Girdaab Episode 24 written by siddiqui


گرداب ( از قلم صدیقی)

قسط نمبر ۲۴

امل لائبریری جانے سے پہلے ایک طرف ہٹ کر کھڑی ہوئی اور ہنزہ کے فون سے تانیہ کا نمبر ملایا۔ ایک بار۔۔۔ دوسری بار۔۔۔ مسلسل کال کرتی رہی، مگر دوسری طرف سے کوئی جواب نہ آیا۔ آخر کئی بار کی گھنٹیوں کے بعد تانیہ نے فون اٹھا ہی لیا۔
ہیلو۔۔۔  کون۔۔۔
امل نے فوراً پوچھا۔
کہاں ہو؟
آواز سے تانیہ پیچان گئی۔۔۔کہ دوسری طرف امل بات کر رہی ہے۔۔۔
میں آپ ہی کو ڈھونڈ رہی ہوں۔
اچھا، کینٹین میں آ جاؤ۔
یہ کہہ کر امل نے کال منقطع کر دی اور کینٹین کی طرف بڑھ گئی۔ وہاں ایک میز پر بیٹھ کر وہ تانیہ کا انتظار کرنے لگی۔
کچھ ہی دیر گزری تھی کہ اسے سامنے سے تانیہ آتی دکھائی دی۔ مگر اس کی نگاہ تانیہ پر نہیں، اس کے ہاتھ میں پکڑے بیگ پر جا ٹھہری۔
امل کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔ وہ تو اس کا اپنا بیگ تھا۔۔۔
تانیہ قریب پہنچی تو امل نے فوراً سوال کیا۔
یہ تمہارے پاس کہاں سے آیا؟
تانیہ نے بیگ اس کی طرف بڑھاتے ہوئے جواب دیا۔
مجھے کلاس میں پڑا ملا۔
کیا مطلب؟
میں کلاس سے باہر کھڑی آپ کا انتظار ہی کر رہی تھی۔ جب سارے اسٹوڈنٹس کلاس سے نکل گئے تو میں اندر آنے ہی والی تھی کہ آپ کی کسی کلاس فیلو نے پیچھے سے مجھے آواز دی۔ اس نے بتایا کہ آپ واش روم کی طرف گئی ہیں۔
میں سیدھی واش روم کی طرف چلی گئی، لیکن وہاں آپ نہیں تھیں۔ پھر واپس کلاس میں آئی اور آپ کو ڈھونڈنے لگی تو وہاں بس آپ کا بیگ پڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد تو میں پاگلوں کی طرح پوری یونیورسٹی میں آپ کو ڈھونڈتی پھر رہی تھی۔
امل نے اسے مشکوک نظروں سے گھورا۔
تم باڈی گارڈ نہیں ہو نا؟
تانیہ حیرانی سے اُسے دیکھنے لگی۔۔
نہیں، نہیں! ہوں۔۔۔ کیا؟
امل نے اس کی بات کاٹ دی۔
کس نے بنا دیا تمہیں باڈی گارڈ؟ باڈی گارڈ بن گئی بس گن چلنے آتا ہے چالاکی تو ہے ہی نہیں کوئی تُم میں، کوئی تمہیں پیچھے سے آواز دے کر بولی، اور تُم نے مُجھے دیکھا نہیں جاتے، اور اُس کی بات سن لی۔۔۔ تمہیں پتہ ہے ریپر کی نظر ہے مُجھے پر۔۔۔جہاں کوئی میرے آس پاس نہیں ہوتا وہ پہنچ جاتے۔۔۔
تانیہ نے ندامت سے اسے دیکھا۔
مجھے اس بات کا اندازہ نہیں تھا۔ سوری۔۔۔
امل نے بے صبری سے پوچھا۔
اچھا، اب یہ بتاؤ کہ کون سی لڑکی تھی جس نے تمہیں آواز دی تھی؟ اس کے پاس چل کر پوچھتے ہیں۔
تانیہ نے کچھ یاد کرنے کی کوشش کی، پھر بے بسی سے سر ہلا دیا۔
مجھے اس کا نام نہیں معلوم۔
امل نے جھنجھلا کر ہاتھ آگے بڑھایا۔
چھوڑو، بیگ دو مجھے۔ میرا۔۔۔
اس نے تانیہ کے ہاتھ سے بیگ لیا اور فوراً اس کے اندر موجود سامان کا جائزہ لینے لگی۔ اوپر اوپر سے ہر چیز کو دیکھنے کے بعد اس کی نظر کیمسٹری کے چھٹے چیپٹر کے نوٹس پر پڑی۔
اس نے جلدی سے نوٹس نکالے اور کھول کر دیکھنے لگی۔
اگلے ہی لمحے اس کی نگاہیں صفحات پر جم گئیں۔
وہی نوٹس تھے۔۔۔ مگر اب ان کی حالت پہلے جیسی نہیں تھی۔ جن جن جگہوں سے امل نے صفحات پھاڑے تھے، وہ صفحات نوٹ بک سے الگ ہو چکے تھے، وہ ویسے ہی سمیٹ گئے تھے اور جو پیج بیچ سے پھٹے تھے، انہیں ٹیپ کی مدد سے دوبارہ جوڑ دیا گیا تھا۔
امل نے حیرت سے ایک صفحے پر انگلی پھیری۔
صفحات پہلے جیسے تو نہیں تھے، مگر اس پر لکھے تمام سوالات اور جوابات اپنی جگہ موجود تھے۔ کہیں کوئی تحریر غائب نہیں تھی، کہیں کوئی حصہ نامکمل نہیں تھا۔
اس نے ایک ایک صفحہ پلٹ کر دیکھا۔ ہر سوال، ہر جواب، ہر نوٹ اپنی جگہ محفوظ تھا۔
امل کی حیرت بڑھتی جا رہی تھی۔
یہ سب آخر کس نے کیا تھا؟
پھر امل نے اپنے ذہن میں ابھرتے خیال کو جھٹکا اور نوٹس سے نظریں اٹھا کر تانیہ کو دیکھا۔
تمہیں لکھنا آتا ہے؟
تانیہ نے حیرت سے اسے دیکھا۔
کیا؟
یہ لو۔۔۔
امل نے نوٹس اس کی طرف بڑھا دیے۔
یہ جو صفحات خراب ہیں، انہیں دیکھ کر آگے دوسرے صفحے پر اتار دو۔
تانیہ نے حیرانی سے امل کو دیکھا، پھر اس کے ہاتھ میں پکڑے نوٹس پر نگاہ ڈالی۔
میں باڈی گارڈ ہوں، یہ میرا کام نہیں۔
امل نے اسے گھورا۔۔۔
کرو، نہیں تو بھائی کو بتا دوں گی۔
کیا بتائیں گی؟
یہی کہ تم مجھے چھوڑ کر واش روم کے چکر لگا رہی تھیں۔ اور باقی سب بھی۔۔
باڈی گارڈ والے کام تو تم سے ہوتے نہیں، یہی کرلو۔۔ مُجھے کُچھ تو فائدہ ہو تُمہارا ہونے کا۔۔۔
تانیہ نے بے چارگی سے امل کو دیکھا، پھر نوٹس کے ان پھٹے ہوئے صفحات کی طرف نگاہ کی جنہیں ٹیپ لگا کر جوڑا گیا تھا۔
لیکن یہ تو ٹھیک ہی ہیں۔ صاف صاف نظر آ رہا ہے کہ ان پر کیا لکھا ہے۔
امل نے فوراً جواب دیا۔
اوہ! یہ تو اور بھی اچھی بات ہے۔ مجھے تو بالکل سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا لکھا ہے۔ تمہیں نظر آ رہا ہے نا؟ جلدی سے اسے کاپی کر لو۔
نہیں، نہیں! میرا وہ مطلب نہیں تھا۔۔۔
تانیہ نے وضاحت کرنے کی کوشش کی، مگر امل نے اس کی بات کاٹ دی۔
کر رہی ہو یا نہیں؟
تانیہ نے بے بسی سے ایک نظر اسے دیکھا، پھر ہار مانتے ہوئے بولی۔
اچھا، لائیں۔۔
اس نے نوٹس اپنی طرف کھینچ لیے۔
امل نے فوراً ایک اور فرمائش کر دی۔
اور لاؤ، اپنا فون بھی دو۔
تانیہ نے چونک کر اسے دیکھا۔
کیوں؟
مجھے ریپر کو گالیاں دینی ہیں۔
تانیہ کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔
ہیں؟!
دو بھی۔۔۔
امل نے ہاتھ آگے بڑھایا۔
میں اپنا فون کیوں دوں؟ آپ کے پاس اپنا فون ہے نا۔۔
نہیں، میں اپنے فون سے کروں گی تو میرا نیا نمبر بھی ریپر کے پاس چلا جائے گا اور میں پھنس جاؤں گی۔ اسی لیے تم اپنا فون دو۔
تانیہ نے فوراً اعتراض کیا۔
تو میں بھی پھنس سکتی ہوں۔۔
امل نے اسے گھورا۔
ہاں تو تم باڈی گارڈ ہو، میں نہیں! دو بھی! پتا نہیں کس نے تمہیں باڈی گارڈ بنا دیا ہے۔
تانیہ نے بے بسی سے ایک گہری سانس لی۔
امل بی بی۔۔ بڑی ہو جائیں، یہ سب بچوں والی حرکتیں ہیں۔
امل نے فوراً اسے گھورا۔
ٹھیک ہے، ٹھیک ہے۔ تم آج گھر چلو۔۔۔
تانیہ کے دل میں اپنی نوکری جانے کا خوف جاگا۔ اس نے فوراً اپنی جیب سے فون نکالا اور خاموشی سے امل کی طرف بڑھا دیا۔
اچھا، ٹھیک ہے۔۔۔ یہ لیں۔۔
امل نے فون ہاتھ میں لیتے ہوئے جھنجھلا کر کہا۔
ہنہ! آئے دن تو مجھے تمہارا باڈی گارڈ بن کر تمہیں ڈھونڈنا پڑتا ہے۔
پھر اس نے فون کی اسکرین روشن کی تو سامنے تانیہ کی تصویر جگمگا اٹھی۔ تصویر میں وہ بندوق کا نشانہ لیے کھڑی تھی۔ چھوٹے چھوٹے بالوں کو جوڑے میں باندھے، چہرے پر سخت تاثرات سجائے، سیدھا کیمرے کی طرف دیکھ رہی تھی۔
امل چند لمحے تصویر کو دیکھتی رہی۔ اسے تانیہ کی یہ تصویر خاصی متاثر کن لگی۔ کوئی اجنبی اسے اس روپ میں دیکھتا تو یقیناً اسے ایک خطرناک لڑکی سمجھتا، مگر امل جانتی تھی کہ اس تصویر کے پیچھے کتنی بھولی بھالی باڈی گارڈ چھپی بیٹھی ہے۔
کچھ آتا جاتا نہیں، بس ایکشن صحیح مارنے آتا ہے۔۔
اس نے زیرِ لب بڑبڑاتے ہوئے فون کو دیکھا، جبکہ دوسری طرف تانیہ منہ بسورے اس کے نوٹس لکھنے میں مصروف تھی۔
امل نے اپنے ذہن پر زور دیا۔ پھر اچانک اسے ایک خیال آیا تو اس نے تانیہ کو مخاطب کیا۔
اٹھو یہاں سے۔
تانیہ نے چونک کر سر اٹھایا۔
کیا؟
میں کہہ رہی ہوں اٹھو یہاں سے۔ ہم کینٹین میں بیٹھے ہیں، چلو۔۔
یہ کہتے ہوئے امل نے جلدی جلدی اپنا سامان سمیٹا۔ تانیہ بھی نوٹس سنبھالتی ہوئی اس کے پیچھے چل دی۔
پھر  اس نے ذہن پر زور ڈالتے ہوئے وہ نمبر یاد کیا جو ریپر نے سڑک پر کھڑے تمام باڈی گارڈز کو ایک ایک کرکے بتایا تھا۔ نمبر یاد آتے ہی اس نے فوراً فون پر ملایا۔
اُس نے نمبر یاد کر کے کال ملائی بھی تو ریپر کو گلی دینے کے لیے۔۔۔
پہلی ہی گھنٹی پر دوسری طرف سے کال اٹھا لی گئی۔
ہیلو!
ریپر کی آواز سنائی دی تو امل نے فوراً فون کے اسپیکر پر ہاتھ رکھا اور تانیہ کی طرف جھک کر دھیمی آواز میں بولی۔
کیسے گینگسٹر ہیں یہ؟ کسی بھی انجان نمبر سے کال آئی اور ایک ہی رنگ میں اٹھا لیا۔۔۔
تانیہ نے اسے دیکھا، پھر بے بسی سے اپنے کندھے اچکا دیے۔
امل نے دوبارہ فون کان سے لگایا تو دوسری طرف سے ریپر کی آواز ابھری۔
تم مجھے کال کرکے کب سے تنگ کرنے لگی، گریملن؟
امل کا منہ حیرت سے کھل گیا۔ اس نے کیسے پہچان لیا؟
اُس نے دِل ہی دل میں سوچا۔۔۔ پھر سر جھٹک کر اس خیال کو ذہن سے جھٹک دیا… اور غصّہ سے بولی۔۔۔
آپ نے ایسا کیوں کیا؟
امل ابھی اتنا ہی کہہ پائی تھی کہ تانیہ نے نوٹس سے سر اٹھا کر اسے دیکھا اور نہایت سنجیدگی سے بولی۔
اتنے پیار سے پوچھو گی تو دوسری طرف سے جان حاضر ہو جائے گی۔
امل نے غصے سے اسے گھورا۔
تم اپنا کام کرو۔۔۔ صرف تیس منٹ ہیں تمہارے پاس۔ اس کے بعد میری کلاس ہے۔ کام نہیں ہوا نا تو تمہیں نہیں چھوڑوں گی، میں۔۔۔
دوسری طرف سے ریپر کی آواز پھر ابھری۔
کس معصوم پر اس طرح رعب جھاڑ رہی ہو؟ مجھ سے سیکھ رہی ہو کیا، گریملن؟
امل کے چہرے پر ناگواری پھیل گئی۔
آپ ایک دم چپ کریں۔۔۔ وہ غصے سے بولی۔
کیا اسے واقعی لگتا تھا کہ اس کے غصہ کرنے کا ذرا بھی اثر اس درندے پر پڑے گا…
اور میں پوچھ رہی ہوں، آپ نے مجھے دھوکہ کیوں دیا…؟؟ اس کے لہجے میں شدید برہمی تھی۔
امل کے ایسے بولنے پر تانیہ نے ایک بار پھر سر اٹھا کر اسے حیرت سے دیکھا۔ وہ کچھ کہنے ہی لگی تھی کہ امل نے اسے گھور کر دیکھا اور اپنا جیومیٹری باکس اس کی طرف پھینکا۔ تانیہ نے جلدی سے اسے پکڑا اور پھر سر دوبارہ نوٹس پر جُھکا لیا۔۔۔
دھوکہ، فریب، بس یہی سب دینا آتا ہے نا آپ کو… کیسا لگے گا جب کوئی آپ کو دھوکہ دے؟ وہی سب جو آپ لوگ دوسروں کے ساتھ کرتے ہیں، کوئی آپ کے ساتھ کرے تو؟؟ دل نہیں ہے آپ کے سینے میں…؟
ریپر کی آواز بے حد پرسکون تھی۔ نہیں، پتھر ہے۔
نکال کر پھینک دیجیے… نہیں تو خود کو کسی پنجرے میں قید کر کے رکھ لیجیے… ایک جنگلی جانور کی طرح، جنگلی جانور ہیں آپ…
اس کی آواز میں غصے کے ساتھ ایک عجیب سی نفرت بھی شامل ہو گئی تھی۔
ایک دفعہ دیکھیے گا، بس ایک دفعہ آپ میرے بھائی کے ہاتھ لگ گئے نا، تو دیکھئے گا بھائی آپ کا کیا حال کریں گے۔۔ بھائی آپ کا بہت برا حال کر دیں گے۔۔ اس دن آپ کو اپنے ہر کیے کا حساب ایک ہی رات میں دینا ہوگا… اور وہ رات آپ کی زندگی کی سب سے لمبی رات ہوگی۔ آپ چاہیں گے سورج نکل آئے، مگر سورج کو بھی آپ پر ترس نہیں آئے گا…
اس کی آواز کانپ رہی تھی، مگر انگلیاں فون کو یوں بھینچے ہوئی تھیں جیسے وہ کوئی ہتھیار ہو۔ دوسری طرف خاموشی تھی… ایسی خاموشی جس میں سانس کی آواز بھی سنائی نہیں دیتی..
آپ بہت روئیں گے، پچھتائیں گے… موت کی بھیک مانگیں گے… معافی کی بھیک مانگیں گے،  لیکن اس وقت کوئی سننے والا نہیں ہوگا آپ کا… آپ بھائی سے معافی مانگنے گے لیکن بھائی کبھی آپ کو معاف نہیں کریں گے…
امل مُسلسل غصے سے بولی جارہی تھی اور دوسری طرف مُسلسل خاموشی تھی۔۔۔
آپ ان دنوں صحیح معنوں میں برباد ہو جائیں گے… سکون کو ترسیں گے، لیکن سکون نہیں ملے گا آپ کو… ایک ایک لمحہ گھٹ گھٹ کر گزرے گا…
ابھی جو روشنی آپ کو بری لگتی ہے اُس وقت جب ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہوگا۔۔ اور تب آپ روشنی کو ترسے گے۔۔
دوسری طرف سناٹا اتر آیا۔ ایسا سناٹا جس میں لائن کی سرسراہٹ بھی صاف سنائی دے رہی تھی۔
لیکن ابھی بھی وقت ہے، اپنے آپ کو اس راستے سے واپس کھینچ لیجیے۔ شاید ہم آپ کے لیے اپنے دلوں میں کوئی جگہ نہ نکال سکیں، مگر خدا کی رحمت کے دروازے ابھی بند نہیں ہوئے۔
دوسری طرف سے اچانک ریپر کی بھاری آواز ابھری
ابھی میں اگر تمہارے سامنے آ جاؤں تو تم مجھے معاف کر دو گی؟
کبھی نہیں۔۔
لفظ اس کے حلق سے فوراََ نکلے اُسے اس بارے میں ایک لمحہ بھی سوچنا نہیں پڑا۔۔۔
آپ نے میرے سکون میں کیل ٹھونکے ہیں، اور کیل نکل بھی جائے تو لکڑی پر نشان رہ جاتا ہے۔ آپ امل ایمان کی اذیت ہیں، سراسر اذیت… اور اذیت کے گھر کا کوئی دروازہ معافی کی طرف نہیں کھلتا۔
آپ مر جائیے! کیا پتا آپ کے مرنے کے بعد امل ایمان کا دل پگھل جائے… مگر جیتے جی؟ کبھی نہیں! کبھی بھی نہیں۔۔
آپ کے جیتے جی، امل ایمان کے پاس آپ کے لیے ہمیشہ ایک ہی لفظ بچے گا، نہیں، کبھی نہیں۔
اور میرے بھائی… وہ معاف کرنا جانتے ہیں، مگر آپ کے لیے اپنی یہ عادت بھول جائیں گے۔
پھر کیوں پالٹو میں۔۔؟ کس کے لیے پلٹوں؟ جب راستے کے اس پار کوئی آنکھ میری راہ دیکھ ہی نہیں رہی…
یہ جملہ فون کے آر پار یوں اترا جیسے کسی نے بجھتا دیا ہتھیلی پر رکھ دیا ہو۔ امل کے لبوں پر دھرے جُملے ایک لمحے کو رک گئے… مگر ایک ہی لمحے کو۔
تو مت پلٹیے۔۔
اس کی آواز میں برف اتر آئی تھی۔
دفع ہو جائیے… مر جائیے آپ… میرے نہ کردہ گناہ کی سزا ہیں آپ… سن رہے ہیں؟
اس کی آواز اب چیخ میں بدل چکی تھی۔
آپ گھٹیا انسان۔۔ ہماری زندگیوں سے نکل جائیے…
مر جائیے… کہیں چلے جائیے، گم ہوجائیے، دور چلے جائیں۔۔۔ اِتنا دور کہ ہم آپ کو کبھی نہ دیکھ سکیں،
اس نے کھٹ سے فون بند کر دیا۔ اس کی سانس پوری طرح پھول رہی تھی۔ اور انگلیاں فون کو یوں بھینچے ہوئے تھیں جیسے چھوڑ دیں تو وہ خود بکھر جائے گی۔
پھر اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
تانیہ حیرت سے اس کا چہرہ دیکھتی رہ گئی… وہ کیسے چیخ رہی تھی… اور پھر رونے لگی… ایسے ہی تو وہ غصے میں رو دیتی تھی۔
تانیہ نے جلدی جلدی اس کے بیگ سے پانی کی بوتل نکالی اور اس کے آگے کر دی۔
امل نے بوتل سے پانی کا ایک گھوٹ لیا۔۔ اور بھیگتی پلکوں کے ساتھ اس کی طرف دیکھا اور رندھی ہوئی آواز میں بولی۔
پتا ہے ان کی وجہ سے… صرف ان کی وجہ سے میں نے اپنے بھائی کی آنکھوں میں دکھ دیکھا تھا… بے بسی دیکھی تھی… یہ میرے امن بھائی کا سر جھکانا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کا سر ایک خدا کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکا… یہ میرے بھائی کو توڑنا چاہتے ہیں، کیونکہ میرے بھائی ایک خدا کے سوا کسی کے آگے نہیں ٹوٹے…  یہ میرے بھائی کی آنکھوں میں ڈر دیکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ میرے بھائی ایک خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے… یہ میرے بھائی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ میرے بھائی کسی بھی معاملے میں کمزور نہیں پڑتے…
وہ روتی جا رہی تھی اور بولتی جا رہی تھی۔
میرا دل چاہتا ہے میں انہیں مار دوں… اگر مجھے کبھی موقع ملا تو میں انہیں سچ میں مار دوں گی…
پھر اس کی آواز دھیمی پڑ گئی
مجھے ریپر کی طرف سے ڈیتھ نوٹ ملا تھا، جس میں علی بھائی کا نام لکھا تھا… تو میں نے ریپر کا دھیان اپنی طرف اور امن بھائی کی طرف کھینچنے کے لیے یہ سب کیا… تاکہ ان کا دھیان علی بھائی سے ہٹ کر دوبارہ امن بھائی پر چلا جائے… یا مجھ پر آ جائے… اب یہ سب سن کر انہیں غصہ آئے گا، پھر وہ میرے ساتھ اور برا کرنے کا سوچنے لگیں گے… ایسے میں علی بھائی کی طرف سے ان کا دھیان ہٹ جائے گا… میں نہیں چاہتی بلاوجہ ہمارے معاملے میں علی بھائی کو نقصان پہنچ جائے…
تانیہ نے اس کی بات سن کر اثبات میں سر ہلایا۔
ہمم… سمارٹ… ابھی تو اتنا جو تم نے سنایا، وہ تو آگ بگولا ہو رہا ہوگا۔
امل نے آنسو پونچھتے ہوئے سر ہلایا۔
ہاں…
تانیہ نے کچھ توقف کے بعد کہا۔
لیکن اس طرح تم نے علی بھائی کا خطرہ اپنے اوپر لے لیا ہے۔
امل نے بے پروائی سے جواب دیا۔ لے تو لیا ہے…
تو پھر…؟
امل نے اس کی طرف دیکھا۔ اب اُس کے آنسو تھام چُکے تھے۔۔
پہلے کون سا خطرہ نہیں تھا؟ اور ویسے بھی اگر مجھے نقصان پہنچانے کا سوچا بھی تو میرے پیچھے میرے بھائی کھڑے ہیں، پچھلی بار کی طرح اس بار بھی وہ مجھے بچا لیں گے…

+++++++++++++

ہنزہ کو زوبیہ کہیں دکھائی نہیں دی تو وہ حفصہ کے ساتھ صارم سے ملنے آ گئی۔ حفصہ پہلے بھی صارم کو دیکھ چکی تھی، اس لیے وہ اسے پہچانتی تھی اور جانتی تھی کہ وہ کون ہے۔
صارم کینٹین کے دوسرے حصے میں، ایک کونے والی نشست پر براجمان تھا۔ ہنزہ کی نگاہ جب اس پر پڑی تو وہ
وہ دو کرسیاں آپس میں جوڑ کر بیٹھا ہوا تھا۔ ایک کرسی پر نیم دراز انداز میں اس کا وجود پھیلا ہوا تھا، جبکہ دوسری پر اس نے دونوں پاؤں جما رکھے تھے۔ سفید اور ہلکی سیاہ دھاریوں والی شرٹ کے اوپر سیاہ جیکٹ پہن رکھی تھی۔ نیچے سیاہ پینٹ اور شرٹ کی آستینیں کہنیوں تک موڑی ہوئی تھیں، جس سے اس کے مضبوط بازو نمایاں ہو رہے تھے۔ 
گھنے سیاہ بال پیشانی پر بکھرے ہوئے تھے اور آنکھوں پر سیاہ فریم کی عینک تھی۔ دونوں کانوں پر بڑے سائز کے ہیڈفون چڑھے ہوئے تھے۔ وہ دونوں ہاتھوں سے موبائل تھامے بیٹھا تھا، جس کی اسکرین پر جاری کھیل میں اس کی انگلیاں برق رفتاری سے حرکت کر رہی تھیں۔ اس کی نظریں مکمل طور پر فون پر جمی ہوئی تھیں۔ کھیل میں اپنے کردار کی حرکت کے ساتھ وہ کبھی دائیں جانب جھکتا تو کبھی بائیں طرف، جیسے خود بھی اس کھیل کا حصہ بن چکا ہو۔
ہنزہ کچھ فاصلے پر کھڑی اسے حیرت سے دیکھتی رہی۔
یہ ہے صارم؟
حفصہ نے اس کے چہرے کے تاثرات بھانپ کر اثبات میں سر ہلایا،
ہاں، یہی تو ہے۔ دی صارم عمر، دی میتھس ماسٹر۔۔
ہنزہ نے ایک بار پھر اس پر نگاہ ڈالی۔ اس نے ذہن میں صارم کا جو تصور بنا رکھا تھا، وہ اس سے بالکل مختلف تھا۔ اسے تو کوئی پڑھاکو سا لڑکا متوقع تھا؛ نہایت شریف، سیدھا سادہ اور کتابوں میں گم رہنے والا۔ مگر سامنے بیٹھے شخص کو دیکھ کر ان میں سے کسی خوبی کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔
صارم غیر معمولی حد تک خوب صورت تھا۔ وہ کسی فلمی ڈرامے کا یونیورسٹی کا وہ ہینڈسم، باغی مزاج لڑکا لگ رہا تھا جس کے گرد بے شمار لڑکیوں کا ہجوم رہتا ہے، مگر اسے کسی کی موجودگی یا غیر موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ہنزہ نے دھیمی آواز میں کہا۔
مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اس کے پاس جانا چاہیے۔
ارے، چلو بھی! یہ بہت اچھا ہے، گھبراؤ مت۔
کہیں اس نے میری بے عزتی کر دی تو؟
نہیں یار، ایسا کچھ نہیں کرے گا۔ بہت اچھا لڑکا ہے، تم سے کچھ نہیں کہے گا۔ اب چلو بھی۔۔۔
حفصہ نے اس کی ہچکچاہٹ کو خاطر میں لائے بغیر اس کاہاتھ تھاما اور اسے اپنے ساتھ لیے صارم کی نشست کی طرف بڑھ گئی۔
اب وہ دونوں اس کے بالکل قریب کھڑی تھیں۔
صارم کے ساتھ اس کی کلاس کے دو دوست، حسن اور اویس بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ حسن کی نظر دونوں لڑکیوں پر پڑی تو اس نے قدرے حیرت سے پوچھا۔
کیا کام ہے؟
تم سے نہیں، صارم سے کام ہے۔
حسن نے ایک نظر حفصہ کو دیکھا، پھر صارم کی طرف دیکھتے ہوئے بولا۔
پھر سے میتھس لے کر آ گئی ہو؟
نہیں، اس بار میں بات کرنے آئی ہوں۔ میتھس تو میری دوست نے پوچھنی ہے۔
حفصہ نے ہنزہ کی طرف اشارہ کیا، جو اس کے برابر میں کھڑی بے حد گھبرائی ہوئی تھی۔
ایک تو امل بھی اس کے ساتھ نہیں تھی، اوپر سے ہنزہ ویسے بھی کم گو طبیعت کی مالک تھی۔ اپنے قریبی دوستوں کے علاوہ کسی کے سامنے اس کی زبان بمشکل ہی کھلتی تھی۔ اجنبی لوگوں سے بات کرنا اس کے لیے ہمیشہ ایک مشکل مرحلہ رہا تھا، اور اب تو سامنے بیٹھا شخص اس کی توقعات سے بالکل مختلف نکل آیا تھا۔
حسن نے ہنزہ کی طرف دیکھا، پھر اپنے ساتھ بیٹھے صارم کو کہنی سے ہلایا، جو ابھی تک اپنی ہی کھیل کی دنیا میں گم تھا۔ اس کے لیے آس پاس کھڑی دونوں لڑکیوں کی موجودگی سے زیادہ اہمیت اسکرین پر جاری مقابلے کی تھی۔
بھائییی… اووو بھائی! یہ لڑکی…
حسن کی مسلسل آوازوں پر صارم نے بالآخر ایک نظر موبائل سے ہٹا کر حفصہ پر ڈالی۔
رکھ دو کاپی، بنا دوں گا۔
یہ کہہ کر اس نے دوبارہ اپنی توجہ موبائل کی اسکرین پر مرکوز کر لی۔
نہیں، مجھے نہیں بنوانی۔
حفصہ نے فوراً جواب دیا۔
تو پھر کس کو بنوانی ہے؟
اس کی نگاہ بدستور فون پر جمی ہوئی تھی۔
میری دوست کو۔
اچھا، تو اس کی کاپی رکھ دو۔
ابھی تک اسے اس بات میں کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی کہ کون اس سے سوال پوچھنے آیا ہے۔ اس کے لیے یہ محض ایک اور معمول کا کام تھا، جسے وہ کھیل کے دوران بھی نمٹا سکتا تھا۔
مگر تبھی ہنزہ کی دھیمی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی۔ وہ حفصہ کے کان کے قریب منہ لے جا کر سرگوشی میں بولی۔
مجھے نہیں لگتا اسے میتھس آتی بھی ہے…
اس بار صارم کی انگلیاں اسکرین پر چلتے چلتے رک گئیں۔
اس نے آہستگی سے نگاہیں موبائل سے اٹھائیں اور پہلی بار اس لڑکی کو دیکھا جو حفصہ کے ساتھ کھڑی تھی۔
اور پھر… وہ اسے دیکھتا ہی رہ گیا۔
اس کے ہاتھ کی حرکت تھم گئی۔ کھیل میں اس کا کردار شاید اب بھی آگے بڑھ رہا تھا، مگر صارم کی توجہ اسکرین سے مکمل طور پر ہٹ چکی تھی۔
وہ آنکھیں… وہ آنکھیں بالکل امل جیسی۔۔۔تھی۔۔
صراحی دار، سنہری جھلک لیے بلیوں جیسی آنکھیں، جنہیں دیکھ کر ایک لمحے کے لیے اسے گمان ہوا جیسے امل اس کے سامنے آ کھڑی ہوئی ہو۔ اس نے بے اختیار اپنی آنکھیں ملیں، پھر دوبارہ اسے دیکھا، جیسے خود کو یقین دلانا چاہتا ہو کہ وہ کسی خوش فہمی کا شکار نہیں ہوا۔
گوری رنگت، ننھا سا بیبی فیس اور چہرے پر پھیلی معصومیت۔ وہ شکل و صورت سے ہی اتنی چھوٹی دکھائی دے رہی تھی
اس نے آف وائٹ رنگ کا کُرتا پہن رکھا تھا، جس کی کھلی اور قدرے لمبی آستینوں کے کناروں اور دامن پر گلابی اور ہلکے سنہری رنگ کے ننھے ننھے دل بنے ہوئے تھے۔ گلے میں اسی گلابی رنگ کا نرم دوپٹہ تھا، جو دونوں جانب سے پشت پر لہراتا ہوا نیچے تک آ رہا تھا۔ لمبے، گھنے سیاہ بال کھلے ہوئے تھے، جن میں لگا ننھا سا گلابی بو کلپ اس کے حلیے کو مزید معصوم بنا رہا تھا۔ کندھے پر چھوٹا سا آف وائٹ بیگ لٹک رہا تھا اور پاؤں میں سفید پلیٹ فارم شوز تھے۔ ایک ہاتھ میں میتھس کی کتاب تھامے وہ واقعی کسی ننھی سی گڑیا جیسی دکھائی دے رہی تھی۔
اس کا بھائی ایسی ہی تو اسے گڑیا نہیں کہتا تھا۔۔۔ اس کے چہرے کے نقوش بھی تو کسی ننھی سی گڑیا جیسے تھے، اور قد و قامت سے بھی وہ خاصی چھوٹی لگ رہی تھی۔
صارم نے زیرِ لب بڑبڑاتے ہوئے کہا۔
یہ پتا نہیں بچوں کو یونیورسٹی میں داخلہ کون دے دیتا ہے۔۔۔
پھر اس نے موبائل جیب میں ڈالا، کُرسی سے اپنے دونوں پاؤں نیچے زمین پر رکھے، دونوں ہاتھوں سے ہیڈفون کانوں سے اتار کر گردن میں لٹکائے اور ہاتھوں سے اپنے بکھرے بال پیچھے کی طرف سنوارے۔ اب وہ قدرے سیدھا ہو کر بیٹھ چکا تھا۔
ہاں، بتاؤ۔ کیا پوچھنا ہے؟
حفصہ نے ہنزہ کی طرف رخ کیا۔
اب تم پوچھ لو۔
ہنزہ نے پہلے حفصہ کو دیکھا، پھر سامنے بیٹھے صارم کو۔ حسن اور اویس بھی ان دونوں کی طرف متوجہ تھے۔۔۔
ہاں جی، آپ بیٹھ جائیں۔ بتائیے، کیا پوچھنا ہے؟
حسن نے قدرے خوش اخلاقی سے کہا۔
ہنزہ خاموشی سے آگے بڑھی اور اس کرسی پر بیٹھ گئی جس پر صارم نے کچھ دیر پہلے اپنے پاؤں پھیلا رکھے تھے۔ اس نے اپنی کتاب کھولی اور ایک مخصوص سوال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کتاب سَرِیم کی جانب بڑھا دی۔
آپ بس یہ والا میتھس بنا کر دکھا دیں مجھے۔
صارم نے کتاب پر ایک نظر ڈالی، پھر اس کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔
بنا کر دکھا دوں یا سمجھا دوں؟
نہیں، بنا کر دکھا دیں۔ ہنزہ نے نہایت سنجیدگی سے جواب دیا۔
حسن سے رہا نہ گیا۔ وہ فوراً بول پڑا۔
کیوں؟ آپ ٹیچر ہیں یا میرے بھائی کا ٹیسٹ لینے آئی ہیں؟
صارم نے اسی لمحے اپنا ہاتھ بڑھا کر حسن کا منہ میں ہاتھ رکھ کر اُس کا منہ بند کروا دیا۔
پین دے۔
حسن نے حیرت سے اسے دیکھا۔
بھائی؟
پین دیں نا۔۔۔ صارم نے اس بار قدرے بے زاری سے کہا۔
اتنے میں ہنزہ نے اپنے ہاتھ میں پکڑا پین اس کی طرف بڑھا دیا۔ صارم کی نگاہ پہلے ہنزہ کے چہرے پر اٹھی، پھر اس کے ہاتھ میں پکڑے پین پر جا ٹھہری۔ اس نے پین تھاما اور کتاب اپنی طرف کھینچ کر سوال حل کرنے لگا۔
جب تک آپ بنا رہے ہیں، میں آپ کے لیے کچھ کھانے پینے کو لے آتی ہوں۔
حفصہ نے پیش کش کی۔
نہیں، کینٹین کی چیزیں مجھے منع ہیں۔
صارم نے لکھتے ہوئے ہی جواب دیا۔
کیوں؟ حفصہ نے حیرانی سے پوچھا۔
حسن فوراً درمیان میں بول پڑا۔
اسے منع ہے، ہمیں تو نہیں! تم ہمارے لیے لے آؤ۔
حفصہ نے اسے گھورا۔
خود جا کر لے آؤ۔۔۔
اسی دوران صارم نے سوال مکمل کیا اور کتاب ہنزہ کے سامنے سرکا دی۔
ہنزہ نے حیرانی سے دیکھا کہ اتنی جلدی بن گیا۔۔۔ لیکن پھر
ہنزہ نے فوراً کتاب کا دوسرا نشان لگایا ہوا صفحہ کھول کر اس کی طرف بڑھا دیا۔
یہ بھی، پلیز۔۔۔
پلز کہنے کی ضرورت نہیں۔۔۔ میں ویسے بھی بنا دونگا۔۔۔
صارم نے اس کی طرف دیکھا بولا، پھر خاموشی سے پین اٹھایا اور دوسرا سوال حل کرنے لگا۔
حسن نے ایک نظر صارم کو دیکھا، پھر ہنزہ کو، مگر اس بار کچھ کہنے سے گریز کیا۔
جب دوسرا سوال بھی حل ہو گیا تو ہنزہ نے اپنی کاپی کی طرف دیکھا۔ پھر کتاب اور کاپی سمیٹنے لگی۔
اگر مزید مدد چاہیے ہو تو لے لینا۔
صارم نے معمول کے انداز میں کہا۔
جی، ٹھیک ہے۔ تھینک یو۔۔۔
ہنزہ نے جلدی سے جواب دیا، پھر کتاب اور کاپی اٹھا کر اپنی نشست سے کھڑی ہو گئی۔ اس کے انداز میں ایسی عجلت تھی جیسے وہاں ایک لمحہ اور رکنا بھی اس کے لیے مشکل ہو۔
وہ تیزی سے وہاں سے چلی گئی۔
حفصہ نے صارم کی طرف دیکھ کر مسکراتے ہوئے کہا۔
مُجھے تو یہ نہیں کہا تھا کہ مزید مدد چاہیے ہو تو لے لینا۔۔۔
حسن پِھر جلدی سے بول پڑا۔۔
سب کو سب نہیں ملتا۔۔۔
حفصہ غصے سے اُسے گھورتی پھر صارم کی طرف دیکھ بولی۔۔۔ پھر ملتے ہیں۔۔۔ وہ مسکراتی اور ہنزہ کے پیچھے چل دی۔
ان دونوں کے جاتے ہی حسن نے صارم کی طرف رخ کیا۔
بھائی، اتنی لڑکیاں تجھے لفٹ کرواتی ہیں، کبھی کسی کو تو لفٹ کروا دیا کر۔۔۔
صارم نے کوئی جواب نہیں دیا۔ بس کندھے اچکائے، دوبارہ موبائل نکالا، ہیڈفون کانوں پر چڑھائے اور اپنی اسی کھیل کی دنیا میں واپس کھو گیا،

+++++++++++++

کراچی — شام ۶:۴۵ بجے

کراچی کی شام ہمیشہ کی طرح اپنے اندر ایک عجیب سی بےچینی سمیٹے ہوئے تھی۔ سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم، دکانوں کے باہر جمع لوگ، دور کہیں سے آتی سمندر کی نم آلود ہوا اور شہر کے شور میں گھلی ہوئی بےشمار آوازیں۔۔۔ یہ شہر کبھی مکمل طور پر خاموش نہیں ہوتا تھا۔
شہر کے ایک مصروف علاقے میں واقع سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر کی عمارت آج معمول سے زیادہ روشن تھی۔ عمارت کے بیرونی حصے پر جماعت کے پرچم لہرا رہے تھے، جبکہ مرکزی دروازے کے قریب سیکیورٹی اہلکار اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
اندر داخل ہوتے ہی وسیع راہداری میں مختلف افراد کی آمدورفت دکھائی دیتی تھی۔ کوئی فائلیں اٹھائے ایک کمرے سے دوسرے کمرے کی طرف جا رہا تھا تو کوئی فون پر اپنے حلقے کی صورتِ حال سے متعلق معلومات فراہم کر رہا تھا۔
عمارت کی دوسری منزل پر واقع کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس جاری ہونے والا تھا۔
طویل میز کے گرد جماعت کے سینئر اراکین، قانونی مشیر اور مختلف حلقوں کے نمائندے موجود تھے۔ میز پر کراچی کے مختلف علاقوں کے نقشے، عوامی شکایات کی رپورٹس، ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات اور چند اہم دستاویزات ترتیب سے رکھی تھیں۔
میز کے صدر مقام پر امن حنان افتخار بیٹھا تھا۔
سیاہ سوٹ میں ملبوس، سامنے رکھی فائل پر جھکی نگاہیں اور چہرے پر حسبِ معمول سنجیدگی۔۔۔ اس کے انداز میں ایک ٹھہراؤ تھا۔ وہ اپنے دائیں جانب بیٹھے معاون کی گفتگو خاموشی سے سن رہا تھا، جو اجلاس کے ایجنڈے کی تفصیلات اسے بتا رہا تھا۔
سر، اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق پہلے شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر بات ہوگی، اس کے بعد عوامی شکایات اور خواتین کے تحفظ سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔
امن نے فائل سے نظریں اٹھائیں۔
پولیس اصلاحات کی رپورٹ بھی ایجنڈے میں شامل ہے؟
معاون نے اپنی ڈائری پر نظر دوڑائی۔
جی سر، اس کے لیے بھی ایک الگ فائل تیار کروائی گئی ہے۔
تو پھر ترتیب بدل دیں۔ پہلے خواتین کے تحفظ کی رپورٹ، اس کے بعد پولیس اصلاحات اور پھر شہر کے ترقیاتی منصوبے۔
میز کے گرد بیٹھے چند افراد نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔
ایک سینئر رکن نے قدرے محتاط انداز میں کہا۔
افتخار صاحب، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا معاملہ کافی عرصے سے زیرِ التوا ہے۔ اگر آج بھی اس پر فیصلہ نہ ہوا تو مزید تاخیر ہو سکتی ہے۔
امن نے اپنی کلائی پر بندھی گھڑی پر ایک نظر ڈالی، پھر اس شخص کی طرف متوجہ ہوا۔
ترقیاتی منصوبے اپنی جگہ اہم ہیں، مگر شہریوں کی حفاظت بھی کسی منصوبے سے کم اہم نہیں۔ اور پولیس کا نظام درست ہوئے بغیر عوام کو تحفظ کا احساس کیسے ہوگا؟
اس نے معاون کو اشارہ کیا۔
رپورٹس لے آئیں۔
معاون نے فوراً متعلقہ فائلیں اس کے سامنے رکھ دیں۔
امن نے پہلی فائل کھولی۔
ابتدائی صفحات پر مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شکایات درج تھیں۔ کہیں عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات تھے، کہیں تعلیمی اداروں اور دفاتر کے اطراف حفاظتی انتظامات کی کمی کی نشاندہی کی گئی تھی، جبکہ بعض شکایات میں متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت کارروائی نہ کیے جانے کا ذکر تھا۔
امن کی نگاہیں ایک ایک صفحے پر ٹھہرتی چلی گئیں۔
یہ شکایات کتنے عرصے سے زیرِ التوا ہیں؟
قانونی مشیر نے فائل کے چند صفحات پلٹے۔
سر، کچھ شکایات کو کئی ہفتے ہو چکے ہیں۔ بعض معاملات میں ابتدائی کارروائی ہوئی ہے، لیکن کئی درخواستوں پر ابھی تک کوئی واضح پیش رفت نہیں ہوئی۔
امن نے فائل سے نظریں اٹھائیں۔
اور ان معاملات کی نگرانی کون کر رہا ہے؟
متعلقہ محکمے، سر۔
متعلقہ محکمے کون سے ہیں؟
اس بار کمرے میں مختصر سی خاموشی چھا گئی۔
امن نے فائل بند کر دی۔
مجھے محکموں کے نام نہیں، ذمہ دار افراد کے نام چاہییں۔ کسی بھی ادارے میں جب ذمہ داری سب کی ہو تو اکثر جواب دہی کسی کی نہیں رہتی۔
اس کے لہجے میں سختی ضرور تھی، مگر وہ غصے میں نہیں تھا۔
ایک سینئر رکن نے اپنی نشست پر پہلو بدلا۔
امن صاحبِ، ان معاملات میں کئی قانونی پیچیدگیاں بھی ہوتی ہیں۔ ہر شکایت پر فوری کارروائی ممکن نہیں ہوتی۔
امن نے اس کی طرف دیکھا۔
میں نے ہر شکایت پر بغیر تحقیق کارروائی کرنے کا نہیں کہا۔ میں نے صرف یہ پوچھا ہے کہ جن شکایات کی ابتدائی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، ان پر مزید پیش رفت کیوں نہیں ہوئی؟
سر، شاید عملے کی کمی کی وجہ سے۔۔۔
شاید؟
امن نے اس کا جملہ وہیں روک دیا۔
ہم یہاں اندازوں کی بنیاد پر فیصلے کرنے نہیں بیٹھے۔ اگر عملے کی کمی ہے تو اس کی رپورٹ بنائیں۔ اگر وسائل کی کمی ہے تو اس کی نشاندہی کریں۔ اور اگر کسی کی غفلت ہے تو اس کی ذمہ داری بھی طے ہونی چاہیے۔
اس نے اپنی انگلی سے فائل کے ایک صفحے کی طرف اشارہ کیا۔
یہ شہر کسی ایک طبقے کا نہیں ہے۔ ایک عورت کو اپنے گھر سے باہر نکلتے ہوئے یہ سوچنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے کہ واپسی پر اسے کسی ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسے بھی اتنا ہی حق حاصل ہے کہ وہ تعلیم کے لیے نکلے، ملازمت کرے، سفر کرے اور اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارے۔
کمرے میں موجود افراد خاموشی سے اسے سن رہے تھے۔
اور ایک بات یاد رکھیے، کسی عورت کی شکایت کو صرف اس وجہ سے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ وہ خود آواز نہیں اٹھا پا رہی۔ بعض اوقات خاموشی رضامندی نہیں، خوف کا نتیجہ ہوتی ہے۔
اس نے فائل دوبارہ کھولی۔
مجھے ان تمام شکایات کی الگ الگ فہرست چاہیے۔ ہر معاملے کی موجودہ صورتِ حال، متعلقہ ادارے کا نام، ذمہ دار افسر اور کارروائی کی تفصیلات۔ اگلے اجلاس میں مجھے مکمل رپورٹ درکار ہے
قانونی مشیر نے اثبات میں سر ہلایا۔
جی سر۔
امن نے مزید کہا۔
اور شکایت درج کروانے والی خواتین کی شناخت اور ذاتی معلومات کو مکمل تحفظ دیا جائے۔ کسی کی عزتِ نفس کو اس کے انصاف کے حصول کی قیمت نہیں بننا چاہیے۔
اس بار اس کے لہجے میں ایک ایسی سنجیدگی تھی جس نے کمرے میں موجود ہر شخص کو متوجہ کر لیا۔
خواتین کے تحفظ سے متعلق گفتگو کے بعد معاون نے دوسری فائل امن کے سامنے رکھ دی۔
اس کے سرورق پر واضح الفاظ میں درج تھا:
پولیس اصلاحات — سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رپورٹ
امن کی نگاہیں چند لمحوں کے لیے اس عنوان پر ٹھہر گئیں۔
اس نے فائل کھولی۔
پچھلے اجلاس میں جو ہدایات دی گئی تھیں، ان پر کتنا عمل ہوا ہے؟
ایک متعلقہ نمائندے نے جواب دیا۔
سر، کچھ تھانوں سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ چند مقامات پر شکایات کے اندراج کا طریقۂ کار بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں سے اب بھی شکایات آ رہی ہیں۔
کس نوعیت کی شکایات؟
سر، بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی درخواستیں وصول تو کر لی جاتی ہیں، لیکن ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہوتی ہے۔ کچھ معاملات میں انہیں بار بار تھانے کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔
امن نے فائل کا ایک صفحہ پلٹا۔
کیا ان شکایات کی تصدیق کی گئی ہے؟
جی سر، ابتدائی طور پر کچھ شکایات درست ثابت ہوئی ہیں۔
اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟
نمائندے نے قدرے توقف کیا۔
سر، اس حوالے سے متعلقہ پولیس حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔ کچھ معاملات زیرِ غور ہیں۔
امن نے قلم میز پر رکھ دیا۔
شہری اپنی شکایت لے کر تھانے جاتا ہے تو اسے کم از کم یہ حق حاصل ہے کہ اس کی بات سنی جائے۔ اسے یہ احساس نہیں ہونا چاہیے کہ انصاف حاصل کرنے کے لیے بھی اسے کسی سفارش یا اثرورسوخ کی ضرورت ہے۔
ایک رکن نے درمیان میں بات کی۔
امن صاحب، پولیس کے اپنے انتظامی مسائل بھی ہیں۔ ہر معاملے میں سیاسی سطح سے مداخلت کرنا شاید مناسب نہ ہو۔
امن نے اس کی جانب دیکھا۔
میں کسی کو قانون سے بالاتر کرنے کی بات نہیں کر رہا۔ نہ ہی کسی پولیس اہلکار کو بغیر تحقیق قصوروار ٹھہرانا چاہتا ہوں۔ لیکن جب شہریوں کی شکایات مسلسل سامنے آ رہی ہوں تو ان سے نظریں بھی نہیں چرائی جا سکتیں۔
اس نے فائل بند کی۔
پولیس کا ادارہ ہمارے لیے بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا عوام کے لیے۔ ہمیں ایماندار افسران کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، ان کے کام میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی۔ لیکن جو لوگ وردی کے اختیار کو ذاتی فائدے یا شہریوں کو دبانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، ان سے جواب طلب کرنا بھی ضروری ہے۔
اس کی آواز میں اب پہلے سے زیادہ ٹھہراؤ تھا۔
وردی کسی انسان کو دوسروں کی عزت پامال کرنے کا اختیار نہیں دیتی۔ وردی کی اصل عزت اسی وقت ہے جب اسے پہننے والا اپنے اختیار کو ذمہ داری سمجھے۔
کمرے میں خاموشی چھا گئی۔
امن نے معاون کی طرف دیکھا۔
پچھلے اجلاس میں جن تھانوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات دی گئی تھیں، ان کی تازہ رپورٹ تیار کروائیں۔ کتنی شکایات موصول ہوئیں، کتنی ایف آئی آرز درج ہوئیں، کتنے معاملات میں کارروائی ہوئی اور کتنے اب بھی زیرِ التوا ہیں۔۔۔ مجھے مکمل تفصیلات چاہییں۔
جی سر۔
اور یہ بھی معلوم کریں کہ شہریوں کو شکایت درج کروانے کے لیے کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صرف پولیس کی اپنی رپورٹ کافی نہیں ہوگی۔ عوام کی بات بھی سنی جائے۔
ایک قانونی مشیر نے کہا۔
سر، اس کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے ساتھ دوبارہ اجلاس رکھنا ہوگا۔
امن نے مختصر سا سر ہلایا۔
رکھ لیجیے۔ لیکن اس بار صرف کاغذی کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ فیصلوں کا اثر تھانوں تک پہنچا بھی ہے یا نہیں۔
اسی دوران ایک رکن نے قدرے محتاط لہجے میں کہا۔
امن صاحب، کچھ افسران کا خیال ہے کہ آپ پولیس کے معاملات میں ضرورت سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس سے انتظامی سطح پر اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔
امن کی انگلیاں فائل کے کنارے پر رک گئیں۔
اس نے آہستہ سے نگاہ اٹھائی۔
اختلافات سے مجھے مسئلہ نہیں۔ مسئلہ تب ہوتا ہے جب اختلاف کی وجہ سے کسی عام شہری کا حق دب جائے۔
وہ چند لمحے خاموش رہا، پھر بولا۔
میں نے پہلے بھی کہا تھا، پولیس کے معاملات میں آواز اٹھانے کا مقصد کسی ادارے کو کمزور کرنا نہیں، بلکہ اسے اس قابل بنانا ہے کہ عوام اس پر اعتماد کر سکیں۔ اگر کوئی افسر اپنی ذمہ داری درست طریقے سے ادا کر رہا ہے تو اسے کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
اس نے دوبارہ فائل کھولی۔
اور جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے جو اس کام میں رکاوٹ بن رہے ہیں، ان کے نام اور وجوہات بھی رپورٹ کا حصہ ہونے چاہییں۔
اس کے ذہن میں پولیس اسٹیشن کا وہ منظر بھی تازہ ہو گیا، جب وہ ظفر کے کمرے میں بیٹھا ایف آئی آر کی رپورٹ کا جائزہ لے رہا تھا۔ رپورٹ میں بظاہر سب کچھ درست تھا، مگر ظفر کے انداز اور اس کی گفتگو نے امن کے ذہن میں کئی سوالات چھوڑ دیے تھے۔
اسے یاد تھا کہ ظفر نے کس طرح اسے پولیس کے معاملات سے دور رہنے کی تنبیہ کی تھی۔ وہ لمحہ بظاہر گزر چکا تھا، مگر اس گفتگو کے پیچھے چھپی ہوئی تلخی اب بھی اس کے ذہن میں کہیں موجود تھی۔
امن نے ایک لمحے کے لیے آنکھیں موندیں، پھر فائل پر نگاہ جما دی۔
وہ کسی ایک رپورٹ کو دیکھ کر مطمئن ہو جانے والوں میں سے نہیں تھا۔ اسے معلوم تھا کہ کاغذوں پر سب کچھ درست دکھائی دے سکتا ہے، مگر اصل صورتِ حال جاننے کے لیے ان لوگوں تک پہنچنا ضروری ہوتا ہے جن کے ساتھ یہ سب کچھ پیش آتا ہے۔
اس نے فائل معاون کی طرف بڑھا دی۔
اس معاملے کو نظرانداز نہیں کرنا۔
پولیس اصلاحات کی رپورٹ کے بعد اجلاس میں شہر کے دیگر مسائل زیرِ بحث آنے لگے۔
ایک نمائندے نے اپنے علاقے میں پانی کی قلت کا مسئلہ پیش کیا۔ اس کے مطابق کئی آبادیوں میں شہریوں کو روزانہ پانی کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔ بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی غیر باقاعدہ تھی، جبکہ ٹینکرز کے ذریعے پانی خریدنا وہاں کے رہائشیوں کی مجبوری بن چکا تھا۔
امن نے اس کی بات مکمل ہونے دی۔
اس علاقے کی آخری سروے رپورٹ کب تیار ہوئی تھی؟
تقریباً چھ ماہ پہلے، سر۔
چھ ماہ پہلے کی رپورٹ آج کی صورتِ حال کی مکمل عکاسی نہیں کر سکتی۔ نئی رپورٹ بنوائیں۔ یہ بھی معلوم کریں کہ پانی کی فراہمی میں اصل رکاوٹ کہاں ہے۔
دوسرے رکن نے ڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور نکاسیٔ آب کے مسائل کا ذکر کیا۔
امن نے اس کی جانب دیکھا۔
بارش کے بعد صرف تصاویر بنوا کر فائل میں لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ نکاسیٔ آب کا نظام بار بار ناکام کیوں ہوتا ہے۔
اس نے معاون کو اشارہ کیا۔
تمام متعلقہ علاقوں کی فہرست تیار کریں۔ جن مقامات پر کام کی ضرورت ہے، وہاں کی ترجیحات بھی واضح ہونی چاہییں۔
ایک رکن نے کہا۔
سر، اگر ہم ایک ساتھ اتنے منصوبے شروع کریں گے تو بجٹ پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
امن نے سر ہلایا۔
اسی لیے ترجیحات طے کرنا ضروری ہے۔ پہلے ان علاقوں پر توجہ دی جائے جہاں بنیادی سہولیات کی کمی سب سے زیادہ ہے۔ ترقی کا مطلب صرف بڑی سڑکیں اور بلند عمارتیں نہیں ہوتا۔ کسی غریب بستی میں صاف پانی پہنچ جانا بھی ترقی ہے۔ کسی بچے کے لیے اسکول تک محفوظ راستہ بن جانا بھی ترقی ہے۔
وہ چند لمحے خاموش رہا، پھر میز پر رکھی دستاویزات کو ترتیب دینے لگا۔
ہمیں ایسے منصوبے چاہییں جن کا فائدہ لوگوں کو حقیقت میں نظر آئے، صرف کاغذوں پر نہیں۔
اس کے بعد صحت اور تعلیمی سہولیات سے متعلق رپورٹس پیش کی گئیں۔ مختلف علاقوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی، بنیادی طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور بعض اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
امن ہر معاملے کو غور سے سنتا رہا۔ جہاں اسے کسی بات کی وضاحت درکار ہوتی، وہ فوراً سوال کرتا اور جہاں کسی رپورٹ میں کمی محسوس ہوتی، وہاں متعلقہ شخص کو مزید معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دیتا۔
اس کے لیے یہ محض فائلوں کا جائزہ نہیں تھا۔ ان دستاویزات کے پیچھے ایسے لوگ تھے جن کی زندگیاں ان مسائل سے براہِ راست متاثر ہو رہی تھیں۔

+++++++++++

یونیورسٹی کی کلاس کے بعد ہنزہ اور اَمل کی چھٹی ہو گئی تھی۔ دونوں کو دوبارہ بات کرنے کا نہ وقت ملا تھا، نہ ہی میتھ سر کے پاس جانے کا موقع۔ آمل گھر آتے ہی بستر اوندھے منہ لیٹی گئی تھی صبح سے شام ڈھل چکی تھی، مگر اس نے اب تک کچھ نہیں کھایا تھا۔ انیسہ بیگم کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے یسریٰ کے ہاتھوں اس کے لیے پاستا بنوا کر بھجوا دیا۔ پاستا امل کی پسندیدہ ڈش تھی۔ اسے پاستا اس قدر پسند تھا کہ جیسے بھی بنا ہو، وہ شوق سے کھا لیتی تھی۔
کچھ ہی دیر بعد یسریٰ پاستا کی پلیٹ لیے اس کے کمرے میں داخل ہوئی۔
میں پاستا لائی ہوں۔
امل نے تکیے میں منہ دبائے ہوئے ہی جواب دیا۔
رکھ دو۔
ریپر کو فون پر اتنی باتیں تو سنا دی تھیں اس نے، مگر اب جب غصے کی شدت کم ہوئی تھی تو اس کے اندر ایک عجیب سا خوف سر اٹھانے لگا تھا۔ اسے اپنے کہے ہوئے الفاظ بھی یاد آ رہے تھے اور اِسے بُرا لگ رہا تھا، اس نے آج تک کسی سے اس لہجے میں بات نہیں کی تھی۔ کبھی کسی کو اتنے تلخ جملے نہیں کہے تھے، مگر ریپر کی وجہ سے آج اس کی زبان بھی ایسی باتیں کہہ گئی تھی جن کا تصور بھی وہ پہلے نہیں کر سکتی تھی۔
یُسریٰ اس کے قریب چلی آئی اور پاستا کی پلیٹ سائیڈ ٹیبل پر رکھتے ہوئے نرمی سے پوچھا۔
کیا ہوا؟ کوئی مسئلہ ہے؟
امل دبی دبی آواز میں بولی۔ ریپر کا کوئی حال ہے یا نہیں؟
یسریٰ چونک کر اس کے قریب آ گئی۔
کیا؟ کیا وہ پھر آپ کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا ہے؟
نہیں، تنگ تو نہیں کرتا۔۔۔ مگر مجھے لگتا ہے جیسے وہ میرے آس پاس ہی کہیں موجود ہے۔ جیسے ہر وقت میری نگرانی کر رہا ہو۔
یسریٰ نے قدرے سنجیدگی سے پوچھا۔
کسی پر شک ہے آپ کو؟
امل نے نفی میں سر ہلایا۔
نہیں، بس ایسا محسوس ہوتا ہے۔
تو پھر آپ کو پتا لگانا چاہیے کہ وہ کون ہے۔
ہاں، بھائی نے بھی مجھ سے یہی کہا ہے، لیکن۔۔۔
وہ یکایک اٹھ کر بیٹھ گئی۔ اس کے چہرے پر ناگواری کی ایک لہر ابھری۔
اسے دیکھتے ہی مجھے غصہ آ جاتا ہے۔ میں خود پر قابو نہیں رکھ پاتی۔ پھر دل چاہتا ہے کہ جس طرح وہ مجھے تکلیف دیتا ہے، میں بھی اسے ویسی ہی تکلیف دوں۔
یسریٰ نے اس کے قریب بیٹھتے ہوئے نرمی سے سمجھایا۔
ارے، ایسے نہیں کرتے۔ اچھا، ایک کام کریں۔ پہلے اسے یاد کرنے کی کوشش کریں۔ غور سے سوچیں، وہ بات کیسے کرتا ہے؟ دیکھتا کیسے ہے؟ اس کا قد کتنا ہے؟ لباس کیسا پہنتا ہے؟ چلنے کا انداز کیسا ہے؟ اس کی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی یاد کرنے کی کوشش کریں۔
امل نے الجھن سے اسے دیکھا۔
ایسے کیسے؟
دیکھیے، فرض کریں آپ نے اسے کوئی ایسا لفظ کہا جس پر اس کے تاثرات بدل گئے، اسے غصہ آ گیا یا اس کے چہرے پر کوئی خاص ردِعمل ظاہر ہوا۔ اب آپ وہی لفظ کسی ایسے شخص کے سامنے استعمال کریں جس پر آپ کو شک ہو۔ اگر اس کے تاثرات بھی ویسے ہی بدلیں تو آپ کو کچھ اندازہ ہو سکتا ہے۔ اس طرح آپ اس کے رویّے اور عادتوں سے اسے پہچاننے کی کوشش کر سکتی ہیں۔
امل نے قدرے دلچسپی سے سر ہلایا۔
اچھا۔۔۔
ہاں! اب آپ اسے یاد کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ اس کا آدھا چہرہ بھی اپنے ذہن میں واضح کر لیں نا، تو شاید ریپر کو پہچاننا آپ کے لیے آسان ہو جائے۔
اچھا، اچھا۔۔۔ میں یاد کرکے بتاتی ہوں۔
یسریٰ نے فوراً اگلا سوال کیا۔
ہاں، یہ بتائیں، اس کی آنکھیں کیسی ہیں؟
امل نے آنکھیں بند کر لیں۔ وہ اپنے ذہن میں اس لمحے کو واپس لانے کی کوشش کرنے لگی جب ریپر کمرے میں داخل ہوا تھا۔ جب اس نے گلاس کے شیشے کا ٹکڑا توڑ کر اپنے گردن پر رکھا تھا۔ اس وقت اس نے ریپر کی آنکھیں دیکھی تھیں۔ گہری سیاہ، غصے سے بھری ہوئی آنکھیں، جن میں ایک عجیب سی سختی تھی۔
بھائی جیسی۔۔۔ بھائی جیسی آنکھیں, بھائی جیسی گہری سیاہ آنکھیں،
امل کے لبوں سے بے اختیار نکلا۔
یسریٰ نے فوراً اگلا سوال کیا۔
اچھا، بال دیکھے تھے اس کے؟
امل نے نفی میں سر ہلایا۔
نہیں، کبھی سر پر کیپ ہوتی ہے اور کبھی ہوڈی۔ بس آنکھیں ہی نظر آتی ہیں۔
اچھا، آواز کیسی ہے اس کی؟
امل نے کچھ سوچتے ہوئے جواب دیا۔
آواز۔۔۔ اس کی آواز بہت بھاری ہے۔ اتنی بھاری کہ اگر وہ دھیمی آواز میں بھی بات کرے تو اس کا بھاری پن محسوس ہوتا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے ہر وقت غصے میں بات کر رہا ہو۔
اچانک اس نے آنکھیں کھول دیں۔ جیسے ذہن میں کوئی بات یکایک روشن ہوئی ہو۔
ہاں! ہاں! بالکل ایسی ہی
کیا ہوا؟
امل کے چہرے پر اچانک پہچان کی سی کیفیت ابھری۔
میرے بھائی کی آواز عام دنوں میں کتنی دھیمی اور پیاری ہوتی ہے، لیکن جب انہیں غصہ آتا ہے نا تو ان کی آواز یکدم بھاری ہو جاتی ہے۔ بالکل ویسی ہی، جیسی اس دن ہوئی تھی جب ملازمہ کو سزا دینے کے وقت دادی نے انہیں روکا تھا۔ انہوں نے دادی سے کہا تھا کہ وہ رحم نہیں کھائیں گے۔ اس وقت ان کی آواز میں جو سختی اور بھاری پن تھا۔۔۔
بس! بالکل ویسی ہی آواز ہے ریپر کی۔ وہی بھاری، غصے سے بھری ہوئی آواز۔
یسریٰ نے اثبات میں سر ہلایا۔
اچھا، اچھا۔۔۔ اور اس کا لباس کیسا ہوتا ہے؟
امل نے بے زاری سے کندھے اچکائے۔
وہ سب کچھ سیاہ پہنتا ہے۔ اس میں کیا بتاؤں؟ ہاں، اس کا ایک لمبا سا کوٹ ہے۔ اس کی پشت پر چاندی جیسے حروف میں ریپر لکھا ہوتا ہے۔ ایسے چمکتے ہیں جیسے ہیروں سے جڑے ہوں۔ اندھیرے میں تو اور بھی زیادہ چمکتے ہیں۔
یسریٰ نے سوچتے ہوئے پوچھا۔
اس کے علاوہ کوئی ایسی چیز جو بہت خاص ہو؟ کوئی انگوٹھی، چین یا کوئی اور چیز جو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتا ہو؟
نہیں، ایسی کوئی خاص چیز نہیں رکھتا۔ شاید اسی لیے کہ کوئی اسے پہچان نہ سکے یا اس پر شک نہ کر بیٹھے۔
امل نے کچھ توقف کے بعد ایک اور بات یاد کرتے ہوئے کہا۔
اور ان کا ہر کام بہت آہستہ آہستہ ہوتا ہے۔ آرام سے، جیسے اسے کہیں پہنچنے کی جلدی ہی نہ ہو۔ کوئی کام جلدی نہیں کرتے، باتیں بھی بہت آرام آرام سے ٹھہر ٹھہر کے کرتے ہیں۔۔۔
یسریٰ نے اسے غور سے دیکھا۔
اور بھی چیزیں ہوگی، آپ نے شاید اس کی اور بھی بہت سی چیزیں نوٹ نہیں کی، اب جب بھی وہ آپ کے سامنے آئے، تو اس کی ہر حرکت، ہر عادت اور ہر چیز کو غور کرئیے گا۔۔۔
امل نے منہ بنایا۔
یار، اور کیا نوٹ کروں اس کا؟ اس کا تو سب کچھ ہی سیاہ ہے، اندر بھی اور باہر بھی۔۔
یسریٰ اس کی بات پر مسکرا دی، پھر ایک اور سوال کیا۔
اچھا، اس کا رنگ کیسا ہے؟
امل نے فوراً جواب دیا۔
وہ بھی بھائی جیسا سانولا ہے۔
یسریٰ نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
تم اب اس کی گھڑی، کوٹ اور جوتوں پر خاص طور پر دھیان دینا۔ یہ جو جرائم پیشہ گروہ  ہوتے ہیں نا، یہ عام دکانوں سے عام چیزیں نہیں خریدتے۔ اکثر اپنی چیزیں ایک ہی مخصوص جگہ سے بنواتے ہیں۔ ان کے لباس، جوتوں اور دوسری اشیا کا انداز بھی خاص ہوتا ہے۔
امل نے حیرت سے آنکھیں پھیلائیں۔
ہیں؟ کیوں؟ اتنا خرچہ بھلا کیوں کرتے ہیں؟
تاکہ ان کی چیزوں سے ان کی پہچان نہ ہو جائے۔ لیکن بعض اوقات یہی خاص چیزیں ان کی شناخت کا ذریعہ بھی بن سکتی ہیں۔
امل نے کچھ دیر اسے دیکھا، پھر الجھن سے پوچھا۔
لیکن اس سب سے ہوگا کیا..؟؟
یسریٰ نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے بات آگے بڑھائی۔
ہوگا یہ کہ اگر تم اس کی کسی ایک چیز کا سراغ بھی لگا لو نا، تو ممکن ہے ہمیں اس کے بارے میں کوئی ایسا اشارہ مل جائے جو ہمیں اس تک پہنچا دے۔ کبھی کبھی انسان خود کو چھپانے کے لیے جتنی احتیاط کرتا ہے، اس کی چھوڑی ہوئی چھوٹی سی نشانی ہی اسے بے نقاب کر دیتی ہے۔
یُسریٰ نے جیسے اسے کچھ اور یاد دلانے کے لیے پوچھا۔
اور باتیں کیسے کرتا ہے وہ؟
امل نے اسے یاد کرنے کی کوشش کی، مگر اگلے ہی لمحے اس کے ماتھے پر بل پڑ گئے۔ ریپر کی باتیں یاد آتے ہی اس کا پارہ چڑھنے لگا۔ وہ شخص بات کم اور اسے چڑانے کے بہانے زیادہ ڈھونڈتا تھا۔ کبھی ایسے جملے کہہ جاتا کہ امل کا دل کرتا اسی وقت اس کا منہ بند کر دے۔ مگر وہ یُسریٰ کو یہ سب کیسے بتاتی؟
نہیں، وہ تو میں نے کبھی دھیان نہیں دیا۔۔۔
یہ کہتے ہوئے اس نے فوراً سائیڈ ٹیبل سے پاستا کی پلیٹ اٹھا لی اور کھانے میں مصروف ہو گئی۔
امل نے پاستا کا ایک نوالہ منہ میں ڈالتے ہوئے یُسریٰ کی طرف دیکھا۔
ویسے آج کل تم بھائی کے آس پاس نظر نہیں آتیں؟ ان کے کام کرنا چھوڑ دیے کیا؟
یہ سُن تو یسریٰ کا دل ڈوب گیا لیکن اس نے اپنے جذبات چھپاتے بولی۔۔۔
ہاں، انہوں نے منع کر دیا تھا۔ کہنے لگے، مجھے عادت نہیں ہے کہ اپنا کام کسی اور سے کرواؤں۔
امل نے ایسے سر ہلایا جیسے اسے اس جواب پر ذرا بھی حیرت نہ ہوئی ہو۔
ہاں، یہ تو ہے۔ میرے بھائی بھی نا، پتا نہیں کس مٹی کے بنے ہیں۔ ان کے بس میں ہو تو دنیا بھر کے سارے کام خود اکیلے کر لیں، کسی کی مدد ہی نہ لیں۔
یُسریٰ کچھ لمحے خاموش رہی، پھر جیسے کوئی بات کافی دیر سے اس کے ذہن میں گردش کر رہی ہو، دھیرے سے پوچھ بیٹھی۔
انہوں نے ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟
امل نے فوراً اس کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے پر شرارت بھری مسکراہٹ پھیل گئی۔
تم نے بھی آخرکار یہ بات نوٹ کر ہی لی؟ ارے، انہیں کوئی پسند تو آئے۔۔۔
یُسریٰ کے دل میں جیسے ایک ہلکی سی امید جاگی۔
انہیں آج تک کوئی لڑکی اچھی نہیں لگی؟
امل نے فوراً نفی میں سر ہلایا۔
نہیں، لگی تھی نا۔۔۔
یسریٰ کا دل ایک لمحے کو جیسے دھڑکنا بھول گیا۔ اس نے فوراً امل کی طرف دیکھا۔
کون؟
سوال اس کے لبوں سے کچھ اس تیزی سے نکلا کہ امل چونک گئی۔ یُسریٰ نے فوراً اپنی بے ساختگی سنبھالی اور نظریں جھکا لیں۔
میرا مطلب ہے، اگر کوئی پسند آئی تھی تو پھر شادی کیوں نہیں کی انہوں نے؟
امل نے نوالہ نگل کر بات شروع کی۔
جب امن بھائی الیکشن میں کھڑے نہیں ہوئے تھے نا، تب دادا کے ایک دوست کی پوتی ہمارے گھر دعوت پر آئی تھی۔ دادی نے تو اسے رشتے ہی کے بہانے بلایا تھا، لیکن یہ بات ہم نے بھائی کو نہیں بتائی تھی۔
پھر؟ یُسریٰ نے بے چینی سے پوچھا۔
کہیں ایسا تو نہیں کہ امن کو واقعی کوئی پسند آ گئی تھی؟ اس خیال نے ہی اس کے دل کی رفتار بڑھا دی تھی۔
امل نے بے خبری میں بات جاری رکھی۔
پھر کیا! وہ لڑکی بہت اچھی تھی۔ سلجھی ہوئی، پیاری، پڑھی لکھی بھی۔ ایم فل کر رہی تھی۔ بھائی کو بھی اچھی لگی تھی۔ انہوں نے خود کہا تھا کہ لڑکی اچھی ہے۔
یُسریٰ کی آنکھوں میں تجسس مزید بڑھ گیا۔
پھر؟
امل نے بالکل معمول کے انداز میں بتایا۔
پھر بھائی نے اسے کہا کہ تم میری چھوٹی بہن ہو۔ اگر پڑھائی میں کبھی کوئی مسئلہ ہو تو مجھ سے مدد لے لینا۔
یُسریٰ کے چہرے پر یکایک مسکراہٹ پھیل گئی۔ اس کے دل میں چھپی بے چینی جیسے ایک لمحے میں ہوا ہو گئی تھی۔
امل نے اسے مسکراتے دیکھ کر منہ بنایا۔
ہاں! اب بتاؤ، یہ بھی کوئی بات ہوئی بھلا؟ میں نے بعد میں بھائی سے پوچھا بھی کہ آپ کو وہ لڑکی اچھی لگی تھی نا؟ تو کہنے لگے، اچھی لگی تھی، تبھی تو بہن بنایا ہے۔
امل نے کندھے اچکائے اور چمچ پلیٹ میں رکھ دیا۔
اب تم ہی بتاؤ یُسریٰ، یہ بھی کوئی جواب ہوا؟ دادی اتنی ناراض ہوئیں کہ رات کو کھانا بھی ٹھیک سے نہیں کھایا۔
یُسریٰ نے نظریں جھکا لیں، مگر ہونٹوں پر آئی مسکراہٹ چھپ نہ سکی۔ اس نے جلدی سے پانی کا گلاس اٹھا لیا کہ امل کی نظر اس کے چہرے پر نہ ٹھہرے۔ دل جو ابھی چند لمحے پہلے بے ترتیب دھڑک رہا تھا، اب عجیب سی نرمی کے ساتھ سنبھل چکا تھا۔
امل نے مشکوک نگاہوں سے اسے دیکھا۔
تم اتنی خوش کیوں ہو رہی ہو؟
میں؟ یُسریٰ ہڑبڑا گئی۔ نہیں تو، میں تو بس… وہ لڑکی کے بارے میں سوچ رہی تھی۔ بیچاری کو کیا پتا تھا کہ وہ رشتے کے لیے آئی ہے اور سننے کو ملے گا کہ تم میری چھوٹی بہن ہو۔
امل ہنس پڑی۔
ہاں، بالکل! بھائی کی یہی خاص بات ہے۔ کسی کو انکار بھی کریں تو ایسے کہ سامنے والا برا بھی نہ مانے اور امید بھی نہ رکھے۔
یُسریٰ نے آہستہ سے سر ہلا دیا، مگر دل ہی دل میں ایک اور سوال سر اٹھا رہا تھا۔
وہ ہر اچھی لڑکی کو اپنی بہن بنا لیتے ہیں، تو کیا وہ کسی بُری لڑکی سے شادی کریں گے؟
امل نے فوراً جواب دیا۔
ارے، ہاں، اسی لیے تو دادی نے پھر امن بھائی کو ایک بگڑی ہوئی لڑکی بھی دکھائی۔ مطلب بولڈ سی، پینٹ شرٹ پہننے والی، کسی کی نہ سننے والی، بدتمیز سی، ایٹی ٹیوڈ والی۔ دادی خود تو ہرگز نہیں چاہتی تھیں، لیکن انہوں نے سوچا کہ اگر امن بھائی کو ایسی ہی بولڈ لڑکیاں پسند ہیں تو چلو، وہ بھی کروا دیں گی۔ بس کسی طرح بھائی شادی کے لیے ہاں تو کہہ دیں…
یُسریٰ کی آنکھیں پھیل گئیں۔ پھر؟ انہوں نے کیا کہا؟
ہاں بھئی! ہم نے سوچا شاید انہیں کوئی ایسی لڑکی پسند آ جائے جو ان کی بہن جیسی نہ ہو۔ مگر وہاں بھی بھائی نے کمال کر دیا۔ کہنے لگے، اس لڑکی کا کوئی بڑا بھائی نہیں ہے، اسی لیے اتنی بگڑی ہوئی ہے۔ میں ہی اس کا بڑا بھائی بن جاتا ہوں۔
امل نے بے بسی سے ہاتھ پھیلا دیے۔
میرا تو غصے سے بُرا حال ہو جاتا تھا۔ میں نے بھائی سے کہا بھی کہ صرف میں ہی آپ کی بہن ہوں! ہر کسی کو اپنی بہن بنانے کی کیا ضرورت ہے؟ میں کیوں اپنی اکلوتی بہن ہونے کے اعزاز سے محروم ہو جاؤں؟
یُسریٰ اس کی بات پر ہنسنے لگی۔
امل نے بھی ہنستے ہوئے سر جھٹکا۔
ہم نے بہت کوشش کی، لیکن ہر بار ناکام رہے۔ پھر بھائی الیکشن میں کھڑے ہو گئے تو ہم نے بھی یہ کوششیں چھوڑ دیں۔ اب تو مجھے یقین ہو گیا ہے کہ انہیں کوئی لڑکی پسند آنے والی نہیں۔ ان کے لیے تو پوری دنیا کی لڑکیاں بس بہنیں ہی ہیں۔۔۔

+++++++++++++++

اجلاس کو تقریباً دو گھنٹے گزر چکے تھے۔
کانفرنس روم کے باہر راہداری میں بھی سرگرمیاں جاری تھیں۔ کبھی کسی معاون کے قدموں کی آواز سنائی دیتی، کبھی فون کی گھنٹی بج اٹھتی۔ مگر اندر ماحول اب بھی سنجیدہ تھا۔
ایک سینئر رکن نے انتخابی صورتِ حال سے متعلق گفتگو شروع کی۔
افتخار صاحب، آئندہ چند ہفتوں میں ہمیں مختلف حلقوں کے دورے بھی کرنے ہیں۔ کچھ مقامات پر عوامی جلسوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ میری رائے میں ہمیں پہلے بڑے علاقوں کو ترجیح دینی چاہیے۔
امن نے اس کی طرف دیکھا۔
بڑے علاقوں کے ساتھ چھوٹے حلقوں کو بھی وقت دیا جائے۔
لیکن وہاں سے اتنے زیادہ ووٹ نہیں ملتے، سر۔
امن کی انگلیاں میز پر موجود قلم کے گرد ٹھہر گئیں۔
اس نے نگاہ اٹھائی۔
ہم کسی علاقے کے لوگوں سے ان کے ووٹوں کی تعداد پوچھ کر ان کے مسائل نہیں سنیں گے۔
اس کی آواز میں پہلی بار واضح سختی محسوس ہوئی۔
جو لوگ کم تعداد میں ہیں، ان کے مسائل کم اہم نہیں ہو جاتے۔ اگر کسی چھوٹے حلقے میں بنیادی سہولیات موجود نہیں تو ہمیں وہاں بھی جانا ہوگا۔
وہ کرسی کی پشت سے ذرا آگے ہوا۔
اور ایک بات، عوامی ملاقاتوں میں صرف وہی وعدے کیے جائیں جن پر عمل کرنے کی صلاحیت اور منصوبہ بندی ہمارے پاس موجود ہو۔ میں کسی کو ایسے خواب دکھانے کے حق میں نہیں ہوں جن کی تعبیر دینے کا ارادہ ہی نہ ہو۔
کسی نے اس کی بات کی مخالفت نہیں کی۔
اجلاس کے اختتام پر اس نے تمام اراکین کو اگلی میٹنگ سے پہلے اپنی اپنی رپورٹس مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
ہر شعبے کی الگ رپورٹ میرے پاس ہونی چاہیے۔ اور مجھے صرف یہ مت بتائیے گا کہ کیا کام ہوا ہے، یہ بھی بتائیے گا کہ کیا کام باقی ہے اور کیوں باقی ہے۔
اس نے اپنی فائل بند کی۔۔
اجلاس ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کام ختم ہو گیا ہے۔

++++++++++++

ریپر اپنے مخصوص انداز میں صوفے پر ٹانگ پر ٹانگ رکھے نیم دراز بیٹھا تھا۔ ایک ہاتھ کی انگلیوں میں سلگتا ہوا سگریٹ دبا ہوا تھا، جس سے اٹھتا دھواں فضا میں تحلیل ہو رہا تھا۔ وہ سگریٹ نوشی کا عادی نہیں تھا۔ اسے جب کبھی شدید ذہنی دباؤ یا بے چینی گھیر لیتی، جب خیالات کا ہجوم اس کے ذہن میں شور مچانے لگتا اور اندر کی گھٹن برداشت سے باہر ہونے لگتی، تب ہی وہ سگریٹ کا سہارا لیتا تھا۔ آج بھی اس کے چہرے پر پھیلی غیر معمولی خاموشی اور آنکھوں کی گہری سنجیدگی کسی اندرونی کشمکش کی خبر دے رہی تھی۔
اس کے سامنے زوزی، کیٹی اور ٹوئیٹی کھڑی تھیں۔ زوزی کچھ عرصے سے اورنگی ٹاؤن میں مقیم تھی اور وہاں کے حالات سے خاصی واقف ہو چکی تھی۔
اور وہیں کا خبر لے کر وہ حاضر ہوئی تھی،
مجھے اورنگی میں رہتے ہوئے کافی وقت ہو گیا ہے، اور وہاں بہت خطرہ ہے۔ ہر جگہ، ہر گلی کے نکڑ پر کوئی نہ کوئی خطرہ موجود ہے۔ اور سب سے حیرت کی بات یہ ہے کہ وہاں آپ کے نام کا خوف تو اپنی جگہ موجود ہے،
لیکن…
ریپر نے سگریٹ کا ایک کش لیا اور دھواں آہستگی سے فضا میں چھوڑتے ہوئے پوچھا۔
لیکن کیا۔۔۔؟؟
زوزی نے اس کی طرف دیکھا۔
وہاں آئے دن اغوا، چوری اور قتل کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ وہاں تو پتا ہی نہیں چلتا کہ شریف کون ہے اور مجرم کون! کچھ عرصہ پہلے دو لڑکوں نے میرا سامان چھین لیا تھا۔ جب میں نے معلومات حاصل کیں تو پتا چلا کہ وہ دونوں اسی پچھلی گلی میں رہنے والے لڑکے تھے۔
اس نے ایک لمحے کے لیے توقف کیا، پھر قدرے ناگواری سے بولی۔ یعنی جن لوگوں کے درمیان رہ رہے ہیں، انہی میں سے کچھ لوگ دوسروں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
کیٹی نے حیرت سے پوچھا۔
تو کیا وہاں کے لوگوں نے قانون اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے؟
زوزی نے اثبات میں سر ہلایا۔
کچھ ایسا ہی ہے۔ وہاں بعض جگہوں پر اگر کوئی چوری کرتے ہوئے پکڑا جائے تو پولیس کو بلانے سے پہلے ہی لوگ خود اس سے نمٹنے لگتے ہیں۔ کسی کو شک ہو جائے تو محلے کے چند افراد مل کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دیتے ہیں۔  کہیں لوگ واقعی اپنے تحفظ کے لیے ایسا کرتے ہیں اور کہیں اسی صورتِ حال کا فائدہ اٹھا کر ذاتی دشمنیاں نکالی جاتی ہیں۔
ٹوئیٹی نے بے یقینی سے اسے دیکھا۔
اتنے خطرات کے درمیان وہاں کے لوگ رہ کیسے لیتے ہیں؟

