MY DEAR SHAITAN BY HUDA.

 

My Dear Shaitan
by Hüda


مائی ڈئیر شیطان کو لکھنے کا خیال بھی مجھے اتنا ہی اچانک سے آیا تھا جتنی اچانک سےوہ عجیب و غریب مخلوق اس دن میرے سر پر سوار ہوئی تھی ۔جب میں اپنے کمرے میں بیٹھی انسٹاگرام پر اپنی دوستوں کے ساتھ باتوں میں مصروف تھی ۔میں ابھی ایک کے میسج کا جواب دے کر دوسری کا میسج دیکھنے ہی والی تھی کہ اذان شروع ہوگئی اور میں نے پہلے نماز پڑھ کر بعد میں جواب دینے کے بارے میں سوچا ۔۔۔ عین اسی وقت مائی ڈئیر شیطان کی سرگوشی نما آواز میرے کانوں سے ٹکرائی۔

ابھی تو جماعت کھڑی ہونے میں دس پندرہ منٹ ہیں اور ویسے بھی ظہر کی نماز گرمیوں میں تھوڑی دیر سے ہی پڑھتے ہیں۔تم ایک کام کرو اس میسج کا جواب دے لو اور باقی بھی دیکھ لو اور جواب بعد میں دے لینا۔

ہاں ویسے کہہ تو ٹھیک رہے ہو۔۔۔میں بھی شاید کسی دلیل کے انتظار میں ہی تھی فوراََ اس کی بات پر راضی ہوگئی ۔لیکن نامحسوس انداز میں ،میں نے اسے دیکھا تو مجھے ایسا لگا جیسے وہ خفیف سا مسکرایا ہو۔

اچھا ٹھیک ہے تم کرو تب تک میں آتا ہوں اور ہاں وہ اپنی کزن کو میسج کر کے بھی پوچھ لینا کہ اس کو جو کام کہا تھا تم نے وہ ہوا کہ نہیں۔کمبخت جاتے جاتے نیا شوشہ چھوڑ گیا تھا۔

ٹھیک ہے !! اب زیادہ پھیلنے کی ضرورت نہیں جا کر کام کرو اپنا ۔۔۔میں نے کافی چڑے ہوئے انداز میں کہا تو وہ بغیر کچھ کہے وہاں سے چلا گیا۔ضرور دماغ میں کسی اور کو اپنے جال میں پھنسانے کا سوچ رہا ہوگا ۔

شکر ہے پیچھا چھوٹا !!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑا کر میں دوبارہ میسج دیکھنے لگی ۔ سارے میسج چیک کرنے کے بعد کچھ کے جواب میں نے وہیں بیٹھے بیٹھے دے دیے باقی میں نے بعد کے لیے رکھ لیے۔ خیر اس سب کے بعد جب میں نے گھڑی کی طرف نظر اٹھا کر دیکھا تو اذان کیا جماعت ہوئے بھی دس منٹ گزر گئے تھے ۔میں کافی حیران بھی ہوئی تھی کہ اتنا وقت گزر گیا اور مجھے پتہ کیسے نہیں چلا؟

چل یار اب نماز پڑھ لیں ۔۔۔وہاں سے اٹھ کر فون چارجنگ پر لگایا اور جلدی سے وضو کیا ۔ واپس آنے کے بعد ایک نظر فون کو دیکھا جس پر ابھی ابھی نوٹیفیکیشن بلنک ہوا تھا ۔کزن کا میسج تھا پہلے تو میں نے سوچا کہ بعد میں دیکھ لوں گی پھر مائی ڈیئر شیطان کی طرف مسکین سی شکل بنا کر دیکھا جو مسلسل کہہ رہا تھا کہ ابھی دیکھ لو ۔وہ ابھی میرے آگے آگے ہی کمرے میں آیا تھا۔میں اپنے دھیان میں اسے دیکھ ہی نہیں پائی تھی ۔

نہیں! میں بعد میں دیکھ لوں گی پہلے ہی نماز کو دیر ہوگئی ہے۔۔۔میں بھی اپنے نام کی ایک ہی تھی بھلا ایسے کیسے اس کی باتوں میں آجاتی؟

لیکن اس نے تو نماز پڑھ لی ہو گی!!کہیں وہ یہ نہ سوچے کہ تم اسے اگنور کر رہی ہوحالانکہ اس نے تمہارا اتنا اہم کام کردیا وہ بھی بغیر کسی احسان کے ۔۔۔وہ انتہائی ذلیل مخلوق تھا کوئی شک نہیں تھا اس میں۔خیر بات مجھے معقول لگی میں نے میسج دیکھ لیے لیکن رپلائی نہیں کیا۔نماز کے اسٹائل میں ڈوپٹہ لے کر جائے نماز بچھایا اور نماز شروع کردی ۔چار رکعات مکمل کرنے کے بعد جیسے ہی میں نے سلام پھیرا تو وہ جو میرے برابر میں بیٹھا فرش پر نادیدہ سی لکیریں کھینچنے میں مصروف تھا فوراََ میری طرف مڑا۔

اب وہ سوچ رہی ہو گی کہ تم نے ابھی تک نماز ہی نہیں پڑھی تھی ؟جب تم اسے بتاؤگی کہ میں نماز پڑھ رہی تھی اس لیے میسج کی رپلائی نہیں کیا۔۔۔صاف ظاہر تھا اس کے انداز سے کہ وہ مجھے اکسا رہا ہے یاں تو میں اس کا منہ توڑ دوں یاں پھر اپنی کزن کے میسج کا جواب دوں۔

تم تب سے میرے سرہانے یہ بات بتانے کے لیے بیٹھے تھے کہ میری کزن میرے بارے میں کیا سوچ رہی ہو گی؟ ۔۔۔میرا سوال جائز تھا ۔وہ کچھ دیر سوچ میں پڑھ گیا اور پھر ہلکا سا سر نفی میں ہلایا ۔

اتنی دیر میں ،میں نے اپنی بہن کو آواز دے کر فون پکڑانے کا کہا اور جلدی سے میسج کا جواب دے کر دوبارہ کھڑی ہوئی ۔ایک پل کے لیے گردن موڑ کر میں نے مائی ڈئیر شیطان کی اتری ہوئی شکل دیکھی پھر نماز شروع کردی ۔

چار فرض پڑھ کر میں نے آیت الکرسی پڑھی تو وہ جو میرے برابر میں بیٹھا اپنے شغل میں مصروف تھا ایک دم اچھل کر دور ہوا۔میرے چہرے پر ایک کمینی سی مسکراہٹ آگئی ۔

اوہ!!کیا ہوا تم وہاں کیوں بیٹھ گئے ہو؟بلکہ تم بتاؤ یہاں بیٹھے ہی کیوں ہو؟۔۔۔معصوم سی شکل بنا کر میں نے جیسے ہی پوچھا تو وہ دوبارہ میرے برابرمیں آکر بیٹھا اور مجھے یہاں بیٹھنے کی وجہ بتائی جس کو سن کر بے ساختہ ہی میرا قہقہہ چھوٹا ۔

تمہیں میرے ماتھے پر کہیں پاگل لکھا ہوا نظر آرہا ہے ؟ ۔۔۔میں نے اپنی ہنسی کا گلا گھونٹتے ہوئے پوچھا تھا ۔

لیکن میں نے تو سب کو اسی چکر میں ڈالا ہوا تھا کہ وہ نماز پڑھ کر فوراََ جائے نماز کا کوناموڑ دیں ورنہ میں نماز پڑھ لوں گا اور بہت سے لوگ کرتے بھی ہیں ایسا۔۔۔اس نے منہ کے زاویے بگاڑ کر کہا ۔

تو پھر میری دفعہ تم کیوں چاہ رہے تھے کہ میں جائے نماز کا کونا نہ موڑوں ؟۔۔۔میں نے بھی الٹا سوال کیا ۔

میں چاہتا تھا کہ تم اگلی نماز تک اسی گلٹ میں رہو کہ میں تمہارے جائے نماز پر نماز پڑھ گیا ہوں۔۔۔نہایت معصومیت سے کہتے ہوئے وہ اس وقت نہایت زہر لگ رہا تھا ۔میں نے اپنی ہنسی پر قابو پاتے ہوئے آنکھوں میں تپانے والی چمک لیے اسے دیکھا ۔

مجھے پتہ ہے یہ سب فضول باتیں ہیں!! اتنے تم نمازی ہوتے تو سجدہ کرنے سے ہی انکار کرتے؟۔۔۔میری بات سن کر وہ وہاں سے چلا گیا ۔ایک تو نجانے کیوں جب اس سے کوئی جواب نہیں بن پاتا تھا تو کچھ کہے بغیر ہی میدان چھوڑ کر چلا جاتا تھا ۔

میں نے ظہر کی باقی کی دو سنتیں بھی جلدی سے ادا کیں اور فوراََ جائے نماز تہہ کرکے فون اٹھایا اور وہیں صوفے پر بیٹھ گئی ۔کافی دیر ایسے ہی اسکرولنگ کرنے کے بعد میں نے تھک کر فون واپس رکھا۔اب مجھے شدید قسم کی نیند آرہی تھی لیکن چونکہ عصر کا وقت قریب تھا تو میں وہیں بیٹھی انتظار کرنے لگی ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

آخر کار عصر کی پہلی اذان ہوئی اہلحدیث کی مسجد میں۔اب کیوں کہ میں تھک گئی تھی اور آرام کرنا چاہتی تھی اسی لیے میں نے اپنی مسجد میں اذان ہونے کا انتظار کرنے کی بجائے ابھی نماز پڑھنے کے بارے میں سوچا۔کوئی اور وقت ہوتا تو میں بھی سنی ،وہابی ،دیوبندی اور بریلوی کی بحث میں پڑ جاتی خیر ہیں تو سب مسلمان ہی نا؟

عصر کی نماز کے بعد امی کی ڈانٹ سن کر گھر کے کچھ کام کرنا چاہے کیونکہ اب نیند تو اڑن چھو ہوگئی تھی ۔اوپر سے مائی ڈیئر شیطان بھی اس کے بعد سے آیا ہی نہیں ۔ نجانے کہاں کی خاک چھانتا پھر رہا تھا ۔ویسے بھی میں کونسا مری جارہی تھی لیکن پھر بھی ایک دفعہ اسے آکر دیکھنا تو چاہیے تھا کہ میں نے آج کے دن کی پہلی نماز وقت پر ادا کی تھی ۔ دل میں ایک کمینی سی خواہش نے سر اٹھایا تھا اور پھر اس کا دل جلانے کا کوئی نیا طریقہ بھی آج کل مجھے نہیں سوجھ رہا تھا۔

اللہ اللہ کر کے مغرب بھی میں نے سکون سے ادا کی اور پھر آئی باری عشاء کی نماز کی جس کے لیے میں نے ساڑھے آٹھ بجے یعنی کہ اذان ہوتے ہی کہنا شروع کیا کہ میں نماز پڑھنے لگی ہوں۔لیکن اللہ بھلا کرے کہیں جا کر ساڑھے نو بجے نماز شروع کی ۔یہاں مائی ڈیئر شیطان کی نہیں سراسر میری غلطی تھی ۔میں ہی ٹال مٹول کررہی تھی کیونکہ نماز پڑھنے سے پہلے چائے بنانی تھی اور اس وقت سارے دن کی تھکن کی وجہ سے مجھے موت دکھائی دے رہی تھی چائے بنانے میں اور کیا پتہ پھر امی کہتیں کہ اب دودھ کو جاگ بھی لگا دو ۔اسی لیے میں نے پہلے ہی کہہ دیا کہ میں نماز پڑھنے لگی ہوں۔نہایت کام چور ہوگئی تھی میں ان دنوں اب بھی ہوں لیکن
کبھی کبھی تو حد کرتی ہوں ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

عشاء کی نماز کے بعد میں جیسے ہی باہر بستر لگا کر اندر آئی تو وہ جو اتنے گھنٹوں سے غائب تھا اب بہت مزے سے میرے صوفے پر بیٹھا ہوا تھا ۔ شکل سے ہی لگ رہا تھا کوئی نیا معرکہ مار کر آیا ہے لیکن کیا؟ یہ تو پوچھنے پر ہی پتہ چلنا تھا اور پوچھتی میری جوتی ۔

میں نے اپنا فون چارجنگ سے ہٹا کر چارپائی پر پھینکا اور لیپ ٹاپ آن کیا۔ پھر میں نے لیپ ٹاپ کو بہت احتیاط سے اٹھا کر تکیے پر رکھا اور خوداس کے سامنے جم کر بیٹھ گئی ۔ اتنا بھاری لیپ ٹاپ کون اتنی دیر گود میں لے کر بیٹھا رہے؟

آج کا کیا پلین ہے پھر ؟۔۔۔اس نے خود ہی بات شروع کی ۔ایک پل کے لیے تو میں حیران بھی ہوئی تھی اتنا نارمل انداز۔

نہیں کچھ نہ کچھ تو گڑبڑہے۔۔۔میں نے بے اختیار سوچا اور پھر اسے شدید اگنور کرتے ہوئے فون اٹھایا ۔میسج چیک کرکے میں نے فون دوبارہ نیچے رکھا اور لیپ ٹاپ پر کوئی اچھا سا ناول پڑھنے کا پلین بنایا ۔اب وہ اٹھ کر میرے ساتھ ہی بیٹھ گیا تھا اور نظریں اسکرین پر ٹکا کر ساتھ ساتھ الٹے سیدھے مشورے جاری تھے ۔

روحِ یارم کیسا رہے گا ؟۔۔۔اس کی بات پر میں نے کھا جانے والی نظروں سے اسے گھورا ۔

جب بھی دینا کوئی فضول ہی مشورہ دینا ۔ اریج شاہ ٹوٹلی بین ہے میری بک شیلف میں۔۔۔میرا جواب سن کر وہ سوچ میں پڑ گیا ۔کافی دیر سوچنے کے بعد ایک بار پھر اس کی آواز گونجی۔تو میں جو ابھی ایک اچھا سا ناول کھول چکی تھی رج کے بدمزہ ہوئی تھی اوپر سے غصہ مجھے الگ آیا ۔

نور آصف یا حسنِ کنول کا کوئی پڑھ لو وہ بھی کافی فیمس ہیں!!۔۔۔اگلا مشورہ حاضر تھا وہ بھی نہایت ہی کوئی گھٹیا ۔

شرم کرلو کچھ !!وہ رائیٹرز ایسا کونٹینٹ لکھتی ہیں کہ تم بھی شرم سے ڈوب کر مرجاؤ!!لیکن انہیں شرم نہیں آتی ایسا گند لکھتے ہوئے ۔۔۔میں نے دبے دبے غصے سے کہا تو وہ اپنی جگہ پر شرمندہ سا ہوگیا تھا۔

اچھاااااا۔۔۔لیکن لوگ تو بہت شوق سے پڑھتے ہیں ایسی رائٹرز کے ناولز۔۔۔ وہ ان کی وکالت کرنا شروع ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں میرے غصے کا گراف مزید بڑھ گیا ۔

وہ جو لوگ پڑھتے ہیں انہیں بھی تم نے ہی بہکایا ہوا ہے۔اور ایسی رائٹرز کو بھی تم ہی اکساتے ہو بولڈ لکھنے پروہ بھی صرف ٹی آر پی کے چکر میں۔ ورنہ جتنی اچھی ان کی گریپنگ اسکل ہے وہ چاہیں تو بہت اچھا لکھ سکتی ہیں!!۔۔۔میں نے بھی ٹکاسا جواب اس کے منہ پر مارا تھا ۔میری بات سن کر وہ گردن پیچھے پھینک کر ہنسا تھا۔کافی دیر تک ہنسنے کے بعد وہ آنکھوں میں ایک پر اسرار سا تاثر لیے میری طرف پوری طرح گھوما۔

بیوقوف لڑکی اگر وہ اچھا لکھیں تو ایک ہی ناول لکھنے میں کم از کم سال یا دو سال تو لگ جائے ۔لیکن بولڈ لکھنے کا فائدہ یہ ہے کہ ریڈی میڈ فحاشی انٹرنیٹ سے لیں اس میں اسلام کا تڑکا لگائیں اور ہوگیا آپ کا ناول مکمل۔مزید آپ دو تین ہزار صفحوں کا ناول آرام سے لکھ سکتے ہیں ۔

دوسری طرف جو رائٹرز اچھے اور فحاشی سے پاک ناولز لکھتے ہیں ان بیچاروں کو ایک ناول لکھنے میں ہی مہینوں لگ جاتے ہیں اور کبھی تو دو تین سال لگ جاتے ہیں ۔۔۔صاف ظاہر تھا کہ وہ مجھ پر طنز کر رہا ہے لیکن میں صرف ضبط کر کے رہ گئی کیوں کہ مجھے ابھی ناول پڑھنا تھا ۔خیر میں نے آگے پڑھنا شروع کیا جب ایک دم وہ چیخا تھا اور میں نے بے ساختہ اپنے کانوں پر ہاتھ رکھے ۔

کانوں کے پردے پھاڑو گے کیا ؟۔۔۔میں نے دانت پیس کر پوچھا تو وہ آنکھوں میں ڈھیروں صدمہ لیے میری طرف ہی دیکھ رہا تھا۔

یہ اس رائٹر نے زیادتی کی ہے یہاں !!میں نے تو اس شامیر کو نہیں کہا تھا کسی لڑکی کی عزت سے کھیلنے کو!!بلکہ میں تو جانتا ہی نہیں کسی شامیر کو۔۔۔

نہایت ہی بیوقوفانہ اعتراض تھا ۔میرا ایک لمحے کو دل تو کیا کہ رکھ کے لگاؤں اس کے کان کے نیچے ۔لیکن وہ تو شیطان تھا اس پر کونسا اثر ہونا تھا ۔پھر میں نے اپنا ارادہ بدل دیا۔

یہ صرف ایک کہانی کا کردار ہے۔عقل کے اندھےشیطان!!مجھے پتہ ہے اگر تم کسی شامیر کو جانتے بھی ہوتے تو پھر بھی اسے ڈائریکٹ زنا کرنے کے لیے نہیں کہتے ۔۔۔میں نے تاسف سے سر جھٹکا اور آگے ناول پڑھنا شروع کیا ۔وہ اب اٹھ کر میرے سامنے صوفے پر بیٹھ چکا تھا ۔

اچھا؟تو پھر کیا کرتا میں۔۔۔مائی ڈئیر شیطان نے سیدھا سیدھا طنز کیا تھا ۔

تم وہی کرتے جو برصیسا جیسے عابدو زاہد کے ساتھ کیا تھا یاں جو ہاروت اور ماروت جیسے فرشتوں کے ساتھ کیا تھا ۔۔۔میرا جواب اس کے لیے خاصا غیر متوقع تھا ۔

وہ تو کافی صبر آزما کام تھا لیکن آج کی نسل کو گمراہ کرنا کونسا مشکل کام ہے ؟کیوں کہ نہ تو یہ لوگ برصیسا جیسے عابد و زاہد ہیں اور نہ ہی ہاروت اور ماروت کی طرح فرشتے۔۔۔وہ آنکھوں میں فاتحانہ چمک لیے ستائش سے کہہ رہا تھا۔

لیکن آج بھی کچھ لوگ ہیں جو بہت اچھے ہیں۔۔۔ میں نے کمزور سی دلیل دی ۔۔۔

ہاں کچھ سب کے سامنے اچھے ہیں اور کچھ اچھے ہیں لیکن سب کے سامنے برے بن جاتے ہیں ۔بس یوں سمجھو کہ برے کا ٹیگ ہر کسی کے ساتھ لگا ہے جس کو نہیں لگا وہ خود لگا لیتا ہے۔لوگ بہت فخر سمجھتے ہیں اس بات کو کہ ۔۔۔ہاں میں ہی برا ہوں ۔

ساری غلطی تمہاری ہی ہے۔تم اگر اس وقت سجدہ کرنے سے انکار نہ کرتے تو ہم اس دنیا میں آتے ہی نہ اور نہ ہمارا امتحان ہوتا ۔۔۔میں نے بھی سارا ملبہ اس پر ہی ڈال دیا ۔حالانکہ میں کچھ دن پہلے اس بارے میں ایک اسکالر کا بیان سن چکی تھی لیکن ابھی بحث جیتنے کے لیے یہ بات کرنا میں نے اپنا فرض سمجھا۔

چلو جی !! تم لوگ یہ الزام بھی اب میرے سر ہی ڈال دو کہ اگر میں آدم کو سجدہ کرنے سے انکار نہ کرتا تو تم لوگ اس دنیا میں نہ آتے ۔یہ بھی خوش فہمی دور کرلو ۔اور ذرا بتاؤ کیوں کرتا میں سجدہ اپنے سے کمتر کو ؟۔۔۔وہ دبا دبا سا چلایا ۔لیکن میں بس خاموشی سے سنتی رہی ۔اس ملعون نے خود بھی تو اپنی سرکشی کا الزام اللہ پر لگایا تھاکہ اللہ نے اسے گمراہ کیا ۔اب اپنی دفعہ مرچیں لگ رہی تھیں۔

حالانکہ اللہ رب العزت کی عظیم ذات کو میں نے اتنے سجدے کیے تھے کہ آسمان کا کوئی حصہ ایسا نہیں تھا جہاں میں نے سجدہ نہ کیا ہو ۔میری عبادت نے مجھے فرشتوں میں ایک معزز ہستی بنا دیا تھا۔۔۔اس کے لہجے میں غرور جھلک رہا تھا ۔اسی غرور نے تو اس مردود کی لٹیا ڈبوئی تھی۔

لیکن اب تم مانو یا نہ مانو جلتے تو تم تھے آدم سے !! اسی لیے تو انہیں جنت سے نکلوایا تھا ۔۔۔میں نے لطیف سا طنز کیا تو وہ اندر تک جل کر رہ گیا ۔

تم خود سوچو وہ اللہ جو سب کچھ جاننے والا ہے اس نے ایک مخلوق کی تخلیق کی اور اس کے لیے کوئی پلین نہ بنایا ہو یہ کیسے ممکن ہے ؟سرکشی میری تھی غرور اور حسد میرا تھا لیکن پلین اللہ کا تھا ۔ واللہ!! میں آدم کے زمین پر آنے کی وجہ نہیں ہوں۔ یہ لوحِ محفوظ میں لکھا جا چکا تھا ۔میں نے مردود اور ملعون ہی ٹھہرنا تھا ۔۔۔ایک لمحے کو تو میں نے واقعی اس کی بات پر یقین کرلیا تھا ۔لیکن اگلے ہی لمحے ایک کلک سا ہوا تھا میرے ذہن میں ۔

فری ول!!۔۔۔میں منہ ہی منہ میں بڑبڑائی تھی یہ دو الفاظ۔

انسانوں اور جنوں کو فری ول دی گئی ہے!!تو تم اپنی غلطی کا الزام اللہ کو نہیں دے سکتے!!۔۔۔میں نے مضبوط لہجے میں کہا۔اب وقت آگیا تھا اس کی خوش فہمی دور کرنے کا ۔

میری گمراہی انسانوں کے لیے ایک سبق تھی ۔ میں نے اپنے غرور اور تکبر میں آکر سجدے سے انکار کیا تھا ۔وہ ایک پل کے لیے رکاجیسے الفاظ جمع کررہا ہو اور پھر دوبارہ کمرے میں اس کی آواز گونجی۔

حکم کسے سجدے کا تھا یہ معنی نہیں رکھتا بلکہ کس کے لیے سجدہ کرنا تھا یہ معنی رکھتا تھا ۔لیکن افسوس تم آج کے مسلمانوں نے اسے صرف ایک قصہ ہی سمجھا ۔اور اسے نام دے دیا آدمؑ کا قصہ۔۔۔اس کے لہجے میں مصنوعی
افسوس تھا ۔

تو پھر غلطی تمہاری ہوئی تمہارے پاس آپشن تھا کہ ۔۔۔تم یاں اللہ کا حکم مان لو یاں ملعون ہوجاؤ!!۔۔۔
میں نے ایک افسوس بھری نظر اس پر ڈالی ۔

مگر افسوس تم نے دوسرا آپشن چنا۔ ۔۔میری بات پر وہ کرنٹ کھا کر سیدھا ہوا ۔

اس کا مطلب آدم اور حوا کا جنت سے نکالا جانا بھی سراسر میری غلطی نہیں تھی ۔ان دونوں کے پاس بھی آپشن تھا ۔یا وہ اللہ کا حکم مان لیں یا میری چال میں پھنس جائیں؟۔۔۔اس کی سوالیہ نظریں مجھ پر ہی جمی ہوئی تھیں۔

ہاں!!۔۔۔شاید !!۔۔۔لوحِ محفوظ میں ایسا ہی لکھا گیا تھا کہ ۔۔۔آدمؑ اور حواؑ جنت سے نکالے جائیں گے شیطان کے بہکاوے میں آکراللہ کی نافرمانی کرنے پر لیکن پھر وہ توبہ کرلیں گےاور اللہ تعالیٰ انہیں معاف فرما دے گا ۔۔۔میرا جواب سن کر وہ ایک لمحے کے لیے لاجواب ہوگیا تھا ۔مگر اب کی بار وہ وہاں سے گیا نہیں تھا ۔

تو تمہارا کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ۔۔۔لوحِ محفوظ میں ایسا نہیں لکھا تھا کہ میں اللہ کی نافرمانی کروں گا ۔بلکہ یوں لکھا گیا تھا کہ ۔۔۔میں فرما برداری اور نافرمانی کے دو آپشنز میں سے اپنےغرور ،حسد اور تکبر کی وجہ سے نافرمانی کروں گا ؟۔۔۔الجھن زدہ لہجے میں اس کے پوچھنے پر میں نےایک لمحے کے لیے سر اٹھا کر اسے دیکھا تھااور پھر اثبات میں سر ہلایا ۔

ہاں !!۔۔۔شاید ایسا ہی ہو !!۔۔۔واللہ اعلم!!۔۔۔میری بات سن کر وہ وہاں سے اٹھا اور ایک تپانے والی مسکراہٹ لیے مجھے دیکھا ۔

میں جانتا ہوں یہ سب زیادہ گیان بانٹنے کی ضرورت نہیں!!۔۔۔وہ تو انسانوں کو بھٹکانے کے لیے میں نے ایک چکر یہ بھی ڈالا ہے کہ ۔۔۔ اپنے گناہوں کا سارا ملبہ پہلے تو مجھ معصوم پر ڈالو ۔پھر بھی کام نہ بنے تو لوحِ محفوظ جسے تم لوگ عام زبان میں قسمت کا لکھا کہتے ہو اس پر ڈال دو ۔۔۔اس کی باتوں سے صاف لگ رہا تھا کہ وہ مجھے غصہ دلانے کی کوشش کررہا تھا۔ویسے بھی غصہ آنا تو بنتا تھا مجھے آئینہ جو دکھا رہا تھا وہ ۔

تم جاؤ یہاں سے اب میں سونے لگی ہوں!!۔۔۔اس کی اتنی گہری باتوں نے جہاں مجھے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا وہیں مجھے نیند بھی آنے لگی ایک نظر ٹائم دیکھا تو رات کے دو بج چکے تھے۔اور پھر ناول بھی سارا پڑھ لیا تھا تو مزید جاگنے کا فائدہ؟

ارے ہاں !! وہ جو بولڈ اور فحش لکھنے والےرائٹرز اور ان کے من موہنے ریڈرز ہیں ناں جن کو بقول آپ کے اور بہت سی اور اچھی لکھاریوں کے میں نے بہکایا ہوا ہے ۔پرسوچ انداز میں کہتا وہ جاتے جاتے مڑا ۔۔۔

وہ کہنا یہ تھا کہ ان رائٹرز اور ان کالکھا بولڈ اور فحش کونٹینٹ پڑھنے والے ریڈرز کے پاس بھی فری ول ہے ۔دو آپشن ہیں اور سب سے بڑھ کر عقل اور شعور ہے لیکن میری مہربانی کا نتیجہ ہے کہ آج کل وہ گھٹنوں میں ہے ۔۔۔اپنی بات کے آخر میں وہ خود ہی مسکرایا تھا۔تمسخر سے ،تفاخر سے اور رعونت سے۔

ہاں پتہ ہے !! تم تو آفیشل پرمیشن لے کر آئے ہو اللہ سے کہ ۔۔۔آدمؑ اور ان کی اولاد کو صراطِ مستقیم سے بھٹکا دو گے !!۔۔۔تمہارا تو کچھ نہیں ہوسکتا ۔

لیکن ایسے رائٹرز اور ریڈرز کو جب فرشتے قبر میں الٹا لٹکائیں گے تو گھٹنوں سے اپنے آپ ہی سر میں آجائے گی ان کی عقل۔۔۔میں نے بھی جواباََ خاصے تپے ہوئے انداز میں جواب دیا ۔

کتنی اچھی طرح سمجھتی ہو میری بات !!۔۔۔ایسے ہی تو میں نہیں کہتا کہ میں تمہارا ڈئیر شیطان ہوں!!۔۔۔
زچ کرنے والے انداز میں کہتے اس نے میرے اتنی رات تک جاگنے پر چوٹ کی تھی جو مجھے محسوس بھی ہوئی تھی۔

تم یہاں سے دفع ہونے کا کیا لوگے؟۔۔۔میں چڑ ہی تو گئی تھی ۔اب وہ مسلسل زچ کر رہا تھا مجھےاور یہ برداشت کرنا اب ٹو مچ ہو گیا تھا۔

میں تو ویسے بھی جارہا تھا تم نے ہی باتوں میں لگایا ہوا تھا ۔دھیان سے الارم لگا لینا نماز نہ رہ جائے کہیں۔۔۔
کسی بڑے کی طرح تاکید کرتا وہ وہاں سے غائب ہو گیا تھا ۔اس کے پیچھے بھی اس کی کوئی چال تھی جو مجھے صبح سمجھ آئی تھی۔

میں نے لیپ ٹاپ آف کر کے ٹیبل پر رکھا ۔موبائل کو سرہانے رکھ کر وہاں سے اٹھی اور لائٹ آف کی ۔اور سونے کے لیے لیٹ گئی ۔سونے سے پہلے آیت الکرسی بھی پڑھی تھی اور سونے کی دعا بھی ۔پھر اللہ اللہ کرکے آدھے گھنٹے بعد نیند آہی گئی تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اگلے دن صبح فجر کی اذان کب ہوئی ؟کب نماز ادا کی گئی؟مجھے کوئی ہوش نہیں تھی ۔کیوں کہ میں تو گدھے گھوڑے سب بیچ کر سوئی تھی۔الارم چیخ چیخ کر اب خود ہی بند ہوگیا تھا ۔ارے نہیں بھئی میں نے اسٹاپ نیور موڈ سیٹ کیا تھا ۔یہ تو میری بہن نے بند کیا تھا اور جیسے ہی وہ الارم کو بند کر کے واپس مڑنے لگی میں نے ایک جھٹکے سے اس کے ہاتھ سےجھپٹ کر اپنا فون پکڑا جو وہ مجھے سوتا خیال کر کے لے کر جانے لگی تھی۔اب فون کو کوئی ہاتھ لگائے گا تو اس بات پر میں کمپرومائز نہیں کر سکتی ۔سو اس کی غصیلی نظروں کی پروا کیے بغیر میں نے
فون آن کیا ۔

اور اللہ بھلا کرے ٹائم چھے بج چکے تھے ۔الارم میں نے چار بجے کا لگایا تھا جو دو گھنٹے تک بج بج کر بھی مجھے جگانے میں بری طرح ناکام رہا تھا ۔اب مجھے ایک دم سے فجر کی نماز چھوٹنے کا گلٹ ہورہا تھا لیکن بس گلٹ اٹھ کر قضا پڑھنے کی ہمت نہیں ہورہی تھی ۔خیر اب ظہر کے ساتھ ہی پڑھ لوں گی ۔یہ سوچ کر میں دوبارہ سو گئی تھی لیکن سونے سے پہلے بہن کو تنبیہ کی تھی کہ میرے فون کو ہاتھ نہ لگانا ۔

اب مزید تین گھنٹے سونے کے بعد میں اٹھی تھی اور وہ بھی امی کے خاصا ذلیل کرنے پر ،اوپر سے اللہ بھلا کرے ان محلے والی آنٹی کا جن کی نظر میں نو بجے اٹھنے والی لڑکیاں کافی ہڈ حرام ہوتی ہیں۔اور یہی نو گھر جاتے جاتے بارہ میں کیسے تبدیل ہوتے ہیں پتہ ہی نہیں چلتا ۔بندہ اگر نماز پڑھ کے بھی سویا ہو پھر بھی مشکوک ہوتا ہے ۔امی اتنا لیٹ اٹھنے پر ایسے پوچھ رہی ہوتی ہیں۔۔۔آج نماز پڑھی تھی صبح؟؟۔۔۔

اگر تو پڑھی ہے تو سمجھو بچ گئے ورنہ پھر آپ کے ساتھ ساتھ آپ کے معصوم فون اور آپ کی دوستوں اور کزنز کی بھی اچھی خاصی ہوتی ہے ۔پھر آپ کے ناولز کی باری آتی ہے اور اس کے بعد جیسے ہی آپ ناشتہ کرکے گھر کے کام شام کرتے ہیں تو اس وقت تک مکمل سیز فائر ہوجاتا ہے ۔جس میں چنگاری بھی ہم خود ہی دیتے ہیں جب یہ فساد کی جڑ کمبخت فون لے کر اپنے کمرےمیں تشریف لے جاتے ہیں ۔اب یہ تو ہوگئی گراؤنڈ رئیلیٹی ۔۔۔

اب ذرا واپس کمرے میں آجائیں جہاں ہمیشہ کی طرح وہ مردود اپنا داؤ کھیلنے کے بعد فاتحانہ چمک اور زعم لیے بیٹھا تھا ۔میں نے اسے دیکھ کر بلند آواز تعوذ پڑھا تھا۔لیکن اسے وہاں ہی بیٹھے دیکھ کر میں ایک لمحے کے لیے ٹھٹھک گئی تھی ۔کیا اللہ کی پناہ مانگنے والے یہ کلمات بے اثر تھے ؟۔۔۔پھر خود ہی اپنی سوچ پر لعنت بھیج کر میں اپنے ون سیٹر صوفے پر بیٹھی کیونکہ آج مائی ڈئیر شیطان میری اسٹڈی ٹیبل پر ٹانگیں لٹکا کر بیٹھا تھا۔

سوچ رہی ہو کہ تعوذ پڑھنے کے باوجود بھی میں کیوں نہیں گیا؟۔۔۔سوال اچانک تھا میں ایک لمحے کے لیے تو سٹپٹا گئی۔لیکن پھر خود کو کمپوز کرکے اسے ایک گھوری سے نواز ا،ظاہر ہے کوئی اثر نہیں ہوا تھا اس پر ۔

سوچ تو رہی ہوں لیکن سمجھ نہیں آرہا کہ میرے پڑھنے میں کہاں فالٹ ہے ؟۔۔۔میں نے الجھن زدہ لہجے میں آخر پوچھ ہی لیا تھا۔میری بات سن کر وہ دیر تک قہقہہ لگاتا رہا پھر میری طرف تپانے والی نظروں سے دیکھا۔

پاکستانی ماؤں کی بدعاؤں کی طرح تعوذ پڑھو گی تو یہی ہوگا ۔میں کہیں نہیں جاؤں گا!!۔۔۔اس کی بات پر میں نے ناسمجھی سے اسے دیکھا۔بھلا پاکستانی ماؤں کی بددعائیں الگ ہوتی ہیں؟؟

ارے احمق لڑکی!!۔۔۔جیسے یہاں کی مائیں اوپر اوپر سے بددعا دیتی ہیں اولاد کو!!۔۔۔واللہ اگر ایسی بد بخت اولادوں کو ایک ہی بددعا دل سے دیں تو آسمان کو چیرتی ہوئی اوپر پہنچے لیکن یہ تو بیچاری اولاد کی بے حسی سہہ کر بھی کہتی ہیں ۔۔۔تیرا بیڑا تر جائے!!۔۔۔مطلب جنا ں نے بیڑا روڑن چے کوئی کسر نی چھڈی اونا ں دا بیڑا وی تر ہی جائے۔۔۔(مطلب جنہوں نے بیڑا غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ان کا بھی بیڑا تر ہی جائے)۔

نجانے کہاں سے خوار ہو کر آیا تھا جو سارا غبار یہاں نکال رہا تھا ۔میں تو یہی سوچ رہی تھی کہ کیاواقعی میں نے بس اوپر اوپر سے ہی تعوذ پڑھا تھا وہ بھی جان چھڑانے والے انداز میں؟؟۔۔۔

لیکن کل آیت الکرسی جب پڑھی تب بھی تم وہاں سے دور ہوئے تھے وہ کیا تھا؟۔۔۔مجھے بس کسی طرح ثابت کرنا تھا کہ میں نے واقعی دل سے پڑھا تھا۔حالانکہ اپنا قصور صاف نظر آرہا تھا ۔کیوں کہ اس دن دل سے پڑھی تھی اس نیت سے کہ یہ کمبخت دفع ہوجائے یہاں سے ۔

اڑتی اڑتی خبر ملی ہے کہ آج فجر کی نماز رہ گئی ہے ؟۔۔۔بے نیازی سے کہتا وہ اس وقت قسم سے نہایت زہر لگ رہا تھا ۔

تمہاری مہربانی کا ہی نتیجہ ہے ۔۔۔میں جل کر بولی تھی۔اور مجھے مزید جلانے کے لیے اس کی اگلی بات ہی کافی تھی ۔


کیا خوب کہا ہے نا اقبال نے کہ ۔۔۔

بسترسے اٹھ کر مسجد تک جا نہ سکے اقبال!!۔۔۔
اور خواہش رکھتے ہیں قبر سے اٹھ کر جنت میں جانے کی !!۔۔۔

نہایت ہی غلط وقت پر اس نے ایک دم درست شعر پڑھا تھا۔اور اس وقت مجھے یہ اقبال کا شعر کم اور مائی ڈئیر شیطان کا طنز زیادہ لگ رہا تھا۔

تم اپنی شکل گم کرلو یہاں سے !!۔۔۔ یہ سب تمہاری وجہ سے ہی ہوا ہے ۔تم نے ہی مجھے بھٹکایا تھا ورنہ میں اپنی ساری نمازیں ادا کرتی ہوں!!۔۔۔آخر میں ،میں نے جتانے والے انداز میں کہا تو وہ کچھ دیر تو میرا جائزہ لیتا رہا پھر ٹیبل سے نیچے اترا۔۔۔

ارے ایک اور یاد آیا مجھے اقبال کا شعر !!۔۔۔دراصل میں تجسس سے مجبور ہوکر آج ابلیس کی مجلسِ شوریٰ پڑھ رہا تھا کہ آخر ایسا بھی کیا ہے اس میں ؟ تو بس ایسے ہی کچھ رینڈم لکھے اشعار پر بھی نظر پڑ گئی۔۔۔وہ اب خواہ مخوا ہ ہی شوخا ہورہا تھا۔

ہاں تو وہ شعر تھا کہ ۔۔۔

ہنسی آتی ہے مجھے حضرتِ انسان پر اقبال!!۔۔۔
گناہ خود کرے اور لعنت بھیجے شیطان پر!!۔۔۔

کلیجہ ٹھنڈا ہو گیا یہ پڑھ کر چلو ،کوئی تو ہے جس نے انسان کی غلطی کو انسان کی ہی غلطی مانا ۔۔۔لہجے میں ڈھیروں تشکر لیے وہ اقبال سے متاثر لگ رہا تھا ۔لیکن وہی ڈرامے بازی لگ رہا تھا لیکن تھا نہیں۔

اس کے طنز کرتے شعرسن کر میں بے دلی سے اٹھ کر باہر چلی گئی تو وہ بھی وہاں سے غائب ہوگیا۔مجھے جلانے کے لیے آیا تھا اور وہ کام بخوبی انجام دے کر اب دفع ہو گیا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

آج صبح فجر کی نما زچھوٹنے کے گلٹ میں باقی ساری نمازیں میں نے وقت پر ہی ادا کر لیں تھیں اور اسی وجہ سے مائی ڈئیر شیطان بھی نہیں آیا ۔اس سے یہ برداشت کرنا ہی مشکل تھا کہ میں اللہ سے قریب ہوجاؤں اور اپنی فرض نماز وں کو وقت پر ادا کروں ۔خیر اچھا ہی تھا وہ یہاں نہیں تھا ۔

کبھی کبھی مجھے ایسا لگتا جیسے میں اسے مس کر رہی ہوں کیوں کہ تقریباََ ہر نماز کے وقت میں ڈنڈی مارنے کی کوشش کر رہی تھی کہ تھوڑی دیر تک پڑھ لوں گی لیکن فجر کی نماز چھوٹنے کا گلٹ ہر بار آڑے آجاتا تھا۔اور اب تو کچھ دن تک باقاعدگی سے فجر ادا ہونی تھی تو یہاں مائی ڈئیر شیطان کو ٹانگ اڑانے کے لیے کچھ خاص ملنا
نہیں تھا لیکن پھر بھی مجھے پورا یقین تھا کہ وہ اتنی آسانی سے پیچھا نہیں چھوڑے گا۔

اور آخر کار وہ آہی گیا تھا عشاء کی نماز کے بعد جب میں ہر روز کی طرح لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھی ایک بار پھر ناول کھول کر بیٹھی تھی ۔لیکن آج میں ساتھ ساتھ وقت پر بھی نظریں رکھے ہوئے تھی کیوں کہ ہر حال میں بارہ بجے تک سو جانا تھا۔

آج پھر تم یہ لے کر بیٹھ گئی ہو ؟ کل صبح نماز رہ گئی تو مجھے الزام نہ دینا کیونکہ میں ابھی آیا ہوں۔۔۔وہ خود ہی بات شروع کر کے مجھے اپنی باتوں میں الجھانے کی کوشش کررہا تھا۔میں نے بات ان سنی کردی ۔

آج میں نے پتہ ہے کیا کیا ؟۔۔۔تجسس بڑھانے والے انداز میں کہتا وہ مجھے بے ساختہ سوالیہ آئبرو اٹھانے پر مجبور کرگیا۔

میں نے آج پھر ایک انسان کوانوکھا طریقہ بتایا ہے جس سے وہ لڑکیوں کو ٹچ بھی کر پائے گا اور کوئی اس پر الزام بھی نہیں لگا پائے اور مجھ تک تو بات آئے گی ہی نہیں۔۔۔اپنا کارنامہ ایسے بتا رہا تھا جیسے کوئی تیر مار لیا ہو ۔ہنہ!!۔۔۔

تو پھر میں کیا کروں؟؟۔۔۔ گڑ کھا کر مر جاؤں؟؟۔۔۔میں خاصے تپے ہوئے انداز میں بولی تو وہ ذرا سا مسکرایا ۔۔۔

تم بھی کوئی اصول بنالو!!۔۔۔ جس سے اگر کبھی تم کسی نامحرم کو چھو لو تو کوئی تمہارے کردار پر انگلی نہ اٹھا سکے اور ویسے بھی لڑکیوں کا کردار تو کسی نازک شیشے کی طرح ہوتا ہے ۔۔۔
نہایت پراسرار لہجے میں کہتا وہ نجانے کیا سوچ رہا تھا۔

مجھے یقین ہے اللہ کی ذات پر وہ کبھی میرے کردار پر کسی کی بری نظر نہیں پڑنے نہیں دے گا اور نہ ہی کسی کو میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے کا موقع ملے گا ۔۔۔پریقین لہجے میں ،میں نے ایک عزم سے کہا تھا۔

لوگ کسی لڑکی کی عزت کو اچھالنے کا فریضہ اپنی خاندانی روایتوں سے بھی زیادہ اچھے سے نبھاتے ہیں!!۔۔۔ ابھی بھی وقت ہے سوچ لو۔۔۔نجانے وہ کوئی سازش کر رہا تھا یاں واقعی وارن کر رہا تھا۔

بھاڑ میں جاؤتم!!۔۔۔ میں کافی اونچی آواز میں بولی تھی لیکن وہ اس سے پہلے ہی غائب ہی ہوچکا تھا۔میں نے مائی ڈئیر شیطان کی بات کو سرے سے ہی سیریس نہ لیتے ہوئے اسی رات اپنے دماغ کے کوڑے دان میں ڈال دیا تھا ۔ پھر اپنا کام ختم کرکے بارہ بجے تک سو نے کے لیے لیٹ گئی تھی ۔اس کی باتیں ذہن میں گھوم رہی تھیں لیکن پھر اپنی بے لگام سوچوں سے تھک ہار کر میں سو گئی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
دو دن اسی طرح گزر گئے ۔آج میں اپنے کمرے میں ہی بیٹھی ہوئی تھی کہ میرا فون رنگ ہوا ۔میری دوست کی کال تھی ۔میں نے تھوڑا حیران ہوتے ہوئے کال پک کی اور سلام کیا۔رسمی علیک سلیک کے بعد میں نے اس سے اتنی جلدی واپس آنے کی وجہ پوچھی۔

اور جناب کیسے رہا ٹرپ؟۔۔۔وہ کل ہی اپنی آپی کے گھر گئی تھی اور ایک ہفتے کی بجائے اگلے دن ہی واپس بھی آگئی ۔

کچھ نہیں ہوا !۔۔۔وہ دانت پیس کر بولی۔

تم تو آپی کے پاس گئی تھی نا؟اتنی جلدی آگئی؟۔۔۔میری بات سن کر وہ رونا شروع ہو گئی تھی ۔اس کی ہچکیوں کی آواز مجھے فون کے پار بھی سنائی دے رہی تھی۔

کیا ہوا ہے ؟ تم رو کیوں رہی ہو ؟۔۔۔میں نے تشویش زدہ لہجے میں پوچھا تھا۔

یار!تم وعدہ کرو کسی کو نہیں بتاؤ گی۔۔۔وہ رندھی ہوئی آواز میں بولی ۔

اچھا ٹھیک ہے نہیں بتاتی تم بتاؤ تو سہی !!۔۔۔میرے دوبارہ پوچھنے پر اس نے مجھے بتانا شروع کیا اور جیسے جیسے وہ بتاتی گئی غصے کی ایک سرد لہر میرے اندر تک دوڑ گئی۔

تم نے وہیں منع کیوں نہیں کیا انہیں؟۔۔۔میرے پوچھنے پر وہ اپنی جگہ پر شرمندہ سی ہوگئی ۔

میں نے منع کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ۔۔۔آپی نے بھی کہا کہ لے لو سلام اور اوپر سے آپی کی نند بھی کہہ رہی تھی کہ میرے بھائی ہاتھ ملا کر ہی سلام لیتے ہیں۔تو میں نے لے لی اب تم بتاؤ میری کیا غلطی ہوئی اس میں؟پتہ ہے مجھے اتنا آکورڈ فیل ہورہا تھا وہاں ۔اسی لیے میں واپس آگئی ہوں ۔

اچھااااا ۔۔۔تم پریشان نہ ہو کوئی بات نہیں آئندہ احتیاط کرنا ۔ہوجاتا ہے کبھی کبھی ۔۔۔

اچھا یار! پھر بات ہوتی ہے۔مجھے کچھ کام ہے۔اللہ حافظ!۔۔۔

چل ٹھیک ہے!اللہ حافظ!۔۔۔میں نے کال کٹ کر کے بے دلی سے فون وہیں چارپائی پر پھینک دیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

میں خاصے خراب موڈ کے ساتھ اپنے صوفے پر بیٹھی تھی۔جب اچانک وہ کسی آندھی طوفان کی طرح آیا تھا ۔آج وہ زیادہ ہی خوش لگ رہا تھا خیر میری طرف سے بھاڑ میں جائے ۔وہ نامحسوس انداز میں میرے ساتھ ہی صوفے کے ہینڈل پر ہی ٹک کر بیٹھ گیا تھا۔

یہاں سے شرافت سے اٹھ جاؤ!!۔۔۔میں بہت غصے میں ہوں اور اوپر سے مجھے کافی تپ بھی چڑھی ہوئی ہے سو برائے مہربانی اپنی تشریف کا ٹوکراہ لے کر یہاں سے دفع ہی ہوجائیں تو بہتر ہے۔۔۔ایک ایک لفظ چبا کر ادا کرتے میں نے انگلی سے باہر کی طرف اشارہ کیا۔تو وہ ایک طنزیہ مسکراہٹ میری طرف اچھال کر میرے سامنے بیٹھ کر غور سے میرے ماتھے کی چڑھی تیوری دیکھنے لگا ۔

میں نے اپنی دوست کو کوئی خاص لیکچر نہیں دیا ۔لیکن اس سے بات کرنے کے بعد ،میں سوچ سوچ کر پاگل ہورہی تھی ۔اوپر سے غصہ مجھے الگ آرہا تھا۔اور یہ تو خیر سے میری کافی پرانی عادت تھی اوور تھنکنگ کر کر کے اپنا خون جلانے کی ۔

واللہ غصے میں اپنی عقل کا رتی برابر بھی استعمال نہ کرنے والے لوگ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔۔۔وہ اب کچھ زیادہ ہی سر چڑھ رہا تھا ۔

تو وہ عظیم ہستی آپی کے دیور ہی تھے ؟جنہیں اصول بنانے کا آئیڈیا تم دے کر آئے تھے ۔کوئی یقین کر سکتا ہے کہ اتنا نمازی پر ہیزی انسان کسی کے منع کرنے کے باوجود انسسٹ کہ وہ آپ سے ہاتھ ملا کر سلام لے اسپیشلی کسی لڑکی کو ؟؟۔۔۔ اور حیرت تو مجھے ان کے ساتھ والوں پر ہورہی ہے ۔۔۔ غصے کی وجہ سے میری آواز کچھ زیادہ ہی بلند ہوگئی تھی۔

میں نے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی میں نے اسے کہا تھا کہ کسی کو انسسٹ کرے ۔یہ تو اب اس کی فری ول کی وجہ سے اس کے پاس آپشن تھا کہ وہ یاں تو عزت سے سر پر ہاتھ رکھتا یاں تمہاری دوست کو اپنے اصول کی بنیاد پر انسسٹ کرتا ہاتھ ملانے کے لیے۔۔۔جواباََوہ بے نیازی سے بولا تھا جیسے کوئی فرق نہ پڑا ہو۔

تم کیوں اپنی غلطی مانو گے؟؟۔۔۔ تمہارے اس چاؤس( شرارت ) کے چکر میں میری دوست کو یہ سب سفر کرنا پڑا ۔لیکن تمہیں فرق نہیں پڑے گا میں جانتی ہوں تمہارا تو کام ہی ہے لوگوں کو گمراہ کرنا۔۔۔میں نے صوفے کی پشت سے ٹیک لگا کر دانت پیس کر کہا ۔میری بات پر تو اس کو پتنگے ہی لگ گئے تھے ۔

واہ جی واہ!!۔۔۔اب پھر میری غلطی ہوگئی ۔جب اس انسان نے اپنے بے بنیاد اصول بنائے تھے کہ ۔۔۔
وہ صرف ہاتھ ملا کر سلام لیتا ہے تو تمہاری دوست کو کیوں موت پڑ رہی تھی یہ اصول بناتے ہوئے کہ وہ بھی کسی نامحرم سے ہاتھ نہیں ملائے گی؟۔۔۔وہ طنزیہ انداز میں کہتا لگ تو زہر رہا تھا لیکن بات پتے کی تھی ۔

یہ تو میں نے سوچا ہی نہیں کہ فری ول تو اس کے پاس بھی تھی نا؟۔۔۔میری بڑبڑاہٹ واضح تھی جو ظاہر ہے اس نے بھی سنی تھی ۔

اس کے لیے اپنی عقل کا درست استعمال ضروری ہے ۔۔۔اب وہ اپنی ٹون میں واپس آرہا تھا ۔

بھاڑ میں جاؤ تم!!۔۔۔ تپ کر کہتی میں کمرے سے باہر نکل آئی اور اپنا بیگ اٹھا کر اسٹڈی کرنے کے لیے وہیں بیٹھ گئی ۔دوبارہ کمرے میں جا کر میں اپنا دماغ مزید نہیں کھپا سکتی تھی لیکن وہ شاید دفع ہوچکا تھا ۔میں نے دیکھنے کی زحمت نہیں کی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایسے ہی دن گزرتے گئے آج کل زندگی میں کچھ خاص تو نہیں چل رہا تھا بس وہی معمول کی زندگی تھی اور میں تھی۔آج میں عصر کی نماز کے بعد کافی لمبی دعا مانگ کر اٹھی تھی ۔ورنہ آخری دفعہ شاید ایک مہینہ پہلے اس خشوع و خضوع سے دعا مانگی تھی ۔جس کی وجہ مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی یاں شاید میں سمجھنا نہیں چاہ رہی تھی۔لیکن ایسے ہی قرآن کو بھی پندرہ پندرہ بیس بیس دن کھولتی ہی نہیں تھی ۔جو آیات یا سورتیں حفظ تھیں وہ پڑھ لیں یاں سن لی تلاوت۔ لیکن ایک عجیب سا جمود تھا کہ مصحف کھول کر پڑھنا بہت پہاڑ توڑ کام لگتا تھا۔

خیر آج کل میری زبان پر ایک گانے کی کچھ لیرکس چڑھی ہوئی تھیں تو میں اکثر و ہی گنگناتے ہوئے پائی جاتی تھی۔حالانکہ مجھے میوزک کی ایڈکشن نہیں تھی بس کوئی اچھی لگی تو گنگنا لیا۔ابھی بھی میں فون یوز کرتے ہوئے وہی گنگنا رہی تھی۔

کیا جانے تو میرے ارادے؟
لے جاؤں گا سانسیں چرا کے !!۔۔۔
دل کہہ رہا ہے گنہگار بن جا !!۔۔۔
بہت چین ہے ان گناہوں سے آگے!!۔۔۔
میں گمشدہ سی رات ہوں !!۔۔۔
میری خوشنما صبح تم ہو!!۔۔۔
میں جو جی رہا ہوں !!۔۔۔
وجہ تم ہو !!۔۔۔ وجہ تم ہو!!۔۔۔

اب آپ کہیں گے اس میں ایسابھی کیا ہے ؟۔۔۔تو سنیں اس کے پیچھے کی کہانی یہ سونگ کی اتنی ہی لیرکس سلفائیٹ ناول میں پڑھی ۔پھر اس کے بعد ایک آدھ بار یوٹیوب پر سن بھی لیا ۔تو زبان پر روانی سے چڑھ گیا بس پھر میں اسے اکثر گنگنانے لگی ۔

ایک دن اچانک دماغ میں کلک ہوا جب یہ لائن گنگنائی ۔۔۔دل کہہ رہا ہے گنہگار بن جا !!۔۔۔اب اس سے اگلی لائن نے مجھے واقعی سوچ میں ڈال دیا ۔کہ یہ کیا معاملہ ہے بھئی ؟۔۔۔بہت چین ہے ان گناہوں سے آگے!!۔۔۔

بہت چین ؟۔۔۔گناہوں سے آگے؟۔۔جہاں سے اصل بے چینی شروع ہوتی ہے وہاں ان سنگر صاحب کے مطابق بہت چین ہے !!۔۔۔بس پھر میں نے کوشش کی کہ یہ لائن تو بولوں ہی نہ یاں پھر یہ سونگ ہی گنگنانا بند کردوں ۔۔۔آخر جناب میں نے پہلے تھوڑی سی ترمیم کی اس لائن کے بعد کہ۔۔۔دل کی ہر بات ماننے والی تو نہیں ۔۔۔کچھ دن یہ شغل جاری رہا اور پھر یہ لائینز اسکپ کردیں ۔اس کے بعد خود ہی نامحسوس انداز میں میری زبان سے یہ سونگ ہٹ گیا۔۔۔شکر الحمدللہ!!۔۔۔

اب یہاں یہ بات آپ سے کرنے کا کیا مقصد ہوا ؟۔۔۔ آپ کو صرف یہ بتانا کہ آپ جب کوئی لیرکس سنیں یاں پڑھیں تو ان پر غور کرلیا کریں کیوں کہ میں نے ایک اسکالر سے سنا تھا کہ ۔۔۔

“گانوں کا مین مقصد ہی آپ سے شرک کروانا ہے ۔ ”

اور آخر میں اس بات سے اختتام کروں گی کہ ۔۔۔موسیقی اور آلاتِ موسیقی شیطان کے آلات ہیں!!۔۔۔ان سے جتنا ہوسکے بچیں گو کہ اس پُر فتنہ دور میں بظاہر یہ ناممکن لگتا ہے لیکن میرا یقین کریں یہ ممکن ہے ۔بس آپ کو تھوڑی سی محنت کرنی ہے خود پر اور بس سمجھو ہوگیا۔آپ نے کسی بھی قسم کے میوزک یاں گانے کا ایڈکٹ نہیں ہونے دینا خود کو ۔

ختم شد!!۔۔۔
اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں !!۔۔۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *