THORI SI MOHABBAT TO HAI TUM SE BY HUDA.

 

 


تھوڑی سی محبت تو ہے تم سے

از قلم ہدیٰ

 

 

 

 


قارئین کے نام!۔۔۔

یہ ناول بھی میری دوسری تحریروں کی طرح حقیقت اور فکشن کا امتزاج ہے ۔ آپ کو اس کی بہت سی باتوں سے اختلاف بھی ہوسکتا ہے ۔لیکن میں آپ کے ریویوز کی منتظر رہوں گی ۔یہ ناول کسی اصلاحی مقصد کے لیے نہیں لکھا گیا اور نہ ہی میں دعویٰ کروں گی کہ آپ کو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔یہ بس دل سے لکھا گیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کے دل تک ضرور پہنچے گا۔آپ کو ناول کا کون سا کردار پسند آیا اور کیوں ؟یہ بتانا مت بھولیے گا ۔

یہاں کچھ دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی ۔جنہوں نے اس ناول کو مکمل ہونے سے پہلے پڑھا۔میرے لمبے لمبے وائس نوٹس کی صورت میں اس کی اسٹوری سنی اور پھر مجھے مخلصانہ مشورے دیے۔ میری حوصلہ افزائی کی ۔لیکن اس سے پہلے میری پیاری امی کا شکریہ جنہوں نے مجھے وہ انفارمیشن دی جو اس کہانی کا حقیقی حصہ ہے۔پھر میری پیاری سی دوست حرا خان کا شکریہ ۔یہ بندی کسی نعمت سے کم نہیں میرے لیے۔اس کے بعد آتی ہیں رمشاء ریاض ۔جو خود کئی کہانیاں لکھ چکی ہیں لیکن میری تحریر کو چار چاند کی بجائے چودہ چاند لگے ہوئے دیکھنا چاہتی ہیں۔ اس اعزاز کے لیے ان کا بھی شکریہ ۔اس کے بعد آتی ہیں کائنات شاہد۔یہ بندی میری تحریر صرف پڑھتی نہیں ہے اسے اینٹی کرینج بھی کرتی ہے ۔ شکراََ ملکہ!

آخر میں ،میں ان ریڈرز کا شکریہ اد اکرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری پہلی تحریر مائی ڈئیر شیطان کو پڑھنے کے بعد دل سے دعائیں دیں ۔ اسی کے ساتھ اللہ حافظ ! ۔۔۔

رائٹر آف مائی ڈئیر شیطان

 

 

 

انتساب!

ہر اس عورت کے نام جس نے تھوڑی سی محبت کے بدلے اپنی ساری وفائیں
اپنے ہم سفر کے نام کردیں ۔

 

 

 

 

 


یہ منظر ایک چھوٹے سے سرخ اینٹوں سے بنے گھر کا ہے ۔باہر سے دکھنے میں یہ گھر بہت خوبصورت لگتا تھا۔چھوٹی
سی راہداری سے گزر کر اگر اندرونی حصے میں آئیں تو صحن کے دائیں جانب ایک چھوٹا سا کچن بھی تھا۔ایسے میں اگر لوہے کی گرل کو پار کر کے برآمدے میں داخل ہوں تو وہاں دو بچے زمین پر بیٹھے کھیل رہے تھے۔ایک سائیڈ پر دو چارپائیاں جوڑ کر ان پر سلیقے سے چادر بچائی گئی تھی ۔ ایک سائیڈ پر فریج موجود تھی اس سے کچھ فاصلے پر اسی دیوار کے ساتھ استری اسٹینڈ رکھا گیا تھا۔ایک کونے میں چار کرسیاں اوپر تلے رکھی ہوئیں تھیں جو صرف ضرورت کے وقت ہی استعمال ہوتی تھیں ۔اگر ہم اس برآمدے میں ایک نظر دوڑائیں تو دو کمروں میں سے ایک کا دروازہ تھوڑا سا کھلا ہوا تھا۔

کمرے میں داخل ہوں تو سامنے ہی ایک ڈبل بیڈ موجود تھا جو اس وقت بلکل خالی تھا۔ بائیں جانب موجود دیوار کے ساتھ ڈریسنگ ٹیبل پڑا ہوا تھا جس کے آگے موجود کرسی پر ایک لڑکی بیٹھی ہوئی تھی ۔وہ لڑکی اپنے ہاتھ میں موجود کسی چیز کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی تھی۔ڈریسنگ ٹیبل کے پیچھے والی دیوار پر وارڈروب بنی ہوئی تھی وارڈروب کو کچھ اس طرح ڈیزائن کیا گیا تھا کہ ڈریسنگ ٹیبل درمیان میں فٹ کیا گیا تھا۔ایک کونے میں اسٹڈی ٹیبل پڑا ہوا تھا جس پر اس وقت کتابیں بکھری ہوئی تھیں ۔

ہائے اللہ ! یہ تو بہت تھوڑے پیسے ہیں ۔کیا کروں ؟۔۔۔اس نے کافی اونچی آواز میں خود کلامی کی اور ایک نظر اپنے ہاتھ میں پکڑے پیسوں کو دیکھا۔پیسے دوبارہ اپنے چھوٹے سے بیگ میں رکھتے ہوئے اسے زور سے ڈریسنگ پر پٹخ کر وہ وہاں سے اٹھی اور کمرے سے باہر آئی۔

باہر آکر اس نے ایک طائرانہ نظر پورے برآمدے پر ڈالی ۔سامنے ہی اس کی بہن کے دونوں بچے فرش پر بیٹھے کھیل رہے تھے۔اسے دیکھ کر وہ دونوں بھاگ کر اس کے پاس آئے۔

خالہ! ہمیں آئسکریم کھانی ہے۔چلیں ۔۔۔ان میں سے ایک بچے نے اس کا ہاتھ پکڑ کر کھینچا۔دوسرے بچے نے ناگواری سے اس کی یہ حرکت دیکھی۔وہ چھے سالہ جڑواں بچے اپنی ماں سے زیادہ خالہ سے اٹیچ تھے۔

آج نہیں پتر جی ۔کل جائیں گے آئس کریم کھانے ۔۔۔اس نے اپنے بھانجے کو ٹالنا چاہا آج اس کا موڈ بہت خراب تھا ۔اس کی بات پر اس کیوٹ سے بچے کا منہ ہی اتر گیا۔دوسرا بچہ دکھنے میں کافی سمجھدار تھا وہ خاموشی سے واپس اپنے کھلونوں کے پاس چلا گیا۔اگلے ہی پل وہ ایک ایک کر کے اپنے کھلونے زور زور سے سامنے والی دیوار پر مار رہا تھا۔میں نے کہا دکھنے میں سمجھدار تھا ۔اصل میں تو۔۔۔

ارحم!۔۔۔میرے کھلونے کیوں توڑ رہے ہو؟اپنے توڑو نا!۔۔۔وہ دوسرا بچہ غصیلی نظروں سے ارحم کو دیکھتا فوراََ اس لڑکی کا ہاتھ چھوڑ کر اس کی طرف بڑھا۔ارحم کو اس کا ٹوکنا شاید پسند نہیں آیا تھا اس نے ایک چھوٹی سی نیلی کار احمد کی طرف اچھالی جو سیدھی جا کر اس کے سر میں لگی تھی ۔وہ وہیں بیٹھ کر رونا شروع ہوچکا تھا اور ارحم باقی کے کھلونے بھی دیوار پر مار مار کر انہیں توڑنے میں مصرو ف ہوچکا تھا۔وہ لڑکی تیز ی سے احمد کے پاس آئی اور اسے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے اس کے سر پر جہاں گاڑی لگی تھی وہاں آہستہ سے پھونک ماری۔احمد اس کے ساتھ لگا سسکیوں کے ساتھ رورہا تھا اور وہ اسے چپ کروا رہی تھی ۔

ارحم!بس کرو اب ۔۔۔اس لڑکی نے اب کی بار قدرے غصے سے کہا۔اس کی بات سن کر ارحم کے ہاتھ ایک لمحے کے لیے رکے۔لیکن اگلے ہی پل اس نے ہاتھ میں پکڑی اپنی فیورٹ کار سامنے دیوار پر دے ماری ۔

بولو آج آئسکریم کھلانے جائیں گی یا کل ۔۔۔وہ پوری طرح اس کی طرف گھوما۔اس لڑکی نے بے ساختہ اپنے سر پر ہاتھ مارا۔

اچھا! اچھا!۔۔۔آج ہی لے جاتی ہوں ۔تم پہلے اپنے کھلونے توڑنا بند کرو۔۔۔وہ عاجز آکر بولی۔احمد کا چہرہ تواس کی بات سنتے ہی کھل اٹھا تھا۔وہ رونا بھو ل کر فوراََ اس کے پاس سے اٹھا۔

ارحم برو ! چلو ہم اپنے کھلونے اٹھاتے ہیں ۔خالہ آپ جلدی سے چادر لے آئیں اپنی۔۔۔احمد نے پہلے ارحم سے کہا اور پھر اپنی خالہ سے۔جس کے منہ کے زاویے چادر کے نام پر بے ساختہ بگڑے تھے۔

احمد پتر جی ایسے ہی ٹھیک ہے ۔چلومیں بھی آپ کے کھلونے اٹھانے میں مدد کرتی ہوں۔۔۔لا پرواہی سے کہتی وہ ان کے ساتھ مل کر کھلونے ان کے بیگ میں ڈالنے لگی ۔

چلو بھئی اب خالہ اور خالہ کے دونوں پتر آئسکریم کھانے جائیں گے۔۔۔وہ ہاتھ جھاڑتے ہوئے بولی اور شانوں پر پھیلایا ہوا دوپٹہ اتار کر گردن میں ڈالتے ہوئے آگے کی جانب کر لیا۔کھلے بالوں کو جوڑے کی شکل میں باندھ کر اس نے ایک نظر دونوں بچوں کو دیکھا جو حیرت سے منہ کھولے اسے ہی دیکھ رہے تھے۔

خالہ ۔آپ نے سنا نہیں احمد برو نے کہا ہے کہ چادر لے کر آئیں ۔۔۔ارحم نے ایک نظر اس کے حلیے پر ڈال کر تنبیہی نظروں سے اسے دیکھا۔احمد نے اسے اشارہ بھی کیا تھا چپ رہنے کا لیکن ارحم کو تو رعب جھاڑنے کی عادت تھی۔

پتر جی ! آپ ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے کہ خالہ کے ساتھ زبان چلاؤ۔چپ چاپ چلنا ہے تو ایسے ہی چلو ورنہ میں احمد کو لے جاتی ہوں۔۔۔وہ ارحم کا گال تھپک کر احمد کی انگلی پکڑے باہر کی جانب بڑھ گئی ۔ارحم اس کی پشت کو گھورتا اس کے پیچھے ہی باہر آیا اور اس کا دوسرا ہاتھ پکڑ لیا۔اس سے پہلے کہ وہ لوگ باہر جاتے وہ لڑکی ایک جھٹکے سے رکی ۔

اوہ ہو! میں اپنا بیگ تو لائی ہی نہیں آئی۔۔۔وہ جیسے اپنی غائب دماغی پر خو د بھی حیران تھی۔

احمد! جاؤ میرا بیگ لے کر آؤ۔ڈریسنگ ٹیبل پر پڑا ہے۔۔۔اس نے احمد سےکہتے ایک نظر ارحم کو دیکھا۔احمد ا س کا بیگ لینے چلا گیاتھا۔

اپنی ماما کو بتا آؤ کہ ہم آئس کریم کھانے جا رہے ہیں ۔ پھر بولے گی کہ بتایا نہیں ۔۔۔اس نے ارحم سے کہا تھا جو ایک ناراض سی نظر اس پر ڈالتا کچن کی جانب بڑھ گیا۔ابھی ارحم کو گئے دومنٹ ہی ہوئے تھے جب کچن سے اس کی بڑی بہن کی آواز آئی۔وہ کافی غصے میں لگ رہی تھی۔

زینی! یہاں آؤ ایک منٹ سے پہلے۔۔۔اپنی بہن کی بات سنتی وہ بے دلی سے کچن کی طرف بڑھی۔اب اسے ایک لیکچر سننا پڑنا تھا۔

کیا ہوگیا ہے چلا کیوں رہی ہو ؟۔۔۔وہ چڑ کر بولی۔

کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔چپ چاپ گھر بیٹھو ۔چھوٹی نہیں ہو اب تم جو یوں جب مرضی منہ اٹھا کر باہر چلی جاتی ہو۔۔۔آمنہ نے سختی سے اسے منع کیا۔وہ اس لڑکی سے عاجز آچکی تھی۔

میں تمہارے حکم کی پابند نہیں ہوں ۔اور ہاں یہ تمہارا لاڈلا ہی ضد کر رہا تھا۔۔۔وہ خاصی بدتمیزی سے بولی تھی۔

چلو تم ۔۔۔ارحم کا ہاتھ پکڑ کر بغیر آمنہ کی مزید کوئی بات سنتی وہ باہر آئی۔احمد اس کا بیگ ہاتھ میں پکڑے وہیں کھڑا تھا۔ا س نے احمد کے ہاتھ سے بیگ لیا اور کندھے پر ڈالتے ہوئے ان دونوں کی انگلی پکڑے باہر کے دروازے کی جانب بڑھ گئی ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کچن سے اپنا کام ختم کر کے آمنہ تھکے تھکے قدم اٹھاتی برآمدے میں آگئی۔ وہیں چارپائی پر بیٹھتے ہوئے
ا س نے ایک تھکن زدہ سی سانس خارج کی۔

اللہ اس لڑکی کو ذرا خیال نہیں ایک گھنٹے سے اوپر ہوچکا ہے ابھی تک واپس نہیں آئی۔۔۔پیچھے کی جانب سے اپنی گردن آہستہ سے دباتی وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑائی تھی۔اس سے پہلے کہ وہ اسے کال کر کے واپس آنے کا کہتی اس کا فون رنگ ہوا۔اس نے ہاتھ بڑھا کر پاس پڑا فون اٹھایا۔نمبر دیکھتے ہی اس کی تھکن جیسے ایک لمحے میں دور ہوئی تھی ۔ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ اس نے کال پک کی۔

اسلام علیکم! سرتاج!۔۔۔آمنہ نے مسکراتے ہوئے سلام کیا۔وہ ویڈیو کا ل پر تھی ۔حازب نے ایک نظر اس کے تھکن زدہ چہرے کو دیکھا جس پر حازب سے بات کرتے ہوئے ایک خوبصورت سی مسکراہٹ آگئی تھی۔

وعلیکم اسلام! کیسی ہو؟۔۔۔سلام کا جواب دے کر اس نے مسکراتے ہوئے اس کا حال پوچھا۔آمنہ کی مسکراہٹ مزید گہری ہوئی۔

بہت تھکی ہوئی تھی لیکن آپ سے بات کر کے ساری تھکن دور ہوگئی۔۔۔ا س کی بات پر مقابل بے ساختہ مسکرایا۔

بچے سورہے ہیں ؟۔۔۔ اس کے پوچھنے پر آمنہ نے نفی میں سر ہلایا۔

آپ کے صاحب زادے اپنی خالہ کے ساتھ آئس کریم کھانے گئے ہیں اور ایزل سورہی ہے ۔۔۔دوسری جانب حازب کا پارہ خالہ کے نام پر ہائی ہوا تھا ۔

تم نے اسے جانے کیوں دیا تھا؟ جانتی ہو نا مجھے ا س کا یوں باہر گھومنا بلکل نہیں پسند۔طرح طرح کے لوگ ہوتے ہیں باہر لیکن مجال ہے جو اس لڑکی کوعقل آجائے۔۔۔وہ خفگی سے کہہ رہا تھا۔آمنہ نے بے ساختہ منہ بنایا۔

حازب! آپ کیوں اس کی وجہ سے اپنا موڈ اسپائل کر رہے ہیں ؟میں اسے سمجھاتی تو ہوں ۔نہیں سنتی کیا کروں ؟۔۔۔وہ تپ ہی تو گئی تھی۔

میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ چوبیس گھنٹے گھر میں بیٹھی رہے لیکن ۔۔۔اس کی بات درمیان میں ہی رہ گئی تھی جب پیچھے کھڑی زینب نے اس کی بات اچک لی۔

حازب بھائی ! آپ سے کتنی دفعہ کہاہے میرے معاملے میں مت بولا کریں ۔میں جو مرضی کروں اپنی زندگی میں آپ کوئی حق نہیں رکھتے مجھےٹوکنے کا۔۔۔وہ آمنہ کے غصے کی پرواہ کیے بغیر کاٹ کھانے والے انداز میں بولی۔دوسری جانب حازب نے غصے سے مٹھیاں بھینچتے ہوئے خود کو کچھ بھی غلط کہنے سے روکا۔

آمنہ اسے کہو دفع ہوجائے یہاں سے۔۔۔وہ دبا دبا سا چلایا تھا۔بچے آتے ہی صحن میں کھیلنے لگے تھے ۔آمنہ نے بے ساختہ شکر ادا کیا۔ورنہ ان پر کیا اثر پڑتا؟ان دونوں کو تو ذرا خیال نہیں تھا۔

جارہی ہوں ۔ویسے بھی میں تو جیسے آپ کے حکم کے انتظار میں تھی نا کہ کب آپ کہیں اور میں جاؤں۔۔۔
بد تمیزی سے کہتی وہ پیر پٹختی ہوئی وہ اپنے کمرے میں چلی گئی۔

آپ پلیز اس کی بات دل پر مت لینا۔میں اسے سمجھاؤں گی۔۔۔اس کی بات پر حازب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

رہنے دو ! وہ یہی سمجھے گی کہ میں نے تم سے کہا ہے۔خواہ مخواہ تم سے بھی بدتمیزی کرے گی جو مجھے اچھا نہیں لگے گا۔۔۔وہ ایک ٹھنڈی آہ بھرتے ہوئے بولا۔

حازب!آپ بہت اچھے ہیں ۔ میری دعا ہے اللہ آپ جیسا ہم سفر ہر لڑکی کو عطا کرے ۔ آمین ! ۔۔۔آمنہ اپنے دھیان میں کہہ رہی تھی جب کمرے سے باہر نکلتی زینب نے اس کی بات سن کر بے ساختہ دانت پیسے۔

اوہ ہیلو! کیوں بیچاری ساری لڑکیوں کے ارمانوں پر پانی پھیر رہی ہو۔اتنے بھی کوئی سرخاب کے پر نہیں لگے تمہارے شوہر کو جو ہر لڑکی کو ان جیسا شوہر عطا کروانے پر تل گئی ہو تم ۔۔۔ایک ایک لفظ چبا کر ادا کرتی وہ فریج سے پانی کی بوتل لیتی واپس مڑی اور ایک کھا جانے والی نظر آمنہ پر ڈال کر کمرے میں چلی گئی۔

کیا ہوا ؟آپ ہنس کیوں رہے ہیں ؟کھڑے کھڑے آپ کی دو کوڑی کی کر گئی اور آپ دانت نکال رہے ہیں ۔۔۔آمنہ کو نئے سرے سے تپ چڑھی تھی ۔

بھئی اس کی بات سے تو میں بھی اتفاق کرتا ہوں ۔ہر لڑکی کا آئیڈیل ایک جیسا نہیں ہوتااور نہ ہی ہر لڑکی کو میرے جیسا شریف انسان چاہیے ہوتا ہے ۔کچھ پاپا کی پریوں کو اینگری برڈ ٹائپ مرد پسند ہوتے ہیں ۔۔۔ وہ اپنی شرافت کے معاملے میں خاصا خوش فہم تھا۔آمنہ نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔تبھی کمرے سے ایزل کے رونے کی آوا ز آئی ۔آمنہ فوراََ وہاں سے اٹھی اور اپنے کمرے کی جانب بڑھی۔

اچھا میں آپ سے بعد میں بات کرتی ہوں ۔ایزل اٹھ گئی ہے ۔میں اسے دیکھ لوں ذرا۔۔۔جلدی سے کہتی وہ کال کٹ کرنے لگی تھی جب ارحم اور احمد نے اسے پیچھے سے آواز دی ۔

ماما! ہمیں بھی بابا سے بات کرنی ہے ۔۔۔ وہ دونوں بھاگ کر اس کے پاس آئے اور ارحم نے جلدی سےاس کے ہاتھ سے فون لیا۔آمنہ ان دونوں کو وہیں چھوڑتی اپنے کمرے میں چلی گئی۔وہ دونوں بھائی وہیں برآمدےمیں رکھی چارپائی پر بیٹھے اپنے باپ سے باتوں میں مصروف ہوگئے تھے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

زینب اپنے بیڈ پر بیٹھی ہاتھ میں کتاب تھامے اپنا ٹیسٹ یاد کر رہی تھی۔آج وہ یونیورسٹی نہیں گئی تھی اور کچھ دیرپہلے اس کی دوست نے میسج کر کے اسے کل ہونے والے ٹیسٹ کے بارے میں بتایا تھا۔کچھ دیر تک کتاب کو گھورنے کے بعد ا س نے بیزاری سے بند کر کے کتاب ایک طرف رکھی۔پھر اپنا بیگ اٹھا کر اس میں سے باقی کے بچے پیسے نکالے۔

اللہ ! پھر پورے پیسے جمع ہونے سے پہلے ہی خرچ ہوگئے۔اب میں کیا کروں گی؟۔۔۔اس نے بیگ نیچے رکھا اور دوبارہ کتاب اٹھائی۔

اگلی دفعہ پورے پیسے جمع کر کے میں نے ڈھیر ساری شاپنگ کرنی ہے۔ اللہ جی پلیز اب کوئی نیا خرچہ نہ ہوجائے میرا۔۔۔وہ اوپر چل رہے پنکھے کو گھورتے ہوئے بولی اور پیچھے ٹیک لگا کر کتاب چہرے پر رکھ لی۔

اتنی محنت سے میں نے اپنی پاکٹ منی سے بچا بچا کر پیسے جمع کیے تھے۔لیکن چلو کوئی نہیں میرے پتر خوش ہوگئے اتنا ہی کافی ہے ۔میں پھر جوڑ لوں گی ۔۔۔سر جھٹک کر وہ پورے انہماک سے ٹیسٹ کی تیاری کر نے لگی ۔کچھ دیر بعد اس کے فون کی رنگ ہوئی ۔زینب نے بغیر نمبر دیکھے فون اٹھالیا۔

ہیلو؟ کون؟۔۔۔اس نے دوسری طرف مکمل خاموشی پا کر پوچھا۔

زینب! میں بات کررہی ہوں ۔تحریم۔۔۔دوسری جانب سے کسی لڑکی کی آواز ابھری۔زینب نے حیرانی سے فون کان سے ہٹا کر دیکھا ۔نمبر کے نیچے ان ناؤن لکھا آرہا تھا۔تحریم کا نمبر ا س نے سیو کیا ہوا تھا ۔

یہ تو تمہارا نمبر نہیں ہے۔اپنے نمبر سے کال کرو۔۔۔وہ کال کاٹنے لگی تھی جب تحریم نے اسے روکا۔

یار ! بات تو سنو میرے فون کی بیٹری نہیں ہے ۔میں نے بس یہ بتانا تھا کہ وہ ٹیسٹ کینسل ہوگیا ہے ۔۔۔وہ جلدی سے بولی۔زینب کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا۔

سچی؟لیکن یہ معجزہ ہوا کیسے؟۔۔۔وہ حیران سی پوچھ رہی تھی۔

مس ایک ہفتے کی لیو پر جارہی ہیں ۔ان کے سسرال میں شاید کوئی مسئلہ ہو گیا ہے۔۔۔تحریم نے مختصر سا بتا یا۔

اوکے تھینکس یار ۔ اپنا خیال رکھنا۔اللہ حافظ۔۔۔زینب نے کال کٹ کر کے فون بیڈ پر پھینکا اور کتاب اسٹڈی ٹیبل پر رکھتے کمرے سے باہر آگئی۔سامنے ہی اس کی نظر ان دونوں بھائیوں پر پڑی جو ابھی تک اپنے بابا سے بات کر رہے تھے۔

حد ہے ۔اتنا ویلا اوور سیز پہلی بار دیکھا ہے۔ پتہ نہیں وہاں کوئی کام بھی کرتے ہیں یا صرف جھک ہی مارتے ہیں ۔۔۔اس نے جل کر سوچا اور آمنہ کے کمرے کی جانب قدم بڑھائے ۔

وہ جیسے ہی اندر داخل ہوئی تو اس کی نظر سامنے نماز پڑھ رہی آمنہ پر پڑی ۔ ذرا سی گردن موڑ کر اس نے بیڈ کی دوسری جانب موجود بے بی کاٹ میں لیٹی ایزل کو دیکھا۔وہ بلکل حازب کی کاپی تھی ۔اسی لیے زینب کو اس سے عجیب سی چڑ ہوتی تھی۔آمنہ نے نماز پڑھ کر ایک نظربیڈ کے قریب کھڑی زینب کو دیکھا جو مسلسل بے بی کاٹ میں لیٹی اس کی بیٹی کو گھور رہی تھی ۔کیونکہ ایزل میڈم اپنی خالہ کو دیکھتے ہی مسکرانے لگی تھی اور زور زور سے ہاتھ پاؤں مارتی ہوئی اسے کی گود میں آنا چاہ رہی تھی۔لیکن زینب اسے ایک گھوری سے نوازتے ہوئے آمنہ کے پاس آکر نیچے بیٹھ گئی۔

معافی مانگنے آئی ہو تو واپس چلی جاؤ مجھے اس بارے میں بات نہیں کرنی۔زینی آج تم نے مجھےبہت شرمندہ کیا ہے حازب کے سامنے۔۔۔اس کے لہجے میں دکھ کی جھلک واضح تھی ۔زینب نے ایک گہری سانس لی ۔

آمنہ یار تم تو مجھے سمجھو نا۔مجھے نہیں پسند حازب بھائی کا یوں مجھ پر رعب جھاڑنا ۔میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن۔۔۔وہ لاڈ سے اس کے گلے میں بازو ڈالے کہہ رہی تھی جب ا س کی آخری بات بلکہ آخری جھوٹ پر آمنہ نے بے ساختہ اسے گھورا۔

میرا مطلب ہے میں ان کی عزت کرنا چاہتی ہوں ۔لیکن وہ ہر دفعہ کچھ نہ کچھ ایسا کر دیتے ہیں کہ مجھے ان کی عزت افزائی کرنی پڑ جاتی ہے۔۔۔اس کی گھوری پر فوراََ جملہ درست کرتی آخر میں اس کا گال چوم کر وہ فوراََ وہاں سے اٹھ کر بھاگی تھی۔آمنہ نے پیچھے سے جوتا پکڑ کر اسے مارا تھا لیکن وہ اس سے پہلے ہی باہر جا چکی تھی ۔

بد تمیز عورت!۔۔۔وہ دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتے ہوئے منہ ہی منہ میں بڑبڑائی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دو دن بعد وہ یونی سے واپس آکر سیدھا اپنے کمرے میں چلی گئی ۔کمرے میں آتے ہی اس نے پنکھے کا بٹن نیچے کیا اور ایک تھکی ہوئی سانس خارج کرکے بیگ اور کتابیں اسٹڈی ٹیبل پر رکھیں ۔احمد اور ارحم اسکول سے واپس آتے ہی سو گئے تھے۔آمنہ بھی اس کے لیے لنچ بنا کر اپنے کمرے میں جا چکی تھی ۔ چینج کر کے فریش ہونے کے بعد وہ باہر آئی اور سیدھا کچن میں چلی گئی ۔آج اس کی طبیعت کچھ ٹھیک نہیں تھی اس لیے کھانا کھا کر ا س کا ارادہ کچھ دیر آرام کرنے کا تھا۔ واپس آکر اس نے کھانے کی ٹرے بیڈ پر رکھی۔اس سے پہلے کہ وہ کھانا شروع کرتی اس کا فون رنگ ہوا۔ایک تو یہ بے وقت کے کالرز سے وہ بہت پریشان تھی۔

حد ہے! بندہ ٹائم ہی دیکھ لیتا ہے کال کرنے سے پہلے۔۔۔بڑبڑاتے ہوئے اس نے کال پک کی ۔

جی فرمائیں ؟۔۔۔وہ پھاڑ کھانے والے انداز میں بولی ۔

اسلام علیکم!۔۔۔دوسری طرف سے سلام کیا گیا۔

سیدھا مدعے پر آئیں ۔۔۔زینب نے اس کی طرف سے بھیجی گئی سلامتی کو کسی کھاتے میں نہ لاتے ہوئے بیزاری سے پوچھا۔

میں تحریم کا کزن بات کر رہا ہوں ۔۔۔دوسری جانب موجود لڑکے نے اپنا تعارف کروایا۔

سو واٹ؟۔۔۔اس نے دانت پیس کر پوچھا۔مقابل نے بے ساختہ قہقہہ لگایا۔

آپ غصہ کیوں کر رہی ہیں ؟آرام سے بھی بات کی جاسکتی ہے۔۔۔اس لڑکے نے ایک بار پھر قہقہہ لگایا۔

آپ کے لیے اچھا یہی ہے کہ آئندہ یہاں فون مت کیجیے گا۔ورنہ اچھا نہیں ہوگا۔۔۔زینب نے دھمکی آمیز لہجے میں کہتے کال کٹ کی ۔

سارے موڈ کا ستیا ناس کردیا۔۔۔تپ کر کہتی وہ کھانے کی ٹرے اٹھا کر وہیں بیٹھ گئی۔کھانا کھا کر وہ برتن کچن میں رکھنے چلی گئی ۔تقریباََ دس منٹ بعد وہ واپس آئی تو ا س کے ہاتھ میں چائے کا مگ تھا۔وہ وہیں بیڈ پر بیٹھ کر چائے پینے لگی ساتھ ساتھ وہ اپنے فون پر بھی مصروف تھی۔تبھی واٹس ایپ پر اس کی ایک دوست کا میسج آیا ۔اس نے چائے کا ایک سپ لے کر وائس نوٹ ریکارڈ کیا۔

یار ۔آج نہیں جاسکتی میں۔میرے پاس جو پیسے تھے وہ پرسوں ہم لوگ آئس کریم کھا آئے ۔اب میرے پاس صرف دو سو روپے ہیں ۔ باقی پیسے جمع کرلوں پھر چلیں گے۔۔۔میسج سینڈ کرکے اس نے فون نیچے رکھا اور چائے کا ایک اور سپ لیا۔دوسر ی طرف سے میسج سن لیا گیاتھا۔کچھ دیر بعد اس کے فون کی ٹون بجی۔دوسری طرف سے بھی وائس میسج میں جواب آیا تھا۔زینب نے فون اٹھا کر وائس پلے کی ۔

حد ہے ویسے۔تم سے تین ہزار روپے ہی نہیں جمع ہورہے ۔ایک کام کرو اپنی آپی سے لے لو۔تمہارے پیسے آئیں گے تو واپس کر دینا ۔میں آج مال جارہی تھی پھر پتہ نہیں کب ٹائم ملے اس لیے میں نے کہا تمہیں بھی ساتھ لے جاؤں ۔۔۔زینب نے وائس سن کر ایک گہری سانس لی اور اگلا میسج ریکارڈ کیا۔

میرے جو پیسے ہیں ان سے بمشکل میری فیس جمع ہوگی۔پھر مجھے اپنے لیے کچھ ڈریسز بھی لینے ہیں ۔۔۔آخر میں وہ منہ بسور کر بولی۔

اللہ جی پلیز اس دفعہ پیسے جمع ہوجائیں ۔۔۔اس نے دل ہی دل میں دعا کی ۔چائے والا مگ نیچے رکھتے وہ وہیں بیڈ پر لیٹ گئی ۔اپنا فون ایک سائیڈ پر رکھتے ہوئے اس نے آنکھیں بند کیں اور ان پر اپنا بازو رکھ لیا۔

کیا واقعی میں نے حازب بھائی کے ساتھ کچھ زیادہ ہی بد تمیزی کردی تھی اس دن ؟۔۔۔پرسوں کی گئی اپنی
بد تمیزی یاد کرتے اس نے آہستہ سے خود کلامی کی ۔

نہیں زینی اب تم زیادہ ہی سوچ رہی ہو۔۔۔خود کو خود ہی مطمئن کرتی وہ سونے کی کوشش کرنے لگی۔کچھ دیر بعد وہ گہری نیند میں جا چکی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
چھ مہینے بعد ۔۔۔

زینب اپنے آخری سمسٹر کے پیپرز دے کر اب گھر ہی ہوتی تھی۔ ایزل اب دس ماہ کی ہوچکی تھی ۔ وہ ابھی ٹھیک سے چلتی تو نہیں تھی لیکن کرالنگ کرتے ہوئے اکثر زینب کے کمرے میں چلی جاتی تھی۔کبھی کبھا ر تو زینب اسے اٹھا کر تھوڑا بہت لاڈ کر لیتی تھی ۔جب کبھی موڈ اچھا ہوتا ۔لیکن جب ایزل کے بابا سے کسی بات پر بحث ہو جاتی اس دن تو وہ اسے آرام سے پکڑ کر کمرے سے باہر چھوڑ آتی۔

آج بھی وہ اپنا سارا کام مکمل کر کے دسویں بار جوڑے گئے پیسے لیے دونوں بچوں کے ساتھ برگر کھانے گئی ہوئی تھی۔اس دفعہ تو نجانے کس کی نظر لگ گئی تھی کہ پیسے جڑنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے ۔

آمنہ حازب سے بات کر کے وہیں برآمدے میں بیٹھی ان تینوں کا انتظار کر رہی تھی۔ ایزل اس کے پاس ہی چارپائی پر بیٹھی کپ کیک کھانے میں مصروف تھی ۔آمنہ نے اسے اٹھا کر اپنی گود میں بٹھایا ۔

ایزل! سارے کپڑے گندے کر لیے۔گندی بچی!۔۔۔ رومال سے ایزل کا منہ اور ہاتھ صاف کر کے آمنہ نے اس کے کپڑوں پر لگا کیک صاف کیا۔ایزل نے بے ساختہ منہ بسورا۔

آپ ماما کو اتنا تنگ نہیں کیا کرو ۔میری پیاری بیٹی ہو نا؟۔۔۔وہ اسے اپنی گودمیں کھڑا کر کے اس سے باتیں کرنے لگی۔اس کی بات پر ایزل کھلکھلا کر ہنسی۔آمنہ نے ایک ہاتھ سے اسے پکڑتے ہوئے دوسرے ہاتھ سے اسے ہلکی سی گدگدی کی ۔

میرا کیوٹ بچہ!پتہ نہیں زینی خالہ کو کیوں پیارا نہیں لگتا۔۔۔ا س کی بات سنتی ایزل کو زیادہ تو کچھ سمجھ نہیں آیا لیکن زینی خالہ کا نام سن کر وہ ایک بار پھر کھلکھلائی ۔آمنہ وہیں بیٹھی ایزل کے ساتھ باتیں کر رہی تھی جب برآمدے کے دروازے سے وہ تینوں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے اندر داخل ہوئے۔

ماماآج تو خالہ نے فل مزے کروا دیے۔۔۔احمد نے اس کے پاس آکر خوش ہوتے ہوئے بتایا۔ارحم کو البتہ کوئی خاص خوشی نہیں ہوئی تھی کیونکہ وہ سمجھتا تھا کہ یہ ان کا حق ہے ۔جب خالہ کے پاس پیسے ہوں وہ ہمیں کچھ نہ کچھ کھلانے لے کر جائے یا کوئی کھلونا خرید کر دے۔

اچھا؟یہ تو کمال ہوگیا۔تو پھر ماما کے لیے کیا لے کر آئے ہو؟۔۔۔آمنہ نے ایزل کو اپنی گود میں بٹھا لیا اور محبت سے احمد کا گال چوم کر پوچھا۔ارحم اور زینب اس کے برابر میں چارپائی پر بیٹھے رازو نیاز میں مصروف تھے۔ایزل نے زینب کو دیکھتے ہی اس کی جانب اپنے بازو بڑھائے۔وہ اپنی زبان میں اسے خود کو گود میں لینے کا کہہ رہی تھی۔زینب نے ایک نظر اسے دیکھا اور پھر آہستہ سے آمنہ کی گود سے اسے اٹھا لیا۔

آپ کے لیے تو کچھ بھی نہیں لائے ۔پیسے ختم ہوگئے تھے۔۔۔احمد نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے جواب دیا۔اس کی بات پر آمنہ نے ایک نظر زینب کو دیکھا۔جو ایزل کو اپنی گود میں کھڑا کیے اسے گھور رہی تھی۔

او ہیلو! یہ دانت اندر کرو اپنے۔زیادہ پھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔میں نیچے اتار دوں گی۔۔۔زینب کی گود میں آتے ہی وہ خوشی سے چہکی۔

زینی! تمہیں پیسے چاہیے ہوں تو مجھ سے لے لیا کرو نا؟۔۔۔

یار ابھی میرا کام چل رہا ہے نا؟دکانوں کا کرایہ کافی ہے میرے لیے ۔اب تو اسٹڈی بھی کمپلیٹ ہو گئی ہے تو فیس کے پیسے بھی بچ جاتے ہیں ۔تم پریشان نہ ہو اگر ضرورت ہوئی تو میں تم سے لے لوں گی۔۔۔وہ بے نیازی سے کہتی دوبارہ ایزل کے ساتھ باتوں میں لگ چکی تھی ۔ ارحم اس کے پاس کھڑا وقتاََ فوقتاََ اس میں اپنا حصہ ڈال رہا تھا۔آمنہ نے تاسف سے سر جھٹکا۔

پتر جی! اگلی دفعہ ہم برگر کے ساتھ آئس کریم اور گول گپے بھی کھائیں گے۔بس ایک بار خالہ کے پیسے آنے دو۔۔۔ارحم کی کسی بات کے جواب میں زینب نے اس کا گال ہلکا سا کھینچتے ہوئے کہا۔ایزل کو اس نے دوبارہ آمنہ کو پکڑایا۔

چلو احمد برو ہم سمیر کے ساتھ کھیلتے ہیں ۔پتہ ہے اس کا کزن آیا ہے ۔ہم اسے بھی اپنا فرینڈ بنا لیں گے ۔۔۔وہ دونوں بھاگتے ہوئے باہر چلے گئے ۔

زینب بھی ان کےجاتے ہی اپنے کمرے میں چلی گئی۔آمنہ اپنی گود میں بیٹھی ایزل کو آہستہ سے کندھے سے لگا کر تھپکنے لگی۔ کچھ دیر میں وہ سو چکی تھی ۔آمنہ نے اسے وہیں لیٹایا اور اٹھ کر کچن میں چلی گئی ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایک ہفتہ مزید اسی طرح گزر گیا تھا ۔ آمنہ کی طبیعت آج صبح سے ہی ٹھیک نہیں تھی اس لیے وہ اپنے کمرے میں آرام کر رہی تھی ۔ڈنر آج زینب نے بنایا تھا۔وہ آمنہ کو بلانے کے لیے اس کے کمرے میں گئی تو اند ر قدم رکھتے ہی آگے کا منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے اسے لگا جیسے مانوں کسی نے اس کے پیروں تلے سے زمین کھینچ لی ہو۔اگلے ہی پل اس نے اپنے منہ پر ہاتھ رکھتے ہوئے اپنی بے ساختہ نکلنے والی چیخ کو روکا۔سامنے بیڈ کے قریب آمنہ بے ہوش پڑی ہوئی تھی ۔ تینوں بچے بیڈ پر پر سکون سے سورہے تھے۔لیکن زینب کو اس وقت آمنہ کے سوا کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔وہ تقریباََ بھاگتی ہوئی اس کے پاس آئی۔

آمنہ! آمنہ! ۔۔۔اٹھو! کیا ہوا ہے تمہیں ؟۔۔۔وہ گھبرائی ہوئی آواز میں کہتی آمنہ کے سرہانے بیٹھی اسے مسلسل ہلانے کی کوشش کر رہی تھی ۔لیکن آمنہ کے وجود میں کوئی حرکت نہیں ہوئی ۔اس کی سانس بے ساختہ گلے میں اٹکی۔

اللہ جی ! پلیز اسے ٹھیک کر دیں ۔آپ کے بعد میری بہن ہی میرا واحد سہارا ہے ۔۔۔تڑپ کر کہتے اس نے نم آنکھوں سے سائیڈ ٹیبل پر پڑا پانی کا جگ اٹھا یا۔آمنہ کے چہرے پر پانی کے چھینٹے مارتے ہوئے زینب نے اسے ہوش د لانے کی کوشش کی ۔اگلے ہی پل اس نے بے ساختہ آمنہ کی پیشانی پر ہاتھ رکھا۔اس کی پیشانی ٹھنڈی برف پڑی تھی ۔زینب کو کچھ غلط ہونے کا احساس ہوا ۔دل ہی دل میں وہ دعا کر رہی تھی کے ا س کے سارے خدشات غلط ہوں ۔لیکن آمنہ کا سفید پڑا چہرا اور ٹھنڈا وجود اسے بار بار کچھ غلط ہونے کا اشارہ کر رہے تھے۔

اللہ! اب کیا کروں ؟کسے کال کر کے بلاؤں اس وقت ؟۔۔۔ اس نے بے بسی سے سوچا۔ آمنہ کے سفید پڑتے چہرے اور نیلے پڑ چکے ہونٹوں کو ایک نظر دیکھ کر اس نے بے ساختہ اس کی کلائی تھام کر نبض چیک کی ۔اگلے ہی پل آمنہ کا ہاتھ اس کے ہاتھ سے چھوٹا۔وہ ایک جھٹکے سے اپنی جگہ سے اٹھی۔

یااللہ ! اس کی نبض اتنی مدھم چل رہی ہے۔مجھے جلد از جلد اسے ہاسپٹل لے کر جانا پڑے گا۔۔۔بیڈ کی دوسری سائیڈ پڑا آمنہ کا فون اٹھا کر اس نے جلدی سے ایمبولینس کو فون کیا۔ آنکھوں سے ٹوٹ کر بہتے آنسوؤں کی پرواہ کیے بغیر اس نے ایک لمحے کے لیے سوچا کہ اسے کسے کال کرنی چاہیے۔اگلے ہی لمحے اس کی انگلیاں تیزی سے فون کی اسکرین پر چل رہی تھیں ۔اس نے کانٹیکٹ لسٹ سے آمنہ کے سسر کا نمبر ملایا۔فون دوسری تیسری رنگ پر ہی اٹھا لیا گیا تھا۔

ہیلو ۔انکل! ۔۔۔آمنہ کی کنڈیشن بہت کریٹیکل ہے ۔میں اسے ہاسپٹل لے کر جارہی ہوں ۔ بچے گھر میں اکیلے ہیں پلیز آپ دونوں جلدی آجائیں ۔۔۔رندھی ہوئی آواز میں کہتی وہ جلدی سے فون رکھ کر ایک بار پھر آمنہ کو اٹھانے لگی ۔

کچھ دیر بعد اسے باہر ایمبولینس کے سائرن کی آواز آئی ۔وہ تقریباََ بھاگتی ہوئی باہر کے دروازے تک پہنچی۔اس کا دوپٹہ کہاں تھا اسے کوئی ہوش نہیں تھی ۔اس وقت اسے صرف آمنہ کی فکر تھی۔ان کے گھر کے سامنے اسٹریچرپکڑے کھڑے دو میل نرسز کو دیکھ کر کچھ لوگ وہاں جمع ہو گئے تھے۔اسے اس حال میں باہر آتے دیکھ کر ان کے محلے کے ایک بزرگ فوراََ آگے بڑھے اور اپنے کندھوں پر رکھا رومال اس کے کندھوں کے گرد پھیلا دیا۔

دھی رانی ۔دکھ میں بھی اپنی عصمت کی چادر سے بے پرواہ نہیں ہوتے ۔کیوں کہ دکھی آپ ہوتے ہیں ۔قیامت آپ پر ٹوٹی ہوتی ہے لوگوں کی ہوس بھری نظروں کو آپ کے دکھ سے فرق نہیں پڑتا۔۔۔سمجھانے والے انداز میں کہتے انہوں نے وہاں کھڑے کچھ نو جوان لڑکوں اور چند ایک عزت دار حضرات کو دیکھا۔جو ایک پل کے لیے شرمندہ ہوئے تھے۔

آپ لوگ میرے ساتھ آئیں پلیز جلدی کریں ۔۔۔اپنے آنسوؤں کو صاف کرتے ہوئے اس نے وہاں کھڑے دونوں میل نرسز کو دیکھا جو اسٹریچر ہاتھ میں لیے اس کےپیچھے ہی اندر داخل ہوگئے ۔

کچھ دیر بعد وہ آمنہ کو لیے باہر آئے ۔زینب بھی ان کے ساتھ ہی تھی ۔وہ لوگ گلی سے باہر کھڑی ایمبولینس کی طرف جارہے تھے ۔زینب کے اندر جانے کے بعد محلے میں شور سن کر کچھ خواتین بھی باہر آچکی تھیں ۔

زینب! کیا ہوا ہے آمنہ کو؟۔۔۔ایک خاتون نے پریشانی سے پوچھا۔وہ ان کی ہمسائی تھیں ۔

خالہ پتہ نہیں میں اسے ڈنر کے لیے بلانے گئی تھی لیکن آگے وہ بے ہوش پڑی ہوئی تھی ۔آپ سب لوگ دعا کریں اس کے لیے ۔اللہ خیر کرے ۔۔۔اس ہاتھ رگڑتے ہوئے اپنے آنسو صاف کیے۔

آپ پلیز کچھ دیر بچوں کے پاس رک جائیں ۔ ایزل اٹھ گئی تھی ۔اس کی دادو کچھ دیر تک آجائیں گی ۔۔۔ان خاتون سے کہتی وہ تیز تیز قدم بڑھاتی گلی سے باہر جانے لگی ۔پیچھے وہ خاتون دل ہی دل میں آمنہ کے لیے دعا کرتیں ان کے گھر چلی گئیں ۔

کچھ ہی دیر میں آمنہ کی سا س اور سسر بھی آچکے تھے۔وہ خاتون انہیں آمنہ کے بارے میں بتا کر وہیں بیٹھ گئیں ۔ایزل کو انہوں نے اپنے کندھے سے لگایا ہوا تھا ۔آہستہ سے اسے تھپک کر انہوں نے اسے چپ کروانے کی کوشش کی جو مسلسل رورہی تھی۔نائلہ بیگم نے ایک نظر اپنے شوہر کو دیکھا جو آمنہ کا سن کر پریشان ہوگئے تھے۔

شاہد صاحب! آپ جائیں وہ بیچاری بچی وہاں اکیلی ہو گی۔۔۔سنجیدگی سے کہتے انہوں نے سلمہ بیگم سے ایزل کو لیا۔وہ ان کی گود میں آتے ہی چپ ہوگئی تھی۔

تم پریشان نہ ہو۔میں جاتا ہوں اس کے پاس۔لیکن ابھی حازب کو کچھ نہ بتانا وہ خواہ مخواہ پریشان ہوگا۔ان شاء اللہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔۔۔سنجیدگی سے کہتے وہ باہر کی جانب بڑھ گئے ۔جاتے جاتے انہوں نے اپنے چھوٹےبیٹے کو فون کیا۔

ہیلو ! تیمور بیٹا تم جلدی ہاسپٹل پہنچو تمہاری بھابھی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔۔۔انہوں نے دروازہ پار کرتے ہوئے اسے ہاسپٹل کا نام بتایا۔

بابا! آپ کہاں ہیں اس وقت۔۔۔دوسری طرف سے تیمور کی پریشان سی آواز انہیں سنائی دی۔

میں بھی وہیں جارہا ہوں ۔زینب ہمارے آنے سے پہلے جا چکی تھی۔اللہ سب خیر کرے بیچاری وہاں اکیلی ہاسپٹل میں کیسے سب مینج کرے گی۔۔۔انہوں نے دل ہی دل میں آمنہ کے لیے دعا کی ۔وہ ان کے مرحوم دوست کی بیٹی تھی ۔انہیں اپنی بیٹی کی طرح عزیز تھی۔

اچھا آپ آجائیں آرام سے اور پریشان نہ ہوں میں بس دس منٹ میں ہاسپٹل پہنچتا ہوں ۔۔۔وہ جلدی سے کہتا کال کٹ کر گیا۔اس کے اسٹور سے کچھ فاصلے پر ہی یہ ہاسپٹل تھا اس لیے ہی انہوں نے اسے کال کی تھی۔

ابھی وہ اپنی گاڑی کے پاس پہنچے ہی تھے کہ ایک بار پھر ان کا فون رنگ ہوا۔حازب کا نمبر دیکھتے ہی انہوں نے کال کٹ کردی اور گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھے۔گاڑی اسٹارٹ کرکے انہوں نے ہاسپٹل کی جانب بڑھائی ۔حازب مسلسل کال کر رہا تھا اور وہ کان لپیٹے صرف ڈرائیو کرنے میں مصروف تھے۔کچھ دیر بعد انہیں واٹس ایپ پر وائس نوٹ موصول ہوا۔انہوں نے وہ بھی نہیں سنا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ہاسپٹل میں آئی سی یو کے باہر وہ پچھلے ایک گھنٹے سے انتظار کی سولی پر لٹکی بے چینی سے یہاں وہاں ٹہل رہی تھی ۔ان بزرگ کا دیا رومال ابھی تک اس کے کندھوں کے گرد موجود تھا۔اس کا چہرہ اس وقت بہت تھکن زدہ لگ رہا تھا۔دل ہی دل میں وہ دعا کر رہی تھی کہ آمنہ ٹھیک ہو ۔دس منٹ مزید گزر گئے تھے لیکن ڈاکٹرز باہر نہیں آئے تھے ۔وہ تھک ہار کر وہیں سائیڈ پر رکھی کرسیوں میں سے ایک پر بیٹھ گئی ۔سر کو دونوں ہاتھوں پر گرائے اس نے اپنے آنسوؤں کو بہنے دیا۔کچھ دیر بعد کسی کی سنجیدہ سی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی ۔وہ جو کوئی بھی تھا اس سے کچھ فاصلے پر تمیز دار بچوں کی طرح کھڑا دونوں ہاتھ پیچھے باندھے اسے مخاطب کر رہا تھا۔

زینب! آپ ٹھیک ہیں؟۔۔۔اس نے اسی سنجیدگی سے کہا ۔زینب نے چہرہ اوپر اٹھا کر اسے دیکھا۔

تیمور بھائی۔آپ یہاں ۔۔۔وہ حیران ہوئی تھی اسے یہاں دیکھ کر۔رونے کی وجہ سے اس کی آنکھیں سرخ ہوگئی تھیں ۔

بابا نے کال کی تھی کہ بھابھی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔اس لیے میں اسٹور سے سیدھا یہیں آگیا۔۔۔تیمور اس سے تین کرسیاں چھوڑ کر بیٹھ گیا۔

تھینک یو۔۔۔رندھی ہوئی آواز میں کہتے اس نے اپنے شانوں پر موجود رومال درست کیا۔

اس کی ضرورت نہیں ۔۔۔وہ اب سیدھا ہو کر بیٹھ گیا تھا۔کچھ دیر بعد اس کا فون رنگ ہوا۔اس نے اوپر نظر آرہے نمبر کو دیکھا۔حازب کالنگ۔۔۔تیمور نے ایک جھٹکے سے گردن موڑ اسے دیکھا۔

حازب برو کو تو کچھ نہیں بتایا آپ نے ؟۔۔۔اس نے ایک مشکوک سی نظر زینب پر ڈالی ۔جس نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔تیمور نے کال پک کر کے فون کان سے لگایا۔دوسری جانب سے حازب کی پریشان سی آواز ابھری ۔

تیمور بابا کی طبیعت ٹھیک ہے ؟میں کب سے انہیں کال کر رہا ہوں وہ کال نہیں پک کر رہے۔۔۔وہ اپنے دل میں
آ رہےسارے خدشے جھٹکتا بے چینی سے پوچھ رہا تھا۔

برو! ان کے فون کی طبیعت خراب ہو گی نا آپ ری لیکس کرو ۔میں ابھی باہر ہوں گھر جا کر بات کرواتا ہوں آپ کی۔اوکے ؟۔۔۔اللہ حافظ۔۔۔تیمور نے جلدی سے کال کٹ کردی ۔تیمور نے اپنا فون جیسے ہی نیچے رکھا دو منٹ بھی نہیں گزرے ہوں گے کہ زینب کا فون رنگ ہوا۔اس نے اسکرین پر چمک رہے نمبر کو دیکھ کر بغیر کچھ کہے تیمور کے سامنے کیا ۔جس نے اسے کال پک کرنے کا اشارہ کیا۔

ہیلو! اسلام علیکم! حازب بھائی ۔۔۔اس نے لہجے کو حد درجہ نارمل بنانے کی کوشش کی لیکن پھر بھی آخر تک اس کی آواز رندھ گئی تھی۔

آمنہ میرا فون کیوں نہیں اٹھا رہی ؟کیا پاکستان میں سب کے فونز کی طبیعت ایک ساتھ خراب ہوگئی ہے ؟یا تم لوگ مجھ سے کچھ چھپا رہے ہو؟۔۔۔وہ چھوٹتے ہی دبے دبے غصے سے بولا۔

ایکسکیوز می! پیشنٹ کے ساتھ آپ ہیں ؟۔۔۔زینب کے جواب دینے سے پہلے ہی ڈاکٹر آئی سی یو سے باہر آئی اور ایک نظر ان دونوں کو دیکھ کر پروفیشنل انداز میں پوچھا۔

زینب تم ہاسپٹل کیا کر ر ہی ہو؟۔۔۔حازب نےاب کی بار بے چینی سےپوچھا۔تیمور فوراََ اٹھ کر ڈاکٹر کی جانب بڑھا۔

حازب بھائی۔۔۔زینب کے منہ سے بمشکل نکلا۔آنسوؤں سے اس کا پورا چہرا بھیگ چکا تھا لیکن آنسو تھے کہ تھمنے کانام ہی نہیں لے رہے تھے۔آواز جیسے گلے میں کہیں اٹک گئی تھی ۔دوسری جانب حازب کو اچانک ہی گھٹن کا احساس ہوا۔

ڈاکٹر سب ٹھیک ہے نا؟ کوئی خطرے والی بات تو نہیں نا؟۔۔۔پریشانی سے پوچھتے ہوئے تیمور نے ایک نظر زینب کو دیکھا۔اس کی بات پر ڈاکٹر نے آہستہ سے نفی میں سر ہلایا۔

وی آر رئیلی سوری! بٹ شی از نو مور ۔اٹ واز ٹو لیٹ مسٹر تیمور!۔۔۔پروفیشنل انداز میں کہتی ڈاکٹر وہاں سے جا چکی تھی۔پیچھے کھڑے تیمور کو جیسے اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا تھا۔ڈاکٹر کے کہے الفاظ ابھی تک اس کے کانوں میں گونج رہے تھے۔

بھابھی!۔۔۔بے ساختہ اس کے منہ سے نکلا۔تیمور نے اگلے ہی پل گردن موڑ کر کرسی پر بیٹھی زینب کو دیکھا۔جس کے ہاتھ سے فون چھوٹ کر گر چکا تھا ۔ وہ وہیں کرسی پر ایک طرف کو بے ہوش پڑی ہوئی تھی۔وہ تیزی سے اس کے پاس آیا اور اسے دو تین بار آواز دی۔لیکن زینب اپنی جگہ سے ہلی تک نہیں ۔وہ شاید ڈاکٹر کی بات سن کر صدمے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھی۔تیمور نے پاس سے گزرتی ایک نرس کو اشارہ کر کے بلایا۔

سسٹر ! پلیز انہیں دیکھیں یہ شاید بے ہوش ہو گئی ہیں ۔۔۔اس کی پریشان سی آواز پر نرس نے آگے بڑھ کر زینب کا چہرہ آہستہ سے تھپتھپایا۔کچھ دیر میں اسے ہوش آگیا تھا۔

آپ ٹھیک ہیں ؟۔۔۔اس نرس نے تھوڑا سا جھک کر پوچھا۔زینب نے آہستہ سے سرہلا یا۔تیمور نے نرس کا شکریہ ادا کیا اور وہ آہستہ سے سر ہلاتی وہاں سے چلی گئی۔

تیمور بھائی! ابھی ابھی ڈا کٹر نے کیا کہا؟ آمنہ مجھے چھوڑ کر کیسے جا سکتی ہے؟ وہ ڈاکٹر جھوٹ بول رہی تھی نا؟۔۔۔
وہ اس وقت صدمے کے زیرِ اثر تھی۔ آنکھوں میں انتہا درجے کی بے یقینی لیے وہ تیمور کو دیکھ رہی تھی۔تیمورخاموشی سے آ کر اپنی جگہ پر بیٹھا اور اس کی طرف مڑا۔

زینب!میری بات سنیں ۔ڈاکٹر سچ کہہ رہی تھی ۔بھابھی اب ا س دنیا میں نہیں رہیں ۔وہ ہم سب کو چھوڑ کر جا چکی ہیں ۔۔۔غم زدہ لہجے میں کہتے ا س نے ایک نظر زینب کو دیکھا۔وہ نفی میں سر ہلاتی اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی ۔اس سے پہلے کہ تیمور کوئی جواب دیتا اسے دور سے شاہد صاحب آتے دکھائی دیے۔کچھ دیر بعد وہ ان کے پاس کھڑے تیمور سے آمنہ کے بارے میں پوچھ رہے تھے ۔جس نے آہستہ سے نفی میں سر ہلایا۔

بابا! ۔۔۔تیمور نے اپنی آنکھوں میں آئی نمی صاف کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ لگایا۔شاہد صاحب ایک لمحے کے لیے تو کچھ بول ہی نہیں سکے تھے۔کچھ دیر بعد ان کی نم آواز تیمور کو سنائی دی۔

انا للہ وانا الیہ راجعون!۔۔۔اس سے الگ ہوتے ہوئے انہوں نے آہستہ سے زینب کے سر پر ہاتھ رکھا۔

بیٹا صبر کرو!۔۔۔اللہ کو یہی منظور تھا۔۔۔شاہد صاحب کی آواز پر وہ جیسے یک دم ہوش میں آئی تھی۔

انکل! مجھے یقین کیوں نہیں آرہا؟وہ اگر چلی گئی ہے تو یہ دل کیوں نہیں مان رہا۔دماغ کیوں ا س بات کی نفی کر رہا ہے؟۔۔۔وہ دکھی لہجے میں سوال کر رہی تھی۔

کیونکہ ۔۔۔جانے انجانے میں تم اپنے دل و دماغ میں یہ بات بٹھا چکی ہو کہ آمنہ تمہیں چھوڑ کر نہیں جا سکتی۔لیکن زینب تمہیں اس حقیقت کو قبول کرنا پڑے گا۔اپنے د ل اور دماغ کو سمجھاؤ کہ اس دنیا میں ہر کوئی سدا آپ کے ساتھ نہیں رہتا۔ موت ایک طے شدہ وعدہ ہے جس کو ہر ذی روح نے پورا کرنا ہے۔۔۔وہ سنجیدہ لہجے میں کہہ رہے تھے۔زینب ایک لمحےے لیے تو کچھ بول ہی نہیں سکی تھی۔پھر اس کی بے چین سی آواز انہیں سنائی دی۔

مجھے بچوں کے پاس جانا ہے۔آپ اپنی گاڑی کی چابی دے دیں ۔۔۔زینب نے ان کی جانب ہاتھ بڑھایا تو انہوں نے آہستہ سے نفی میں سر ہلایا ۔

میں خو دتمہیں ڈراپ کر کے آتا ہوں ۔چلو! یہاں تیمور سب دیکھ لے گا۔۔۔انہوں نے ایک نظر تیمو رکو دیکھا اور پھر باہر کی جانب اپنے قدم بڑھائے۔

زینب آپ بہت بہادر ہیں ۔اس وقت آپ کو ہمت نہیں ہارنی۔بچوں کو اس وقت سب سے زیادہ آپ کی ضرورت ہے۔۔۔تیمو رنے قدرے سنجیدہ لہجے میں کہا ۔زینب ا س کی بات پر سر ہلاتی اپنے آنسو صاف کرتے ہوئے خاموشی سے شاہد صاحب کے پیچھے چلی گئی۔اس کے جاتے ہی تیمور نے ایک تھکن زدہ سی سانس خارج کی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

انکل! حازب بھائی کو کال کر کے بتا دیا ہے آپ لوگوں نے ؟ ۔۔۔وہ لوگ پارکنگ کی طرف جارہے تھے جب زینب نے ان سے پوچھا۔شاہد صاحب نے آہستہ سے سرہلایا۔

بیٹا وہ واپس آرہا ہے ۔۔۔انہوں نے سنجیدگی سے کہا۔وہ لوگ گاڑی میں بیٹھ گئے تو زینب نے سیٹ کی پشت سے ٹیک لگا لی ۔گاڑی اسٹارٹ کر کے شاہد صاحب نے ایک نظر زینب کو دیکھا ۔

انکل ! آپ نے کبھی اللہ سے شکوہ کیا ہے کہ اس نےآپ کے بابا کو اتنی جلدی کیوں اپنے پاس بلا لیا تھا۔آمنہ بتاتی تھی آپ اس وقت صرف آٹھ سال کے تھے۔۔۔اس کی بات پر انہوں نے کرب سے اپنی آنکھیں بند کیں ۔چند آنسو ٹوٹ کر ان کی بڑھی ہوئی داڑھی میں جذب ہو گئے۔

زینب بیٹا ۔میرا تو باپ مرا تھا نا؟وہ بھی جب میں آٹھ سال کا تھا۔میری ماں دو سال کی تھی جب اس کے ماں باپ اس دنیا سے چلے گئے تھے۔ایک ہی دن میں ۔اور میں حیران ہوتا تھااپنی ماں کا صبر دیکھ کر ۔وہ جوانی میں بیوہ ہوگئی تھی ۔اس نے مجھے اکیلے پالا تھا۔میری ماں اور باپ دونوں بن کر۔ مجھے اللہ سے کوئی شکوہ تھا ہی نہیں کیوں کہ میری ماں کے صبر نے مجھے شاکر بنا دیا تھا۔۔۔وہ غمگین لہجے میں کہہ رہے تھے ۔ان کی بات سن کر زینب ایک جھٹکے سے سیدھے ہوئی ۔

آپ مذاق کر رہے ہیں ناں؟۔۔۔وہ جیسے یقین نہیں کر پارہی تھی ۔ا س کی بات پر انہوں نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

دعا کریں مجھے بھی صبر آجائے ورنہ اگر میں اب بکھر گئی تو پھر کبھی جڑ نہیں پاؤں گی شاید۔۔۔اس نے دوبارہ سیٹ کی پشت سے ٹیک لگا لی۔انہوں نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

نہیں بیٹا ۔ایسا نہیں ہوتا۔جب جب دکھ اور تکلیفیں آپ کو اندر سے توڑتے ہیں کوئی نہ کوئی آپ کے پاس ہوتا ہے آپ کو جوڑنے کے لیے۔کوئی نہ کوئی ہوتا ہے جو آپ کو تسلی دیتا ہے اور آپ کو دوبارہ زندگی کی جانب لے کر آتا ہے ۔۔۔وہ کھوئے کھوئے انداز میں کہتے اپنی ساری توجہ ڈرائیو پر مرکوز کر چکے تھے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

تین دن اسی طرح گزر گئے تھے اور ان کے گھر میں آج بھی ایک بے نام سی خاموشی تھی ۔ تعزیت کرنے والوں کا آنا جانا لگا ہوا تھا۔زینب اپنے کمرے میں تھی اور ایزل کو تین دن سے نائلہ بیگم اور حازب ہی مل کر سنبھال رہے تھے۔اب بھی حازب نے کتنی مشکلوں سےا سے سلایا تھا۔زینب پچھلے تین دن سے بہت کم اپنے کمرے سے باہر نکلی تھی۔نائلہ بیگم کے بہت اصرار پر وہ کچھ دیر باہر آکر تعزیت کرنے والوں کے پاس بیٹھتی اور پھر اپنے کمرے میں چلی جاتی۔وہ صبر کرنا چاہتی تھی لیکن لوگ اس پر ترس کھارہے تھے۔ہمدردی کر رہے تھے اور اسی بات پر وہ مزید چڑچڑی ہو گئی تھی۔

آج تین دن بعد اس نے ٹھیک سے کھانا کھایا تھا وہ بھی ارحم اور احمد نائلہ بیگم کے کہنے پر اس کے کمرے میں لے کر آئے تھے ۔ورنہ تین دن سے وہ صرف چند نوالے ہی مشکل سے کھا رہی تھی ۔کھانے کے بعد وہ وہیں بیڈ پر بیٹھی ان دونوں کے سر اپنی گود میں رکھے آہستہ سے ان کے بال سہلا رہی تھی جب ایک جھٹکے سے کمرے کا دروازہ کھلا ۔زینب نے سہم کر دروازے کی جانب دیکھا۔حازب دروازے میں کھڑا غصے سے سرخ ہوتی آنکھوں سے اسے دیکھ رہا تھا۔زینب کو اگلے ہی پل ان بزرگ کی بات یاد آئی ۔لیکن اپنے کندھوں کے گرد لپٹی چادر دیکھ کر اس نے بے ساختہ شکر ادا کیا۔اب اسے ساری زندگی اپنے دکھ میں خود کی عصمت سے بے پرواہ نہیں ہونا تھا یہ بات تو طے تھی ۔

بابا!۔۔۔وہ دونوں فوراََ اس کے پاس سے اٹھ کر حازب کے پا س آئے ۔اس نے وہیں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ان دونوں کو اپنے ساتھ لگایا اور باری باری دونوں کی پیشانی چومی۔کتنی ہی دیر وہ انہیں اپنے ساتھ لگائے رہا ۔تبھی ارحم کی سرزنش کرتی آواز اسے سنائی دی۔

خالہ کے روم میں ناک کیے بغیر آنے والی حرکت بہت غیر اخلاقی تھی۔سوری بولیں انہیں ۔یہ ماما کا روم نہیں تھا جہاں آپ منہ اٹھا کر چلے جائیں ۔۔۔وہ کچھ مہینے پہلے کہی اس کی بات اسے ہی لٹا رہا تھا ۔ حازب نے ایک لمحے کے لیے اپنی آنکھیں بند کیں اور پھر ایک نظر اٹھا کر بیڈ پر بیٹھی زینب کو دیکھا ۔جو کافی سہمی ہوئی لگ رہی تھی ۔

سوری! مجھے خیال رکھنا چاہیے تھا۔غصہ اپنی جگہ لیکن یہ حرکت واقعی کافی غیر اخلاقی تھی۔آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔۔۔وہ کھڑا ہوا اور دونوں بچوں کی انگلی تھام کر شرمندہ سے لہجے میں بولا۔زینب نے زخمی نظروں سے اسے دیکھا۔

آپ سوری کیوں بول رہے ہیں حازب بھائی؟ آپ سگی بیوی اور آپ کے بچوں کی سگی ماں مری ہے۔میری تو شاید وہ سوتیلی بہن تھی ۔اس لیے آپ کی تکلیف ،آپ کا نقصان زیادہ ہے ۔آپ کا غصہ کرنا بھی بنتا ہے۔کیونکہ اگر غصہ نہیں کریں گے تو اندر کا غبار کیسے نکلے گا؟ ۔۔۔وہ آنکھوں میں آنسو لیے بلند آواز میں چلائی تھی ۔حازب کو اس کی حالت دیکھ کر بہت دکھ ہو رہا تھا لیکن وہ کیا کرتا ؟ ان کے درمیان کبھی حالات اتنے خوشگوار رہے ہی نہیں تھےکہ وہ اسے تسلی کے دو بول ہی بول دیتا۔

بابا! ہمیں خالہ کے پاس رہنا ہے۔۔۔وہ دونوں اس سے اپنا ہاتھ چھڑا کر دوبارہ زینب کے پاس چلے آگئے اور اس کے ہاتھ چہرے سے ہٹا تے ہوئے ا س کے آنسو صاف کیے ۔

ہم کچھ دیر تک گھر جارہے ہیں ۔اگر تمہیں ساتھ چلنا ہے تو اپنا سامان تیار کر لینا ورنہ بچوں کا بیگ تیار کر دینا۔۔۔سنجیدگی سے آرڈر دیتا وہ باہر جانے لگا تھا جب زینب کی آواز پر ا س کے چلتے قدم رکے۔

آپ بچوں کو نہیں لے جاسکتے۔میں انہیں اپنے سے ہرگز دور نہیں کر سکتی ۔۔۔وہ دونوں بچوں کو زور سے اپنے ساتھ لگائے ضدی لہجے میں بولی ۔

یہ میرے بچے ہیں ۔میں باپ ہوں ان کا ۔میں فیصلہ کروں گا یہ کہاں رہیں گے۔۔۔وہ غصے سے سرخ ہوتی آنکھیں لیے ا س کی طرف مڑا۔

نہیں! حازب بھائی ۔یہ میرے بچے ہیں ۔میں نے انہیں تب سنبھالا تھاجب ان کی ماں کو ان کی پیدائش کے بعد دو مہینے تک اپناہی کوئی ہوش نہیں تھا۔میں راتوں کو ان کے لیے جاگتی رہی ہوں ۔جب ان کی ماں پر سکون سی سورہی ہوتی تھی ۔انہیں صحیح غلط کی تمیز میں نے سکھائی جب کہ ان کی ماں انہیں صرف غلط بات پر ٹوکتی ہی تھی ۔میں نے ہر تہوار ،ہر خاص موقع پر ان کی فرمائشیں پوری کیں ۔جب آپ صرف عید گفٹس اور ایک فون کال کر تے تھے۔میں انہیں ہر اس جگہ گھمانے کے لیے لے کر گئی جہاں بچے اپنے ماں باپ کے ساتھ جاتے ہیں ۔میں اپنی پاکٹ منی جوڑ جوڑ کر انہیں باہر کھانا کھلانے لے کر جاتی رہی جبکہ ان کے ماں باپ کے بینک اکاؤنٹس میں پیسوں کی کوئی کمی نہیں تھی ۔۔۔وہ بولنا شروع ہوئی تو پھر بولتی ہی چلی گئی ۔حازب خاموشی سے دونوں ہاتھ سینے پر باندھے ،کھلے دروازے کے پٹ کے ساتھ ٹیک لگائے کھڑا تھا ۔ذراسی گردن موڑ کر سامنے بیٹھی لڑکی کو اس کے بچوں پر یوں حق جتاتے ہوئے حیرت سے دیکھ رہا تھا۔و ہ دونوں بس ا س کے ساتھ لگے ان دونوں کی گفتگو سن رہے تھے ۔

احسان جتا رہی ہو؟۔۔۔اس نے جیسے طنز کیا تھا ۔زینب نے استہزائیہ انداز میں سر جھٹکا۔

احسان؟میں نےکیا ہی نہیں تو جتاؤں گی کیوں ؟میں حق جتا رہی ہوں ۔آپ چاہے اپنے گھر جائیں یا یہاں سے سیدھے بحرین کی فلائٹ پکڑ لیں ۔بچے میرے ساتھ رہیں گے اور یہ میرا آخری فیصلہ ہے ۔۔۔قطعی لہجے میں کہتی وہ تھوڑا سا پیچھے ہو کر ٹیک لگا چکی تھی ۔حازب ضبط سے مٹھیاں بھینچتا ہوا باہر چلا گیا۔

میں آپ کو کہیں نہیں جانے دوں گی پتر جی ۔آپ دونوں میرے پاس ہی رہو گے ۔خالہ کی جان ہوآپ دونوں ۔۔۔وہ محبت سے ان دونوں کا سر چوم کر کہہ رہی تھی ۔

خالہ ! ہماری ماما اب واپس کیسے آئیں گی ؟کیا ان کا راستہ بلاک ہو گیا ہے؟اب ہم ماما کے بغیرکیسے رہیں گے ؟۔۔۔احمدنےکچھ دیر بعداس کے سینے سے سر اٹھا کر معصومیت سے پوچھا۔

برو! ایسا نہیں ہوتا۔جن کی ماما نہیں ہوتیں ان کی خالہ ہی ماماہوتی ہیں۔جیسے سمیر کی خالہ اس کی خالہ ماما بن گئی تھیں ۔۔۔ارحم نے اپنی طرف سے کافی سمجھداری سے جواب دیا تھا۔

او ہ اچھا!۔۔۔لیکن اس کی خالہ ماما تو سمیر کو اپنے بچوں سے زیادہ پیار نہیں کرتیں ۔اسی لیے تو وہ اپنی ماماکو مس کر تا ہے ۔۔۔احمد نے ایک نیا اعتراض اٹھایا تھا۔

پاگل! اُلّو! ہماری خالہ کی توابھی شادی بھی نہیں ہوئی ۔ جب ان کی شادی ہوگی ہم بگ بوائے بن جائیں گے تب تک اور ایزل بھی بڑی ہوجائے گی نا۔۔۔ارحم نے اس کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی۔

ارحم! باز آجاؤ۔۔۔زینب نے ہلکی سی تنبیہہ کی۔

میرے پتر کو تنگ مت کرو۔یہ بھی بولیں ساتھ میں کیونکہ اسے ایسے اثر نہیں ہوتا۔۔۔احمد نے بھی اسی طرح ہلکی سی چپت ارحم کے سر پر لگاتے ہوئے زینب کاجملہ درست کروایا۔۔۔اس کی بات پر وہ اداس سامسکرا دی۔

زینی خالہ ! ایزل بے بی بھی ہمارے ساتھ ہی رہے گی نا؟۔۔۔احمد نے کچھ دیر بعد پھر سوال کیا۔اس کی بات پر زینب نے آہستہ سے سر ہلایا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

حازب جیسے ہی برآمدے میں آیا تو شاہد صاحب اور نائلہ بیگم کے ساتھ تیمور بھی وہیں موجود تھا۔وہ تینوں اس کے آتے ہی فوراََ اس کی جانب متوجہ ہوئے جیسے اسی کا انتظار کر رہے ہوں ۔وہ چلتا ہوا ان کے پاس آیا اور تیمور کے برابر میں موجود کرسی پر بیٹھ گیا۔

بابا آپ ہی سمجھائیں اس لڑکی کو ۔اپنی ضد پر اڑ چکی ہے کہ بچوں کو اپنے پاس رکھے گی۔جبکہ میں تو اس کے بھی یہاں رہنے کے حق میں نہیں ہوں ۔۔۔حازب کی بات سن کر وہاں موجود تینوں افراد نے بے ساختہ ایک دوسرے کا منہ دیکھا۔

حازب میں جانتا ہوں اسے جتنی وہ خوددار ہے وہ یہاں سے کہیں نہیں جائے گی۔رہی بچوں کی بات تو انہیں ابھی اس کی ضرورت ہے ۔ان کی ماں کو مرے ابھی تین دن ہوئے ہیں اور ایزل کا بھی تو سوچو وہ ابھی اتنی چھوٹی ہے ۔تم آخر کب تک اسے سنبھال لو گے؟۔۔۔شاہد صاحب نے اسے سمجھانا چاہا۔

لیکن بابا۔۔۔حازب نے کچھ کہنا چاہا جب اس کی ماما نے اس کی بات درمیان میں ہی کاٹ دی۔

میں کچھ دن مزید رک جاتی ہوں زینب کے پاس ۔آپ لوگ گھر چلے جائیں ۔۔۔ان کی بات پر شاہد صاحب نے آہستہ سے سر ہلایا اور اپنی جگہ سے کھڑے ہوئے ۔حازب اور تیمور بھی ان کے ساتھ ہی اٹھے تھے۔

اپنا خیال رکھیے گا۔۔۔آہستہ سے انہیں اپنے ساتھ لگاتے حازب نے فکر مند لہجے میں کہا۔تیمور نے بھی جھک کر ان سے پیار لیا اورپھر زینب کے کمرے کی جانب بڑھ گیا۔دروازے کے پاس پہنچ کر اس نے آہستہ سے دستک دی ۔اندر سے دروازہ ارحم نے کھولا تھا۔

چاچو!۔۔۔احمد اسے دیکھتے ہی فوراََ بیڈ سے اتر کر اس کے پاس آیا اور اس کے ساتھ لپٹ گیا۔

چاچو کے شہزادے ۔چلو دادا جی اور بابا سے مل لو پھر ہم لوگ جارہے ہیں ۔۔۔وہ تھوڑا سا جھک کر باری باری دونوں کے گال چوم کر بولا ۔اس کی بات پر زینب کے کان فوراََ کھڑے ہوئے ۔

تیمور بھائی ! بچے آپ لوگوں کے ساتھ نہیں جائیں گے ۔۔۔اس نے بیڈ سے اترتے ہوئے تیز لہجے میں کہا۔اس کی بات پر تیمور نے تھوڑا سا جھک کر دونوں بچوں کو اپنی گود میں اٹھایا اور وہیں سے پلٹ گیا۔

چاچو! نیچے اتاریں !۔۔۔ ارحم نے غصے سے ناک پھلا کر کہا۔

خالہ ! بچاؤ یہ کڈنیپ کرنے لگے ہیں ہمیں۔۔۔احمد آہستہ سے تیمور کے کندھے پر مکا مارتے ہوئے چلایا ۔

اوئے ! چپ! ۔۔۔چلو اترو نیچے ۔۔۔تیمور نے انہیں باہر لاکر نیچے اتارا تو وہ دونوں پہلے شاہد صاحب کے پاس گئے ۔انہوں نے واپس چارپائی پر بیٹھتے ہوئے ان دونوں کو اپنے ساتھ لگایا۔

خالہ کو تنگ نہیں کرنا ۔میرے پیارے بیٹے ہو نا آپ؟۔۔۔شاہد صاحب نے شفقت بھرے انداز میں کہتے ان دونوں کو دیکھا۔

جی دادا جی ! ۔۔۔وہ دونوں تیزی سے ہاں میں سر ہلا کر بولے۔ نائلہ بیگم نے بھی انہیں محبت سے اپنے ساتھ لگا کر پیار کیا ۔ان سے مل کر وہ دونوں اپنے باپ کے پاس آگئے ۔

بابا!ہم دونوں آپ کو مس کریں گے۔آپ ہم سے ہر روز ملنے آنا ۔۔وہ دونوں اداسی سے کہتے حازب سے لپٹ گئے ۔حازب نے جھک کر ان دونوں کو اپنے سینے سے لگایا ۔

میں ہر روز ملنے آؤں گا ۔میرا بچہ ۔۔۔وہ باری باری ان دونوں کی پیشانی چوم کر بولا۔

ادھر آؤ پتر جی!۔۔۔زینب نے ان دونوں کو اپنے پاس بلایا تو وہ دونوں اس کے پاس چلے گئے وہ کمرے کے دروازے میں کھڑی تھی ۔نائلہ بیگم نے ایک نظر اسے دیکھا۔تیمور اور شاہد صاحب باہر چلے گئے تھے۔حازب بھی ان کے پیچھے ہی باہر جانے لگا تھاجب نائلہ بیگم کی بات پر اس کے چلتے قدم رکے۔

دیکھو ذرا میری پھول سی بچی کیسے مرجھا سی گئی ہے ۔ زینب !یہاں آؤ شاباش میرے پاس آ کر بیٹھو کچھ دیر۔۔۔محبت سے کہتے انہوں نے اسے اپنے پاس بلایا۔

ہنہ ! پھول سی بچی کی زبان پر لگے چھ چھ انچ کے کانٹے کسی کو نظر نہیں آتے۔۔۔جل کر بڑبڑاتا وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتا برآمدے کا دروازہ پار کر گیا۔

آنٹی آپ بیٹھیں میں ایزل کو لے کر آتی ہوں ۔۔۔زینب دونوں بچوں کو ان کے پاس چھوڑتی اپنی چادر شانوں پر درست کرتی آمنہ کے کمرے کی جانب چلی گئی۔

پیچھے نائلہ بیگم نے پر سوچ نظروں سےاس کی پشت کو دیکھا۔انہیں اس کے لیے واقعی دکھ ہوا تھا بیچاری کو ایک بہن کا سہارا تھا وہ بھی اتنی جلدی چلی گئی ۔وہ آخر کب تک رک سکتی تھیں یہاں ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دو مہینے بعد ۔۔۔

زندگی ایک بار پھر معمول پر آچکی تھی ۔نائلہ بیگم تقریباََ دو ہفتے یہاں رک کر واپس چلی گئی تھیں ۔ درمیان میں وہ کئی دفعہ بچوں سے ملنے آچکی تھیں ۔دو دن پہلے زینب کے بلانے پر وہ دوبارہ آئی تھیں اور دو دن سے وہ یہیں تھیں ۔بچے اسکول گئے ہوئے تھے ۔زینب برآمدے میں موجود چارپائی پر ان کے ساتھ بیٹھی انہیں اپنی یونیورسٹی کی کوئی بات سنا رہی تھی ۔ ایزل نے اب چلنا شروع کر دیا تھا اور سارا دن وہ زینب کی دوڑیں لگوائے رکھتی تھی ۔

زینب! بیٹا ایزل کو دیکھو شاید وہ پھر صحن میں چلی گئی ہے۔۔۔نائلہ بیگم نے ایک نظر پورے برآمدے میں دوڑائی ایزل وہاں کہیں نہیں تھی ۔ابھی وہ باہر جاتی اس سے پہلےہی شاہد صاحب اور تیمور اندر داخل ہوئے زینب نے اگلے ہی پل اپنے شانوں پر دوپٹہ درست کیا ۔

ان دونوں نے سنجیدگی سے سلام کیا اور شاہد صاحب وہیں زینب کی جگہ پر بیٹھ گئے۔اتنے میں وہ تیمور کے لیے کرسی رکھ چکی تھی۔اسے کا فی حیرانی ہوئی تھی کہ بھلا دولوگوں کی آنے کی کیا تک بنتی تھی آنٹی کو لینے کے لیے۔لیکن اس سے پہلے کہ وہ اپنی حیرانی پر قابو پاتی اسے حیرت کا ایک اور جھٹکا لگا جب حازب اندر داخل ہوا۔

ایزل کو اپنی گود میں اٹھائے وہ اس کے منہ اور ہاتھوں پر لگی مٹی صاف کر رہا تھا۔اسے دیکھ کر زینب نے بےساختہ دانت پیسے۔مقابل کے تاثرات بھی کچھ مختلف نہیں تھے۔وہ جیسے ہی ان کے پاس آیا زینب نے فوراََ آگے بڑھ کر ایزل کو اس کی گود سے لیا اور ایک ہلکی سی چپت اس کے گال پر لگائی۔

گندا بچہ! پھر مٹی کھائی ہے نا؟۔۔۔اس نے مصنوعی خفگی سے اسے گھورا تو ایزل خوشی سے تالیاں بجانے لگی۔

دھیان رکھا کرو اس کا اور اگر نہیں رکھ سکتی تو بتا دو میں اسے اپنے ساتھ لے جاؤں گا آج ۔۔۔حازب نے تنبیہی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے قدرے غصے سے کہا۔زینب نے ایک کھا جانے والی نظر اس پر ڈالی۔لیکن وہ خاموش رہی ۔اب وہ کیا بولتی؟انکل آنٹی اور تیمور بھائی کے سامنے تو اس کا ہی امیج خراب ہونا تھا نا۔حازب شاہد کا کیا جانا تھا؟

زینب بیٹا بیٹھو یہاں ۔۔۔شاہد صاحب نے اسے بیٹھنے کا اشارہ کیا تو وہ بھی وہیں تیمور سے کچھ فاصلے پر کرسی رکھ کر بیٹھ گئی۔ایزل کو اس نے اپنی گود میں ہی بٹھا لیا۔وہ اردگرد سے بے نیاز اس کے ہاتھوں سے کھیلنے میں مصروف تھی۔تبھی شاہد صاحب کی سنجیدہ سی آواز اسے سنائی دی۔

میں نے ایک فیصلہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میری بیٹی میرے فیصلے کا مان رکھے گی۔بیٹا دیکھو اس دن تو میں نے حازب کی بات نہیں مانی ۔لیکن اب مجھے احساس ہوا ہے کہ آج کل یوں جوان بچی کا اکیلے رہنا محفوظ نہیں ۔ اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد تمہارا نکاح کر دیں۔۔۔انہوں نے ایک نظر حازب کو دیکھا اور پھر زینب کو۔ شاید و ہ حازب کی رائے بھی جاننا چاہتے تھے۔ان کی نظروں کا مفہوم سمجھتی وہ اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی ۔

انکل!۔۔۔ایم سوری لیکن میں یہ نہیں کر سکتی۔مجھے لوگوں کی تمسخر اڑاتی اور میرے کردار کی دھجیاں اڑاتی نظریں مار ڈالیں گی ۔پلیز یہ نہ کریں میرے ساتھ ۔۔۔بے ساختہ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔وہ منت کرنے والے انداز میں کہتی انہیں ایک لمحے کے لیے چونکا گئی۔

زینب! پہلے با با کی بات تو سن لیں آپ۔۔۔تیمور نے اسے ہلکی سی تنبیہہ کی ۔اسے لڑکیوں کا یہ ایموشنل ڈرامہ ہرگز نہیں پسند تھا۔خواہ مخواہ کی سچویشن کری ایٹ کردو بس۔

کیا سنوں میں تیمور بھائی؟انکل میری زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ ایسے ہی نہیں کر سکتے ۔۔۔وہ دبا دبا سا چلائی تھی ۔حازب اسے کچھ سنانے والا تھا جب شاہد صاحب نے ایک تنبیہی نظر اس پر ڈالی۔وہ وہیں چپ کر گیا تھا۔

تم کیا چاہتی ہو بیٹا؟۔۔۔نائلہ بیگم نے محبت بھرے انداز میں پوچھا۔

آنٹی میں کسی بھی صورت حازب بھائی سے نکاح نہیں کر سکتی ۔میں جانتی ہوں کہ آپ لوگوں کو بچوں کی بھی فکر ہے ۔کیونکہ کل کو اگر کوئی دوسری عورت آئے گی تو نجانے وہ کیسا سلوک کرے ان کے ساتھ ۔لیکن آپ فکر نہیں کریں میں اس قابل ہوں کہ تینوں بچوں کو اکیلے پال سکتی ہوں ۔۔۔۔اس نے ایک ایک لفظ پر زور دیتے ہوئے کہا۔اس کی بات سن کر شاہد صاحب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔حازب تو اس کی اتنی جرت پر دنگ رہ گیا تھا ۔تیمور نے ایک جھٹکے سے گردن موڑ کر اس چھٹانک بھر لڑکی کو دیکھا۔نائلہ بیگم چند لمحے تو کچھ بول ہی نہیں سکی تھیں ۔اس بارے میں تو انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

زینب بیٹھو نیچے ۔ تم غلط سمجھ رہی ہو ۔میں تمہارے اور تیمور کے نکاح کی بات کر نے والا تھا۔۔۔انہوں نے اس کی غلط فہمی دور کرنے کی کوشش کی ۔لیکن اب کی بار تیمور کو شاک لگا تھا ۔نائلہ بیگم اور حازب نے ایک ساتھ شاہد صاحب کے چہرے کے تاثرات دیکھے ۔وہ کہیں سے بھی مذاق کے موڈ میں نہیں تھے۔

بابا! ۔۔۔یہ کیا کہہ رہے ہیں آپ؟۔۔۔تیمور کو سب سے پہلے ہوش آیا تھا۔زینب ایک لمحے کے لیے اپنی جگہ سے ہل نہیں سکی تھی۔دل بری طرح دھڑک رہا تھا۔بے ساختہ اس نے خود کو کوسا اور ایک چور نظر حازب پر ڈالی ۔جس نے اسی پل ضبط سے سرخ پڑتی آنکھیں اٹھا کر اسے دیکھا تھا۔زینب کو ڈھیروں شرمندگی نے آن گھیرا۔کاش کاش وہ سب بکواس کرنے سے پہلے سوچ لیتی۔اب ساری زندگی وہ حازب کا سامنا کرتے ہوئے اندر ہی اندر شرمندہ ہوگی۔

میں بلکل ٹھیک کہہ رہا ہوں ۔اسے مزید یہاں اکیلے نہیں رہنے دے سکتا میں ۔ جس دن سے وہ حادثہ ہوا ہے میں بہت ڈر گیا ہوں تیمور۔تم بتاؤ کیا تم آج اسی وقت نکاح کرو گے زینب سے ؟۔۔۔وہ دوٹوک لہجے میں کہتے تیمور سے پوچھ رہے تھے ۔

زینب سے مزید وہاں کھڑا ہونا مشکل ہوگیا تھا۔وہ اپنے آنسوؤں پر قابو پاتی ایزل کو لے کر اپنے کمرے میں چلی گئی اور اندر سے دروازہ بند کر لیا۔

بابا۔۔۔آپ سمجھنے کی کوشش کریں تیمور اور اس کے مزاج میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔۔۔حازب نے ایک نظر تیمور کو دیکھا ۔وہ خود بھی نہیں سمجھ پایا کہ آخر اس لڑکی کی وکالت کیوں کر رہا ہے وہ؟

برو! آپ کو اس کی اتنی فکر کیوں ہو رہی ہے؟ ۔۔۔تیمور نے ایک مشکوک سی نظر اس پر ڈالی اور اپنی جگہ سے کھڑا ہوا۔اس کی بات پر حازب کے چہرے کا رنگ فوراََ بدلا۔لیکن وہ اگلے ہی پل اپنے چہرے کے تاثرات چھپا گیا۔

میں دیکھتا ہو ں انہیں ۔آپ سب لوگ پریشان نہ ہوں ان شاء اللہ مان جائیں گی نکاح کے لیے۔۔۔تیمور نے جس قدر پر یقین لہجے میں کہا تو سب کو لگا کہ واقعی وہ مان جائے گی۔حازب کو نجانے کیوں ایک لمحے کے لیے تیمور سے ان دیکھی رقابت محسوس ہوئی ۔اس نے دل ہی دل میں خود پر سو لعنتیں بھیجی تھیں ۔

تیمور آرام سے بات کرنا۔زیادہ سختی کرنے پر وہ ضد پر بھی اتر سکتی ہے ۔۔۔بے ساختہ حازب کی زبان سے پھسلا تھا۔شاہد صاحب اور نائلہ بیگم کو اس کا رویہ بہت عجیب لگا تھالیکن وہ دونوں خاموش تھے۔تیمور آہستہ سر ہلا تا زینب کے کمرے کی جانب بڑھ گیا۔دروازے کے پاس آکر اس نے ہلکی سی دستک دی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

زینب! ۔۔۔دروازہ کھولیں پلیز۔ایک دفعہ میری بات سن لیں ۔۔۔اس نے لہجے کو حد درجہ نرم رکھنے کی کوشش کی۔

تیمور بھائی مجھے کوئی بات نہیں کرنی۔آپ سب لوگ واپس چلے جائیں پلیز!۔۔۔اندر سے زینب کی غصے سے بھری آواز سنائی دی۔

اچھا آپ کو نکاح نہیں کرنا ؟تو آپ دروازہ کھولیں ہم بیٹھ کر کوئی حل نکال لیتے ہیں۔ ٹھیک ہے ؟۔۔۔تیمور نے اب کی بار سنجیدگی سے کہا۔

کچھ دیر بعد دروازہ کھلا تھا اور زینب اپنے شانوں کے گرد اچھے سے چادر لپیٹے سامنےکھڑی تھی ۔رونے کی وجہ سے سرخ پڑتی ناک اور آنکھوں میں ہلکی سی سرخی لیے وہ کھاجانے والی نظروں سے تیمور کو گھور رہی تھی۔ایزل بیڈ پر بیٹھی خود سے ہی کھیلنے میں مصروف تھی۔

آجائیں اندر۔۔۔اس نے سامنے سے ہٹ کر راستہ دیا تو تیمور ہلکا سا مسکراتے ہوئے اندر داخل ہوا ۔زینب کے اسٹڈی ٹیبل کی کرسی کھینچ کر اس پر بیٹھتے ہوئے اس نے زینب کو بھی بیٹھنے کا اشارہ کیا ۔وہ وہیں بیڈ کے کنارے پر ٹک کر بیٹھ گئی تھی۔دروازہ کھلا ہونے کی وجہ سے باہربیٹھے افراد کو وہ دونوں صاف نظر آرہے تھے۔حازب مسلسل تیمور کو کچا چبا جانے والی نظروں سے گھور رہا تھا۔لیکن تیمور ڈھیٹ بنا اسے مزید تپا رہا تھا۔

دیکھیں ۔میری بات تحمل سے سنیں ۔میں سچ میں نہیں جانتا تھا کہ بابا مجھے اس لیے یہاں لے کر آرہے ہیں ورنہ میں خود ہی انہیں منع کردیتا ۔۔۔تیمور نے سنجیدگی سے بات کا آغاز کیا۔

اور آپ ایساکیوں کرتے بھلا؟۔۔۔زینب نے بے ساختہ سوالیہ آئی برو اٹھائے۔اس کی بات پر تیمور نے ایک نظر باہر بیٹھے حازب کو دیکھا اور پھر ہلکا سا قہقہہ لگایا ۔جیسے زینب نے کوئی جوک سنایا ہو۔

دراصل میں کسی اور کو پسند کرتا ہوں اور شادی بھی آف کورس اسی سے کروں گا۔۔۔وہ نہایت صاف گوئی سے کہہ رہا تھا ۔اس کی بات پر زینب نے بے ساختہ شکر ادا کیا۔

تو پھر آپ انکل کو کیسے منائیں گے ؟۔۔۔اس کی بات پر تیمور کی مسکراہٹ مزید گہری ہوئی ۔باہر بیٹھے حازب نے بے ساختہ پہلو بدلا۔

زینب! میں بابا کو نہیں آپ کو مناؤں گا۔آپ مجھے یہ بتائیں کہ۔۔۔وہ جو بات آپ نے کہی تھی کہ آپ حازب برو سے نکاح نہیں کر سکتیں ۔تو میرا سوال ہے کہ کیوں ؟۔۔۔وہ بات کو گھما پھرا کر مدعے پر لے ہی آیا تھا۔

تیمور بھائی ۔۔۔زینب نے گلہ آمیز نظروں سے اسے دیکھا۔

دیکھیں زینب ۔آپ کے یہاں بچوں کے ساتھ اکیلے رہنے کے حق میں نہ تو بابا ہیں نہ میں اور نہ ہی حازب برو۔ہمارے ساتھ آپ جائیں گی نہیں تو پھر ایک ہی آپشن بچتا ہے اور وہ ہے ۔۔۔تیمور نے سامنے بیٹھے حازب کی جانب اشارہ کیا۔زینب نے بے ساختہ نظریں اٹھا کر حازب کو دیکھا۔

آپ اگر چاہتی ہیں کہ بچے آپ کے پاس رہیں توحازب برو سے نکاح کے لیے مان جائیں ۔۔۔وہ کسی بڑے بھائی کی طرح سمجھا رہا تھا۔زینب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

نہیں تیمور بھائی ۔پلیز آپ لوگ ان کے علاوہ کسی بھی لڑکے سے میری شادی کروادیں لیکن حازب بھائی نہیں ۔۔۔وہ یک دم روہانسی ہوگئی تھی۔

آپ مجھے کوئی ٹھوس وجہ تو بتائیں کہ آخر مسئلہ کیا ہے اس میں ۔آپ کی اس ایک ہاں سے میرے بھائی کی زندگی میں پھر سے بہار آجائے گی۔ارحم ، احمد اور ایزل کو ان کی ماں مل جائے گی ۔آپ کو ایک اچھا لائف پارٹنر مل جائے گا۔اور کیا چاہیے آپ کو؟۔۔۔وہ اسے قائل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا تھا۔

تیمور بھائی ۔آپ کو پتہ ہے لوگ ایسا نہیں سوچتے ۔وہ تو یہی کہیں گے نا کہ میں اپنی بہن کے مرنے کا انتظار کر رہی تھی تاکہ اس کے شوہر سے نکاح کر سکوں ۔یعنی بات سیدھی سیدھی میرے کردار پر آئے گی ۔جس پر میں قطعاََ سمجھوتا نہیں کر سکتی ۔۔۔وہ حتمی لہجے میں کہتی ایک لمحے کے لیے تیمور کو چپ کروا گئی تھی ۔اس کی بات میں وزن تو تھا ۔لیکن سامنے بھی تیمور تھا ۔وہ کچھ دیر تو جانچتی نظروں سے اسے دیکھتا رہا اور پھر اس کی سنجیدہ سی آواز زینب کو سنائی دی۔

زینب! یہ بات آپ بھی جانتی ہیں کہ آپ حازب برو کو ان کے بچوں سے ملنے سے نہیں روک سکتیں ۔لیکن جب وہ یہاں بچوں سے ملنے آئیں گے تو جانتی ہیں کیا ہوگا؟آپ دونوں کے کردار پر انگلی اٹھے گی۔چلیں مان لیں آپ کی کہیں اور شادی ہوجاتی ہے ۔تو کیا آپ کا فیوچر ہزبینڈ آپ کو اجازت دے گا کہ آپ اپنی بہن کے بچوں کو اپنے پاس رکھ لیں ۔۔۔تیمور کی بات خاموشی سے سنتی زینب کا سر اپنے آپ نفی میں ہل گیا۔

پھر بات وہیں آگئی کہ آپ بچوں سے دور کیسے رہیں گی؟اور اگر آپ کی شادی ہوجائے گی تو ڈیفی نیٹلی بچے حازب برو کے پاس رہیں گے۔اس وقت تک شاید ان کی بھی شادی ہوجائے ۔پھر بھئی جو نئی بھابھی آئے گی اس کا کچھ کہہ نہیں سکتے کہ وہ بچوں کو رکھے گی بھی یا نہیں۔مطلب آپ کا ایک غلط فیصلہ اور میرے بھائی کے بچے ساری زندگی کے لیے رُل جائیں گے۔۔۔وہ لہجے میں انتہا درجے کی ہمدردی لیے کہہ رہا تھا۔اپنی جگہ سے اٹھ کر اس نے ایک نظر زینب کو دیکھا ۔وہ یک دم پریشان ہوگئی تھی ۔ایک انجانا سا خوف اس کی آنکھوں میں دکھائی دیا۔تیمور کے چہرے پر فاتحانہ چمک آگئی ۔وہ یہ معرکہ بھی سر کر چکا تھا۔

تیمور بھائی! آپ نے مجھے عجیب دوراہے پر لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ ۔۔وہ منہ بنا کر بولی ۔اس کی آواز سے اس کے اندر کی کشمکش کا انداہ لگانا بہت آسان تھا۔

فیصلہ آپ کا ہے۔اگر آپ حازب برو سے نکاح نہیں کرنا چاہتیں تو مت کریں۔پھر بچوں کو بھی بھول جائیں اور یہ بلیک میلنگ نہیں ہے زینب۔اس میں آپ کی بلکہ ہم سب کی بھلائی ہے۔۔۔وہ جاتے جاتے رکا تھا۔

ابھی باہر آکر اپنا فیصلہ سنادیں ۔باقی اس فیصلے پر عمل کرنے کے لیے آپ کو جتنا وقت چاہیے ہوگا وہ میں لے کر دوں گا۔لیکن اگر آج ہم لوگ یہاں سے آپ کا فیصلہ سنے بغیر گئے تو پھر شاید ۔۔۔جان بوجھ کر بات ادھوری چھوڑتا وہ باہر چلا گیا۔اس کے جاتے ہی زینب دونوں ہاتھوں میں سر گرائے وہیں بیٹھ گئی۔

اللہ! پلیز میری مدد کریں ۔۔۔دل ہی دل میں دعا کرتی وہ تیمور کی کہی گئی تمام باتوں پر غور کر رہی تھی۔اگلے پانچ منٹ میں وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ لے چکی تھی ۔اب دیکھنا یہ تھا کہ کون جیتا؟تیمور یا زینب ؟کیا یہ فیصلہ ٹھیک بھی تھا یا نہیں ؟اب جو بھی تھا یہی تھااور زینب کو اس پر قائم رہنا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

تیمور کے باہر آتے ہی حازب نے بے ساختہ پہلو بدلا۔نائلہ بیگم اور شاہد صاحب نے بھی حیرت اور بے یقینی کے ملے جلے تاثرات لیے اسے دیکھا۔وہ ضرورت سے زیادہ ہی مطمئن لگ رہا تھا اور اس کا یہ اطمینان حازب سے ہضم کرنا مشکل تھا۔اوپر سے وہ حازب کو مسلسل زچ کرتی نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔

اب بک بھی دو تیمور!کیا کہا اس نے مان گئی یا نہیں ؟۔۔۔حازب نے چڑ کر پوچھا ۔دل ہی دل میں وہ دعا کر رہا تھا کہ ایسا کچھ نہ ہو جیسا وہ سوچ رہا تھا۔

ریلیکس برو! تیمور کو اتنا ہلکے میں لے لیا آپ سب نے؟بس پانچ منٹ انتظار کریں وہ خود آکر اپنا فیصلہ سنائیں گی ۔۔۔اس نے ایک نظر کلائی پر بندھی گھڑی کو دیکھا۔

اتنا اوور کونفیڈینس بھی انسان کو کبھی کبھار لے ڈوبتا ہے چھوٹے! بی کئیر فل!۔۔۔حازب نے لطیف سا طنز کیا۔تیمور نے بے نیازی سے سر جھٹکا۔

کم آن برو۔میں تیمور ہوں اور میں جانتا ہوں کس وقت کس کی کونسی نس دبا کر اپنا کام نکلوانا ہے۔۔۔تیمور نے فخریہ کالر جھاڑے ۔

زینب اپنے کمرے سے باہر آکر چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی ان لوگوں کے پاس آئی ۔ایک نظر اس نے حازب پر ڈالی جو بظاہر لا پرواہ سا لگ رہا تھا لیکن ا س کے کان زینب کے بولنے کے منتطر تھے۔پھر زینب نے شاہد صاحب اور نائلہ بیگم کودیکھا اس کے بعد تیمور کے برابر میں رکھی کرسی پر بیٹھ گئی۔

زینب!۔۔۔کیا فیصلہ کیا ہے تم نے بیٹا؟۔۔۔شاہد صاحب نے اسے یوں خاموش بیٹھے دیکھ کر پوچھا۔

انکل!۔۔۔میں حازب بھ۔۔میرامطلب حازب سے نکاح کرنے کے لیے راضی ہوں ۔لیکن ۔۔۔وہ دھڑکتے دل کے ساتھ کہتی ایک لمحے کے لیے رکی جیسے آگے کے الفاظ تلاش کررہی ہو۔اس کی بات سن کر ایک لمحے کے لیے وہاں سناٹا چھا گیا تھا۔شاہد صاحب اور نائلہ بیگم کو یہ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ اس بات پر خوش ہوں یا زینب کو اس قدر بے باکی پر سرزنش کریں ۔حازب چند لمحے تو اس کا چہرہ دیکھتا رہا اور پھر اگلے ہی پل وہ غصے سے اپنی جگہ سے کھڑا ہوا۔

یہ کیا بکواس کر رہی ہو؟پتہ بھی ہے لوگ کس قسم کی باتیں کریں گے؟زینب مجھے کم از کم تم سے اس قسم کی گھٹیا حرکت کی امید نہیں تھی۔۔۔وہ غصے سے دھاڑا تھا۔زینب ایک لمحے کے لیے تو سہم گئی تھی۔بے ساختہ اس نے کانوں پر ہاتھ رکھے۔لیکن اگلے ہی پل وہ زخمی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے تیمور کی طرف مڑی۔

تیمور بھائی !میں اپنا فیصلہ سنا چکی ہوں۔میں ان سے نکاح کر نے کے لیے تیا ر ہوں ۔آپ لوگ بے شک ابھی نکاح خواں کو بلوا لیں ۔لیکن میری ایک شرط ہے کہ انہیں اسی گھر میں رہنا ہوگا۔میں یہاں سے کہیں نہیں جاؤں گی۔۔۔قطعی لہجے میں کہتی وہ واپس اپنے کمرے میں جانے لگی تھی جب شاہد صاحب کی سنجیدہ سی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی۔

زینب بیٹا! سچ سچ بتاؤ تیمو رنے تمہیں کیا کہا ہے؟اگر اس نے کوئی دھمکی دی ہے تو مجھے بتاؤ۔۔۔وہ غصے بھری نظروں سے تیمور کو دیکھ رہے تھے جو مطمئن سا کرسی ہر ٹانگ پر ٹانگ جمائے بیٹھا تھا۔نائلہ بیگم اور حازب تو شاہد صاحب کے طرزِ تخاطب پر حیران تھے ۔

نہیں انکل! میں نے اپنی مرضی سے ہاں کی ہے۔آپ ۔۔حازب سے پوچھ لیں شاید انہیں کوئی شدید قسم کا اعتراض ہو۔۔۔ایک جتاتی نظر حازب پر ڈال کر وہ دوبارہ اپنے کمرے میں چلی گئی۔

تیمور یہ تم نے اچھا نہیں کیا۔اپنے سر پر سوار ہونے سےپہلے ہی تم ا س چڑیل کو میرے پلے باندھنے پر تل گئے ہو۔۔۔حازب نے گردن سے پکڑ کر تیمور کو اپنے برابر میں کھڑا کیا۔

برو! مجھے چھوڑ دیں پلیز! ۔۔۔میں نے تو آپ بھلا ہی سوچا تھا۔۔۔وہ منت کرنےوالے اندا زمیں بولا تو حازب نے اسے ایک جھٹکے سے چھوڑا۔

یہ سب کیا ہے میری تو کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ۔ تیمور !تم مجھے سیدھے لفظوں میں بتاؤ گے کہ آخر بات کیا ہے؟۔۔۔نائلہ بیگم نےکافی جھنجھلائے ہوئے انداز میں کہتے ایک نظر تیمور کودیکھا۔

سیدھی بات یہ ہے کہ میں اسمارہ کو پسندکرتا ہوں اور اسی سے شادی کروں گا۔اسی لیے میں نے زینب کو حازب برو سے نکاح کے لیے راضی کر لیا۔اب آپ دونوں اپنے اڑیل بیٹے کو منا لیں ۔۔۔وہ بے نیازی سے کہتا باہر کی جانب بڑھ گیا۔

ماما! آپ اس کے لیے کوئی اور رشتہ ڈھونڈ لیں ۔میں اس سے نکاح نہیں کرسکتا ۔۔۔حازب نے نائلہ بیگم کے کچھ کہنے سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنایا۔شاہد صاحب پر سوچ نظروں سے اسے دیکھتےنجانے کیا سوچ رہے تھے۔حازب کا بس نہیں چل رہا تھا تیمور کا گلا دبا دے۔

ٹھیک کہہ رہا ہے یہ۔نائلہ تم زینب کے لیے کوئی اچھا سا رشتہ ڈھونڈو ایک مہینے کے اندر اندر ہم اس کی شادی کردیں گے۔لیکن ۔۔۔ شاہد صاحب نے ایک نظر حازب کو دیکھا۔جس کی سانس ان کا لیکن سن کر بے ساختہ گلے میں اٹکی تھی ۔

لیکن پھر اسے بھی دوسری شادی کرنی پڑے گی۔۔۔ان کی اگلی بات پر نائلہ بیگم کے ساتھ ساتھ حازب بھی چونکا تھا۔

لیکن بابا۔۔۔بچے کہاں جائیں گے ؟اور کیا گارنٹی ہے کہ جس عورت سے میں دوسری شادی کروں گا وہ میرے بچوں کو بلکل ماں کی طرح پیار دے گی؟۔۔۔اس نے نیا اعتراض اٹھایا تھا۔شاہد صاحب غصے سے اپنی جگہ سے کھڑے ہوئے۔

تو پھر جو لڑکی تمہارے بچوں کو ماں والا پیار دے رہی ہے اس سے دوسری شادی کرتے ہوئے تمہیں کیوں موت پڑ رہی ہے ؟۔۔۔ان کی آواز غصے سے بلند ہوگئی تھی ۔

لیکن بابا۔لوگ کیا کہیں گے؟۔۔۔وہ ہلکا سا منمنایا۔

ایک کام کرلو۔لوگوں کی پرواہ کرلو یا اپنے بچوں کی۔فیصلہ تمہارے ہاتھ میں ہے ۔ایک مہینے کا وقت ہے تمہارے پاس اور زیادہ سے زیادہ یہ صرف ڈیڑھ مہینے کا ہو سکتا ہے۔۔۔حتمی لہجے میں کہتے انہوں نے نائلہ بیگم کو چلنے کا اشارہ کیا ۔

حازب! بیٹا چلو ابھی ۔گھر جا کر ٹھنڈے دماغ سے سوچنا اور جو بہتر لگے وہ فیصلہ کرنا ۔ یہ نہ ہو کہ جلد بازی میں کیا گیا کوئی بھی فیصلہ کل کو تمہارے لیے پچھتاوے کے سوا کچھ نہ ہو۔۔۔آہستہ سے اس کا کندھا تھپک کر وہ زینب کے کمرے میں چلی گئیں ۔کچھ دیر بعد وہ اس سے مل کر واپس آئیں تو حازب وہیں چارپائی پر بیٹھا دونوں ہاتھوں میں سر گرائے بےچینی سے اپنی کنپٹی سہلا رہا تھا۔

حازب! ۔۔۔نائلہ بیگم نے اس کے کندھے پر آہستہ سے سر رکھا۔

ماما ! آپ لوگ جائیں ۔میں بچوں سے مل کر آؤں گا۔ پھر رات میں ملتے ہیں ۔۔۔حازب نے ایک نظر سامنے دیوار پر لگی گھڑی پر ڈالی ۔

چلو ٹھیک ہے لیکن اب زینب سے کوئی بحث مت کرنا۔۔۔اسے تاکید کرتیں وہ باہر چلی گئیں ۔حازب وہاں سے اٹھا اور باہر جانے کی بجائے آمنہ کے کمرے کی جانب چلا گیا ۔

آہستہ سے دروازے کا ہینڈل گھما کر اس نے جیسے ہی اندر قدم رکھا تو ایک سکون سا اس کے دل میں اتر گیا۔اس کے دل کی دھڑکن یک دم تیز ہوئی ۔اس کمرے میں آمنہ کی بہت سی یادیں تھیں ۔حازب کو ایسا لگ رہا تھا جیسے آج بھی آمنہ یہیں کہیں موجود ہو۔وہ کسی خواب کی سی کیفیت میں چلتا ہوا بیڈ تک آیااور بے دم سا ہو کر بیڈ پر بیٹھ گیا۔ اس نے گاڑی کی چابی سائیڈ ٹیبل پر پھینکی ۔ایک نظر اس نے بیڈکی دوسری جانب خالی جگہ پر ڈالی جہاں کبھی اس کی بیوی بیٹھا کرتی تھی ۔ آج یہ منظر نامکمل تھا۔ اگلے ہی پل حازب شاہد نے اس جگہ پر زینب کو تصور کیا۔منظر جیسے پھر مکمل ہونےلگا تھا۔

لاحول ولا قوۃ۔۔۔وہ بے ساختہ بڑبڑایا۔بیڈ کراؤن سے ٹیک لگائے اس کا دھیان ایک بار پھر آمنہ کی جانب چلا گیا ۔وہ ہنستی مسکراتی لڑکی آج اس سے بہت دور جا چکی تھی۔اس کا غم ایک بار پھر تازہ ہوگیا تھا۔

کاش! آمنہ تم مجھے چھوڑ کر نہ جاتی ۔۔۔حازب نے ایک تھکن زدہ سانس خارج کی۔بے ساختہ اس کی آنکھیں نم ہوئی تھیں ۔لیکن اس میں اور باقی سب میں فرق یہ تھا کہ وہ رو لیتے تھے اور حازب کی انا کو کسی کے سامنے رونا گوارا نہیں تھا۔کچھ دیر وہ اسی پوزیشن میں لیٹا رہا ۔دل و دماغ میں عجیب سی جنگ چھڑ چکی تھی۔

مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے میرے ساتھ؟کیا زینب سے شادی کا فیصلہ ٹھیک ہوگا؟۔۔۔وہ جھنجھلا کر سیدھا ہوا اور سنجیدگی سے اس بارے میں سوچنے لگا۔

کیا یہ آمنہ کے ساتھ بے وفائی نہیں ہوگی؟اور لوگ ؟ اس نکاح سے نہ صرف میرے کردار پر انگلیاں اٹھیں گی بلکہ زینب کے کردار پر بھی بات آئے گی۔۔۔بے ساختہ اس نے اپنے بال نوچے۔ وہ مسلسل خود کو پر سکون کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

حازب ! اس وقت دفع کرو سب کو بس یہ سوچو کہ تمہارا دل کیا کہتا ہے؟کیا تم زینب کے ساتھ نکاح کرنے کے بعد خوش رہ سکو گے؟کیا تم اسے خوش رکھ پاؤ گے؟کیا تم دل سے کبھی اسے قبول کر پاؤ گے؟۔۔۔اس نےخود سے کئی سوال کیے ۔جن میں سے کسی ایک کا جواب بھی اس کے پاس نہیں تھا۔اپنی بے لگام سوچوں سے تنگ آکر وہ بیڈ سے نیچے اترا اور ہاتھ بڑھا کر سائیڈ ٹیبل سے گاڑی کی چابی اٹھا ئی ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دن اسی طرح سست روی سے گزر رہے تھے اور زینب کی زندگی ایک بار پھر معمول پر آچکی تھی ۔حازب نے واپسی کا ارادہ ترک کر کے یہیں تیمور کے ساتھ پارٹنر شپ کر لی تھی ۔اسٹور کو انہوں نے آس پاس کی کچھ دکانیں خرید کر مزید بڑا کر لیا تھا ۔ان کا کام ٹھیک چل رہا تھا ۔حازب بچوں سے ملنے زیادہ تر ان کے اسکول چلا جاتا تھا۔کبھی وہیں سے تیمور انہیں گھر لے جاتا۔ نائلہ بیگم نے دوبارہ زینب سے اس کے نکاح کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی ۔ حازب کا انکار سن کر وہ بلکل خاموش ہو گئی تھیں اس معاملے میں ۔لیکن شاہد صاحب کے کہنے پر وہ زینب کے لیے رشتہ ڈھونڈ رہی تھیں ۔ جو بھی رشتہ وہ دکھاتیں حازب صاف منع کردیتا کہ یہ لوگ ٹھیک نہیں ۔یہ لڑکا ٹھیک نہیں ۔اگر کبھی باتوں باتوں میں وہ کہہ دیتیں کہ پھر تم ہی مان جاؤ نکاح کے لیے تو وہ کہتا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ۔کچھ دن پہلے نائلہ بیگم نے زینب کو کال کر کے بتایا تھا کہ انہوں نے اس کے لیے ایک بہت اچھا رشتہ دیکھا ہے۔ان کی بات پر زینب نے ان سے کہہ دیا کہ آپ کو جیسے مناسب لگے آ پ دیکھ لیں مجھے کوئی اعتراض نہیں ۔اس کے بعد ا س سلسلے میں بھی ان کی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

آج بچوں کو اسکول بھیجنےکے بعد اس نے ایزل کو کھانا کھلا کر سلا دیا تھا۔ آج اسے بہت زیادہ کام تھا اور اگر ایزل جاگتی رہتی تو پھر ہوگیا بیچاری کا کام۔ وہ کچن سے سارا کام ختم کر کے اپنے کمرے میں آگئی۔اپنے کمرے کی صفائی کا ارادہ کرتے اس نے پہلے ساراپھیلاوا سمیٹنا شروع کیا ۔تبھی بیڈ شیٹ کو درست کرتے اس کے ہاتھ فون کی رنگ پر ایک لمحے کے لیے رکے تھے۔اس نے بیڈ شیٹ وہیں چھوڑتے ڈریسنگ ٹیبل پر پڑا فون اٹھایا۔اوپر میرے پتر جی کے بابا کالنگ لکھا آرہا تھا۔زینب نے کال پک کر کے فون کان سے لگایا۔

اسلام وعلیکم! ۔۔۔دوسری جانب سے سنجیدگی سے سلام کیا گیا۔

وعلیکم اسلام!بولیں کس لیے کال کی ہے۔۔۔سلام کا جواب دے کر وہ سیدھا مدعے پر آئی۔

وہ ۔۔میں کہہ رہا تھا کہ آج اچھا سا لنچ تیار کر لینا۔باقی ریفریشمنٹ کا سامان میں لے آؤں گا۔۔۔حازب نے لہجے کو حد درجہ نارمل بنانے کی کوشش کی۔جیسے یہ اس کا روز کا معمول ہو اور زینب تو جیسےہر روز اس کے لیے لنچ بناتی ہو۔

آپ کو یہ خوش فہمی کب ہوئی کہ آپ کہیں گے کہ لنچ بناؤ! وہ بھی اچھا سااور میں چپ چاپ بنا دوں گی؟۔۔۔
وہ چاہ کر بھی خو دکو طنز کرنے سے باز نہیں رکھ سکی۔

دراصل آج کچھ مہمان آنے والے ہیں ۔اس لیے میں نے سوچا تمہیں بتا دوں ۔باقی میں کوئی مرا تو نہیں جارہا تمہارے ہاتھ کا جلا بھنا کھانا کھانے کے لیے۔۔۔خاصے تپے ہوئے انداز میں کہتے اس نے ایک جھٹکے سے کال کٹ کردی۔اس کی بات پر زینب اند ر ہی اندر بل کھا کر رہ گئی۔

ہنہ! اچھا سا لنچ تیار کرلینا۔میں تو جیسے فارغ بیٹھی ہوئی ہوں نا!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑاتی وہ دوبارہ بیڈ شیٹ درست کرنے لگی۔

تقریباََ دو گھنٹے بعد ساری صفائی کرکے جیسے وہ ہی فری ہوئی تو وہیں برآمدے میں بچھی چارپائی پر بیٹھ گئی۔دونوں ہاتھوں سے اپنی گردن دباتے ہوئے اس نے ایک تھکن زدہ سی سانس خارج کی۔ایک نظر اس نے گھڑی پر ڈالی ساڑھے گیارہ ہوچکے تھے اور آج چونکہ جمعہ تھا تو بچوں کو جلدی چھٹی ہوجانی تھی۔ان کے کپڑے اس نے پہلے ہی نکال کر رکھ دیے تھے۔کچھ دیر وہیں بیٹھنے کے بعد وہ آمنہ کے کمرے میں چلی گئی ۔

وہ جیسے ہی کمرے میں داخل ہوئی تو ایزل سامنے ہی بیڈ پر بیٹھی رونے کی تیاری پکڑ چکی تھی۔زینب فوراََ اس کے پاس گئی اور جلدی سے اسے اٹھا لیا۔

نہیں ایزل پتر جی ابھی نہیں رونا پلیز! ۔۔۔اسے آہستہ سے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے اس نے منت کرنے والے انداز میں کہا۔ایزل نے رونے کا ارادہ ترک کر کے اگلے ہی پل زینب کے بالوں کو اپنی مٹھی میں لیا۔زینب کی ہلکی سی سسکی نکلی۔اس کی مٹھیوں سے اپنے بال نکال کر اس نے ایک ہاتھ سے ہی ایزل کے دونوں ہاتھ پکڑ لیے۔

چلو ! ذرا آپ کا تو میں علاج کرتی ہوں ۔۔۔ہلکی سی خفگی سے کہتے وہ اسے لے کر باہر آئی۔برآمدے میں آکر اس نے ایزل کو چارپائی پر بٹھایا۔ایزل نے ہاتھ کے اشارے سے فریج کی جانب اشارہ کیا اور ساتھ ہی اپنی توتلی زبان میں اسے کچھ بتایا جسے سمجھ کر زینب فریج کے پاس گئی ۔فریج کا دروازہ کھول کر ا س نے ذرا سی گردن موڑ کر ایزل کو دیکھا۔پھر تھوڑا سا نیچے جھکی اور فروٹس والی ٹوکری سے ایک درمیانے سائز کا سیب لے کر ایزل کے پاس آئی۔

یہ پکڑو ! میں کچن سے پلیٹ لے کر آتی ہوں ۔۔۔اس نے ویسے ہی وہ سیب ایزل کے سامنے رکھا۔وہ اسے پکڑ کر کھیلنا شروع ہو چکی تھی۔

کچن سے چھری اور پلیٹ لا کر وہ وہیں اس کے پاس چارپائی پر بیٹھی اور ایک نظر ا س کے ہاتھ میں پکڑے سیب کو دیکھا۔جس کی حالت بہت ناساز تھی۔ایزل بے بی نے جگہ جگہ اس میں اپنے دانت گاڑ کر سارا نقشہ ہی بدل دیا تھا۔زینب نے جلدی سے اس کے ہاتھ سے سیب لیا ۔ چھلکے اتار کر اس نے سیب کے چھوٹے چھوٹے پیس کر کے پلیٹ میں رکھے ۔ پھر ایزل کے سامنے وہ پلیٹ رکھی اور پلیٹ میں پڑے چھلکے اٹھا لیے ۔ایک نظر اپنے سامنے بیٹھی آفت کو دیکھا۔

ایزل ! میرا بچہ اب کپڑوں کا بیڑا غرق نہیں کرنا۔۔۔ایک تو پتہ نہیں ایزل کی دفعہ ہی زینب کو سارے ٹیبل مینرز کیوں یاد آتے تھے۔ابھی وہ ایک سال اور ایک ماہ کی تھی لیکن زینب اسے ارحم اور احمد کی طرح ہی ٹریٹ کرنے کی کوشش کرتی تھی۔بھئی اب تمہارے پتر ڈیسینٹ بچے تھے تو ایزل کا کیا قصور ۔

اس کی بات سن کر ایزل نے زور و شور سے سر ہلایا۔پتہ نہیں اسے کیا سمجھ آئی تھی ۔زینب نے ایک نظر اس کے ہاتھ میں پکڑے سیب کے پیس کو دیکھا۔ایزل کا بس نہیں چل رہا تھا اس کا کچومر نکال دے۔زینب نفی میں سر ہلاتی اپنے کمرے کی جانب چلی گئی ۔

پتہ نہیں کب عقل آئے گی اس لڑکی کو۔یہ کوئی طریقہ ہے ۔۔۔ دروازے کے ہینڈل پر ہاتھ رکھتے ہوئے اس نے ذرا سی گردن موڑ کر ایزل کو دیکھا جو اب وہی سیب کا پیس کھانے میں مصروف تھی۔زینب نے بے ساختہ جھرجھری لی۔

کمرے میں آکر ابھی وہ اپنے لیے کپڑے نکالنے ہی والی تھی کہ اس کا فون رنگ ہوا۔اس نے ایک نظر اسکرین پر چمک رہے نمبر کو دیکھا۔اس دن کے بعد سے تحریم کے کزن نے تو کال نہیں کی تھی لیکن یہ پتہ نہیں کون تھا جو مسلسل اسے کالز کر کے پریشان کر رہا تھا۔ زینب نے بے ساختہ دانت پیسے اور کال پک کرنے کی بجائے فون سائلنٹ پر لگا دیا۔پھر اپنے کپڑے لے کر وہ فریش ہونے کے لیے چلی گئی ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کچھ دیر بعد وہ فریش ہو کر جیسے ہی باہر آئی تو اسے برآمدے میں کسی کے بولنے کی آواز سنائی دی ۔ بیڈ پر پڑا اپنا دوپٹہ اٹھا کر گلے میں ڈالتے ہوئے اس نے آگے بڑھ کر جیسے ہی دروازہ کھولا سامنے کا منظر دیکھ کر اس کا پارہ یک دم ہائی ہوا تھا۔سامنے ہی برآمدے میں چارپائی پر بیٹھا حازب فون پر کسی سے بات کر رہا تھا ۔ایزل اس کے پاس چارپائی پر بیٹھی گاڑی کی چابی کے ساتھ کھیل رہی تھی۔اس کے کپڑے چینج ہو چکے تھے ہاتھ منہ دھلا ہوا تھا اور یہ سب کس مہان ہستی نےکیا تھا وہ بھی زینب جانتی تھی۔

علی! میں تم سے بعد میں بات کرتا ہوں ۔اللہ حافظ!۔۔۔حازب کی سنجیدہ سی آواز زینب کو سنائی دی۔

اسے یوں کمرے کے دروازے میں کھڑے دیکھ کر حازب نے فون بند کر کے چارپائی پر رکھا ۔ وہ وہاں سے اٹھا اور اس کے پاس آیا۔ کچھ فاصلے پر کھڑے ہو کر دونوں ہاتھ پیچھے باندھے اس نے ایک سرسری سی نظر زینب کے حلیے پر ڈالی ۔وہ گھٹنوں تک آتی ہلکے سے فیروزی کلر کی کھلے گھیرے والی فراک پہنے ،کھلے بالوں کے ساتھ میک اپ سے پاک چہرہ لیے بظاہر عام سے حلیے میں اس کے سامنے کھڑی تھی۔اس سے پہلے کہ زینب کچھ بولتی حازب کی سنجیدہ سی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی ۔

چلو شکر ہے تم نے اس معاملے میں تو مجھے خوش فہم رہنے دیا۔۔۔اس کی بات پر زینب نے ذرا سا سر اٹھا کر ایک نظر حازب کو دیکھا۔سفید رنگ کی شلوار قمیض پہنے وہ اس وقت بلا کا ہینڈسم لگ رہا تھا۔اس کی شخصیت میں آج ایک الگ ہی رعب تھا ۔

حازب!۔۔۔راستے سے ہٹیں مجھے بچوں کے لیے لنچ بنانا ہے۔۔۔زینب نے اس کی بات کو سرے سے اگنور کرتے اسے سامنے سے ہٹنے کا کہا۔وہ ویسے تو کافی فاصلے پر تھا لیکن کھڑا بلکل اس کے سامنے تھا۔اس کی بات پر خاموشی سے سر ہلا کر وہ سائیڈ پر ہو گیا۔زینب پیر پٹختی ہوئی کچن کی جانب بڑھی جب حازب نے اسے پیچھے سے آواز دی۔

کچن میں ریڈی میڈ لنچ رکھا ہوا ہے ۔کچھ دیر تک مہمان آجائیں گے ۔اس لیے کوشش کرنا کہ۔۔۔ابھی اس کی بات درمیان میں ہی تھی جب وہ خطرناک تیور لیے اس کی طرف مڑی۔

او ہیلو ! مہمان آپ کے ہیں تو کھانا بھی آپ جمعہ پڑھ کر واپس آنے کے بعد خود لگائیں ۔خود بھی کھائیں اوراپنے مہمانوں کو بھی شوق سے کھلائیں ۔۔۔حازب نے ایک لمحے کے لیے اس میں پرانی زینب کی جھلک دیکھ کر بے ساختہ کانوں کو ہاتھ لگائے۔

سوچ لے حازب اب بھی وقت ہے ۔یہ نہ ہو بعد میں پچھتانا پڑے ۔۔۔اس نےایک بار پھر اپنے فیصلے کے بارے میں سوچا۔لیکن اگلے ہی پل سر جھٹک کر وہ آہستہ سے چلتا ہوا زینب کے پاس آیا۔اسی طرح پیچھے ہاتھ باندھے وہ آنکھوں میں تپانے والی چمک لیے اسے دیکھ رہا تھا۔

زینی! وہ دراصل میں تمہیں بتانا بھول گیا ۔ مہمانوں سے میں نے کہا ہے کہ لنچ تم نے تیار کیا ہے ۔تو اس لیے تمہیں تھوڑی سی فارمیلیٹی پوری کرنی پڑے گی۔ویسے تمہاری اطلاع کے لیے بتا دوں مہمان کوئی اور نہیں ہماری فیملی اور علی کی فیملی ہے۔۔۔اس کی بات پر زینب نے کھا جانے والی نظروں سے اسے گھورا۔اس نے نوٹ نہیں کیا تھا کہ حازب نے میری کی بجائےہماری فیملی کہا ہے۔اس وقت بس اسے حازب پر شدید قسم کی تپ چڑھی تھی۔

پہلے بتا دیتے تو کیا بگڑ جاتا آپ کا؟اب سب کے سامنے مجھے کتنی شرمندگی اٹھانی پڑے گی۔۔۔وہ بلکل رو دینے کو تھی۔حازب فوراََ سنجیدہ ہوا۔

میرے ہوتے ہوئے تمہیں شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔اگر کوئی کچھ کہے گا تو میں سنبھال لوں گا اوکے؟۔۔۔اس نے سنجیدگی سے اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئےکہا۔اس کی بات پر زینب نے آہستہ سے سرہلا دیا۔ ایک لمحے کے لیے وہ اس کے بدلے ہوئے انداز پر چونکی ضرور تھی۔لیکن پھر سر جھٹک کر کچن کی طرف بڑھ گئی۔

وہ وہیں دونوں ہاتھ پیچھے باندھے برآمدے میں ہی ٹہلنے لگا۔ایک نظر اس نے چارپائی پر بیٹھی ایزل پر ڈالی وہ گاڑی کی چابی منہ میں ڈالے اسے چبانے کی کوشش کر رہی تھی۔حازب نے آگے بڑھ کر اس کے ہاتھ سے چابی لی اور ایک خفا سی نظر اس پر ڈالی ۔پھر اسے دونوں ہاتھوں سے پکڑ ے چارپائی پر ہی کھڑا کیا۔

آجاؤ! بھئی ہم باہر سے ایک چکر لگا آتے ہیں ۔ بابا اپنے بے بی کو چاکلیٹ بھی لے کر دیں گے۔اوکے؟۔۔۔اسے اپنی گود میں اٹھاتے ہوئے حازب نے بے ساختہ اس کے گال چومےاور اسے لے کر باہر کی جانب بڑھا۔ابھی وہ برآمدے کا دروازہ پار کر کے باہر آیا ہی تھا کہ اس کا فون رنگ ہوا۔حازب نے ایک نظر اسکرین پر چمک رہے نمبر کو دیکھا۔اوپر تیمور کالنگ لکھا آرہا تھا۔

ہاں بولو تیمور؟۔۔۔حازب نے کال پک کر کے فون کان سے لگایا۔دوسری طرف سے تیمور نے شاید کچھ کہا تھا۔اس کی بات پر حازب کی پیشانی پر بےساختہ بل پڑے۔

تم رہنے دو میں خود ہی پک کر لیتا ہوں انہیں ۔۔۔سنجیدگی سے کہتے اس نے کال کٹ کی ۔ایک لمحے کے لیے تو اس نے سوچا زینب کو بتا دے لیکن پھر اس نے اپنا ارادہ بدل دیا۔

پھر محترمہ کہے گی بچے آپ کے ہیں اور اگر آپ ایک دن انہیں پک کر بھی لیں گے تو کونسی آخر آجائے گی۔خواہ مخواہ کی بحث سے اچھا ہے میں اس چڑیل کو چھیڑتا ہی نہیں ۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔ ایزل کو بھی اپنے ساتھ لیے وہ باہر کی جانب بڑھ گیا۔ایزل تو باہر جانے پر ہی خوش ہوگئی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

حازب بچوں کو اسکول سے پک کر کے واپس آیا تو زینب ابھی تک کچن میں ہی تھی ۔وہ ایزل کو اسی طرح گود میں اٹھائے ارحم اور احمد کو اپنے ساتھ لیے سیدھا اپنے کمرے میں آیا۔ایک نظر اس نے بیڈ پر رکھے ان دونوں کے کپڑوں کو دیکھا ۔ایزل کو اس کے کاٹ میں بٹھاتے ہوئے وہ ان دونوں کی جانب مڑا۔

چلو بھئی ! آجاؤ کپڑے چینج کروادوں آپ کے ۔۔۔اس کی بات پر احمد نے حیرت سے آنکھیں پھیلائے اسے دیکھا ۔لیکن ارحم نے اسے ایسی نظروں سے دیکھا جسے کہہ رہا ہو ڈیئر با با ہمارے ہاتھ ٹوٹے ہوئے نہیں ہیں ۔

کیا ہوگیا؟ایسے کیا دیکھ رہے ہو۔۔۔جلدی کرو پھر جمعہ پڑھنے جانا ہے ۔لیٹ ہوجائیں گےورنہ۔۔۔حازب نے ایک سوٹ اٹھا کر اس کے اوپری بٹن کھولنے شروع کیے۔

بابا! مجھے شمن آرہی ہے۔ہم خود چینج کر لیں گے۔۔۔احمد نے باقاعدہ شرمانے کی ایکٹنگ کی۔ارحم خاموشی سے اپنا سوٹ لے کر باتھ روم میں جاچکا تھا۔

احمد !جاؤ یار ایک گلاس پانی تو لے کر آؤ جب تک ارحم چینج نہیں کر لیتا۔۔۔حازب نے دوسرا سوٹ وہیں رکھا اور بیڈ کی دوسری جانب آکر بیٹھ گیا۔ ایزل اب بے بی کاٹ میں بیٹھی اپنے کھلونوں کے ساتھ کھیلنے میں مصروف تھی۔احمد اس کی بات پر سر ہلاتا باہر چلا گیا۔پانچ منٹ بعد وہ پانی کا گلاس ہاتھ میں لیے اندر داخل ہوا۔حازب کو گلاس تھماتے ہوئے اس نے ایک نظر باتھ روم کے بند دروازے کو دیکھا۔

بابا یہ کتنا ٹائم لگاتا ہے باتھ لینے میں۔۔۔چڑ کر کہتا وہ وہیں حازب کے پاس بیٹھ گیا۔حازب نے پانی کا گلاس سائیڈ ٹیبل پر رکھا ۔

آپ کی خالہ کیا کررہی تھیں ؟۔۔۔اس نے ایک ہاتھ سے احمد کے بال بگاڑے۔احمد نے بے ساختہ منہ بنایا۔

کچن میں کھانا بنانے کے علاوہ کیا ہوسکتا ہے بابا؟جتنا چھوٹاسا ہمارا کچن ہے اس میں اب بندہ ڈانس تو کرنے سے رہا۔۔۔وہ تپ کر بولا تھا۔انداز میں ہلکی سی خفگی بھی شامل تھی۔حازب نے ایک نظر اس کے خفا خفا سے چہرے کو دیکھا۔یہ احمد کی زبان تو نہیں تھی؟اور جس کی یہ زبان تھی وہ اس وقت کتنی تپی ہوئی ہوگی اس کا اندازہ حازب کو احمد کے انداز سے ہی ہوگیا تھا۔

خالہ نے کیا کہا ہے آپ سے؟۔۔۔اس نے سرسری سا پوچھا۔جواباََ احمد نے ساری بات اس کے گوش گزاری۔

میں نے بس یہ پوچھا تھا کہ خالہ ! آپ یہاں کچن میں کیا کر رہی ہیں ؟ تو آگے سے مجھے کہتی ہیں۔۔۔اس نے ایک نظر حازب کو دیکھا جو دلچسپی سے اس کی بات سن رہا تھا۔

کچن میں کھانا بنانے کے علاوہ اور کیا ہوسکتا ہے پتر جی؟اور جتناچھوٹا سا ہمارا کچن ہے اس میں اب بندہ ڈانس کرنے سے تو رہا۔۔۔وہ اسی کے انداز میں منہ پھلا کر بولا۔حازب نے تھوڑا سا آگے ہو کر اسے اپنے ساتھ لگا یا اور بے ساختہ اس کی پیشانی چومی۔

چلو شاباش ! آپ بھی باتھ لے لو۔۔۔ارحم کو باہر آتا دیکھ کر اس نے احمد کو خود سے الگ کیا۔وہ اس کے پا س سے اٹھا اور بیڈکی دوسری جانب پڑا اپنا سوٹ لیے باتھ روم میں چلا گیا ۔حازب اب ارحم پر نظریں جمائے اس کی ساری کاروائی دیکھ رہا تھا۔

بابا ! آپ کو عطر چاہیے؟۔۔۔اس نے وہیں ڈریسنگ کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے سوٹ پر عطر لگاتے ہوئے پوچھا۔وہ آئینے میں ارحم کو نظر آرہا تھا۔حازب نے نفی میں سر ہلایا۔ عطر والی شیشی وہیں ڈریسنگ پر رکھ کر ارحم نے ڈرار سے اپنے جوتے نکالے اور ٹشو سے انہیں صاف کرنے کے بعد پہننے لگا۔

بالوں کو سلیقے سے سیٹ کر کے اس نے ہیئر برش بھی وہاں رکھا اور حازب کے پاس آیا۔احمد کی جگہ پر بیٹھتے ہوئے اس نے ایک نظر اپنے باپ کو دیکھا۔

بابا ؟ہم خالہ کو دادا جی والے گھر لے جائیں اپنے ساتھ ؟پھر سب وہاں ہی رہیں گے۔۔۔وہ سنجیدہ لہجے میں کہہ رہا تھا۔حازب کو ہمیشہ وہ حیران کرتا تھااپنی عمر کے باقی بچوں کی نسبت ارحم کافی سمجھدار بچہ تھا۔وہ غلطی پر اپنے باپ کیا دادا تک کو بھی ٹوک دیتا تھا۔

وہ نہیں جائیں گی۔بہت ضدی ہیں آپ کی خالہ۔۔۔حازب نے نفی میں سر ہلایا۔اس کی بات پر ارحم نے پر سوچ نظروں سے اسے دیکھا۔

تو آپ رک جائیں۔رات کو ہمیں اکیلے ڈر لگتا ہے ۔خالہ رات کو سوتی نہیں ہیں ۔جب ہم اسکول جاتےہیں نا؟اس کے بعد سوتی ہیں ۔۔۔اس کی بات پر حازب ایک لمحے کے لیے اپنی جگہ پر ٹھٹھک کر رہ گیا۔

یہ بات آپ نے پہلے کیوں نہیں بتائی ؟۔۔۔حازب نے اسے دونوں کندھوں سے تھام کر نرمی سے پوچھا۔لیکن اس کا دل یک دم بے چین ہوا تھا۔نجانے یہ کیسا احساس تھا کہ نا چاہتے ہوئے بھی وہ اس کی تکلیف محسوس کر رہا تھا۔

خالہ نے منع کیا تھا۔۔۔ارحم دانت پیس کر بولا۔

میرا بیٹا آپ کو اب بلکل ڈرنےکی ضرورت نہیں ہے۔اب میں آپ کو چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔۔۔حازب نے اسے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے آہستہ سے اس کا کندھا تھپکا۔

خالہ کو پتہ چلا کہ میں نے آپ کو بتا دیا ہے تو مجھے بہت ڈانٹیں گی بابا۔۔۔ارحم کو نئی فکر نے آن گھیرا۔حازب نے اسے خو دسے الگ کیا اور ہلکا سا مسکرایا۔

نہیں پتہ چلے گا ۔ڈونٹ ٹیک ٹینشن۔یہ ہمارا سیکرٹ ہے ۔اوکے؟۔۔۔حازب کی بات پر اس نے آہستہ سے سر ہلایا ۔احمد بھی باتھ لے کر باہر آیا اور ارحم کی طرح ہی پانچ منٹ میں اپنی تیاری مکمل کر کے ایک نظر خود کو آئینے میں دیکھا۔ارحم اٹھ کر ایزل کے پاس چلا گیا۔اسے کاٹ کے اند ر ہی کھڑا کرتے وہ آہستہ آواز میں اس سے باتیں کر رہا تھا۔

بابا! ارحم برو! دیکھو میں تیمور چاچو کی طرح کتنا ہینڈسم لگ رہا ہوں ۔۔۔وہ سینہ چوڑا کیے کچھ زیادہ ہی ہواؤں میں اڑنے لگا تھا۔تبھی ان کے کمرے کا دروازہ ایک جھٹکے سے کھلا اور تیمور اندر داخل ہوا۔

ماشاءاللہ ۔چشمِ بد دور۔میرا شہزادہ کتنا سوہنا لگ رہا ہے۔۔۔وہ حازب کو سلام کرتا احمد کی جانب بڑھا۔

چاچو آپ آگئے ؟۔۔۔احمد خوشی سے چلایا۔ارحم بھی ایزل کو وہیں چھوڑتا تیمور کے پاس آگیا۔وہ بھی ان سب کی طرح سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھا۔

حازب برو! آپ کو باہر بابا نے یاد کیا ہے۔۔۔تیمو ر نے اسے شاہد صاحب کا پیغام دیا تو وہ فوراََ بیڈ سے نیچے اترا۔اپنا فون اٹھا کر پاکٹ میں رکھتے ہوئے وہ کمرے کے دروازے تک آیا۔

آجاؤ تم لوگ بھی ۔۔۔سنجیدگی سے کہتے وہ باہر چلا گیا تو تیمور نے ایک نظر بے بی کاٹ میں کھڑی ایزل کو دیکھا جو اسے دیکھتے ہی شور مچانا شروع ہو چکی تھی۔وہ اس کے پاس آنا چاہ رہی تھی۔اس نے آگے بڑھ کر ایزل کو اپنی گود میں اٹھا لیا۔

میری شہزادی! کیسی ہے؟چاچو کو مس کیا آپ نے؟۔۔۔تیمور نے باری باری اس کے دونوں گال چوم کر مسکراتے ہوئے پوچھا۔اس کی بات پر ایزل نے فوراََ نفی میں سر ہلایا۔ تیمور بیچارہ اندر تک سلگ کر رہ گیا۔ ایزل کو اسی طرح گود میں اٹھائے وہ ارحم اور احمد کو لیے باہر آگیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

نائلہ بیگم زینب کے ساتھ اس کے کمرے میں تھیں ۔ وہ دونوں بیڈ پر بیٹھی ہوئی تھیں اور زینب حیرت سے آنکھیں پھیلائے اپنے سامنے پڑے وائٹ کلر کے خوبصورت سے سوٹ کو دیکھ رہی تھی۔جس کے ساتھ ریڈکلر کا دوپٹہ بھی موجود تھا ۔سوٹ پر ہلکا ہلکا ریڈ کلر کا کام ہوا تھا اور کام بھی بہت نفاست سے کیا گیا تھا۔اس کے برابر میں ہی میچنگ جوتا پڑا ہوا تھا۔کچھ میک اپ کا سامان ، سرخ کانچ کی چوڑیاں اور ایک گولڈ کا جیولری سیٹ بھی اس کے سامنے موجود تھا۔

آنٹی! یہ سب کیا ہے ؟۔۔۔اس نے ایک نظر اس سارے سامان پر ڈالی۔ نائلہ بیگم نے مسکراتے ہوئے اس کی طرف دیکھا۔

یہ تمہارے نکاح کا جوڑا ہےاور یہ باقی کا سامان ۔تم جلدی سے تیار ہوجاؤ۔کچھ دیرتک نکاح خواں بھی آجائے گا۔۔۔انہوں نے ہلکا سا مسکرا کر کہتے اس کے سر پر نیا بم پھوڑا۔زینب چند لمحے کے لیے تو کچھ بول ہی نہیں سکی تھی۔

آنٹی! نکاح؟ وہ بھی اتنا اچانک؟ اور وہ اتنی آسانی سے کیسے مان گئے؟۔۔۔زینب نے حیرت اور بے یقینی کے ملےتاثرات لیے انہیں دیکھا۔

یہ تو میں بھی نہیں جانتی بیٹا لیکن اب تم عین ٹائم پر انکار مت کر دینا۔ہم سب اس رشتے سے بہت خوش ہیں ۔میں جانتی ہوں یہ سب اتنا اچانک ہے لیکن۔۔۔ان کی بات درمیان میں ہی رہ گئی تھی جب زینب نے آہستہ سے ان کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھا۔

آنٹی! آپ فکر نہیں کریں میں ایسا کچھ نہیں کروں گی جس سے آپ کی عزت پر کوئی حرف آئے۔آپ اور انکل میرے ماما بابا کی جگہ پر ہیں اور میں کبھی آپ کا سر جھکنے نہیں دوں گی۔ ۔۔وہ نم آنکھوں سے انہیں دیکھ کر مسکرادی۔

خوش رہو بیٹا۔اللہ تمہارے نصیب اچھے کرے۔آمین۔۔۔ان کی بات پر آمین کہتی وہ وہاں سے اٹھی۔ ایک لمحے کو تو اس کاجی چاہا کہ پوچھ لے کون ہے وہ خوش نصیب انسان ؟لیکن پھر وہ خاموشی سے اپنے کپڑے لے کر باتھ روم کی جانب بڑھ گئی۔نائلہ بیگم کو یہی تھاکہ حازب اسے بتا چکا ہوگا۔اس لیے انہوں نے بھی اسے کچھ نہیں بتایا۔کچھ دیر بعد باتھ روم کا دروازہ کھلا اور زینب باہر آئی۔وہ چلتی ہوئی ڈریسنگ ٹیبل تک آئی اور ذرا سی گردن موڑ کر نائلہ بیگم کو دیکھا۔

آنٹی ! دیکھیں یہ ٹھیک لگ رہا ہے نا؟ اس نے ایک نظر دوبارہ خود کو آئینے میں دیکھ کر پوچھا۔دل ہی دل میں اس نے سوٹ خریدنے والے کو داد دی ۔کافی اچھی چوائس تھی اس انسان کی۔

ماشاءاللہ سے بہت خوبصورت لگ رہی ہو۔اللہ نظرِ بد سے بچائے ۔آمین!۔۔۔انہوں نے بے ساختہ ا س کی نظر اتاری ۔زینب خو د کو آئینے میں دیکھتےہوئے مسکرا دی۔پھر اس نے بیڈ پر پڑے جیولری باکس اور بیوٹی باکس اٹھاکر اپنے سامنے ڈریسنگ ٹیبل پر رکھے اور وہ اپنے کام میں مصروف ہو چکی تھی۔

کچھ دیر بعد اپنے لائٹ سے میک اپ کو آخری ٹچ دیتے ہوئے اس نے تھوڑا ساآگے جھک کر بیڈ پر پڑے اپنے جوتے اٹھائے اور نیچے رکھ کر پہننے لگی۔پھر اپنے جوڑے میں باندھے گئے بالوں کو کھول کر بالوں میں برش کی مدد سے ساری الجھنیں درست کیں۔پھر اسی طرح سادہ سا جوڑا بناکر اس نے جیولری باکس کھول کر اس میں سے وہ گولڈ کا سیٹ نکالا ۔اسے پہنتے ہوئےاس نے سرسری سی نظر نائلہ بیگم پر ڈالی جو بیڈ پر بیٹھی اسے دیکھ کر مسکرا رہی تھیں ۔

آنٹی یہ سیٹ تو واقعی بہت خوبصورت ہے ۔دیکھیں !۔۔۔پوری طرح ان کی طرف گھوم کر اس نے چہرے پر ہلکی سی مسکان سجائے نائلہ بیگم کو دکھایا۔

حازب نے اپنی مرضی سے پسند کیا ہے ۔وہ کہہ رہا تھا تمہیں ضرور پسند آئے گا۔۔۔نائلہ بیگم اپنے دھیان میں کہہ رہی تھیں اور بیڈ پر پڑا اپنا دوپٹہ اٹھاتی زینب کے ہاتھ ان کی بات پر ایک جھٹکے سے رکے تھے۔اسے جیسے اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا تھا۔ چہرے پر چھائی مسکراہٹ ایک پل میں سمٹی ۔

ایک منٹ ! یہ میرے نکاح کا سیٹ انہوں نے کیوں پسند کیا تھا؟ جس سے آپ لوگ میرا نکاح کروا رہے ہیں اس لڑکے میں اتنے گٹس بھی نہیں ہیں کہ کم از کم اپنی ہونے والی بیوی کی جیولری ہی خود پسند کرلے۔ حد ہوتی ہے ویسے۔۔۔دوپٹہ اٹھا کر سیٹ کرتے ہوئے ا س نے تاسف سے سر جھٹکا۔نائلہ بیگم کو لگا جیسے اسے ان کی بات ٹھیک سے سنائی نہیں دی۔وہ اٹھ کر اس کے پاس آئیں اور اسے نرمی سے اپنے ساتھ لگا کر بے ساختہ اس کی پیشانی چومی۔

بہت پیاری لگ رہی ہو ماشاءاللہ ۔خوش رہو ہمیشہ۔۔۔انہوں نے دل سے اس کی خوشی کی دعا کی۔زینب بے ساختہ مسکرادی۔تبھی کمرے کا دروازہ کھلا زینب نے ذرا سی گردن موڑ کر دروازے کی طرف دیکھا۔ایزل اپنا فیڈر ہاتھ میں لیے دروازے میں کھڑی تھی۔

زینب نے آگے بڑھ کر اسے گود میں اٹھایا اور اس کےہاتھ سے فیڈر لےکر اسے بیڈ پر بٹھایا۔نائلہ بیگم بھی ایزل کے پاس ہی بیٹھ گئی تھیں ۔

ایزل بے بی! آپ دادو کے پاس بیٹھو میں ابھی آپ کا فیڈر لے کے آئی ۔۔۔ زینب نے مسکراتے ہوئے ا س کا ہلکا سا گال کھینچا اور چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی کمرے سے باہر چلی گئی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

حازب ! ذرا کال کر کے پوچھو اس نالائق کو کہ کہاں رہ گیا ہے؟۔۔۔شاہد صاحب کو رہ رہ کر تیمو ر پر تپ چڑھ رہی تھی وہ آدھے گھنٹے سے نکاح خواں کو بلانے کے لیے گیا ہواتھا لیکن ابھی تک اس کا کچھ اتا پتہ نہیں تھا ۔

حالانکہ یہ ساتھ والی گلی میں گھر تھا نکاح خواں کا۔جمعہ پڑھ کر واپس آتے ہوئے شاہد صاحب نے کچھ لوگوں سے اس حوالے سے بات کی تو ان میں سے ایک نے انہیں سیدھا نکاح خواں کا ایڈریس بتا کر مسئلہ ہی ختم کر دیا ۔

بابا میں نے ابھی میسج کیا ہے بس وہ لوگ آرہے ہیں دس منٹ تک۔۔۔حازب سنجیدگی سے کہہ کر واپس احمد کی طرف متوجہ ہوا۔

خالہ کی شادی کس سے ہونے والی ہے بابا؟۔۔۔احمد نے سوالیہ نظروں سے اپنے باپ کو دیکھا۔ارحم شاہد صاحب کے ساتھ بیٹھا اپنی باتوں میں مصروف تھا۔اسے کیا جہاں بھی کی خالہ شادی ہو۔حازب نے ایک نظر زینب کے کمرے کے بند دروازے پر ڈالی تبھی وہ دروازہ کھول کر باہر آئی۔ہاتھ میں ایزل کا فیڈر لیے وہ اپنے دھیان میں کچن کی طرف جارہی تھی۔ایک لمحے کے لیے تو حازب اپنی نظریں ہی نہیں ہٹا سکا تھا۔دل کی بے ترتیب ہوتی دھڑکنوں کو قابو کرتے اس نے اپنی بے اختیاری پر خود کو ڈپٹا اور اگلے ہی پل اپنی نظریں ہٹا لیں ۔

خالہ کی شادی ۔۔۔آپ کے بابا سے ہونے والی ہے ۔۔۔حازب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔اس کی بات پر احمد کے ساتھ ساتھ ارحم کا بھی منہ کھلا تھا اور برآمدے میں ان کے پاس سے گزرتی زینب ٹھٹھک کر رکی تھی۔
غصیلی نظروں سے حازب کو گھورتی وہ پیر پٹختی ہوئی کچن میں چلی گئی۔وہ پہلے تو جاتے جاتے شاہد صاحب کو سلام کرنے لگی تھی لیکن اب وہ ان سے بھی ناراض تھی۔حازب پر تو اسے شدید غصہ تھا ۔ شاہد صاحب اسی طرح تکیے پر کہنی ٹکائے نیم دراز تھے۔

سچی بابا؟آپ کی شادی خالہ سے ہونے والی ہے؟پھر آپ زینی خالہ کے دولہے راجہ بن جاؤ گے؟۔۔۔احمد خوشی سے چلایا تھا۔حازب نے ہلکا سا مسکراتے ہوئے اثبات میں سر ہلایا اور ذرا سی گردن موڑ کر ارحم کو دیکھا ۔زینب نے مڑ کر دولہے راجہ کی پشت کو گھورا تھا۔

آمنہ !کیا ہوجاتا اگر تم اس دن اپنی دعا پر آمین نہ بولتی۔اب اس انسان کو ساری زندگی جھیلنا پڑے گا۔اللہ۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے ہوئے وہ برآمدے کا دروازہ پار کر گئی۔

زینی خالہ پھر ہماری خالہ ماما بن جائیں گی کیا؟۔۔۔ارحم نے نہایت معصومیت سے سوال کیا تھا۔

ہاں جی پتر جی ! پھر ہم سب ایک ساتھ اس گھر میں رہیں گے۔۔۔حازب نے آہستہ سے اسے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے جواب دیا۔پھر دوسرا ہاتھ بڑھا کر احمد کوبھی اپنے قریب کیا۔باری باری دونوں بچوں کے سر چوم کر وہ انہیں کتنی ہی دیر اپنے سینے سے لگائے رہا۔آج ایک بار پھر آمنہ شدت سے یاد آئی تھی۔حازب کی آنکھیں بے ساختہ نم ہوئیں ۔شاہد صاحب نے ایک نظر اپنے بیٹے کو دیکھا اور پھر تھوڑا سا آگے ہو کر تسلی دینے والے انداز میں اس کا کندھا تھپکا۔

کچھ دیر بعد تیمور نکاح خواں کو ساتھ لے کر آچکا تھا۔شاہد صاحب نے نکاح خواں کو بیٹھنے کا اشارہ کیا۔حازب نے دونوں بچوں کو کمرےمیں بھیج دیا تھا اور خو دوہ وہیں بیٹھا سر جھکائے اپنی ہتھیلیوں پر نظریں جمائے نجانے کیا تلاش کررہا تھا۔

شاہد صاحب میرا خیال ہے بسم اللہ کرتے ہیں پھر ۔دراصل مجھے اس کے بعد ایک جگہ اور بھی جانا ہے ۔۔۔نکاح خواں نے خود ہی بات کا آغاز کیا ۔اس کی بات پر حازب نے آنکھیں چھوٹی کر کے اسے دیکھا۔

قاضی صاحب بسم اللہ نہیں کرنی نکاح پڑھوانا ہے۔تیمور تم نے بتایا نہیں انہیں ؟۔۔۔قاضی صاحب سے کہتے اس نے آخر میں تیمور کو گھورا ۔اس کی بات سن کر تیمو ر کو واقعی لگا تھا کہ حازب کا دماغ چل گیا ہے ۔پہلے اتنا اچانک نکاح کے لیے راضی ہوجانا اور اب یہ بے تکی بات۔شاہد صاحب اور نکاح خواں نے بمشکل اپنی مسکراہٹ دبائی۔

جناب! ہم بسم اللہ کر کے نکاح پڑھوانے کی ہی بات کر رہے تھے۔۔۔نکاح خواں نے جیسے ا س کی عقل پر ماتم کیا۔حازب اپنی جگہ پر شرمندہ سا ہوگیا۔

تیمور! ابھی تک علی کی فیملی آئی نہیں ۔تم نے پیغام بھی دیا تھا یا بس ایسے ہی واپس آگئے ہو؟۔۔۔شاہد صاحب کو نئے سرے سے تپ چڑھی تھی۔

بابا۔۔۔وہ لوگ بس۔۔۔تیمور کہتے کہتے رکا کیونکہ وہ لوگ آچکے تھے ۔ان کے ساتھ ایک خاتون اور ایک لڑکی بھی تھی ۔وہ دونوں ایک تر چھی سی نظر حازب پر ڈال کر زینب کے کمرے کی جانب بڑھ گئیں ۔

ارے انکل اتنا ٹائم بھی کوئی لگاتا ہے؟۔۔۔تیمور نے واپس کرسی پر بیٹھتے ہوئے گلہ کیا۔اس کی بات پر مراد صاحب اوران کے والد صاحب دونوں ہی مسکرائے ۔

بیٹا ہم لوگ تو بس نکل ہی رہے تھے دراصل آپ کی آنٹی اور بھابھی کی تیاری ہی مکمل نہیں ہورہی تھی ۔۔۔انہوں نے مسکراتے ہوئے وضاحت دی اور اس کے برابر میں رکھی کرسی پر بیٹھ گئے ۔ وہ بزرگ بھی شاہد صاحب سے مصافحہ کرتے دوسری کرسی پر بیٹھے ۔

شاہد ! تم نے محلے میں سے اور کسی کو نہیں بلایا؟۔۔۔انہوں نے سنجیدگی سے پوچھا۔

نہیں ! ہم نے سوچا ہے ولیمے پر ہی سب کو انوائٹ کرلیں گے ۔۔۔شاہد صاحب کی بات پر انہوں نے آہستہ سے سر ہلایا۔

چلو جیسے تمہیں بہتر لگے۔بس اللہ کرے خیر خیریت سے یہ نیک کام بھی ہوجائے۔آمین!۔۔۔ان کی بات پر باقی سب نے بھی آمین کہا۔

کچھ دیر بعد سمیر اپنی چھوٹی بہنوں کو ساتھ لیے اندر داخل ہوا۔وہ ادھر ادھر دیکھتا وہیں ان لوگوں کے پاس آیا اور نظر وہاں بیٹھے افراد کو دیکھا۔پھر مراد صاحب کے پاس آکر کھڑا ہو گیا۔

ابو جی! خالہ ماما کہاں ہیں ؟۔۔۔اس نے ایک نظر چارپائی پر بیٹھے حازب کو دیکھا اور ہلکا سا مسکرایا۔ان انکل کو وہ جانتا تھا۔ وہ ارحم اور احمد کے ہینڈسم بابا تھے ۔

وہ زینی پھپھو کے روم میں ہیں ۔آپ بھی ادھر ہی چلے جاؤ۔۔۔سمیر کے دادا کی بجائے حازب نے مسکراتے ہوئے کہا اور زینب کے کمرے کی جانب اشارہ کیا۔ سمیر ان کیوٹ سی بچیوں کو لے کر زینب کے کمرے میں چلا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

زینب وہیں بیڈ پر بیٹھی اپنی کلائیوں میں پہنی کانچ کی چوڑیوں پر نظریں جمائے اپنی ہی سوچوں میں گم تھی۔سلمہ بیگم اور ان کی بہو نائلہ بیگم سے باتوں میں مصروف تھیں ۔ارحم اور احمد زینب کے دائیں بائیں بیٹھے اس کے بازو سے سر ٹکائےہوئے تھے ۔ ایزل دودھ پی کر سو چکی تھی ا س لیے زینب اسے دوسرے کمر ے میں لیٹا آئی تھی ۔

زینی! کہاں کھوئی ہوئی ہو؟۔۔۔ماریہ نےآہستہ سے زینب کے ہاتھوں کو اپنے ہاتھ میں لیا۔زینب چونک کر خیالوں سے باہر آئی تھی۔

ماریہ بھابھی! ۔۔۔زینب نے نم آنکھوں سے ا س کی جانب دیکھا۔جب سے اسے پتہ چلا تھا کہ اس کا نکاح حازب سے ہورہا ہے اوہ اندر ہی اندر اس بات پر سلگ رہی تھی۔لیکن وہ کسی صورت بھی نکاح سے منع نہیں کر سکتی تھی۔یہ کہہ کر تو بلکل نہیں کہ میں اس نکاح کہ لیے راضی نہیں ہوں ۔ کیونکہ تیمو رکی باتوں میں آکر وہ پہلے ہی اپنی رضا مندی دے چکی تھی۔نکاح خواں آ کر کب سے بیٹھا تھا۔بچے اس بات پر خوش تھے اور زینب کو بچوں کی خوشی اپنی خوشی سے زیادہ عزیز تھی۔لیکن تب سے وہ یہ سوچ سوچ کر ہلکان ہورہی تھی کہ حازب یوں اچانک کیوں مان گیا تھا نکاح کے لیے۔

زینب ! مجھے ایک بات بتاؤ کہ جب تمہیں پتہ ہی نہیں تھا کہ تمہارا نکاح حازب بھائی سے ہورہا ہے ۔تو کس خوشی میں نکاح کا جوڑا پہن کر سج سنور کر بیٹھی ہوئی تھی؟۔۔۔ماریہ نے سیدھا سیدھا طنز کیا ۔

بھابھی! سچ بتاؤں اسی خوشی میں سج سنور کر بیٹھی تھی کہ کم از کم حازب سے نکاح نہیں ہورہا۔اس دن جب انہوں نے کہا تھا نا کہ انہیں مجھ سے ایسی گھٹیا حرکت کی امید نہیں تھی ۔اس کے بعد مجھے واقعی لگا تھا کہ ۔۔۔زینب نے ایک لمحے کے لیے رک کر اپنی آنکھوں میں آئی نمی ٹشو سے صاف کی۔

تیمور بھائی کی بات مان کر میں نے بہت بڑی غلطی کر دی۔میں نے بچوں کی خاطر یہ فیصلہ کیا تھا لیکن حازب نے ہمیشہ کی طرح مجھے ہی غلط سمجھا۔۔۔وہ اپنے آنسو ؤں کو روکنے کی پوری کوشش کر رہی تھی لیکن آنسو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔

اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے زینب ۔بچوں کے لیے لیا گیا یہ فیصلہ تمہارے حق میں بھی بہتر ہوجائے۔آمین!۔۔۔ماریہ نے اسے دل سے دعا دی ۔

دونوں بچے زینب کے بازو سے سر ہٹا کر اب اس کی گود میں سر رکھے ان دونوں کی باتیں سن رہے تھے۔لیکن آنکھیں بند کر کے وہ دونوں میسنے یہ پوز دے رہے تھے جیسے سورہے ہوں ۔تبھی کمرے کا دروازہ آہستہ سے کھلا اور سب کی نظریں بے ساختہ دروازے کہ جانب اٹھیں ۔سمیر اپنی بہنوں کو لیے دروازے میں کھڑا تھا۔اپنی ماں کو دیکھتے ہی وہ ہاتھ چھڑا کر اس کے پا س آگئیں۔سمیر وہیں دروازے میں کھڑا تھاجب زینب نے مسکراتے ہوئے اسے اپنے پاس بلایا۔

سمیر پتر جی! ادھر آؤپھپھو سے نہیں ملو گے؟۔۔۔زینب کی بات سن کر ان دونوں نے پٹ سے آنکھیں کھول دیں اور ایک نظر سمیر کو دیکھا۔

سمیر! ادھر آؤ تمہیں ایک بات بتاؤں ۔۔۔احمد نے خوشی سے چہکتے ہوئے کہا۔سمیر خاموشی سے چلتا ہوا بیڈ کے قریب آیا ایک نظر اپنی دادی کو دیکھا جو نائلہ بیگم سے باتوں میں مصروف تھیں ۔

زینی پھپھو۔یو آر لکی ۔ہینڈسم انکل سے آپ کی شادی ہونے والی ہے۔۔۔زینب نے ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر سجائے اسے آہستہ سے اپنے ساتھ لگایا اور اس کے کان میں ہلکی سی سرگوشی کی۔

وہ بد تمیز انسان ! ہینڈسم تو بلکل نہیں ہیں سمیر پتر!۔۔۔اس کی بات سن کر سمیر نے بے ساختہ منہ کے زاویے بگاڑے۔وہ زینب سے کافی اٹیچ تھا۔ماریہ کو نجانے کیوں دکھ ہوا تھا وہ اتنے سالوں میں سمیر کو خود سے اٹیچ نہیں کر پائی تھی یا شاید ا س نے کرنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

سمیر! اب ہم سیم سیم ہوجائیں گے ۔میں بہت خوش ہوں ۔اب ہم یہاں ہی رہیں گےاس گھر میں ۔۔۔احمد نے بے ساختہ زینب کے گلے میں بازو ڈال کر اس کی پیشانی چومی۔اس کی بات پر سمیر نے ایک خفا سی نظر ماریہ پر ڈالی ۔ماریہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ لاڈ کرنے میں مصروف تھی اس نے نوٹ نہیں کیا۔

کاش! آپ میری خالہ ماما ہوتیں ۔آپ بہت اچھی ہیں پھپھو۔۔۔وہ آنکھوں میں آنسو لیے زینب کے شانے پر سر ٹکا گیا۔ یہ منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے ماریہ کو لگاجیسے کسی نے زور دار طمانچہ اس کے منہ پر مارا ہو۔اگلے ہی پل اس نے آگے بڑھ کر سمیر کو زور سے اپنے سینے سے لگایا۔

میرا بچہ! خالہ ماما کی جان! آپ نے ایسے سوچا بھی کیسے کے خالہ ماما کو آپ سے پیار نہیں ہے۔۔۔وہ بار بار ا س کی پیشانی چومتے ہوئے آنکھوں میں آنسو لیے کہہ رہی تھی ۔دل میں ایک عجیب سا سکون اترا تھا۔آج ماریہ کو شدت سے احساس ہوا تھا کہ اس نے اس چھوٹے سے بچے کو کس طرح احساسِ محرومی کا شکا ر کر دیا تھا۔اس نے آج تک سمیر کی ہر ضرورت کا خیال رکھا تھا ۔لیکن کبھی بھی اسے محبت سے اپنے ساتھ نہیں لگایا تھا جیسے وہ اپنی بیٹیوں کو لگایا کرتی تھی۔کبھی بھی ا س کے لاڈ نہیں اٹھائے تھے۔کیونکہ وہ پہلے بھی اپنی بہنوں کے بچوں کے ساتھ اتنا اٹیچ نہیں تھی۔علی سے شادی کے بعد بھی وہ سمیر کو اپنے بھانجے کی طرح ہی ٹریٹ کرتی تھی۔یہیں علی سے غلطی ہوئی تھی کہ اس نے ماریہ سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔وہ یہ بات بھول گیا تھا کہ دادا ، دادی اور باپ کی محبت کبھی بھی ماں کی محبت کا ری پلیسمنٹ نہیں ہوا کرتی۔

خالہ ماما! آپ کی طبیعت ٹھیک ہے؟یہاں سے جاکر ہم ڈاکٹر کے پاس جائیں گے ۔۔۔سمیر ا س سے الگ ہوتے ہوئے کسی شاک کی سی کیفیت میں کہتا اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کر بخار چیک کرر ہا تھا ۔وہ بیچارا واقعی پریشا ن ہوگیا تھا۔ماریہ نے نم آنکھوں سے مسکراتے ہوئے ایک ہلکی سی چپت اس کے سر پر لگائی۔اس کی بیٹیاں کمرے سے نکل کر اپنے دادا کے پاس جا چکی تھیں۔

دیکھا بھابھی! آپ نے اسے خود سے کتنا دور کر دیا تھا بیچارےکو ابھی تک یقین نہیں آرہا۔۔۔زینب نے ارحم کے بالوں میں انگلیاں چلاتے ہوئے کہا۔وہ شاید سو گیا تھا ۔احمد بھی دوبارہ اس کی گود میں سر رکھ چکا تھا۔

ماریہ بیٹا مجھے خوشی ہوئی کہ تمہیں وقت رہتے عقل آگئی ۔۔۔سلمہ بیگم کی بات پر ماریہ خواہ مخواہ ہی شرمندہ ہوگئی۔

ورنہ بہن کیا بتاؤں میں تو سمیر کے لیے اتنی پریشان تھی۔میری زندگی کا کیا بھروسہ کب تک ہے ۔ مجھے تو یہی فکر کھائے جارہی تھی کہ میرے بعد بیچارے بچے کا کیا ہوگا؟۔۔۔وہ ایک تھکی ہوئی سانس خارج کرکے نائلہ بیگم سے کہہ رہی تھیں ۔

کچھ دیر بعد کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی تھی اور تیمور اجازت لے کر اندر آیا۔اس کے ساتھ نکاح خواں ،شاہد صاحب اورمراد صاحب بھی تھے۔ماریہ کہ دادا سسر باہر بیٹھے حازب کو نصیحتیں کم اور دھمکیاں زیادہ دے رہے تھے کہ اگر اس نے زینب کو خوش نہ رکھا تو پھر اس کی خیر نہیں ۔حازب بیچاراخاموشی سے سر جھکائے سن رہا تھا۔یہ کون سا پہلی بار تھا ۔آمنہ سے شادی کے ٹائم بھی موصوف یہی نصیحتیں کر چکے تھے۔وہ کہنا تو چاہتا تھا کہ بابا جی مجھے وہ والی بھی یاد ہیں لیکن وہ تو دولہا تھا اور دولہے بولتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔یہ بھی بابا جی کا ہی کہنا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کچھ ہی دیر میں ان کا نکاح ہو چکا تھا ۔حازب کا نام اس کے نام کے ساتھ جڑ چکا تھا۔ یہ احساس نجانےکیوں ایک لمحےکے لیے زینب کو تحفظ کا احساس دلا گیا ۔نائلہ بیگم اور سلمہ بیگم اسے مبارک باد دیتیں وہاں سے اٹھیں ۔نائلہ بیگم نے محبت سےا س کی پیشانی چوم کر اسے اپنے ساتھ لگایا۔

تم دونوں بیٹھو یہاں ہم دونوں ذرا سب کے لیے کھانا لگا دیں ۔۔۔سنجیدگی سے کہتیں وہ سلمہ بیگم کے ساتھ باہر چلی گئیں ۔ان کے جاتے ہی ماریہ نے ایک نظر ا س کی نم آنکھوں کو دیکھا۔سمیر بھی ماریہ کی گود میں سر رکھے لیٹا ہوا تھا۔

زینب! اب یہ کچھ زیادہ ہورہا ہے۔رو رو کر اپنا میک اپ خراب کر لو گی تو حازب بھائی کا سارا موڈ اسپائل ہوجائے گا۔انہوں نے تمہاری رونی صورت دیکھ کر پھر غصہ ہوجانا ہے۔۔۔وہ مصنوعی خفگی سے کہہ رہی تھی۔

کیوں ؟علی بھائی بھی آپ پر غصہ ہوئے تھے؟۔۔۔زینب نے سرسری سا پوچھا۔

نہیں وہ بہت ٹھنڈے مزاج کے انسان ہیں ۔اتنی جلدی غصہ نہیں کرتے۔ ۔۔ماریہ نے مسکراتے ہوئے نفی میں سر ہلایا۔

تو حازب کو کب غصہ آتا ہے؟کبھی آپ دیکھتیں جب آمنہ سے بات کر رہے ہوتے تھے ۔صرف مجھ سے بات کرتے ہوئے انگارے چبائے ہوتے ہیں انہوں نے۔۔۔آخر میں زینب نے بے ساختہ منہ بنایا۔

چلو اب تو تم آمنہ کی جگہ پر آگئی ہو نا؟تو ہوسکتاہے کہ تم سے بھی ۔۔۔اس کی بات ابھی مکمل بھی نہیں ہوئی تھی جب زینب نے اس کی بات کاٹی۔

میں آمنہ کی جگہ کبھی نہیں لینا چاہتی بھابھی ۔وہ حازب کی پہلی محبت ہے ۔ میں اتنی خود غرض نہیں ہوں ۔تیمور بھائی نےکہا تھااگر میں کہیں اور شادی کروں گی تو بچوں کو بھول جاؤں۔میں ڈر گئی تھی اسی لیے میں نے حازب سے نکاح کے لیے ہاں کر دی۔۔۔وہ اپنے آنسو صاف کرتے ہوئے کہہ رہی تھی ۔اس کی آخری بات اندر داخل ہوتے حازب نے سنی تھی اور اگلے ہی پل اس نے ضبط سے اپنی مٹھیاں بھینچ کر برآمدے میں بیٹھے تیمور کو کچا چبا جانے والی نظروں سے دیکھا۔

کمینہ!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑا کر وہ کمرے میں داخل ہوا اور گلا کھنکارتے ہوئے سلام کیا۔اسے دیکھ کر ماریہ فوراََ اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی ۔ زینب نےچونک کر سر اٹھایا۔حازب نے سرسری سی نظر سامنے بیڈ پر بیٹھی اپنی دولہن کو دیکھا۔

میں چلتی ہوں زینب۔چلو سمیر! بیٹا۔۔۔ وہ سمیر کو لے کر کمرے سے باہر چلی گئی ۔ حازب اس کے جاتے ہی دروازہ بند کر کے بیڈ کے قریب آیا اور زینب سے کچھ فاصلے پر بیٹھ گیا۔زینب کو سمجھ نہیں آیا وہ کیا کہے؟ سامنے بیٹھا انسان اس وقت اسے انتہا درجے کا زہر لگ رہا تھا۔دونوں کے درمیان کچھ لمحے خاموشی چھائی رہی پھر حازب کی آوازنےا س خاموشی کو توڑا۔

زینی! تم ٹھیک ہو؟۔۔۔اس نے زینب کی گود میں سوئے بچوں کو ایک نظر دیکھا ۔وہ پرسکون سے سو رہے تھے۔بے ساختہ اس نے شکر ادا کیا کہ وقت رہتے اس نے درست فیصلہ کر لیا ۔وہ مطمئن سا مسکرایا۔زینب کی طرف سے کوئی جواب نہ پاکر حازب نے ایک بار پھر اسے آواز دی۔وہ ایسے ری ایکٹ کر رہی تھی جیسے اس کی بات سنی ہی نہ ہو۔

زینی!۔۔۔حازب نے اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھنا چاہا جب زینب نے ایک جھٹکے سے اپنا ہاتھ پیچھے ہٹایا۔

تھوڑا فاصلہ رکھ کر بیٹھیں اور اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔وہ غصے سے سرخ ہوتی آنکھوں سے اسے دیکھتے ہوئے بولی۔حازب نامحسوس انداز میں تھوڑے فاصلے پر بیٹھ گیا اور ایک سرد سی سانس خارج کی۔

صد شکر! تم بولی تو سہی۔میں سمجھا نکاح کے بعد بولتی بند ہو گئی ہے تمہاری۔۔۔وہ اس کے غصے سے محظوظ ہورہا تھا یہ دیکھ کر زینب کو مزید تپ چڑھی ۔

آپ نا ایک نمبر کے وہ ۔۔۔انسان ہیں ۔۔۔وہ چڑ کر بولی تھی۔حازب تھوڑا سا اس کی جانب جھکا۔

کیا وہ؟۔۔۔بدتمیز؟۔۔۔ زینب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

گھٹیا اور بے شرم؟۔۔۔اب کی بار آئی برو اٹھا کر پوچھا گیا۔سامنے بیٹھی لڑکی کا سر ایک بار پھر نفی میں ہل گیا۔

بے غیرت؟۔۔۔وہ شرارت سے مسکرایا ۔

نہیں حازب! آپ بے غیرت نہیں ہیں ۔ایسے مت کہیں پلیز۔ ۔۔وہ روہانسی ہوگئی تھی۔نجانے کیوں مذاق میں بھی حازب کے لیے یہ لفظ اچھا نہیں لگا تھا اسے۔حازب نے تاسف سے سر جھٹکا۔وہ لڑکی واقعی پاگل تھی۔پوری کی پوری پاگل۔

تم بلکل پاگل ہو زینی!۔۔۔حازب نے تاسف سے سر ہلاتے ہوئے اس کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی۔

حازب! اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔زینب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

جو حکم جناب! اور کچھ ہمارے لائق۔۔۔حازب نے فرما برداری سے سینے پر ہاتھ رکھتے ہوئے سر کو ہلکا سا خم دیا۔

اٹھیں یہاں سے ! مجھے نماز پڑھنی ہے ۔۔۔اس نے دونوں بچوں کو احتیاط سے سیدھا کیا اور ان کے سر کے نیچے تکیہ رکھا ۔ ان کے اوپر کمفرٹر درست کر کے باری باری ان دونوں کے گال چومے اور وہاں اسے اٹھی۔

پھر اس نے ایک نظر حازب کو دیکھاجو نظریں جھکائے ایک کہنی بیڈ پر ٹکائے نیم دراز تھا۔وہ جوتا پہن کر اپنا دوپٹہ درست کرتی وارڈروب کی جانب بڑھی تھی تاکہ کپڑے چینج کر سکے ۔ ابھی وہ دو تین قدم ہی چلی تھی کہ حازب کی آواز پر اس کے چلتے قدم رکے۔

سنو ! زینی! ابھی چینج مت کرو۔کافی اچھی لگ رہی ہو اس ڈریس میں ۔۔۔وہ ارحم کے پیر پر اپنی انگلی سے آڑی ترچھی لکیریں بناتا مصروف سا بولا۔زینب دونوں ہاتھ کمر پر رکھےاس کے سامنے آئی۔

ایکسکیوز می؟مجھے ابھی ابھی لگا جیسے آپ نے مجھے کوئی آرڈر دیا ہو ۔۔۔اس نے پیشانی پر بل لیے اپنے سامنے نیم دراز سے حازب کو دیکھا۔اس کی بات پر وہ فوراََ سیدھا ہوا۔

میں نے ؟نہیں تو ۔اسے آرڈر دینا نہیں دل کی بات زبان پر آجاناکہتے ہیں ۔۔۔حازب نے ایک سرسری سی نظر اس پر ڈالی اور دوبارہ اسی طرح نیم دراز ہوگیا۔زینب نے بے ساختہ دانت پیسے۔

آپ اپنے دل کی باتیں برائے مہربانی اپنے دل تک رکھیں ۔ مجھے بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔زینب نے
با قاعدہ اس کے سامنے ہاتھ جوڑے۔ وہ خاصی بدتمیزی کر گئی تھی۔اس کی حرکت پر حازب کے چہرے پر ایک ناگوار سا تاثر آیا۔ اگر نائلہ بیگم کی نصیحت اس وقت آڑے نہ آرہی ہوتی تو وہ عقل ٹھکانے لگاتا اس لڑکی کی۔وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور خاموشی سے بغیر کچھ کہے کمرے سے باہر چلا گیا۔اس کے جاتے ہی وہ سر جھٹک کر باتھ روم کی جانب بڑھ گئی۔

دل کی بات زبان پر آنا کہتے ہیں ۔ہنہ!۔۔۔وہ جل کر بڑبڑائی۔

کچھ زیادہ ہی خوش فہمیاں پال بیٹھے ہیں محترم!۔۔۔گردن موڑ کر کمرے کے دروازے کو گھورتے ہوئے اس نے کافی اونچی آواز میں خود کلامی کی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ جیسے ہی باہر آیا تو نائلہ بیگم اسے دروازے کے پاس ہی مل گئیں ۔وہ زینب کے لیے کھانا لے کر جارہی تھیں ۔باقی سب کھا چکے تھے۔ماریہ کی فیملی بھی کھا نا کھا کر واپس جا چکی تھی۔حازب نے رک کر انہیں ایک نظر دیکھا ۔

ماما! وہ نماز پڑھنے لگی ہے رہنے دیں کھانا۔ابھی بچے اٹھیں گے تو ان کے ساتھ کھا لے گی۔۔۔وہ بمشکل مسکرایا۔نائلہ بیگم نے آنکھیں چھوٹی کر کے اسے دیکھا۔

حازب ! تم نے اسے کچھ کہا تو نہیں نا؟۔۔۔ان کی بات پر حازب کا منہ صدمے سے کھلا۔

ماما!آپ بھی ؟۔۔۔وہ صرف یہی کہہ سکا اور تاسف سے سر ہلاتا شاہد صاحب کے پاس چلا گیا۔نائلہ بیگم بھی کھانے کی ٹرے لے کر دوبارہ کچن میں چلی گئیں۔

حازب! بیٹا ولیمے کے بارے میں کیا سوچا ہے؟کل ہی رکھ لیں یا کچھ دن ٹھہر جائیں ابھی؟ ۔۔۔انہوں نے سنجیدگی سے پوچھا۔

بابا! ابھی نہیں ایک ہفتے بعد کا رکھ لیں ۔۔۔وہ تھکے ہوئے انداز میں پائینتی والی سائیڈ پر ہی لیٹ گیا۔دونوں ہاتھ سر کے پیچھے رکھے اس نے گردن موڑ کر شاہد صاحب کو دیکھا۔

تیمور کہا ں ہے؟۔۔۔اس کے پوچھنے پر شاہد صاحب نےایک گہری سانس خارج کی۔

اسٹور پر چلا گیا ہے۔کہہ رہا تھا بہت کام ہے۔۔۔جواب نائلہ بیگم کی جانب سے آیا تھا۔حازب نے آہستہ سے سر ہلایا۔

اچھا آپ لوگ رکیں گے آج یہاں ؟۔۔۔اب کی بار اس نے سرسری لہجے میں پوچھا۔

نہیں بیٹا ہم لوگ بس مغرب کے بعد واپس چلے جائیں گے۔ تیمورکہہ رہا تھا وہ ڈرائیور کو بھیج دے گا۔۔۔شاہد صاحب نے سنجیدگی سے جواب دیا۔نائلہ بیگم بھی وہیں رکھی ایک کرسی پر بیٹھ چکی تھیں ۔

بچے ابھی تک سورہے ہیں ؟۔۔۔نائلہ بیگم نے حیرت سے پوچھا۔

وہ دیکھیں ! شہزادے اٹھ چکے ہیں ۔۔۔حازب نے آنکھوں سے ہی پیچھے کی جانب اشارہ کیا۔نائلہ بیگم نے گردن موڑ کر اپنے پیچھے دیکھا اور بے ساختہ ہی ان کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ آگئی۔وہ دونوں دروازے میں کھڑے آنکھیں ملتے ہوئے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے ان کے پاس ہی آرہے تھے۔

اٹھ گئے میرے شیر ؟۔۔۔شاہد صاحب نے مسکراتےہوئے اپنے بازو پھیلائے۔وہ دونوں بھاگ کر ان کے سینے سے لگے۔پھر ان سے الگ ہو کر وہ دونوں نائلہ بیگم سے ملے۔

دادو! آپ کو خالہ ماما بلا رہی ہیں ۔۔۔ارحم نے انہیں زینب کا پیغام دیا تو وہ آہستہ سے سر ہلاتی وہاں سے اٹھیں اور زینب کے کمرے کی جانب چلی گئیں ۔

دادا جی ! آپ دونوں بھی ہمارے ساتھ یہاں رہیں گے؟۔۔۔احمد نے معصومیت سے پوچھا۔اس کی بات پر ارحم
نے برا سا منہ بنایا۔

احمد برو! دادا جی کا اتنا بڑا گھر ہے تو سہی۔چاچو کے ساتھ وہ وہاں رہیں گے۔۔۔ارحم نے کسی بڑے کی طرح اسے سمجھایا۔شاہد صاحب نے مسکراتے ہوئے ارحم کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

نائلہ بیگم جیسے ہی زینب کے کمرےمیں داخل ہوئیں تو وہ سامنے ہی جائے نماز پر بیٹھی کسی گہری سوچ میں گم تھی۔ڈریس اس نے چینج نہیں کیا تھابلکہ اسی پر بڑی سی چادر لے کر نماز پڑھ لی تھی۔نائلہ بیگم نے بے ساختہ اس کی نظر اتاری ۔وہ بیڈ پر بیٹھ گئیں ۔زینب بھی انہیں دیکھ کر فوراََ وہاں سے اٹھی اور جائے نماز تہہ کر کے اسٹڈی ٹیبل پر رکھا۔

ارحم کہہ رہا تھا خالہ ماما بلا رہی ہیں ۔سب خیریت ہے؟۔۔۔انہوں نے خود ہی بات کا آغاز کیا۔زینب خاموشی سے ان کے پاس بیڈ پر بیٹھ گئی۔

وہ آنٹی۔۔۔دراصل مجھے حازب کے بارے میں کچھ پوچھنا ہے۔۔۔زینب آہستہ سے بولی۔

کیا پوچھنا ہے بیٹا پوچھو؟۔۔۔انہوں نے نرم لہجے میں کہا۔

کیاانہوں نے اپنی مرضی سے نکاح کے لیے ہاں کی ہے ؟یا انکل اور تیمور بھائی نے انہیں مجبور کیا تھا۔۔۔وہ حازب کے جانے کے بعدنماز پڑھ کر کتنی ہی دیرجائے نماز پر بیٹھی یہی سوچ رہی تھی کہ آخر وہ اتنی آسانی سے مان کیسے گیا؟

زینب! یہ بات تو مجھے بھی نہیں معلوم کہ وہ کیوں اس نکاح کے لیے راضی ہوا ۔لیکن اتنا کہوں گی کہ وہ تمہارے ساتھ سے خوش ہے۔میرا بیٹا جذباتی ہے لیکن حقیقت پسند ہے۔اس نے اپنی پہلی بیوی سے بہت محبت کی اور اب بھی کہیں نہ کہیں وہ اس کے دل میں ہوگی ۔وہ آمنہ کا روگ نہیں لگا کر بیٹھا بلکہ اس نے اپنے بچوں کے لیے اور اپنےلیے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے۔ ۔۔آمنہ کے ذکر پر ان کی آنکھیں بے ساختہ نم ہوئی تھیں ۔زینب کا دل یک دم اداس ہوگیا تھا۔وہ آنکھوں میں آنسو لیے انہیں دیکھ رہی تھی۔

آنٹی !آپ پلیز میرے لیے دعاکریں کہ میں اس رشتے کو پورے دل سے نبھاؤں ۔میں نا ان سے بہت بدتمیزی کر جاتی ہوں ۔پہلے کی بات اور تھی لیکن اب وہ میرے شوہر ہیں ۔میں ان کے سامنے زیادہ زبان چلاؤں گی تو ان کا تو کچھ نہیں جانا لیکن میں نے جہنم میں چلے جانا ہے۔۔۔اس نے آخر میں برا سا منہ بنایا ۔ نائلہ بیگم نم آنکھوں سے مسکرا دیں ۔

تم بلکل پاگل ہو زینب!۔۔۔انہوں نے ا س کے سر پر ہلکی سی چپت لگا کر اسے اپنے ساتھ لگایا۔

حازب بھی کچھ دیر پہلے یہی کہہ رہے تھے ۔۔۔وہ ان کے ساتھ ہی لگے منہ بسور کر کہہ رہی تھی۔اسے ان کے اندر اپنی ماں کی جھلک نظر آتی تھی۔وہ ان سے الگ ہوتے ہوئے ہلکا سا مسکرائی۔

آپ آمنہ کے روم میں کچھ دیر آرام کرلیں اور ایزل اگر اٹھ جائے تو مجھےبلا لیجیے گا۔میں ذرا بچوں کو کھانا کھلادوں انہوں نے کچھ نہیں کھایا اسکول سے واپس آکر۔۔۔وہ اپنی چادر اتار کر بیڈ پر رکھتے ہوئے بولی اور ان کے پاس سے اٹھی ۔اپنا دوپٹہ اٹھا کر سلیقے سے سر پر لیتے ہوئے وہ ڈریسنگ کے سامنے آکر کھڑی ہوئی ایک نظر خود کو آئینے میں دیکھتی وہ بے ساختہ مسکرا دی۔پھر چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی کمرے کا دروازہ کھول کر باہر چلی گئی۔اس کے جاتے ہی نائلہ بیگم بھی وہاں سے اٹھ کر آمنہ کے کمرے میں چلی گئیں ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

رات کو عشاء کی نماز اس نے اپنے کمرے میں ہی ادا کی تھی اس کے بعد وہ دوسرے کمرے میں آگئی ۔حازب دونوں بچوں کے ساتھ وہیں بیٹھا اس کا انتظار کر رہا تھا۔ ایزل ابھی تک جاگ رہی تھی اور حازب کے ساتھ لیٹی وہ اپنی توتلی زبان میں حازب سے باتیں کر رہی تھی۔ وہ مسکراتے ہوئے اپنی سمجھ کے مطابق ان کا جواب دے رہا تھا۔وہ جانتا تھا کہ وہ بچوں کو لینے کے لیے ضرور آئے گی۔اس نے سرسری سی نظر دروازے سے اندر داخل ہوتی اپنی بیوی پر ڈالی لیکن اگلے ہی پل وہ کرنٹ کھا کر سیدھا ہوا۔ایک لمحےکے لیے تو احمد اور ارحم نے بھی چونک کر زینب کو دیکھا۔ان تینوں کے یوں ایک ساتھ دیکھنے پر زینب نے بے ساختہ سوالیہ آئی برو اٹھائے ۔

کیا؟ پہلے کبھی کوئی خوبصورت لڑکی نہیں دیکھی۔۔۔وہ چلتی ہوئی بیڈ کے قریب آئی اور ایک نظر دونوں بچوں کو دیکھا۔

خالہ ماما! آپ تو بلکل چاند سے اتری ہوئی کوئی حور لگ رہی ہیں ۔۔۔ حازب کےپاس بیٹھا احمد وہاں سے اٹھ کر زینب کے پاس آیا جو بیڈکے ساتھ ہی کھڑی ہوئی تھی۔ زینب نے مسکراتے ہوئے باری باری ا س کے دونوں گال چومے۔

خالہ ماما! اس کو اتنا بھی نہیں پتہ کہ چاند سےپریاں اترتی ہیں ۔۔۔ ارحم نے وہیں بیٹھے بیٹھے اس کی تصیح کی۔احمد نےاسے دیکھ کر بے اختیار دانت پیسے۔ارحم بھی جلدی سے اٹھ کر زینب کے پاس آیا۔

حازب نے ایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر زینب کو دیکھا۔ وہ اپنے نکاح والے ڈریس میں ہی ملبوس تھی اور بہت حسین لگ رہی تھی۔ میک اپ سے پاک چہرہ اور جیولری کے نام پر صرف وہ گولڈ کا سیٹ اور کلائیوں میں سرخ کانچ کی چوڑیاں ۔اگلے ہی پل حازب نے اس کے چہرے سے اپنی نظریں ہٹا لیں ۔اپنی بے اختیاری پر وہ خود ہی جھینپ گیا۔

میری خالہ ماما تو آسمان سے اتری کوئی حور لگ رہی ہیں ۔۔۔ارحم نے آگے بڑھ کر زینب کے گلے لگتے ہوئے چڑانے والی نظروں سے احمد کو دیکھا۔حازب نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی۔

آپ دونوں کو نیند نہیں آئی؟۔۔۔زینب نے ان دونوں سے پوچھا۔حازب کو وہ جان بوجھ کر اگنور کر رہی تھی اور یہ اگنور کیا جانا بھی حازب کو نجانے کیوں اچھا لگ رہا تھا۔

ہم دونوں آج بابا کے پاس سوجائیں ؟۔۔۔وہ دونوں ایک ساتھ بولے تھے۔زینب کی مسکراہٹ فوراََ سمٹی ۔اس کی آنکھوں میں ہلکی سی خو ف کی جھلک نظر آئی ۔لیکن اگلے ہی پل اپنے تاثرات چھپاتے ہوئے اس نے نفی میں سر ہلایا۔

نہیں پتر جی! ہم چاروں میرے روم میں سوئیں گے۔ آپ کو پتہ ہے ناخالہ ماما کو آپ کے بغیر نیند نہیں آتی؟۔۔۔اپنے اندر کے ڈر کو چھپاتے ہوئے زینب نے ان دونوں کو بازو سے پکڑ کر بیڈ سے نیچے اتارا۔

خالہ ماما!۔۔۔احمد نے اپنا جوتا پہنتے ہوئے بے ساختہ منہ بنایا۔ارحم خاموشی سے کھڑا کبھی زینب کو دیکھ رہا تھا اور کبھی حازب کو۔

آپ تو میرے پیارے بچے ہو نا؟ایسے ضد نہیں کرتے۔۔۔زینب نے احمد کا ہاتھ پکڑ ا اور ایک نظر ارحم کو دیکھا۔

خالہ ماما! مجھے ڈر لگتا ہے آپ کے روم میں ۔میں نے یہاں ہی سونا ہے ۔۔۔وہ ضدی انداز میں بولا تو احمد کو بھی کچھ حوصلہ ہوا۔وہ بھی اس سے ہاتھ چھڑا کر حازب کے پاس چلاگیا۔

بابا! مجھے بھی ڈر لگتا ہے۔۔۔احمد نے روہانسا ہو کر حازب کا بازو تھام لیا۔حازب نے ایک نظر زینب کو دیکھا جو اندر ہی اندر ڈر رہی تھی کہ اسے تو بچوں کےساتھ بھی اپنے کمرے میں ڈر لگتا تھا ۔بچوں کے بغیر تو وہ خوف سے مر ہی جائے گی۔

زینی! تم بچوں کے ساتھ بیڈ پر سوجاؤ ۔میں وہاں صوفے پر سوجاؤں گا۔ ۔۔حازب نے سنجیدگی سے کہا ۔وہ اس پر کسی صورت ظاہر نہیں کرنا چاہتا تھا کہ وہ اس کے ڈر سے واقف ہے۔

نہیں! اس کی ضرورت نہیں ہے ۔پتر جی!آپ سو جاؤ آج بابا کے ساتھ لیکن کل سے ہم میرے روم میں سوئیں گے ۔اوکے؟۔۔۔ہمت کر کے اس نے بچوں کا د ل تو رکھ لیا تھا اب اپنا نجانے ا س کا کیا حال ہونا تھا۔حازب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

ضدی عورت!۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔

ایزل ! چلو میرا بچہ اب نینی کریں ۔بہت ٹائم ہوگیا ہے۔۔۔زینب نے تھوڑا سا آگے جھک کر حازب کے برابر میں لیٹی ایزل کو اٹھایااور بغیر حازب کی طرف دیکھے اسے اپنے ساتھ لیے کمرے سے باہر چلی گئی۔اس نے اٹھ کر لائٹ آف کی اور ذرا سا دروازہ کھول کر ایک نظر زینب کے کمرے کے بند دروازے کو دیکھا۔

ڈھیٹ عورت!۔۔۔حازب نے اسے نیا لقب دیا۔ دروازہ بند کر کے وہ واپس اپنی جگہ پر آکر لیٹ گیا۔کچھ ہی دیر میں اس کی آنکھ لگ گئی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایک ہفتہ اسی طرح گزر گیا تھا۔حازب نے اگلے دن دونوں بچوں کو پیار سے سمجھایا تھا کہ انہیں اب خالہ ماما کے ساتھ ہی سوناہے جب تک ان کا ڈر ختم نہیں ہوتا۔خو دوہ ایک ہفتے سے سوچ رہا تھا کہ وہ کیسے زینب سے اس حوالے سے بات کرے۔

وہ جیسے ہی اپنے کمرے میں داخل ہوا تو سامنے کا منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے یقین ہی نہیں کر پایا تھا۔زینب صوفے پر بیٹھی شاید اسی کا انتظار کر رہی تھی۔ اس کے استری شدہ کپڑے بیڈ پر پڑے ہوئے تھے۔وہ چلتاہوا اس کے پاس آیا ۔اسے دیکھ کر وہ فوراََ اپنی جگہ سے اٹھنے لگی جب حازب نے اسے واپس بیٹھنے کا اشارہ کیا۔

بیٹھ جاؤ! میں کوئی جن نہیں ہوں جو تمہیں کھا جاؤں گا۔۔۔وہ اس کے پاس بیٹھتا مصنوعی خفگی سے بولا۔

حازب! آپ کیوں کرتے ہیں ایسے؟۔۔۔وہ چڑ ہی تو گئی تھی۔حازب مزید اس کے قریب ہوا اور نرمی سے اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھا۔زینب نے شاک زدہ نظروں سے اسے دیکھا۔

حازب!اپنی لمٹس۔۔۔اس کے ہاتھ کے نیچے سے اپنا ہاتھ نکالتے ہوئے اس کی بات منہ میں ہی رہ گئی تھی جب حازب نے آہستہ سے اس کے ہونٹوں پر اپنی انگلی رکھی۔

شش!آواز نہ آئے تمہاری ۔پہلے میرے سوال کا جواب دو۔۔۔ اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے اس نے ہلکی سی سرگوشی کی۔زینب کے دل کی دھڑکن یک دم تیز ہوئی۔

حازب!۔۔۔زینب کے ہونٹ آہستہ سے ہلے ۔وہ ابھی تک کسی شاک کی سی کیفیت میں اسے دیکھ رہی تھی۔

تم رات کواپنے کمرے میں سونے سے کیوں ڈرتی ہو؟۔۔۔اسی طرح ا س کے ہونٹوں پر انگلی رکھے ہی اس نے قدرے سنجیدگی سے پوچھا۔زینب کی آنکھوں میں ایک لمحے کے لیے خوف کی جھلک واضح ہوئی ۔

بس مجھے ڈر لگتا ہے۔جب سے اس لڑکی کے ریپ والا واقعہ سامنے آیا ہے میرا یہ ڈر مزید بڑھ گیا ہے۔ایک عجیب سا دھڑکا لگا رہتا ہے ۔ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی میرے کمرے میں آجائے گا۔۔۔خوف زدہ لہجے میں کہتے اس نے ایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر حازب کی آنکھوں میں دیکھا۔

یہ سب صرف تمہارا وہم ہے۔بلا وجہ کا ڈر ہے جو تم نے اپنے دل و دماغ میں بٹھالیا ہے۔۔۔اس نے بازو آگے بڑھا کر نرمی سے اسے اپنے حصار میں لیا اور اس کا سر اپنے شانے سے ٹکا کر آہستہ سے تھپکنے لگا۔

لیکن میں نے بہت کوشش کی ہے اس ڈر سے پیچھا چھڑوانے کی ۔دن میں کئی بار میں اپنے کمرے میں جاتی ہوں تب کچھ نہیں ہوتا لیکن رات کو نجانے کیوں اتنا ڈر لگتا ہے۔یہ تو بچے ساتھ ہوتے ہیں تو مجھے کچھ حوصلہ ہوجاتا ہے ورنہ میں تو خوف سے مر ہی جاتی۔۔۔روہانسی ہو کر کہتی وہ بے اختیار اس کا بازو تھام گئی۔

دیکھو میرے پاس اس کا ایک حل ہے۔۔۔حازب کی بات پر اس نے فوراََ اس کے شانے سے سر اٹھا یا۔

کیسا حل؟۔۔۔آئی برو اٹھا کر پوچھا گیا تھا۔اسے لگا شاید وہ کہے گا کہ یہاں اس کمرے میں سو جایا کرو۔پھر وہ اسے بدتمیز انسان کہہ کر یہاں سے اٹھنے کا کوئی بہانا بنا لے گی۔

تمہیں جب بھی ڈر لگے آیت الکرسی پڑھ لیا کرو۔اللہ کے کلا م میں بہت تاثیر ہوتی ہے زینی! دیکھنا تمہارا ڈ ر کیسے ختم ہوتا۔۔۔حازب کی طرف سے خلافِ توقع جواب آیا تھا۔زینب چند لمحے تک تو کچھ بول ہی نہیں سکی پھر آہستہ سے سر ہلایا۔اس سے الگ ہوتے ہوئے زینب نے رشک بھری نظروں سے اسے دیکھا۔

میں اب نہیں ڈروں گی ۔میں بھول کیسے گئی کہ میرے پاس اللہ کا اسمِ اعظم ہے۔ایسے فضول کے ڈر کی تو ایسی کی تیسی۔۔۔وہ واپس اپنی ٹون میں آچکی تھی۔حازب نے بے ساختہ شکر اد اکیا۔

دیٹس مائی گرل!۔۔۔ ستائش سے کہتے اس نے زینب کا گال تھپتھپایا۔ وہ چند لمحے تو حیرت سے آنکھیں پھیلائے اسے دیکھتی رہی پھر چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ سجائے وہاں سے اٹھی۔

بی ان یور لمٹس ! مائے بوائے۔ شا باش ! چینج کریں جا کر ۔۔۔ حازب کے انداز میں ہی اس کا گال تھپتھپا کر وہ آگے بڑھ گئی۔پیچھے وہ صرف اس کی پشت کو گھور کر رہ گیا۔

پاگل عورت!۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑاتا اپنے کپڑے لیے باتھ روم میں چلا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دس بجے کے قریب تیمور بچوں کو لینے کے لیے آیا تھا۔حازب اور زینب نے بعد میں جانا تھا ۔ زینب کا ڈریس دو دن پہلے آیا تھا لیکن اس نے کھول کر دیکھا بھی نہیں تھا ۔آج صبح جب دیکھا تو پتہ چلا کہ ولیمے کی میکسی کی جگہ کسی ماڈرن خاتو ن کی ساڑھی آگئی ہے ۔وہ ساڑھی دیکھ کر حازب نے پہلے تو زینب کو اچھی خاصی سنائیں اور پھر تیمو ر کو ۔ایک کام کہا تھا اس نے کہ زینب کا ڈریس لے آنا ۔وہ بھی ٹھیک سے نہیں ہوا۔وہ دونوں اس کا ڈریس چینج کروانے کے لیے چلے گئے ۔زینب نے جلدی سے بچوں کو تیار کیا اور ان تینوں کو برآمدے میں ہی چارپائی پر بٹھا دیا۔ایزل کا فیڈر بنا کر اسے تھماتے ہوئے ارحم اور احمد کو اس کا دھیان رکھنے کا کہتی وہ حازب کے کپڑے نکالنے چلی گئی۔

ان دونوں کو واپس آتے آتے ایک گھنٹہ لگ گیا تھا۔تیمور واپسی پر بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔حازب سیدھا اپنے کمرے میں آیا تھا ۔ جیسے ہی وہ کمرے کا دروازہ کھول کر ا ندر داخل ہوا تو سامنے کا منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے ٹھٹھک کر رکا تھا۔

شکر ہے آپ آگئے ۔۔۔وہ اسےدیکھتے ہی فوراََ اپنی جگہ سے اٹھی اور تیز تیز قدم اٹھاتی اس کے پاس آئی۔

حازب کا ایک ہاتھ وہیں دروازے کے ہینڈل پر تھا اور دوسرے ہاتھ میں شاپنگ بیگ تھے۔وہ یک ٹک زینب کو
دیکھ رہا تھا۔وہ اس وقت اس کے بلیک ٹراؤزر شرٹ میں ملبوس تھی۔جو سائز میں بڑا ہونے کی وجہ سے اسے کافی ڈھیلا تھا۔حازب کے کپڑے نکالتے ہوئے اچانک اس کی نظر ٹراؤزر شرٹ پر پڑی۔ اس نے حازب کے تپے ہوئے تاثرات تصور کیے جو اسے اپنے کپڑوں میں دیکھ کر اس کے چہرے پر آنے تھے ۔لیکن یہاں تو وہ موصوف اسے تاڑنے میں مصروف تھے۔اب اتنی بھی کوئی پیاری نہیں لگ رہی تھی وہ۔

او ہیلو! یہ تاڑنے کا کام فرصت میں کر لیجیے گا ابھی میرا ڈریس دیں ۔پہلے ہی ہم کافی لیٹ ہوگئے ہیں۔۔۔زینب نے اس کے ہاتھ سے شاپنگ بیگ لیے۔حازب نے چونک کر اسے دیکھا۔

زینی! یہ کیا حلیہ بنایا ہے اپنا؟۔۔۔اندر آکر وہ اپنی جھینپ مٹانے کے لیے ہلکی سی خفگی سے بولا۔اس کی بات سرے سے ہی اگنور کرتے ہوئےزینب نے اپنا ڈریس باہر نکالا۔

آپ کا ڈریس وہاں ہینگ کیا ہے آپ جلدی سے ریڈی ہوجائیں ۔۔۔وارڈرواب کے ہینڈل کے ساتھ ہینگ ہوئے حازب کے بلیک تھری پیس کی جانب اشارہ کرتی وہ اپنا ڈریس لے کر باہر جانے لگی تھی ۔جب حازب نے ایک جھٹکے سے ا س کی کلائی پکڑ کر اسے دوبارہ اپنے سامنے کھڑا کیا۔

ایک منٹ! میری بات کا جواب دو پہلے۔۔۔اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے اس نے اپنی بات پر کافی زور دیا۔زینب نے ایک نظر اس کے ہاتھ میں موجود اپنی کلائی کو دیکھا ۔

حازب! اپنی لمٹس میں رہیں ۔ ہاتھ چھوڑیں میرا۔۔۔اس نے اپنا ہاتھ چھڑوانا چاہالیکن حازب کی گرفت کافی مضبوط تھی۔

پہلے یہ بتاؤ کہ میرے کپڑے کس خوشی میں پہنے ہیں ؟۔۔۔وہ پیشانی پر بل لیے پوچھ رہا تھا۔اسے کپڑے پہننے سے مسئلہ نہیں تھا لیکن وہ ان کپڑوں میں اسے اتنی پیاری کیوں لگی تھی ؟یہ بات ہی اس سے برداشت نہیں ہو رہی تھی۔

میرے شوہر کا ولیمہ ہے نا اس خوشی میں پہنے ہیں ۔۔۔وہ تپ کر بولی تھی۔حازب نے اس کا ہاتھ چھوڑ کر اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

آئندہ مجھے اس حلیے میں نظر نہ آؤ تم ! ورنہ۔۔۔حازب نے انگلی اٹھا کر وارننگ دیتے ہوئے بے ساختہ دانت
پیسے۔

لوگو ں کو تو اپنی بیویاں اپنے رنگ میں رنگی ہوئی اتنی پیاری لگتی ہیں ۔ایک آپ ہیں ۔آپ کے تیور ہی نہیں کہیں مان۔۔۔خفگی سے کہتی وہ اسے وہیں چھوڑتی پیر پٹختی ہوئی باہر چلی گئی ۔جاتے ہوئے ٹھک سے کر کے دروازہ بند کرنا نہیں بھولی تھی۔

یا اللہ ! مجھے مزید تھوڑا سا صبر عطاکر ۔اس عورت نے مجھے وقت سے پہلے ہی بوڑھا کر دینا ہے۔۔۔اوپر کی جانب دیکھتے ہوئے اس نے کافی اونچی آواز میں خود کلامی کی ۔ پھر وارڈروب کے ساتھ ہینگ اپنا ڈریس لے کر چینج کرنے چلا گیا۔

کچھ دیر بعد وہ ڈریسنگ کے سامنے کھڑاجیل کی مدد سے اپنے بال سیٹ کر رہا تھا۔شرٹ کے اوپری بٹن بند کرتے ہوئے بے ساختہ ماضی کی ایک خوبصورت یاد ا س کے ذہن کے پردوں پر لہرائی۔

حازب! آپ کو بلیک کلر زیادہ پسند ہے یا میں ؟۔۔۔آمنہ نے سوالیہ نظروں سے حازب کو دیکھا۔جواباََ حازب نے ہلکا سا مسکراتے ہوئے بہت نرمی سے اس کے گرد اپنے بازو کا حصار بنایا اورتھوڑا سا اس کے کان کے پاس جھکا۔

مجھے بلیک کلر میں تم پسند ہو۔۔۔گمبھیر سی آواز میں دیا گیا ا س کا جواب سن کر آمنہ نے بے ساختہ منہ بنایا۔اس دن وہ حازب کی فرمائش پر بلیک کلر کا ڈریس ہی پہنے ہوئی تھی۔

زہر لگتے ہیں جب مجھے اپنے رنگ میں رنگنے کی کوشش کرتے ہیں ۔۔۔خاصے چڑے ہوئے انداز میں کہتی وہ اس سے الگ ہوئی ۔

شہد تم بھی نہیں لگتی مجھے زبردستی وائٹ کلر کا ڈریس پہننے کے لیے دیتی ہوئی۔۔۔حازب نےآہستہ سے اس کی ناک دبا ئی ۔

فون کی رنگ پر وہ چونک کر خیالوں سے باہر آیا۔ڈریسنگ ٹیبل پر پڑا اپنا فون اٹھا کر اس نے دیکھا تو تیمور کی دو مسڈ کالز آئی ہوئی تھیں ۔حازب نے اپنی آنکھوں میں آئی نمی صاف کرتے ہوئے اسے میسج کر دیا کہ وہ لوگ کچھ دیر تک آرہے ہیں ۔جانتا تھا اسی لیے کال کر رہا ہوگا۔اس کے بعد وہ بیڈ پر پڑا اپنا کوٹ اٹھائے کمرے سے باہر آگیا۔اب اس کا رخ زینب کے کمرے کی جانب تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ بلیک کلر کی پیروں تک آتی میکسی کے ساتھ گولڈن کلر کی ہیل پہنے ہوئے تھی ۔پوری میکسی پر نفیس سا گولڈن کام ہوا تھا۔کل والے ڈریس کی نسبت یہ ڈریس کافی بھاری تھا۔ اس نے اپنا کل والا گولڈ کا سیٹ ہی پہنا ہوا تھا حالانکہ آج کے ڈریس کے ساتھ جو سیٹ تھا وہ بھی کافی خوبصورت تھا۔کانوں میں میچنگ جھمکے اور پیشانی پر گولڈن ٹیکا لگائے وہ نظر لگ جانے کی حد تک خوبصورت لگ رہی تھی۔اپنا دوپٹہ نفاست سے سیٹ کرتے ہوئے اس نے ایک نظر خو دکو آئینے میں دیکھا۔ اس کے چہرے پر اداس مسکراہٹ آگئی۔آج اسے اپنے ماما ،بابا کی شدت سے یاد آرہی تھی ۔

کاش! آج آپ دونوں یہاں ہوتے۔۔۔زینب نے آنکھوں میں آئی نمی صاف کرتے ہوئے ہلکی سی آواز میں خود کلامی کی۔اگلے ہی پل آمنہ کا ہنستا مسکراتا چہرہ اس کی آنکھوں کے سامنے لہرایا۔

آمنہ!تم کیوں چلی گئی یار؟ مجھ معصوم جان پر چار بچوں کی ذمے داری ڈال کر۔تمہارے بچےتو پھر بھی کچھ سمجھ داری کا مظاہرہ کر لیتے ہیں لیکن میری ساس کے بیٹے سے میں بہت تنگ ہوں ۔۔۔وہ دل ہی دل میں آمنہ سے مخاطب تھی۔یک دم اس کا دل اداس ہو گیا تھا۔

ایک نظر ا س نے اپنا فون اٹھا کرٹائم دیکھا۔ایک بج چکا تھااور انہیں بارہ بجے یہاں سے نکلنا تھا۔وہ تیز تیز ہاتھ چلاتی اپنا سا را سامان سمیٹ رہی تھی۔ تبھی کمرے کا دروازہ کھلا اور حازب اندر داخل ہوا۔وہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا اس کے قریب آیا اور کچھ فاصلے پر کھڑا ہوا۔زینب نے ایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر اسے دیکھا۔وہ بلیک پینٹ شرٹ میں ملبوس نفاست سے بال سیٹ کیے اچھا خاصا ہینڈسم لگ رہا تھا ۔لیکن زینب کے دل نے بے ساختہ اعتراف کیا تھا کہ کل وائٹ شلوار قمیض میں وہ زیادہ ہینڈسم لگ رہا تھا ۔اگلے ہی پل اس نے اپنی نظریں ہٹا لیں ۔

لائیں مجھے دیں یہ ۔میں ہیلپ کر دیتی ہوں ۔۔۔زینب نے ہاتھ بڑھا کر اس کے ہاتھ سے کوٹ لیا اور اس کے پیچھے جا کر کھڑی ہوئی ۔حازب نے کوٹ پہن کر ایک نظر کوخود کو آئینے میں دیکھا۔اس کے چہرے پر ایک اداس سی مسکراہٹ آگئی۔کبھی یہ کام آمنہ کیا کرتی تھی۔

ماشاءاللہ! ۔۔۔آئینے میں اس کا عکس دیکھتے ہوئے زینب کے منہ سے بے ساختہ نکلا۔

چلیں؟۔۔۔حازب نے اپنا ہاتھ اس کی جانب بڑھایا۔زینب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

اپنی لمٹس میں رہیں ۔زیادہ خوش فہم ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔میں صرف فارمیلیٹی پوری کر رہی ہوں ۔۔۔وہ باقی کا سامان سمیٹ کر اپنا پاؤچ اٹھا تی باہر کے دروازے کی جانب بڑھی۔حازب نے بے ساختہ ہاتھ کا مکا بنا کردوسرے ہاتھ کی ہتھیلی پر مارا۔وہ اس کے کچھ دیر پہلے اور صبح والے رویے کو دیکھ کر واقعی خوش فہم ہوگیا تھا ۔

وہ اس کے پیچھے ہی باہر آیا۔ آتے ہوئے اس نے بیڈ پر پڑی زینب کی چادر بھی اٹھا لی جو وہ وہیں بھول گئی تھی۔تب تک وہ دوسرے کمرے کا دروازہ لاک کر چکی تھی۔حازب کے باہر آتے ہی اس نے اپنے کمرے کو بھی لاک کیا اور پھر وہ دونوں ایک ساتھ چلتے ہوئےباہر کی جانب بڑھے۔حازب نے نوٹ کیا تھا کہ زینب سے ہیل میں ٹھیک سے چلا نہیں جارہا لیکن وہ خاموشی سے چلتا رہا۔باہر کے دروازے کے پاس پہنچ کر اس نے اپنے ہاتھ میں پکڑی چادر بہت نرمی سے اس کے شانوں کے گرد پھیلادی۔

میں اپنی لمٹس میں ہی ہوں اور خوش فہم تو بلکل نہیں ہوں ۔بس فارمیلیٹی پوری کر رہا تھا۔۔۔زینب کے کچھ بھی بولنے سے پہلے ہی حازب نے اسے لاجواب کر دیا۔زینب کو خواہ مخواہ شرمندگی نے آن گھیرا۔اگلے بندےکو اتنا بھی نہیں تپا نا چاہیے کہ وہ آپ کی ہر صحیح بات سے بھی غلط مطلب نکال لے۔

میں شکریہ ادا کرنے لگی تھی لیکن آپ کی یہ ہر بات کا غلط مطلب نکالنے والی عادت۔اب میں کوئی شکریہ نہیں کہہ رہی۔۔۔خفگی سے کہتی وہ اپنی میکسی کو تھوڑا سا اوپر اٹھاتی باہر چلی گئی۔حازب نے باہر آکر دروازہ لاک کیا اور ایک نظر دونوں ہاتھوں سے اپنی میکسی تھامے کھڑی زینب پر ڈالی۔آس پاس گزرتے کچھ لوگوں نے حیرت بھری نظروں سے اس انوکھے جوڑے کو دیکھا۔لیکن وہ دونوں ا س سب سے بے نیاز اپنی گفتگو میں مصروف تھے۔

اگر ہیل میں کمفرٹیبل نہیں ہو تو جوتا چینج کر لو ۔۔۔حازب نے کھلے دل سے آفر کی۔زینب نے ایک کھا جانے والی نظر اس پر ڈالی۔حالانکہ اسٹریپس اس سے ٹھیک سے بند نہیں ہوئی تھیں ۔

اب عین ٹائم پر جوتا چینج کرنے بیٹھ جاؤں ۔حد ہے ویسے۔۔۔وہ تپ ہی تو گئی تھی۔حازب نے ایک بار پھر اپنا ہاتھ اس کے سامنے کیا۔

گاڑی تک میرا ہاتھ تھام کر چل لو۔میں جانتا ہوں تم سے ٹھیک سے چلا نہیں جارہا ۔۔۔زینب نے ایک نظر اس کے بڑھے ہوئے ہاتھ کو دیکھا۔پھر نفی میں سر ہلایا۔

ضدی تم اتنی ہو کہ میری بات ماننی نہیں ۔۔۔ہلکی سی خفگی سے کہتے حازب نے اپنے قدم آگے بڑھائے۔جب زینب نے آگے بڑھ کر اس کا بازو تھام لیا۔

سنیں نا ! میں بتانا بھول گئی تھی کہ مجھے ہیل پہن کر چلنا نہیں آتا۔ اب ایسے اچھا تھوڑی لگتا کہ میں منہ پھاڑ کر کہتی کہ مجھے ہیل نہیں پہننی۔۔۔معصومیت سے کہتے وہ حازب کو مسکرانے پر مجبورکر گئی۔

وہ دونوں ایسے ہی چلتے ہوئے گلی سے باہر کھڑی اپنی گاڑی کے پاس آئے۔حازب نے اس کے لیے گاڑی کا دروازہ کھولا ۔ اس کے اندر بیٹھتے ہی دروازہ بند کیا اور دوسری طرف آکر ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا۔گاڑی اسٹارٹ کر تے ہوئے اس نے ایک نظر زینب کو دیکھا ۔وہ اپنی ہیل کی اسٹریپس کھول کر پیر باہر نکال چکی تھی۔ ایک تو ہیل ، اوپر سے اسٹریپ ٹھیک سے بند نہ ہونے کی وجہ سے ابھی سےا س کے پیر دکھنا شروع ہو چکے تھے۔تاسف سے سر جھٹکتے حازب نے گاڑی آگے بڑھائی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ دونوں جیسے ہی میرج ہال پہنچے تو تیمور گیٹ کے باہر ہی کھڑ اا ن کا انتظار کر رہا تھا۔حازب نے گاڑی ایک سائیڈ پر پارک کرتے ہوئے اسے ہاتھ کے اشارے سے اپنے پاس بلایا۔وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اس کے پاس آیااور ڈرائیونگ سیٹ کی ونڈو پر دونوں بازو رکھے تھوڑا سا نیچے جھکا۔

خادم حاضر ہے۔عالی جاہ! کوئی خدمت ہمارے لائق۔۔۔وہ نہایت عاجزانہ لہجے میں بولا۔حازب نے ذرا سی گردن موڑ کر اسے دیکھا۔

میری دولہن کو میں خود ہی اندر لے جاؤں یا کوئی خاتون اس کام میں ہیلپ کر دیں گی؟۔۔۔اسے سمجھ ہی نہیں آرہا تھا کہ کیسے کہے کہ اندر سے کسی اللہ کی بندی کو بلا دو۔

یہ تو آپ اپنی دولہن سے پوچھ لیں ۔اگر یہ کمفرٹیبل ہیں تو سماج کو کوئی مسئلہ نہیں۔۔۔تیمور نے ایک نظر اس کے برابر میں بیٹھی زینب کو دیکھا۔

تیمور بھائی !بچے کدھر ہیں ؟۔۔۔زینب نے بے چینی سے پوچھا۔وہ دونوں بھائی صرف تاسف سے سر ہلا کر رہ گئے۔دولہن کو ابھی بھی بچوں کی ہی پڑی ہوئی تھی۔

زینب! میں بچوں کو پاکٹ میں لے کر تھوڑی گھوموں گا۔ظاہر ہے وہ اندر ہی ہوں گے نا۔۔۔تیمور خاصے تپے ہوئے انداز میں بولا۔حازب نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی۔

ٹھیک ہے ! یہ بات آپ آرام سے بھی بتا سکتے تھے ۔اس میں اتنا ہائپر ہونے والی کیا بات ہے؟۔۔۔بے نیازی سے شانے اچکا کر کہتی وہ نیچے جھکی اور اپنا جوتا پہننے لگی۔تیمور صرف دانت پیس کر رہ گیا۔

حازب! یہ اسٹریپس اب بند نہیں ہو رہیں ۔۔۔کافی زور آزمائی کرنے کے بعد بھی جب اسٹریپس بند نہیں ہوئیں تو خاصے جھنجھلائے ہوئے انداز میں کہتی وہ سیدھی ہوئی۔حازب آہستہ سے نیچے جھکا اور اس کےدائیں پیر میں پہنی بلیک اور گولڈن ہیل کی اسٹریپ بند کی۔زینب کے ساتھ ساتھ تیمور کی آنکھیں بھی حیرت سے پھیلیں ۔

دوسرا پیر بھی آگے کرو۔۔۔ اسی طرح جھکے ہوئے اس نے زینب کو دوسرا پیر آگے کرنے کا کہا۔وہ کسی شاک کی سی کیفیت میں اسے دیکھ رہی تھی۔وہیں جھکے ہوئے حازب نے ایک بار پھر اسے دوسرا پیر آگے کرنے کا کہا لیکن وہ تو جیسے سن ہی نہیں رہی تھی۔اس نے سیدھا ہوتے ہوئے ایک نظر زینب پر ڈالی اور پھر خاموشی سے گاڑی کا دروازہ کھول کر باہر نکلا۔

باہر آکر اس نے زینب کی طرف کا دروازہ کھولا لیکن اس کے باہر نکلنے سے پہلے ہی وہ نیچے جھکا اور اس کے دوسرے جوتے کی اسٹریپ بھی بند کی۔پھر سیدھا ہوکر اپنے ہاتھ جھاڑتے ہوئے اس نے زینب کی جانب اپنا ہاتھ بڑھایا۔زینب نے کسی ٹرانس کی سی کیفیت میں اسے دیکھا اور غیر ارادی طور پر اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ دیا۔

ایک منٹ رکو۔۔۔حازب نے اس کا ہاتھ تھام کر دوسرے ہاتھ سے اس کی میکسی ایک سائیڈ سے اٹھائی۔زینب دوسری جانب سے اپنی میکسی اٹھائے باہر نکلی۔تیمور بھی اس طرف آچکا تھا۔اس نے ایک نظر ان دونوں کو دیکھا اور اگلے ہی لمحے وہ زور زور سے تالیاں بجانے لگا ۔

واہ شیمپی واہ!۔۔۔حازب کو دیکھتے ہوئے اس نے ستائش بھرے لہجے میں کہا۔ان دونوں نے بے ساختہ ایک دوسرے کی جانب دیکھا۔

حد ہے یار!یہ سین کری ایٹ کرنا تھا تو مجھے بتا دیتے میں اپنی آنکھوں کے آگے ہاتھ رکھ لیتا۔۔۔وہ اب جان بوجھ کر انہیں بھگو بھگو کر مار رہا تھا۔حازب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا اور زینب کا ہاتھ تھامے اند رکی جانب بڑھ گیا۔تیمو رنے بے ساختہ ان دونوں کی پشت کو گھورا۔

عجیب پاگل ہیں دونوں!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑا تے ہوئے وہ ان کے پیچھے ہی اندر کی جانب بڑھ گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ دونوں جیسے ہی ہال کے دروازے سے اندر داخل ہوئے سب مہمانوں کی نظریں بے ساختہ ان کی جانب اٹھیں ۔حازب کا ہاتھ تھامے وہ اعتماد سے چلتی ہوئی اسٹیج تک آئی۔لوگوں کی آپس میں سرگوشیاں شروع ہو چکی تھیں ۔نائلہ بیگم پہلے ہی ماریہ اور ا س کی ساس کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھیں ۔ ایزل کو ماریہ نے اٹھایا ہوا تھا۔انہیں دیکھ کر نائلہ بیگم اپنی جگہ سے کھڑی ہوئیں ۔زینب نے مسکراتے ہوئے انہیں سلام کیا اور ان کے گلے لگی۔

ماشاءاللہ میری بچی کتنی پیاری لگ رہی ہے۔۔۔انہوں نے محبت سے کہتے ا س کا سر چوما اور ایک نظر اس کے برابر میں کھڑے حازب کو دیکھا جس نے آگے بڑھ کر آہستہ سے انہیں اپنے ساتھ لگایا۔

کیسی ہیں آپ؟۔۔۔نائلہ بیگم نے محبت سے اس کی پیشانی چومی اور ایک نظر صوفےپر ماریہ کے برابر میں بیٹھی زینب کو دیکھا۔وہ ماریہ کی ساس سے ان کا حال احوال پوچھ رہی تھی۔ایزل اسے دیکھتے ہی اس کی گود میں آنا چاہ رہی تھی ۔

الحمدللہ! میں بلکل ٹھیک ہوں ۔تم بتاؤ اتنا لیٹ کیسے ہوگئے۔۔۔انہوں نے مسکرا کر کہتے آخر میں ان کے لیٹ آنے کی وجہ پوچھی۔

وہ دراصل زینی کا ڈریس چینج کروانے چلےگئے تھے۔غلطی سے کسی اور کا ڈریس آگیا تھا ۔وہیں دیر ہوگئی تھی ہم لوگ تقریباََ ڈیڑھ بجے کے قریب تو گھر سے نکلے تھے۔۔۔حازب نے انہیں ساری بات بتائی ۔نائلہ بیگم نے آہستہ سے اس کا کندھا تھپکا۔

اچھا اب جاؤ اپنے بابا سے بھی مل لو ۔بچے بھی وہیں ہیں انہیں یہاں بھیج دینا۔۔۔ان کی بات پر آہستہ سے سر ہلاتا وہ آگے آیا اور ماریہ کی گود سے ایزل کو لیا۔

ایزل بےبی! چلو ہم بابا کا ولیمہ انجوائے کرتے ہیں ۔ان لیڈیز کو رہنے دو یہیں ۔۔۔محبت سے اس کا گال چوم کر کہتے اس نے ایک نظر زینب کو دیکھا جو ماریہ سے باتوں میں مصروف تھی ۔اس کی بات پر ایز ل نے فوراََ نفی میں سر ہلایا اور دوبارہ زینب کی جانب دونوں بازو بڑھائے۔

زینب نے معصوم سی شکل بنا کر حازب کو دیکھا۔اتنے بھاری ڈریس میں وہ ایزل کو نہیں اٹھا سکتی تھی ۔ اس کی سچویشن سمجھتا وہ ایزل کو لیےاسٹیج سے نیچے اترا اورمردوں والی سائیڈ پر چلا گیا۔اس کے جاتے ہی نائلہ بیگم وہیں زینب کے پاس بیٹھ گئیں۔ماریہ کی ساس اپنی کسی جاننے والی خاتون کو دیکھ کر ان کے پاس چلی گئیں ۔

بھابھی! آپ کی ساس کی مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی۔ہر تیسرے بندے سے ان کی رشتے داری نکل آتی ہے۔۔۔زینب نے تھوڑا سا ماریہ کی جانب جھک کر ہلکی سی سرگوشی کی۔

شرم کر لو! ۔۔۔ماریہ نے ایک ہلکی سی چپت ا س کے کندھے پر لگائی ۔

آنٹی ! وہ خاتون کون ہیں ؟کب سے مجھے دیکھ رہی ہیں ۔اب اریٹیشن ہورہی ہے ۔۔۔زینب نے برا سا منہ بناتے ہوئے نائلہ بیگم سے پوچھا۔جنہوں نے ایک نظر سامنے صوفے پر بیٹھی اپنی نند کو دیکھا ۔جو زینب کو دیکھ کم اور گھور زیادہ رہی تھیں ۔

حازب کی چھوٹی پھپھو ہیں۔کافی سال بعد پاکستان آئی ہیں ۔ویسے مستقل طو ر پر ان کی ساری فیملی دوبئی ہوتی ہے ۔۔۔نائلہ بیگم نے اشارے سے اپنی نند کو اسٹیج پر بلایا۔

اچھااااا۔۔۔لیکن یہ مجھے ایسے کیوں گھور رہی ہیں ؟۔۔۔وہ چڑ کر بولی تھی۔

ان کے سامنے کوئی الٹی سیدھی بات نہیں کر نی۔۔۔نائلہ بیگم نے ہلکی سی تنبیہہ کی ۔زینب نے آہستہ سے سر ہلایا۔وہ خاتون اسٹیج پر آئیں تو ماریہ اس کے پاس سے اٹھ کر ساتھ والے صوفے پر بیٹھ گئی۔

اسلام علیکم! پھپھو! ۔۔۔زینب نے مسکراتے ہوئے سلام کیا۔وہ خاتون آکر اس کے پاس بیٹھ گئیں ۔سلام کا جواب دے کر انہوں نے ایک طنز بھری نظر نائلہ بیگم پر ڈالی۔

ویسے نائلہ میری بیٹی میں کیا کمی تھی جو تم نے اپنی بہو کی بہن کو ا س پر ترجیح دی۔پڑھی لکھی بھی ہے اور خوبصورت بھی ہے میری بیٹی۔چراغ لے کر بھی ڈھونڈتی تو ایسی بہو نہیں ملتی تمہیں ۔۔۔ان کی بات سن کر زینب نے بے ساختہ دانت پیسے نائلہ بیگم نے زبردستی مسکرا کر ان کی طرف دیکھا۔

آپ بھی کون سی باتیں لے کر بیٹھ گئی ہیں ۔ویسے بھی اب تو جو ہونا تھا ہوگیا۔آپ کی بیٹی کے نصیب میں یقیناََ حازب سے بھی اچھا ہمسفر ہو گا۔۔۔نائلہ بیگم نے آہستہ سے زینب کے گھٹنے پر ہاتھ رکھتے ہوئے اسے کچھ بھی بولنے سے منع کیا۔

خیر بہت بہت مبارک ہو۔خوش رہو ۔۔۔احسان کرنے والے اندا زمیں انہوں نے زینب کے سر پر ہاتھ رکھا اور وہاں سے کھڑی ہوئیں ۔پھر نائلہ بیگم کے روکنے کے باوجود بھی وہ نہیں رکی اور اسٹیج سے نیچے اتر گئیں ۔زینب کا موڈ بری طرح خراب ہو چکا تھا۔ان کے جاتے ہی وہ نائلہ بیگم کی جانب مڑی۔

آنٹی ! یہ کیا تھا۔سارا موڈ اسپائل کر دیا آپ کی نند نے۔۔۔خفا خفا سے انداز میں کہتی وہ رخ پھیر کر بیٹھ گئی۔ماریہ خاموشی سے یہ سب دیکھ رہی تھی ۔وہ دوبارہ اس کے پاس بیٹھی۔

زینی! ریلیکس ۔کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔۔۔اس نے زینب کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر اسے پر سکون کرنے کی کوشش کی ۔نائلہ بیگم یک دم خاموش ہوگئی تھیں ۔انہیں اپنی نند کے رویے پر دکھ ہوا تھا۔زینب نے انہیں خاموش دیکھ کر آہستہ سے اپنا سر ان کے شانے سے ٹکایا۔

آنٹی! آپ ان خاتون کی باتوں کو دل پر مت لیں یار۔ہم نے ان کی بیٹی جیسی بہو تلاش ہی کیوں کرنی ہے۔خواہ مخواہ چراغ کا تیل بھی ضائع ہو گا۔۔۔اس کی بات پر نائلہ بیگم اور ماریہ کی بے ساختہ ہنسی چھوٹی۔

تم باز نہ آنا اپنی حرکتوں سے ۔آج کے دن ہی انسانوں کی طرح بی ہیو کر لو۔۔۔ماریہ نے اسے سیدھا کر کے بٹھایا اور ا س کی پیشانی پر سجا ٹیکا درست کیاجو ٹیڑھا ہو گیا تھا۔

میرے پترپتہ نہیں کہاں ہیں ۔ابھی تک نہیں آئے۔۔۔زینب کو ایک بار پھر اپنے پتروں کی فکر ہوئی تھی۔

وہ دیکھو !۔۔۔ماریہ نے سامنے اشارہ کیا وہ دونوں اسٹیج کی سیڑھیوں کی بجائے دوسری سائیڈ سے اوپر چڑھتے ہوئے بھاگ کر زینب کے پا س آئے۔

خالہ ماما!اتنا ٹائم بھی کوئی لگاتا ہے۔۔۔احمد اس کے پاس کھڑا خفگی سے بولا۔زینب نے آہستہ سے اسے اپنے قریب کیا اور محبت سے اس کا گال چوما۔

پتر جی سوری!۔۔۔ہلکا سا مسکراتے ہوئے اس نے احمد کے دونوں کان پکڑے۔جس نے برا سا منہ بنایا۔ارحم نائلہ بیگم کے پاس کھڑا تھا۔

دوادو! خالہ ماما اتنی پیاری کیسے لگ رہی ہیں ۔۔۔ارحم نے ایک نظر زینب کو دیکھ کر نائلہ بیگم سے پوچھا۔

لگنے والی کیا بات ہے ؟آپ کی خالہ ماما تو ہیں ہی پیاری۔۔۔نائلہ بیگم نے مسکراتے ہوئے جواب دیا اور وہاں سے اٹھیں ۔

ارحم نے احمد کو دھکا دیتے ہوئے پیچھے ہٹایا اور خود زینب کے پاس کھڑا ہوا۔احمد کا سر بری طرح نیچے لگتا اگر ماریہ نے اسے نہ پکڑا ہوتا۔نائلہ بیگم کو کسی رشتے دار خاتون نے بلایا تو وہ ان کے پاس چلی گئیں ۔

آرام سے پتر جی۔ابھی احمد برو کو چوٹ لگ جاتی۔۔۔زینب نے اسے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے ہلکی سی خفگی سے کہا۔ارحم نے اس سے الگ ہو کر دونوں ہاتھوں سے اس کا چہرہ تھاما اور اس کی پیشانی چومی۔احمد ماریہ کے دوسری طرف موجود صوفے پر بیٹھا سب بھلائے اسے اپنی باتیں سنانے میں مصروف ہوچکا تھا۔

خالہ ماما! آپ کو پتہ ہے بابا کے فرینڈز انہیں زن مرید کہہ رہے تھے۔وہ کون ہوتا ہے؟۔۔۔ارحم نے خوش ہوتے ہوئے بتایا اور آخر میں تجسس سے مجبور ہو کر سوال پوچھا۔اس کی بات پر بے ساختہ ہی زینب کی آنکھوں کے سامنے کچھ دیر پہلے کا منظر لہرایا۔اس کاچہرہ خفت سے سرخ پڑا۔

پتر جی ! مجھے خود نہیں پتہ ہم گھر جا کر بابا سے پوچھیں گے۔ابھی آپ یہاں بیٹھ جاؤ میرے پاس۔۔۔زینب نے اسے اٹھا کر اپنے ساتھ بٹھایا۔ارحم نے مزید کوئی سوال نہیں کیا۔اس کے بازو سے سر ٹکائے وہ آہستہ سے اپنی آنکھیں بند کر گیا۔ وہ جب سے آیا تھا ایک منٹ کے لیے بھی تو سکون سے بیٹھا نہیں تھا۔

زن مرید!۔۔۔سیریسلی؟ ۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑائی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایک مہینے بعد۔۔۔

زندگی ایک بار پھر معمول پر آگئی تھی ۔زینب بچوں کے سارے کام کرنے کے ساتھ ساتھ حازب کی بھی ہر ضرورت کا خیال رکھتی تھی ۔ان دونوں کا رشتہ بھی عجیب موڑ پر آ کر کھڑا تھا۔حازب نے اس کا فیصلہ اب زینب پر چھوڑ دیا تھا۔وہ دونوں ہی اپنے دل کی بدلتی کیفیت سے انجان بنتے زندگی کی دوڑ میں شامل ہوچکے تھے۔

ڈنر کرنے کے بعد وہ کچن میں سارا پھیلاوا سمیٹ رہی تھی ۔ایزل اس کے کمرے میں سورہی تھی۔بچے دوسرے کمرے میں بیٹھے اسکول کا کام کر رہے تھے۔حازب بھی ان کے پاس بیٹھا اپنے فون کی اسکرولنگ میں مصروف تھا۔ حالانکہ وہ یہاں بیٹھا انہیں اسکول کا کام کروانے کے لیے تھا۔جب کافی دیر تک زینب واپس نہیں آئی تو حازب نے ایک نظر اپنے پاس پر بیٹھےاحمد کو دیکھا۔

احمد ! جاؤ دیکھو خالہ ماما کہاں ہیں آپ کی ۔۔۔سرسری سے لہجے میں کہتا وہ دوبارہ فون کی جانب متوجہ ہوگیا۔

بابا! کچن میں ہی ہوں گی اور کہاں جائیں گی۔آپ مجھے ڈاٹس لگا کر دیں نوٹ بک پر۔۔۔احمد نے لا پرواہی سے کہتے اس کے سامنے نوٹ بک کی۔حازب نے اسے ایک گھوری سے نوازا۔وہ نوٹ بک ہاتھ میں لیے ڈاٹس لگا رہا تھا۔اپنا کام مکمل کر کے اس نے نوٹ بک احمد کے ہاتھ میں تھمائی اور وہاں سے کھڑا ہوا۔

بابا! آپ کہاں جارہے ہیں؟۔۔۔سوال ارحم کی طرف سے آیا تھا۔حازب نے اپنا جوتا پہن کر ایک نظر ان دونوں کو دیکھا۔

میں آپ کی خالہ ماما کو دیکھنے جارہا ہوں ۔ابھی تک ان کا کام ہی ختم نہیں ہوا۔۔۔ان دونوں سے کہتا آخر میں وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔دونوں بچوں نےآہستہ سے سر ہلایا۔حازب اپنا فون وہیں سائیڈ ٹیبل پر رکھے کمرے سے باہر آگیا۔

وہ کچن میں آیا تو زینب اپنے دھیان میں دھیمی آواز میں گنگناتی ہوئی برتن دھو رہی تھی۔ اپنے مخصوص انداز میں دوپٹہ گردن میں ڈالے ایپرن پہنے وہ سنک کے آگے کھڑی تھی۔ سارے برتن وہ تقریباََ دھو چکی تھی۔حازب کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ آگئی۔وہ وہیں کچن کے دروازے کے ساتھ ٹیک لگا کر کھڑا ہوگیا۔

اپنے اوپر کسی کی نظروں کا ارتکاز محسوس کر کے اس نے پیچھےمڑ کر دیکھا ۔ حازب کی مسکراہٹ مزید گہری ہوئی۔وہ ہاتھ میں پکڑا گلاس شیلف پر پٹختی پوری طرح اس کی طرف گھومی۔

آپ یہاں ؟۔۔۔اس نے بے ساختہ سوالیہ آئی برو اٹھائے ۔

ہاں ۔۔وہ پانی چاہیے مجھے ۔۔۔حازب نے فوراََ بہانہ بنایا۔سامنے کھڑی لڑکی نے آنکھیں چھوٹی کر کے اسے دیکھا۔شیلف پر پڑا گلاس اٹھا کر کھلے ہوئے نل سے پانی لیا اور نل بند کر کے اس کی طرف مڑی۔ایک نظر سامنے کھڑے اپنے شوہر کو دیکھا پھر ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر سجائے اس نے گلاس ہونٹوں سے لگایا۔دو تین گھونٹ لے کر اس نے گلاس حازب کی جانب بڑھایا۔

پانی پی کر باقی کے برتن بھی واش کر دیجئے گا۔صابن لگا ہوا ہے۔میں ذرا بچوں کو دیکھ لوں ۔۔۔ اپنا ایپرن اتار کر اس کے ہاتھ میں دیتے ہوئے وہ مزے سے کندھے اچکاتی اس کے سائیڈ سے گزرتی کچن سے باہر چلی گئی۔

یہ اچھی طرح جانتی ہے کہ میں کسی کا جوٹھا نہیں پیتا پھر بھی جان بوجھ کر یہ حرکت کر کے گئی ہے۔۔۔حازب نے بے ساختہ شیلف پر مکا مارا۔اس کی بات باہر جاتی زینب نے سن لی تھی تبھی کچن کے دروازے سے جھانک کر اس نے ایک تپانے والی مسکراہٹ لیے اس کی پشت کو دیکھا۔

بلکل سہی سمجھے آپ۔لیکن میں کسی تھوڑی ہوں ۔ میں تو آپ کی بیوی ہوں اور اپنی بیوی کا جوٹھا پینا سنت ہے۔۔۔اس سے پہلے کہ حازب پیچھے مڑتا وہ تیز تیز قدم اٹھاتی اندر جا چکی تھی۔حازب نے ایک جھٹکے سے گردن موڑ کر پیچھے دیکھا وہ کہیں نہیں تھی ۔اسے لگا شاید اس کے کان بج رہے ہیں ۔

یہ لڑکی ایک دن مجھے پاگل کر دے گی ۔۔۔تاسف سے سر جھٹک کر کہتا وہ ہاتھ میں پکڑا ایپرن پہنے سنک کے آگے کھڑا ہوا۔ اس گلاس میں موجود باقی پانی سنک میں گرا کر اس نے گلاس دھویا اور اس میں پانی لے کر وہیں شیلف کے پاس رکھے اسٹول پر بیٹھ کر ایک ہی گھونٹ میں پی گیا۔ پھر خالی گلاس شیلف پر رکھتے ہوئے وہ دوبارہ سنک کے سامنے کھڑا ہوا۔سنک میں پڑے برتن دھو کر اس نے اسٹینڈ میں سیٹ کیے ۔ وہ ایپرن اتار کر اسٹول پر رکھتا کچن سے باہر جانے لگا تھا لیکن پھر اگلے ہی لمحے اس کی آنکھیں شرارت سے چمکیں ۔اس نے شیلف پر پڑا گلاس اٹھایا اور اس میں پانی لے کر کچن سے باہر آیا۔

فریج کا دروازہ کھول کر اس نے دروازے میں پڑی کیلشیم کی گولیوں والی ڈبی باہر نکالی ۔ہاتھ کے انگوٹھے کی مدد سے اس کا ڈھکن کھول کر اس میں سے ایک گولی نکال کر گلاس میں ڈالی ۔ڈبی کا ڈھکن واپس لگاتے ہوئے اس نے فریج میں رکھی اور دوسرے ہاتھ سے آہستہ سے گلاس ہلاتا وہ اپنے کمرے میں آیا ۔ ایک نظر سامنے بیڈ پر بیٹھی زینب کو دیکھا وہ بچوں کو کام کروا رہی تھی۔

وہ آہستہ سے چلتا ہواآگے آیا اور ایک جتاتی ہوئی نظر زینب پر ڈال کر اس نے ہاتھ میں پکڑا گلاس ہونٹوں سے لگایا۔ ایک دو گھونٹ بھر کر وہ اس کے پاس آیا۔

یہ لو تم بھی پی لو ۔کیلشیم کی کمی پوری ہوجائے گی۔۔۔وہ قدرے سنجیدہ لہجے میں کہہ رہا تھا۔لیکن اس کی آنکھوں میں شرارت صاف ناچ رہی تھی۔زینب نے اسے گھورتے ہوئے نفی میں سر ہلایا۔

نہیں ! میں دودھ پی کر اپنی ساری کیلشیم کی کمی پوری کرلوں گی۔یہ مشروب آپ کو ہی مبارک ہو۔۔۔اس کی بات پر حازب کی بے ساختہ ہنسی چھوٹی۔اس نے تھوڑا سا جھک کر زینب کا گود میں رکھا ہاتھ اوپر اٹھایااور اسے گلاس تھما کر اس کا ہاتھ چھوڑا۔

یہ والا تو تمہیں پینا ہی پڑے گا کیونکہ ا س میں اضافی وٹامن سی ہے۔۔۔زینب نے ایک نظر گلاس میں جھانکا۔پھر بغیر کچھ کہے ایک ہی گھونٹ میں وہ اضافی وٹامن سی والا مشروب پی کر حازب کے ہی انداز میں ا س کا ہاتھ پکڑ کر گلاس اس کے ہاتھ میں رکھا۔حازب کا منہ حیرت سے کھلاتھا۔سامنے بیٹھی لڑکی نے آنکھوں میں تپانے والی چمک لیے اسے دیکھا۔

یہ اضافی وٹامن سی والا مشروب ہر روز مل سکتا ہے؟۔۔۔اس کی بات پر حازب نفی میں سر ہلاتا واپس صوفے پر چلا گیا۔اس بیچارے کی چال اسی پر الٹ گئی تھی۔حازب نے ہاتھ میں پکڑا گلاس وہیں ٹیبل پر رکھا ۔ارحم اور احمد اپنا کام چھوڑے ان دونوں کو ہی دیکھ رہے تھے۔

چپ چاپ اپنا کام کرو آپ دونوں ۔۔۔زینب نے تنبیہی نظروں سے انہیں دیکھا تو وہ خاموشی سے اپنا کام کرنے لگے۔حازب صوفے کی پشت سے ٹیک لگائے اسے ہی دیکھ رہا تھا۔زینب نے اسے سرے سے اگنور کیا لیکن اس کی نظریں مسلسل اسے تنگ کر رہی تھیں ۔

حازب!مجھے ایسے گھورنا بند کریں ۔۔۔وہ چڑ کر بولی۔

میں تو اپنا کام کر رہا ہوں ۔۔۔اس نے مزے سے کندھے اچکائے۔

آپ بہت بد تمیز ہیں !۔۔۔وہ تپ کر بولی۔

بلکل! لیکن آپ سے تھوڑا سا کم!ان شاء اللہ آپ کی صحبت میں رہ کر آپ کے جتنا بھی ہوجاؤں گا۔۔۔بچوں کا خیال کیے بغیر وہ دونوں شروع ہو چکے تھے۔

کتنے کیوٹ لگ رہے ہیں نا دونوں ۔۔۔احمد تھوڑا سا ارحم کے کان کے پاس جھکا۔جس نے بے ساختہ منہ کے زاویے بگاڑے۔

زہر لگ رہے ہیں برو! ان کو یہ بھی نہیں پتہ کہ بچوں پر کیا اثر پڑے گا؟۔۔۔ارحم کے اند رکا اصلاحی کیڑا جاگ چکا تھا۔

بورنگ انسان!۔۔۔سر جھٹک کر کہتا احمد دوبارہ اپنے کام میں مصرو ف ہوچکا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اگلے دن وہ بچوں کو اسکول ڈراپ کر کے واپسی پر اپنے سسرال چلی گئی تھی۔نائلہ بیگم سے ملے ہوئے اسے کافی دن ہوگئے تھے۔حازب نے اسے کال کر کے کہا تھا کہ آج بچوں کو وہ پک کر لے گا۔اس لیے وہ بھی ان کی طرف سے بے فکر ہوگئی تھی۔

نائلہ بیگم سے مل کر جب وہ گھر واپس آئی تو تقریباََ بارہ بج چکے تھے۔ایزل راستے میں ہی سو چکی تھی ۔اسے کمرے میں لیٹا کر وہ دوبارہ برآمدے میں ہی آگئی تھی۔اس نے حازب کو کال کر کے ایک بار یاد دلانا چاہا لیکن آگے سے اس کا نمبر ہی بند جارہا تھا۔وہ مسلسل ٹرائی کرتی رہی لیکن نجانے وہ کس کھائی میں فون پھینک کر بیٹھا ہوا تھا۔

وہ وہیں چار پائی بیٹھ گئی اور ایک تھکن زدہ سانس خارج کی۔اگلا ایک گھنٹہ بھی اسی انتظار میں گزر گیالیکن نہ حازب کا فون لگا اور نہ ہی اس نے کوئی میسج کیا۔اب اسے صحیح معنوں میں پریشانی ہوئی تھی ۔اس نے کچھ سوچ کر تیمور کو کال کی ۔دوسری رنگ پر ہی کال اٹھا لی گئی تھی۔

زینب! سب خیریت آپ نے اس وقت کال کی؟۔۔۔دوسری جانب سے تیمور نے قدرے سنجیدگی سے پوچھا۔

تیمور بھائی وہ حازب ۔۔۔میرا مطلب بچے گھر نہیں آئے ابھی تک ۔۔۔کافی ٹائم ہوگیا ہے اوپر سے حازب میری کال بھی نہیں پک کر رہے ۔۔۔زینب کی فکر مند سی آواز پرتیمور نے ایک نظر اپنے سامنے والی کرسی پر بیٹھےحازب کو دیکھا جو ارحم اور احمد کے ساتھ باتوں میں مگن تھا۔ان دونوں کے بیگ وہیں ٹیبل پر پڑے ہوئے تھے۔آئسکریم کھانے کے دوران یونیفارم آگے سے پوری طرح گندہ ہو چکا تھا۔

آپ دومنٹ ویٹ کریں میں آپ کو کال بیک کرتا ہوں۔۔۔سنجیدگی سے کہتے اس نے کال کٹ کی اور ان تینوں کی ایک ویڈیو بنا کر زینب کو سینڈ کی۔نیچے کیپشن میں آزاد پنچھی لکھا ۔ ایک مذاق اڑانے والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب زینب کے غصےکا گراف وہ ویڈیو دیکھ کر مزید بڑھ چکاتھا۔اس نے اگلے ہی پل ایک بار پھر حازب کا نمبر ملایا۔اب کی بار کال اٹھا لی گئی تھی اور دوسری جانب سے حازب کی بوکھلائی ہوئی آواز سنائی دی۔

ایم سوری ! مجھے ٹائم کا پتہ ہی نہیں چلا ۔تم پریشان مت ہو ہم لوگ بس ابھی نکل رہے ہیں ۔آدھے گھنٹے میں پہنچ جائیں گے۔۔۔اس کی کوئی بھی بات سنے بغیر حازب نے جلدی سے کہہ کر کال کٹ کر دی۔اس کی حرکت پر زینب نے بے ساختہ دانت پیسے۔

بدتمیز انسان!۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑائی ۔ فون وہیں چار پائی پر پھینکتی عصر کی نماز کے لیے وضو کرنے چلی گئی ۔کچھ دیر بعد وہ نماز کے اسٹائل میں دوپٹہ لیے اپنے کمرے میں موجود تھی۔اندر سے کمرہ لاک کر کے اس نے جائے نماز بچھایا اور نماز شروع کی ۔

تقریباََ آدھے گھنٹے بعد وہ دونوں بچوں کو لیے گھر میں داخل ہوا۔ان کے بیگ دونوں طرف کندھوں پر لٹکائے ان کا ہاتھ تھامے وہ صحن پار کر کے برآمدے میں آیا۔وہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔زینب ابھی تک اپنے کمرے سے باہر نہیں آئی تھی۔حازب نے دونوں کے بیگ ان کے حوالے کیے تو وہ دونوں اچھے بچوں کی طرح بیگ لیے اپنے کمرے کی طرف چلے گئے ۔وہ وہیں چارپائی پر بیٹھ گیا۔

ابھی وہ وہیں بیٹھا ہوا تھا جب زینب کے فون کی رنگ ٹون سنائی دی۔اس نے ایک نظر فون پر چمک رہے نمبر پر ڈالی اور کال اٹھانے کی بجائے کال کٹ کر دی ۔دو تین دفعہ کال کٹ کرنے پر بھی جب دوسری طرف موجود انسان نے کال کرنا بند نہیں کی تو حازب نے تنگ آکر کال اٹھا لی ۔لیکن دوسری جانب کی بات سن کر اگلے ہی پل اس کے چہرے کے نقوش تن چکے تھے۔

زینب ڈارلنگ! زیادہ دیر تک تم مجھ سے بھاگ نہیں سکو گی۔ویسے بھی وہ معمولی سا جنرل اسٹور چلانے والا تمہارا شوہر کیا ہی بگاڑ لے گا میرا؟اور اگر تم یہ سمجھ رہی ہو کہ میرا فون نہیں اٹھاؤ گی تو میں تمہارا پیچھا چھوڑ دوں گاتو یہ تمہاری بھول ہے ۔ فرقان قریشی نام ہے میرا۔۔۔وہ اپنی ہی دھن میں کہہ رہا تھا اور آخری بات کر کے اس نے کی تھی اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی۔

بے اختیار حازب کی گرفت فون پر مضبوط ہوئی ۔غصے کی زیادتی سے سرخ پڑتی آنکھوں کے ساتھ اس نے زینب کے کمرے کے دروازے کو دیکھا اور ایک جھٹکے سے کال کٹ کر دی ۔لیکن فرقان کی باتیں مسلسل اس کے ذہن میں گونج رہی تھیں اگلے ہی لمحے اس نے ہاتھ میں پکڑا فون زور سے سامنے دیوار پر دے مارا۔اس کا غصہ کسی طور کم نہیں ہورہا تھا۔یہ خیال ہی اتنا جان لیوا تھا کہ اس کی موجودگی میں اس کی بیوی کو کوئی دھمکیاں دے رہا تھااور وہ اس سب سے غافل تھا۔

ماتھے کی تنی رگوں کے ساتھ سرخ آنکھیں لیے وہ وہاں سے اٹھا اور زینب کے کمرے کی جانب بڑھا۔کمرے کا دروازہ آہستہ سے کھول کر اپنے دھیان میں باہر نکلتی زینب زور سے اس کے سینے سے ٹکرائی۔حازب نے غصے سے اس کا بازو دبوچ کر اسے اپنے سامنے کھڑا کیا ۔زینب تو اس افتاد پر بری طرح بوکھلا گئی تھی ۔لیکن مقابل کی سرخ آنکھوں میں دیکھتے ہی اسے کچھ غلط ہونے کا احساس ہوا۔اس نے ایک نظر حازب کے ہاتھ میں جکڑے اپنے بازو کو دیکھا۔

حازب! ۔۔۔میرا بازو۔۔درد۔۔۔رک رک کر الفاظ ادا کرتے اس کے منہ سے ہلکی سی سسکی نکلی۔آنکھوں میں آنسو جمع ہونے شروع ہوچکے تھے۔اسے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ آخر اچانک وہ کس بات پر اتنا غصہ تھا۔

فرقان قریشی کو کیسے جانتی ہو تم؟۔۔۔وہ غصیلی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے پوچھ رہا تھا۔سامنے کھڑے لڑکی کی آنکھوں میں دکھ اور بے یقینی ایک ساتھ اتری تھی۔

آپ مجھ پر شک کر رہے ہیں ؟۔۔ ۔ اس کی صدمے میں ڈوبی ہوئی آواز حازب کو سنائی دی۔زینب کے لیے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا مشکل ہوگیا تھا۔اگر حازب نے اسے پکڑ نہ رکھا ہوتا تو وہ وہیں گر جاتی۔

میں نے پوچھا ہے کہ تم فرقان کو کیسے جانتی ہو؟ ۔۔۔مقابل اب کی بار غصے سے دھاڑا تھا۔ زینب کا بازو ابھی تک اس کی گرفت میں تھا۔

میرا یقین کریں میں بس آپ کو بتانے ہی والی تھی حازب وہ ۔ ۔۔زینب کی خوف سے کانپتی ہوئی آواز حازب کو سنائی دی۔لیکن اگلے ہی پل حازب نے ایک جھٹکے سے اس کا بازو چھوڑا۔ زینب کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو ٹوٹ کر اس کے گالوں پر بہنے لگے۔حازب نے ضبط سے مٹھیاں بھنچتے کوفت سے اسے دیکھا۔

رونا بند کرو!۔۔۔وہ سخت لہجے میں بولا۔ زینب نے ہاتھ سے رگڑ کر اپنے آنسو صاف کیے۔ ایک تو دونوں بہنیں رونے کے لیے تیار بیٹھی ہوتی تھیں ۔آمنہ کے رونے پر بھی اسے ایسے ہی تپ چڑھتی تھی۔

کمرے کے دروازے میں کھڑےدونوں بچے بھی ایک لمحے کے لیے سہم گئے تھے۔حازب کو یوں زینب پر غصہ کرتے دیکھ کر وہ دونوں فوراََ ان کے پاس آئے۔

بابا! خالہ ماماکو کیوں ڈانٹ رہے ہیں آپ؟۔۔۔احمد روہانسا ہو گیا تھا۔زینب نے ایک نظر حازب کو دیکھااور پھر ان دونوں کی جانب مڑی۔

پتر جی! آپ دونوں سمیر کے ساتھ جا کر کھیلو۔ و ہ آپ کو بلانے آیا تھا ۔۔۔زینب نے جان بوجھ کرجھوٹ بولا۔ وہ دونوں ایک خفا سی نظر حازب پر ڈال کر باہر چلے گئے ۔

حازب کو رہ رہ کر زینب پر غصہ آرہا تھا ۔یہ چیز اس کی تربیت میں شامل نہیں تھی ورنہ دل تو چاہ رہا تھارکھ کر دو تین تھپڑ اسے لگائے۔تاکہ آئندہ اس سے کوئی بھی بات چھپانے سے پہلے سو بار سوچے۔

کمرے میں جاکر بات کرتے ہیں پلیز۔۔۔وہ ہلکا سا منمنائی ۔لیکن حازب نے تو جیسے اس کی بات سنی ہی نہیں تھی ۔

میں جو پوچھوں گا اس کا جواب مجھے ہاں یا ناں میں چاہیے۔اگراس کے علاوہ تمہاری زبان سے ایک لفظ بھی نکلا تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا۔۔۔وہ ایک بار پھر ا س کا بازو پکڑ چکا تھا۔ لیکن اب کی بار گرفت تھوڑی کم تھی۔ زینب نے اب کی بار کوئی مزاحمت نہیں کی۔وہ صرف پلکیں جھپکائے بغیر حازب کو دیکھ رہی تھی۔وہ کبھی اتنے غصے میں نہیں ہوتا تھا۔ایزل کے رونے کی آواز پر وہ جیسے ہوش میں آئی تھی۔

حازب!۔۔۔ایزل اٹھ گئی ہے۔میرا بازو چھوڑیں میں ۔۔۔اس نے اپنا بازو چھڑوانا چاہا۔

رونے دو اسے۔لیکن جب تک میری بات مکمل نہیں ہوجاتی تم یہاں سے کہیں نہیں جاؤ گی ۔۔۔وہ دبے دبے غصے سے چلا یا تھا۔سامنے کھڑی لڑکی اندر تک کانپ کر رہ گئی ۔زخمی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے زینب نے ایک جھٹکے سے اپنا بازو چھڑوایا۔حازب نے آنکھیں سکیڑ کر اسے دیکھا۔لیکن خا موش رہا۔ایزل کے رونے کی آواز مسلسل آرہی تھی۔

دو مہینے سے مجھے کسی ان ناؤن نمبر سے کالز آرہی تھیں ۔اس کے بعد سے ہی دو تین بار گھر واپس آتے ہوئے فرقان نے میرا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی۔ہر بار وہ صرف ایک ہی بات کہتا تھا کہ میں نے اس کے ساتھ اچھا نہیں کیا ۔اس کا پرپوزل ری جیکٹ کر کے۔لیکن جب ہماری شادی ہوگئی اس کے بعد سے ان کالز کا سلسلہ رک گیا۔لیکن پرسوں جب میں بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آئی تھی تو فرقان پھر مجھے گلی کے کونے پر ملا تھا۔پھر سے وہی بات دہرا رہا تھا۔لیکن جب ۔۔۔وہ اب اچھے بچوں کی طرح ساری بات بتارہی تھی۔

بہت اچھی بات ہے زینی ۔یہ بات تم مجھے ابھی بھی نہ بتاتی تو کون سی آخر آجانی تھی؟۔۔۔ اس کی بات درمیان میں ہی کاٹتے ہوئے وہ دانت پیس کر بولا تھا۔ایک غصے بھری نظر زینب پر ڈال کر وہ وہاں سے ناک آؤٹ کرنے والا تھا۔

حازب میری پوری بات تو سن لیں ۔۔۔زینب نے اسے روکنا چاہا ۔ابھی اس کی بات مکمل بھی نہیں ہوئی تھی اور وہ یوں نہیں جاسکتا تھا۔

مجھے کوئی بات نہیں سننی ۔میں جارہا ہوں یہاں سے ۔تمہیں لگتا ہے نا کہ تم سب کچھ اکیلے ہینڈل کر سکتی ہو تو یہ شوق بھی پورا کر لواور خبردار مجھے کال کی تو ۔۔۔دبے دبے غصے سے کہتا وہ انگلی اٹھا کر اسے وارننگ دے رہا تھا۔اس کے بعدحازب مزید ایک منٹ بھی وہاں نہیں رکا تھا۔زینب کی آنکھوں میں بے اختیار آنسو آگئے ۔

برآمدے کا دروازہ پار کرتے ہوئے اس نے اپنا فون نکال کر کسی کو کال کی تھی جو دوسری رنگ پر ہی اٹھالی گئی تھی۔ فون کان سے لگاتے ہوئے اس نے باہر کے دروازے کی جانب قدم بڑھائے۔

شاہ صاحب! آپ کی باکسنگ کی پریکٹس کیسی جارہی ہے؟۔۔۔اس نے سنجیدگی سے پوچھا۔دوسری جانب سے شاید کچھ کہا گیا تھا۔

فرقان قریشی۔ایڈرس میں بس پانچ منٹ میں سینڈ کرتا ہوں ۔۔۔دوسری جانب موجود اس کے دوست نے اس سےکچھ پوچھا تھا۔حازب نے دروازہ کھول کر باہر قدم رکھتے ہوئے نفی میں سر ہلایا۔

اونہوں! دنیا سے نہیں اٹھانا ۔ بس تھوڑی سی سروس کردیں ۔۔۔سپاٹ لہجے میں کہتے اس نے کال کٹ کر دی۔اب شاہ صاحب خو دہی ہینڈل کر لیتے سب۔

وہ کسی فلم یا ڈرامے کا ہیرو تو نہیں تھا جو خود ہی فرقان جیسے گھٹیا لوگوں سے لڑنے پہنچ جاتا۔وہاں جا کر چند ایک دھمکیاں اور دو تین سنگین وارننگز دیتا جن میں میری بیوی کی تکرار شامل ہوتی ۔وہ حازب شاہد تھا۔تیمور اگر جانتا تھا کہ سامنے والے کی کونسی نس دبا کر اپنا کام نکلوانا ہے تو حازب بھی اسی کا بھائی تھا۔لوگوں کو چاہیے کہ حازب شاہد کو معصوم اور شریف سمجھنے کی غلطی ہرگز نہ کریں ۔کیونکہ چوروں ڈاکوؤں ، گنڈے موالیوں ،پولیس والوں ،آرمی والوں اور سیاستدانوں تک سے ا س کے اچھے کانٹیکٹس تھے۔وہ دوستیاں کم اور تعلقات زیادہ بنانے پر یقین رکھتا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

عشاء کی نماز پڑھ کر وہ وہیں جائے نماز پر بیٹھی ایک بار پھر حازب کے بارے میں سوچ رہی تھی۔ بے اختیار اس نے سائیڈ ٹیبل پر پڑا اپنا فون اٹھا کر دیکھا۔ اس کی اسکرین ٹوٹ چکی تھی۔وہ تو شکر تھا کہ اس فون کا کور کافی مضبوط تھا اور دوسرا پروٹیکٹر لگا ہونے کی وجہ سے تھوڑی بچت ہوگئی۔

بد تمیز انسان! میرا دل بھی توڑ دیا اور فون بھی توڑ دیا۔۔۔اس نے بے دلی سے فون وہیں رکھ دیا۔رہ رہ کر اسے خود پر غصہ آرہا تھا کہ آخر کیوں اس نے حازب سےیہ بات چھپائی ۔لیکن اگلے ہی پل حازب کی کہی باتیں یاد کر کے اسے نئے سرے سے تپ چڑھی تھی۔وہ غصہ کرتا ،ڈانٹتا ،ناراض ہوجاتا لیکن اس وقت اسے ایسے جانا نہیں چاہیے تھا۔

ابھی وہ وہیں بیٹھی تھی کہ اس کے کمرے کا دروازہ کھلا ۔ارحم اور احمد دونوں دروازے میں کھڑے اسے بلانے کے لیے آئے تھے۔نیند کی وجہ سے بار بار آنکھیں ملتے ہوئے وہ دونوں آہستہ سے چلتے ہوئے ا س کے پاس آئے۔

خالہ ماما!۔۔۔مجھے نیند آئی ہے۔چلیں! ۔۔۔احمد اسے بازو سے پکڑ کر اٹھانے لگا۔زینب نے آہستہ سے ا س کے دونوں ہاتھ چومے اور ان دونوں کو اپنے ساتھ لگایا۔

خالہ ماما کی جان! آپ دونوں روم میں چلو میں آپ کے لیے دودھ لے کر آتی ہوں ۔ زینب وہاں سے اٹھی اور جائے نماز تہہ کر کے وہیں اسٹڈی ٹیبل پر رکھا۔وہ دونوں خاموشی سے سر ہلا کر باہر چلے گئے۔

کچھ دیر بعد وہ ہاتھ میں نیم گرم دودھ کے گلاس لیے ساتھ والے کمرے میں داخل ہوئی ۔اسے دیکھ کر وہ دونوں فوراََ اٹھ بیٹھے۔وہ چلتی ہوئی بیڈکے قریب آئی اور کھڑے کھڑے ہی دودھ والے گلاس ان دونوں کی جانب بڑھائے۔خود اس نے تب تک کمرے کا باقی پھیلاوا سمیٹ لیا۔وہ تینوں بہن بھائی یہاں بیٹھے کھیل رہے تھے اور اب ایزل میڈم وہیں کارپٹ پر ہی سو چکی تھی۔

میرا بچہ!یہیں سو گیا۔۔۔زینب نے آہستہ سے اسے اٹھا کر اس کے کاٹ میں لیٹایااور واپس ارحم اور احمد کے پاس آئی ۔

خالہ ماما! میں جیت گیا۔۔۔احمد خالی گلاس اس کی طرف بڑھاتے ہوئے خوشی سے چہک کر بولا۔ارحم نے بھی اپنا گلاس زینب کو دیا اور پھر وہ دونوں سونے کے لیے لیٹ چکے تھے۔سائیڈ ٹیبل پر گلاس رکھ کر وہ بھی ان کے پاس ہی بیٹھ گئی ۔کچھ دیر بعد وہ دونوں سو چکے تھے اور ان پر کمفرٹر درست کرتی زینب کی سوچوں کا رخ ایک بار پھر حازب کی جانب چلا گیا ۔

وہ وہیں دونوں پیر اوپر کیے گھٹنوں پر سر ٹکا ئے اپنی بے لگام سوچوں سے لڑنے میں مصرو ف تھی ۔جب کمرے کا دروازہ آہستہ سے کھلا اور کوئی چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا اس کی جانب آیا۔اس نے ذرا سی گردن اٹھا کر دیکھا تو وہ سامنے ہی کھڑا تھا جو ابھی کچھ گھنٹے پہلے کہہ کر گیا تھا کہ ۔۔۔

مجھے کوئی بات نہیں سننی ۔میں جارہا ہوں یہاں سے ۔تمہیں لگتا ہے نا کہ تم سب کچھ اکیلے ہینڈل کر سکتی ہو تو یہ شوق بھی پورا کر لواور خبردار مجھے کال کی تو ۔۔۔

میں نے کال نہیں کی آپ کو۔غلطی سے کوئی مسڈ کال بھی نہیں دی پھر کیوں آئے ہیں آپ؟۔۔۔وہ اپنے آنسو صاف کرتے ہوئے رندھی ہوئی آواز میں بولی۔وہ بد تمیز انسان مسلسل اس کا امتحان لینے پر تلا ہوا تھا۔

کیوں ؟اب تم سے پوچھ کے گھر آیا کروں گا میں ؟۔۔۔دونوں ہاتھ سینے پر باندھے وہ طنز کرتی نظروں سے اسے دیکھ رہا تھا۔زینب نے اس کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔وہ چلتا ہوا اس کے پاس آیا اور بیڈ پر اس سے کچھ فاصلے پر بیٹھ گیا۔

حازب ! اٹھیں یہاں سے اور جا کراپنی جگہ پر لیٹیں ۔ مجھے کوئی بات نہیں کرنی ۔۔۔دو ٹوک لہجے میں کہتی وہ دوبارہ گھٹنوں پر سر ٹکا گئی۔لیکن مقابل اپنی جگہ سےٹس سے مس نہیں ہوا ۔

تمہیں کم از کم ایک بار تو مجھے بتانا چاہیے تھا نا ؟ کیوں نہیں بتایا؟ میں خو دہی دیکھ لیتا اس کمینے کو۔۔۔ اس نےگلہ آمیز نظروں سےزینب کو دیکھتے ہوئے آخر میں بےساختہ دانت پیسے۔ اگلے ہی پل زینب نے نظریں اٹھا کر اسے دیکھا۔مطلب وہ اپنا غصہ نکال کر اب گلے شکوے کرنے آگیا تھا؟ ۔۔۔وہ صرف سوچ ہی سکی۔

کیا بتاتی آپ کو؟اور کیا آپ کرتے میری بات کا یقین؟ آپ تو صرف اس گھٹیا انسان کی بات سن کر ہی مجھ پر شک کرنے لگے تھے۔ جب میں بتانے لگی تب آپ نے پوری بات بھی نہیں سنی میری اور وہاں سے چلے گئے ۔۔۔وہ روہانسی ہو کر بولی۔ ایک بار پھر اس کی آنکھوں سے آنسو بہنا شروع ہو چکے تھے۔حازب نےتھوڑا سا آگے ہو کر نرمی سے اسے اپنے ساتھ لگایا اور دوسرے ہاتھ سے ا س کے آنسو صاف کیے۔ ہاں ٹھیک ہے بھئی وہ انہیں موتیوں سے تشبیہ نہیں دے سکتا تھا لیکن پھر بھی یہ آنسو اس کی بیوی کی آنکھوں میں اچھے نہیں لگ رہے تھے۔

حازب! ۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔خفگی سے کہتے اس نے حازب سے الگ ہونا چاہا۔ جس نے اس کی بات کو سرے سے اگنور کرتے ہوئے دوبارہ اس کے گرد اپنے بازو کا حصار بنایا۔

مجھے تم پر پورا یقین ہے ۔میری زینی بدتمیز اور بد لحاظ تو ہو سکتی ہے لیکن بد کردار نہیں ہوسکتی۔۔۔اس کی گمبھیر سی آواز پر زینب نے ایک جھٹکے سے سر اٹھا کر اسے دیکھا۔

مجھے لگا آپ بھی شکی مردوں کی طرح مجھے ہی غلط سمجھیں گے ۔اسی لیے پہلے میں نے نہیں بتایا تھا ۔ ۔۔وہ منہ بنا کر بولی تھی۔حازب کچھ لمحے تو خاموش رہا پھر ا س کی سنجیدہ سی آواز زینب کے کانوں سے ٹکرائی ۔

زینی!۔۔۔ ہر مرد شکی مزاج نہیں ہوتا ۔بس کچھ مردوں کی انا کو یہ بات گوارا نہیں ہوتی کہ ان کی بیوی ان کے ہوتے ہوئے خود کو غیر محفوظ محسوس کرے ۔۔۔آہستہ سے اس کے بال سہلاتے ہوئے اس نے اسی سنجیدگی سے کہا۔

ہاں ! بس بیوی کو کٹہرے میں کھڑا کر کے سوال جواب شروع کر سکتے ہیں ۔اس کی بات سنے بغیر وہاں سے ناک آؤٹ بھی کر سکتے ہیں ۔بس بیوی کچھ نہ چھپائے ۔۔۔وہ اس کے ساتھ ہی لگی خفا خفا سے انداز میں کہہ رہی تھی۔حازب نے اس کی بات پر تاسف سے سر جھٹکا۔

بیوی سے پوچھ گچھ اور ذرا سی سختی کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہوتا کہ مرد شک کر رہا ہے۔ وہ بھی اس کا ایک طرح سے محبت اور فکر کرنے کا انداز ہوتا ہے ۔ تا کہ اس کی بیوی اس سے اپنی پریشانی شیئر کر لے۔۔۔ نرمی سے اسے خود سے الگ کرتے وہ اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے کہہ رہا تھا۔زینب نے ذرا سا سر اٹھا کر ایک نظر اس کے چہرے پرڈالی۔بڑھی ہوئی داڑھی کے ساتھ وہ مزید ہینڈسم لگ رہا تھا۔

واہ! بھئی آپ نے تو مردوں کی سائیکالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔لیکن اتنا غصہ کر کے اور معصوم سی بیوی پر چیخ چلا کر کونسی محبت کا اظہار ہوتا ہے یہ بھی بتائیں ذرا؟۔۔۔وہ اب جان بوجھ کر طنز کر رہی تھی۔

میں نے کب کہا کہ مجھےتم سے محبت ہے؟ کچھ بھی سوچتی ہو تم ۔۔۔وہ اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے سنجیدگی سے کہہ رہا تھا۔زینب نے اگلے ہی پل اپنی نظریں جھکا لیں ۔

حازب! میری آنکھوں میں دیکھ کر بات نہیں کریں نا ۔۔۔اس نے دل کی بے ترتیب ہوتی دھڑکن پر قابو پاتے ہوئے خفگی سے اسے گھورا اور ا س کی آنکھوں پر اپنا ہاتھ رکھا ۔

بھئی یہ کیا بات ہوئی ؟اتنی پیاری تو ہیں تمہاری آنکھیں ۔ دیکھنے دو مجھے۔۔۔اس کا ہاتھ ہٹاتے ہوئے وہ ایک بار پھر اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے شرارتی لہجے میں بولا۔

آپ ایک نمبر کے بدتمیز انسان ہیں۔۔۔تپ کر کہتی وہ سائیڈ پر پڑااپنا کمبل اٹھا کر سر تک تان چکی تھی۔وہ ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر لیے وہاں سے اٹھا اور دوسری طرف جا کر لیٹ گیا۔بے ساختہ اسے کچھ دیر پہلے کا منظر یاد آیا۔

جب فرقان کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کرنے کے بعد شاہ صاحب نے اس کی ریکویسٹ پر حازب کو کال کر کے اپنے باکسنگ کلب میں بلایا تھا۔

حازب بھائی معاف کردیں ۔میں آئندہ کبھی ایسی حرکت نہیں کروں گا۔جب آمنہ باجی زندہ تھیں تب میں نے اماں کو رشتہ لینے بھیجا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔۔۔ فرقان قریشی کی نقاہت بھری آواز حازب کے کانوں سے ٹکرائی ۔اس کے چہرے پر جگہ جگہ خون لگا ہوا تھا۔ایک سائیڈ سے ہونٹ بھی پھٹا ہوا تھا۔

جب اس نے انکار کر دیا تو پھر بات ختم ہوگئی ۔اصولاََ تو تمہیں باز آجانا چاہیے تھا اپنی گھٹیا حرکتوں سے۔۔۔حازب نے اسے دیکھ کر بے ساختہ دانت پیسے۔پاس کھڑے شاہ صاحب نے اپنے ہاتھوں سے باکسنگ گلوز اتار کر ایک کاٹ دار نظر فرقان پر ڈالی۔

میری انا کو یہ گوارا نہیں تھا کہ کوئی لڑکی مجھ جیسے قابل ڈاکٹر کو ری جیکٹ کر دے ۔ا س لیے میں نے انہیں دھمکانا شروع کر دیا۔ کبھی ان کا راستہ روک کر تو کبھی کالز کر کے ۔لیکن زیادہ تر وہ میری کال ہی پک نہیں کرتی تھیں ۔آج کال پک ہوئی تو مجھے لگا انہوں نے کال پک کی ہے اسی لیے میں نے وہ سب بکواس کی ۔۔۔بری طرح کراہتے ہوئے وہ آنکھوں میں ڈھیروں شرمندگی لیے ،سر جھکائے اپنی کار ستانی سنا رہا تھا ۔

حازب نے غصیلی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے ایک زور دار تھپڑ ا س کے منہ پر مارا وہ اپنے گال پر ہاتھ رکھے اسے شاک زدہ نظروں سے دیکھ رہا تھا۔اتنی مار پیٹ کے بعد بھی ابھی کسر تھی اس تھپڑ کی ؟۔۔۔فرقان قریشی صرف سوچ ہی سکا۔

آئندہ اگر ایسی کوئی بھی حرکت کی نا تو تمہاری ٹانگیں توڑ کر چوک پر بھیک مانگنے کے لیے بٹھا دوں گا۔یقیناََ ایک قابل ڈاکٹر کی انا کو یہ بات بلکل گوارا نہیں ہوگی۔۔۔غصے سے ایک الٹے ہاتھ کا تھپڑ اس کے دوسرے گال پر مارتا وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتا واپس چلا گیا ۔اس کے جاتے ہی شاہ صاحب نے گریبان سے پکڑ کر فرقان کو اوپر اٹھایا اور اپنے سامنے کھڑا کیا۔

قابل ڈاکٹر کی حالت تو کافی قابلِ رحم لگ رہی ہے۔میرا ڈاکٹر بچہ! آئندہ کوشش کرنا کہ حازب شاہد کے گھر کی عورت پر بری نظر غلطی سے بھی نہیں ڈالنی ۔کیونکہ حازب شاہد کی پہنچ بہت اوپر تک ہے۔جس کے بل بوتے پر وہ تمہیں اوپر بھی پہنچا سکتا ہے۔۔۔سمجھانے والے انداز میں کہتے شاہ صاحب نے اپنے گارڈ کو آواز دے کر اندر بلایا اور فرقان کو اس کے حوالے کیا۔

اسے عزت کے ساتھ ا س کے گھر پہنچا دو۔بیچارے کی اماں پریشان ہورہی ہوگی۔۔۔اماں پر کافی زور دیتے شاہ صاحب نے طنزیہ مسکراہٹ فرقان کی طرف اچھالی اور وہاں سے چلے گئے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دو سال بعد۔۔۔

وہ لوگ آج تیمور کی شادی میں جارہے تھے۔چھ مہینے پہلے ہی ا س کی اسمارہ سے منگنی ہوئی تھی اور آج ان دونوں کا نکاح تھا۔ایزل کو ماریہ اپنے ساتھ لے گئی تھی تاکہ زینب آرام سے تیار ہوجائے۔ارحم اور احمد بھی اس کے ساتھ ہی چلے گئے تھے۔

کچھ دیر بعد حازب ہاتھوں میں کافی سارے شاپنگ بیگز لیے برآمدے میں داخل ہوا۔ان بیگز میں تیمور اور اسمارہ کے لیے گفٹس تھے۔برآمدے میں ہی چارپائی پر سارے شاپنگ بیگز رکھتے وہ اپنے کمرے کی جانب بڑھا۔آہستہ سے کمرےکا دروازہ کھول کر اس نے جیسے ہی اندر قدم رکھا تو سامنے ہی وہ بیڈ کراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھی نظر آئی ۔دونوں ہاتھ سینے پر باندھےچہرے پر ہلکی سی خفگی لیے دروازے کو ہی گھور رہی تھی۔حازب کو دیکھ کر اس نے بیڈ پر پڑا اپنا دوپٹہ اٹھا کر شانوں پر پھیلا لیا اور رخ موڑ کر بیٹھ گئی ۔ حازب نے بمشکل اپنی مسکراہٹ دبا کر ایک نظر اس کی تیاری کو دیکھا۔

وہ آف وائٹ کلر کے سوٹ میں ملبوس تھی جس کی فرنٹ سائیڈ پر سارا مسٹرڈ کام ہوا تھا۔لائٹ سا میک اپ اور میچنگ جیولری پہنے وہ تقریباََ تیار ہوچکی تھی۔ بالوں کا رف سا جوڑا بنا کر آگے سے نکلتی چند لٹوں کو یونہی چہرے پر جھولنے کے لیے چھوڑ دیا تھا۔ہمیشہ کی طرح آج کے فنکشن کے لیے بھی حازب نے ہی اس کا ڈریس سلیکٹ کیا تھا۔جو بھی تھا اس معاملے میں وہ اس کو داد دیے بغیر نہیں رہ سکتی تھی۔

ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی ہم سے خفا ہے۔۔۔لہجے میں ہلکی سی شرارت لیے کہتا وہ چلتا ہوا بیڈ تک آیا۔زینب نے اس کی طرف دیکھا تک نہیں ۔وہ گھوم کر بیڈ کی دوسری سائیڈ پر آیا اور بیڈ پر نیم داز سا ہو کر تکیےسے کہنی ٹکائے ایک نظر سامنے بیٹھی اپنی بیگم کو دیکھا۔

زینی سوہنے! اب بتا بھی دو کہ کس بات پر ناراض ہو؟۔۔۔زینب کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔

اچھا بھئی ! ایم سوری ! مجھے نہیں پتہ تم کس بات پر اتنی خفا ہو ۔لیکن اگر تم خفا ہو تو ا س کا مطلب ہے کہ میری ہی غلطی ہے ۔اس لیے ایک بار پھر سوری۔ اب تو ناراضگی چھوڑ دو۔۔حازب نے اس کے چہرے کے آگے جھول رہی بالوں کی لٹ کو کان کے پیچھے کرتے ہوئے دو بار اپنی نا کردہ غلطی کی معافی مانگی۔

حازب ! اپنی لمٹس میں رہیں۔ مجھے ایسے ہی میرے بال پسند ہیں ۔۔۔اپنا فیورٹ جملہ بولتے ہوئے ا س نے وہ لٹ دوبارہ باہر نکالی۔حازب نے پھر ہاتھ بڑھا کر اسے کان کے پیچھے کیا۔اب کی بار زینب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

چلو اٹھو اپنے بال سمیٹو۔میں چینج کر کے آتا ہوں ۔۔۔ ہاتھ بڑھا کر اس کے بالوں کا جوڑا کھولتے ہوئے سنجیدگی سے کہتا وہ وہاں سے اٹھا اورا پنے کپڑے لے کر باتھ روم کی جانب بڑھ گیا۔زینب نے بے ساختہ اس کی پشت کو گھورا۔

بد تمیز انسان!۔۔۔ہر وقت اپنی مرضی ہی چلا نی ہوتی ہے۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے ہوئے وہ اٹھ کر ڈریسنگ تک آئی اور ایک نظر اپنے کھلے بالوں کو دیکھا۔جو کمر سے کافی نیچے تک آتے تھے۔اس نے کئی بار کہا تھا کہ وہ نیچے سے بال کٹوا دے لیکن ہر بار حازب اسے سختی سے منع کر دیتا۔

اللہ ! میں کیا کروں ؟یہ پھر بالوں میں اٹک گیا ہے۔بدتمیز برش! بلکل حازب کی طرح ۔۔۔خاصے جھنجھلائے ہوئے انداز میں کہتی وہ جا کر بیڈ پر بیٹھی اور اپنے بالوں میں اٹکا ہوا برش نکالنےکی کوشش کر نے لگی۔آخر پانچ منٹ کی جدو جہد کے بعد برش بالوں سے نکل چکا تھا اور ساتھ ہی زینب کے بالوں کا ایک گچھا بھی اس میں موجود تھا۔

اس سے پہلے کہ وہ غصے سے برش کو نیچے دے مارتی حازب باتھ روم کا درواز کھول کر باہر آیا۔وہ وائٹ شلوار قمیض میں ملبوس آستینیں کہنیوں تک موڑےاس کی طرف آیا۔اس کے قریب کھڑے ہو کر آرام سے اس کے ہاتھ سے برش لے لیا۔

چلو اٹھو یہاں سے۔میں تمہارے بال سمیٹتا ہوں ۔۔۔آہستہ سے اس کا بازو پکڑ کر اسے اٹھاتے ہوئے ا س نے نرم لہجے میں کہا اور اسے لے کر ڈریسنگ تک آیا۔

رہنے دیں! میں کر لوں گی۔۔۔زینب نے اس کے ہاتھ سے برش لینا چاہا جب حازب نے جلدی سے اپنا ہاتھ اوپر اٹھایا۔

اونہوں!لمبے بال مجھے پسند ہیں تو انہیں سمیٹوں گا بھی میں ۔۔۔وہ جان بوجھ کر اسے تنگ کر رہا تھا۔زینب نے بے ساختہ دانت پیسے لیکن خا موشی سے اس کے آگے کھڑی ہوگئی۔حازب نے اس کے بالوں کی ساری الجھنے ختم کرکے برش ٹیبل پر رکھا ۔

حازب! اب میں کرلیتی ہوں ۔آپ خو دبھی تیار ہوجائیں ۔۔۔زینب نے خود ہی اپنے بال پکڑ کر جلدی سے رول کرتے ہوئے ان کا جوڑا بنا لیا۔اپنا دوپٹہ سلیقے سے سر پر لیتے ہوئے اس نے ایک نظر خو دکو آئینے میں دیکھا۔حازب نے اسے بازو سے تھام کر ا س کا رخ اپنی جانب کیا۔

ماشاء اللہ بہت پیاری لگ رہی ہو۔اوپر سے اپنی اپنی لگ رہی ہو۔۔۔ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ سجائے اس نے زینب کے دونوں ہاتھ بہت نرمی سے اپنے ہاتھوں میں لیے ۔

زینی! تم میرا سکون ہو۔میری زندگی کا وہ انمول تحفہ ہو جو مجھےبن مانگے عطا کیا گیا ہے ۔۔۔گمبھیر لہجے میں کہتا وہ سامنے کھڑی لڑکی کے دل کی دھڑکن ایک لمحے میں بے ترتیب کر گیا تھا۔

جو اس سکون کی جان کو سکون نہیں لینے دیتے اس کا کیا؟۔۔۔زینب نے اس کےہاتھوں سے اپنے ہاتھ نکالتے ہوئے ہلکی سی خفگی سے کہا۔حازب کا بے ساختہ دل چاہا تھا اپنا سر دیوار میں مار دے۔پچھلے دو سال میں یہ عورت اظہارِ محبت کے لیے مری جارہی تھی اور اب جب وہ اظہار کررہا تھا تو اس کے اپنے نخرے شروع ہوگئے تھے۔

ٹھیک ہے میرے سکون پہلے تم پر سکون ہوجاؤ پھر ہم بات کرتے ہیں۔۔۔تپ کر کہتا وہ اپنے بال برش کرنے لگا۔پھر زینب کو شدید اگنور کرتے ہوئے ا س نے پرفیوم اٹھا کر خود پر چھڑکی اور پھر وہیں ڈریسنگ پر پڑے چھوٹے سے باکس میں سے اپنے کف لنکس نکال کر لگائے ۔اس کا جوتا وہیں وارڈروب کے پاس ہی پڑا ہوا تھا۔وہ پہن کر ا س نے آئینے میں خود کو دیکھتے ہوئے سرسری سی نظر اپنی تیاری پر ڈالی۔اس سارے وقت میں اس کا سکون بس اسے مسلسل گھور رہا تھا۔

آپ بہت بد تمیز انسان ہیں ۔مجھے آپ سے کوئی بات نہیں کرنی۔۔۔ بیڈ پر پڑی اپنی چادر لےکر وہ پیر پٹختی ہوئی کمرے کا دروازہ کھول کر باہر چلی گئی۔حازب بھی اس کے پیچھے ہی باہر گیا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ جیسے ہی باہر آیا تو آگے وہ تینوں بچوں کو ساتھ لیے باہر جانے کی تیاری میں تھی۔ڈرائیونگ اسے آتی تھی تو اس کا کیا بھروسہ تھا خود ہی چلی جاتی۔حازب کی گاڑی آج کل علی کے پاس تھی ۔ وہ جب پاکستان آتا تھا تو حازب کی گاڑی زیادہ تر ا س کے استعمال میں ہی ہوتی تھی۔

زینی! رکو بھئی! مجھے بھی لفٹ دے دو۔۔۔وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اس تک آیا اور بغیر اس کو کچھ سمجھنے کا موقع دیے اس کے ہاتھ سے گاڑی کی چابی اچک لی۔

میرے ہوتے ہوئے میری اتنی پیاری بیگم ڈرائیو کرے تو لعنت ہے مجھ پر۔ میرے ڈرائیور ہونے پر اور میری بیوی کے ہینڈسم سے شوہر ہونے پر۔۔۔حازب نے گاڑی کی چابی ہاتھوں میں گھماتے ہوئے شرارت سے کہا۔جب ارحم نے درمیان میں لقمہ دیا۔

اور بابا زن مرید ہونے پر بھی لعنت۔۔۔اس کی بات پر زینب نے چہرہ جھکا کر اپنی ہنسی ضبط کی جبکہ حازب نے ہلکی سی چپت ارحم کی گردن کے نیچے لگائی۔احمد کو اس بارے کچھ نہیں پتہ تھا سو وہ ایزل کا ہاتھ تھامے چل رہا تھا ساتھ ساتھ ا سے اپنے اسکول کی باتیں سنانے میں مصروف تھا۔

ارحم پتر آپ نے کسی دن مجھ سے بہت بری طرح پٹائی کروانی ہے۔باز آجاؤ اپنی حرکتوں سے۔۔۔حازب نے تنبیہی نظروں سے اسے گھورا۔ارحم نے ایک نظر زینب کو دیکھا۔

خالہ ماما!آپ کے سامنے ہی آپ کے پتر کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔۔۔منہ بسورتے ہوئے کہتا وہ اس وقت بہت کیوٹ لگ رہا تھا۔

تب کی تب دیکھیں گے پتر جی! ہاتھ تو لگا کے دکھائیں میرے پتر کو۔۔۔زینب نے آہستہ سے اس کا کندھا تھپکا۔ارحم نے آنکھوں میں تپانے والی چمک لیے حازب کو دیکھا۔

بابا! آپ ابھی میری خالہ ماما کو جانتے نہیں ہیں۔اس لیے میری پٹائی کرنے سے پہلے سوچ لینا۔۔۔وہ لوگ باہر کے دروازے تک آگئے تھےجب ارحم نے اسے وارننگ دی۔حازب نے تاسف سے سر جھٹک کر دروازہ کھولا اور باہر چلا گیا۔

ایزل بےبی! آپ دونوں کی باتیں ختم ہوجائیں تو جلدی آجائیں ہم آلریڈی لیٹ ہیں ۔۔۔زینب نے ارحم کو حازب کے پیچھے بھیجا اور ذرا سی گردن موڑ کر ان دونوں بہن بھائی کو دیکھا۔ایزل اس کی بات سنتی بھاگ کر ا س کے پاس آئی۔

ماما! یہ پتر جی کی باتیں ہی ختم نہیں ہوتی۔۔۔سارا ملبہ بیچارے احمد پر ڈالتی وہ منہ بسور کر بولی۔ضرورت سے زیادہ ہی تیز تھی وہ آفت۔زینب نے ایک نظر احمد کے اترے ہوئے چہرے کو دیکھا اور پھر ان دونوں کا ہاتھ تھامے باہر چلی گئی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اگلے دن تیمور اور اسمارہ کے ولیمے کافنکشن اٹینڈ کر کے وہ لوگ تقریباََ دس بجے گھر واپس آئے تھے۔چار بجے کے قریب فنکشن ختم ہوگیا تھا اور اس کے بعد وہ حازب کے گھر چلے گئے تھے۔وہاں سے واپسی پر انہیں کافی دیر ہوگئی تھی۔نائلہ بیگم نے رکنے کا کہا تھا لیکن حازب نے منع کر دیا۔ارحم اور احمد ضد کر کے وہیں رک گئے تھے اور ایزل ان کے ساتھ ہی واپس آئی تھی۔سارے راستے الٹے سیدھے سوال کر کے ان دونوں کو زچ کرنے کے بعد گھر پہنچنے تک وہ سو چکی تھی۔زینب نے ایک نظر اپنے برابر میں لیٹی ایزل کو دیکھااور پھر جھک کر اس کے دونوں گال چومے۔

میرا پیارا بچہ! ماما کی جان!۔۔۔وہ لاڈ سے کہتی ایک بار پھر اس کا گال چوم گئی۔سچ تو یہ تھا کہ ایزل بے بی سوتے میں ہی پیاری لگتی تھی اپنی ماما کو۔وہ زینب کو خالہ ماما کی بجائے ماما ہی کہتی تھی۔

وہ چینج کر کے باہر آیا تو زینب فوراََ اپنی جگہ سے اٹھی ۔وہ چلتا ہوا اس کے پاس آیا اور ایک نظر اس کے سجے سنورے روپ پر ڈالی۔پھر ہاتھ بڑھا کر اس کے چہرے پر جھولتی لٹ کو کان کے پیچھے کیا۔

حازب! ۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔جھینپ کر کہتی وہ وارڈروب کی جانب بڑھی ۔اپنے کپڑے لے کر وہ باتھ روم میں جانے لگی تھی ۔جب حازب کی آواز پر اس کا دروازے پر رکھا ہاتھ وہیں رک گیا۔

میرے سکون !چینج کر کے اچھی سی چائے تو بناؤ۔بہت تھکاوٹ ہو گئی ہے۔۔۔زینب نے ذرا سی گردن موڑ کر اسے دیکھا۔وہ سادہ سے ٹراؤزر شرٹ میں ملبوس ماتھے پر بکھرے بالوں کے ساتھ سادہ حلیے میں بھی اسے بہت پیارا لگ رہا تھا۔آج کے فنکشن پر انہوں نے نیوی بلو کلر کا ڈریس پہنا تھا۔

میں نے باہر تو جیسے آنا ہی نہیں تھا نا؟حد کرتے ہیں آپ بھی۔۔۔خفگی سے کہتی وہ اندر چلی گئی جب حازب نے وہیں سے ہانک لگائی۔

میں باہر سے کچھ کھانے کے لیے لے آتا ہوں۔خالی چائے پینے کا تو بلکل مزہ نہیں آئے گا۔۔۔ڈریسنگ ٹیبل سے اپنا والٹ اٹھا کر جیب میں رکھتا وہ باہر چلا گیا۔

وہ چینج کر کے جیسے ہی باہر آئی تو ایزل اٹھ چکی تھی۔بار بار اپنی آنکھیں ملتے ہوئے وہ کچی نیند سے اٹھنے کی وجہ سے کافی چڑچڑی لگ رہی تھی ۔زینب نے اپنا سوٹ وارڈروب میں ہینگ کرتے ہوئے ایک نظر ایزل کو دیکھا۔

ماما! ۔۔۔اس کی روہانسی آوازاسے سنائی دی۔وہ فوراََ اس کے پاس آئی۔

جی ماما کی جان ؟۔۔۔اس کے پاس بیٹھتے ہوئے اس نے محبت بھرے لہجے میں پوچھا۔

میں نےاپنا ڈریس پہننا ہے ۔۔۔اس نے اپنی فینسی فراک کی جانب اشارہ کیا۔ زینب نے آہستہ سے سر ہلایا۔

اوکے میرا بچہ۔ہم ابھی چینج کرتےہیں ۔۔۔اس کا گال تھپک کر وہ وہاں سے اٹھی اور وارڈروب سے ایزل کے کپڑے لے کر اس کے پاس آئی ۔پھر اسے چینج کروا نے کے بعد اس کے کپڑے وہاں سے اٹھائے اور وارڈروب میں ایک سائیڈ پر رکھ دیے۔

ماما! فیڈر پینا ہے۔۔۔وہ اس کے کپڑے چینج کروا چکی تو نئی فرمائش حاضر تھی۔

چلو آجاؤ کچن میں چلتے ہیں ۔ بابا کے لیے چائے بناتے ہیں اور آپ کو بھی گلاس میں دودھ دیتے ہیں ۔۔۔وہ اسے گود میں اٹھائے کمرے سے باہر آئی اور کچن کا رخ کیا۔

میں نے فیڈر پینا ہے۔۔۔ایزل ضدی انداز میں بولی ۔برآمدے کا دروازہ پار کرتی زینب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

نو وے!اب آپ بڑے ہوگئے ہو ۔اب گلاس میں دودھ پینا ہے۔گندے بچے بڑے ہو کر فیڈر پیتے ہیں ۔میرا ایزل بے بی کوئی گندہ بچہ ہے؟۔۔۔آخر میں اس نے سوالیہ آئی برو اٹھائے ۔اس کی بات پر ایزل نے منہ پھلا کر اسے دیکھا۔

ابھی آپ نے ایزل بے بی بولا۔ بے بی تو چھوٹے بچے ہوتے ہیں ۔۔۔اس نے اپنے مطلب کی بات اچک لی۔زینب نے اسے آنکھیں دکھائیں ۔کچن میں آکر اسے شیلف پر بٹھاتے ہوئے اس نے بے ساختہ ایزل کا گال چوما۔

یہاں سے اترنا نہیں ۔میں فریج سے دودھ لے کر آتی ہوں ۔۔۔اسے تاکید کرتی وہ باہر چلی گئی ۔ واپسی پر اس کے ہاتھ میں دودھ والی بوتل تھی۔وہ اسی طرح بوائل دودھ ٹھنڈا کر کے بوتلوں میں بھر کر رکھ دیتی تھی۔

اس نے ایزل کے لیے دودھ نیم گرم کیا اور تھوڑی سی چینی مکس کرنے کے بعد گلاس میں دودھ ڈال کر اس کی جانب بڑھایا۔جسے اس نے برا سا منہ بناتے ہوئے تھام لیا۔

کیا بگڑ جاتا آپ کا اگر مجھے فیڈر میں دودھ دے دیتی تو؟۔۔۔دو تین گھونٹ لگا کر اس نے گلاس واپس شیلف پر رکھا۔وہ شکل سے اتنی ہی معصوم لگتی تھی جتنا اس کا باپ تھا۔زینب نے بمشکل اپنی ہنسی ضبط کی۔

سارا فنش کرو ! ورنہ بابا جو چاکلیٹس لائیں گے وہ میں آپ کو نہیں دوں گی۔۔۔زینب نے اس کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھا۔ایزل نے جلدی سے باقی کا دودھ پی کر گلاس اسے دیا۔زینب نے گلاس لے کر سنک میں رکھا اور دونوں ہاتھوں سے اس کا چہرہ تھام کر نرمی سے اس کی پیشانی چومی۔

شاباش! میرا بچہ۔اب روم میں جا کر سوجاؤ۔صبح ملیں گی چاکلیٹس۔۔۔اس کی بات سن کر ایزل کا منہ بن گیا تھا۔زینب نے اسے نیچے اتارا۔اس سے پہلے کہ وہ کچن سے باہر جاتی حازب اپنے ہاتھ میں بیکری کا سامان لیے کچن میں داخل ہوا۔

بابا! میرے لیے چاکلیٹس لائے ہیں نا آپ؟۔۔۔ایزل نے اس کے ہاتھ میں موجود بیکری والا شاپر پکڑ کر اس میں چیک کیا۔زینب نے اس کے ہاتھ سے شاپر لے کر شیلف پر رکھا اور اس کی جانب مڑی۔وہ دروازے میں ہی کھڑا ان دونوں کو دیکھ رہا تھا۔

ایزل بےبی!۔۔۔رات کو چاکلیٹس نہیں کھاتے دانت میں کیڑا لگ جاتا ہے۔۔۔اس نے ہلکی سی تنبیہہ کی ۔جانتی تھی حازب اسے چاکلیٹ پکڑا بھی دے گا ۔ایزل نے ایک نظر اپنے بابا کو دیکھا۔جس نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے آہستہ سے پلکیں جھپکائیں ۔مطلب وہ ہینڈل کر لے گا۔

پتر جی آپ کی ماما ٹھیک کہہ رہی ہیں ۔اتنی رات کو چاکلیٹ نہیں کھاتے۔چلو ہم روم میں چلتے ہیں ۔۔۔حازب تھوڑا سا نیچے جھکا اور ایزل کو اپنی گود میں اٹھایا اور پھر زینب کی جانب مڑا۔

سوہنے! چائے روم میں لے آنا۔۔۔سنجیدگی سے کہتے وہ باہر چلا گیا ۔ان کے جاتے ہی وہ چائے کا سامان نکال کر شیلف پر رکھنے لگی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کچھ دیر بعد وہ ایک ٹرے میں چائے کے مگ اور باقی کے لوازمات سجا کر کمرے میں داخل ہوئی۔آگے کا منظر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے اس کی پیشانی پر بل پڑے تھے۔سامنے ہی ایزل بےبی بیڈ پر اپنے بابا کے ساتھ بیٹھی دونوں ہاتھوں میں چاکلیٹس پکڑے ندیدوں کی طرح کھانے میں مصروف تھی۔اسے دیکھتے ہی وہ جلدی سے باقی کی چاکلیٹ منہ میں رکھتی خود کو کمبل میں چھپا گئی۔زینب چلتی ہوئی اندر آئی ۔سائیڈ ٹیبل پر ٹرے رکھتی وہ خطرناک تیور لیے ایزل کی جانب بڑھی۔آج تو اس کی خیر نہیں تھی۔اس سے پہلے کہ وہ آگے بڑھ کر ایزل کو پکڑتی وہ فوراََ حازب کی گود میں آئی ۔

بابا مجھے چھپا لیں ۔میجک کر کے دادا جی کے گھر بھیج دیں ۔۔۔وہ اسی طرح اس کے سینے میں منہ چھپائے آہستہ آواز میں بولی۔اس کی حرکت پر زینب نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی۔حازب نےاس طرح اسے اپنی گود میں چھپائے اس کے گرد اپنے بازوؤں کا حصار بنایا۔

حازب! آپ نے ایزل بے بی کو دیکھا ہے ؟۔۔۔وہ یہاں وہاں دیکھتے ہوئے پوچھ رہی تھی۔وہ دیکھ چکی تھی کہ ایزل کمبل میں سے جھانک رہی ہے ۔

ایزل؟وہ تو اپنے دادا جی کے گھر چلی گئی ہے۔۔۔حازب کی بات پر اس نے آہستہ سے سر ہلایا۔

اچھااااا۔۔۔چلیں چھوڑیں آپ چائے لیں ۔۔۔زینب نے بے نیازی سے شانے اچکاتے ہوئے حازب کا مگ اسے دیا۔اپنا مگ اٹھا کر اس نے ٹرےتھوڑی سی حازب کی جانب سرکائی۔

حازب نے ہاتھ بڑھا کر پلیٹ میں سے ایک بسکٹ اٹھایا اور زینب کی چائے میں تھوڑا سا ڈپ کر کے ایک بائٹ لی۔پھر اپنے ہاتھ میں پکڑی چائے کا سپ لیا۔وہ ہمیشہ اسی طرح کرتا تھا۔کیونکہ بسکٹ کھاتے ہوئے چائے میں گر جاتا تھا اور حازب کو وہ چائے بلکل نہیں پسند تھی۔اسی لیے وہ زینب کی چائے میں بسکٹ ڈپ کر کے چائے بسکٹ انجوائے کرتا تھا۔زینب کو اب عادت ہوگئی تھی ۔اسے نہیں یاد پڑتا تھا کہ کبھی اس نے ان دو سال میں حازب کے ساتھ چائے پی ہو اور اس کے آخر میں چائے میں ٹوٹ کر گرے بسکٹ یا بیکری کے پف موجود نہ ہوں ۔

ایزل بےبی!۔۔۔میرا بچہ سو گیا ہے کیا؟۔۔۔زینب نے تھوڑا سا کمبل پیچھے کر کے حازب کی گود میں چھپی ایزل کو دیکھا۔وہ سو چکی تھی۔حازب نے اپنا مگ زینب کو پکڑا کر ٹرے تھوڑی سی پیچھے کی ۔اور ایزل کو اٹھا کر بیڈ سے نیچے اترا۔آرام سے اس کے کاٹ میں لیٹا کر اس نے ایزل کے اوپر کمبل درست کیا۔

حازب! ۔۔۔اس کا منہ بھی صاف کر دیں ذرا۔ساری چاکلیٹ لگی ہوئی ہے۔۔۔اس نے اپنی چائے کا ایک اور سپ لیتے ہوئے کہا اور پیچھے ہو کر بیٹھ کراؤن سے ٹیک لگا گئی۔حازب نے اپنی جیب سے رومال نکال کر ایزل کا منہ صاف کیا اور پھر اس کے ہاتھوں پر لگی چاکلیٹ صاف کرکے وہ واپس بیڈ تک آیا۔اپنی جگہ پر بیٹھتے ہوئے اس نے ٹرے میں پڑا اپنا چائے والا مگ اٹھایا۔زینب تھوڑا سا اس کے قریب ہو کر بیٹھی۔وہ ایک بار پھر اپنی چائے پیتے ہوئے بسکٹس اس کی چائے میں ڈپ کرکے کھا نے لگا۔

آپ کو کیا ملتا ہے میری چائے کا بیڑا غرق کر کے؟۔۔۔چڑ کر کہتے اس نے اپنا مگ تھوڑا سا پیچھے کیا۔حازب نے بے ساختہ اسے گھورا۔

بس آخری ہے ۔اس کے بعد تم اپنی چائے پی لینا ۔۔۔اس نے ایک بسکٹ اٹھا کر اس کے سامنے کیا۔وہ ایسے کہہ رہا تھا جیسے کوئی احسان کر رہا ہو۔

نہیں ! اب اپنی چائے میں ڈپ کر کے کھائیں ۔۔۔زینب نے اپنی چائے کا آخری گھونٹ بھر ا اور خالی مگ ٹرے میں رکھا۔

کنجوس عورت!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑا کر اس نے پٹخنے والے انداز میں بسکٹ واپس رکھا اور اپنی چائے پینے لگا۔دو تین گھونٹ باقی بچا کر اس نے مگ زینب کی جانب بڑھایا۔

مجھے نہیں پینی! ۔۔۔خفگی سے کہتی وہ ٹرے اٹھا کر بیڈ سے نیچے اتری۔اپنا جوتا پہن کر اس نے تھوڑا سا آگے ہوکر حازب کے ہاتھ سے مگ لیا اور کچن میں رکھنے کے لیے چلی گئی۔اس کے جاتے ہی حازب نے ایک تھکن زدہ سی سانس خارج کی اور بیڈ کراؤن کے ساتھ ٹیک لگا گیا۔

کچھ دیر بعد وہ واپس آئی اور خاموشی سے چلتی ہوئی اپنی جگہ پر آکر بیٹھ گئی ۔حازب کی طرح ہی بیڈ کراؤن سے ٹیک لگائے اس نے ایک نظر اپنے برابر میں بیٹھے اپنے پسندیدہ مرد کو دیکھا۔کمرے کی مدھم روشنی میں بھی وہ اس کے چہرے پر موجود بے چینی اور تکلیف واضح دیکھ سکتی تھی۔ بے ساختہ اس کے دل کو کچھ ہوا۔وجہ بھی وہ جانتی تھی۔

حازب!۔۔۔زینب نے اس کے کندھے پر آہستہ سے ہاتھ رکھا۔وہ چونک کر خیالوں سے باہر آیااور گردن موڑ کر اسے دیکھا۔

ہمم! کیا بات ہے؟۔۔۔وہ اس کی طرف رخ کر چکا تھا۔

میں یہ نہیں کہوں گی کہ اسے بھول جائیں ۔لیکن کیا آپ اس کے ساتھ ساتھ مجھے یاد نہیں رکھ سکتے۔۔۔آنکھوں
میں ڈھیروں حسرت لیے وہ اسے ہی دیکھ رہی تھی۔حازب نے شاید غور نہیں کیا تھا اس کی آنکھوں میں نمی جمع ہونے لگی تھی۔لیکن اس کی بات پر وہ جیسے کرنٹ کھا کر سیدھا ہوا۔

زینی سوہنے ! میں ان دو سالوں میں تمہیں بھولا ہی کب ہوں ؟۔۔۔اس کا منہ صدمے سے کھلا تھا۔برابر میں بیٹھی لڑکی آج کل اسے لے کر کچھ زیادہ ہی ٹچی ہورہی تھی۔

لیکن آپ مجھ سے محبت تو نہیں نا کرتے۔۔۔منہ بسور کر کہتے اس نے اپنی آنکھوں کی نمی صاف کی ۔آخر بلی تھیلے سے باہر نکل گئی تھی۔حازب کو دو سیکنڈ سے بھی کم وقت لگا تھا سارا معاملہ سمجھنے میں ۔

اس دن تو کوئی کہہ رہا تھا کہ اسے محبت نہیں صرف عزت اور مان چاہیے۔اب یہ محبت کہاں سے آگئی؟۔۔۔وہ تھوڑا سا اس کی جانب جھک کر گمبھیر لہجے میں کہہ رہا تھا۔زینب نے اپنے دل کی بے ترتیب ہوتی دھڑکن پر قابو پاتے ہوئے بے ساختہ تھوک نگلا۔

ہاں تو۔کہا تھا کہ عزت اور مان چاہیےلیکن تھوڑی سی محبت بھی چاہیے نا۔آپ آمنہ سے تو اتنی محبت کرتے تھے۔بلکہ اب بھی کرتے ہیں تو تھوڑی سی محبت مجھ سے بھی کرلیں ۔کیا بگڑ جائے گا آپ کا؟۔۔۔وہ ہلکی سی خفگی سے کہتی اپنا رخ موڑ گئی۔حازب اپنی کنپٹی سہلاتے ہوئے سیدھا ہوا اور تکیہ درست کر کے لیٹ گیا۔

بد تمیز انسان!۔۔۔خفگی سے بڑبڑاتے ہوئے اس نے بے ساختہ حازب کو گھورا اور کمبل سر تک تان کر لیٹ گئی۔اب اسے اس انسان سے کوئی بات نہیں کرنی تھی۔ہر بار اس کا معصوم سا دل توڑ دیتا تھا وہ۔

کل صبح مجھے ناشتے کے لیے جگانے کی کوشش مت کیجیے گا۔۔۔کمبل کے اند رسے ہی ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔

کوئی بات نہیں میں خود بنا لوں گا۔۔۔حازب نے پر سکون لہجے میں جواب دیا۔زینب کو اس کا سکون ہضم نہیں ہوا تھا ۔اسی لیے فوراََ کمبل سے سر باہر نکال کر اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

ہاں پھر اپنے دوستوں کو بتائیے گا کہ کیسے آپ کی بیوی آپ سے کھانا بنواتی ہے ۔تاکہ وہ آپ کو زن مرید بولیں اور آپ مظلومیت کی تصویر بنے ان سے ہمدردیاں سمیٹیں ۔۔۔کہاں کی بات کہاں لے گئی تھی وہ ۔حازب صرف تاسف سے سر جھٹک کر رہ گیا۔

زینی!۔۔۔ بس کرو اب سوجاؤ ۔باقی کی بحث کل کےلیےرکھ لو۔۔۔ہلکی سی تنبیہہ کرتے اس نے زینب کو مزید کچھ بھی بولنے سے منع کیا۔زینب نے مزید کچھ نہیں کہا ۔خاموشی سے آنکھیں بند کرلیں ۔کچھ ہی دیر میں وہ گہری نیند میں سو چکی تھی۔

حازب کی سوچوں کا رخ ایک بار پھر آمنہ کی طرف چلا گیا تھا۔لیکن آمنہ سے ہوتے ہوئے کب اس کی سوچوں کا رخ اپنے برابر میں لیٹی لڑکی کی طرف چلا گیا اسے اس بات کا اندازہ بھی نہیں ہوا۔وہ آمنہ کو یاد کرنے کی کوشش کرتا تھا تو چھم سے کر کے زینب کا چہرہ اس کے ذہن کے پردوں پر لہرانے لگتا۔یہ اب سے نہیں ہورہا تھا ۔پچھلے ایک سال سے اس کے ساتھ یہی ہو رہا تھا اور اس کی سمجھ سے باہر تھا کہ آخر یہ سب کیوں ہورہا تھا؟اپنی سوچوں سے لڑتے لڑتے وہ کب سو گیا اسے پتہ ہی نہیں چلا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دو ہفتے مزید گزر گئے تھے ۔صبح بچوں کو اسکول بھیج کر ایزل کو ناشتہ کروانے کےبعد وہ کمرے میں آئی تھی ۔کمرے میں آتے ہی اس نے لائٹ آن کی اور چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی بیڈ تک آئی۔ایک نظر بیڈ کراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھے حازب کو دیکھا۔وہ بازو آنکھوں پر رکھے کسی گہری سوچ میں گم تھا۔

حازب! آپ جاگ رہے ہیں ؟۔۔۔حازب نے آنکھوں سے بازو ہٹا کر اسے دیکھا۔

نہیں سوہنے! جاگ کہاں رہا ہوں۔ابھی تو جاگنے کی کوشش کررہا ہوں دو تین دن تک جاگ جاؤں پھر تمہیں بتاتا ہوں ۔۔۔وہ خاصا چڑ کر بولا ۔زینب بیچاری اندر تک کلس کر رہ گئی ۔

آپ انسانوں کی طرح جواب نہیں دے سکتے؟۔۔۔وہ پوچھے بنا نہیں رہ سکی تھی۔حازب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

سوال انسانوں والے کیا کرو نا۔۔۔اس لطیف سا طنز کیا۔

آپ کو صبح صبح بحث کر کے کیا مل جانا ہے۔اٹھیں جلدی سے اور ناشتہ کریں ۔۔۔ اس کے اوپر سے کمبل ہٹاتے ہوئے وہ خفگی سے بولی۔حازب نے ایک نظر سامنے کھڑی اپنی بیوی کو دیکھا۔ بالوں کو ڈھیلے سے جوڑے میں باندھے سادہ سے حلیے میں بھی وہ پیاری لگ رہی تھی۔اس نے آہستہ سے اس کا ہاتھ تھام کر اسے اپنے سامنے بٹھایا۔

میرے سکون!اس وقت مجھے ناشتے کی نہیں تمہاری ضرورت ہے۔ادھر بیٹھو میرے پاس۔۔۔اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے وہ گمبھیر لہجے میں بولا۔زینب کی آنکھیں شاک سے پھیلی تھیں ۔

حازب!۔۔۔آپ کے سکون کو اور بھی بہت کام ہیں ۔پلیز اٹھ جائیں اور آکر ناشتہ کرلیں ۔۔۔کتنی پیاری لگتی تھی نا وہ اس کا نام لیتے ہوئے۔ دانت پیس کر ،چڑ کر،غصے سے یا نرمی سے جیسے بھی لیتی ۔وہ دھیما سا مسکرایا۔

اچھا بھئی! تم جا کر ناشتہ لگاؤ میں آرہا ہوں بس پانچ منٹ میں ۔۔۔سنجیدگی سے کہتا وہ وہاں سے اٹھا اور باتھ روم کی جانب بڑھ گیا۔زینب وہیں بیٹھی رہی ۔اب وہ اسے ساتھ لے کر ہی جانے والی تھی۔پانچ منٹ کا کہہ کر وہ بد تمیز انسان آدھا گھنٹہ لگا دیتا تھا۔ابھی وہ وہیں بیٹھی تھی جب کمرے کا دروازہ کھول کر ایزل اندر داخل ہوئی۔

ماما!آپ کو ماریہ بھابھی بلا رہی ہیں ۔۔۔منہ کے الٹے سیدھے اسٹائل بناتے ا س نے ماریہ کا پیغام ا پنی ماما کو دیا اور دونوں ہاتھ سینے پر باندھے خفگی سے چلتی ہوئی بیڈ تک آئی ۔حازب کی جگہ پر بیٹھتے ہوئے اس نے کمبل میں اپنا چہرہ چھپا لیا۔یہ ایزل بےبی کے ناراض ہونے کا اسٹائل تھا۔

ماریہ بھابھی ہمارے گھر آئی ہوئی ہیں ؟۔۔۔وہ اپنی جگہ سے اٹھی اور قدرے حیرانی سے پوچھا۔اس کی بات پر ایزل نے دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر کمبل چہرے سے ہٹایا۔

باہر آپ کا ویٹ کر رہی ہیں ۔ جا کر انہیں بولو ایزل بے بی کو تنگ نہ کیا کریں ۔۔۔باہر کی جانب اشارہ کرتے آخر میں وہ خفگی سے بولی۔زینب نے ایک نظر اس کے خفا خفا سے چہرے پر ڈالی۔اس کے دونوں گال سرخ پڑ چکے تھے۔یقیناََ ماریہ نے اس کے دونوں گال کھینچے تھے۔وہ ماریہ کی ا س عادت سے واقف تھی۔

ادھر آؤ ماما کے پاس۔ماریہ بھابھی نے کیا بہت زور سے گال کھینچے تھے میرے بچے کے؟۔۔۔زینب نے تھوڑا سا جھک کر اسے اپنی گود میں اٹھایا اور محبت سے اس کا سر چوما۔ابھی اگر وہ گال پر پیار کرتی تو ایزل نے سارا ملبہ اسی پر ڈال دینا تھا کہ ۔۔۔پہلے یہ تھوڑا ریڈ تھا ماما نے اسے زیادہ ریڈ کر دیا ہے۔

ماریہ بھابھی بول رہی تھی ۔ میرا دل کرتا ہے ایزل بے بی کو کھا جاؤں ۔۔۔زینب اسے لے کر دروازے کی جانب بڑھی تھی جب اس نے ماریہ کی شکایت لگانی ضروری سمجھی۔

وہ تو آپ سے لاڈیاں کر رہی تھیں ۔اس میں ناراض ہونے والی کونسی بات ہے؟اتنی اچھی ہیں ماریہ بھابھی۔آپ کو چاکلیٹس بھی دیتی ہیں ۔۔۔ مسکراتے ہوئے کہتی اور اسے لے کر باہر چلی گئی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ ناشتہ کر چکا تھا اور اب برآمدے میں چارپائی پر بیٹھااپنی چائے کا انتظار کر رہا تھا۔ایزل اس کے پاس بیٹھی اس کے فون پر گیم کھیل رہی تھی۔حازب نے ذرا سی گردن موڑ کر اسے دیکھا اور اس کی گردن کے نیچے ہلکی سی چت لگاتے ہوئےاس کے ہاتھ سے فون لیا۔

کتنی دفعہ منع کیا ہے ۔بابا کے فون میں گیم نہیں کھیلنی ۔باز نہیں آتی نا آپ؟۔۔۔ہلکی سی تنبیہہ کرتے ہوئے اس نے اپنافون بند کر کے دوسری سائیڈ پر رکھا۔ایزل نے بے ساختہ منہ بنایا۔

ماما بھی اپنے فون میں نہیں کھیلنے دیتی ۔آپ دونوں ہی مجھ سے پیار نہیں کرتے۔۔۔خفگی سے دوسری جانب رخ کیے وہ اب خواہ مخواہ کے نخرے دکھا رہی تھی۔

بلکل ایسا ہی ہے۔۔۔حازب نے اپنی مسکراہٹ دبا کر اس کی بات پر مہر لگائی۔ایزل نے ایک جھٹکے سے مڑ کر اسے دیکھا۔ا س کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔اب یہ ٹو مچ ہوگیا تھا۔

میں آپ کی بیٹی ہوں ۔۔۔اس نے اپنی بات پر زور دیا۔حازب نے بے نیازی سے شانے اچکائے۔

پتہ ہے۔اس میں نئی بات کیا ہے؟۔۔۔اب وہ جان بوجھ کر اسے تنگ کر رہا تھا۔ایزل نے دونوں ہاتھوں سے اس کا بازو جھنجھوڑتے ہوئے آنسوؤں سے بھری آنکھیں لیے اسے دیکھا۔

آپ نے کیوں بولا ہے کہ مجھ سے پیار نہیں کرتے۔۔۔حازب نے آرام سے اپنا بازو چھڑوایا۔

کیونکہ میں آپ کی ماما سے پیار کرتا ہوں ۔۔۔وہ اپنے ہی دھیان میں کہہ رہا تھا اور اس کی بات سن کر اس کے پیچھے کھڑی ایزل کی ماما کی آنکھیں شاک سے پھیلی تھیں ۔ہاتھ میں پکڑا چائے والا مگ اس کے ہاتھ سے گرتے گرتے بچا۔

لیکن میری ماما آپ سے پیار نہیں کرتی۔۔۔ایزل نے اپنا بدلہ اتارنا ضروری سمجھا ۔حازب نے ایک گہری سانس لی ۔اس کی بیٹی آج مقابلے بازی پر اتر آئی تھی۔

آپ کی چائے ۔۔۔اس سے پہلے کہ وہ کوئی جواب دیتا زینب نے آگے بڑھ کر چائے والا مگ اس کے سامنے کیا۔

شکریہ!۔۔۔کہنے کی ضرورت تو نہیں ہے مجھے۔۔۔چائے والا مگ ہاتھ میں لیتے ہوئے اس نےبے نیازی سے کہا۔اس کی بات پر زینب نے بے ساختہ دانت پیسے۔ کوئی موقع نہیں چھوڑتا تھا اس کا دل جلانے کا یہ بد تمیز انسان۔

ماما! میں ماریہ بھابھی کے گھر جارہی ہوں ۔۔۔وہ چارپائی سے نیچے اتری اور حازب کو سرے سے اگنور کرتے ہوئے ڈائریکٹ زینب کو بتایا۔

ابھی تو آپ کہہ رہی تھی کہ آپ ان سے ناراض ہو۔۔۔زینب نے اسے کچھ دیر پہلے کی بات یاد دلائی۔حازب اپنی چائے پینے میں مصروف تھا۔

اوہ ہو! میں تو بھول گئی تھی۔۔۔اپنے سر پر ہاتھ مارتے ہوئے اس نے جتانے والی نظر حازب پر ڈالی۔

پھر آج ہم دادا جی کے گھر جائیں گے۔بابا کو ساتھ نہیں لے کر جانا۔۔۔وہ حازب کی طرف دیکھے بغیر ہی بولی ۔

میری گاڑی خراب ہے۔۔۔زینب کے کچھ بھی بولنے سے پہلے حازب نے ایک نئی اطلاع دی۔چائے کا آخری گھونٹ لے کر اس نے مگ زینب کی جانب بڑھایا۔

ماما کی گاڑی میں چلے جائیں گے۔۔۔جھٹ سے جواب آیا تھا۔زینب ان دونوں باپ بیٹی کی نوک جھونک پر صرف تاسف سے سر ہی ہلا سکتی تھی۔

ماما کی گاڑی میں لے کر جا رہا ہوں ۔۔۔مزے سے کندھے اچکاکر کہتے اس نے ایک نظر اپنے قریب کھڑی زینب کو دیکھا۔

سوہنے ! چابی تو لے کر آؤ اپنی گاڑی کی۔۔۔ اس کی بات پر زینب چلتی ہوئی فریج تک گئی اور اس کے سائیڈ پر لگی ہک پر لٹکی چابی لا کر حازب کو دے دی۔ویسے بھی اب وہ اپنی گاڑی کم ہی استعمال کرتی تھی۔

اچھا میں چلتا ہوں ۔آج اسٹور پر بہت کام ہے ۔۔۔سنجیدگی سے کہتا وہ اپنی جگہ سے کھڑا ہوا۔

حازب۔۔۔بچوں کو گھر چھوڑنے آئیں گے تو تھوڑا سا چکن بھی لے آئیے گا۔۔۔ اس کی بات سن کر حازب نےآہستہ سے سر ہلایا۔ پھر ہاتھ بڑھا کر اس کے جوڑے سے باہر نکل کر چہرے کے گرد جھول رہی بالوں کی لٹ کو کان کے پیچھے کرتے ہوئے وہ ہلکا سا مسکرایا۔

حازب! ۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔وہ خفگی سے بولی ۔اس کی بات پر مقابل کا جاندار قہقہہ چھوٹا۔ایزل ناسمجھی سے کبھی اپنی ماما کو دیکھ رہی تھی اور کبھی بابا کو۔

میرے کان ترس گئے تھے یہ جملہ سننے کے لیے۔۔۔وہ زینب کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولا۔ جواباََ وہ صرف اسے گھور کر رہ گئی۔حازب نے چارپائی پڑا اپنا فون اٹھایا ۔سنجیدگی سے اسے اللہ حافظ کہہ کر فون پاکٹ میں رکھتے ہوئےوہ برآمدے کے دروازے کی جانب بڑھا۔

زینب وہیں چارپائی پر بیٹھ گئی او رایک تھکن زدہ سی سانس خارج کی ۔ایزل کمرے سے اپنا کھلونوں والا بیگ لینے چلی گئی تھی۔کچھ دیر یونہی سر ہاتھوں میں گرائے وہ بیٹھی رہی یک دم حازب کا کہا گیا جملہ اس کے ذہن میں گونجا۔

میں آپ کی ماما سے پیار کر تا ہوں ۔۔۔ بے ساختہ اس کی آنکھیں نم ہوئیں ۔

وہ یقیناََ آمنہ کی بات کر رہے ہوں گے۔میں بھی پاگل ہوں ۔کیا کیا سوچ رہی ہوں ۔ویسے بھی ایزل کی ماما تو آمنہ ہے نا؟۔۔۔خو دہی اپنی سوچوں کی نفی کرتی وہ کسی قسم کی خوش فہمی نہیں پالنا چاہتی تھی۔نجانے کیوں ایک لمحے کے لیے اسے لگا کہ حازب ا س کی بات کر رہا ہے لیکن بعد میں ا س کے اتنے نارمل ری ایکشن پروہ سمجھ گئی تھی کہ اس کی بات نہیں ہو رہی ۔ماشاء اللہ وہ اتنی تو سمجھ دار تھی ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

رات کو وہ تقریباََ گیارہ بجے گھر واپس آیا تھا۔بچے اس کا انتظار کر تے کرتے سو گئے تھے۔ارحم اور احمد دوسرے کمرے میں سوتے تھے۔ایک سال پہلے حازب نے وہ کمرہ ان دونوں کے حساب سے رینوویٹ کروا دیا تھا۔

ایزل کو سلانے کے بعد وہ لائٹ آف کر کے زیرو لائٹ آن کیے وہیں بیڈ کراؤن سے ٹیک لگائے بیٹھی ہوئی تھی۔حازب کا کہا گیا وہ ایک جملہ صبح سے اس کے ذہن میں گونج رہا تھا۔کیا تھا اس ایک جملے میں ؟ایک غیر واضح سا اظہار اور تھوڑی سی محبت۔لیکن اس کا دل صبح سے بے چین تھا۔اس کے دل و دماغ میں ایک عجیب سی جنگ چھڑ گئی تھی۔دل کہہ رہا تھا کہ حازب سے پوچھ لو اور دماغ مسلسل اس کی نفی کر رہاتھا۔

کیا سوچیں گے وہ میرے بارے میں ؟۔۔۔اس نے ہلکی سی آواز میں خود کلامی کی۔

لیکن ان کی غلطی ہے نا۔انہیں پہلی بات تو ایزل کے سامنے بات ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔دوسرا اگر کی تھی تو واضح طور پر اس کی ماما کا نام لینا چاہیے تھا۔۔۔سارا ملبہ حازب پر ڈال کر اب وہ پرسکون ہوچکی تھی۔

میں آپ کی ماما سے پیار کرتا ہوں ۔ہنہ! کر ہی نا لیں مجھ سے پیار۔۔۔حازب کی نقل اتارتے ہوئے آخر میں اس نے کلس کر سوچا۔

تبھی کمرے کا دروازہ کھلا اور حازب اندر داخل ہوا۔اس نے سنجیدگی سے سلام کیا اور ایک نظر نیم روشن کمرے میں بیڈکراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھے اپنے سکون کو دیکھا۔وہ تھکا ہارا گھر آیا تھا اور اس پر نظر پڑتے ہی ا س کی ساری تھکن دور ہوگئی تھی۔ سلام کا جواب دے کر زینب نےایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر اسے دیکھا۔وہ اپنا والٹ اور گھڑی ڈریسنگ ٹیبل پر رکھ کر اس کی طرف مڑا تھا۔

ایسے کیوں بیٹھی ہو یہاں ؟میں نے کتنی دفعہ کہا ہے کہ اگر میں لیٹ ہوجاؤں تو ٹائم سے سو جایا کرو۔۔۔وہ چلتا ہوا بیڈ کی دوسری سائیڈ پر آیا اور ہلکی سی خفگی سے کہا ۔اس خفگی میں بھی ایک فکر تھی۔۔زینب کے ہونٹوں پر بے ساختہ مسکراہٹ آگئی۔ساری بے چینی جیسے ایک پل میں ختم ہوئی تھی۔

آپ کے لیے کھانا لے کر آؤں ؟۔۔۔وہ شانوں پر اپنا دوپٹہ درست کرتے ہوئے وہاں سے اٹھی۔حازب نے آہستہ سے نفی میں سر ہلایا۔

بس چائے بنا دو اور اپنے لیے کھانا بھی لے آنا ۔میں جانتاہوں تم نے میرے انتظار میں کھانا بھی نہیں کھایا ہوگا۔۔۔زینب نے چونک کر اس کی جانب دیکھا۔

حازب!۔۔۔ایسی کوئی با ت نہیں ہے ۔بس میرا دل نہیں چاہ رہا تھا اس لیے نہیں کھایا۔۔۔اس نے خفگی سے حازب کو گھورا۔

لیکن پیٹ میں تو چوہے دوڑ رہے ہوں گے ۔۔۔بیڈ پر بیٹھتے ہوئے وہ شرارتی لہجے میں بولا۔بیڈ کے دوسری جانب کھڑی لڑکی پیر پٹختے ہوئے کمرے کے دروازے کی جانب بڑھی۔جب حازب کی آواز پر اس کے چلتے قدم رکے۔اس نے ذرا سی گردن موڑ کر اس بد تمیز انسان کو دیکھا۔

میرے سکون!تم میری زندگی کا وہ انمول تحفہ ہو جو مجھے بن مانگے عطا کیا گیا ہے ۔کیا تمہیں یہ بات پتہ تھی؟۔۔۔اپنی مسکراہٹ دباتے ہوئے وہ قدرے سنجیدہ لہجے میں پوچھ رہا تھا۔

افسوس! آپ کو پھر بھی اس انمول تحفے کی قدر نہیں ۔کوئی موقع آپ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے مجھے تنگ کرنے کا۔۔۔وہ روہانسی ہو کر کہتی دروازہ کھول کر باہر چلی گئی ۔

اللہ ہی حافظ ہے اس عورت کا بھی۔جو بات ہے وہ سیدھی سیدھی بھی بتائی جاسکتی ہے ۔لیکن نہیں ! آنسو بہانے کا بہانہ چاہیے بس۔۔۔وہ جل کر بڑبڑایا۔

کچھ دیر بعد وہ ایک ہاتھ میں چائے کا مگ اور دوسرے ہاتھ میں بریانی والی پلیٹ لیے کمرے میں داخل ہوئی ۔حازب نے ایک نظر اسے دیکھا اور پھر تاسف سے سر جھٹکا۔

وہ چلتی ہوئی اس کے قریب آئی اور چائے والا مگ اس کی طرف بڑھایا۔حازب نے اس کے ہاتھ سے چائے والا مگ لیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے اپنے پاس بٹھایا۔

میرے انتظار میں اب تک کھانا نہیں نا کھایا تھا؟تو اب میں اپنے ہاتھ سے تمہیں کھانا کھلاؤں گا۔ادھر لاؤ۔۔۔اس کے ہاتھ سے بریانی والی پلیٹ لیتے ہوئےاس نے چائے کا ایک سپ لیا۔

کیوں میرے ہاتھ ٹوٹے ہوئے ہیں ؟جو میں خود نہیں کھا سکتی؟۔۔۔وہ تپ ہی تو گئی تھی۔مطلب اب وہ کوئی چھوٹی بچی تو نہیں تھی ۔

بیوی کو اپنے ہاتھ سے کھلانا سنت ہے۔تمہیں نہیں پتہ؟۔۔۔چہرے پر مصنوعی حیرت سجائےاس نے بریانی سے بھرا چمچ اس کی جانب بڑھایا۔اس نے بغیر کچھ کہے اس کے ہاتھ سے کھا لیا۔

حازب! بس کریں اب سنت پوری ہوگئی ۔اب میں خود کھا لوں گی۔۔۔اس نے حازب کے ہاتھ سے چمچ لینا چاہا جب اس نے جلدی سے اپنا ہاتھ پیچھے کیا۔

اونہوں! میں کھلا رہا ہوں نا؟کھاؤ چپ چاپ۔۔۔زینب نے بے ساختہ منہ بنایا۔وہ اپنی چائے پینے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی فیورٹ بریانی بھی کھلا رہا تھا۔ اس نے چائے کے آخری دو تین گھونٹ بچا کر مگ زینب کی جانب بڑھایا۔وہ اس کی چائے کا بیڑا غرق کرنے کے بعد بھی اور جب وہ اپنے لیے چائے نہیں بناتی تھی تب بھی آخری کے دو تین گھونٹ ہمیشہ اس کے لیے بچایا کرتا تھا۔زینب نے اس کے ہاتھ سے مگ لے لیا اور اپنی جگہ سے کھڑی ہوئی ۔

چائے کے لیے شکریہ!۔۔۔ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر لیے وہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی بیڈ کی دوسری جانب آئی اور اپنی جگہ پر بیٹھ گئی۔

بندہ اتنا ہی کھانا ڈالتا ہے نا جتنا کھانا ہو۔ا ب یہ ضائع جائے گا سارا۔۔۔چمچ پلیٹ میں پٹختے ہوئے وہ خفگی سے بولا۔ برابر میں بیٹھی لڑکی کے اطمینان میں رتی برابر فرق نہیں آیا تھا۔چائے کا آخری گھونٹ لیتے ہوئے اس نے کپ سائیڈ ٹیبل پر رکھا۔پھر اپنے اوپر کمبل درست کرتے ہوئے ذرا سی گردن موڑ کر حازب کو دیکھا۔

تو نا کریں ضائع۔کھا پی کر چٹ کر جائیں ۔۔۔اپنا تکیہ درست کر تے ہوئے اس نے سرسری سے لہجے میں کہا اور لیٹ گئی۔

مطلب اب میں صرف اس آدھی پلیٹ بریانی کے لیے تمہارا جوٹھا کھا لوں ؟ہر گز نہیں !۔۔۔اسے نئے سرے سے تپ چڑھی تھی۔ سائیڈ ٹیبل پر بریانی کی پلیٹ رکھتے اس کے ہاتھ زینب کی آواز پر وہیں تھم گئے تھے۔

بیوی کا جوٹھا کھا نا بھی سنت ہے ۔آپ کو نہیں پتہ؟۔۔۔تکیے پر کہنی ٹکا کر تھوڑا سااوپر ہوتے ہوئے اس نے آنکھیں پٹپٹا کر پوچھا۔

پتہ ہے۔۔۔بے ساختہ اس کی زبان سے پھسلا تھا۔پلیٹ اپنے سامنے کرتے ہوئے وہ یونہی اس میں چمچ ہلا رہا تھا۔

ویری گڈ! چلیں پھر اسے ختم کریں ۔۔۔اسی طرح تکیے پر کہنی ٹکائے وہ اس کی سچویشن کافی انجوائے کر رہی تھی۔حازب نے چمچ بھر کر منہ کے قریب کیا اور ایک نظر زینب کے چہرےکی جانب دیکھا ۔پھر آنکھیں بند کرکے اللہ کا نام لے کر کھا لیا۔

مشن کمپلیٹ!۔۔۔ جو کام آمنہ آٹھ سال میں نہیں کر سکی وہ میں نے دو سال میں کر دیا۔۔۔تکیے پر سر رکھتے ہوئے اس نے فخریہ کالر جھاڑے۔

کوئی تیر نہیں مار لیا تم نے۔ایک اچھے خاصے شریف اور ہینڈسم انسان کو مینو پلیٹ کیا ہے۔۔۔ جل کر کہتا وہ دوبارہ کھانے میں مصروف ہوچکا تھا۔

میں نے خوش فہم تو بہت دیکھے ہیں صنم لیکن آپ کا لیول ہی الگ ہے۔مطلب کچھ بھی ؟۔۔۔اس کی جانب کروٹ لیتے ہوئے اس نے شرارتی لہجے میں کہا۔اس کی بات پر مقابل اندر تک سلگ کر رہ گیا تھا۔برابر میں لیٹی اس کی بیوی کو اس نے خود ہی سر پر چڑھایا تھا۔

اس وقت اسے شاہ صاحب پر رج کے تپ چڑھ رہی تھی ۔جن کے مطابق اگر بیوی کے تھوڑے سے ناز نخرے اٹھا لیے جائیں تو ایک تو وہ خوش ہوجاتی ہے دوسرا پانچ چھ مہینے تک راوی چین ہی چین لکھتا ہے۔آپ کی بیوی خوشی خوشی آپ کے سارے کام کرتی ہے۔اس کے علاوہ بھی نجانے کون کون سے فائدے تھے جو وہ گنوا رہے تھے۔

کاش ! میں آپ کے نادر مشوروں پر آپ کا منہ توڑ سکتا شاہ صاحب!۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے ہوئے اس نے ایک نظر پلیٹ میں باقی بچی بریانی پر ڈالی اور بے دلی سے وہیں سائیڈ ٹیبل پر رکھ دی۔

پانی والا جگ اٹھا کر سا تھ رکھے گلاس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر اس نے گلاس اٹھایا اور ایک ہی گھونٹ میں پی گیا۔گلاس واپس رکھ کر اپنے اوپر کمبل درست کرتا وہ لیٹ گیا۔آنکھیں بند کر کے ان پر بازو رکھے وہ سونے کی کوشش کررہا تھا۔دو منٹ بھی نہیں گزرے ہوں گے کہ کسی کی ہلکی سی سرگوشی نما آواز اس کے کان میں سنائی دی۔

ویسے ہمسائیوں کی مرغیاں بھی خوشی خوشی بچی ہوئی بریانی کھا لیتی ہیں ۔ اگرآپ نہ بھی کھاتے تو میں صبح انہیں ڈال دیتی۔ضائع تو پھر بھی نہیں ہونی تھی۔۔۔اس کے کان کے پاس جھکی وہ اطلاع دینے والے انداز میں کہتی فوراََ پیچھے ہٹی۔حازب چت لیٹا ہوا تھا اور اس کی بات سن کر اس نے ایک جھٹکے سے رخ موڑ کر اسے دیکھا۔

صحیح کہتا ہے تیمور ۔زینب کا ڈیسنٹ لفظ سے دوردور تک کوئی تعلق نہیں ۔۔۔اس نے زینب کےجوڑے سے نکلی لٹ حسبِ عادت اس کے کان کے پیچھے کی اور آہستہ سے اس کی ناک دبائی۔زینب نے بے ساختہ اسے گھورا۔

حازب! ۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔چڑ کر کہتی وہ دوسری جانب رخ کر گئی۔حازب نے بے ساختہ شکر اد اکیا۔اسے تو اب وہ صبح منا لے گا لیکن اس وقت اسے بہت نیند آئی ہوئی تھی۔اس لیے وہ ایک گہری سانس خارج کرتے ہوئے دوبارہ سے اپنی آنکھوں پر بازو رکھ گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

آج اتوار تھا ۔بچوں کو اسکول سے چھٹی تھی اور بچوں کے بابا نے خود ہی چھٹی کر لی تھی۔نائلہ بیگم اور شاہد صاحب دو گھنٹے پہلے آئے تھے۔حازب وہیں لاؤنج میں شاہد صاحب کے پاس بیٹھا ہوا تھا۔وہ اس سے کام کے بارے میں پوچھ رہے تھے ۔ لنچ کے بعد نائلہ بیگم اور زینب کچھ دیر ان لوگوں کے پاس ہی بیٹھی تھیں پھر عصر کی نماز پڑھنے کے لیے وہ دونوں اس کے کمرے میں چلی گئی تھیں ۔ ارحم اور احمد اپنے پاس کھڑی ایزل کو مسلسل چڑا رہےتھے
اور وہ چڑ بھی رہی تھی۔

پتر جی! میں اتنی اچھی بے بی ہوں ۔آپ مجھے کیوں تنگ کرتے ہو؟۔۔۔ایزل نے آنکھوں میں آنسو لیے احمد کی طرف دیکھا۔اس کے برابر میں بیٹھے ارحم نے اس کی آنکھوں میں آنسو دیکھتے ہی ایک زور دار مکا احمد کی کمر میں مارا تھا۔

احمدبرو! میں نے کہا تھا نا اسے رلانا نہیں ہے۔دیکھو اس کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں ۔۔۔ایزل کو بازو سے پکڑ کر اپنے سامنے کھڑا کرتے ہوئے اس کے آنسو صاف کر کے اس نے غصیلی نظروں سے احمد کو دیکھا۔جو اپنی کمر پر ہاتھ رکھے اسے کھا جانے والی نظروں سے گھور رہا تھا۔

ارحم! یہ کیا طریقہ ہے؟کیوں مارا ہے آپ نے احمد کو؟۔۔۔حازب نے تنبیہی نظروں سے ارحم کو دیکھا۔شاہد صاحب بھی ان کی طرف متوجہ ہو چکے تھے۔

اس نے ایزل بےبی کو رلایا تھا۔اس لیے مارا ہے۔۔۔ارحم نے اپنے پاس کھڑی ایزل کو آہستہ سے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے بے ساختہ دانت پیسے۔

تو کیا ہوگیا اگر کچھ آنسو نکل جائیں گے تو؟اچھاہے اس کی آنکھیں صاف ہوجائیں گی۔۔۔چڑ کر کہتا وہ چارپائی سے نیچے اترا اور پیر پٹختا ہوا باہر چلا گیا۔اس کے جاتے ہی ارحم نے ایک نظر ایزل کو دیکھا ۔

ارحم برو۔بری بات ۔پتر جی کو ناراض کر دیا آپ نے۔۔۔ارحم تواس کے یوں پارٹی بدلنے پر بل کھا کر رہ گیا تھا۔حازب اور شاہدصاحب دوبارہ اپنی باتوں مصروف ہوچکے تھے۔

میں نے آپ کے لیے احمد برو سے لڑائی کی اور آپ اب اسی کی سائیڈ لے رہی ہو۔۔۔اس نے بے ساختہ منہ بنایا۔

لڑائی کرنا اچھی بات نہیں ہوتی۔آپ نے کیوں کی تھی؟۔۔۔وہ چہرے پر انتہا درجےکی معصومیت سجائے اسے دیکھ رہی تھی۔ارحم نے آہستہ سے سر ہلایا۔

چلو ۔۔۔لے کر آتے ہیں اسے لیکن آج کے بعد میں آپ کے لیے اس سے لڑائی نہیں کروں گا۔بلکل بھی نہیں ۔آپ اپنی دفعہ ٹیم بدل لیتی ہو پھر مجھے ڈانٹ پڑتی ہے۔۔۔دو ٹوک لہجے میں کہتا وہ اپنی جگہ سے کھڑا ہوا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر باہر کی جانب بڑھا۔حازب نے ایک نظر ان دونوں کی پشت کو دیکھا اور پھر شاہد صاحب کو مخاطب کیا۔

بابا! یہ آفت کی پڑیا کس پر چلی گئی ہے؟یقین کریں آمنہ تو بلکل ایسی نہیں تھی اور ۔۔۔اس کی بات درمیان میں ہی رہ گئی تھی جب شاہد صاحب اپنی جگہ سے کھڑے ہوئے اور اس کے پاس آکر آہستہ سے اس کا کندھا تھپکا۔

میرا بیٹا یہ آفت کی پڑیا اپنے باپ پر گئی ہے۔جس کی شرافت پر مجھے پہلے دن سے شک ہے۔لیکن وہ الگ بات ہے کہ وہ مانتا نہیں ہے۔۔۔ان کی بات سنتا حازب بیچارہ اندر تک سلگ کر رہ گیا۔شاہد صاحب نے ایک نظر کلائی پر بندھی کھڑی کو دیکھا اور پھر ان کی سنجیدہ سی آواز حازب کو سنائی دی۔

اپنی ماما کو بلاؤ۔یہاں سے واپس جا کر مجھے ایک دوست سے ملنے جانا ہے۔۔۔ان کی بات پر آہستہ سے سر ہلاتا وہ اپنے کمرے میں جانے لگا تھا جب کمرے کا دروازہ کھول کر نائلہ بیگم باہر آئیں ۔زینب بھی ان کے ساتھ ہی تھی۔حازب وہیں رک گیا۔وہ دونوں چلتی ہوئی ان کے پاس آئیں ۔

ایسی کونسی باتیں تھی ساس بہو کی جو ختم ہی نہیں ہو رہی تھیں۔۔۔شاہد صاحب نے ایک نظر ان دونوں کو دیکھتے ہوئے لطیف سا طنز کیا۔

بس تھیں کچھ پرسنل باتیں ۔۔۔نائلہ بیگم نے بے نیازی سے شانے اچکائے۔

چلیں اب باقی کی باتیں فون پر کر لیجیے گا ابھی نکلتے ہیں ہم ۔کافی ٹائم ہوگیاہے۔۔۔ان کے کہنے پر نائلہ بیگم نے آہستہ سے سر ہلایا اور چار پائی پر پڑا اپنا پرس اٹھایا۔

اچھا بیٹا ہم لوگ چلتے ہیں پھر۔اپنا خیال رکھنا اور لگانا چکر تم سب بھی ۔۔۔نائلہ بیگم مسکرا کر کہتے زینب سے گلے ملیں ۔اس سے الگ ہوتے ہوئے انہوں نے حازب کے سر پر بھی پیار دیا۔حازب نے آہستہ سے انہیں اپنے ساتھ لگایا۔

فی امان اللہ !۔۔۔گھر پہنچ کر کال کر دیجیے گا اور ہم لوگ آئیں گے کچھ دن تک ۔ابھی میں بہت مصروف ہوں ۔۔۔نرمی سے انہیں خود سے الگ کر کے اس نے ایک نظر شاہد صاحب کو دیکھا اور مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا۔

اوکے بابا!۔۔۔آپ بھی اپنا خیال رکھیے گا۔۔۔شاہد صاحب نے اس سے ہاتھ ملاتے ہوئے آنکھیں چھوٹی کر کے اسے دیکھا۔زینب دلچسپی سے یہ منظر دیکھ رہی تھی۔

بیٹا مجھے آج بتا ہی دو کہ مجھ سے گلے ملتے ہوئے تمہیں کیا مسئلہ ہے؟۔۔۔وہ تپ ہی تو گئے تھے۔حازب نے آہستہ سے اپنی داڑھی کھجائی اور ایک نظر نائلہ بیگم اور اپنی بیگم پر ڈالی۔

وہ ۔۔۔دراصل بابا ۔۔مجھے ناتھوڑی سی شرم آتی ہے۔ ۔۔شاہد صاحب کا منہ صدمے سے کھلا تھا۔اگلے ہی لمحے ان کی خاصی تپی ہوئی آواز برامدے میں گونجی۔

ایک کام کرو اسی تھوڑی سی شرم سے ڈوب کر مر جاؤ۔عجیب منطق ہے ۔۔۔آخر ی جملہ منہ ہی منہ میں بڑبڑاتے ہوئے وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتے باہر کی جانب بڑھے۔ان دونوں ساس بہو نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی۔

حازب ! کبھی تو باز آجایا کرو۔۔۔نائلہ بیگم اس کے کندھے پر ہلکی سی چپت لگاتے ہوئے بولیں ۔حازب نے بے نیازی سے شانے اچکائے اور زینب تو اس کی ڈھٹائی پر اسے داد دیے بنا نہیں رہ سکی۔

ماما! آپ کے شوہر اب کچھ زیادہ ہی ری ایکٹ کر رہے ہیں ۔۔۔وہ اپنی غلطی صرف زینب کے سامنے ہی مانتا تھا۔صرف وہی تھی جو اگر ناراض ہے تو غلطی حازب شاہد کی ہوتی تھی۔باقیوں کے معاملے میں جو ناراض ہے غلطی اسی کی ہے۔نائلہ بیگم تاسف سے سر ہلاتی برآمدے کے دروازے کی جانب بڑھ گئیں ۔زینب نے ہلکا سا حازب کے شانے سے اپنا شانہ ٹکرایا۔

جائیں انہیں سی آف کر کے آئیں ۔میزبان ہونے کے کچھ آداب ہوتے ہیں ۔۔۔اس کی بات پر حازب نے آہستہ سے سر کو خم دیا اور تیز تیز قدم اٹھاتا نائلہ بیگم کے پیچھے ہی برآمدے کے دروازے تک آیا۔زینب اس کی پشت کو گھورکر دوبارہ اپنے کمرے میں چلی گئی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اگلے کچھ دن حازب بہت مصروف رہا تھا ۔ تیمور کی شادی کے بعد سے وہ اکیلا ہی سب مینج کر رہا تھا۔کیونکہ تیمو ر نے تو اس دن سے اسٹور میں قدم ہی نہیں رکھا تھا۔ایسالگ رہا تھا جیسے اسمارہ سے نکاح کے بعد اس نے اسٹور کو طلاق دے دی ہو۔آج وہ اسمارہ کو میکے سے واپس لے کر آیا تھا اور اسے گھر ڈراپ کرتے ہی سیدھا اسٹور پر آیا تھا۔اس کے آتے ہی حازب نے اسٹور کی چابی اس کے ہاتھ میں دی اور خود ہی اپنے لیے ایک ہفتےہی چھٹی اپروو کرکے گھر کے لیے نکل گیا۔اسے کچھ دن کے بریک کی اشد ضرورت تھی ۔

گھر آکر وہ سیدھا اپنے کمرے میں آیا تھا۔بچے اسکول گئے ہوئے تھے اور ایزل اپنی ماما کے ساتھ کمرے میں ہی تھی۔ زینب بیڈ پر لیٹی ہوئی تھی اور ایزل اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھوں سے اس کا سر دبا رہی تھی۔حازب چلتا ہوا اندر آیا اور گاڑی کی چابی ٹیبل پر رکھتے ہوئے زینب کے پاس آیا۔زینب کی طبیعت رات سے ہی ٹھیک نہیں تھی ۔ہلکا سا بخار تھا جس کے لیے اسے میڈیسن لینے کی ہدایت کرتا وہ اسٹور کے لیے چلا گیا تھا۔اب اس کی جانے بلا کہ اس کی بیوی نے میڈیسن لی بھی تھی یا نہیں ۔

تمہیں اتنا تیز بخار کیسے ہوگیا؟۔۔۔حازب نے تشویش زدہ لہجے میں کہتے آہستہ سے اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھا۔

وہ ۔۔ حازب۔۔میں نا میڈیسن لینا بھول گئی تھی۔۔۔اس نے معصومیت سے کہتے ایک نظر پاس بیٹھی ایزل کو دیکھا اور پھر حازب کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا۔ کمزوری کی وجہ سے ا س سے اٹھا نہیں جارہا تھا لیکن محترمہ نے اٹھ کر بیٹھنا تھا۔حازب نے اسے کا ہاتھ تھام کر اسے اٹھنے میں مدد دی ۔بیڈ کراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھتے ہوئے زینب نے ایزل کو اپنے پاس ہی لیٹا لیااور آہستہ آہستہ اس کا کندھا تھپکنے لگی۔

زینی! میں نے کہا بھی تھا کہ میڈیسن لے لینا۔ تم بچی تھوڑی ہو جسے میں اپنے ہاتھ سے میڈیسن کھلاؤں گا۔اب یہ سہی ہے بیٹھے بٹھائے بخار چڑھا بیٹھی ہیں محترمہ۔۔۔اسے ر ہ رہ کر سامنے بیڈ کراؤن سے ٹیک لگا کر بیٹھی بخا رمیں تپ رہی لڑکی پر تپ چڑھ رہی تھی۔

حازب!۔۔میں نے نہیں چڑھایا۔یہ خود ہی چڑھ گیا ہے بد تمیز۔۔۔ نفی میں سر ہلاتے ہوئے وہ سارا ملبہ بخار پر ڈال چکی تھی۔حازب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔پریشانی سے اپنی پیشانی مسلتے ہوئے اس نے اپنے دوست کو کال کی اور زینب کی طبیعت کے بارے میں بتایا۔ وہ کچھ دیر میں آنے کا کہہ رہا تھا۔ کال کٹ کر کے وہ بیڈ کی دوسری جانب آیا ۔ایزل بے بی اس کی بیوی کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیے سو چکی تھی۔حازب نے بہت نرمی سے اس کے ہاتھوں سے زینب کا ہاتھ نکالا اور پھر اسے تھوڑا سا نیچے کرکے لیٹایا۔اپنے لیے جگہ بنا کر وہ زینب کے قریب آکر بیٹھا پھر خاموشی سے اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھے ہلکا ہلکا سر دبانا شروع کیا۔وہ جانتا تھا جب اسے بخار ہوتا تھا تو سر درد ساتھ میں بائے ون گیٹ ون فری کے اصول کے تحت خود ہی شروع ہوجاتا تھا۔

اپنا خیال رکھا کرو سوہنے!۔۔۔اگر تمہیں کچھ ہوگیا تو میں کیا کروں گا؟۔۔۔فکر مند لہجے میں کہا گیا تھا۔مانو کوئی التجا کی گئی ہو۔

آپ ہیں نا میرا خیال رکھنے کے لیے۔ ۔۔زینب نے آہستہ سے اپنا ہاتھ اس کے ہاتھ پر رکھا۔حازب نے اس کا ہاتھ نرمی سے اپنے دونوں ہاتھوں میں لے کر آہستہ سے ہونٹوں سے لگایا۔

حازب ! اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔وہ حسبِ عادت چڑی نہیں تھی۔لیکن عادتاََ اپنا فیورٹ جملہ اس کی زبان سے پھسل گیا تھا۔وہ اسی طرح اس کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لیے پیچھے ٹیک لگا گیا۔

کچھ پل کے لیے ان دونوں کے درمیان ایک پرسکون سی خاموشی رہی ۔پھر اس خاموش سکون کو حازب کے فون کی آواز نے توڑا۔اس نے فون اٹھا کر ایک نظر اوپر چمک رہے نمبر کو دیکھا۔ڈاکٹر صاحب کالنگ لکھا آرہا تھا۔ جلدی سے کال پک کر کے فون کان سے لگاتے اس نے دوسری طرف کی بات سنی۔

حد ہے یار ! ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہو کر تم مجھے حکیموں والے مشورے دے رہے ہو۔۔۔وہ اسی طرح فون کان سے لگائے نیچے اترا اور جلدی سے اپنا جوتا پہنتے ہوئے باہر کی جانب بڑھا۔زینب نے ایک نظر کمرے کے کھلے دروازے کی جانب دیکھا جہاں سے وہ ابھی گیا تھا ۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

کچھ دیر بعد وہ واپس آیا تو اس کے ہاتھ میں ایک چائے کا مگ اور دوسرے ہاتھ میں ایک چھوٹی سی پلیٹ تھی جس میں بوائل انڈے موجود تھے۔زینب نے آہستہ سے آنکھیں کھول کر اسے دیکھا۔وہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا بیڈ تک آیا اور چائے والا مگ زینب کی جانب بڑھایا۔پھر نرمی سے اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کر بخار چیک کیا۔اس کا بخار ابھی بھی کافی تیز تھا لیکن سر درد میں سکون کی وجہ سے اس کے حواس بحال ہوگئے تھے۔وہ وہیں اس کے قریب بیٹھ گیا۔ہاتھ میں موجود پلیٹ میں سے انڈے کا ایک پیس اٹھا کر اس نے زینب کی جانب بڑھایا۔

حازب! پلیز یہ مجھ سے نہیں کھایا جائے گا۔آپ پینا ڈول دے دیں مجھے۔۔۔زینب نے برا سا منہ بنایا۔اس کے مفید مشورے پر حازب نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

چپ چاپ اسے کھاؤ۔خواہ مخواہ کے نخرے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔اس کی ایک ہی گھوری پر زینب نے اچھے بچوں کی طرح کھا لیا تھا۔لیکن منہ کے الٹے سیدھے اسٹائل بنا کر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتی وہ بہت کیوٹ لگ رہی تھی۔حازب کے ہونٹوں پر ایک خوبصورت سی مسکراہٹ آگئی۔اگر وہ کہتا تھا کہ زینب وہ انمول تحفہ تھی جو اسے بن مانگے عطا کیا گیا ہے ۔تو وہ صحیح کہتا تھا۔کیونکہ حازب شاہد خود تو کبھی ایسی لڑکی کا ساتھ اپنے لیے نہ مانگتا۔

آپ بہت بدتمیز انسان ہیں ۔۔۔ اس نے یاد دلانا ضروری سمجھا۔ حازب نے آہستہ سے سر کو خم دیا ۔چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ لیے دوسرا پیس اس کی طرف بڑھایا۔زینب نے وہ پیس بھی بمشکل حلق سے اتارا۔

اس سے پہلےکہ حازب ایک اور پیس اس کی جانب بڑھاتا اس نے فوراََ چائے والا مگ ہونٹوں سے لگایا۔وہ چھوٹے چھوٹے سپ لے کر چائے پینے میں مصروف تھی جب حازب نے ا س کے ہاتھ سے مگ لیا۔پلیٹ اس کے ہاتھ میں تھماتے ہوئے اس نے آنکھوں سے ہی اسے انڈے کے باقی دونوں پیس بھی کھانے کا اشارہ کیا۔خود وہ اس کی چائے پینے لگا تھا۔

شرم تو نہیں آتی ایک بیمار انسان کی چائے پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے ۔۔۔ایک اور پیس اٹھا کر منہ میں رکھتے ہوئے وہ شرم دلانے والی نظروں سے اسے دیکھ رہی تھی۔حازب نے چائے والا مگ نیچے کرتے ہوئے مسکراتی نظروں سے اسے دیکھا۔

آتی ہے بھئی ۔کیوں نہیں آتی۔لیکن میں ہر دفعہ اسے واپس بھیج دیتا ہوں ۔جب میری بیوی موجود ہے تو میں کیوں پرائی عورتوں پر نظر رکھوں ؟۔۔۔چائے کا ایک اور سپ لے کر اس نے بے نیازی سے شانے اچکائے۔زینب صرف ا سے دیکھ کر رہ گئی۔اگلے ہی پل اس نے چہرے پر انتہا درجے کی معصومیت سجائے پلیٹ میں بچا آخری پیس اٹھا یا اور حازب کی جانب بڑھایا۔

یہ آپ کھا لیں ۔ اب مجھ سے نہیں کھایا جاتا۔۔۔حازب نے خاموشی سے کھا لیا۔ تین پیس وہ کھا چکی تھی یہ ہی بہت بہادری تھی ا س کی۔زینب نے خالی پلیٹ سائیڈ ٹیبل پر رکھتے ہوئے ا س کے ہاتھ سے اپنا چائے والا مگ واپس لیا۔ حازب وہاں سے اٹھا اور اس کے چہرے پر جھول رہی لٹ کو بہت نرمی سے اس کے کان کے پیچھے کیا۔

آپ ایک کام کریں اسے اتار کر اپنی جیب میں ہی رکھ لیں ۔۔۔وہ جل کر بولی تھی ۔حازب نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی ۔

نہیں بھئی ! یہ معصوم سی پیاری سی لٹ تو میرے سکون کے کان کے پیچھے ہی اچھی لگتی ہے۔۔۔آہستہ سے اس کی ناک دبا کر کہتا وہ باتھ روم کی جانب بڑھ گیا۔زینب نے بے ساختہ اس کی پشت کو گھورا۔چائے کا آخری سپ لیتے ہوئے اس نے کپ سائیڈ ٹیبل پر پٹخا اور اپنا تکیہ درست کر کے لیٹ گئی۔ کچھ دیر بعد اس نے ایزل کو آواز دی۔

ایزل بےبی!۔۔۔ اسے تھوڑا سا اوپر کرتے ہوئے اپنے برابر میں لیٹایا۔ایزل نیند میں ہی ذرا سا کسمسائی۔زینب نے بے ساختہ اس کا گال چوما۔

میرا بچہ ! کتنا کیوٹ لگتا ہے سوتے ہوئے۔۔۔ اس کے اوپر اچھے سے کمبل درست کر کے اس نے ایزل کو تھوڑا سا اپنے قریب کیا اور اس کے کان میں ہلکی سی سرگوشی کی۔

ایزل بے بی!۔۔۔ماما کی جان اٹھ جاؤ اب ۔۔۔ایزل نے پٹ سے آنکھیں کھول کر اسے دیکھا اور ساتھ ہی اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھا۔

پتر جی! ماما ٹھیک ہیں اب۔آپ بتاؤ آپ کو بھوک لگی ہے نا؟ ۔۔۔اس کے پوچھنے پر ایزل نے آہستہ سے سر ہلایا۔

کیا کھانا ہے میرے پتر نے؟۔۔۔زینب نے نرمی سے اس کا گال کھینچتے ہوئے پوچھا۔تبھی حازب باتھ روم کا دروازہ کھول کر باہر آیا۔وہ چلتا ہوا ان دونوں کے پاس آیا۔تھوڑا سا جھک کر اس نے ایزل کو اٹھایا ۔محبت سے اس کا گال چوما پھر اسے نیچے اتارا۔

جوتا پہنو اپنا ۔ہم مارکیٹ جارہے ہیں ۔ واپسی پر میں اپنے بے بی کو چاکلیٹس لے کر دوں گا۔۔۔مسکراتے ہوئے کہتے اس نے ایزل کو دیکھا اور پھر زینب کی جانب مڑا۔

سوہنے تم صرف آرام کرو میں باقی سب سنبھال لوں گا۔۔۔نرمی سے کہتے وہ ایزل کا ہاتھ تھام کر باہر چلا گیا ۔زینب کتنی ہی دیر پر سوچ نظروں سے بند دروازے کو دیکھتی رہی ۔بے ساختہ اس کے ذہن کے پردوں پر آمنہ کا چہرہ لہرایا۔وہ ہنستی مسکراتی لڑکی اسے آج بھی پوری شدت سے یاد آتی تھی ۔

آمنہ میں سوچتی تھی کہ تم خوش قسمت ہو جو تمہیں آٹھ سال تک حازب کا ساتھ ملا۔۔۔وہ دل ہی دل میں اس سے مخاطب ہوئی ۔

لیکن میں غلط تھی بہنا! میں تم سے زیادہ خوش قسمت ہوں ۔ اب حازب لائف ٹائم کے لیے صرف اور صرف میرے ہیں ۔۔۔ہلکی سی آواز میں خود کلامی کرتی وہ حازب شاہد پر اپنا حق جتا رہی تھی۔لیکن اگلے ہی پل اس کی آنکھیں بے ساختہ نم ہوئیں ۔

میں خود غرض نہیں بن رہی ۔نہ ہی تمہاری جگہ لوں گی۔صرف اپنی جگہ بناؤں گی۔ اگر تم آج زندہ ہوتی تو زندگی کتنی مختلف ہوتی ۔لیکن اب تم نہیں ہو میں ہوں ۔تمہارے بچوں کی ماں بھی اور حازب کی بیوی بھی۔۔۔وہ اسی طرح خود کلامی کرتے ہوئے اپنا دل ہلکا کر رہی تھی۔آنسو آنکھوں سے ٹوٹ ٹوٹ کر ا س کے گالوں پر بہہ رہے تھے۔

تمہاری وہ بیٹی جس سے میں ہمیشہ چڑتی تھی کیونکہ اس کے نین نقش اس کے باپ سے ملتے تھے۔لیکن اس کے باپ سے محبت ہونے کے بعد میں نے پہلا اظہار تمہاری بیٹی سے کیا تھا۔جس دن میرا نا پسندیدہ مرد ،میرا پسندیدہ مرد بنا تھا ا س دن مجھے سمجھ آئی تھی کہ تم کیوں دعا کرتی تھی کہ سب لڑکیوں کو ا س جیسا ہم سفر ملے۔۔بے ساختہ اس کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی۔

لیکن پتہ ہے یار میں نا تمہاری طرح بے وقوف نہیں ہوں جو یہ دعا مانگو ں کہ ہر لڑکی کو میرے شوہر جیسا ہم سفر ملے ۔جسے چاہیے ہوگا وہ خود مانگ لےگی۔میں کیوں خواہ مخواہ اپنا سہاگ داؤ پر لگاؤں ؟۔۔۔زینب نے بے ساختہ منہ کے زاویے بگاڑے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

رات کا کھانا حاز ب نے بنایا تھا۔ارحم اور احمد کو اسکول سے پک کرنے کے بعد تیمور اپنے ساتھ گھر لے گیا تھا۔کچھ دیر پہلے وہ ان کے کپڑے لینے کے لیے آیا تھا ۔زینب نے وہاں کسی کو بھی اس کی طبیعت کے بارے میں بتانے سے منع کر دیا۔ایک تو وہ ان سب کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی اور دوسرا اس طبیعت خرابی کی وجہ بتانی پڑتی ۔حازب کسی کام سے باہر گیا ہوا تھا۔کچھ دیر میں آنے کا کہتا وہ ایک گھنٹے سے غائب تھا۔ایزل دوپہر کو اپنی نیند پوری کر چکی تھی ا س لیے اب زینب کے پاس لیٹی اسے باتیں سنانے میں لگی ہوئی تھی۔

میں وہ چا کلیٹس کھا لوں ؟ جو بابا نے پتر جی اور احمد برو کے لیے رکھی ہیں؟۔۔۔نہایت معصومیت سے پوچھا گیا تھا۔اپنا حصہ وہ پہلے ہی چٹ کر چکی تھی ۔زینب بے ساختہ مسکرادی۔

کمرے کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوتے حازب نے بے ساختہ ایزل کو گھورا۔وہ چلتا ہوا ان کے پاس آیا۔اسے دیکھ کر ایزل نے برا سا منہ بنایا۔

خبر دار اگر میرے بچوں کی چاکلیٹس پر نظر رکھی تو۔۔۔ اس نے انگلی اٹھا کرتنبیہہ کی۔

بابا! آپ مجھ سے پیار نہیں کرتے ؟میں آپ کی بیٹی ہوں ۔۔۔وہ زینب کے پاس سے اٹھ کر ا س کے سامنے کھڑی ہوئی اور آنکھوں میں آنسو لیے اسے دیکھا۔

نہیں ! کیونکہ میں آپ کی ماما سے پیارکرتا ہوں ۔وہ میری بیوی ہے۔۔۔وہ آج پھر مقابلے بازی پر اتر آیا تھا۔تاریخ گواہ تھی جب جب ایزل بےبی نے اپنے آنسو دکھا کر حازب کو ایموشنل کرنے کی کوشش کی تھی ہر بار وہ کوشش بری طرح ناکام ہوئی تھی۔کیونکہ اس کے بابا کو صرف اس کی ماما ہی ایموشنل کر سکتی تھیں اور ایموشنل بلیک میل بھی۔

وہ دونوں باپ بیٹی آمنے سامنے کھڑے تھے اور زینب ان کے درمیان لیٹی د ونوں کا منہ تک رہی تھی۔حازب کی بات پر اس کا چہرہ خفت سے سرخ پڑا۔ دل کی بے ترتیب ہوتی دھڑکن پر قابو پاتے وہ فوراََ کمبل میں اپنا چہرہ چھپا گئی۔وہ مبہم سا اظہار آج مکمل ہوگیا تھا۔ ایک سکون سا تھا جو ا س کے د ل میں ا ترا تھا ۔ایزل نے ایک نظر اپنی ماما کو دیکھا۔پھر حازب کی طرف مڑی۔

میری ماما آپ سے پیار نہیں کرتی!۔۔۔دونوں ہاتھ سینے پر باندھ کر اپنی بات پر کافی زور دیا گیا۔حازب نے آہستہ سے زینب کے چہرے سے کمبل ہٹایا۔

زینب نے شرماتے ہوئے بے ساختہ چہرے پر دونوں ہاتھ رکھتے اپنا چہرہ چھپایا۔ لیکن پھر حازب شاہد کی بے شرمی پر اسے رج کر تپ چڑھی تھی۔بد تمیز انسان بیٹی سے مقابلہ جیتنے کے لیے بیوی سے اظہارِ محبت کر رہا تھا وہ بھی ایسے جیسے احسان کر رہا ہو۔جیسے پاس موجود بیوی اندھی ،کونگی ،بہری ہو۔

آپ کی ماما سے پوچھ لیتے ہیں ۔اگر آپ کی ماما نے کہا کہ وہ مجھ سے پیار نہیں کرتی تو ساری چاکلیٹس بھی آپ کی اور یہ سو روپے کا نوٹ بھی آپ کا۔۔۔چیلنج کرتی نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے حازب نے سو رو پے کا کڑکڑاتا نوٹ نکال کر اس کے سامنے کیا۔زینب اندر تک کلس کر رہ گئی ۔ابھی بھی اسے اپنے مقابلے کی پڑی تھی ۔

اوکے!۔۔۔ماما! آپ بابا سے پیار نہیں نا کرتی ۔انہیں بولو۔۔۔وہ زینب کے پاس ہی بیٹھ گئی اور اس کا ہاتھ تھام کر مان بھرے لہجے میں کہا۔جیسے اسے پورا یقین تھا کہ اس کی ماما بول دیں گی۔

زینب تھوڑا سا اوپر ہو کر بیٹھی ۔ایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر حازب کو دیکھا۔وہ آنکھوں ہی آنکھوں میں اشارے کرتا اسے جھوٹ بولنے سے منع کر رہا تھا۔اس نے فوراََ اپنی نظریں جھکا لیں ۔وہ بدتمیز اسے جان بوجھ کر اپنی نظروں سے الجھا رہا تھا تاکہ فیصلہ اس کے حق میں آئے۔

ماما! بولیں آپ بابا سے پیار نہیں کرتی۔۔۔اس کا ہاتھ ہلاتے ہوئے وہ چڑ کر بولی تھی۔ حازب نے چہرے پر ایک فاتحانہ چمک لیے ایزل کو دیکھا۔

دیکھا! آپ کی ماما کبھی نہیں بولیں گی۔۔۔اس کا انداز سراسر مقابل کو اکسانے والا تھا۔وہ دوسری سائیڈ پر آکر اس کے ساتھ ٹک کر بیٹھ گیا۔لیکن اگلے ہی پل اس کی ساری شیخی ہوا ہوئی تھی۔

ایزل بےبی! میں آپ کے بابا سے بلکل پیار نہیں کرتی۔کیونکہ میں تو ایزل بےبی سے پیار کرتی ہوں۔آپ میری بیٹی ہو۔۔۔زینب نے اسے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے محبت سے ا س کا سر چوما ۔ پھر چہرے پر تپانے والی مسکراہٹ لیے اپنے برابر میں بیٹھے حازب کو دیکھا جس کا منہ صدمے سے کھلا تھا۔کتنے ہی لمحے تو وہ کچھ بول ہی نہیں پایا اور پھر ا س کی شاک زدہ سی آواز زینب کوسنائی دی۔

زینی سوہنے! میرے سکون! یہ کیا مذاق ہے؟میں بلکل سیریس ہوں ۔۔۔زینب نے ا س کی بات ان سنی کرتے ہوئے اس کے سامنے اپنا ہاتھ پھیلایا۔

ایزل بےبی کی چاکلیٹس اور سو روپے دیں ۔آپ بری طرح ہار چکے ہیں ۔۔۔حازب نے ہاتھ میں پکڑا سو روپے کا نوٹ پٹخنے والے انداز میں اس کے ہاتھ پر رکھا ۔پھر سائیڈ ٹیبل کے ڈرار سے چاکلیٹس نکال کر اس نوٹ کے اوپر رکھیں ۔ا ن دونوں کو گھوری سے نوازتا وہ خفگی سے رخ پھیر کر لیٹ گیا۔وہ دونوں ایک دوسرے کے ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہوئے کھلکھلا کر ہنسی تھیں ۔

ماما! ۔۔۔اب ہم فل پارٹی کریں گے۔۔۔ایزل نے دونوں ہاتھ منہ پر رکھتے ہوئے اپنی ہنسی روکی۔زینب نے آہستہ سے اس کی پیشانی چومی ۔ ہاتھ میں پکڑے پیسے اسے دیے اور ایک چاکلیٹ کا ریپر اتار کر اس کی جانب بڑھائی۔

آپ بھی ٹیسٹ کرو ۔یہ بہت مزے کی ہوتی ہے۔۔۔ایزل نے اس کے ہاتھ سے چاکلیٹ لے کر اس کے منہ کے قریب کی ۔

بڑے لاڈ یاد آرہے ہیں اب ماں بیٹی کو۔۔۔دوسری طرف رخ کیے کمبل سر تک تان کر لیٹا حازب اندر ہی اندر کلس کر رہ گیا تھا۔

بس میرا بچہ اب آپ کھاؤ۔۔۔زینب نے چھوٹی سی بائٹ لے کر نرمی سے اس کا ہاتھ پیچھے کر دیا۔حازب کو کسی نے جھوٹے منہ بھی نہیں کہا کہ تم بھی چکھ لو۔ایزل اب مزے سے چاکلیٹ کھا رہی تھی۔

میرا بچہ بابا کو تنگ نہیں کیا کرو۔وہ آپ سے بہت پیار کرتے ہیں ۔۔۔زینب نے اس کے ہونٹ کے پاس لگی چاکلیٹ انگلی کی مدد سے صاف کرتے ہوئے اسے پیار سے سمجھانا چاہا۔ایزل نے ایک خفگی بھری نظر ا س پر ڈالی۔

ہنہ! پیار کی بات کون کر رہا ہے؟۔۔۔وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔ لیکن ایزل کی اگلی بات سن کر ا س نے بے ساختہ دانت پیسے۔

ماما! آپ ان سے پیار نہیں کرتی ۔۔۔اس نے کچھ دیر پہلے کہی اس کی بات یاد دلانا ضروری سمجھا۔زینب کے ہونٹوں پر بے ساختہ مسکراہٹ آگئی۔

سوری میرا بچہ! میں بھول گئی تھی۔۔۔ زینب نے معصومیت سے کہتے دوسری چاکلیٹ کا ریپر اتار کر اسے دی ۔ایزل چاکلیٹ کھانے میں مگن تھی جب زینب نے اس کی نظروں سے بچا کر دھیرے سے اپنا ہاتھ حازب کے بالوں میں پھیرا۔حازب نے خفگی سے اس کا ہاتھ پیچھے ہٹایا۔لیکن وہ باز نہیں آئی ۔ایک بار پھر بہت نرمی سے ا س کے بالوں میں انگلیاں چلانے لگی۔جانتی تھی وہ تھکا ہوا ہے۔جب سے اسٹور سے واپس آیا تھا اس کے سکون کی خاطر خود بے سکون ہورہا تھا۔حازب کو اپنے اندر تک ایک سا سکون سا محسوس ہوا۔وہ اس کی طرف رخ کر کے لیٹ گیا۔ ایک نظر ا س نے ایزل کو دیکھا جو دونوں چاکلیٹس کے ساتھ انصاف کر چکنے کے بعد ان دونوں کو گھور رہی تھی۔

ماما!۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔ اس کا ہاتھ حازب کے بالوں سے باہر نکال کر خفگی سے کہتے اس نے کمبل کے اندر کر دیا۔حازب نے اپنی مسکراہٹ دبا کر زینب کو دیکھا۔جس کا چہرہ خفت سے سرخ پڑا تھا۔

بابا!۔۔۔میری ماما کو ایسے نہیں دیکھیں ۔۔۔اگلا آرڈر حازب کو دیا گیا تھا۔وہ اس کی بات پر بل کھا کر رہ گیا تھا۔یہ اب ٹو مچ ہو گیا تھا۔

کیوں ؟وہ میری بیوی ہے۔میں تو ایسے ہی دیکھوں گا۔۔۔وہ ضد پر اتر آیا ۔ایسے تو پھر ایسے ہی سہی ۔ان دونوں کو ایک بار پھر الجھتے دیکھ کر زینب نے تاسف سے سر جھٹکا اور دوسری طرف رخ کر کے لیٹ گئی۔اس کی بلا سے ساری رات بحث کرتے رہیں۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

دو دن اسی طرح گزر گئے تھے اور زینب کی طبیعت بھی بلکل ٹھیک ہوچکی تھی۔ان دو دن میں حازب نے کسی چھوٹے بچے کی طرح اس کا خیال رکھا تھا۔آج اس کی آنکھ تھوڑی دیر سے کھلی تھی۔اس نے ایک نظر اپنے برابر میں ڈالی وہ جگہ خالی تھی ۔ کیونکہ وہ دونوں باپ بیٹی ہی کمرے میں موجود نہیں تھے۔پھر ا س نے تکیے کے پاس پڑ ا اپنا فون اٹھا یا کر ٹائم دیکھا۔نو بج چکے تھے ۔ حازب یقیناََ بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے گیا ہوا تھا۔وہ فوراََ اپنے اوپر سے کمبل ہٹا کر اٹھی۔فون وہیں بیڈ پر پھینکتے ہوئے وہ نیچے اتری اور تیزی سے باتھ روم کی جانب بڑھی۔

کچھ دیر بعد وہ باہر آئی تو کمرے میں تیز رنگ ٹون کی آواز گونج رہی تھی ۔یہ اس کے فون کی رنگ تو نہیں تھی۔یقیناََ حازب اپنا فون کمرے میں ہی بھول گیا تھا۔اوپر سے فون کی تیز رنگ ٹون اس کے سر میں کسی ہتھوڑے کی طرح لگ رہی تھی۔

اللہ!میں اس انسان کا کیا کروں؟ ہزار دفعہ کہا ہے کہ اس منحوس رنگ ٹون کو چینج کر لیں ۔لیکن نہیں ۔۔۔منہ ہی منہ میں بڑبڑاتی وہ ڈریسنگ تک آئی۔ایک کھا جانے والی نظر وہاں پڑے حازب کے فون کو دیکھا۔جو چیخ چیخ کر اب بند ہوچکا تھا۔اس نے فون اٹھا کر ایک نظر مسڈ کال کا نوٹیفیکیشن دیکھا۔کسی مسز حازق کی کال تھی۔اس نے آنکھیں چھوٹی کر کے اس نام کو ایک بار پھر پڑھا۔اس سے پہلے کہ وہ فون واپس رکھتی ایک بار پھر اسی نمبر سے کال آنے لگی۔اس نے کچھ سوچ کر کال پک کر لی۔

ہیلو!۔۔۔اس نے آہستہ سے کہا۔دوسری جانب موجود لڑکی نے ایک لمحے کے لیے فون کان سے ہٹا کر دیکھا۔ لیکن وہ خا موش رہی ۔اب اس معصوم لڑکی سے وہ کیا بات کرتی۔

او ہیلو! کوئی ہے دوسری طرف؟یا کال پک کر کے سوگئے ہو؟۔۔۔زینب نے اب کی بار خاصے تپے ہوئے انداز میں پوچھا۔دوسری جانب موجود لڑکی کی پیشانی پر بے ساختہ بل پڑے تھے۔

لڑکی! ۔۔۔تمیز سے بات کرو۔بلکہ بات ہی مت کرو ۔اپنے شوہر کو فون دو۔۔۔ہلکی سی تنبیہہ کرتے اس نے آخر میں تحکم آمیز لہجے میں کہا۔زینب نے بے ساختہ دانت پیسے۔

میرے شوہر پرائی عورتوں سے بات نہیں کرتے۔۔۔دو ٹوک لہجے میں کہتے اس نے کال کٹ کر دی۔اسی طرح حازب کا فون ہاتھ میں لیے وہ وہیں کھڑی تھی جب تیزی سے کمرے کا دروازہ کھول کر حازب اندر داخل ہوا اور اس کے ہاتھ میں موجود اپنا فون دیکھتا وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اس کے پاس آیا۔

یہ میرا فون ۔تمہارے پاس کیا کر رہا ہے؟۔۔۔پیشانی پر بل لیے اس نے پوچھا تھا۔زینب نے ایک لمحے کے لیے اس کی آنکھوں میں دیکھا۔پھر دوقدم چل کر ا س کے قریب آئی۔ہاتھ میں پکڑا فون اس کی آنکھوں کے سامنے لہرایا۔

کسی مسز حازق کی کال تھی۔نہایت ہی کوئی کھڑوس عورت تھی۔کہہ رہی تھی آپ سے بات کر نی ہے ۔میں نے کہہ دیا کہ ۔۔۔میرے شوہر پرائی عورتوں سے بات نہیں کرتے۔۔۔نہایت معصومیت سے اپنا کارنامہ اس کے گوش گزار کر آخر میں اس نے آنکھیں پٹپٹائیں ۔حازب نے جھپٹ کر ا س کے ہاتھ سے اپنا فون لیا۔

زینی!۔۔۔یہ کیا کیا تم نے؟ اس عورت نے مجھے زندہ نہیں چھوڑنا۔پہلے ہی میں اس کی کال پک نہیں کررہا تھا۔۔۔حازب نے پریشانی سے اپنی پیشانی مسلی۔زینب کا منہ صدمے سے کھلا تھا ۔

آپ اس پرائی عورت سے ڈر رہے ہیں ؟کم آن مائے بوائے۔مرد بنو مرد!۔۔۔اس نے آہستہ سے اس کا گال تھپتھپایا۔ حازب نے اپنا فون سائیلنٹ پر لگایا اور وہیں کھڑے کھڑے بیڈ پر اچھالا ۔ پھر زینب کا وہی ہاتھ پکڑ کر اسے آہستہ سے گھمایا اور اس کے گرد اپنے مضبوط بازوؤں کا حصار بنایا۔زینب کی سانس بے ساختہ سینے میں اٹکی ۔لیکن اگلے ہی پل حازب کی سرگوشی نما آواز اسے سنائی دی۔

زینی سوہنے! میں صرف اپنی عورت سے ڈرتا ہوں ۔۔۔اسی طرح ا س کے گرد اپنا حصار بنائے وہ گمبھیر لہجے میں کہہ رہا تھا۔زینب کے دل کی دھڑکن یک دم تیز ہوئی۔اگلے ہی پل اس کا چہرہ خفت سے سرخ پڑا۔

حازب!۔۔۔اپنی لمٹس میں رہیں ۔۔۔ خفگی سے کہتے اس نے اپنے گرد سے ا س کے بازو ہٹانے چاہے۔حازب نے اس کا رخ دوبارہ اپنی جانب کر تے ہوئے ایک نظر ا س کے چہرے کو دیکھا اور پھر حازب کی نظریں اس کی لرزتی پلکوں پر جیسے ایک پل کے لیے ٹھہر سی گئی تھیں ۔

میرے سکون !تمہیں پتہ ہے کہ تم میری زندگی کا وہ انمول تحفہ ہو جو مجھے بن مانگے عطا کیا گیا ہے ۔۔۔ اس کی بات پر زینب نے ایک لمحے کے لیے نظریں اٹھا کر ا س کی آنکھوں میں دیکھا۔ کتنی ہی بار اس نے حازب کے منہ سے یہ جملہ سنا تھا لیکن آج اسے لگ رہا تھا جیسے وہ پہلی دفعہ اس کے منہ سے سن رہی ہے۔حازب کی آنکھوں میں ایک شرارتی سی چمک ابھری۔

تمہاری آنکھیں بہت پیاری ہیں سوہنے! ۔۔۔اس کی آنکھوں میں دیکھ کر کہتا وہ ایک لمحےکے لیے رکا۔زینب کی آنکھوں میں تجسس ابھرا۔شاید وہ اس کی آنکھوں کی تعریف کرنے والا تھا۔

لیکن اتنی بھی پیاری نہیں کہ اب بندہ ان میں کھو ہی جائے۔۔۔آہستہ سےاس کا ہاتھ چھوڑتا وہ شرارتی لہجے میں بولا۔زینب نے بے ساختہ اسے گھورا۔

آپ بہت بدتمیز انسان ہیں ۔۔ اس کے سینے پر زور سے مکامارتی وہ اس کے سائیڈ سے گزر تی باہر چلی گئی۔حازب نے بے ساختہ بالوں میں ہاتھ پھیرا اور اس کے پیچھے ہی باہر چلا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

باہر آکر اس نے ایک طائرانہ نظر پورے برآمدے پر ڈالی ایزل وہاں کہیں نہیں تھی۔تاسف سے سر جھٹکتے ا س نے کچن کی جانب اپنے قدم بڑھائے۔اب ا سے اپنے لیے ناشتہ بھی بنانا تھا۔حازب بھی اس کے پیچھے ہی باہر کی جانب بڑھا۔ اسے اب پہلے مسز حازق سے نپٹنا تھا اس کے بعد ہی کوئی اور کام سکون سے ہونا تھا۔لیکن یک دم اس کے چلتے قدم رکے تھے۔

یار میرا فون تو کمرے میں ہی رہ گیا۔۔۔وہ انہیں پیروں پر واپس پلٹا اور تقریباََ بھاگتا ہواکمرے میں گیا اور وہاں سے اپنا فون لیے سیدھا کچن میں آیا۔ذرا سا اندر جھانک کر ا س نے ایک نظر چائے بناتی زینب کو دیکھا۔

سوہنے! میں کچھ دیر تک واپس آتا ہوں ۔تم ناشتہ کر کے میرے کپڑے پریس کر دینا۔۔۔سنجیدگی سے کہتا وہ آگے بڑھ گیا۔زینب نے اس کے جاتے ہی کچن کے دروازے کی جانب دیکھا۔

بد تمیز انسان!۔۔۔چائے کا مگ نکال کر شیلف پر رکھتے ہوئے وہ بے ساختہ بڑبڑائی۔

وہ اپنا ناشتہ بنا کر ،چائے والا مگ ہاتھ میں لیے برآمدے میں آکر بیٹھی۔ایزل ابھی تک نہیں آئی تھی ۔ وہ خاموشی سے ناشتہ کرنے لگی۔ایزل محلے میں کسی کے گھر نہیں جاتی تھی سوائے سمیر کے گھر کے۔ابھی خود ہی کچھ دیر میں واپس آجاتی۔یہ سوچ کر وہ بے فکر ہوگئی ۔

کچھ دیر بعد وہ ناشتہ کر کے وہاں سے اٹھنے ہی والی تھی جب ایزل کے رونے کی آواز پر اس نے بے ساختہ گردن موڑ کر باہر دیکھا۔وہ بھاگتی ہوئی اند رہی آرہی تھی۔تبھی اس کا پیر الجھا اور وہ منہ کے بل نیچے گری۔زینب فوراََ اپنی جگہ سے اٹھی اور تقریباََ بھاگتے ہوئے باہر آئی ۔

ایزل! میرا بچہ! زیادہ لگی تو نہیں ؟۔۔۔اس کے پاس بیٹھ کر اسے اوپر اٹھاتے ہوئے اس نے پریشانی سے پوچھا۔ایزل کے رونے میں مزید شدت آگئی تھی وہ ڈرے سہمے انداز میں اس کے سینے سے لگی۔

ایزل بےبی! آپ اتنا ڈر کیوں رہی ہو؟۔۔۔اس نے آہستہ سے ا س کے آنسو صاف کیے اور اسے لے کر برآمدے میں آگئی۔ اسےچارپائی پر بٹھاتے ہوئے زینب نے ایک نظر اسے دیکھا ۔وہ ہلکا ہلکا کانپ رہی تھی ۔اسے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کس بات پر اتنی خوف زدہ تھی کہ کچھ بتا بھی نہیں رہی تھی۔

ماما کی جان! کیا ہوا ہے ؟کسی نے کچھ کہا ہے آپ سے؟۔۔۔اس نے دونوں ہاتھوں سے ایزل کا چہرہ تھام کر نرمی سے پوچھا۔اس کی بات پر ایزل نے آہستہ سے سر ہلایا۔

کس نے ؟۔۔۔تشویش زدہ لہجے میں پوچھتے اس نے ایزل کے آنسو صاف کر کے اسے دوبارہ اپنے ساتھ لگایا۔وہ آہستہ آہستہ اس کا سر تھپک رہی تھی۔

ماما!۔۔۔وہ ۔۔گندے انکل نے ۔۔ایزل بے بی کو۔۔یہاں ۔۔ٹچ کیا ۔۔۔اپنی گردن پر ہاتھ رکھے سسکیاں لے کر بتاتی وہ ایک لمحے کے لیے زینب کے پیروں کے نیچے سے زمین نکال گئی تھی۔اگلے ہی لمحے زینب نے اسے خود سے الگ کیا اور دونوں کندھوں سے اسے تھام کر اس کی آنکھوں میں دیکھا۔

کون تھے وہ انکل؟ آپ نے پہلے کبھی انہیں دیکھا تھا؟۔۔۔وہ اپنی آنکھوں میں آئی نمی کو اندر دھکیلتی تڑپ کر پوچھ رہی تھی۔ایزل نےسہمی ہوئی نظروں سے اسے دیکھا اور پھر زور سے نفی میں سر ہلایا۔

ماما!۔۔۔وہ گندے انکل۔۔نے بولا تھا۔۔کسی کو نہیں بتانا۔۔۔ خوف زدہ لہجے میں کہتی وہ اس کے سینے سے لگی۔وہ اپنے بازو اس کے گرد باندھ کر ہچکیوں کے ساتھ رورہی تھی۔زینب نے بے ساختہ اس کا سر چوما ۔

بس بس میرا بچہ!ہم بابا سے بول کر ان گندے انکل کی پھینٹی اتاریں گے۔پھر وہ ایزل بےبی کو کبھی تنگ نہیں کریں گے۔۔۔ اسی طرح اسے اپنے ساتھ لگائے وہ آہستہ سے ا س کا سر سہلاتے ہوئے بولی۔آنکھوں سے آنسو ٹوٹ ٹوٹ کر اس کے گالوں پر بہہ رہے تھے لیکن اس وقت اسے صرف ایزل کی فکر تھی۔کچھ دیر بعد زینب نے تھوڑا سا چہرہ جھکا کر ایزل کو دیکھا۔وہ اس کے سینے پر سر رکھے ہی سو چکی تھی۔آنسوؤں کے مٹے مٹے نشان گالوں پر لیے وہ پر سکون سی سورہی تھی۔وہ جانتی تھی ایزل بچی ہے کچھ دن میں ا س واقعے کو بھول جائے گی لیکن زینب کے دل میں ہمیشہ کے لیے ایک ڈر بیٹھ چکا تھا۔وہ کتنی ہی دیر اسے لیے وہاں بیٹھی رہی۔تبھی کسی کی گھبرائی ہوئی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی۔زینب نے چونک کر سر اٹھایا اور باہر کی جانب دیکھا۔برآمدے سے اندر داخل ہوتی ماریہ تقریباََ بھاگتی ہوئی ا س کے پاس آئی۔

زینی!۔۔۔حازب بھائی کہاں ہیں ؟۔۔۔زینب نے ایک نظر اس کے چہرے کو دیکھاجس کی ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں ۔

ماریہ بھابھی!۔۔۔سب ٹھیک ہے نا؟آپ اتنی گھبرائی ہوئی کیوں ہیں ؟۔۔۔اس نے تشویش زدہ لہجے میں پوچھا۔جواباََ ماریہ نے ایک گہری سانس لے کر ساری بات اس کے گوش گزاری۔زینب شاک زدہ نظروں سے اسے دیکھتی کتنے ہی لمحے تک تو کچھ بو ل ہی نہیں سکی تھی۔پھر اس کی پریشان سی آواز ماریہ کو سنائی دی۔

بھابھی!۔۔۔علی بھائی ٹھیک تو ہیں نا ؟انہیں زیادہ تو نہیں نا لگی؟۔۔۔ماریہ نے آہستہ سے نفی میں سر ہلایا۔

انہیں تو نہیں لگی لیکن جس آدمی کو انہوں نے مارا ہے اس کی کوئی ہڈی ٹوٹ گئی ہے شاید۔۔۔ماریہ نے ایک نظر اس کی گود میں سوئی ایزل کو دیکھا اور پھر وہیں اس کے پاس ہی بیٹھ گئی۔

میرے کیوٹ بچے کو تنگ کیا تھا اس خبیث انسان نے۔اس کی تو دونوں ٹانگیں ہی توڑ دینی چاہیے تھیں۔۔۔عادتاََ ایزل کا ہلکا سا گال کھینچ کر کہتی وہ آخر میں دانت پیس کر بولی۔زینب بے ساختہ مسکرادی۔

بھابھی! آپ ایزل کے پاس رکیں میں حازب کو کال کرتی ہوں ۔۔۔سنجیدگی سے کہتی وہ ایزل کو چارپائی پر لیٹا کر وہاں سے اٹھی اور اپنے کمرے کی جانب بڑھی۔ماریہ نے ایک نظر اس کی پشت کو دیکھا پھر اپنے پاس لیٹی ہوئی ایزل کو۔

ایزل بے بی! آپ نے تو ماریہ بھابھی کی جان ہی نکال دی تھی۔۔۔ماریہ ہلکی سی خفگی سے کہتی تھوڑا سا نیچے جھکی اور نرمی سے اس کا گال چوما۔یہ سوچ کر ہی اس کی جان نکل رہی تھی کہ اگر آج ایزل کو کچھ ہوجاتا تو وہ کیا جواب دیتی ا س کے ماں باپ کو۔زینب ہاتھ میں فون لیے دوبارہ برآمدے میں آئی اوراپنی جگہ پر بیٹھ گئی۔

بھابھی ! میں نے کال کی ہے لیکن وہ پک نہیں کر رہے۔میں پھر سے ٹرائی کرتی ہوں ۔۔۔اس نے ایک بار پھر حازب کا نمبر ملایا۔اب کی بار تین چار رنگز کے بعد کال پک کر لی گئی تھی۔زینب نے ایک نظر ماریہ کو دیکھا جس نے آنکھوں ہی آنکھوں میں اسے حازب کو ابھی کچھ نہ بتانے کا اشارہ کیا۔زینب نے سمجھنے والے انداز میں سر ہلایا ۔

حازب!۔۔۔علی بھائی آپ کا پوچھ رہے ہیں ۔انہیں شاید کچھ کام ہے۔آپ ایک دفعہ انہیں کال کر لیں۔۔۔تیز تیز لہجے میں کہتے ا سنے بغیر حازب کی کوئی بات سنے کال کٹ کر دی۔ماریہ نے اسے دیکھ کر تاسف سے سر ہلایا۔

زینی!۔یہ کیا کیا ؟اب تو پکا انہیں شک ہو جائے گا کہ تم کچھ چھپا رہی ہو۔۔۔ا س کی بات پر زینب نے بے ساختہ منہ بنایا۔

بھابھی! مجھ سے نہیں اتنی لمبی تمحید باندھی جاتی اور میں اگر مزید کچھ دیر بات کرتی تو میں نے رونے لگ جانا تھا ۔پھر تو انہیں پورا یقین ہوجانا تھا کہ میں کچھ چھپا رہی ہوں ۔۔۔ماریہ اس کے سر پر ہلکی سی چپت لگا کر وہاں سے اٹھی۔

اچھا ۔اب میں چلتی ہوں ۔جا کر اپنے میاں جی کی مرہم پٹی بھی کرنی ہے۔۔۔ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہتی وہ باہر کی جانب بڑھی ۔ماریہ کے جاتے ہی وہ ایزل کو لے کر کمرے میں چلی گئی ۔کھانے کے برتن وہیں پڑے رہ گئے تھے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

وہ کچھ دیر تک واپس آنے کا کہتا مغرب کے بعد گھر آیا تھا ۔وہ جیسے ہی کمرے میں داخل ہوا تو سامنے ہی بیڈ پر بیٹھے ارحم اور احمد اپنا اسکول کا کام کر رہے تھے ۔دونوں نے ایک ساتھ سر اٹھا کر اسے دیکھا۔اگلے ہی پل وہ دونوں اپنی نوٹ بکس وہیں چھوڑتے بیڈ سے نیچے اترے اور بھاگ کر اس کے پاس آئے۔ایک نظر اس کی خون آلود شرٹ کو دیکھا پھر اس کے بکھرے بالوں کو۔اس کے حلیے سے صاف پتہ چل رہا تھا کہ وہ کسی سے لڑائی کر کے آیا ہے۔کہنی کے اوپر سے شرٹ پھٹی ہوئی تھی اور وہاں کسی چیز کے ساتھ رگڑنے کے نشان تھے۔

خالہ ماما کہاں ہیں آپ کی ؟۔۔۔ایک تھکی ہوئی سانس خارج کر کے اس نے ایک نظر ان دونوں پر ڈالی جو ہونق بنے اسے دیکھ رہے تھے۔

بابا! آپ لڑائی کر کے آئے ہیں ؟۔۔۔احمد کی شاک میں ڈوبی ہوئی آواز اسے سنائی دی۔

ویسے تو آپ ہمیں کہتے ہیں کہ لڑائی کرنا بری بات ہوتی ہے۔۔۔ارحم نے بھی یاد دلانا ضروری سمجھا۔ حازب نے ایک تنبیہی نظر ان دونوں پر ڈالی اور وارڈروب کے ساتھ ہینگ اپنے کپڑے لے کر چینج کرنے چلا گیا۔وہ دونوں بے ساختہ اس کی پشت کو گھور کر رہ گئے۔

چلو خالہ ماما کو ان کے ہسبنڈ کا کارنامہ بتا کر آتے ہیں ۔ہمیں تو بڑا کہتی ہیں کہ ۔۔۔اگر لڑائی کی تو آپ کے بابا کو بتاؤں گی۔اب داداجی کو کال کر کے بھی بتائیں نا۔۔۔ارحم نے احمد کا ہاتھ پکڑا اور اسے تقریباََ کھینچتے ہوئے کمرے سے باہر چلا گیا۔

کچھ دیر بعد حازب باتھ روم کا دروازہ کھول کر باہر آیا اور ایک نظر خالی کمرے پر ڈالی پھر چلتا ہوا ڈریسنگ تک آیا ۔ہاتھ میں پکڑا اپنا فون ،والٹ اور گاڑی کی چابی وہیں ایک سائیڈ پر رکھتے ہوئے اس نے ایک نظر خو دکو آئینے میں دیکھا ۔ہاتھ کی مدد سے ہی ماتھےپر بکھرے بالوں کو سیٹ کیا۔پھر تھوڑا سا رخ موڑ کر اس نے اپنی شرٹ کی آستین اوپر اٹھا کر اپنے بازو پر موجود رگڑ کا نشان دیکھا۔

گھٹیا انسان ! دوبارہ نظر آؤ مجھے کہیں ۔چھوڑوں گا نہیں ۔۔۔دانت پیس کر کہتے اس نے ایک نظر دوبارہ اپنے زخم پر ڈالی ۔اس کا بس نہیں چل رہا تھا کہ اس انسان کو اس دنیا سے ہی غائب کر دے۔دروازہ کھلنے کی آواز پر اس نے سرسری سی نظر اٹھا کر دروازے کی جانب دیکھا۔زینب چلتی ہوئی اندر آئی تینوں بچے بھی ا س کے ساتھ ہی تھے۔دونوں بچے بیڈ پر چلے گئے تھے۔ایزل بھاگ کر حازب کے پاس آئی ۔

بابا! وہ گندے انکل ایزل بےبی کو یہاں ٹچ کر رہے تھے۔۔۔اس کی آنکھوں سے آنسو پھر بہنا شروع ہو چکے تھے۔زینب نے ایک نظر ان دونوں باپ بیٹی کو دیکھا اور پھر اپنے بچوں کے پاس بیڈ پر چلی گئی۔

بابا کی جان ! ۔۔۔حازب نے جھک کر اسے اوپر اٹھایا اور نرمی سے ا س کے آنسو صاف کیے۔

بابا آپ کے پاس ہیں نا ۔وہ گندے انکل اب کبھی ایزل بےبی کو تنگ نہیں کریں گے۔۔۔حازب نے آہستہ سے اس کا سر چوما اور اسے لے کر صوفے پر بیٹھ گیا۔پھر اس نے بیڈ پر بیٹھی زینب کو دیکھا۔

زینی سوہنے!۔۔۔اس دراز میں ایزل بےبی کی چاکلیٹس پڑی ہیں وہ تو پاس کرو ہمیں ۔۔۔اس کی بات پر جہاں ایزل خوش ہوئی تھی وہیں ارحم اور احمد نے بے ساختہ منہ بنایا۔زینب نے خاموشی سے تینوں چاکلیٹس باہر نکالیں اور ان میں سے ایک حازب کی جانب اچھالی جسے اس نے بہت مہارت سے کیچ کر لیا۔

یہ لو پتر جی یہ آپ دونوں کی چاکلیٹ۔۔۔زینب نے ایک نظر ان دونوں باپ بیٹی پر ڈال کر دونوں چاکلیٹس ارحم اور احمد کو دیں ۔جنہیں لے کر ایک سائیڈ پر رکھتے ہوئے وہ دونوں اپنے کام میں مصروف ہو چکے تھے۔زینب بیچاری اندر تک کلس کر رہ گئی۔حازب نے بمشکل اپنی ہنسی دبائی ۔

حازب! آپ کو پتہ ہے علی بھائی کو اتنی چوٹیں آئی ہیں ۔۔۔اب وہ ڈائریکٹ اس سے مخاطب تھی۔حازب کے پاس بیٹھی ایزل اردگرد سے بے نیاز اپنی فیورٹ چاکلیٹ کھانے میں مصروف تھی ۔حازب نے ایک نظر اپنے بازو پر لگی رگڑ کو دیکھا ۔اب اس پر جلن شروع ہوگئی تھی لیکن وہ ضبط کیے بیٹھا رہا۔

میرے سکون ! آپ کو پتہ ہے علی کی بیگم نے اس کی کتنی خدمت کی ہے؟۔۔۔ا س نے الٹا سوال کیا۔
زینب کو خواہ مخواہ ہی شرمندگی نے آن گھیرا۔وہ وہاں سے اٹھی اور چھوٹے چھوٹےقدم اٹھاتی اس کے پاس آئی۔بیڈ پر بیٹھے ارحم اور احمد نے بے ساختہ ایک دوسرے کو دیکھا۔

خالہ ماما کا بھی سہی ہے۔ وہ دیکھو ۔۔۔ارحم نے آنکھوں سے ہی صوفے کی جانب اشارہ کیا۔جہاں وہ آنکھوں میں ہلکی سی نمی لیے حازب کا بازو تھامے اس کا زخم دیکھ رہی تھی۔

جب میں گرا تھا گلی میں اور میرے گھٹنے پر بابا سے بھی زیادہ بری طرح چوٹ آئی تھی۔لیکن مجھے تو کہہ رہی تھیں کہ پتر جی ! آپ نے دھیان سے چلنا تھا نا۔صاف ستھری گلی میں ایسے کیسے گر گئے آپ؟ اب با با کی دفعہ رونا نکل رہا ہے۔۔۔احمد کو اپنا دکھ یا دآیا تھا۔ارحم نے اسے ایک سخت گھوری سے نوازا۔

میں تو کچھ بولا ہی نہیں برو۔میں تو اپنا کام کر رہا ہوں ۔۔۔اس کی گھوری پر فوراََ سیدھا ہوتا وہ اپنے کام میں مصروف ہوگیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

عشا کی نماز پڑھ کر وہ جیسے ہی کمرے میں آئی تو ا س کے پتر ابھی تک اپنے اسکول کا ہوم ورک لے کر بیٹھے ہوئے تھے۔حازب نماز پڑھ کر واپس آچکا تھا او راب وہ صوفے کی پشت سے ٹیک لگا کر بیٹھا اسی کا انتظار کر رہا تھا۔اسے کمرے میں داخل ہوتے دیکھ کر وہ فوراََ سیدھا ہوا اور اپنے برابر میں بیٹھی ایزل کو تھوڑے فاصلے پر کر کے زینب کے لیے درمیان میں جگہ بنائی ۔وہ چلتی ہوئی اس کے پاس آئی اور خاموشی سے اس کے ساتھ بیٹھ گئی۔

ماما! مجھے نینی آئی ہے۔چلو بیڈ پر جا کر سوتے ہیں ۔۔۔وہ کسی بھی طرح اسے وہاں سے اٹھانا چاہ رہی تھی۔
زینب نے محبت سے ا س کی پیشانی چوم کر اس کا سر اپنی گود میں رکھ لیا اور آہستہ سے اس کا سر سہلانے لگی۔حازب نےہاتھ بڑھا کر اسے اپنے حصار میں لیا اور نرمی سے اس کا سراپنے شانے پر رکھا۔

میرے سکون! تمہیں شاید معلوم نہیں ہے۔تم میری زندگی کا وہ انمول تحفہ ہو جو مجھے بن مانگے عطا کیا گیا ہے ۔۔۔زینب اسی طرح اس کے شانے سے سر ٹکائے بیٹھی رہی ۔ ساتھ ساتھ وہ ایزل کو تھپک بھی رہی تھی۔وہ شاید سو چکی تھی ۔کچھ دیر بعد اس کی دھیمی سی آواز حازب کے کانوں سے ٹکرائی۔

حازب! آپ کو تھوڑی سی محبت بھی نہیں ہے اپنے سکون سے؟۔۔۔سرسری سے لہجے میں پوچھا گیا تھا۔اس کی بات پر بے ساختہ اس کا دل چاہا کہ اپنے برابر میں بیٹی لڑکی سے پوچھے کہ ۔۔۔زینی سوہنے! سکون کس کمبخت کو پیارا نہیں ہوتا؟

اس کی طرف سے کوئی جواب نہ پا کر زینب نے آہستہ سے اس کے شانے سے سر اٹھایا اور ایزل کو اپنی گود میں اٹھائے صوفے سے کھڑی ہوئی ۔ایک نظر بیڈ پر بیٹھے ارحم اور احمد کو دیکھاوہ دونوں اپنا ہوم ورک مکمل کر کے اب اپنی نوٹ بکس بیگ میں ڈال رہے تھے۔اللہ اللہ کر کے ابھی رائٹنگ ورک مکمل ہوا تھا شہزادوں کا۔

پتر جی! صبح آپ کا ٹیسٹ ہے نا؟۔۔۔ان دونوں کو اپنا بیگ سمیٹ کر وہاں سے اٹھتے دیکھ زینب نے آنکھیں چھوٹی کر کے انہیں دیکھا۔اس کی بات پر وہ دونوں ایک لمحے کے لیے سٹپٹا گئے۔حازب صوفے کی پشت سے ٹیک لگا ئے ان تینوں ماں بیٹوں کو ہی دیکھ رہا تھا۔

خالہ ماما! آپ کو یاد آگیا ؟۔۔۔وہ دونوں ایک ساتھ منمنائے۔زینب چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی ایزل کو لیے بیڈ تک آئی۔ اسے بیڈ پر لیٹا کر اس کے اوپر کمفرٹر درست کیا ۔

آپ دونوں روم میں چلو میں بس دو منٹ میں آتی ہوں۔۔۔اس کی بات پر وہ دونوں برا سا منہ بناتے اپنے بیگ اٹھا کر وہاں سے چلے گئے۔ان کے جاتے ہی وہ واپس حازب کی جانب مڑی۔

اگر میں آج بچوں کے کمرے میں سو جاؤں تو آ پ کو کوئی اعتراض تو نہیں ہے نا؟۔۔۔سوالیہ آئی برو اٹھا کر اس کی اجازت لیتی وہ اپنے پسندیدہ مرد کو رج کے سوہنی لگ رہی تھی۔لیکن اس کی بات پر وہ کرنٹ کھا کر اپنی جگہ سے کھڑا ہوا۔

ہے نا اعتراض! بلکہ شدید قسم کا اعتراض ہے۔۔۔وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اس کے سر پر پہنچا تھا۔وہ اچانک اس کے اتنا قریب آنے پر بوکھلا کر دو قدم پیچھے ہٹی ۔تبھی اس کا توازن بگڑا اور اس سے پہلے کہ وہ بیڈ پر لیٹی ایزل بےبی کے اوپر گرتی حازب نے فوراََ اسے بازو سے تھام کر اپنی جانب کھینچا ۔اس کا سر بری طرح حازب کے سینے سے ٹکرایا۔

ہائے اللہ! ۔۔۔ میرا سر توڑ دیا ۔بدتمیز انسان !۔۔۔ حازب نے ایک نظر اس کے ٹوٹے ہوئے سر پر ڈالی۔جو بلکل صحیح سلامت تھا۔

دھیان سے سوہنے! ابھی میری ایزل بےبی کا پٹاخہ چل جانا تھا۔۔۔مصنوعی خفگی سے کہتےاس نے زینب کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی اور ا س کا بازو چھوڑ کر دوقدم پیچھے ہٹا۔

بن گئے ہیرو؟کرلیا نارمل سی سچویشن کو رومینٹک سائز؟۔۔۔ وہ ہتھے سے ہی اکھڑ گئی تھی۔حازب کی آنکھیں شاک سے پھیلی تھیں ۔بھئی ہیرو تو وہ چلو تھا ہی تھوڑا سا لیکن اس نے کب کیا نارمل سی سچویشن کو رومینٹک سائز؟

زینی سوہنے! اب یہ مجھ جیسے شریف انسان پر سراسر الزام ہے۔مجھے تو رومینس کے سپیلنگ بھی ٹھیک سے نہیں آتے۔۔۔نہایت معصومیت سے کہا گیا تھا۔زینب نے ۔۔۔اچھا؟واقعی؟ آپ اتنے ہی نالائق ہیں ؟ والی نظروں سے اسے دیکھا۔

میں تو آر ۔او۔ایم ۔کے بعد اے کی جگہ ای لکھتا ہوں اور این کے بعد والے سی ای کی جگہ غلطی سے ایس لکھ دیتا ہوں ۔۔۔اس کی بات پر زینب نے کھا جانے والی نظروں سے اسے دیکھا۔

اب تو میں بچوں کے ہی کمرے میں سوؤں گی ۔آپ جو مرضی کر لیں ۔۔۔چیلنجنگ انداز میں کہتی وہ دروازے کی جانب بڑھی جب حازب کی آواز پر اس کے چلتے قدم رکے۔

میں رات کو اٹھا کر لے آؤں گا کمرے میں پھر ٹھیک ہے؟۔۔۔وہ وہیں بیڈ کے قریب کھڑا تھوڑا سا جھک کر ایزل کو درمیان میں کر کے زینب کی سائیڈ والا تکیہ دوسری طرف رکھتے ہوئے مصروف سے انداز میں کہہ رہا تھا۔

میں خود ہی آجاؤں گی۔میری ٹانگیں نہیں ٹوٹی ہوئی جو میں چل نہیں سکتی۔۔۔تپ کر کہتی وہ دروازہ کھول کر باہر چلی گئی ۔اس کے پیچھے حازب کا بے ساختہ قہقہہ چھوٹا تھا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

ایک ہفتے کی چھٹیوں کے بعد وہ آج اسٹور پر جارہا تھا۔ کچھ دیر پہلے ہی وہ دونوں بچوں کو اسکول چھوڑ کر آیا تھا۔ ایزل باہر برآمدے میں بیٹھی کارٹون دیکھ رہی تھی اور زینب ا س کے پاس بیٹھی اسے ناشتہ کروا رہی تھی۔ایسے میں وہ اپنے کمرے میں ڈریسنگ کے سامنے کھڑا برش کی مدد سے اپنے بال سیٹ کرتا مسلسل کچھ گنگنا رہا تھا۔کچھ دیر بعد زینب کو کمرے میں داخل ہوتے دیکھ کر اس کی زبان کو فوراََ بریک لگی۔وہ مشکوک نظروں سے اسے دیکھتے ہوئے اس کے پاس آئی ۔

حازب آپ ابھی گانا گا رہے تھے نا؟۔۔۔اس کے پوچھنے پر حازب نے زیرِ لب استغفار پڑھا۔

سوہنے! تم نے پہلے کبھی مجھے گانا گاتے ہوئے دیکھا ہے ؟۔۔۔اس نے الٹا سوال کیا۔زینب نے بے ساختہ منہ بنایا۔

آپ نے نہیں سنانا تو مت سنائیں ۔میں کون سا مری جارہی ہوں ۔آپ سے بھی اچھے اچھے سنگرز ہیں اس دنیا میں ۔۔۔خفگی سے رخ موڑ کر کہتی وہ خواہ مخواہ کے نخرے دکھا رہی تھی۔حازب تھوڑا سا اس کے قریب ہوا ۔ پیچھے کی جانب سے اس کے گرد نرم سا حصار بنا کر ا س کا رخ سامنے موجود آئینے کی جانب کیا۔

پل ! ایک پل میں ہی تھم سا گیا !۔۔۔تھوڑا سا چہرہ جھکا کر اس کے کان میں ہلکی سی سرگوشی نما آواز میں گنگنایا۔ایک نظر آئینے میں ا س کا عکس دیکھتے اس نے دوبارہ گمبھیر سی سرگوشی کی۔

تو ہاتھ میں ہاتھ جو دے گیا۔۔۔ نرمی سے اس کا ہاتھ تھام کر آہستہ سے اسے گھماتے ہوئے اس کا رخ اپنی جانب کیے وہ اس کی آنکھوں میں دیکھ رہا تھا۔

تیری نظروں کا دل پے ہوا ہے اثر ! ۔۔۔وہ کسی ٹرانس کی سی کیفیت میں اسے سن رہی تھی۔اس کی آواز واقعی بہت مسحور کن تھی۔لیکن پھر اس کے یک دم گانا بدلنے پر وہ بے ساختہ اسے گھور کر رہ گئی ۔

تو میرا محبوب ہے ۔جاناں !۔۔۔زینب کو اس کی آنکھوں میں اپنے لیے محبت صاف دکھائی دے رہی تھی۔اگلے ہی لمحے اس نے اپنی نظریں جھکالیں ۔

تیری الفت میں جیتا ہر پل!۔۔۔وہ اس کے چہرے پر جھول رہی لٹ کو حسبِ عادت کان کے پیچھے کرتا آہستہ سے اس کے کان کے پاس جھکا۔

تو اک تحفہ ہے خدا کا!۔۔۔وہی تحفہ جو مجھے بن مانگے عطا کیا گیا تھا۔۔۔دھیمی سی سرگوشی کرتے حازب نے دوبارہ اس کا رخ آئینے کی جانب کیا اور اس کے گرد مضبوط سا حصار بنایا۔ہونٹوں پر خوبصورت سی مسکراہٹ لیے وہ اس کے کان کے پاس جھکا۔

میں اپنی لمٹس میں رہتے ہوئے دل و جان سے ا س بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ ۔۔۔وہ ایک لمحے کے لیے رکا اور نظریں اٹھا کر آئینے میں نظر آرہے اپنے عکس کو دیکھا۔منظر ہر طرح سے مکمل تھا۔پھر اس کی گمبھیر سی آواز زینب کو سنائی دی۔

مجھے زیادہ تو نہیں لیکن تھوڑی سی محبت تو ہے تم سے۔اتنی سی جس میں خواہ مخواہ ہی سامنے والا اچھا لگنے لگتا ہے۔۔ محبت بھرے لہجے میں کہتے اس نے زینب کے گرد سے اپنے بازو ہٹائے ۔وہ ایک لمحے کے لیے تو کچھ بول ہی نہیں سکی تھی۔اگلے ہی لمحے وہ نم آنکھیں لیے اس کی جانب مڑی اور بےساختہ اس کے سینے سے لگی۔اسی طرح اس کے سینے پر سر رکھے وہ اپنی آنکھیں بند کر گئی۔جس اظہار کے لیے وہ مری جارہی تھی آج حازب شاہد نے وہ کر ہی دیا تھا۔

آپ میرے پسندیدہ مرد ہیں ۔شادی سے پہلے جتنے زہر لگتے تھے نا؟ شادی کے بعد اتنے ہی پیارے لگنے لگے تھے۔پہلی دفعہ پتہ ہے کب آپ سے تھوڑی سی محبت ہوئی تھی؟۔۔۔نم لہجے میں کہتے اس نےدھیرے سر اٹھا کر اسے دیکھا۔حازب نے بے ساختہ نفی میں سر ہلایا۔

جب آپ نے کہا تھا کہ اتنی پیاری تو ہیں تمہاری آنکھیں ،دیکھنے دو مجھے۔۔۔وہ دو سال پہلے اس کی کہی گئی بات یا د کر کے بے ساختہ مسکرا دی۔حازب نے نرمی سے اسے خود سے الگ کیا اور تھوڑا سا جھک کر محبت سے اس کی پیشانی چومی۔زینب نے بے ساختہ اسے گھورا ۔اب یہ بد تمیز انسان جان بوجھ کر لمٹس کراس کر رہا تھا۔

زینی سوہنے تمہاری آنکھیں واقعی بہت پیاری ہیں لیکن اتنی بھی پیاری نہیں کہ اب بندہ ان میں کھو ہی جائے۔۔۔آہستہ سے اس کی ناک دبا کر کہتے اس نے زینب کو تھوڑا سائیڈ پر کرتے ہوئے ڈریسنگ ٹیبل پر پڑا اپنا والٹ اور گاڑی کی چابی اٹھائی ۔

میں آپ کے لیے ناشتہ گرم کرتی ہوں ۔۔۔اپنی جھینپ مٹانے کے لیے فوراََ بات بدلتی وہ بغیر ا س کی جانب دیکھے فوراََ باہر چلی گئی۔حازب نے آہستہ سے اپنے بالو ں میں ہاتھ پھیرا ۔

کیا سے کیا ہو گئے دیکھتے دیکھتے۔۔۔آہستہ سے گنگناتے ہوئے وہ بیڈ کی جانب آیا اور سائیڈ ٹیبل پر پڑا اپنا فون اٹھا کر پاکٹ میں رکھتے ہوئے کمرے سے باہر چلا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *