DEAR SHAITAN OR ZAMEER BY HUDA.

 

 

 


ڈئیر شیطان اور ضمیر
از قلم ہُدیٰ

 

 

 

 

یہ منظر ایک نیم روشن کمرے کا تھا جہاں اس وقت ایک لڑکا اپنے اسٹڈی ٹیبل پر بیٹھا کافی مصروف دکھائی دے رہا تھا۔رات کے بارہ کا وقت تھا۔ باہر موسم کافی سرد تھا اس کے برعکس کمرے میں ہیٹر چل رہا تھا جس کی وجہ سے کمرہ کافی حد تک گرم تھا۔

اپنے سامنے لیپ ٹاپ کھولے وہ کانوں میں ہیڈفونز لگائے،اسکرین پر نظریں جما کر بیٹھا تھا۔ساتھ ہی ساتھ وہ مسلسل بے چینی سے اپنا پیر ہلا رہا تھا۔یوں معلوم ہو رہا تھا جیسے وہ کسی چیز کا انتظار کر رہا ہو۔دفعتاً اس کے لیپ ٹاپ کے ساتھ پڑے فون کی اسکرین بلنک ہوئی اور اس کے ساتھ ہی فون وائیبریٹ ہوا۔اوپر ایک نمبر جگمگا رہا تھا۔وہ فوراً ٹیک چھوڑ کر سیدھا ہوا اور ایک نظر فون پر چمک رہے نمبر کو دیکھتے اس کی آنکھوں میں ایک فاتحانہ چمک ابھری ۔ لیکن اس نے کال کٹ کر دی اور دوبارہ اپنے لیپ ٹاپ پر چل رہی مووی دیکھنے میں مصروف ہوگیا۔ لیپ ٹاپ اٹھا کر اپنی گود میں رکھتے ہوئے اس نے ٹیبل پر ٹانگیں سیدھی کیں اور کرسی کی پشت سے ٹیک لگا لی۔

کچھ منٹ کے بعد ایک بار پھر فون پر کسی کی کال آئی۔اب کی بار اس نے فون اٹھا کر اپنے سامنے کیا اور کال پک کی۔

ہیلو! سویٹی! ۔۔۔ اس نے شوخ لہجے میں کہا ۔دوسری طرف سے کسی کی ناراض سی آواز ابھری۔

آپ میری کال کیوں نہیں پک کر رہے تھے؟ پتہ ہے میں کتنی پریشان ہوگئی تھی۔۔۔اس کی بات پر اس لڑکے نے ہلکا سا قہقہہ لگایا۔

ارے! میں اپنے ٹیسٹ کی تیاری کر رہا تھا ۔جانتی تو ہو صبح سر سلیم کا ٹیسٹ ہے اور وہ واحد سر ہیں جو مجھے زہر لگتے ہیں۔۔۔وہ لڑکا آخر میں دانت پیس کر بولا۔

اچھا! چلیں آپ تیاری کریں ٹیسٹ کی میں رکھتی ہوں فون۔۔۔

لیکن کالز کیوں کر رہی تھی؟ ۔۔۔

وہ۔۔کچھ نہیں ! ایسے ہی ۔۔۔اس لڑکی سے کوئی بات نہ بن پائی اس لیے بغیر کچھ کہے کال کٹ کردی ۔

واٹ نان سینس!۔۔۔ منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے اس نے اپنافون ٹیبل پر رکھا اور دوبارہ مووی کی جانب متوجہ ہوا۔وہ کوئی ایکشن مووی تھی اور اسے ایکشن موویز سے جنون کی حد تک عشق تھا۔

کیا بات ہے؟ آج تو لوگوں کا موڈ بہت خراب ہے۔۔۔اچانک کمرے میں کسی کی مکروہ سی آواز گونجی ۔بلکل اس کے پیچھے کوئی عجیب و غریب مخلوق کھڑی اس کا مذاق اڑا رہی تھی۔اس لڑکے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا بلکہ خود کو انتہا درجے کا مصروف انسان دکھایا۔

میں کیا کہہ رہا تھا کہ تمہاری جو یونیورسٹی والی گرل فرینڈ ہے اس کی سیٹنگ اگر میں کسی اور سے کروا دوں تو تمہیں کوئی اعتراض تو نہیں نا؟ ۔۔۔وہ چلتا ہوا اس کے سامنے آیا اور ٹیبل پر ٹانگیں لٹکائے ہی بیٹھ گیا۔

کونسی والی کی؟ ۔۔۔ اس نے لیپ ٹاپ آف کر کے اس کے برابر میں رکھا اور سرسری سا پوچھا۔کوئی ایک ہوتی تو الگ بات تھی۔

وہ جو لمبے بالوں والی ڈائن ہے۔ہر وقت چپکی رہتی ہے تمہارے ساتھ۔۔۔اس نے منہ کے زاویے بگاڑ کر اپنے سامنے بیٹھے لڑکے کو دیکھا۔

بکواس نہ کرو! پتہ اس کو پٹانے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑے تھے؟ کہاں وہ پردہ دار لڑکی اور اب اس کے فیشن ہی نہیں مان کہیں۔۔۔ چہرے پر کمینی سی مسکراہٹ سجائے وہ وہاں سے اٹھا اور اپنا فون اٹھا کر ٹائم دیکھا۔

تو پھر وہ جو کالج والی ہے۔۔۔ اگلا سوال پوچھا گیا تھا۔ اپنے بیڈ کی طرف جاتے ہوئے اس لڑکے نے گردن موڑ کر اسے دیکھا۔ پھر اپنا فون آن کر کے اس کے سامنے لہرایا۔

اتنی وفادار بندی کو میں نہیں چھوڑ سکتا کوئی اور دیکھ لو۔۔۔بے نیازی سے کہتا وہ بیڈ پر بیٹھا ۔اپنے جوتے اتارتے ہوئے کر ایک نظر سامنے بیٹھے اپنے ڈئیر شیطان پر ڈالی اور پھر ٹانگیں اوپر کر کے گردن تک کمفرٹر اوڑھ لیا۔

ویسے اڑتی اڑتی خبر سنی ہے کہ تم آج کل کسی کلب میں پارٹی شارٹی کے لیے جارہے ہو؟۔۔۔اب وہ اس لڑکے کے برابر میں بیٹھا سرگوشیانہ انداز میں پوچھ رہا تھا۔

ایک دن گیا تھا بس! ۔۔۔ اس لڑکے نے لیٹے لیٹے ہی جواب دیا۔

کیوں؟ دوبارہ کیوں نہیں گئے؟ ۔۔۔ فٹ سے سوال آیا۔

وہ۔۔۔ اس دن ۔۔۔ وہ آگیا تھا ۔۔۔ تمہارے جانے کے بعد۔۔۔ اور اس نے منع کر دیا۔بہت غصے میں تھا۔۔۔اس لڑکے نے رک رک کر جواب دیا۔وہ جس کی بات کر رہا تھا وہ وہی تھا جو ہر گناہ اور ہر برائی سے پہلے انسان کو سگنل دیتا ہے کہ یہ غلط ہے۔

واہ جی واہ! اس کی وہ بات مان لی اور یہ جو اتنی لڑکیوں سے چکر چلا رہے ہو ۔اس سب سے منع نہیں کرتا وہ؟۔۔۔ اسے تو پتنگے ہی لگ گئے تھے۔

تمہیں تو خوش ہونا چاہیے کہ تمہاری بات زیادہ مان رہا ہوں۔ وہ تو ایسے ہی کبھی کبھار آجاتا ہے دل جلانے کے لیے۔۔۔اس لڑکے نے برا سا منہ بنایا۔

بس بس زیادہ پھیلنے کی ضرورت نہیں ہے اب۔لیکن اگر دوبارہ اس نے کسی بھی ایسے کام سے منع کیا جس سے تمہیں لگے کہ تمہاری آزادی ختم ہورہی ہے تو ہرگز اس کی بات ماننے کی ضرورت نہیں ۔۔۔تنبیہی لہجے میں کہتا وہ وہاں سے جا چکا تھا۔

پیچھے وہ لڑکا کتنی ہی دیر پر سوچ نظروں سے چھت کو دیکھتا رہا اور پھر اپنا فون آن کر کے فیس بک کھول لی۔

ایویں ہی فضول میں اسکرولنگ کرتے کرتے اس کی نظر اچانک ایک ویڈیو پر ٹھہری اسکرول کرتا ہاتھ وہیں رکا تھا۔ اگلے ہی پل اس لڑکے کے ہاتھ سے فون چھوٹ کر گرا ۔جو اس کے ناک پر لگتا اب گردن کے پاس ترچھا ہو کر پڑا تھا ۔اس نے دوبارہ فون اٹھا کر سامنے کیا تو وہ ویڈیو غائب تھی ۔شاید فون اٹھاتے ہوئے کہیں کلک ہو گیا تھا۔

اللہ ! یہ کیا تھا؟۔۔۔ بے ساختہ اس کی زبان سے پھسلا ۔ دو تین گہرے سانس خارج کر کے اس نے فون بند کر دیا اور کروٹ لے کر آنکھیں بند کر لیں۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اگلی صبح اس کی آنکھ الارم کی آواز پر کھلی تھی ۔ آنکھیں ملتے ہوئے وہ اٹھا اور ایک لمبی سی انگڑائی لیتے ہوئے بیڈ سے نیچے اترا۔ اپنے سلیپر پہن کر وہ باتھ روم کی جانب بڑھا۔کچھ دیر بعد وہ دھلے دھلائے چہرے کے ساتھ باہر آیا ۔تولیے سے اپنا چہرہ صاف کر کے اس نے وارڈروب کے ہینڈل کے ساتھ لٹکی اپنی ہڈی اٹھائی اور اسے پہنتے ہوئے ہی باہر کی جانب بڑھا۔

وہ راہداری میں چلتا ہوا سیڑھیوں کی جانب بڑھا۔ایک لمحے کے رک کر اس نے ریلنگ سے جھک کر نیچے دیکھا ۔ ہال کی بتیاں جل رہی تھیں ۔ اس کے گھر والے بھی جاگ چکے تھے۔وہ خاموشی سے سیڑھیاں اترتے ہوئے نیچے آرہا تھا۔

اس کے بابا جو ابھی نماز پڑھنے کے لیے ہی جانے والے تھے اسے دیکھ کر رک گئے۔اس کے نیچے آتے ہی انہوں نے اس کے ساتھ ہی باہر کی جانب قدم بڑھائے۔وہ دونوں آپس میں ہلکی پھلکی گفتگو بھی کر رہے تھے۔ وہ اس سے یونیورسٹی کے بارے میں پوچھ رہے تھے اور وہ بس ہوں ہاں میں ہی جواب دے رہا تھا۔

رات والی ویڈیو ایک بار پھر اس کے ذہن کے پردے پر لہرائی۔ اس کی روح تک کانپ گئی۔ کچھ خوف اور کچھ سردی کی وجہ سے اس نے بے ساختہ جھرجھری لی ۔مین گیٹ سے باہر نکلتے ہوئے ان کا رخ اب مسجد کی جانب تھا ۔

ہادی! تم مجھے کچھ الجھے الجھے سے لگ رہے ہو۔ سب ٹھیک ہے نا؟ ۔۔۔ اس کے بابا نے فکر مندی سے پوچھا۔

بابا! کیا اللہ اپنے گنہگار بندوں سے محبت نہیں کرتا؟۔۔۔ہادی نے چلتے چلتے سوال کیا۔

بیٹا! اللہ اپنے گنہگار بندوں سے اتنی محبت کرتا ہے کہ فرعون جیسے شخص کے پاس بھی جب موسیٰ کو بھیجا تو کہا کہ پہلے نرمی سے بات کرنا ہو سکتا ہے وہ نصیحت پکڑ لے۔۔۔ انہوں نے سنجیدہ لہجے میں جواب دیا۔مسجد میں داخل ہوتے ہوئے ہادی کو یوں محسوس ہوا جیسے کوئی اس کے پیچھے ہے لیکن پھر وہ سر جھٹک کر آگے بڑھ گیا۔

نماز ادا کر کے وہ پہلے ہی واپس آگیا تھا اس کے بابا ابھی مسجد میں ہی تھے۔اس نے نماز پڑھ لی تھی تو اس کے خیال میں اب مسجد میں رکنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔قرآن وہ ویسے ہی سال کے گیارہ مہینوں میں ایک دو بار کھولتا تھا۔ہاں رمضان کا پورا مہینہ وہ باقاعدگی سے پڑھتا تھا۔

ابھی وہ مسجد سے کچھ فاصلے پر تھا جب کسی کی تمسخر اڑاتی آواز اس خاموشی میں گونجی ۔ہادی کے ماتھے پر بے ساختہ بل پڑے۔

سجدہ رحمٰن کو اور ابلیس سے یارانہ بھی؟
یہ کافری نہیں تو کافری سے کم بھی نہیں!۔۔۔

واللہ اس کے ڈئیر شیطان نے غالب اور اقبال کے اشعار سے ایک ایک مصرع لے کر کیا شعر بنایا تھا جو اس وقت اس کا ٹیلنٹ کم اور ہادی کو خود پر طنز زیادہ محسوس ہوا تھا۔

کردی نا سستے شاعروں والی حرکت؟ ۔۔۔ ہادی نے لطیف سا طنز کیا۔ جوابی حملہ بھی تو وہ اپنا فرض سمجھتا تھا۔

لیکن جو بھی ہے۔تمہاری سچویشن پر فٹ تو ہورہا ہے نا؟۔۔۔ وہ دل جلانے والی مسکراہٹ لیے بولا۔ہادی نے بے ساختہ دانت پیسے۔

دفع ہوجاؤ! میں پہلے ہی بہت پریشان ہوں مزید دماغ کی دہی مت کرو!! ۔۔۔ چڑ کر کہتا وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتا گھر کا مین گیٹ پار کر گیا۔

سنو تو ایک گڈ نیوز ہے!۔۔۔وہ بھی اس کے پیچھے ہی آیا تھا۔

اب کیا ہے؟ ۔۔۔ مقابل نے بیزاری سے پوچھا۔

وہ جو عمران تھا نا؟ یہ گلی سے باہر نکلتے ہی جس کی پان کی دکان ہے۔۔۔اس نے جان بوجھ کر سسپنس کری ایٹ کرنا چاہا۔

ہاں کیا ہوا اسے؟۔۔۔ نا چاہتے ہوئے بھی ہادی کی زبان سے پھسلا۔

اس نے کل رات ایک لڑکی کو چھیڑا۔پھر پوچھو مت کیا ہو اس کے ساتھ۔۔۔ ایک بار پھر سسپنس بڑھایا گیا۔

اچھا نہیں پوچھتا اب جاؤ!۔۔۔ بے نیازی سے کہتا وہ اندر کی جانب بڑھ گیا۔

یار سنو تو! اچھا بتاتا ہوں۔۔۔ وہ برا سا منہ بناتے ہوئے اس کے دروازہ بند کرنے سے پہلے ہی اندر داخل ہوگیا۔

ہادی سنی ان سنی کرتا سیڑھیوں کی جانب بڑھا۔وہ ذلیل مخلوق بھی اس کے پیچھے ہی تھی۔لیکن ہادی نو لفٹ کا اشتہار بنا اپنے کمرے تک آیا۔

وہ اس لڑکی کو کہہ رہا تھا کہ آج اس کے ساتھ گھوم رہی ہو کل میرے کو بھی ایک چانس دے ڈالو۔۔۔وہ اسی پان والے کی نقل کرتے ہوئے بتا رہا تھا۔

پھر؟ اس لڑکی نے کیا کہا؟۔۔۔ ہادی نے سوالیہ آئی برو اٹھا کر پوچھا ۔

لڑکی نے کیا کرنا تھا؟ وہ جو آدمی اس کے ساتھ تھا وہ شوہر تھا اس کا۔ اوپر سے پولیس میں ایس ایچ او۔ وہیں پکڑ کر ایسی ٹھکائی کی کہ یاد رکھے گا ساری زندگی! ۔۔۔ وہ مزے لے کر بتا رہا تھا۔ہادی کا بے ساختہ قہقہہ چھوٹا۔

لیکن تمہارا پلین تو فیل ہوگیا ہوگا نہیں؟ ۔۔۔

میں تم انسانوں کی طرح بے صبرا نہیں ہوں! میں بہت صابر ہوں۔اتنا کہ دس نیکیاں بھی کروانی پڑیں نا ایک گناہ کروانے کے لیے تو میں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹتا۔۔۔ مغرور انداز میں کہتا وہ اس وقت نہایت زہر لگ رہا تھا۔

اوہ! صابر بچہ تو دیکھو! تھوڑا شکر بھی کر لیتے اور دوسروں سے جلنے کی بجائے اسی میں خوش ہو جاتے جو تمہیں عطا کیا گیا تھا۔ تو آج یوں ذلیل نہ ہو رہے ہوتے۔۔۔ طنزیہ لہجے میں کہتے اس نے سائیڈ ٹیبل پر پڑا اپنا فون اٹھایا۔ نجانے کس کس کے میسج آئے پڑے تھے۔اس سب میں ایک میسج جو اوپر پن چیٹ میں تھا ہادی نے اسے کھولا۔

ہادی! ۔۔۔یار آج یونی آتے ہوئے میرے نوٹس لے آنا۔

اور ہاں یار وہ تمہاری دوست ہے نا؟ رباب، کل سے مجھے میسج کر رہی ہے۔میں نے ایک بھی رپلائی نہیں کیا۔ تو پلیز اسے منع کر ۔میں اپنے مقام سے گرنا نہیں چاہتا۔ نہ ہی کسی حرام تعلق کو بڑھاوا دینا چاہتا ہوں ۔ میرے اللہ نے مجھے اس بات کی اجازت نہیں دی۔۔۔اس کے دوست قاسم کی آواز اس کمرے میں گونج رہی تھی۔آخری پیغام وائس میسج میں تھا۔ہادی کو لگا جیسے وہ اپنی بات نہیں کر رہا بلکہ اسے آئینہ دکھا رہا ہے۔اس نے فوراً چیٹ بند کر کے دوسری پن چیٹ کھولی۔یہ اس کے دوست ولی محمد کی چیٹ تھی۔

یار قاسم کے نوٹس لے آنا یاد سے۔اور وہ اپنی بندی کو منع کر بیچارے شریف بچے کو فضول میں ہی تنگ کر رہی ہے۔مجھے تو یہ نہیں سمجھ آرہا کہ یہ ایک ہی رات میں اسے ہوا کیا ہے ؟ کل تک تو تیرے پیچھے لٹو تھی۔۔۔ ولی محمد کی تپی ہوئی آواز سنائی دی وہ ہمیشہ وائس میسج ہی کرتا تھا۔

میں یونی آکر بات کرتا ہوں۔۔۔ ہادی نے جواباً وائس میسج ریکارڈ کیا پھر دونوں کو سینڈ کر دیا۔بیڈ پر فون اچھالتے ہوئے وہ باتھ روم کی جانب بڑھ گیا۔وہ ذلیل مخلوق نجانے کہاں غائب ہوگئی تھی۔خیر دفع کریں۔

کچھ دیر بعد ہادی فریش ہوکر باہر آیا۔ایک نظر گھما کر پورے کمرے پر ڈالی ڈئیر شیطان تو کہیں نہیں تھا لیکن کوئی اور تھا جو غصیلی نظروں سے اسے گھور رہا تھا۔

میری اس دن کی بات تمہیں سمجھ نہیں آئی تھی؟۔۔۔وہ ہادی کو دیکھ کر دھاڑا تھا۔ہادی نے سہم کر اس کی طرف دیکھا۔

وہ ۔۔۔ میں۔۔۔ وہ۔۔۔ میں ۔۔۔وہ ہلکا سا منمنایا۔

شٹ اپ! بند کرو یہ۔۔۔ وہ میں کی تکرار!۔۔۔ مقابل نے دبے دبے غصے سے شٹ اپ کال دی۔

تم اس کی موجودگی میں کیوں نہیں آتے ؟ بعد میں رعب جھاڑنے کے لیے آجاتے ہو۔یہ غلط وہ سہی! یہ حرام وہ حلال! یہ گناہ وہ ثواب! ۔۔۔ ہادی نے اپنے اندر کے ڈر کو ختم کرتے ہوئے آج ہمت کر ہی لی تھی اس کے سامنے زبان کھولنے کی۔اس کی بات پر ضمیر ایک لمحے کے لیے تو حیران ہوا پھر ہلکا سا مسکرایا۔

جس دن میں اس کی موجودگی میں آگیا اس دن تم اس کے بہکاوے میں آکر مجھے موت کی نیند سلا دو گے اور میں ابھی جینا چاہتا ہوں۔۔۔ اس انداز سراسر مقابل کو تپانے والا تھا۔

پھر اب بھی دفع ہوجاؤ! تمہارے روز روز کے لیکچرز سے میں تنگ آگیا ہوں۔۔۔ وہ دھپ سے بیڈ پر بیٹھتا بیزاری سے بولا۔

کیا کروں یار! بائی ڈیفالٹ ہی میرے سافٹ ویئر میں یہ چیز ہے کہ مجھے لیکچرز دینے ہوتے ہیں۔ورنہ یہ آدم کی اولاد تو اس مردود کے بہکاوے میں آکر اپنی دنیا و آخرت ہی تباہ کرلے۔۔۔ ایک گہری سانس خارج کر کے وہ اس کے ساتھ ہی بیٹھا۔

میں تم دونوں کے درمیان پس کر رہ گیا ہوں وہ آتا ہے تو لگتا ہے کہ وہ ٹھیک کہہ رہا ہے۔تم آتے ہو تو لگتا ہے میں ہی غلط ہوں۔۔۔ ہادی نے بے بسی سے کہتے دونوں ہاتھوں میں سر گرا لیا۔

تم دوبارہ کلب تو نہیں گئے نا؟ ۔۔۔ ضمیر نے سرسری سا پوچھا۔ ہادی نے زور سے نفی میں سر ہلایا۔

اور تمہاری جو گرل فرینڈز ہیں۔ ان سے بات کرتے ہو؟ ۔۔۔ اگلا سوال پوچھا گیا تھا۔اب کی بار ہادی کا سر شرمندگی سے جھک گیا۔

اس نے کہا تھا بیچاری معصوم لڑکیوں کا دل نہ توڑو۔ وہ ٹوٹ جائیں گی۔۔۔ اس کے لہجے میں ہمدردی جھلک رہی تھی۔

بکواس نہیں کرو! کس کا دل ٹوٹے گا؟ وہ جو آدھی رات کو بس یونہی کال کرتی ہے تمہیں ۔حالانکہ تم اچھے سے جانتے ہو وہ پہلے بھی تم پر کئی بار شک کر چکی ہے۔دوسری وہ جو تمہاری ایک کال اگنور کرنے پر تمہارے ہی دوست کو فرینڈ ریکوئسٹ بھیج رہی تھی؟۔۔۔ ضمیر نے خاصے تپے ہوئے انداز میں پوچھا ۔ اس کے لہجے میں ہلکا سا طنز بھی چھپا تھا۔

اس کا مطلب وہ دونوں ہی میرے ساتھ مخلص نہیں؟ ۔۔۔ہادی نے بے یقین لہجے میں پوچھا۔ جواباََ ضمیر کا بے ساختہ قہقہہ چھوٹا۔

تم! مخلص ہونے کی بات نہیں کر سکتے ہادی! تمہارے جیسا انسان جو اللہ سے مخلص نہیں! اپنے ماں باپ سے اور سب سے بڑھ کر خود سے مخلص نہیں وہ یہ توقع کرتا ہے کہ لوگ اس سے مخلص ہوں؟ وہ بھی لڑکیاں؟

اس کا مطلب یہی ہوا نا کہ لڑکیاں دھوکے باز ہوتی ہیں؟۔۔۔ ہادی نے ایک جھٹکے سے سر اٹھایا۔

نہیں! بس ان لڑکیوں کو کسی لڑکے سے چھپ کر بات کرنے پر جان سے مارنے کی ،ٹانگیں توڑنے کی اور زندہ گاڑھ دینے کی دھمکیاں جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی ملنا شروع ہو جاتی ہیں۔۔۔ ضمیر نے تلخ لہجے میں کہتے ایک خفا سی نظر ہادی پر ڈالی۔

مطلب یہ تو تم بھی مانتے ہو کہ لڑکیوں کو اپنے پسندیدہ انسان سے بات کرنے کا ،ملنے کا اور وقت گزارنے کاپورا حق ہے۔۔۔ہادی کو تھوڑا اطمینان ہوا کہ چلو ایک بات پر تو دونوں سیم پیج پر آئے۔اس کا ڈئیر شیطان اور ضمیر ۔

میں نے یہ کب کہا؟ لڑکیاں وہ دھمکی سننے کے بعد یا تو خود کے گرد باؤنڈری لائن بنا لیتی ہیں یا پھر وہ باغی ہو جاتی ہیں۔ جو اپنے گھر والوں کی اور اپنے باپ بھائیوں کی عزت پر حرف نہیں آنے دیتیں اور اپنے کردار کو پاک رکھتی ہیں وہ تو آدم بیزار، بہن جی ٹائپ، عالمہ،تنگ نظر اور مغرور کا تمغہ کے کر اپنے کام سے کام رکھتی ہیں۔لیکن جو باغی ہو جاتی ہیں ناں! جانتے ہو ان کا کیا ہوتا ہے؟ ۔۔۔ اس نے سوالیہ انداز میں پوچھا۔ ہادی نے نفی میں سر ہلایا۔

انہیں،ڈارلنگ،بے بی،سویٹی،ہنی،جان اور جانم سننے کا اتنا شوق ہوتا ہے کہ وہ تم جیسوں کا شکار ہو جاتی ہیں۔۔۔دبے دبے لہجے میں کہتا وہ اس وقت ہادی کو شرم دلانے کی بھر پور کوشش کر رہا تھا۔

ہم جیسے ان کے ترلے منت تو نہیں کرتے۔وہ خود ہمیں دعوت دیتی ہیں۔کبھی اپنے لباس سے اور کبھی اپنے اشاروں سے اور مرد تو ویسے ہی دل پھینک ہوتا ہے۔۔۔ ہادی نے سارا ملبہ صنفِ نازک پر ڈال دیا۔۔۔ ضمیر نے افسوس سے سر جھٹکا۔

اللہ کو پتہ تھا مرد دل پھینک ہوتا ہے۔اس لیے اسے کہا کہ نامحرم کو دیکھ کر نظریں جھکا۔پھر عورت سے کہا کہ نامحرم سے پردہ کر۔پہلے تمہیں نظریں جھکانے کا حکم تھا تو تم نے جھکائی نظریں؟

میں نے تو جب اسے پہلی دفعہ دیکھا تھا مجھے ایسا لگا جیسے حسن اس پر تمام ہے۔۔۔ وہ کھوئے کھوئے لہجے میں بولا۔

خود تم بے شرموں کی طرح لڑکیاں تاڑتے ہو اور الزام انہی بیچاریوں پر؟ تم کتنے بے غیرت ہو ہادی! ۔۔۔

اب یہ ٹومچ ہورہا ہے۔۔۔ ہادی نے منہ کے زاویے بگاڑ ے ۔

میں جارہا ہوں پھر آؤں گا لیکن اگر اب تم نے کچھ بھی الٹا سیدھا کیا تو میں تمہیں عدالت میں گھسیٹوں گا ۔۔۔وہ وہاں سے اٹھ کر تنبیہی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے کہہ رہا تھا۔

ہنہ! اتنے تم چیف جسٹس کی اولاد! عدالت میں گھسیٹوں گا۔۔۔ ہادی نے بے نیازی سے سر جھٹکا۔مقابل کو اپنی بے عزتی برداشت نہیں ہوئی تھی۔

میں جب اپنی عدالت میں گھسیٹتا ہوں تو پھر انسان کے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہتا۔میں ضمیر ہوں اور ضمیر کی عدالت بڑے بڑوں کو گھٹنوں کے بل لا سکتی ہے۔۔۔ اب کی بار مقابل نے فخریہ کالر جھاڑے۔

جاؤ یار! مجھے یونی کے لیے دیر ہورہی ہے۔اتنے تم عدالت میں گھسیٹنے والے کہیں رہتے ہی نہیں۔۔۔ ہادی نے اپنا فون بیڈ سے اٹھا کر جیب میں رکھا اور وہاں سے کھڑا ہوا۔

تم ہادی ہو! عبدالہادی! ہدایت دینے والے اور سیدھا راستہ بتانے والے کے بندے کم از کم اپنے نام کی ہی لاج رکھ لیا کرو ۔۔۔ جاتے جاتے ضمیر نے تاسف بھرے لہجے میں ایک اور طنز کا تیر چھوڑا۔ہادی ایک لمحے کے لیے تو کچھ بول ہی نہیں پایا۔ پھر اس کی شوخ سی آواز کمرے میں گونجی۔

ولی محمد نے جتنی اپنے نام کی لاج رکھی ہے اس سے تو زیادہ ہی رکھی ہے میں نے۔۔۔ اس نے ضمیر کو ولی کی حرکتوں سے آگاہ کرنا ضروری نہیں سمجھا ۔پرائیویسی بھی کسی چڑیا کا نام ہے بھئی۔ضمیر وہاں سے جاچکا تھا۔اس کے جاتے ہی ہادی بھی یونیورسٹی کے لیے نکل گیا ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

یہ رات کے تقریباً بارہ بجے کا وقت تھا ۔ بقول ہادی کے ابا کے۔۔۔ شریفوں کے سونے کا وقت۔ایسے میں اگر ولی محمد کے گھر میں داخل ہوں تو ایک لمحے کے لیے آپ کو یوں لگے گا جیسے آپ کسی نائٹ کلب میں آ چکے ہیں۔بھئی غلطی سے ہی کیوں کہ یہ وقت تو شریفوں کے سونے کا ہوتا ہے۔خیر آپ اسے چھوڑیں اب آگئے ہیں تو اندر بھی داخل ہوجائیں۔ رنگ برنگی جلتی بجھتی لائٹس کے ساتھ فل آن میوزک اور ہاتھوں میں کافی کے بڑے بڑے مگ پکڑے تین لڑکے آپ کو لاونج میں موجود صوفے پر بیٹھے نظر آئیں گے۔ وہ تینوں اپنی ہی مستی میں تھے۔سامنے ایل سی ڈی کی اسکرین پر کسی فلم کا منظر چل رہا تھا۔ کمرے میں میوزک کی تیز آواز بھی اسی مووی کے گانے کی تھی۔رات کوڈنر کر کے وہ لوگ مووی دیکھنے بیٹھے تھے اور یہ ان کی دوسری مووی تھی جو اپنے اختتام کے قریب تھی۔

یار! ولی! آگے نکال اس گانے کو۔۔۔ قاسم نے ناگواری سے کہا۔اس کی بات پر ہادی نے آنکھیں چھوٹی کر کے اسے دیکھا۔پھر ولی کے ہاتھ سے ریموٹ چھین کر مووی ہی بند کر دی۔

کیا یار دو گھنٹے سے پکا رہا ہے۔ اتنی واحیات مووی اب مزید نہیں دیکھی جاتی۔۔۔ہادی خود پر ولی کی کھا جانے والی نظریں محسوس کرکے خاصے چڑے ہوئے انداز میں بولا۔

ہادی! چپ چاپ ریموٹ واپس کر بس ختم ہونے والی ہے۔اس کے بعد پکا تیری پسند کی لگاؤں گا۔۔۔ولی نے اس کے ہاتھ سے ریموٹ لینا چاہا جسے ہادی نے نہایت پھرتی سے اوپر کر لیا۔

یہ تو نہیں ملے گا۔پہلے وعدہ کر کہ جو مووی میں لگاؤں گا وہ تو چپ چاپ دیکھے گا۔۔۔ ہادی نے ایک نظر اس کے دوسری طرف بیٹھے قاسم کو دیکھا۔جس کی شکل دیکھ کر ہی لگ رہا تھا وہ کس مجبوری سے یہاں بیٹھا تھا۔

لیکن سوال یہ ہے کہ یہ کیسی مجبوری ہے ؟جو قاسم کو ایک ایسی محفل میں بیٹھنے پر مجبور کر رہی ہے جس کے بارے میں وہ جانتا ہے کہ یہ گناہ کے کام ہیں۔وہ جانتا ہے کہ اس طرح کی رومینٹک موویز دیکھنا گناہ ہے۔ وہ جانتا ہے کہ یہ میوزک کس طرح انسان کو زنا کی طرف لے جاتا ہے۔ کس طرح انسان کے ڈوپا مین کو ہٹ کرتا ہے۔کیسے انسان کی روح کو مرجھا دیتا ہے۔

لیکن پھر بھی وہ اس محفل کا حصہ کیوں بنا؟ کیا وہ دوستوں کی مروت ہے؟ جیسے ہم لوگ اسی مروت کے پیشِ نظر ایسی تقریبات میں شامل ہو جاتے ہیں کہ ہمارے رشتے دار ناراض نہ ہوجائیں؟ کہیں کسی کو برا نہ لگ جائے؟ اور سونے پر سوہاگہ کہ ہمارے گھر والے بھی ہمیں ہی کہتے ہیں کہ جس طرح کے ماحول میں بندہ رہتا ہو اسی میں خود کو ڈھالنا پڑتا ہے۔ دنیا داری ہے دنیا کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔لیکن ہم نے کبھی پلٹ کر ان سے سوال نہیں کیا۔آخر کیوں ؟بھئی آخر کب تک یہ ڈبل سٹینڈرڈز چلیں گے؟

قاسم کافی دیر ہوگئی ہے۔ تو گھر چلا جا۔ تیرے بابا پریشان ہورہے ہوں گے۔۔۔ہادی نے اس کی سچویشن سمجھتے ہوئے اس کی مشکل آسان کی۔قاسم اپنا کافی کا مگ ٹیبل پر رکھتے ہوئے وہاں سے اٹھا اور انہیں خدا حافظ کہتا لمبے لمبے ڈگ بھرتا باہر چلا گیا۔ بے ساختہ اس کے دل سے اپنے دوستوں کی ہدایت کی دعا نکلی تھی۔

اس کے جاتے ہی وہ دونوں دوبارہ اپنے شغل میں مصروف ہو چکے تھے اب اسکرین پر ایک فل ایکشن مووی چل رہی تھی۔ جسے ہادی نہایت دلچسپی سے دیکھ رہا تھا لیکن ولی نے اس کو سرے سے اگنور کرتے ہوئے اپنے ہیڈ فونز کانوں میں لگا کر موبائل پر میوزک لگا لیا۔اپنی کافی ختم کر کے اس نے کباب والی پلیٹ اٹھائی۔کباب کا چھوٹا سا ٹکڑا منہ میں رکھتے ہوئے وہ مسلسل گنگنا رہا تھا۔

مووی دیکھتے ہادی کو اچانک اپنے آس پاس کسی کی موجودگی کا احساس ہوا تھا۔لیکن اس نے اگنور کرتے ہوئے دوبارہ اپنا سارا دھیان مووی پر لگایا۔چند منٹ ہی گزرے ہوں گے کہ ایک بار پھر اسے خود پر کسی کی نظروں کا ارتکاز محسوس ہوا۔اس نے ایک نظر اپنے برابر میں نیم دراز سے ولی کو دیکھا اور پھر سر جھٹک دیا۔

کیا مصیبت ہے یار! بندہ سکون سے ایک مووی بھی نہیں دیکھ سکتا!۔۔۔ منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے ہوئے وہ ریموٹ ٹیبل پر پٹختا باہر کی جانب بڑھا۔ولی نے گردن موڑ کر اس کی پشت کو دیکھا اور پھر وہ بھی اٹھ کر اس کے پیچھے ہی گیا تھا۔

ہادی! کیا ہوا؟ تو باہر کیوں آگیا؟۔۔۔ ولی نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے حیران کن لہجے میں پوچھا۔

کچھ نہیں یار۔ پتہ نہیں عجیب سی بے چینی ہورہی ہے۔ میں گھر جارہا ہوں۔۔۔ وہ اپنی جیب سے بائیک کی چابی نکالتے ہوئے بیزاری سے بولا۔

ابھی کچھ دیر پہلے تک تو تو بلکل ٹھیک تھا یہ اچانک شریف بچے والی روح کیسے آگئی تیرے اندر؟۔۔۔ولی نے سوالیہ آئی برو اٹھا ئے شرارت سے کہا۔

آ ہی نہ جائے کہیں اس آدم بیزار کی روح مجھ میں۔۔۔ ہادی نے استہزائیہ انداز میں سر جھٹکا۔

آثار تو مجھے کچھ ایسے ہی نظر آ رہے ہیں ۔۔۔وہ اب جان بوجھ کر اسے تنگ کر رہا تھا۔

ویسے حیرت ہے تو نے اپنی گرل فرینڈز کو بھی انوائیٹ نہیں کیا پارٹی میں؟۔۔۔ ہادی نے مصنوعی حیرت سے پوچھا۔دراصل وہ سرے سے بات ہی بدلنا چاہ رہا تھا۔

وہ قاسم کو نہیں پسند ۔ اس لیے میں نے ان سب کو منع کر دیا۔ ورنہ انوئٹ تو کیا ہوا تھا سب کو ہی۔۔۔ولی نے بے نیازی سے کندھے اچکائے۔ولی محمد اپنے دوستوں کے مقابلے میں کسی کو خاطر میں نہیں لاتا تھا۔اس کے علاوہ وہ خاصا مخلص بندہ تھا ۔

میں چلتا ہوں صبح ملتے ہیں پھر ۔۔۔ ہادی نے اس سے مصافحہ کرنے کے لیے ہاتھ بڑھایا۔

دھیان سے جانا! ۔۔۔ ولی کی بات پر سر ہلاتا وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اپنی بائیک کی طرف بڑھا۔ اس کے وہاں سے جاتے ہی ولی بھی اندر چلا گیا۔

ایک شخص نہیں! وہ دو دوست تھے میرے جو اس لاؤنج کو ویرانہ کر گئے۔۔۔ ولی محمد اندر داخل ہوتے ہوئے دکھ بھرے لہجے میں گنگنایا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ولی کے گھر سے واپس آکر وہ سیدھا اپنے کمرے میں آیا تھا۔کمرے میں داخل ہوتے ہی کسی کا چھت پھاڑ قہقہہ گونجا تھا۔ہادی نے بے ساختہ اپنے سینے پر ہاتھ رکھا۔وہ چلتا ہوا اپنے بیڈ کی جانب آیا جہاں پہلے ہی کوئی ٹانگیں پھیلائے بیٹھا ہوا تھا۔شاید اس کا انتظار کررہا تھا۔ہادی اسے مکمل اگنور کیے اپنا فون سائیڈ ٹیبل پر رکھتا وہیں بیڈ پر بیٹھ گیا۔

میں کیا سوہنیو! آج تو فل نائٹ پارٹی کا انتظام تھا۔ایک تو لڑکیوں کو بھی نہیں بلایا اوپر سے اتنی جلدی واپس آگئے؟۔۔۔اس ذلیل مخلوق نے ذرا سا ہادی کی طرف جھکتے شرارتی لہجے میں کہا۔

تم وہاں کیا کر رہے تھے؟ ۔۔۔ ہادی نے کھا جانے والی نظروں سے اسے دیکھا۔

میں؟ میں تو وہاں نہیں تھا۔ صرف ایک چکر تب لگایا تھا جب ولی گانے لگا رہا تھا۔بیچارے نے تم دونوں کی وجہ سے نہ کسی شباب کو بلایا نہ شراب کا انتظام کیا ۔میں نے سوچا اسے کوئی ایسے گانے بتا دوں جس میں شراب اور شباب دونوں ایک ساتھ ہوں۔۔۔وہ نہایت بے شرمی سے اپنا کارنامہ اس کے گوش گزار رہا تھا۔

لعنتی شیطان! تم اسی قابل ہو کہ تم پر دن رات تین حرف بھیجے جائیں۔۔۔ہادی تپ کر بولا تھا۔جواباً اس مردود کا بے ساختہ قہقہہ چھوٹا۔

تم لوگ جانتے ہو کہ میں کس قابل ہوں پھر بھی میری باتوں میں آجاتے ہو۔ہے نا عجیب بات؟۔۔۔وہ آنکھوں میں فاتحانہ چمک لیے کہہ رہا تھا۔

زیادہ میرے سر چڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔دفع ہوجاؤ! ۔۔۔ ہادی نے ہاتھ سے باہر کی جانب اشارہ کیا۔

میں جاؤں گا تو وہ آ جائے گا۔پھر مفت میں لیکچرز سنا کر تمہیں مزید تپائے گا۔کیونکہ تم اس کے منع کرنے کے باوجود میرے کہنے پر وہاں چلے گئے تھے۔۔۔ جاتے جاتے اس نے کاری وار کیا تھا اور لگا تھا تیر سیدھا نشانے پر۔۔۔ہادی نے ایک جھٹکے سے گردن موڑ کر اسے دیکھا جو اب اس کے بیڈ کے قریب کھڑا تھا۔

نہیں! ابھی میں اس کا سامنا نہیں کر سکتا۔وہ ایسے بھگو بھگو کر مارتا ہے کہ انسان اپنی ہی نظروں میں شرمندہ ہو جاتا ہے۔۔۔ ہادی نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے بے ساختہ دانت پیسے۔

لیکن میں یہاں بیٹھ کر اپنا وقت ضائع نہیں کر سکتا۔تمہیں اگر اسے خود سے دور رکھنا ہے تو جو فلم آدھی چھوڑ کر آئے تھے وہ دیکھ لو۔اس کے بعد بھی یونہی انسٹا گرام ریلیز دیکھ لینا یا ٹک ٹاک پر اسکرولنگ کر لینا۔ ۔۔بے نیازی سے کہتے آخر میں اس نے مفت میں کچھ مفید ترین مشورے بھی دیے تھے۔

یہ ٹھیک ہے۔ میں وہی مووی دیکھ لیتا ہوں۔ ابھی تو اس میں ٹوسٹ آنا شروع ہوا تھا۔۔۔ ہادی نے اس کی بات سے اتفاق کیا۔وہ چہرے پر شیطانی مسکراہٹ سجائے وہاں سے غائب ہوگیا۔

اس کے جاتے ہی ہادی نے فوراً اپنا فون اٹھا کر اسے آن کیا۔ مووی لگا کر وہ اپنے اوپر کمفرٹر درست کر کے وہیں بیڈ کراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دودن بعد ۔۔۔۔

رات کو وہ عشاء کی نماز کے بعد جیسے ہی اپنے کمرے میں آیا تو ایک بار پھر اس کا دھیان مریم کی باتوں کی طرف چلا گیا۔ اگلے ہی پل اسے اپنی بہن کی دی گئی دھمکی یاد آئی تھی اور ہادی کی بے چینی میں یک دم اضافہ ہوا تھا۔بے ساختہ اس نے اپنی پیشانی مسلی۔

اللہ میں کیا کروں؟اگر میں نے عنبر سے دوستی ختم کر دی تو وہ بہت ہرٹ ہو گی۔ اور اگر مریم نے گھر میں سب کو بتا دیا تو میری عزت کا تو فالودہ ہو جائے گا۔۔۔بے چینی سے یہاں وہاں ٹہلتے وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔

لیکن یار میں تو اس کا اکلوتا بھائی ہوں۔ویسے بھی سیانے کہتے ہیں کہ بھائی تو بہنوں کا مان ہوتے ہیں۔بھلا بہنیں بھی اپنے بھائیوں کا راز فاش کرتی ہیں؟۔۔۔وہ خود ہی قیاس آرائیوں میں مصروف تھا۔

بھائی تمہارے جیسے بے غیرت ہوں تو پھر بہنوں کو چاہیے کہ راز فاش کر ہی دیں۔بھاڑ میں جائے مان اور بھاڑ میں جائیں سیانے۔۔۔ دفعتاً کمرے میں کسی نے طنز کا تیر چھوڑا تھا۔

کمرے میں ٹہلتے ہادی کے قدم ایک جھٹکے سے رکے تھے۔بے ساختہ ہی اس نے گردن موڑ کر پیچھے دیکھا۔ وہاں وہ بہت مزے سے اس کے اسٹڈی ٹیبل پر ٹانگیں پھیلائے بیٹھا تمسخر اڑاتی نظروں سے اسے ہی دیکھ رہا تھا۔ اگلے ہی پل ہادی نے ایک کھا جانے والی نظروں سے اسے دیکھا۔

بکواس کرنے کے علاوہ کوئی کام ہے ؟۔۔۔ وہ تیزی سے چلتا ہوا ٹیبل تک آیا اور وہیں ایک سائیڈ پر کھڑا ہوگیا۔ اس کے تیور دیکھ کر ضمیر نے بے ساختہ قہقہہ لگایا۔

ابھی کل تو کوئی کہہ رہا تھا میں لیکچرز دیتا ہوں۔ آج خود ہی موصوف اپنا بیان بدل رہے ہیں۔۔۔وہ وہاں سے اٹھ کر اب اس کے مقابل آگیا تھا۔ہادی نے ایک بیزار سی نظر اس پر ڈالی۔

میں بہت ٹینشن میں ہوں پلیز! ترلے منت والی بات ہے۔ ابھی یہاں سے دفع ہوجاؤ۔۔۔باقاعدہ ہاتھ جوڑتے ہوئے اس نے ضمیر کے کچھ بھی بولنے سے پہلے ہی اسے وہاں سے جانے کا کہا۔میرا مطلب دفع ہونے کا۔

ہادی! تمہاری بہن ٹھیک کہہ رہی تھی۔اس کی بات مان لو۔کچھ نہیں رکھا اس سب میں ۔ایک لڑکی کی عزت کا سوال ہے اگر یہ بات باہر نکلی تو وہ بیچاری رسوا ہو جائے گی۔۔۔ضمیر نے اسے تھوڑی سی شرم دلانے کی کوشش کی ۔بلکل تھوڑی سی ۔

اگر اتنا ہی اسے اپنی رسوائی کا ڈر تھا تو دوستی ہی کیوں کی؟ میں نے تو نہیں کہا تھا کہ میرے ساتھ پیار کی پینگیں جھولو۔۔۔ وہ خود کو ہر چیز سے بری الذمہ کر رہا تھا۔ اس کی بات پر ضمیر نے ایک نظر سر تا پیر اس کا جائزہ لیا۔اس کا انداز سراسر تمسخر اڑانے ولا تھا۔

میں تمہاری بے شرمی کو داد دیتا ہوں ہادی! نہایت ہی کوئی گھٹیا انسان ہو تم قسم سے۔۔۔استہزائیہ انداز میں کہتے آخر میں اس نے ایک تنفر بھری نظر ہادی پر ڈالی۔

اچھا بس بس ! اب یہ ٹومچ ہورہا ہے۔ میں چپ چاپ تمہاری باتیں سن رہا ہوں اس کا مطلب یہ نہیں کہ تم جو مرضی بولتے جاؤ۔۔۔ وہ خاصے چڑے ہوئے انداز میں کہتا دھپ سے کر کے کرسی پر بیٹھا۔

تمہاری جو مرضی آئے کرو میں جارہا ہوں۔۔۔تپ کر کہتا ضمیر وہاں سے چلا گیا۔اس کے جاتے ہی ہادی نے ایک تھکی ہوئی سانس خارج کی۔

عنبر! تمہیں اللہ پوچھے گا۔کیا ضرورت تھی مریم کو یہ سب بتانے کی؟۔۔۔وہ دل ہی دل میں عنبر سے مخاطب تھا۔

ایک تو لڑکیوں کے پیٹ میں کوئی بات نہیں ٹکتی۔۔۔ بے ساختہ نفی میں سر ہلاتا وہ کرسی کی پشت سے ٹیک لگا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایک ہفتہ مزید اسی طرح گزر گیا تھا اور ہادی نے عنبر سے کوئی بات نہیں کی تھی۔آج بھی یونیورسٹی سے واپس آکر وہ سیدھا اپنے کمرے میں آیا تھا۔ کمرے میں قدم رکھتے ہی اس کا موڈ بری طرح خراب ہوا تھا۔سامنے ہی اس کی اسٹڈی ٹیبل پر وہ مردود بیٹھا ، چڑانے والی نظروں سے اسے دیکھ رہا تھا۔

ہادی اسے مکمل طور پر اگنور کرتے ہوئے اندر داخل ہوا اور اپنا بیگ اسٹڈی ٹیبل پر رکھ کر خاموشی سے آگے گزر گیا۔بیڈ پر بیٹھ کر اس نے اپنی ٹائی اتار کر وہیں بیڈ پر پھینکی اور جوتوں کے تسمے کھولنے لگا۔ایک سرسری سی نظر اس نے اس بن بلائی مصیبت پر بھی ڈالی تھی لیکن پھر اسے منہ نہ لگانے کا ارادہ کرکے ہادی اپنے کام میں مصروف ہوگیا۔

کچھ دیر بعد اس مردود نے خود ہی اسے مخاطب کیا۔ہادی نے ایک بیزار سی نظر اس پر ڈالی اور وہاں سے اٹھا ۔وارڈروب سے اپنے کپڑے لے کر باتھ روم میں چلا گیا۔پیچھے اس لعنتی کی آنکھوں میں ایک شیطانی چمک ابھری۔

ہادی چینج کر کے باہر آیا تو وہ اب اس کے بیڈ پر بیٹھا اسی کا انتظار کر رہا تھا۔وہ خاموشی سے آکر بیڈ پر بیٹھ گیا۔کمرے میں کچھ پل تو سوئی پٹخ سناٹا چھایا رہا اور پھر اسے ہادی کی آواز نے توڑا۔

سنو! ایک بات پوچھوں؟برا تو نہیں مانو گے؟۔۔۔اس نے ذراسی گردن موڑ کر اپنے برابر میں بیٹھی اس مخلوق کو دیکھا جس کے شر سے بچنے کے لیے انسان کے منہ سے بے ساختہ اعوذباللہ نکلتا ہے۔

پوچھو؟۔۔۔مقابل نے مانو اس پر کوئی احسان کیا ہو۔ہادی نے نچلا ہونٹ دانتوں تلے دبا کرایک مشکوک سی نظر اس پر ڈالی۔

کیا پتہ مکر ہی جائے اپنی بات سے؟۔۔۔اس نے دل ہی دل میں سوچا اور پھر اس کی تجسس سے بھری آواز اس کمرے میں سنائی دی۔

تم نے برصیسا کے ساتھ کیا کیاتھا؟۔۔۔اس کا سوال سن کر مقابل کی آنکھوں میں ایک شیطانی چمک ابھری۔

برصیسا؟ تم کیوں پوچھ رہے ہو اس کے بارے میں ؟۔۔۔وہ پوچھے بنا نہیں رہ سکا۔لہجے میں مصنوعی حیرت لیے وہ ہادی کو ہی دیکھ رہا تھا۔

مجھے جاننا ہے ۔میں نے سنا ہے وہ کوئی عابدو زاہد شخص تھااور اس کے ساتھ تم نے کچھ کیا تھا۔۔۔ہادی نے مبہم سی وضاحت دی۔

میرے جیسا لعنتی کیا ہی کر سکتا ہے کسی عابدو زاہد کے ساتھ؟تم خود ہی سوچو۔۔۔بے نیازی سے کہتا وہ وہاں سے جانے لگا تھا جب ہادی کی آواز پر وہ ایک جھٹکے سے رکا۔

اگر میں اس کی کہانی جاننے کے بعد پلٹ گیا پھر؟ یعنی اگر اس کی کہانی سے میں متاثر ہوگیا اور میں نے سب گناہ کے کام چھوڑ دیے پھر کیا کرو گے؟۔۔۔اس کی بات پر مقابل نے ایک مکروہ سا قہقہہ لگایا۔

سب گناہ؟سب گناہ اگر چھوڑ دو گے تو تم سے وہ گناہ کرواؤں گا جس کی وجہ سے میں اللہ کی رحمت سے دور ہوا۔۔۔ہادی نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔تبھی سامنے کھڑے لعنتی شیطان کی مغرور سی آواز اسے سنائی دی۔

جنت اور جہنم کی عینک اسی لیے تو متعارف کروائی ہے میں نے انسانوں کے درمیان۔ہر گنہگار انسان گناہ کرتا ہے اور اپنے آس پاس موجود نیک لوگوں کو جنت کی عینک سے دیکھتا ہے۔دوسری طرف نیک انسان کی آنکھوں میں جو عینک ہوتی ہے اس میں جہنم کا لینز فٹ ہوتا ہے۔اسے اپنے علاوہ سب جہنمی ہی نظر آتے ہیں ۔۔۔آنکھوں میں فاتحانہ چمک لیے وہ کہہ رہا تھا جب ہادی نے درمیان میں اس کی بات کاٹی۔

لیکن ہمارے یہاں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔دین کے کسی بھی معاملے میں عمل کروانا ہو تو ہمارے بڑے بزرگوں سے لے کر علماء تک سب یہی کہتے ہیں کہ اگر ہم گناہ کریں گے تو جہنم میں جائیں گے اگر نیکیاں کریں گے تو جنت میں جائیں گے ۔۔۔وہ الجھن زدہ لہجےمیں پوچھ رہا تھا۔اس کی بات پر وہ جو واپس جانے کی تیاری پکڑ چکا تھا واپس اس کے برابر میں آکر بیٹھا۔

آدم کی اولاد کا مسئلہ پتہ ہے کیا ہے؟اسے یہ بات ہضم نہیں ہوتی کہ ۔۔۔وہ انسان جو ساری زندگی گناہ کرتا رہے اور پھر سچے دل سے توبہ کر لے تو اس کے سارے گناہ معاف ہوجائیں ۔مطلب وہ صرف توبہ کر نے پر ہی بخش دیا جائے اور نیک لوگ نیکیاں بھی کریں اور پھر بھی ڈرتے رہیں کہ کہیں کوئی گناہ نہ ہوجائے۔۔۔ اس کے لہجے میں ہلکا سا طنز بھی تھا۔ہادی نے بے ساختہ پہلو بدلا۔

کیا کہا جا سکتا ہے ؟ جب ہمارے یہاں کلچر ہی یہ بن چکا ہے کہ مسلم گھرانوں میں پیدا ہونے کے باوجود ہمیں اپنی زندگی کے کئی سال جاہلیت میں گزارنے پڑتے ہیں ۔پھر جب ہم دین اسلام پر عمل شروع کرتے ہیں تو وہی تمہارے والی بات کہ آدم کی اولاد کو ہضم ہی نہیں ہوتا۔کیونکہ ہمارے آس پاس موجود نام کے نیک لوگ تو اس سے پہلے ہی ہم جیسے گنہگار لوگوں پر جہنم فرض کروا چکے ہوتے ہیں ۔۔۔آخر میں اس نے استہزائیہ انداز میں سر جھٹکا۔

لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ نیک ہونے اور نیک نظر آنے میں بہت فرق ہوتا ہے۔ اگر آدم کی اولاد دوسروں کو جنت اور جہنم کی عینک اتار کر دیکھے گی تو میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ ان گنہگار لوگوں کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہوا نظر آئے گا۔۔۔ہادی جو غور سے اس کی بات سن رہا تھا اس کے چپ ہونے پر اس نے ذرا سی گردن موڑ کر اسے دیکھا۔

باتیں کافی اچھی کر لیتے ہو۔اگر تمہاری حرکتیں ٹھیک ہوتی تو یقیناََ آج کافی عزت دار جن ہوتے تم۔۔۔وہ چاہ کر بھی خود کو طنز کرنے سے باز نہیں رکھ سکا۔اس کی بات پر مقابل اندر ہی اندر بل کھا کر رہ گیا۔

میں نے قیامت تک کی مہلت اللہ سے اس لیے نہیں مانگی تھی کہ میں اپنی حرکتیں درست کر لوں گا۔بلکہ آدم کی اولاد کی حرکتیں ۔۔۔ناقابلِ برداشت حد تک بگاڑ دینے کی قسم کھائی تھی۔۔۔لٹھ مار انداز میں کہتا وہ وہاں سے غائب ہوچکا تھا۔

لعنتی شیطان ! اسی قابل ہے کہ اس پر دن رات تین تین حرف بلا ناغہ بھیجے جائیں ۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑا کر کہتا وہ اپنی جگہ سے کھڑا ہوا۔اپنا فون پاکٹ میں رکھتے ہوئے وہ کمرے سے باہر چلا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

رات کو وہ اپنے بیڈ پر لیٹا فون ہاتھ میں لیے پر سوچ نظروں سے فون کی اسکرین کو دیکھ رہا تھا۔اگلے ہی لمحے اس کی انگلیاں تیزی سے ٹائپ کرنے لگیں ۔یوٹیوب پر اسٹوری آف برصیسا، سرچ کر کے وہ اسکرولنگ کرنے لگا۔اسے اپنی مطلوبہ ویڈیو کہیں نہیں ملی تھی۔پھر سرچ بار میں لکھے الفاظ میں کچھ تبدیلی کرنے پر آخر ہادی کو یوتھ کلب کی وہ ویڈیو مل گئی تھی جس کی اسے تلاش تھی۔ویڈیو پلے کرنے سے پہلے اس نے ایک گہری سانس لی اور اللہ کا نام لے کر ویڈیوپلے کردی ۔

جیسے جیسے ویڈیو آگے بڑھتی گئی ہادی کو یوں لگ رہا تھا جیسے یہ برصیسا کی کہانی کم اور اس کے لیے ایک ٹرگر وارننگ زیادہ تھی۔وہ بہت غور سے ایک ایک لفظ سن رہا تھا۔کچھ منٹ بعد ویڈیو ختم ہوئی تو ہادی نے کانپتے ہاتھوں کے ساتھ فون بند کیا۔اس کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے تھے۔دل بری طرح دھڑک رہا تھااور اسی لمحے عبدالہادی کا دل پلٹ گیا تھا۔

مجھے برصیسا نہیں بننا!۔۔۔بے ساختہ اس کی زبان سے پھسلا تھا۔اگلے ہی لمحے اس نے دوبارہ اپنا فون اٹھا کر نظروں کے سامنے کیا۔آنکھوں میں آئی نمی کو ہاتھ سے رگڑ کر صاف کرتے اس نے اس ویڈیوکو دوبارہ پلے کیا۔

اس کا لنک کاپی کر کے واٹس ایپ پر شیئر کیا۔پہلے ولی اور قاسم کو پھر رباب اور عنبر کو۔نیچے کیپشن میں لکھا تھا کہ۔۔۔مجھے برصیسا نہیں بننا!۔۔۔اس کے بعد اس نے اسی کیپشن کے ساتھ وہ لنک اپنے سٹیٹس پر لگایا۔پھر فون بند کر کے اپنے تکیے کے پاس رکھتے اس نے ایک گہری سانس خارج کی اور آنکھیں بند کر لیں ۔کب اپنی بے لگام سوچوں سے لڑتے اس کی آنکھ لگ گئی اسے پتہ بھی نہیں چلا۔

رات کو تقریباََ دو بجے کا وقت تھا جب اچانک ہادی کی آنکھ کھلی ۔وہ گہری نیند سے جاگا تھا۔اس نے تکیے کے پاس پڑا اپنا فون اٹھا کر ٹائم دیکھا۔تبھی اس کی نظر ولی کے میسج پر پڑی۔ایک بج کر دو منٹ پر میسج آیا تھا۔یقیناََ ولی صاحب نے اپنے شغل میلے سے ویلے ہو کرہی وہ ویڈیو دیکھی تھی۔ہادی نے کچھ سوچ کر ولی کی چیٹ اوپن کی۔چار منٹ کی ویڈیو کے لنک کے نیچے پانچ وائس نوٹس تھے۔وہ ایک ایک کر کے سارے وائس نوٹس سنتا گیا۔آخری وائس نوٹ جیسے ہی اس نے پلے کیا تو ولی کی رندھی ہوئی آواز اسے سنائی دی۔

مجھے بھی برصیسا نہیں بننا! ۔۔۔وہ صرف اتنا ہی کہہ پایا تھا کیونکہ الفاط کہیں حلق میں ہی اٹک گئے تھے۔ہادی نے کچھ سوچ کر وائس نوٹ ریکارڈ کیا۔

ولی محمد! اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے نام کی تھوڑی بہت لاج رکھ لیں ۔کل یونی سے آف کر کے تو اور قاسم مجھے کیفے میں ملو ۔میرے پاس ایک پلین ہے۔اگر ہمیں برصیسا نہیں بننا تو پھر ہمیں اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی برصیسا بننے سے روکنا ہوگا۔۔۔پر عزم لہجے میں کہتے اس نے وائس نوٹ سینڈ کیا۔پھر اٹھ کر بیٹھا اور پیچھے پڑا تکیہ گود میں رکھتے ا س پر کہنیاں ٹکائے وہ اگلا وائس نوٹ ریکارڈ کر نے لگا۔

کل صبح ایک نیا آغاز ہوگا۔ہم اپنے آس پاس موجود لوگوں کو جنت اور جہنم کی عینک اتار کر دیکھیں گے۔یہ بات ذہن میں رکھیں گے کہ ہم کوئی نہیں ہوتے کسی پر جنت یا جہنم فرض کرنے والے۔ہمیں اس دنیا میں خلیفہ بنا کر بھیجا گیا ہے خدائی فوجدار نہیں۔۔۔دوسراوائس سینڈ کر کے ا س نے فون رکھ دیا۔تبھی کسی نے اس کے کان میں ہلکی سی سرگوشی کی۔

تم ساری کشتیاں جلانے کے بعد اس عیش کو بہت مس کرو گے ہادی۔ابھی بھی وقت ہے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرو۔۔۔وہ مردود آچکا تھا۔ہادی نے ا س کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

مجھے یقین نہیں آرہا کہ تم ابھی صبح تک تو اپنی زندگی سے مطمئن تھے اور ایک چار منٹ کی ویڈیو میں ایسا بھی کیا تھا کہ تم ایک دم سے بدل گئے؟اب نہ تو تمہیں کوئی گرل فرینڈ یاد ہے اور نہ ہی کوئی پارٹی۔۔۔مقابل نے طنزیہ لہجے میں کہتے ایک نا گوار سی نظر اس پر ڈالی۔ہادی نے چہرے پر ایک تپانے والی چمک لیے ا س کی طرف دیکھا۔

میں عبدالہادی ہوں ۔ہدایت دینے والے اور سیدھا راستہ دکھانے والے کا بندہ۔آخر کب تک گمراہی کے راستے پر چل سکتا تھا؟ ۔۔۔اس کی بات پر مقابل اندر ہی اندر بل کھا کر رہ گیا۔

تم اپنی پوری کوشش کر لو سیدھے راستے پر چلنے کی ۔میں بھی اسی سیدھے راستے پر بیٹھوں گا۔کبھی دائیں سے ،کبھی بائیں سے، کبھی آگے سے او ر کبھی پیچھے سے ،جس طرف سے موقع ملا تمہیں گمراہ کروں گا۔۔۔ایک مکروہ مسکراہٹ لیے وہ پر عزم لہجے میں کہہ رہا تھا۔