اور کیا کریں گے؟ ان کے پاس حکومت نے دوسرا راستہ ہی کیا چھوڑا ہے؟
وہاں بھی رہے گے تو اور رہیں گے کہاں؟ ان کے گھر، روزگار، کاروبار، بچے، سب کچھ تو وہیں ہے۔ ہر شخص کے پاس اتنی استطاعت نہیں ہوتی کہ اپنا گھر بار چھوڑ کر کسی محفوظ علاقے میں منتقل ہو جائے۔ کچھ لوگ حالات سے سمجھوتہ کر لیتے ہیں، کچھ اپنے بچوں کو جلد گھر واپس بلانے لگتے ہیں اور کچھ ہر روز اس امید پر گھر سے نکلتے ہیں کہ آج کا دن خیریت سے گزر جائے گا۔ ان کے لیے خطرہ کوئی نئی بات نہیں رہا، بلکہ روزمرہ زندگی کا ایک تلخ حصہ بن چکا ہے۔
ریپر نے سگریٹ انگلیوں کے درمیان گھماتے ہوئے اگلا سوال کیا۔
وہاں سیاست کا کیا معاملہ ہے؟
زوزی نے قدرے گہرا سانس لیا۔
وہاں کے لوگ اب ان سب چیزوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ بس کچھ نوجوانوں میں ابھی بھی جوش ہے، کچھ کرنے کا جذبہ ہے۔ ورنہ باقی لوگ تو جیسے سرد پڑ چکے ہیں۔ سیاست دانوں سے بھی ان کی امیدیں ختم ہو چکی ہیں۔ ہر بار وعدے کیے جاتے ہیں، مگر حالات وہیں کے وہیں رہتے ہیں۔ اب تو لوگوں کو کسی کے دعووں پر یقین ہی نہیں رہا۔ کُچھ لوگ تو ایسے ہیں کہ سیاست کا نام سنتے ہی چیڑ جاتے ہیں۔۔۔
ریپر نے سگریٹ کا آخری کش لیا اور ٹوٹے کو راکھ دان میں مسل دیا۔ کچھ دیر وہ خاموشی سے سامنے دیوار کو گھورتا رہا، جیسے زوزی کی باتوں کے پیچھے چھپی کوئی اور تصویر دیکھ رہا ہو۔
ٹھنڈے پڑ چکے ہیں… اس نے زیرِ لب دہرایا۔ جب لوگوں کی امید مر جائے، زوزی، تو وہ خوف سے بھی آزاد ہو جاتے ہیں۔ اور جو خوف سے آزاد ہو جائے، وہ سب سے خطرناک ہوجاتے ہیں۔
ریپر نے کیٹی کی طرف دیکھا۔
کیٹی، اب تمہیں پتا ہے کیا کرنا ہے؟
کیٹی نے ناسمجھی سے ریپر کو دیکھا۔ زوزی اور ٹوئیٹی بھی سانس روکے کھڑی تھیں۔ کیٹی کے لبوں پر سوال آتے آتے رک گیا۔ وہ جانتی تھی کہ ریپر کے سامنے سوال کرنا اس کا اعتماد کھونے کے برابر ہے۔ وہ خاموش رہی۔
ریپر نے نئی سگریٹ نہیں جلائی۔ بس انگلیوں سے صوفے کا کنارہ ہلکے ہلکے بجاتا رہا۔ پھر دھیمی، ٹھنڈی آواز میں بولا۔
ٹھیک تین دن بعد اورنگی میں حملہ ہو گا۔
کیٹی کے چہرے پر مسکراہٹ ابھری، اُسے سمجھ آگیا تھا کہ اب اُسے کیا کرنا ہے۔۔۔
جی، اس نے پُرسکون لہجے میں کہا۔ میں سمجھ گئی۔
اور اس لڑکی کا کیا؟
زوزی نے نظریں جھکا لیں۔ ابھی تک تو کچھ نہیں، سر…
اس نے لمحہ بھر توقف کیا، پھر دھیمی آواز میں بولی، وہ اورنگی سے ایسے غائب ہوئی ہے جیسے وہاں کبھی تھی ہی نہیں۔
کیٹی نے آگے بڑھ کر کہا، یہ بات تو پکی تھی کہ کچھ لڑکوں نے اسے اغوا کیا تھا۔
مگر وہ لڑکے ملتے ہی نہیں، زوزی نے جھنجھلا کر کہا۔ کون تھے وہ؟ میں نے ہر گلی چھان لی۔ مجھے تو لگتا ہے وہ اورنگی کے تھے ہی نہیں۔ باہر سے آئے تھے اور کام کر کے نکل گئے۔
یہ سنتے ہی ریپر کی آنکھوں میں ایک سرد چمک ابھری۔ باہر سے آنے والے۔ جو اورنگی کی گلیوں کو جانتے تھے، مگر اورنگی کے نہیں تھے۔ یہ بات اتفاق نہیں ہو سکتی تھی۔
ابھی تمہارے پاس وقت ہے، اس نے ٹھہرے ہوئے، مگر برفیلے لہجے میں کہا۔ پتا
ایک لمحے کو رک کر اس نے تینوں کو باری باری دیکھا۔
تین دن۔ اس کے بعد میں سوال نہیں پوچھوں گا۔
زوزی نے تھوک نگلا اور سر ہلا دیا۔ کیٹی کے لبوں پر وہی پراسرار مسکراہٹ لوٹ آئی تھی، مگر اس بار اس میں ہلکی سی بے چینی بھی تھی۔
یہ کام تم دونوں کا ہے۔ میں تو کسی کام کو ہاتھ نہیں لگاؤں گی۔ ویسے بھی میری ایک ایک انگلی درد کر رہی ہے۔
اس نے اپنے ہاتھ آگے کیے اور انگلیاں سیدھی کرنے کی کوشش میں منہ بنا لیا۔
زوزی نے ٹوئیٹی کی طرف دیکھا، پھر ریپر کی موجودگی کا لحاظ کرتے ہوئے آواز دھیمی کر کے بڑبڑائی۔
اتنی گن شاٹ کی پریکٹس کرتی ہے کہ اب ایسا ہوگا جائے گا کہ یہ نیند میں بھی کسی پر نشانہ لگائے گی، او ٹھیک لگ جائے گا۔۔۔
کیٹی نے دونوں کی بکواس کو نظر انداز کیا اور ریپر کی طرف دیکھا۔
باس، آپ پریشان لگ رہے ہیں؟
ریپر نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ چند لمحے بعد اس کی بھاری آواز ابھری۔
ہاں۔ یُسریٰ کو کال ملاؤ اور کہو کہ ریپر کو امل سے بات کرنی ہے۔
کیٹی کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ امل؟ امل کا اُس کی پریشانی سے کیا واسطہ۔۔۔؟ پہلے یسریٰ۔۔۔ یسریٰ۔۔۔ اب امل۔۔ امل۔۔ 
سوال زبان کی نوک تک آ کر رک گیا۔ وہ جانتی تھی کہ ریپر سے ایسے سوال نہیں پوچھے جاتے۔
اس نے لب بھینچ لیے اور موبائل نکالتے ہوئے دل ہی دل میں خود کو کوسا۔ پوچھنا ہی نہیں چاہیے تھا…
آج صبح ہی تو امل نے اسے کھری کھری سنائی تھیں۔ کیا ریپر کا دل ابھی تک نہیں بھرا تھا؟ جو اب مزید سننا چاہتا ہے؟
شاید ریپر اُس سے صبح کے بات کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔۔۔۔

+++++++++++++

رات کے تقریباً نو بج رہے تھے۔
کانفرنس روم آہستہ آہستہ خالی ہو چکا تھا۔ میز کے گرد رکھی کرسیاں اپنی جگہ خاموش کھڑی تھیں، جبکہ چند لمحے پہلے تک جاری رہنے والی بحثوں کی بازگشت اب بھی کمرے کی فضا میں محسوس ہو رہی تھی۔
معاون نے میز پر موجود فائلیں ترتیب سے جمع کیں، جبکہ امن اپنی نشست پر بیٹھا چند آخری دستاویزات کا جائزہ لے رہا تھا۔
اس کے سامنے کراچی کے مختلف علاقوں کی رپورٹس موجود تھیں۔ ایک صفحے پر پانی کی فراہمی کا مسئلہ درج تھا، دوسرے پر خواتین کے تحفظ سے متعلق شکایات اور تیسرے پر پولیس اسٹیشنوں میں زیرِ التوا درخواستوں کی تفصیلات۔
اس نے ایک ایک فائل پر مختصر نوٹس لکھے اور انہیں الگ الگ رکھ دیا۔
معاون نے قریب آ کر کہا۔
سر، آج کے تمام فیصلوں کی کارروائی تیار کروا دی گئی ہے۔ آپ چاہیں تو اب گھر کے لیے روانہ ہو سکتے ہیں۔
امن نے آخری صفحے پر دستخط کیے۔
یہ خواتین کے تحفظ والی رپورٹ کل صبح سب سے پہلے میرے پاس ہونی چاہیے۔
جی سر۔
اور جن علاقوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں، وہاں کے نمائندوں سے رابطہ کر کے اصل صورتِ حال معلوم کریں۔ مجھے صرف دفتری رپورٹ پر انحصار نہیں کرنا۔
معاون نے اثبات میں سر ہلایا۔
امن نے پولیس اصلاحات والی فائل دوبارہ اپنی طرف کھینچی۔
اس کی ایک نقل بھی میرے پاس رہے گی۔ اگلے اجلاس سے پہلے پولیس حکام کے ساتھ ملاقات کا وقت طے کر لیجیے گا۔
جی سر، میں انتظام کروا دیتا ہوں۔
معاون نے فائلیں سمیٹتے ہوئے کہا۔
سر، پرسوں کے لیے بھی چند میٹنگز شیڈول کرنی ہیں۔ ایک دو ملاقاتوں کی درخواستیں بھی آئی ہوئی ہیں۔
امن نے اپنی کلائی پر بندھی گھڑی پر نگاہ ڈالی، پھر فائل بند کرتے ہوئے بولا۔
نہیں، کل کے بعد والا پورا دن خالی رکھیے گا۔ نہ کوئی میٹنگ شیڈول کیجیے گا، نہ کسی کام کے لیے میری مصروفیت رکھیے گا۔ میں اُس دن آفس بھی نہیں آؤں گا۔
معاون نے قدرے حیرت سے اسے دیکھا۔
کوئی خاص وجہ ہے، سر؟
امن نے اپنی فائل ایک طرف رکھتے ہوئے مختصر سا جواب دیا۔
ذاتی کام ہے۔ اُس دن مجھے کوئی ڈسٹرب نہ کرے۔
جی سر، میں خیال رکھوں گا۔
امن نے اثبات میں سر ہلایا اور کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔
کھڑکی کے شیشے سے باہر کراچی کی روشنیاں دکھائی دے رہی تھیں۔ کہیں سڑکوں پر گاڑیوں کا شور تھا، کہیں دکانیں اب بھی کھلی تھیں اور کہیں رات کی تھکن سے چور لوگ اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔
وہ چند لمحے خاموشی سے شہر کو دیکھتا رہا۔
اس شہر میں لاکھوں لوگ آباد تھے۔ ہر ایک کی اپنی کہانی، اپنی ضرورت اور اپنی پریشانی تھی۔ ان سب کے مسائل ایک رات میں حل نہیں ہو سکتے تھے، مگر کم از کم ان مسائل کو سننے اور سمجھنے کی ذمہ داری سے فرار بھی اختیار نہیں کیا جا سکتا تھا۔
اس کی نگاہیں چند لمحوں کے لیے شہر کی روشن سڑکوں پر ٹھہر گئیں۔
پھر اس کے ذہن میں ایک بار پھر ظفر سر کا چہرہ ابھرا۔
وہ جانتا تھا کہ پولیس کے معاملات اتنے سادہ نہیں تھے جتنے فائلوں میں دکھائی دیتے تھے۔ کچھ شکایات کے پیچھے محض انتظامی غفلت نہیں، بلکہ ایسے مفادات بھی ہو سکتے تھے جنہیں بےنقاب کرنا آسان نہیں تھا۔
پھر اس نے میز پر رکھا موبائل اٹھایا، کوٹ کے بٹن بند کیے اور دروازے کی جانب بڑھ گیا۔
آج کا اجلاس ختم ہو چکا تھا، مگر اس کے سامنے کام کی ایک طویل فہرست ابھی باقی تھی۔
اور امن حنان افتخار کے لیے عہدہ صرف ایک پہچان نہیں تھا؛ یہ ایک ایسی ذمہ داری تھی جس سے نظریں چرانے کا وہ ارادہ نہیں رکھتا تھا۔

++++++++++++++

رات کے ایک بج رہے تھے اور امل اپنے کمرے میں اسٹڈی ٹیبل پر بیٹھی یونیورسٹی کا کام نمٹا رہی تھی۔ کل اس کا بائیولوجی کا ٹیسٹ تھا۔ وہ بی ایس بائیوٹیکنالوجی کے تیسرے سال میں تھی اور اس کی دوست ہنزہ بھی اسی کلاس میں تھی۔
وہ گیارہ بجے سے پڑھ رہی تھی اور اب پیٹھ اور گردن میں درد اٹھنے لگا تھا۔ ٹیسٹ کی تیاری کے ساتھ ساتھ وہ پچھلے نوٹس بھی کاپی کر رہی تھی۔ آئے دن یونیورسٹی سے چھٹیاں ہو جاتی تھیں، اسی لیے سارا کام جمع ہو گیا تھا۔ دِن بدین اُس کا پڑھائی سے دھیان ہٹا جا رہا تھا۔۔۔
تبھی فون کی گھنٹی بجی۔
اس نے بنا دھیان دیے کال اٹھا لی۔ اس وقت اس کی دوستوں کے سوا کون کال کر سکتا تھا؟ وہ بھی تو ٹیسٹ کی تیاری کر رہی ہوں گی، کچھ پوچھنا ہو گا۔۔
سو جاؤ۔ فائدہ نہیں پڑھنے کا۔ کل تم یونی نہیں جاؤ گی۔
بھاری، ٹھہری ہوئی آواز۔
جی؟ امل نے حیرت سے کہا۔ اسے کچھ سمجھ نہ آیا۔
تم نے پہچانا نہیں مجھے؟
امل کی سانس ایک لمحے کو رکی۔ پہچان لیا ہے۔
پھر حیران کیوں ہو رہی ہو؟
آپ کے پاس میرا نمبر کیسے آیا؟ اس کی آواز مدھم مگر سخت تھی۔
تمہیں کیا لگا، سم بدلو گی تو مجھے پتا نہیں چلے گا؟ میری نظر رہتی ہے تم پر۔ اور ابھی بھی ہے۔
امل کا رنگ اڑ گیا۔ اس نے بے اختیار کمرے میں چاروں طرف نظر دوڑائی۔ دیواروں، چھت کے کونوں، شیلف کے اوپر۔ کہیں کوئی کیمرا لگا ہے کیا؟ مگر بھائی نے تو کیمرے نکال دیے تھے۔
ٹیسٹ کی تیاری رہنے دو، ریپر نے اسی سکون سے کہا۔ سوگ منانے کی تیاری کرو۔
کس چیز کا سوگ؟
اپنے بھائی کے مرنے کا۔
امل کے چہرے کا رنگ فق ہو گیا۔ ہاتھ میں پکڑا قلم میز پر گر پڑا۔
تمہیں کیا لگا تھا، اتنی باتیں سنانے کے بعد میں تمہیں سزا نہیں دوں گا؟
امل نے خود کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ حلق خشک ہو چکا تھا، مگر لہجہ لرزنے نہ پایا۔  کل آپ بھائی کو مارنے والے ہیں اور مجھے بتا دیا؟ تاکہ میں انہیں کل گھر سے نکلنے ہی نہ دوں؟
تم انہیں ابھی بھی بچا سکتی ہو۔
کیسے؟ اس کے منہ سے بے اختیار نکلا۔
لمحہ بھر کی خاموشی کے بعد ریپر کی آواز آئی،
مجھ سے صبح کی بات پر معافی مانگ کر۔ اور مجھے گھٹیا انسان کی جگہ اچھے القابات سے نواز کر۔

++++++++++++++++

جاری ہے۔۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *