑکی کی نظروں میں وہ قاتل تھا، اسی کے سکون کے لیے اس نے اپنے رب کے حضور ہاتھ اٹھا رکھے تھے۔
پھر اس نے اپنے ہاتھ چہرے پر پھیر لیے۔
اس رات اس نے ایک فیصلہ کر لیا تھا۔
چاہے اسے اپنی بھولی ہوئی زندگی کا ہر ورق درد کے ساتھ ہی کیوں نہ پڑھنا پڑے، وہ پڑھے گا ضرور۔
پھر وہ وہیں جائے نماز پر پہلو کے بل لیٹ گیا۔ سر میں اٹھتا درد اب پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہو چکا تھا۔ اس نے آنکھیں موند لیں۔ شاید تھکن، درد اور ذہنی کشمکش نے بالآخر اسے اپنی گرفت میں لے لیا تھا۔
کچھ ہی دیر میں وہ جائے نماز پر ہی نیند کی آغوش میں چلا گیا۔
+++++++++++++++
مٹی سے اٹے ایک کچے راستے پر دو بچے بھاگ رہے تھے۔ ایک آگے آگے پوری رفتار سے دوڑ رہا تھا، جبکہ دوسرا اسے پکڑنے کی کوشش میں اس کے پیچھے بھاگتا چلا آ رہا تھا۔ دونوں کے چہروں پر شرارت اور خوشی کے رنگ بکھرے ہوئے تھے۔
اچانک پیچھے بھاگتے بچے کا توازن بگڑا اور وہ منہ کے بل مٹی میں جا گرا۔
اس کے ہونٹ پر معمولی سی چوٹ آئی تھی، جہاں سے خون کی ایک ہلکی سی لکیر نمودار ہونے لگی۔
آگے بھاگنے والا بچہ فوراً پلٹا اور تیزی سے واپس اس کے پاس آیا۔
ٹھیک ہو؟
اس نے اپنے گھٹنے سے مٹی جھاڑتے ہوئے جواب دیا۔
ہاں، ٹھیک ہوں میں۔
دوسرے بچے نے اپنی قمیص کا دامن پکڑا اور اس کے ہونٹ پر لگا خون صاف کرنے لگا۔ مگر اس نے فوراً اس کا ہاتھ تھام لیا۔
بس، رہنے دو.. ٹھیک ہے۔
تو دوسرے بچے نے اپنا ہاتھ پیچھے کرتے شرارت سے مسکراتے ہوئے بولا۔
اب مانتے ہو نا کہ تم مجھے پکڑ نہیں سکتے؟
اُس نے بےبسی سے سر ہلایا۔
ہاں بھائی، مان گیا۔ اب بس یہاں بیٹھ جاؤ۔
وہ کہتا وہیں مٹھی میں بیٹھ گیا۔۔۔
وہ اُسے ایسے بیٹھتے دیکھ کُچھ فکرِ مندی سے اور کُچھ خوف سے بولا
غصہ کریں گی تُمہاری امی! پھر سے مٹی میں بیٹھ گئے ہو تم۔
اس نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اپنے ساتھ ہی زمین پر بٹھا لیا۔
بیٹھ جاؤ، کچھ نہیں ہوتا۔ ایک نمبر کے ڈرپوک ہو تم۔۔۔
دوسرا بچہ بھی خاموشی سے اس کے پہلو میں بیٹھ گیا۔ کچھ لمحے دونوں یوں ہی سامنے پھیلے میدان کو دیکھتے رہے، پھر اچانک دوسرے بچے نے اپنے ساتھی کی طرف رخ کرکے پوچھا۔
اچھا، بڑے ہو کر کیا بنو گے؟
اس نے جیسے اسی سوال کا انتظار کر رکھا تھا۔ فوراً جوش سے سیدھا ہو بیٹھا۔
بزنس مین! اپنا نام بناؤں گا، پوری دنیا گھوموں گا۔ میں نا، دنیا دیکھنا چاہتا ہوں۔ ایک ایک ملک، ایک ایک جگہ، ہر چیز ایکسپلور کرنا چاہتا ہوں۔
اس کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک تھی، جیسے وہ ابھی سے اپنی خوابوں کی دنیا میں پہنچ چکا ہو۔
پھر اس نے اپنے ساتھی کو کہنی مارتے ہوئے پوچھا۔
اور تم؟ تم بڑے ہو کر کیا بنو گے؟
دوسرے بچے نے بنا کسی توقف کے جواب دیا۔
جہاں تم، وہاں میں۔ تم جو کرو گے، میں بھی وہی کروں گا۔
وہ اس جواب پر مسکرا دیا۔
مجھے کاپی کرو گے؟
دوسرے بچے نے فوراً زور زور سے سر ہلایا۔
اس کی اس معصوم سی حرکت پر وہ بےاختیار ہنس پڑا۔
اور کیا چاہتے ہو زندگی میں؟
اور… دنیا کے سارے ملکوں کی سیر کرنا چاہتا ہوں۔ وہاں کے سارے کھانے کھانا چاہتا ہوں۔ مزے مزے کی ڈشز۔
ایک ایک چیز چکھنی ہے مجھے۔
اس نے بڑے شوق سے اپنی خواہش بیان کی۔
دوسرا بچہ بھی فوراً بول اٹھا۔
میں بھی۔۔
پھر دنیا کے سارے ملک گھومنے کے بعد جس ملک کو سب سے زیادہ پسند کروں گا نا، وہیں رہنے لگوں گا۔
میں بھی۔۔۔
اس نے ایک لمحے کے لیے اسے دیکھا، پھر اپنا ہاتھ اٹھا کر اس کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی۔
اپنا بھی کچھ بول لیا کرو! ہر بات پر میں بھی، میں بھی۔۔۔
دوسرا بچہ معصومیت سے اسے دیکھنے لگا۔
میں کیا بولوں؟ پھر کچھ سوچ کر فوراً سوال کیا۔ اچھا، اپنی کمپنی کا نام کیا رکھو گے؟
وہ ایک لمحے کے لیے سوچ میں پڑا، پھر پورے اعتماد سے بولا۔
بلیک روز۔۔۔
دوسرے بچے نے نام دہراتے ہوئے اسے دیکھا۔
بلیک روز؟
ہاں! بلیک روز۔
کاروبار کر لو گے؟
اس نے فوراً گردن موڑ کر اسے گھورا۔
کیوں؟ تمہیں میری ذہانت پر شک ہے؟
اس کے لہجے میں ایسی سنجیدگی تھی کہ دوسرا بچہ اپنی ہنسی نہ روک سکا۔
اور وہ اسے ہنستا دیکھ کر خود بھی مسکرا دیا۔
دوسرا بچہ کچھ لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر اچانک جیسے اسے ایک نیا خیال سوجھا ہو، خوشی سے بولا۔
اچھا! جب تم اپنی کمپنی کھولو گے نا تو میں وہاں کا سی ای او بنوں گا۔
اس نے فوراً اس کی طرف دیکھا۔
اچھا جی؟
ہاں! بناؤ گے مجھے اپنی کمپنی کا سی ای او؟
وہ کچھ دیر اسے دیکھتا رہا، پھر شرارت سے مسکراتے ہوئے بولا۔
ہاں، ہاں! اگر ابھی امتحان میں اچھے نمبر آ گئے تو۔
دوسرے بچے نے فوراً تیوری چڑھائی۔
ابھی کے امتحان کے نمبروں پر تم مجھے مستقبل کی سی ای او والی پوسٹ کے لیے جج کرو گے؟
ہاں! مجھے امتحان میں فیل ہونے والا سی ای او نہیں چاہیے۔
اس کی بات پر دوسرا بچہ بےاختیار ہنس دیا۔ اس کی ہنسی ابھی فضا میں گونج ہی رہی تھی کہ اچانک دور سے ایک بھاری آواز سنائی دی
حنان۔۔۔ نومی…
دونوں بچوں کے چہرے ایک دم سنجیدہ ہو گئے۔
نومی نے گھبرا کر امن کی طرف دیکھا اور دھیمی آواز میں بولا۔
گئے کام سے! تُمہارے پاپا نے ہمیں اس حالت میں دیکھ لیا نا تو سیدھا امی کے پاس شکایت لگائیں گے، پھر ہماری پٹائی پکی….
اس کے لہجے میں ایسی گھبراہٹ تھی جیسے کوئی بہت بڑا جرم کرتے ہوئے پکڑے گئے ہوں۔
مگر امن کے چہرے پر خوف کا نام و نشان تک نہ تھا۔ اس نے بےفکری سے بلند آواز میں جواب دیا۔
یہاں ہیں ہم، پاپا….
نومی نے فوراً اس کا بازو پکڑ کر اسے گھورا، پھر اُس نے فوراً اپنی قمیص سے مٹی جھاڑنے کی ناکام کوشش کی، جبکہ امن بڑے اطمینان سے وہیں بیٹھا رہا۔
چند ہی لمحوں بعد ان کے والد ان کے قریب آ پہنچے۔ دونوں کو سر سے پاؤں تک مٹی میں اٹا دیکھ کر ان کے ماتھے پر بل پڑ گئے۔
یہ کیا حالت بنا رکھی ہے تم دونوں نے؟ کتنی بار منع کیا ہے کہ زمین پر مت بیٹھا کرو، مگر تم لوگوں کے کانوں پر تو جوں تک نہیں رینگتی۔۔۔
نومی نے فوراً نظریں جھکا لیں، مگر امن نے معصومیت سے اپنے والد کو دیکھا۔
پاپا، ہم تو بس کھیل رہے تھے۔
کھیل رہے تھے یا مٹی میں لوٹ پوٹ ہو رہے تھے؟ اور یہ تمہارے ہونٹ پر خون کیسے لگا ہے؟
امن نے بےاختیار اپنا ہونٹ چھوا۔
وہ بس تھوڑا سا گر گیا تھا۔
مرتضیٰ صاحب نے اس کا بازو تھام کر اسے کھڑا کیا اور قدرے سخت لہجے میں بولے۔
تمہیں اپنی فکر نہیں تو کم از کم اپنے دوست کا ہی خیال کر لیا کرو۔۔ ہر وقت اسے بھی اپنے ساتھ مصیبت میں ڈالے رکھتے ہو۔
امن نے نومی کی طرف دیکھا، پھر فوراً صفائی پیش کی۔
پاپا! یہ تو خود میرے پیچھے بھاگ رہا تھا۔
بس بہت ہو گیا۔۔۔ اب گھر چلو۔
نومی نے امن کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے پر صاف لکھا تھا کہ اب تو پٹائی یقینی ہے۔
امن ابھی اپنے دفاع میں کچھ کہنے ہی والا تھا کہ ان کے والد نے اس کا کان پکڑ کر ہلکا سا کھینچا۔
پھر ان دونوں کے ہاتھ پکڑے اور انہیں اپنے ساتھ گھر کی طرف لے جانے لگے۔
مگر امن کہاں اتنی آسانی سے قابو آنے والا تھا۔۔۔
اس نے اچانک اپنا ہاتھ چھڑوایا اور پوری رفتار سے آگے کی طرف بھاگ کھڑا ہوا۔
حنان۔۔۔
والد صاحب نے غصے سے اسے گھورا۔
بھگو مت! واپس آؤ ادھر۔۔۔
ان دونوں سے دور کچھ فاصلے پر جا کر پلٹا اور دونوں ہاتھ کمر پر رکھ کر بلند آواز میں بولا۔
کان کیوں کھینچا؟
والد صاحب نے حیرت اور غصے سے اسے دیکھا۔
ایک تو غلطی بھی کرو اور میں تمہیں ڈانٹوں بھی نہیں؟
امن نے فوراً گردن اکڑا کر جواب دیا۔
نہیں! دادا کہتے ہیں میں امن ہوں، مجھے ڈانٹنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ اور میں ڈانٹ کھانے کے لیے نہیں، حکومت کرنے کے لیے پیدا ہوا ہوں۔۔۔
اس کے اعتماد کا یہ عالم تھا کہ جیسے واقعی کسی سلطنت کا شہزادہ ہو۔
والد صاحب بس اسے گھورے جا رہے تھے۔ ان کے چہرے پر غصے کے آثار نمایاں تھے، مگر نومی نے معصومیت سے درمیان میں بولنے کی غلطی کر دی۔
لیکن بزنس مین کسی پر حکومت تھوڑی کرتے ہیں۔۔
امن نے فوراً اس کی طرف دیکھا، پھر دو قدم آگے بڑھ کر پورے اعتماد سے بولا۔
کرتے ہیں نا! اپنی کمپنی میں۔۔۔
والد صاحب کے چہرے پر ایک لمحے کے لیے غصہ برقرار رہا، مگر پھر نہ جانے کیا ہوا کہ ان کے لبوں پر بےاختیار مسکراہٹ پھیل گئی۔
انہوں نے سر جھٹکا اور امن کو دیکھتے ہوئے کہا۔
ایسے ہی تُم دادا کی باتوں کا غلط مطلب نکلتے ہی رہا کرو۔۔۔ اچھے لگتے ہو۔۔۔
امن اور نومی دونوں نے بیک وقت ناسمجھی سے اپنے والد کی طرف دیکھا۔
کیا مطلب؟ امن نے فوراً پوچھا۔
والد صاحب نے مسکراہٹ دباتے ہوئے جواب دیا۔
اس کا مطلب اپنی امی سے پوچھنا۔ تم دونوں کے لیے فرائز بنائی ہیں تمہاری امی نے۔
فرائز کا نام سنتے ہی نو سالہ امن کی ساری اکڑ ہوا ہو گئی۔ وہ جو ابھی چند لمحے پہلے اپنی سلطنت قائم کرنے کے دعوے کر رہا تھا، فوراً دوڑتا ہوا واپس اپنے والد کے پاس آ گیا۔
سچ میں؟ فرائز بنائی ہیں؟
والد صاحب نے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔
جی جناب! اب چلیں؟
نومی! جلدی آؤ، ورنہ میں سارے کھا جاؤں گا۔۔۔
وہ نومی کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھا تو تینوں کے قہقہے فضا میں بکھر گئے۔
مگر پھر…۔اچانک کہیں سے شیشے ٹوٹنے کی آواز آئی۔
امن کے قدم وہیں رک گئے۔
اس نے پلٹ کر دیکھا تو منظر دھندلانے لگا تھا۔ والد صاحب کا مسکراتا چہرہ آہستہ آہستہ دھوئیں میں چھپ رہا تھا۔
پاپا؟ اس نے ایک قدم آگے بڑھایا۔
پاپا، آپ کہاں جا رہے ہیں؟
مگر اس بار کوئی جواب نہیں آیا۔
اس کے کانوں میں ایک عجیب سی گونج ابھری، جیسے کوئی بہت دور سے اسے پکار رہا ہو۔
امن۔۔۔ بھاگو۔۔۔
اس کے چہرے سے مسکراہٹ غائب ہو گئی۔
نومی؟
اگلے ہی لمحے زمین اس کے قدموں تلے سے کھسکنے لگی۔ اس نے اپنے والد کی طرف ہاتھ بڑھایا، مگر ان کا وجود دھوئیں کی طرح بکھرنے لگا۔
پاپااا۔۔۔
ایک زوردار دھماکے نے پورے منظر کو چیر کر رکھ دیا۔
اور پھر ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔
اس کا جسم ایک جھٹکے سے حرکت میں آیا۔ پیشانی پسینے سے تر تھی، سانسیں بےترتیب اور آنکھیں خوف سے پھیلی ہوئی تھیں۔
وہ جاگ چکا تھا۔
امن نے دیوار پر لگی گھڑی کی جانب نگاہ اٹھائی تو رات کے تین بج رہے تھے۔
کمرے میں گہری خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ خواب کا وہ منظر اب بھی اس کی آنکھوں کے سامنے کسی دھندلی تصویر کی مانند تیر رہا تھا۔ والد صاحب کا مسکراتا چہرہ، نومی کی شرارتیں، بچپن کی بےفکری اور وہ چھوٹی چھوٹی خواہشیں۔۔۔ سب کچھ اتنا مانوس تھا، جیسے یہ یادیں کبھی اس کے وجود کا حصہ رہی ہی نہ ہوں، بلکہ ابھی ابھی اس کے سامنے سے گزر کر گئی ہوں۔
وہ آہستگی سے جائے نماز سے اٹھا، اسے تہہ کیا اور بیڈ پر آ کر بیٹھ گیا۔ چند لمحے وہ خاموشی سے اپنے ہاتھوں کو دیکھتا رہا، پھر اس کی نگاہیں خلا میں کہیں ٹھہر گئیں۔
میں بچپن میں بزنس مین بننا چاہتا تھا؟
اس کے ذہن میں ایک سوال ابھرا۔
دنیا گھومنا چاہتا تھا؟ ہر ملک دیکھنا، وہاں کے کھانے چکھنا اور اپنی مرضی سے کسی ایک ملک میں جا کر رہنا چاہتا تھا؟
اس کے لبوں پر انجانے میں ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔
اور مجھے بچپن میں فرائز بھی پسند تھیں؟
وہ چند لمحے اسی خیال میں گم رہا۔ اسے حیرت ہو رہی تھی کہ اس کے اپنے بچپن کی اتنی معمولی سی خواہشیں بھی اس کے لیے اجنبی بن چکی تھیں۔ جیسے کسی نے اس کی زندگی کی کتاب سے چند ابتدائی صفحات پھاڑ دیے ہوں اور اب وہ باقی کہانی پڑھتے ہوئے ان گمشدہ سطروں کا مطلب تلاش کر رہا ہو۔
پھر اس نے ایک گہری سانس لی اور خود ہی اپنے خیال کو جھٹک دیا۔
خیر۔۔۔ بچپن کے خواب بھی بھلا کبھی پورے ہوتے ہیں؟
اس نے قدرے بےنیازی سے سر جھٹکا۔
بچپنا تھا۔ بچپن میں تو انسان نہ جانے کتنے ہی خواب دیکھتا ہے۔ کبھی آسمان چھونے کی خواہش، کبھی دنیا فتح کرنے کا جنون، اور کبھی ایسی ایسی منزلوں کے خواب جن کا راستہ بھی معلوم نہیں ہوتا۔
وہ بھی شاید بچپن میں ایسی ہی خواہشیں رکھتا ہوگا۔۔۔
امن کے لبوں پر ایک مدھم سی مسکراہٹ ابھری، مگر اگلے ہی لمحے اس کی نگاہیں بجھ سی گئیں۔
پھر اسے اچانک فرائز کا خیال آیا تو اس نے بےاختیار سر جھٹکا۔
اور فرائز۔۔۔؟
اس نے اپنے ہونٹ بھینچ لیے۔ اب تو اُسے ایسی چیزیں بالکل پسند نہیں۔
وہ چند لمحے خاموش بیٹھا رہا۔ عجیب بات تھی، بچپن میں اُسے وہ چیزیں پسند تھی جن سے اب اسے کوئی رغبت نہیں تھی۔ شاید وقت صرف انسان کی شکل و صورت ہی نہیں بدلتا، اس کی پسند، ناپسند اور خواہشوں کو بھی اپنے ساتھ کہیں دور لے جاتا ہے۔
+++++++++++++++
جاری ہے۔۔۔۔