تو تمہیں کیا لگا میں یہ ایکسپیکٹ کر رہا تھا کہ تم مجھے پھولوں کے ہار پہناؤ گے؟۔۔۔اس نے سیدھا سیدھا طنز کیا۔

اب سے کھلی دشمنی کا آغاز ہوا چاہتا ہے ۔عبدالہادی!۔۔۔سرد سے لہجے میں کہتا وہ وہاں سے غائب ہو چکا تھا۔ہادی نے بے ساختہ پہلو بدلا اور پھر سر جھٹک کر واپس لیٹ گیا۔

یا اللہ! میری مدد فرما اور مجھے میرے مقصد میں کامیاب کر۔میں شیطان کے خطوت پر چلنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں ۔میں شیطان کے مکر اور فریب سے تیری پناہ مانگتا ہوں ۔مجھے ثابت قدمی سے میرے مقصد کو پور ا کرنے کی توفیق عطا فرما آمین!۔۔۔سچے دل سے دعا کرتا وہ آنکھیں بند کر گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

چار سال بعد۔۔۔

یہ منظر ایک بڑے سے ہال کا ہے جہاں ترتیب سے رکھی کرسیوں پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سامنے اسٹیج پر سیٹ مائیک کے آگے ایک نوجوان کھڑا تھا جس نے ہاتھ میں ایک پیپر پکڑا ہوا تھا۔ہال میں موجود لوگ اس کی طرف اتنے متوجہ نہیں تھے۔پہلی نشستوں پر موجود پروفیسرز اپنی باتوں میں مصروف تھے۔باقی اسٹوڈنٹس میں سے کچھ تو صرف بیزاری سے وہاں بیٹھے تھے ۔ کچھ بے چین نظریں ہال کے دروازے پر جمائے آج کے چیف گیسٹس کے آنے کے منتظر تھے۔تبھی اسٹیج پر کھڑے اس لڑکے کی آواز ہال میں گونجی۔

اٹینشن گائز!۔۔۔فائنلی آپ کا انتظار ختم ہوا ۔۔۔اس لڑکے کی جوش بھری آواز پر سب لوگ اس کی طرف متوجہ ہوئے ۔

پلیز ویلکم! ۔۔۔سر عبدالہادی اینڈ آور ینگ انسپائریشن،آپ سب کے فیورٹ ولی محمد!۔۔۔ اس لڑکے نے ایک ہاتھ سے مائیک تھامے دوسرے ہاتھ سے ہال کے دروازے کی جانب اشارہ کیا۔جہاں سے دو نوجوان اندر داخل ہورہے تھے۔اردگرد سے بے نیاز وہ دونوں آج کے اس ایونٹ کے بارے میں ڈسکشن کر رہے تھے۔

وہ دونوں چلتے ہوئے اسٹیج تک آئے اور ایک طائرانہ نظر پورے ہال پر ڈالی۔نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہاتھ ہلا ہلا کر ان کا ویلکم کر رہے تھے۔ پروفیسرز رشک بھری نظروں سے ان دونوں کو دیکھ رہے تھے۔اس سب کے درمیان ایک نوجوان پروفیسر جو ان کی ہی عمر کا تھا اس کی آنکھیں بے ساختہ نم ہوئیں ۔

اسلام علیکم! سر ویلکم! ٹو آور یونیورسٹی۔۔۔اسٹیج پر کھڑے لڑکے نے باری باری ان دونوں سے مصافحہ کیا۔ولی اب مائیک کے سامنے کھڑا تھا۔مائیک ہولڈر سے مائیک اتار کر وہ اپنے ہاتھ میں لے چکا تھا۔اسے کہاں عادت تھی ایک جگہ ٹک کر بات کرنے کی۔

ایکسکیوزمی! ہادی سر کے لیے ایک اور مائیک کا ارینج کر دیں ۔۔۔اس نے ذرا سی گردن موڑ کر اس لڑکے سے کہا ۔ہادی بھی اس کے قریب ہی آکر کھڑا ہوگیا۔

اسلام علیکم! لیڈیز اینڈ جینٹل مین۔۔۔چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ سجائے ولی محمد کی آواز اس ہال میں گونجی۔جس کے جواب میں لیڈیز اور جینٹل مین کا بلند آواز میں وعلیکم اسلام آیا تھا۔وہ لڑکا ہاتھ میں تین مائیکس لیے واپس آیا۔ایک مائیک ہادی کو دیتے ہوئے اس نے باقی کے دونوں اسٹیج سے نیچے کھڑے لڑکے کو پکڑائے۔

ہادی نے اپنے ہاتھ میں پکڑا مائیک چیک کیا اور پھر چہرے کے قریب کرتے ہوئے سنجیدہ لہجے میں سلام کیا۔ولی نے ایک خفگی بھری نظر ہادی پر ڈالی ۔کم از کم آج تو وہ تھوڑا سا مسکرا لیتا۔

ولی ! کسی بھی قسم کی فضول گوئی سے پرہیز کرنا۔میں نہیں چاہتا کہ میرا امپریشن تمہاری مسخریوں کی وجہ سے خراب ہو ۔۔۔اسی سنجیدگی سے کہتا وہ کچھ فاصلے پر رکھی کرسی پر بیٹھ گیا۔اسٹیج پر کھڑے لڑکے نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی۔اب ہادی سمیت سب کی نظریں ولی پر تھیں ۔جس نے گلا کھنکار کر اپنی بات کا آغاز کیا۔

تو چلیں پھر اللہ کا نام لے کر اسٹارٹ کرتے ہیں ۔۔۔ولی نے ایک نظر وہاں بیٹھے نوجوان لڑکوں کو دیکھا ۔پھر سرسری سی نظر دوسری سائیڈ پر بیٹھی لڑکیوں پر ڈالی ۔تبھی دوسری لائن میں بیٹھے ایک لڑکے نے اپنا ہاتھ اونچا کیا۔ولی کے اشارہ کرنے پر اس لڑکے کو مائیک دیا گیا۔سب لوگ پوری طرح ان دونو ں کی طرف متوجہ تھے۔

سر! میرا یک سوال ہے ۔جس طرح سر عبدالہادی نے ایک ویڈیومیں اپنی ساری اسٹوری بتائی تھی جو کہ کافی انسپائرنگ تھی ۔لیکن آپ نے ایسی کوئی ویڈیو نہیں بنائی حالانکہ آپ ان سے زیادہ فیمس ہیں ۔مجھے ایسا لگتا ہے کہ آپ کو بھی اپنی کہانی سنانی چاہیے ۔ینگ جنریشن کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا آپ سے۔۔۔وہ لڑکا خاموش ہوا تو ولی نے ذرا سی گردن موڑ کر ہادی کو دیکھا پھر اس کی شرارتی سی آواز اس ہال میں گونجی۔

آپ کے سوال میں ہی اس بات کا جواب موجود ہے۔آپ نے کہا نا کہ میں کافی فیمس ہوں ۔ اس لیے میں نے ضرورت محسوس نہیں کی۔ اس کے علاوہ آپ کو کچھ پوچھنا ہے؟۔۔۔آخر میں ولی نے سوالیہ آئی برو اٹھایا۔

یس سر! میں نے آپ کی ایک ویڈیو دیکھی تھی جس میں آپ نے بتایا تھا کہ اپوزٹ جینڈر سے اٹریکشن فطری ہے۔تو میرا سوال یہ ہے کہ جب ایک چیز فطری ہے تو پھر اسلام نےاس سے منع کیوں کیا ہے؟۔۔۔الجھن زدہ لہجے میں پوچھا گیا تھا۔اس کی بات پر ولی مبہم سا مسکرایا۔اس کے پیچھے بیٹھے ہادی کے کان اسی طرف لگے ہوئے تھے۔ہال میں موجود لوگوں کی آپس میں سرگوشیاں شروع ہو چکی تھیں ۔

آپ میں سے کوئی کبھی ساحلِ سمندر پر گیا ہے ؟۔۔۔اس نے سوال اس لڑکے سے کیا تھا لیکن ساتھ ہی ساتھ ایک نظر پورے ہال پر بھی ڈالی۔وہاں کئی ہاتھ اوپر ہوئے ۔

ساحلِ سمندر پر کھڑے ہو کر جب آپ ریت سے ٹکراتی سمندر کی لہروں کو دیکھتے ہیں تو وہ آپ کو اپنی طرف اٹریکٹ کرتی ہیں ۔خاص طور پر جب سورج طلوع ہورہا ہو یا غروب ہورہا ہو۔ایسا ہی ہے نا؟۔۔۔وہ وہاں موجود سب لوگوں سے پوچھ رہا تھا۔ جب ایک حجابی لڑکی اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی۔وہ شاید کچھ بتانا چاہ رہی تھی۔اسی لیے اسے مائیک دیا گیا۔

سر! میں اس میں کچھ ایڈ کرنا چاہتی ہوں اگر آپ کی اجازت ہو تو۔۔۔وہ لڑکی تھوڑا سا جھجھک رہی تھی۔ولی نے ذرا سی گردن موڑ کر آہستہ سے سر کو خم دیا۔

سورج کے طلوع ہونے اور غروب ہونے کو ہم کسی انسان کی جوانی اور بڑھاپے سے بھی ڈینوٹ کر سکتے ہیں ۔جب جوانی اپنے عروج پر ہوتی ہے اور جب آدھی ٹانگیں قبر میں ہوتی ہیں اس وقت اٹریکشن زیادہ ہونا فطری بات ہے۔۔۔لہجے میں ہلکا سا طنز لیے اس نے پہلی نشت پر بیٹھے ایک اڈھیر عمر پروفیسر کو دیکھا پھر ذرا سا گھوم کر لڑکوں والی سائیڈ پر چوتھی لائن میں بیٹھے ایک نوجوان لڑکے کو۔

ایک جملہ اور پورے ہال کے سامنے دو لوگ شرمندہ ہوچکے تھے۔ ولی محمد چند لمحے تو کچھ بول ہی نہیں سکا۔ہادی جو اپنے فون میں متوجہ تھا اس لڑکی کی بات سن کر ایک لمحے کے لیے دنگ رہ گیا۔دل ہی دل میں وہ اس لڑکی کو داد دیے بنا نہیں رہ سکا تھا۔اس لڑکے کا سوال اور ولی محمد کا جواب وہیں رہ گیا تھا اور سب کی سرگوشیاں ایک بار پھر شروع ہوچکی تھیں ۔جن کا موضوع وہ دو لوگ تھے۔

ہادی ہاتھ میں مائیک لیے اپنی جگہ سے کھڑا ہوا اور چلتا ہوا ولی کے پاس آیا۔ولی نے مشکور نظروں سے اسے دیکھا۔پھر ہادی کی سنجیدہ سی آواز اس ہال میں گونجی۔

ہماری حجابی سسٹر نے جو پوائنٹ ایڈ کیا ہے اس کو ہی آگے لے کر چلتے ہیں ۔جیسے کہ انہوں نے انسان کی جوانی اور بڑھاپے کو کتنی خوبصورتی سے سورج کے طلوع اور غروب ہونے سے ڈینوٹ کیا ہے۔تو میں ریت سے ٹکراتی سمندر کی لہروں کو لڑکیوں سے ڈینوٹ کر کے آپ کے لیے آسانی کر دیتا ہوں ۔۔۔

تھینک یو سر! ۔۔۔وہ لڑکی شکریہ ادا کرتی واپس اپنی کرسی پر بیٹھی۔

ایگزیکٹلی! اسی لیے جب وہ ریت سے ٹکراتی لہریں آپ کو اپنی طرف اٹریکٹ کرتی ہیں ۔تو آپ کا دل چاہتا ہے کہ آپ ان کے قریب جائیں اور انہیں محسوس کریں۔جس سے آپ کا موڈ فریش ہوجائے۔لیکن آپ اس بات سے بے خبر ہوتےہیں کہ یہی لہریں آپ کو اپنے ساتھ بہا کر بھی لے جاسکتی ہیں ۔۔۔ولی نے شرارتی لہجے میں کہتے ایک نظر دائیں طرف بیٹھی لڑکیوں پر ڈالی ۔ہال میں سب لوگوں کے بے ساختہ قہقہے گونجے۔

سوری ٹو سے سر! یہ زیادہ پرسنل ہوگیا ہے۔خالی لہروں کا قصور تو نہیں ہوتا نا۔ ساحل پہ کھڑے یہ ابنِ آدم بھی تو ہمیں پٹانے کے چکروں میں ہوتے ہیں ۔یونی کے دوسرے تیسرے سمسٹر تک دو دو تین تین بندیاں ہوتی ہیں ان کی جو ان کے آگے پیچھے گھومتی رہتی ہیں۔۔۔ایک اور لڑکی ہاتھ میں مائیک لیے کھڑی ہوئی اس کی بات پر ولی نے بے ساختہ ہادی کو دیکھا۔بندیوں کے نام پر ان دونوں کو بہت کچھ یاد آیا تھا۔

کیوں بھئی ابنِ آدم؟ آپ بنتِ حوّا کی بات سے اتفاق کرتے ہو؟۔۔۔ولی نے اسی لڑکے سے پوچھا جس نے سب سے پہلے سوال کیا تھا۔اس کی بات پر اس لڑکے نے آہستہ سے سر ہلایا۔

یس سر! اور مجھے آپ کی بات سمجھ آگئی ہے۔ اپوزٹ جینڈر کی اٹریکشن فطری ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم خود کو ان سمندری لہروں کے حوالے کر دیں ۔جو ہمیں ایسا غرق کریں کہ ساحل تک واپس آنے میں ہی جان چلی جائے۔۔۔اس لڑکے نے اپنی بات مکمل کر کے ایک خفا سی نظر ہال کی دائیں طرف موجود ان سمندری لہروں پر ڈالی ۔پھر اپنی جگہ پر بیٹھ گیا۔اس کے بیٹھتے ہی ہادی کی سنجیدہ سی آواز مائیک میں گونجی۔

یہ چند لائنز! ابنِ آدم اور بنتِ حوّا کے نام۔۔۔

اے ابنِ آدم تم کیا جانو کہ اس بنتِ حوّا کو جو بظاہر بہت نیک نظر آتی ہے،اسے کتنی ہی بار شیطان کو مات دینی پڑتی ہے۔۔۔ولی نے بے ساختہ نظریں اٹھا کر پہلی نشت پر بیٹھے اس نوجوان پروفیسر کو دیکھتے ہوئے کانوں کو ہاتھ لگائے بیچارے کا کنٹینٹ چوری ہورہا تھا۔وہ بھی سرِ عام۔جواباََ وہ صرف اسے گھور کر رہ گیا۔

اے بنتِ حوّا تم کیا جانو جب تم سج سنور کر ، خود کو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا کر گھر سے نکلتی ہو تو تب ان اوباش اور نظر باز منچلوں میں بیٹھا وہ ابنِ آدم جو اپنی نظر کی حفاظت کے لیے نجانے کتنے پہلو بدلتا ہے۔۔۔ہادی نے لڑکیوں کی سائیڈ پر بیٹھی کچھ لڑکیوں کو دیکھا جنہوں نے نامحسوس انداز میں اپنے گلے میں موجود دوپٹے شانوں پر پھیلا لیے۔

اے ابنِ آدم تم کیا جانو کہ تمہاری ذرا سی حوصلہ افزائی اس بنتِ حوّا کو کیسے خواہشات اور خوابوں کے کوہِ طور پر بٹھا دیتی ہے۔۔۔وہاں بیٹھے نجانے کتنے ہی نوجوانوں کے سر شرمندگی سے جھک گئے۔اس کے الفاظ میں ایک تاثیر تھی جو سامنے والے کو جکڑ لیتی تھی۔

اےبنتِ حوّا تم کیا جانو وہ ابنِ آدم جو تم سے عزت سے نکاح کرنا چاہتا ہے تمہاری اس نئے دور کی جاہلیت” پہلے ایک دوسرے کو سمجھ لیں“ کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔۔۔ہادی نے ایک نظر پورے ہال پر ڈالی ۔کچھ نوجوان لڑکوں نے پر شکوہ نظروں سے کچھ بناتِ حوّا کو دیکھا۔ولی بس خاموشی سے یہ کایا پلٹ دیکھ رہا تھا۔فیمس زیادہ وہ تھا اور انسپائر زیادہ ہادی سے ہورہی تھی ینگ جنریشن۔

اے ابنِ آدم ہوش کے ناخن لو ! اس دنیا میں اور بھی فسانے ہیں ،عشق و محبت کے علاوہ۔۔۔آخری لائن بولتے ہوئے ہادی نے ذرا سی گردن موڑ کر دائیں طرف موجود لڑکیوں کو دیکھا ۔

اے بنتِ حوّا سنبھل جاؤ کہ ابنِ آدم کے سر اور بھی ذمے داریاں ہیں تمہیں پٹانے کے علاوہ۔۔۔اس نے قدرے سنجیدگی سے کہا۔لیکن اس کا جملہ مکمل ہوتے ہی پورا ہال ایک بار پھر قہقہوں سے گونج اٹھا۔سب نے تالیاں بجا کر اسے داد دی۔بس ولی محمد کی برداشت جواب دے گئی تھی۔

گائز! یہ لائنز سر عبدالہادی کی نہیں ہیں ۔یہ لائنز ہیں ۔۔۔وہ ایک لمحے کے لیے رکا۔سب کے تالیاں بجاتے ہاتھ تھمے اور ہال میں یک دم سناٹا چھا گیا۔

یہ لائنز آپ کے ینگ پروفیسر۔۔۔ سر قاسم کی ہیں ۔جو تین سال پہلے انہوں نے لکھی تھیں ۔۔۔اس کی بات پر ہادی نے بے ساختہ دانت پیسے اور سامنے بیٹھے قاسم کو دیکھا۔جس نے بے نیازی سے شانے اچکائے۔

ولی سر میرا یک سوال ہے ۔اگر آپ جواب دینا چاہیں تو ۔ ورنہ کوئی زور زبردستی نہیں ہے۔۔۔آخری لائن میں بیٹھی ایک لڑکی نے ہاتھ میں پکڑے مائیک میں سوال پوچھا ۔ولی نے مائیک دوبارہ اپنے سامنے کیا۔

آپ نے جب اپنی ساری گرل فرینڈز سے بریک اپ کیا تو ان کا جواب کیا آیا تھا؟کیا انہوں نے آپ کو گالیاں دی تھیں یا۔۔۔اس لڑکی کی بات پر سب نے بے ساختہ گردن موڑ کر اسے دیکھا۔ولی نے ایک گہری سانس خارج کی۔ہادی اسٹیج سے نیچے اتر کر قاسم سے مل رہاتھا۔

مجھے آج بھی یاد ہے وہ غزل جو میری ہر گرل فرینڈ نے مجھے سینڈ کی تھی۔ایک نے سینڈ کی تھی باقیوں نے اس کے والی ہی فارورڈ کی تھی۔یہ کوئی اتفاق نہیں تھا بلکہ انہوں نے باقاعدہ پلیننگ کے ساتھ مجھے وہ میسج سینڈ کیا تھا۔۔۔وہ ہلکا سا مسکراتے ہوئے کہہ رہا تھا۔

عرض کیا ہے۔۔۔اس کے کہنے کی دیر تھی پورے ہال میں ، ارشاد۔ ارشاد ۔ کی آوازیں بلند ہوئیں ۔

ستم گر تیری ستم گری کا ذرا بھی غم نہیں
تو اگر سنگدل ہے تو ہم بھی تجھ سے کم نہیں

تجھے بچھڑنے کا ہم سے ذرابھی ملال نہیں
توتیری جدائی میں ہم بھی بے حال نہیں

ہم فقط خاموش ہیں کہ کہنے کو الفاظ نہیں
ورنہ زبان ہماری بھی لمبی،گز سے کم نہیں

ہمیں اور بھی دکھ ہیں ! تیری جدائی کا غم نہیں
تو ایک بار سامنے تو آ کم بخت! پھر یا تو نہیں یا ہم نہیں

وہ جیسے ہی خاموش ہوا سب لوگ پرجوش انداز میں تالیاں بجاتے اپنی جگہ سے کھڑے ہوئے۔ولی نے آہستہ سے سر کو خم دیا۔

آج کے لیے اتنا ہی کافی ہے ۔پھر کبھی ملاقات ہوگی۔آپ سب اپنا خیال رکھیے گا۔اب ذرا میں اپنے دوست سے مل لوں ۔۔۔ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر سجائے اس نے مائیک اسٹیج پر کھڑے لڑکے کو دیا اور اسٹیج سے نیچے اترا۔اسٹیج پر کھڑا لڑکا اب وہاں موجود سب لوگوں کا شکریہ ادا کر رہا تھا اور ایک سائیڈ پر کھڑا ضمیرمطمئن سا مسکرادیا۔اس سے کچھ فاصلے پر کھڑا وہ مردود بس کچا چبا جانے والی نظروں سے نیچے کھڑے ان تین دوستوں کو دیکھ رہا تھا۔

۔۔۔ختم شد!۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *