JHOOT BOLNA BURI ADAT HAI BY JAVERIA ARSHAD (ARTICLE).

 

عنوان:- 

” جھوٹ بولنا بری عادت ہے”

 

ایک دفعہ کا ذکر ہے۔ایک گاؤں میں احمد نام کا ایک لڑکا رہتا تھا۔ وہ بہت ذہین تھا مگر ایک عادت احمد میں بہت بری تھی وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھوٹ بول دیتا تھا۔ اسے لگتا تھا کہ جھوٹ بولنے سے وہ ہر مشکل سے بچ جاتا ہے۔۔اس لیے اس نے جھوٹ بولنا اپنا معمول بنا لیا تھا۔۔

 

ایک دن احمد اپنی امی کے ساتھ بازار گیا۔ وہاں اس نے ایک خوبصورت کھلونا دیکھا۔احمد کا دل کیا کہ وہ اسے خرید لے اس لیے وہ اپنی امی سے ضد کرنے لگا۔ امی نے کہا، “بیٹا ابھی پیسے نہیں ہیں، اگلی بار آپ کے بابا آپ کو لے دیں گے۔” احمد ناراض ہو گیا۔

 

گھر واپس آتے ہوئے احمد نے ایک دکان سے چپکے سے وہ کھلونا اٹھا لیا اور جیب میں چھپا لیا۔ اس نے سوچا، “کوئی نہیں دیکھے گا۔”۔احمد بہت خوش تھا کہ اس نے اپنا پسندیدہ کھلونا اٹھا لیا ہے۔

 

گھر پہنچ کر وہ خوشی خوشی اس کھلونے سے کھیلنے لگا۔ امی نے پوچھا، “یہ کھلونا کہاں سے آیا احمد؟” احمد نے فوراً کہا، “دوست نے دیا ہے۔”

امی کو کچھ شک ہوا مگر وہ خاموش رہیں۔

 

اگلے ہی دن وہ دکان والا احمد کے گھر آیا اور اس نے کہا، “کل ایک لڑکے نے میری دکان سے کھلونا اٹھایا ہے، شاید وہ یہاں رہتا ہے۔”

 

یہ سن کر احمد کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ فوراً بولا، “امی… میں نے جھوٹ بولا تھا، کھلونا میں نے چرایا تھا۔ مجھے معاف کر دیں۔”

 

امی نے نرمی سے سمجھایا، “بیٹا، غلطی کرنا برا نہیں، لیکن اسے چھپانا اور جھوٹ بولنا بہت برا ہے۔”

 

احمد نے اس دکان والے سے معافی مانگی اور کھلونا واپس کر دیا۔ اس دن کے بعد اس نے کبھی جھوٹ نہ بولنے کا وعدہ کیا۔

 

سبق: پیارے بچوں!سچ بولنا ہمیشہ مشکل لگتا ہے، مگر یہی انسان کو عزت اور سکون دیتا ہے۔ جھوٹ وقتی فائدہ دیتا ہے لیکن آخر میں شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔..اس لیے سچ بولنا چاہیے ۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *