بسمہ اللہ الرحمٰن الرحیم
وَأَنَّهُ كَانَ رِجَالٌ مِّنَ الْإِنسِ يَعُوذُونَ بِرِجَالٍ مِّنَ الْجِنِّ فَزَادُوهُمْ رَهَقًا
ترجمہ:
“اور یہ کہ انسانوں میں سے کچھ لوگ جنات میں سے کچھ لوگوں کی پناہ لیا کرتے تھے، تو انہوں نے ان کی سرکشی اور خوف میں مزید اضافہ کر دیا۔”
(سورۃ الجن، آیت 6)
پیش لفظ:
اللہ تعالٰی نے انسان اور جنات کے درمیان ‘حجاب’ (ایک مخفی پردہ) رکھا ہے، اور یہ پردہ انسان کی اپنی حفاظت کے لیے ہے۔ جب انسان اپنے تجسس کے کلہاڑے سے اس ربانی پردے کو کاٹنے کی کوشش کرتا ہے، تو وہ دراصل اپنی ہی حفاظت کی ڈھال کو توڑ دیتا ہے۔ غیب میں زبردستی جھانکنے کی سزا ہی یہی ہے کہ انسان کا اپنا سکونِ قلب ہمیشہ کے لیے غائب ہو جاتا ہے،انسان کا تجسس اسے برباد کر دیتا ہے ،ہول ایک ایسا ناول ہے جو تجسّس کی جنگ اور نفسیاتی جنون کو ظاہر کرتا ہے۔
“انسان جب اپنے رب کی پناہ چھوڑ کر ویرانوں کے مالکوں (جنات) کو پکارتا ہے، تو کائنات کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ یہ پکار جنات کو مغرور کر دیتی ہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ اشرف المخلوقات ہم سے فریاد کر رہی ہے۔
اصل ‘Hole’ (گڑھا) جنات کی دنیا میں نہیں، بلکہ انسان کے اپنے نفس کے اندر ہوتا ہے۔ جب تجسس ایک نفسیاتی جنون بن جائے، تو انسان کا اپنا وہم ہی اس کے لیے ایک دیوہیکل جن بن کر سامنے کھڑا ہو جاتا ہے۔ مٹی جب آگ سے ڈرنا چھوڑ کر اس پر حاوی ہونا چاہے، تو وہ مٹی نہیں رہتی، راکھ بن جاتی ہے۔”
امید کرتی ہوں کہ آپ کو یہ افسانہ پسند آئے گا ،اور آپ آگ اور مٹی کے اس فرق کو سمجھ سکیں گے۔
ازقلم بنت قمرالنساء
☆☆☆☆
علینا کدھر ہے ؟ ،وہ نہیں آئی ڈنر کے لیے،کھانے کی میز پر بیٹھے افغان صاحب نے چاول کا چمچ منہ میں ڈالتے پوچھا۔
میں بلانے گئ تھی اسے ،بولی ضروری کام ہے ،پلیٹ میں چمچ ہلاتی لیانہ نے جواب دیا۔
کیسا ضروری کام؟؟، تم نے پوچھا نہیں۔
پوچھا تھا ،لیکن وہ کونسا بتاتی ہے بس ٹال دیتی ہے ،ویسے بھی وہ آج کل اپنی کسی نئی ریسرچ پر لگی ہوئ ہے۔
کیسی ریسرچ ؟؟ ،وہ کھانے سے ہاتھ روک کر بولے۔
کل نوفل اسے قبرستان سے لے کر آیا تھا ،لیانہ کی بات سن کر ، وہ اپنی حیرت کو چھپا نہ سکے۔
قبرستان؟۔
جی ،وہاں پہ کیمرے سے کچھ ریکارڈ کر رہی تھی۔
مام میں نے آپ کو منع بھی کیا تھا کہ ڈیڈ کو مت بتائیے گا ،علینا نے مجھ سے پرامس لیا تھا ،نوفل نے غصے سے لیانہ سے کہا ،جو اس کا راز نہ رکھ سکی تھی۔
لیانہ نے بس کندھے اچکا دیے اور چاول کا چمچ منہ میں رکھا۔
ڈنر کے بعد وہ سیدھا سیڑھیاں چڑھ کر علینہ کے کمرے کی طرف بڑھ گئے ،انہوں نے ہولے سے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئ آواز نہ آئی ،وہ دروازہ کھول کر خود ہی اندر چلے گئے۔
کمرہ خالی تھا ،علینہ شاید واشروم میں تھی۔
کمرے میں صرف لیمپ کی پیلی روشنی پھیلی تھی ،دیواروں پر عجیب و غریب پوسٹرز اور علامات ہاتھ سے پن کر کے چپکایے ہوئے تھے ،بیڈ کے عین درمیان میں اسکا لیپ ٹاپ کھلا ہوا تھا جس پر ہارر ڈاکومنٹریزز کے پیجز کھلے تھے ،سائیڈ ٹیبل پر بہت سی کتابیں تھی کچھ اسلامک ہسٹری تو کچھ انگریزی ہارر ناولز تھے ،افغان صاحب کو یہ سب کچھ دیکھ کر زیادہ حیرت نہیں ہوئی تھی ،یہ سب وہ پہلے بھی دیکھ چکے تھے لیکن روکنے کا کوئ فائدہ نہیں تھا ،اپنی ضد منوانے کے لیے اس نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا ،علینہ ان کی لاڈلی تھی اور وہ اس کو خود سے دور نہیں کر سکتے تھے ،لیکن ان کے پاس اتنا وقت بھی نہیں تھا کہ وہ اسے دے سکے اور وہ اپنی ایکٹیویٹیز چھوڑ دے ،انہوں نے ان کتابوں کے ڈھیر سے ایک کتاب اٹھائی ۔
‘Legend of fire spirits’
رابرٹ لیبلنگ کی لکھی گئ وہ کتاب کوئ عام انسان نہیں پڑھ سکتا تھا اگر پڑھ بھی لیتا تو وہ کمرے کی لائٹ بند کرنے اور کہیں اکیلے جانے سے بھی کتراتا اسے ہر معمولی چیز کے ہونے سے خوف محسوس ہوتا ،افغان صاحب ابھی کتاب کو دیکھ ہی رہے تھے کہ علینہ نے جھپٹ کر ان سے کتاب چھینی اور تکیے کے نیچے چھپا دی۔
ڈیڈ آپ یہاں؟ مجھے بلا لیتے ،علینہ آہستہ آواز میں بولی اور چیزیں سمیٹنے لگی۔
وہ محض 17 سالہ لڑکی تھی،جو معمولی سے معمولی دکھنے والی چیزون کو بھی پیچیدہ بنا لیتی ،اور ان میں کچھ نہ کچھ تلاشنے کی کوشش ضرور کرتی تھی ،وہ اس وقت سیاہ رنگ کے نائٹ ڈریس میں ملبوس تھی ،چہرہ سفید تھا،کشش سے بھرپور،س کے چہرے کی سب سے خوبصورت چیز اس کی بڑی بڑی سیاہ آنکھیں تھی ،جن میں ہر وقت تجسّس کی چمک رہتی ،سیاہ لمبے بال ہمیشہ کی طرح کندھوں پر بکھرے تھے جو چہرے کی سفیدی کو اور بھی واضح کر رہے تھے۔
ہماری کل لندن کی فلائیٹ ہے ،سامان پیک کر لیا تم نے؟،وہ
آس پاس دیکھتے بولے۔
جی بس تھوڑا سا رہ گیا ہے ،وہ بیڈ کے کنارے پر کھڑی کھڑی بولی ،وہ چاہتی تھی کہ ڈیڈ اس کے کمرے سے بس جتنی جلدی ہوسکے چلے جائیں،اسے کسی کے اپنے کمرے میں آنے سے بےچینی ہوتی تھی۔
اوکے بیٹا پھر صبح ملاقات ہوگی گڈ نائیٹ، وہ محبت سے اس کا سر چومتے بولے اور کمرے سے نکل گئے،ان کے جانے کے بعد اس نے گہرہ سانس لیا۔
☆☆☆☆
میں چاہتا ہوں کہ لندن جانے کے بعد تم اپنی ایکٹیویٹیز تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ کر علینہ کا خیال رکھو اور زیادہ سے زیادہ وقت اس کے ساتھ گزارو ،رات کے وقت وہ بستر پر لیٹے لیٹے لیانہ سے مخاطب ہوئے ،جو بیڈ کی دوسری طرف کروٹ لیے لیٹی تھی۔
اور میں چاہتی ہوں کہ آپ اسے پاکستان میں ہی رہنے دے ،وہ میری بچوں کو اپنی ان عجیب حرکتوں سے متاثر کر رہی ہے ،لیانہ سردمہری سے بولی۔
آپ کو یاد نہیں اس کے اس بیہودہ چارلی چارلی گیم کی وجہ سے سوفیا کس قدر ڈر گئ تھی اور اسے پورے دن تک بخار رہا تھا ،
میں جانتا ہو ،لیکن میں یا تم اگر اس کا خیال رکھے گے تو وہ ٹھیک ہو جائے گی، انہوں نے اپنی بیوی کو سمجھانے کی کوشش کی ، جواب میں وہ چپ رہی۔
علینا کی فیملی پاکستان سے لندن اپنے آبائی گھر میں شفٹ ہورہے تھے ،علینا اپنے بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پہ تھی ،بڑا بھائ نوفل اور چھوٹی بہن 9 سالہ سوفیا ،اس کی ماں کی وفات ہوچکی تھی ،افغان کی دوسری بیوی لیانہ تھی ،علینہ اور نوفل دونوں جڑواں تھے ،ان کی ماں کی وفات ان کی پیدائش کے وقت ہی ہوگئ تھی،وہ تب سے بورڈنگ سکول میں پڑھے تھے،اور پھر بعد میں افغان صاحب حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنے پاس لے آئے تھے۔
نوفل کم گو اور سنجیدہ مزاج بچہ تھا،اپنے آپ میں رہنے والا،جبکہ علینہ بالکل اس کے متضاد تھی ،وہ ہر ایرے غیرے سے بات کرتی،اور تیز زبان بچی تھی، وہ ہر وقت ہواؤں میں رہتی تھی،لیکن جب سے اس نے 17 کی عمر میں قدم رکھا تھا ،اس کا انداز بدل سا گیا تھا،وہ اپنا زیادہ تر وقت اکیلے یا پھر اہنے کمرے میں گزارنا پسند کرتی تھی۔
☆☆☆☆
فضا پر ایک گہری، مٹیالی دھند کا راج تھا، جس نے پورے شہر کو ایک سفید چادر میں لپیٹ رکھا تھا۔ آسمان کا رنگ نیلا نہیں، بلکہ ایک اداس اور بھاری سرمئی تھا، جیسے بادل زمین کے بہت قریب آ گئے ہوں۔ ائیرپورٹ سے نکلتے ہی سرد ہوا کے ایک برفیلے جھونکے نے ان کا استقبال کیا، جس سے سوفیا کے دانت بجنے لگے اور نوفل نے جلدی سے اپنی جیکٹ کے بٹن بند کر لیے۔ ہوا میں نمی اور پرانی مٹی کی ایک ایسی مہک تھی جو صرف برطانوی مضافات کی مخصوص فضا میں پائی جاتی،ان کی فلائیٹ فجر کے وقت کی تھی اور اب گیارہ بج رہے تھے ،آٹھ نو گھنٹے کی فلائیٹ کی وجہ سے علینہ کو شدید تھکن محسوس ہو رہی تھی۔
ان کی کار لندن کی مصروف سڑکوں پر رواں ہوگئ ،سڑک کے گرد کئی بوڑھے درخت دھند میں ایسے کھڑے تھے جیسے کوئ سائے ہاتھ پھیلاتے کھڑے ہو۔
لندن کی طویل فلائیٹ کے بعد وہ بالآخر اس محل نما گھر میں پہنچ ہی گئے تھے جسے اس کے ڈیڈ ان کا آبائی گھر کہتے تھے،وہ اس گھر کو پہلے بھی دیکھ چکی تھی،جب وہ 13 کی سال کی عمر میں یہاں ڈیڈ کے ساتھ آئی تھی ،لیکن صرف کچھ وقت کے لیے،لیکن اب وہ اسے کچھ اور نظروں سے دیکھ رہی تھی ،کچھ تلاش کرنے والی نظروں سے ،یہ محل برطانوی طرز تعمیر کا قدیم گھر تھا ،جس کی سرمئی اور پتھریلی دیواروں پر وقت اور موسموں کے گہرے نشان تھے ،سب گھر کا دروازہ کھول کر اندر کی طرف بڑھ گئے تھے ،لیکن علینہ وہی عین وسط میں کھڑی محل کو غور سے دیکھ رہی تھی ،
اس گھر کا محل وقوع عجیب سا تھا ،اس کے ایک طرف گھنا اور تاریک جنگل پھیلا ہوا تھا اور دوسری طرف ایک کھلا میدان تھا ،جہاں بلکل اکیلا ایک سوکھا سا درخت کھڑا تھا ،اس اداس درخت کی موٹی ٹہنی سے ایک پرانا جھولا لٹک رہا تھا ،جو ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں سے کبھی کبھار ہل پڑتا، اور ان سب کے عین درمیان وہ قدیم محل کھڑا تھا ،جیسے کسی نے خواب اور حقیقت کی سرحد پر اسے بنا دیا ہو۔
کم آن بیٹا ،افغان سوٹ کیس اندر لے جاتے اسے وہی کھڑا دیکھ کر بولے ۔
آئی ڈیڈ، وہ کہ کر واپس اسی درخت کی طرف متوجہ ہوگئ
علینہ کا متجسس دل اس خوفناک حد تک خوبصورت منظر کو دیکھ کر دھڑکنے لگا ،وہ ابھی اس جھولے کی طرف بڑھنے ہی لگی تھی کہ اسے اپنے پیچھے سے سوکھے پتوں پر کسی کے قدموں کی آہٹ محسوس ہوئ ۔
وہ چونک کر پلٹی ،سامنے ایک دراز قد نوجوان کھڑا تھا۔ اس کی بھوری آنکھوں میں علینہ کو دیکھ کر مانوس سی چمک ابھری۔
ویلکم بیک مس گھوسٹ ڈیٹیکو!!،وہ مسکراتا ہوا قریب آیا،ان جانے پہچانے لفظوں پر اس کے دماغ نے سگنل دیا،
ایلون اس اٹ یو( is it you)؟؟ وہ جوش سے اس کے قریب آتے بولی۔
کیسی ہو ایلی ،وہ اپنے مخصوص انداز میں پینٹ کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے کھڑا تھا،ایلون علینہ کا ہمسایہ اور بچپن کا دوست۔
بہت اچھی ،تم کیسے ہو؟؟ ،علینہ کی بات پر وہ مسکرا دیا۔
اتنے سالوں بعد تمہیں لندن آنے کا خیال آگیا؟۔
ڈیڈ کی وجہ سے آنا پڑا ،لندن اس ٹو بورنگ
(London is too boring )،وہ ادھر ادھر دیکھتے بولی۔
وہ اس کی بات پر الجھا ،
“بورنگ لیکن کیسے؟؟یہاں پہ سب کچھ ہے۔”
نہیں یہاں پہ پاکستان والی بات نہیں، پاکستان کے قبرستان زیادہ اٹریکٹو تھے،ایلون اس کی بات پر اور بھی الجھن گیا ۔
وہ اب گھنے جنگل کو دیکھ رہی تھی۔
ایلون نے ایک نظر گھنے جنگل پر ڈالی اور دوسری علینہ پر اور پھر اس کی طرف تھوڑا جھکتے بولا۔
تم یہاں کھڑی جنوں کو تلاش کر رہی تھی ؟،ڈانٹ ٹیل می ایلی!،کہ ان جنات کا بھوت تم سے نہیں اترا ابھی تک ،اس کی بات سن کر علینہ ہنس پڑی اور کافی دیر تک ہنستی رہی ،اور پھر اہنے بال کانون کے پیچھے اڑستے بولی۔
“نہیں ابھی تک نہیں اترا ،بلکہ اور گہرا ہوگیا ہے”،
سدھر جاو علینہ، یاد ہے جب تم نے مجھ سے آخری دفعہ بات کی تھی، وہ تمہارے میرے ساتھ پاکستان جانے کے بعد پہلی دفعہ ہونے والی گفتگو تھی،اور مجھے لگا تھا کہ تم مجھے یاد کر رہی ہوگی لیکن تم نے مجھ سے بات بھی کی تو کیا ان جنو بھوتوں کے بارے میں، اور اپنی وہ عجیب سی تھیوریز بھی سنائی تھی ،تب مجھے لگا تھا کہ یہ صرف وقتی جنون ہے ،لیکن تمہیں دیکھ کر لگ نہیں رہا ،دراز قد لڑکا کچھ فکرمندی سے بولا۔
علینہ نے سر ہلانے ہر اکتفا کیا۔
اب یہی رہونگی نہ؟؟ ،وہ دونوں اب ساتھ ساتھ چلنے لگےتھے۔
ہاں ڈیڈ تو یہی کہ رہے تھے،
☆☆☆☆☆
رات کے تقریبا پونے بارہ بجے تھے ،پورا لندن دھند کی لپیٹ میں آیا ہوا تھا ،کھڑکی سے باہر کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا ،ان کو لندن میں آے دو ہفتے ہوگئے تھے،سب کچھ اپنی روٹین میں آگیا تھا ،علینہ اور نوفل دونوں ایک ہی کالج میں جانے لگے تھے ،اور سوفیا سکول چلی جاتی تھی ،علینہ اس وقت اپنے کمرے کی کھڑکی کے آگے کھڑی تھی ،اس نے سیاہ رنگ کی اوور سائز ہڈی پہنے رکھی تھی جس کی کیپ نے اس کا آدھے سے زیادہ چہرہ چھپا رکھا تھا ،اس کا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا ،یہ دھڑکن خوف کی نہیں تھی بلکہ اس بھوک کی تھی ،جو اس ماورائی دنیا کا ثبوت لانے پر مجبور کر رہی تھی۔
“خوف ایک کمزوری ہے لیکن تجسّس ایک بھوک ہے،ایک ایسی بھوک جسے جتنا بھی ختم کیا جائے ،وہ اتنی ہی بڑھتی ہے۔”
اس نے ایک ہاتھ میں نائٹ ویزن ہینڈ کیم اٹھایا اور دوسری جیب میں وہ ریموٹ نما ای ایم ایف میٹر (EMF Detector) ڈالا، علینہ نے آہستہ سے کمرے کا دروازہ کھولا، وہ محل کے سنسان کوریڈور کو پار کرتے ہوئے اور پچھلے دروازے سے نکل کر سیدھی اس گھنے جنگل کی طرف بڑھ گئی۔
جنگل کے اندر قدم رکھتے ہی ہوا منجمد کر دینے والی حد تک سرد ہو گئی۔ سوکھے پتے اس کے جوتوں کے نیچے آ کر ہلکی سی سرسراہٹ پیدا کر رہے تھے۔ علینہ نے کیمرہ آن کیا اور اس کی ہری نائٹ ویژن اسکرین پر جنگل کے خوفناک تنے ابھرنے لگے،اس نے بےاختیار تھوک نگل کر حلق کو تر کیا اور کیمرے سے سامنے کے منظر قید کرنے لگی،
اس نے جیب سے ریموٹ نما میٹر نکالا۔ ابھی وہ جنگل کے مرکز تک پہنچی ہی تھی کہ میٹر نے اچانک دھیمی سی بیپ کی—ہری لائٹ غائب ہوئی، پیلی چمکی اور پھر… آخری سرخ لائٹ تیز رفتاری سے جلنے بجھنے لگی۔ میٹر کا سگنل فل تھا۔ علینہ کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ کیمرے کی اسکرین پر، دھند کے پیچھے کچھ عجیب دکھائ دینے لگا، سیاہ سایہ جو ابھر ابھر کر اس کی طرف آرہا تھا، وہ آہستہ آہستہ اس کی جانب ارہا تھا ارہا تھا ،اور علینہ کو یوں محسوس ہورہا تھا کہ وہ قید کردی گئ ہوں ،وہ سحرزدہ سی سامنے دیکھ رہی تھی ، اچانک اس کے پیچھے سے ایک زوردار جھٹکے نے اسے خواب سے حقیقت کی دنیا میں پٹخ دیا!
“علینہ!!!”۔
لیانہ نے اس کا بازو اتنے زور سے جھٹکا کہ علینہ کے ہاتھ سے کیمرہ گرتے گرتے بچا۔ لیانہ کا چہرہ غصے اور شدید خوف سے لال ہو رہا تھا، ان کی سانسیں پھولی ہوئی تھیں اور وہ ٹھٹھرتی سردی میں صرف ایک شال اوڑھے جنگل میں اس کو اکیلے جاتے دیکھ کر اس کے پیچھے آئے تھی۔
“تمہارا دماغ خراب ہو گیا ہے؟ پاگل ہو گئی ہو تم؟” لیانہ نے علینہ کا بازو مضبوطی سے دبوچا اور اسے تقریباً گھسیٹتے ہوئے محل کی طرف لے جانے لگیں ۔
“آدھی رات کو اس سنسان جنگل میں اکیلی گھوم رہی ہو،تمہیں اپنی جان کی پرواہ نہیں ہے تو ہمارا تو سوچو،ہمارا کیوں تم نے جینا حرام کر رکھا ہے،وہ مسلسل اس ہر چلا رہی تھی۔
علینہ نے مڑ کر اس سائے کو دیکھنا چاہا، لیکن لیانہ نے اسے مڑنے نہیں دیا۔ وہ اسے کھینچتی ہوئی محل کے اندر لائیں اور سیدھا ڈرائنگ روم میں لے جا کر چھوڑا۔
جہاں پہلے سے ہی نوفل اور افغان صاحب موجود تھے ،وہ حیران سے کبھی غصے سے پاگل ہوتی لیانہ کو دیکھتے تو کبھی حال بےحال ہوئ علینہ،
یہ کیا طریقہ ہے لیانہ ،افغان چلائے۔
یہ آپ آپنی لاڈلی سے پوچھیے ،پوچھیے اس سے کہ یہ آدھی رات کو یہ منحوس کیمرہ اٹھائے کیوں گئ اس جنگل میں،
پوچھتے کیوں نہیں، لیانہ ان سے بھی اونچی آواز میں چلائ۔
کیا یہ سچ ہے علینہ ،انہوں نے دھیمے انداز میں پوچھا۔
ڈید وہ ،،،میں۔
ہان یا نان ؟؟،وہ کچھ کہنے لگی تو انہوں ہاتے اٹھائی کر روکا۔
ڈیڈ میں گئ تھی پر۔۔۔
جسٹس شٹ آپ علینہ ،ہم پاکستان سے لندن سکون کی زندگی گزارنے آئے تھے ،لیکن تم نے تو قسم کھا رکھی ہے کہ تم ہمیں سکون سے نہیں جینے دوگی ،تمہارا یہ ہورر مووی اور یہ جو ڈاکومنٹریزز پڑھ کر دماغ خراب ہوگیا، یہ بکواس بند کردو علینہ اب ،،اتنی زور سے بولنے پر اب وہ ہانپتے لگے، نوفل نے انہیں کندھے سے پکڑ کر سہارا دیا۔
ڈیڈ، وہ بکواس نہیں ہے… میں نے خود کیمرہ پر…” علینہ نے اپنی صفائی میں کیمرہ دکھانا چاہا، لیکن افغان نے ہاتھ کے ایک جھٹکے سے کیمرہ اٹھا کر زور سے زمین پہ دے مارا ،وہ اس اچانک حملے سے ہربڑا گئ ،اور حیران سے ٹوٹے ہوئے کیمرے کو دیکھنے لگی۔
“بس! ایک لفظ بھی اور مت بولنا،” افغان نے دباؤ دار لہجے میں کہا،
“تمہیں کیا لگتا ہے، تم بہت بہادر ہو؟ یہ جو ہورر فلمیں اور ڈاکومنٹریز دیکھ دیکھ کر تمہارا دماغ خراب ہوا ہے نا، میں یہ سب بند کروا دوں گا۔
نوفل! کل ہی اس کا لیپ ٹاپ اور یہ جتنے بھی الٹے سیدھے اوزار اس نے رکھے ہیں، سب میرے حوالے کرو۔” افغان کا لہجہ سرد اور حتمی تھا۔
نوفل نے خاموشی سے سر ہلا دیا، جبکہ لیانہ ایک کونے میں سینے پہ دونوں ہاتھ باندھے کھڑی تھی ۔
ڈیڈ اگر میں پاگل ہوں تو آپ کیا ہے؟؟ ،ایک چیٹر، وہ صدمے سے لال ہوتی آنکھوں سے بول رہی تھی۔
افغان حیران سے کھڑے علینہ کو دیکھ رہے تھے۔
آپ نے میری مام کے ساتھ چیٹ کیا،آپ نے ان کے مرنے کے فورا بعد ہی دوسری شادی کرلی،اپ کو اندازه بھی ہے اس سے ان کو کتنی تکلیف پہچی تھی،آنسو چہرے کو بگھو رہے تھے ،وہ بول کر رکی نہیں، بھاگ کر سیڑھیوں کو پار کرتے کمرے میں بند ہوگئی۔
افغان صوفے ہر دھپ سے بیٹھ گئے۔ نوفل نے جلدی سے انہیں پانی دیا۔
دیکھا اور اٹھائے اس کے نخرے ،لیانہ بولنے ہی لگی تھی کہ افغان نے ہاتھ اٹھا کر سختی سے انہیں روک دیا تو وہ چپ ہوگئ۔
☆☆☆☆
وہ اس رات راکنگ چئیر پر براجمان اسٹدی روم میں موجود تھے ،گھر میں سب سو چکے تھے ،لیکن ان کی آنکھوں سے نیند کوسوں دور تھی ،آج کے اس واقعہ نے ان کی زندگی کے ایک پرانے واقعے کی یاد دلادی تھی ،ایک ایسا واقعہ جو ان کی زندگی کا سب سے خوفناک حصہ تھا ۔
وہ رات سیاہ تھی ،بالکل سیاہ ،چاند کہیں دور چھپا ہوا تھا، رات اپنے جوبن پہ تھی ،آج علینہ کی ماں کی دیتھ اینیورسری تھی ،وہ باہر لان میں چہل قدمی کر رہے تھے ،اور اپنی زندگی کے ان خوبصورت پل یاد کر رہے تھے جو انہوں نے اپنی پہلی بیوی کے ساتھ گزارے تھے۔
چہل قدمی کرنے کے بعد وہ گھر کے اندر کی طرف بڑھ گئے لیکن ہمیشہ کی طرح علینہ کو ایک نظر دیکھنا نہ بھولے،انہیں آج غیر معمولی طور پر سونے کے لیے دیر ہوچکی تھی ،وہ قدم قدم چلتے علینہ کے کمرے کے نزدیک پہنچ گئے ،لیکن کمرے کے قریب پہنچتے ہی انہیں اندر سے کچھ آوازیں سنائی دینی لگی، وہ اس آواز کو پہچانتے تھے ،وہ ان کی علینہ کی آواز تھی ،وہ اکیلی باتیں کر رہی تھی ،لیکن یوں لگ رہا تھا جیسے کوئ دوسرا انسان بھی اس کے ساتھ کمرے میں موجود تھا۔
اسی پل کمرے کا دروازہ جو پہلے ہی تھورا سا کھلا تھا مزید سرک گیا۔
جھروکے سے جھانکتے افغان کے حلق میں جیسے تھوک سوکھ گیا۔ ان کی پندرہ سالہ بیٹی اندھیرے کمرے میں اکیلی بیٹھی ہوا میں کسی غیب سے باتیں کر رہی تھی، علینہ مکمل طور ہر کسی نا معلوم وجود سے باتیں کرنے میں منہمک تھی۔
علینہ کی نظر چوکھٹ ہر کھڑے افغان پر پڑی تو مسکرا کر انہیں دیکھا اور پھر سامنے توجہ مرکوز کرلیں۔
دیکھیں مام ڈیڈ بھی آگئے ….
انہیں اپنے جسم میں چوٹیاں چلتی محسوس ہوئی،
انہیں ایسے محسوس ہوا جیسے کوئ وجود انہیں دیکھ رہا ہو ،
انہیں چند دنون سے علینہ کی حالت میں بدلاو محسوس ہو رہا تھا ،لیکن وہ اس طرح کی کوئی بھی بات نہیں سوچ پائے تھے ، کہ وہ ایک دن اپنی مری ہوئ ماں سے بھی بات کر پائے گی،
وہ رات ان کے لیے ایک بھیانک خواب کی طرح تھی ۔انہیں لگا تھا کہ علینہ وقت کے ساتھ بہتر ہوجائے گی ،لیکن وہ وقت کے ساتھ ساتھ ان چیزوں میں اور بھی دلچسپی لینا شروع ہوگئ تھی ،اور آج کی علینہ کی باتوں سے انہیں اور بھی پختہ یقین ہوچکا تھا کہ یقینا وہ آج بھی ان چیزوں کے ساتھ تعلق میں تھی ،اور افغان اس کے آگے کچھ اور سوچ ہی نہ پائے، ان کی ریڑھ کی ہڈی میں سنسناہٹ دور گئ ،ایک برفانی سنسناہٹ۔
☆☆☆☆
اگلی صبح اس کی انکھ دیر سے کھلی ،وہ جلدی جلدی بغیرناشتہ کیے کالج چلی گئ ،
اس کا دماغ اب بھی اسی جنگل کے سائے اور ای ایم ایف میٹر کی سرخ لائٹ پر لاک تھا ،اس نے رات کو عین موقع ہر میٹر کو اپنی پاکٹ میں چھپا لیا تھا ورنہ وہ بھی ابھی تک جہنم میں سر رہا ہوتا ، وہ کلاس کی آخری ڈیسک پر بیٹھی اپنی نوٹ بک کے صفحے پر اس لمبے، سیاہ سائے کا خاکہ بنا رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ کیا اب وہ سایہ دوبارہ اس کے سامنے ائےگا؟۔
اس سے کچھ دوری پر ایلون بیٹھا ایک ہاتھ تھوری کے نیچے رکھے اسے دیکھے جا رہا تھا ،وہ اپنے برے موڈ کی وجہ سے اسے نظرانداز کرنے کی کوشش کر رہی تھی ،لیکن ایلون تھا کہ کبھی کوئ چیز اس پر پھینکا تو کبھی کوئ تا کہ وہ اس کی طرف متوجہ ہو۔
بلیک بورڈ پر مسز ہیریسن، جو ایک سخت مزاج خاتون تھیں، اپنے ہاتھ میں چاک لیے فزکس سمجھا رہی تھیں۔
وہ پچھلے بیس منٹ سے اسی گہری سوچ میں ڈوبی ہوئی تھی اور اپنے خیالات میں ایک ایک جن کو الٹا لٹکا لٹکا کر اس پر فزکس کے قوانین اپلائی کر رہی تھی۔
مسز ہیریسن کی نظر کلاس میں چکر لگاتے ہوئے ،اچانک آخری ڈیسک پر پڑی جہاں علینہ دنیا و مافیہا سے بے نیاز غیر مرئی نقطے کو غور رہی تھی۔
مسز ہیریسن علینہ کی میز کے بالکل سامنے آ کر کھڑی ہو گئیں اور ہاتھ کمر پر رکھ کر اپنی عینک ناک پر ٹکائی، “مس علینہ!”
علینہ ہڑبڑا کر سیدھی بیٹھی ، “جی… جی میم؟”
“میں پچھلے بیس منٹ سے پڑھا رہی ہوں مس علینہ ، اور آپ کا جسم تو یہاں موجود ہے مگر روح شاید کسی ویران جزیرے پر مٹر گشت کر رہی ہے،” مسز ہیریسن نے طنز انداز میں کہا۔
“کیا آپ مہربانی کر کے پوری کلاس کو بتائیں گی کہ ابھی ہم کیا پڑھ رہے تھے؟؟۔
پوری کلاس کی نظریں علینہ پر جمی یوئ تھی ۔ اس نے ایک نظر بلیک بورڈ پر لکھی ہوئی مشکل مساواتوں پر ڈالی، پھر مسز ہیریسن کے غصے سے لال چہرے کو دیکھا، اور معصومیت سے بولی۔
“مس… آپ پچھلے بیس منٹ سے یہ پڑھا رہی ہیں کہ… جو چیزیں ہمیں نظر نہیں آتیں، ان سے پنگا نہیں لینا چاہیے کیونکہ ان کی انرجی بہت ہائی ہوتی ہے!”
پہلے تو کسی کو سمجھ نہیں آیا لیکن جب سمجھ آیا تو کلاس میں ہنسی گونجنے لگیں۔
مس علینہ میں نے آپ سے پچھلے بیس کا پڑھا ہوا پوچھا تھا ،یہ نہیں کہا تھا کہ فزکس کا جنازہ ہی نکال دیں، مسز ہیریسن افسوسناک لہجے میں بولی۔ساری کلاس ایسے ہنس رہی تھی جیسے انہیں خوشی کا دورہ پر گیا ہو۔
اچانک اس کی نظر ایلون پر گئ ،وہ سر نیچے کیے مسکراہٹ روک رہا تھا ،اس کا سارا خون چہرے ہر سمٹ ایا ،ایلون نے دیکھا تو جلدی سے ہاتھ کی مٹھی بنا کر منہ کے آگے رکھی ،جو کہ ناکام کوشش تھی ،اس کی آنکھوں سے پتہ چل رہا تھا ،وہ کس قدر بیوقوفی والی بات کرچکی تھی ،وہ انہیں نظرانداز کرتے دوبارہ اپنی جگہ پہ بیٹھ گئ۔
☆☆☆☆
یہ بریک ٹائم تھا ،وہ کالج لان کے بینچ پر بیٹھ گئ،اس کا دل رات کی ڈانٹ اور کچھ دیر پہلے ہونے والی بےعزتی سے بڑھ چکا تھا ،طبیعت ابھی بھی ضدی اور بیزار سی تھی ،اسے اپنے پاس اردگرد چلتے سٹوڈینٹس کو دیکھ کر ہی غصہ آرہا تھا ،وہ نیوی رنگ کے بریتش یونیفارم میں ملبوس تھی ،تبہی پیچھے سے ایلون آتا ہوا دکھائی دیا ،وہ یقینا علینہ کو ہی ڈھونڈ رہا تھا ،اس کے ہاتھ میں دو کافی کے مگ تھے ،وہ خاموش قدم اٹھاتا علینہ کے بینچ کے پیچھے پہنچا اور اس کی سفید سرخ ٹھنڈی گالوں پر کافی کے دونوں مگ نرمی سے ٹکا دیے،علینہ ایک دم اچھل پڑی۔
وہ جو اگلے بندے کو کافی سخت سنانے والی تھی ،ایلون کو دیکھ کر چپ ہوگئ اور بےرخی سے رخ موڑ گئئ،وہ حیران ہوا ،اور اس کے ساتھ آکر بیٹھ گیا۔
وہ ایلون کو بالکل نظر انداز کرتے ہوئے اٹھنے لگی تو ایلون نے اس کا بازو پکڑ لیا۔
“ارے… ایلی یار ،کیا ہوا؟، بات کیوں نہیں کر رہیں؟ میں نے کیا کیا ہے یار؟؟۔
علینہ نے اپنا بازو ایک جھٹکے سے چھڑایا۔، تو اس کی بڑی، گہری آنکھوں میں غصہ تھا۔
تم بھی ہنس رہے تھے ،جب میری انسلٹ ہورہی تھی ،تو سب کے ساتھ تم بھی بڑا کھی کھی کر رہے تھے ،اب کیوں آئے ہو میرے پاس ،جاون کے ساتھ ہنسو میری بےعزتی پہ ،وہ غصے سے بولی، تو وہ اپنی ہنسے چھپانے لگا۔
“یار تم بات ہی ایسی کر رہی تھی”۔
اچھا تو میں پاگل ہو ،وہ پھر غصے سے پھٹ پڑی۔
نہیں بابا ،اوکے ایم سوری ،اب بیٹھو تو ،ایلون نے اسے زبردستی واپس بٹھایا۔
“اچھا بتاو اب کیسے مانوگی”۔
“نہیں مانوگی”، وہ سینے کے گرد بازو باندھتی ضدی لہجے میں بولئ۔
“یار اچھا نہ بولو بھی ،جو بھی کہوگی ،پورا کروگا”۔
“سچ میں” ،وہ جلدی سے بولی۔
“بعد میں مکر مت جانا”،وہ آنکھیں چھوٹی کیے پوچھ رہی تھی۔
نہیں بابا،اچھا اب بتاو تو ،کیا چاہیے؟؟۔
مجھے اس پرانے ریلوے سٹیشن پہ جانا ہے ،وہ بےنیازی سے بولی۔
“کیا؟؟ اور وہان کیوں “۔
بولو ہاں کہ ناں؟؟۔
ناں، وہ ہتمی لہجے میں بولا۔
ٹھیک ہے پھر میں جا رہی ہو ،وہ جلدی سے ںوٹ بک اٹھاتے بولی۔
اوکے اوکے ،ہاں، وہ بگھرے لہجے میں بولا۔
تو علینہ مسکرائ اور کافی کا کپ اس سے جھپٹ کر پینے لگی۔
☆☆☆☆
وہ اتوار کا دن تھا ،آج سب بچے گھر پہ موجود تھے ،افغان صاحب اور علینہ کے درمیان ہوئے جھگڑے کے بعد دونوں میں کوئی بات نہیں ہوئ تھی،وہ ان سے بات کرنا چاہتی تھی ،لیکن اسے ڈر تھا، کہ وہ اسے پھر سے جھڑک دیں گے۔
رات کو ڈنر کی ٹیبل پر اسے وہ دیکھے نہیں تو لیانہ سے پوچھ لیا۔
ڈیڈ کدھر ہے ،پانی کا گلاس ہونٹوں کے قریب لے جاتے پوچھا۔
سٹڈی میں ہیں، بولے کام ہے ،علینہ کے سر ہلادیا۔
ڈنر کے بعد وہ کھانے کی ٹرے سجاتی کر سٹڈی روم کی طرف چل پڑی۔
ہولے سے دروازہ کھٹکھٹایا اور اندر کی طرف چل پڑی، سامنے افغان صاحب رانگ چئیر پر آنکھیں بند کیے جھول رہے تھے ،اس نے آہستہ سے ٹیبل پر ٹری رکھی اور ان کی رانگ چئیر کے قریب زمین پہ آکر بیٹھ گئ،اور ان کے گھٹنوں پہ سر ٹکا دیا،انہوں نے ہولے سے اس کا سر تھپتھپایا،
زمین سرد ہے بیٹا ،صوفے پہ بیٹھ جاو،علینہ نے ان کے چہرے کی طرف دیکھا تو آنکھیں بند تھی۔
آپ کو کیسے پتہ کہ میں ہی ہوں؟، اس نے ان کے چہرے پر نظریں مرکوز کرتے پوچھا ،اس کے سوال پر ان کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔
چور قدم رکھنے کی عادت میری علینہ کی ہی ہے ،ان کی بات سن کر اس نے پھر سے سر ان کے گھٹنوں پہ ہی رکھ دیا۔کچھ دیر خاموشی چھائی رہی ،
“ڈیڈ”۔
“ہمم”،
آپ مجھ جیسی بیٹی ڈیزرو نہیں کرتے ،میں بہت بری ہوں، ہمیشہ آپ کو تنگ کرتی ہو، افغان صاحب نے محسوس کہا کہ ان کا گھٹنہ بھیگ رہا تھا۔
سوری ڈیڈ،انہوں نے علینہ کا چہرہ دونوں ہاتھوں تھاما ،اور اس کا آنسوؤں سے تر چہرہ صاف کیا۔
تم میری سب سے بہادر بیٹی ہو ،اور مجھے خود پہ فخر ہے کہ میں علینہ افغان کا باپ ہوں، وہ محبت سے بولے ۔
تو پھر آپ ڈنر پہ کیوں نہیں آئے، ناراضگی سے سوال پوچھا۔
ارے بھئی اب بوڑھا ہوگیا ہوں میں، کبھی کبھی نہیں بھی دل کرتا کھانے کو،وہ مسکراتے ہوئے بولے۔
میں آپ کے لیے کھانا لائ ہوں، کھالے پلیز ورنہ ٹھنڈا ہوجائے گا،
پرامس می بیٹے ،وہ اٹھنے لگی تو انہوں نے ہاتھ تھام کر روک لیا۔
پرامس کرو کہ تم اب کبھی انہیں تلاش نہیں کروگی ،وہ ٹھٹھک گئ۔وہ ان کی بات کا مطلب سمجھ گئ تھی۔
نہیں کروگی ائ پرامس یو، ایک سینکنڈ دیر کیے بغیر جواب دیا گیا،افغان صاحب کے لیے یہ جواب غیر متوقع تھا ،انہیں لگا تھا کہ وہ آگے سے جھگڑے گی۔
میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں ڈیڈ ،میں آپ کے ساتھ رہنا چاہتی ہو ،میں اب کوئ بیوقوفی نہیں کروگی ،وہ ان کے ہاتھوں کو اپنے ہاتھوں میں لیے بول رہی تھی۔
☆☆☆☆
دوپہر کے دو بج رہے تھے لیکن دھند نے سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا آج کل وہ ڈیڈ سے بھی محتاط تھی لیکن ان کی بزنس میٹنگ اور لیانہ کے پارٹیز وغیرہ میں جانے کی وجہ سے وہ آرام سے اپنے کام سرانجام دے سکتی تھی۔ لندن کی فضا پر دھند کی اتنی گہری اور موٹی چادر تنی تھی کہ ٹارچ کی روشنی بھی اس کے سامنے دم توڑ رہی تھی۔ سردی اتنی شدید تھی کہ ہوا سانسوں کو منجمد کر رہی تھی۔
وہ نیلے رنگ کی سادہ سی ٹی شرٹ کے اوپر نیلے رنگ کا ڈینم اوورال پہن رکھا تھا ،سیاہ لمبے بالوں کو اونچی پونی ٹیل میں باندھ رکھا تھا۔
کچھ ہی دیر بعد ایلون آتا دیکھائ دیا، وہ وائٹ شرٹ اور بلیک پینٹ میں ملبوس تھا اور اوپر سے بھورا گرم کورٹ پہن رہا تھا ،اس کے ہاتھ میں بھوری رنگ کی بلی تھی ،وہ نزدیک آیا تو وہ بےاختیار پیچھے ہوئ۔
آہ یہ کیا ہے؟؟ ،وہ ڈر کر بولی۔
یہ میری گرل فرینڈ ہے ،وہ اسے چومتے بولا تو علینہ نے منہ بگاڑا۔
ڈانٹ ٹیل می کہ اب ہمارے ساتھ تمہاری یہ بلی ،سوری گرل فرینڈ بھی ہمارے ساتھ جا رہی ہے ،وہ طنزیہ انداز میں بولی۔
نہیں یار ،یہ بہت قیمتی ہے ،اسے نہیں لے جاسکتا ،ایلون نے اسے زمین پی چھوڑا تو وہ بھاگتی ہوئ گھر کے اندر چلی گئ۔
کیا مطلب میں تمہیں بہت خطرناک جگہ لے جارہی ہو ،وہ آنکھیں چھوٹی کر کے اور کمر پہ دونوں ہاتھ رکھ کر پوچھنے لگی۔
ایلون کو س کا لڑکا عورتوں والا روپ بہت اچھا لگا ،وہ مسکرایا اور اور اس کا بازو پکڑتے کر آگے بڑھ گیا۔
جنگل کے خشک پتوں کو کچلتے ہوئے، وہ دونوں بالآخر اس ویران، بند ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔ وہاں کا منظر خوفناک حد تک سحر انگیز اور پرسکون تھا۔ لوہے کی پٹریوں پر زنگ کا ایک موٹا کالا کوٹ چڑھ چکا تھا اور ان کے ارد گرد لمبی، سوکھی گھاس اگ آئی تھی جو ہوا کے ساتھ سائیں سائیں کر رہی تھی۔ اسٹیشن کی پرانی عمارت کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور پلیٹ فارم پر لگا گھڑی کا ایک ٹوٹا ہوا ڈائل دن کے اس پہر کسی کھوپڑی کی طرح لگ رہا تھا۔
“لو جی مس گھوسٹ ڈیٹیکو! ہم آپ کی پکنک اسپاٹ پر پہنچ گئے،” ایلون نے اپنی جیکٹ کے کالر کو گردن تک چڑھاتے اور ٹارچ کی روشنی ویران ٹکٹ کاؤنٹر پر ڈالتے ہوئے کہا۔ “اب یہاں کیا کرنا ہے؟ بھوتوں کے ساتھ لوڈو کھیلنی ہے؟”
علینہ نے اسے ایک گھور کر دیکھا اور بغیر کوئی جواب دیے
پلیٹ فارم پر آگے بڑھنے لگی۔ اس کے بوٹوں کی آواز پورے ویران اسٹیشن پر گونج رہی تھی۔ وہ اسٹیشن کی ایک ایک چیز کو بڑے غور سے دیکھ رہی تھی۔
“علینہ، رکو تو! اتنی تیز کیوں چل رہی ہو؟” ایلون اس کے پیچھے بھاگا۔
وہ دونوں اسٹیشن کے مرکزی دفتر (Station Master’s Office) کے سامنے پہنچے۔ دروازے پر ایک بڑا، زنگ آلود تالا لٹک رہا تھا۔ علینہ کی آنکھوں میں ایک دم چمک ابھری۔
اس نے قریب پڑا بھاری راڈ اٹھایا۔
“یہ تم کیا کر رہی ہو؟” ایلون کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔
“تالا توڑ رہی ہوں،” علینہ نے انتہائی معصومیت سے کہا اور پورے زور سے راڈ تالے پر مارا۔ ایک گونجدار آواز آئی اور تالا ٹوٹ کر نیچے گر گیا۔
“اوہ مائی گاڈ! تم سچ مچ پاگل ہو! ہم لندن میں ہیں علینہ، جیل ہو جائے گی ہمیں!” ایلون نے ڈرامائی انداز میں اپنا سر پیٹا، مگر خود بھی تجسس کے مارے دروازے کو دھکا دے کر اندر جھانکنے لگا۔
اندر کا ماحول دہائیوں پرانا تھا۔ میز پر گرد سے اٹی ہوئی پرانی فائلیں، ایک لکڑی کی کرسی اور کونے میں ایک پرانا تانبے کا لیمپ پڑا تھا۔ علینہ نے ایک فائل اٹھائی اور اس کے صفحات پلٹنے لگی۔ ایلون ایک کونے میں کھڑا ہو کر اس کا چہرہ دیکھ رہا تھا، جہاں ٹارچ کی پیلی روشنی میں اس کا سفید چہرہ اور گہری کالی آنکھیں کسی ہورر فلم کی ہیروئن جیسی لگ رہی تھیں۔
“تمہیں ڈر نہیں لگتا نا؟” ایلون نے دھیمی آواز میں پوچھا، اس کا لہجہ ایک دم سنجیدہ ہو گیا۔ “کسی بھی چیز سے؟”
علینہ نے فائل سے نظریں ہٹا کر ایلون کو دیکھا۔ اس کے لبوں پر ایک دھیمی سی مسکراہٹ ابھری، “ڈر تب لگتا ہے ایلون جب انسان اکیلا ہو۔ میں اکیلی نہیں ہوں… تم میرے ساتھ ہو نا۔”
ایک لمحے کے لیے ایلون کے حرکت کرتے ہوئے ہاتھ تھمے گئے ،اور پھر غور سے علینہ کا چہرہ دیکھا۔
“تم بہت عجیب ہو ایلی”۔
“ہاں… وہ تو ہے لیکن تم بہت اچھے دوست ہو ایلون۔”
تمہیں مجھ پہ اتنا یقین ہے لیکن اگر کوئی جن سامنے آ گیا تو میں سب سے پہلے تمہیں آگے کروں گا!”۔
وہ دونوں ہنستے ہوئے اس پرانے دفتر سے باہر نکلے اور پٹریوں کی طرف بڑھنے لگے۔ پٹریوں کے درمیان چلتے دوران دھند اب اور بھی گہری ہو رہی تھی۔ وہ دونون پٹری پہ چلتے ہوئے توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے تھے،یہ ان دونون کی زندگی کا سب سے خوبصورت تجربہ تھا ۔
پٹریوں کے گرد جمی دھند ان کے ارد گرد ایک دائرہ بنانے لگی تھی،اچانک، بند پٹریوں پر سے ایک تیز، بھاری اور غیر انسانی آوازیں آنے لگی،جیسے کوئی بہت وزنی لوہے کی زنجیر پٹریوں پر گھسیٹی جا رہی ہو۔ دھواں گہرا ہوتا جارہا تھا ،اور ہر لمحے وہ ان کے قریب آتا جا رہا تھا۔
ایلی مجھے لگتا ہے ہمیں اب چلنا چاہیے،ایکون کی گھبراہٹ بھری آواز سن کر وہ ہنس دی۔
تمہیں ڈر لگ رہا ہے کیا ایلون؟،
نہیں میری ٹانگیں وائبریشن موڈ پہ ہیں، ایلون کو علینہ کی بیوقوفی پہ اور بھی غصہ آیا، دھواں اب ان کے گرد ایک جال کی طرح جمع ہوگیا تھا،ایسے جیسے وہ قید ہوگئے ہو۔
علینہ چلو،ایلون نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑتے کہا۔
لیکن علینہ وہیں منجمد کھڑی تھی۔ اس کا پورا وجود اس سحر کا اسیر ہو چکا تھا۔
اس سائے نے پٹری پر ایک قدم آگے بڑھایا ،اس دھوئیں کی کوئ آنکھیں نہیں تھی ،لیکن پھر بھی یون لگ رہا تھا ،جیسے وہ صرف علینہ کی طرف ہی متوجہ ہو، اور ریلوے اسٹیشن کی ساری ٹوٹی ہوئی لائٹس ایک ساتھ جل کر پٹاخے کی طرح پھٹ گئیں۔ اندھیرے نے ان دونوں کو اپنی گود میں لے لیا تھا ،
ایلون نے اسے زبردستی اپنی طرف کھینچا ،اور اپنے ساتھ لے جانے لگا۔
آج ہم بال بال بچے ہیں، سٹیشن سے باہر آکر وہ لمبے سانس لیتے بولا ،جبکہ علینا ابھی بھی اسی منظر میں کھوئ تھی۔
علینہ ،باہر اجاو اب اس دنیا سے ،وہ اس کے کندھے جھنجھوڑتے بولا۔
یہ آخری دفعہ تھا ایلی اب بس ،وہ غصے سے بول رہا تھا۔
ہاں بس یہ آخری دفعہ تھا ،عکینہ نے گہری سانس لی اور بڑبڑائی۔
“جب ہمیں لگتا ہے کہ ہم نے سب کچھ ختم کردیا ہے ، لیکن تب ہی شروعات ہوتی ہے”۔
واپسی کا راستہ سہانا تھا ،لندن کی خوبصورتی میں بارش نے اضافہ کر دیا تھا ،ایلون کی سفید شرٹ پوری بھیگ چکی تھی ،اس کا بھورا کورٹ علینہ کے سر پر تھا ،وہ دونوں ہاتھوں سے سر کو ڈھانپے ہستے کھیلتے گھر کی طرف بھاگ رہے تھے۔
☆☆☆☆
وہ اپنے کمرے میں موجود کتابوں کے ساتھ الجھن رہی تھی، اس کی حالت کوفت زدہ تھی ،امتحان چل رہے تھے ،اور وہ تنگ آچکی تھی پڑھ پڑھ کے، اسی پل دروازے پر دستک ہوئی اور افغان صاحب اندر آتے دیکھائ دیے ،انہیں دیکھ کر وہ سیدھی ہو بیٹھی اور چیزیں سمیٹ کر ان کے لیے جگہ بنائی، اس کی یہ حرکت دیکھ کر وہ حیران ہوئے بنا نہ رہ سکے ،اور بیٹھ گئے۔
اہممم،انہوں نے گلا کھنکھار کر بات کا آغاز کیا۔
پاکستان میں ہمارے ایک قریبی رشتےدار کی دیتھ ہوگئ ہے ،جس کی وجہ سے مجھے اور لیانہ کو وہاں جانا پرےگا ،نوفل تمہارے پاس ہی رہے گا اور سوفیا ہمارے ساتھ جائے گی ،انہوں نے تفصیلا بات کی ۔
نوفل کیون نہیں جا رہا اس کے تو ایکسمز بھی ختم ہوگئے ہیں؟؟۔
وہ چلا گیا تو تم اکیلی ہو جاوگی ،اسی لیے،میں نے اسے یہی رکنے کے لیے بولا۔
“بٹ ڈیڈ، میں کوئ چھوٹی بچی تھوڑی ہو، ڈانٹ وری،آپ نوفل کو بھی ساتھ لے جائیں”۔
آر یو شور ،تم اپنا خیال رکھو گی نہ ،اور کچھ ایسا ویسا ،وہ کہنے ہی والے تھے کہ علینہ نے ان کی بات کاٹی اور نرمی سے ان کے ہاتھ تھام لیا۔
جی جی ،میں وعدہ کرتی ہو ،میں ایسی ویسی کوئ حرکت اور کبھی نہیں کروگی ،پرامس،اور اپنا پورا خیال رکھوگی،
وہ مسکرائے اور نرمی سے اس کے سر پر پیار کیا،وہ اٹھ کر جانے لگے تو علینہ کی آواز گونجی۔
“ائ ایم سوری ڈیڈ ،میں نے آپ کو بہت تنگ کیا،اور بدتمیزی بھی کی”۔
“اٹس اوکے بیٹا،ائ لو یو”۔
☆☆☆☆
وہ کمرے میں اکیلی بھیٹھی تھی ،اس کی فیملی کو گئے ایک ہفتہ ہوگیا تھا ،کمرے میں سناٹے کا راج تھا ۔ وہ صوفے پر بیٹھی کتاب پرھنے میں مصروف تھی ،جب سے ڈیڈ پاکستان گئے تھے ،تب سے اس نے کوئ بھی نئ جگہ ایکسپلور نہیں کی تھی ،یوں جیسے وہ اب ان چیزوں کو کرنے کا شوق نہ رکھتی ہو ،یا اس کی دلچسپی اب ختم ہوگئ ہو ،ایلون ہر وقت اس کے ساتھ موجود ہوتا تھا ، اچانک اس کا گلا بری طرح سوکھنے لگا اور پیاس کی ایک شدید، عجیب سی لہر اٹھی۔ وہ صوفے سے اٹھی اور پاؤں میں چپل اڑستی نیچے کچن کی طرف برھی ،ابھی اس نے پانی کا گلاس ہونٹوں سے لگایا ہی تھا اسے اچانک فضا میں کچھ بوجھل سا محسوس ہوا۔
کچن کی کھڑکی کا شیشہ زور سے تھرتھرایا ۔ ایک سائیں سائیں کرتی سردی کمرے میں اتری، ایسی سردی جو ہڈیوں تک کو جما دے ،علینہ نے گلاس سلیب پہ رکھا اور آہستہ آہستہ پٹکتی کھڑکی کے پاس پہنچی ،وہان ہوا کا نام و نشان بھی نہیں تھا ،اس نے سر جھٹکا اور کھرکی بند کردی، اس کی چھٹی ہس اسے کچھ موجود ہونے کا سگنل دے رہی تھی ،جسے وہ خود بھی محسوس کرچکی تھی ،اس کے جسم میں سنسناہٹ دوڑنے لگی ،علینہ نے ایک گہرا سانس لیا اور اردگرد کا جائزہ لینے لگی، جیسے وہ اس غیبی طاقت کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہو۔
اس کے ذہن میں پہلے ہر وقت عجیب سا سحر اور دیوانہ وار تجسّس رقص کرتا تھا ،کہ جب ماورائی دنیا کی چیزیں اس کے سامنے ائےگی تو وہ کیا کریگی؟؟،وہ سوچتی تھی کہ وہ بالکل نہیں ڈرے گی۔ وہ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھے گی، ان کے جہان کے راز پوچھے گی، اور اس سنسنی کو اپنے پور پور میں محسوس کرے گی، اسے لگتا تھا کہ وہ اس انوکھی ملاقات کے لیے بالکل تیار ہے۔
کچن کا بلب مدہم ہوتے ہوتے بالکل بجھ گیا۔ گھپ اندھیرا چھا گیا۔ اور پھر، گھر کے دالان سے ایک کثیف، گہرا کالا دھواں رینگتا ہوا اندر آنے لگا۔ وہ دھوان نہیں تھا ،بلکہ سیاہ دھوئیں جیسی کوئی مخلوق تهی، جیسے ہزاروں سائے ایک ساتھ سرگوشیاں کر رہے ہوں۔
علینہ کو پہلی بار احساس ہوا کہ سوچنا اور جھیلنا دو الگ چیزیں ہیں ۔ اس کا وہ سارا جنون، سارا تجسس ایک جھٹکے میں پگھل کر خوف میں بدل گیا۔ اس کے ذہن میں بنے سارے منصوبے دھندلا گئے۔وہ قدیم مخلوق اپنے پورے جلال کے ساتھ مجسم کھڑی تھی—ان کی دنیا کا پردہ پوری طرح مٹ چکا تھا۔
علینہ نے انہیں اپنی نظروں کے سامنے دیکھ تو لیا، لیکن اسی لمحے اسے احساس ہوا کہ وہ کسی وہم یا ہالوسینیشن (Hallucination) کا شکار نہیں تھی، بلکہ وہ سچ مچ اس تاریک گڑھے کے آخری کونے تک پہنچ چکی تھی جہاں سے اب کوئی بھی اس کو نہیں نکال سکتا تھا۔
وہ کالا دھواں کسی ناگ کی طرح اس کے پیروں سے لپٹا ،علینہ کے قدم کانپ اٹھے ،جسم پر گھبراہٹ اور سنسناہٹ طاری ہوگئ ۔
علینہ کو پہلی بار اپنی جان کا لرزہ اٹھتا ہوا محسوس ہوا ،وہ سیاہ دھواں اب سائے کی طرح اس پر حاوی ہوا رہا تھا ،وہ ایک دائرے میں قید ہورہی تھی ،وہ چلانا چاہتی تھی ،لیکن حلق سے آواز آنا جیسے بند ہوگئ ہو ،اسے یوں لگا جیسے اس کے قدم زمین چھوڑ رہے ہو۔
کمرے کی ہلکی پیلی روشنی میں ایلون وال مرر کے پاس کھڑا اپنے موبائل میں مصروف تھا ،اسے علینا کے پاس سے ائے ابھی کچھ وقت ہی ہوا تھا ۔ اس کا کمرہ دوسری منزل پر تھا، جہاں سے علینہ کا گھر بالکل سامنے دکھائی دیتا ،پہلے تو علینہ کے گھر کا اندرونی منظر کھڑکی کے بڑے بڑے شیشوں کی وجہ سے بالکل صاف نظر آ جایا کرتا تھا، لیکن اب وہاں گہرے رنگ کے پردے گرے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے اندر کا سب کچھ دھندلا اور کچھ کچھ ہی نظرارہا تھا ،بھری بلی بلاوجہ کمرے میں ادھر ادھر گھوم رہی تھی ،اچانک وہ گھومتی ہوئ آئی اور زور سے وال مرر کے ساتھ سر ٹکرانے لگی،ایلون نے چونک کر س کی طرف دیکھا اور پھر اس کی نظر سامنے گھر کی طرف پڑی، اسے بظاہر سب کچھ نارمل لگا ،لیکن پھر اسے پردوں کے پیچھے کچھ ہلچل محسوس ہوئی۔ شیشے کے اس پار، جہاں عام طور پر اسے علینہ کے سائے کی ہلکی سی جھلک دکھتی تھی، وہاں اب ایک عجیب، کثیف اور گہرا سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ وہ دھواں پردوں کی اوٹ سے ابل ابل کر باہر ارہا تھا۔
ایلون کے ہاتھ سے موبائل چھوٹ کر گر گیا،اس کی چھٹی حس نے خطرے کا سگنل دیا۔ یہ کوئی عام دھواں نہیں تھا، وہ پردوں کے پیچھے کسی زندہ وجود کی طرح بل کھا رہا تھا۔ کچھ بہت غلط ہو رہا تھا۔ بغیر ایک پل ضائع کیے، ایلون دیوانہ وار نیچے کی طرف بھاگا اور دیوار پھلانگ کر اوپر علینہ کی طرف دوڑا۔
جب وہ اندر پہنچا، تو وہی سیاہ دھواں اب پردوں کو چیر کر باہر نکل چکا تھا اور زمین سے ابل کر علینہ کے گرد ایک گھیرا بنا رہا تھا۔ علینہ اس دائرے کے بیچ قید ہو چکی تھی اور اس کے پاؤں زمین چھوڑ رہے تھے۔
ایلی!،وہ چلایا اور علینہ کا ہاتھ پکڑنے کے کیے اہنا ہاتھ آگے بڑھایا،اچانک تیز ہوائیں چلنے لگی،علینہ نے آنکھیں بند کر کے کھولی،
“جب انسان کا تجسّس خوف بن کر اس کے سامنے ہوتا ہے ،تو انسان کے پاس اس کا سامنا کرنے کے سوا اور کوئی حل نہیں ہوتا”۔
ایلون نے آگلے پل اپنی پوری ہمت لگا کر علینا کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کی ،اس کا ہاتھ علینہ کی سفید کلائی کے قریب پہنچ ہی چکا تھا ،ان کے درمیان بس ایک انچ کا فاصلہ تھا ،ایسا فاصلہ جو زندگی اور ابدیت کی لکیر کے درمیان ہوتا ہے ،لیکن اگلے ہی لمحے اس سیاہ دھوئیں کی ایک تیز، برفانی لہر علینہ کے وجود کے گرد سے نکل کر ایک چٹان کی طرح ایلون کے سینے سے ٹکرائی۔ اس غیبی طاقت نے ایلون کو اتنے زور کا دھکا دیا کہ وہ ہوا میں اچھل کر پیچھے کی طرف گرا۔ وہ دھکا اتنا شدید تھا جیسے کسی نے اس کے پورے وجود پر لوہے کی پوشیدہ دیوار مار دی ہو۔
اس کا ہاتھ علینہ کو پکارتا ہوا، ہوا میں ہی معلق رہ گیا، اور مٹھی بند ہونے سے پہلے ہی خالی رہ گئی میں ایک ایسی برفانی لہر آئی جس نے ایلون کو پیچھے دھکیل دیا ،اس نے جلدی سے علینہ کی طرف دیکھا ،اب وہ سیاہ دھواں اس کے چہرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہا تھا ،علینہ مسکرائ ،وہ آخری مسکراہٹ،ایلون نے پھر سے اٹھنے کی کوشش کی ،علینہ کا بازو اور ایلون کا بازو دونوں بیخ وقت ہوا میں ایک دوسرے کی طرف اٹھے، دونوں کے ہاتھوں کی پورے ایک دوسرے سے مس ہوئ ،اور اگلے پل علینہ کا پورا وجود اس سیاہ دھوئیں کی لپیٹ میں آکر سحر انگیز روشنی میں تبدیل ہوچکا تھا،
سب کچھ پلک جھپکتے ہی غائب ہو گیا۔ وہ کالا دھواں، وہ سرگوشیاں… اور علینہ بھی۔ اب وہاں صرف ایلون تھا اور علینہ کی خوشبو ۔علینہ جا چکی تھی۔ وہ تجسس کے اس تاریک گڑھے(HOLE) میں گر چکی تھی کہ اب وہاں کا کوئ بھی راستہ اسے مٹی کے انسانوں کی دنیا میں نہیں لے جا سکتا اس کا ہاتھ اب بھی ہوا میں اسی طرح تشنہ تھا، جیسے کوئی مٹی کا بت ہمیشہ کے لیے کسی گہرے سحر میں جم گیا ہو۔
☆☆☆☆
کائنات کے پردون کے پیچھے ایک ایسی دنیا بھی آباد ہے ،ہماری نظروں سے پوشیدہ ہے۔ قرآنِ مجید نے چودہ سو سال پہلے اس سچائی سے پردہ اٹھایا، جیسا کہ سورہ الرحمٰن میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
“وَخَلَقَ الْجَانَّ مِن مَّارِجٍ مِّن نَّارٍ”
(اور اس نے جنات کو آگ کے شعلے سے پیدا کیا۔)
یہ ایک الگ مخلوق ہے جو اپنی دنیا میں مگن رہتی ہے۔ وہ اس وقت تک کسی انسان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتے اور نہ ہی کسی کی زندگی میں دخل دیتے ہیں، جب تک کوئی انسان خود ان کی زندگی اور ان کے دائرے میں زبردستی داخل نہ ہو جائے۔
لیکن جب انسان کا تجسس اپنی حدیں پار کر کے اس غیبی دنیا میں زبردستی جھانکنے کی کوشش کرتا ہے، تو وہ ایک ایسے تاریک گڑھے ‘Hole’ میں گر جاتا ہے جہاں سے واپسی کا راستہ بند ہو جاتا ہے۔ سورہ الجن کی آیت نمبر 6 اسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ انسان کا ان مخلوقات کو متوجہ کرنا اور ان کی طرف جھکنا، خود انسان کے لیے ہی سرکشی اور ہولناک انجام کا باعث بنتا ہے۔ یہ کہانی علینہ کے اسی نفسیاتی جنون اور ماورائی سحر کے گرد گھومتی ہے، جو اسے موت کے منہ تک لے جاتا ہے۔
“کائنات کا اصول ‘امن’ ہے بشرطیکہ کوئی اپنی حد نہ پھلانگے۔ جنات کو آگ کے شعلے سے بنایا گیا اور انسان کو مٹی سے۔ آگ اور مٹی جب تک اپنے اپنے دائرے میں رہیں، کائنات کا نظام چلتا رہتا ہے۔ وہ کبھی انسان کی زندگی میں زبردستی داخل نہیں ہوتے، وہ مٹی کے پتلوں کو تب تک نقصان نہیں پہنچاتے جب تک مٹی خود آگ کو چھونے کی ضد نہ کرے۔ علینہ نے آگ کو متوجہ کیا تھا، اور آگ کا خاصہ ہے کہ وہ چھونے والے کو اپنے اندر جذب کر لیتی ہے۔
امید کرتے ہوں آپ اس کہانی کو سمجھے گے اور اس کو پڑھ کر کچھ اچھا بھی سیکھے گے۔
ختم شد
☆☆☆☆☆
