JUNG E BAQA BY MAHNOOR AWAN EPISODE 7.

جنگِ بقاء
مصنفہ: ماہ نور اعوان
قسط نمبر 7
آغاز
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیان جہانزیب ہاؤس
صبح ناشتے کی میز پر دیان، اس کی والدہ اور چھوٹا بھائی حاد بیٹھے ہوئے تھے۔ میز پر انواع و اقسام کا ناشتہ موجود تھا۔
“حاد، یونیورسٹی کیسی جا رہی ہے؟” دیان نے بریڈ کا سلائس توڑتے ہوئے پوچھا۔
“جی بھائی، اچھی جا رہی ہے۔”
وہ بھائی کو زیادہ دیکھنے سے گریز کرتا تھا، کیونکہ دیان جس انداز سے اسے دیکھتا، سامنے والا سچ بولتے ہوئے بھی ہچکچانے لگتا تھا۔
“اچھی جا رہی ہے، لیکن ایک اور بات ہے جو پوچھ سکتا ہوں؟” دیان سنجیدگی سے بولا۔
“جی بھائی، پوچھیں۔”
رافعہ خاتون نے ناشتے سے سر اٹھا کر دونوں کی جانب دیکھا۔
“تم کل رات کہاں تھے؟”
دیان کی عقاب جیسی نظریں حاد کے چہرے پر جمی ہوئی تھیں۔
حاد گڑبڑا گیا۔ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا جھوٹ بولے۔
“وہ… کل ماموں کے گھر گیا تھا۔ وہاں سے پھر واپس اپنے گھر آ گیا تھا۔”
“دیان، تم اتنی تفتیش کیوں کر رہے ہو؟” رافعہ جہانزیب نے دونوں کو سوال کرتے دیکھا تو پوچھ لیا۔
“آپ خاموش ہو جائیں، مجھے اس سے بات کرنی ہے۔ ہاں، بتاؤ! ماموں کے گھر سے واپسی پر درمیان میں کہاں گئے تھے؟”
دیان نے ہاتھ کھانے سے روک لیا اور حاد کے بدلتے تاثرات کو بغور نوٹ کرنے لگا۔
“بھ… بھائی، وہ میں اپنے دوست کے گھر گیا تھا۔”
حاد نے چہرہ جھکا لیا۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں دیان اسے اپنی نظروں سے ہی نہ مار دے۔
“آئندہ ایسے دوستوں اور ایسی پارٹیوں سے خود کو دور رکھنا، ورنہ پھر مجھے کنٹرول کرنا آتا ہے۔”
دوٹوک انداز میں کہہ کر اس نے نیپکن سے لب صاف کیے اور کرسی پیچھے کرتے ہوئے اٹھ کھڑا ہوا۔
حاد نے اس کی جانب دیکھا۔ دیان نے بھی ایک نظر حاد پر ڈالی اور وہاں سے چلا گیا۔
“انہیں مسئلہ کیا ہے مجھ سے؟ ہر بار مجھے گھورتے رہتے ہیں۔”
وہ غصے سے بولا، اٹھا اور ماں کو باتیں سناتا ہوا چلا گیا۔
رافعہ جہانزیب نے لمبی سانس خارج کی۔
“کیا بتاؤں؟ وہ ایک اور رومیصہ جہانزیب کسی اور کو بنتا برداشت نہیں کر سکتا۔”
وہ چائے کے کپ کو گھورتی بیٹھی رہیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
الیگزینڈر ہاؤس
“جیکسن کدھر ہے؟”
لیزا کو تیار ہو کر یونیورسٹی جاتے دیکھ، ناشتے کی میز پر موجود الیگزینڈر صاحب نے پوچھا۔
“بھائی صبح ہی چلے گئے تھے۔ بتا کر تو نہیں گئے۔”
“اور اکیلا یا پھر…؟”
“نہیں، اکیلے تو نہیں گئے۔ ساتھ میں میخائل کو بھی لے کر گئے ہیں۔”
“ناشتہ کیا تھا؟”
ان کے لہجے میں فکر نمایاں تھی۔
“ڈیڈ، بھائی کو آپ جانتے ہیں۔ ان کا ناشتہ چاکلیٹ اور اسٹرانگ کافی سے شروع ہوتا ہے۔ آپ کو ان کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔”
لیزا کہہ کر چلی گئی۔
الیگزینڈر صاحب نے اس کے کہے ہوئے الفاظ دہرائے۔
“آپ کو اس کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔”
وہ جیکسن کی فکر میں لیزا کو نظرانداز کرتے تھے۔ جیسے پہلے ‘لی’ کی خاطر جیکسن کو کرتے تھے، اب جیکسن کی خاطر لیزا کو۔
اس سے پوچھنا بھی گوارا نہیں کیا۔ وہ ناشتے کے بغیر ہی چلی گئی تھی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
“میخائل، تم جاؤ۔ میں تمہیں کال کرکے بلا لوں گا۔”
چھوٹی سی جھیل کے کنارے رکھے بینچ پر بیٹھتے ہوئے جیکسن بولا۔
میخائل سر ہلاتا ہوا وہاں سے چند قدم دور موجود گاڑی کی طرف بڑھ گیا۔
جیکسن بینچ پر بیٹھا ہاتھ میں پتھر کے ننھے ٹکڑے اٹھا کر جھیل میں پھینکتا جا رہا تھا۔
صبح ٹھنڈی ہواؤں سے شروع ہوئی تھی۔ اس وقت رش کم تھا۔
“پہلی بار اسے یہیں بیٹھے دیکھا تھا۔ پھر روز اسے دیکھنے کی خاطر آتا رہا، لیکن وہ یہاں آئی ہی نہیں۔ پھر اس جگہ پر بیٹھ کر مجھے اس کے ہونے کا احساس کیوں ہوتا ہے؟”
خود سے باتیں کرتے ہوئے وہ ایک عام سا انسان لگ رہا تھا۔
چہرے پر ماسک لگانا اس کا پسندیدہ تھا۔ وہ خود کو عام سا انسان محسوس کرتا۔
سیاہ کوٹ گھٹنوں تک جاتا تھا۔ ماتھے پر بکھرے بالوں کے ساتھ درخت کے نیچے رکھے بینچ پر موجود جیکسن دور سے کسی مصور کی پینٹنگ کا حصہ معلوم ہوتا تھا۔
اس سے کچھ فاصلے پر میخائل موبائل فون کان سے لگائے الیگزینڈر صاحب کو اس کی لوکیشن بتا رہا تھا۔ اس کی نظریں جیکسن کی پشت پر ہی جمی ہوئی تھیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

لیانا نے سونیلا آنٹی کے موبائل سے جولی کو کال کی تھی۔ اب جولی کے نمبر سے سونیلا آنٹی کے موبائل فون پر کال آ رہی تھی۔
موبائل لیانا آنٹی کے پاس تھا۔ نمبر دیکھتے ہوئے انہوں نے لیانا کو بتایا۔
لیانا نے موبائل لے کر کال اٹھائی اور جولی سے بات کرکے ساری صورتِ حال بتائی۔ اسے گاؤں آنے کا کہہ کر موبائل سونیلا آنٹی کو واپس دے دیا۔
“تم نے میرے موبائل سے کال کی تھی؟”
“جی آنٹی، وہ میرا موبائل گھر رہ گیا تھا، تو آپ کے موبائل سے کال کر لی تھی۔”
وہ لاؤنج میں موجود صوفوں پر بیٹھی ہوئی تھیں۔
رشتے دار بھی آئے ہوئے تھے۔ مرنے والوں کی میتیں دفنا دی گئی تھیں۔
“کوئی بات نہیں، بس ویسے پوچھ لیا۔ تم جب تک یہاں ایڈنبرا میں ہو، میں چاہتی ہوں کہ میرے پاس آ کر رہو۔ خالی گھر میں رہنا مناسب نہیں۔”
انہوں نے دھکے چھپے لفظوں میں بہت کچھ سمجھا دیا۔
“جی، لیکن میں یہاں اچھا محسوس کرتی ہوں۔”
“وہ بات بالکل ٹھیک ہے، لیکن پچھلے کچھ عرصے سے گاؤں کا ماحول کافی خراب ہو گیا ہے۔ تم میرے ساتھ رہو۔ اکیلے رہنا مناسب نہیں۔ ویسے بھی لونا کی وصیت کے مطابق یہ گھر آرگنائزیشن والوں کو ملے گا۔”
لیانا کے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے انہوں نے بات کہی۔
لیانا حیران ہوئی، لیکن پھر اطمینان محسوس کیا کہ یہ گھر کسی اچھی جگہ پر انویسٹ ہوگا۔
“میں سوچ کر بتاؤں گی۔”
“سوچنے کا وقت نہیں ہے۔ جو بھی فیصلہ ہو، جلد بتانا۔”
دروازے سے ایک عورت اندر آ رہی تھی۔ اس کے ساتھ ایک چھوٹا بچہ بھی تھا، جو بھاگتے ہوئے اندر داخل ہوا اور صوفوں پر چڑھ گیا۔
لیانا نے اسے دیکھتے ہوئے پھیکی سی مسکراہٹ دی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ناشتہ اپنے چاچو کے ساتھ کرکے جولی ان سے ملتی ہوئی سائیکل پر آ رہی تھی۔
راستے میں اس نے یونہی موبائل نکال کر دیکھا تو کالز آئی ہوئی تھیں۔
اس نے رات کو تو انہیں نظرانداز کر دیا تھا، لیکن بے چین روح کی طرح خیال آتے ہی موبائل نکال کر دیکھ لیا۔
لیانا کی ڈھیر ساری کالز دیکھ کر اس نے لیانا کو کال ملائی۔ کال نہ اٹھانے پر پھر نئے نمبر سے کال ملا دی۔
بیل جاتے ہی لیانا کی آواز سن کر اس سے بات کی۔
سڑک کے درمیان کھڑی وہ موبائل فون کان سے لگائے بات کرتی رہی۔ پھر موبائل جیب میں ڈالا اور سائیکل تیزی سے چلاتی ہوئی ڈین ولیج جانے والے راستے پر مڑ گئی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ہاشمی ہاؤس
“ڈیڈ، میری سالگرہ دو دن بعد ہے۔ آپ بھول تو نہیں گئے؟”
عصر نے کافی کا گھونٹ لیتے ہوئے کہا۔
عشاء خاموشی سے بیٹھی ناشتہ کر رہی تھی۔ باقی سب بھی ناشتہ کر رہے تھے۔ پورا خاندان موجود تھا۔
“نہیں، مجھے یاد ہے اور میں کبھی تمہاری سالگرہ نہیں بھول سکتا۔”
ادیب ہاشمی نے مسکرا کر کہا۔
لیکن عصر نے عشاء کو دیکھتے ہوئے مسکراہٹ پاس کی۔
عشاء نے کوئی ردِعمل نہیں دیا۔
“ڈیڈ، آپ کو عصر آپی کی سالگرہ یاد رہتی ہے، لیکن میری اور عاشو کی بھول جاتی ہے۔”
غوث کا اپنا ہی دکھ تھا۔
“وہ اس لیے کہ عصر میری پہلی اور پیاری بیٹی ہے۔ اس سے بڑا ہر لمحہ یاد رہتا ہے۔”
“صرف ان سے محبت ہے؟”
“نہیں، تم سے بھی اور سب سے بھی ہے۔”
ادیب ہاشمی نے عشاء کو بھی سب کے ساتھ شامل کر دیا۔
عشاء نے کرسی پیچھے دھکیلی اور بہت کچھ حلق میں اتارا۔ وہ اٹھی اور مما اور غوث کو بائے کرتی ہوئی چلی گئی۔
میرب نے سمنان کی طرف دیکھا اور پھر تھوڑا سا جھک کر بولی۔
“مجھے کبھی کبھی عشاء پر ترس آتا ہے۔ بیچاری ڈیڈ کے پیار سے محروم ہے، لیکن خوشی بھی ہوتی ہے کہ وہ یہ سب ڈیزرو کرتی ہے۔”
سمنان نے اسے آنکھیں دکھائیں، لیکن شائل یہ جملہ سن چکی تھی۔
اس کی نظریں یغوث پر ہی ٹکی ہوئی تھیں۔
ادیب ہاشمی اب یونیورسٹی کے معاملے پر گفتگو کر رہے تھے، توصیف ہاشمی انہیں آگاہ کرتے جا رہے تھے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈین ولیج
جولی چند لمحوں میں ہی ڈین ولیج پہنچ چکی تھی اور لیانا کے ساتھ باہر لان میں کھڑی تھی۔
لوگوں کا رش کم تھا، لیکن پولیس اپنی کارروائی کے لیے آ چکی تھی۔ اب جب تک قاتل نہ مل جاتا، انہیں آتے ہی رہنا تھا۔
“میں تم سے ناراض ہوں، جولی۔”
لیانا کی نظریں کیاری میں پھولوں پر جمی ہوئی تھیں۔
“یار، سوری! تمہیں بتایا تو ہے کہ گھر میں مسئلہ ہو گیا تھا۔”
“کیسا مسئلہ؟”
جولی کی طرف رخ موڑتے ہوئے لیانا نے پوچھا۔
“وہ میری سائیکل، جو تم نے مجھے گفٹ کی تھی، میرے سوتیلے باپ نے جا کر بیچ دی۔ اسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔”
وہ شرمندہ ہو گئی، حالانکہ ایسا نہیں چاہتی تھی۔ لیکن سوتیلے باپ کا ذکر کرنے پر اس کے اندر تک زہر گھل گیا۔
“اب وہ کدھر ہے؟”
“وہ میں واپس لے آئی۔ تم نے دی تھی، کیسے جانے دیتی؟”
وہ لیانا کا بازو پکڑ کر مسکراتے ہوئے بولی۔
سارے وقت میں وہ اور جولی پہلی بار مسکرائیں۔
“قاتل کا کچھ معلوم ہوا؟”
“نہیں، لیکن پولیس معلوم کر لے گی۔”
“ایک بات سمجھ میں آ رہی ہے کہ وہ اسے مارنے آیا تھا یا پھر عشاء میم کو؟”
وہ ویڈیو دیکھ چکی تھی۔
“شاید عشاء میم کو۔ شاید نہیں۔”
لیانا الجھی ہوئی لگ رہی تھی۔
“اچھا، جو بھی ہو، جلد معلوم ہو جائے۔ ویسے یہ بچہ بھی مجھے بہت پیارا لگا تھا۔”
جولی افسردہ لگ رہی تھی۔
“ہاں، میڈی پیارا سا تھا۔ سب کو اچھا لگتا تھا۔”
“لیانا، تم اب کہاں رہو گی؟”
وہ دونوں لان میں ٹہل رہی تھیں اور باتیں بھی کر رہی تھیں۔
سردی کی شدت اور پھر بارش کے بعد برفباری نے پورے اسکاٹ لینڈ کو ٹھنڈا کر دیا تھا۔
“میں سوچ رہی ہوں کہ کہیں اور معلوم کروں۔ رہنے کے لیے جگہ ہو تو۔”
“تم یہاں رہ سکتی ہو۔”
“نہیں، سونیلا آنٹی نے کہا ہے کہ یہاں اکیلا رہنا مناسب نہیں، تو وہ چاہتی ہیں کہ ان کے گھر چلی جاؤں۔ لیکن میں اب جاب کرتی ہوں، تو خود سوچ رہی ہوں کہ کسی ہاسٹل میں شفٹ ہو جاؤں۔”
“لیکن لیانا، ہاسٹل کا کرایہ ادا کرنے کے بعد تمہارے باقی اخراجات کے لیے تنخواہ نہیں بچ پائے گی۔”
“لیکن پھر بھی کچھ تو کرنا ہے۔”
جولی نے اس کا چہرہ دیکھا۔ دھلا دھلایا، پیارا سا چہرہ۔
جولی کو اس پر بے انتہا پیار آیا۔
“تم سونیلا آنٹی کے ساتھ جا کر رہو۔ ویسے بھی کچھ عرصے کی بات ہے۔ اس کے بعد تم نے واپس روس چلے جانا ہے۔”
جولی نے بدقت آخری جملہ ادا کیا۔
(کاش تم واپس نہ جاؤ اور ہمیشہ کے لیے ادھر ہی رہ جاؤ۔)
دل میں خواہش نے جنم لیا۔
“سوچوں گی۔”
“جلد سوچنا، اوکے؟ اور ویسے بھی آج پروفیسر گریگر نے ہمیں ڈھونڈنا ہے۔ ہمیں نہ دیکھ کر وہ ضرور تلملا رہی ہوں گی۔”
وہ خوشی محسوس کرتے ہوئے بولی۔
“تمہارا کچھ نہیں ہو سکتا۔”
لیانا نے جولی کے سر پر چپت لگائی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ماضی کے ورق ہوا سے کھلتے چلے گئے اور کچھ پیچھے جا کر رک گئے۔
قصہ گو کہانی جاننے کے لیے ورق پڑھنے لگا۔
کہانی کچھ یوں تھی:
“تم اس گھر میں رہ سکتی ہو، لیکن میرے کچھ اصول ہیں۔”
اسکرٹ اور کھلا ٹاپ پہنے، عینک لگائے، سفید بالوں والی پچاس کے ہندسے سے اوپر کی لونا آپا بولیں۔
“جی، کیا؟”
لیانا نے شرٹ کے ساتھ ٹراوزر پہن رکھا تھا۔
“پہلا اصول، تم اس گھر میں رہو گی تو تمہیں اپنا کھانا پکانا اور سب کچھ کرنا ہوگا۔”
“دوسرا اصول، بلاوجہ گھر سے باہر نہیں جاؤ گی۔ اور سب سے اہم، تم جہاں بھی جاؤ، مجھے بتا کر جاؤ گی۔ اور کچھ غلط مت کرنا، ورنہ ایک سیکنڈ میں گھر سے باہر ہوگی۔”
وہ سنجیدگی سے بولتے ہوئے لیانا کو خاموش کر گئیں۔
لیانا نے تھوک نگلا، ذہن میں تمام باتوں کو گھمایا اور پھر سر ہلا دیا۔
لونا آپا نے ہاں کہتے ہوئے اسے گھر میں سامان سمیت آنے کی اجازت دے دی۔
ہوا سے ورق آگے کھلتے چلے گئے اور ایک ورق پر حال لکھا نظر آنے لگا۔
قصہ گو ورق گم ہو جانے پر اداسی سے کہانی دیکھنے لگا۔
ماضی کی جھلک دکھا کر وہ واپس چلا گیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

بیلا اپنے گھر میں موجود موبائل پر “میری خوشی” نام سے نمبر پر نظریں جمائے بیٹھی ہوئی تھی۔
بیلا کا نمبر بلاک ہو گیا تھا، لیکن وہ پھر بھی بلاک نمبر پر میسجز کرتی رہی۔ شاید جواب آ جائے۔
لیکن بلاک کرنے والے نہیں سمجھتے کہ کسی کو تکلیف دے کر خوشی نہیں ملتی۔ بلکہ خود کی روح بھی بے چین رہتی ہے۔
اس نے بے دلی سے موبائل رکھا اور پھر دیوار پر ایک نقطے پر نظریں ٹھہر سی گئیں۔
“کاش وہ سمجھا پاتی کہ بیلا کو صرف لیف گریس میں ہی دلچسپی ہے۔ لیکن وہ سمجھا تب نا۔”
وہ یوں ہی بیٹھی رہتی، اگر اس کے گھر کے باہر دروازے پر ہونے والی دستک اسے نہ چونکا دیتی۔
وہ جلدی سے سلیپرز پہنتے ہوئے اٹھی اور کمرے سے نکل کر باہر کے دروازے کی طرف گئی۔
کمبخت سردی نے پاؤں ٹھنڈے کر رکھے تھے۔
بیلا نے دروازہ کھولا تو سامنے پھولوں کا بکے اور چاکلیٹ کا باکس تھا۔
کسی کا نام و نشان تک نہیں تھا۔
اس نے جھانک کر اردگرد دیکھا۔ کسی کو نہ پا کر اچنبھے سے وہ چیزیں اٹھاتی، دروازہ بند کرکے اندر لاؤنج کی طرف بڑھی۔
اوپر بکے پر لگے کارڈ کو کھول کر دیکھا تو “لیگ گریس” لکھا ہوا تھا۔
اس نے لفظوں کو پڑھا، پھر میز پر رکھ کر چیزیں اٹھائیں اور خوشی سے جھومنے لگی۔
وہ خوش تھی اور ہنس رہی تھی۔
اس کے ذہن میں عشاء کا خیال آیا، لیکن یہ سوچ کر رد کر دیا کہ اس کی باتیں غلط ہو گئی تھیں۔
لیکن وہ بھول گئی تھی کہ کبھی خوشی عارضی بھی ہو سکتی ہے۔
یہ کون سمجھا پاتا؟ باتوں سے یہ زخم کھا کر ہی سمجھ آتا ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

عشاء گاڑی ڈرائیو کرتی ہوئی جا رہی تھی۔
انسٹی ٹیوٹ جانے والے راستے پر، شہر کی گہما گہمی پیچھے چھوڑے، وہ اپنی سوچوں میں غرق تھی۔
اس کے پیچھے سیاہ کار میں کوئی اور بھی تھا، جو کب سے اس کا پیچھا کر رہا تھا۔
وہ نوٹ کر چکی تھی، لیکن ظاہر نہیں ہونے دیا۔
پہلے بھی دو سے تین بار اس کا پیچھا کیا جا چکا تھا، لیکن وہ نظرانداز کرتی رہی۔
اب وہ جاننا چاہتی تھی، مگر آج بھی نظرانداز کرکے چلتی جا رہی تھی۔
پیچھے سیاہ کار میں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے شخص نے چہرہ ماسک لگا کر چھپا رکھا تھا۔ آنکھیں واضح تھیں۔
“بارش میں روتی لڑکی، مجھے دیکھ کر ان دیکھا کر رہی ہو۔”
عشاء کی کار کی رفتار تھوڑی سی تیز ہوئی تھی، لیکن وہ رک گیا اور اسے جاتے دیکھتا رہا۔
“روتی لڑکی، طوفان کی طرح آ کر غائب ہو جانے والی۔ تمہیں میں ایک دن سب کچھ دے دوں گا، جو تم نے اس دن شاید کھو دیا تھا۔”
اس نے موبائل نکالا اور اسکرین پر نظر آنے والے نمبر پر کال ملائی۔
کال فوراً اٹھا لی گئی۔
“میں آ رہا ہوں۔ میں کہاں ہوں، کسی کو اس کی خبر نہ ہو۔”
کال کٹ کرتے ہوئے وہ گاڑی اسٹارٹ کرکے جانے لگا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

“شائل، میں تمہیں کچھ بتانا چاہتا ہوں۔”
یغوث اور وہ دونوں گاڑی میں یونیورسٹی کی طرف جا رہے تھے۔
“کہو۔”
“میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کچھ تعلقات عارضی ہوتے ہیں۔ وہ کبھی مستقل نہیں بن سکتے۔”
نظریں ایک لمحے کے لیے یغوث پر جمیں، پھر واپس موڑ لی گئیں۔
“کیا مطلب؟”
“مطلب یہ کہ میں تمہارے لیے نہیں بنا اور میں تم سے محبت نہیں کرتا۔ بہتر ہوگا، جتنی جلدی سمجھ لو، اتنا ہی اچھا ہوگا۔”
شائل کے چہرے سے خون نچوڑ لیا گیا۔
دل ٹوٹ گیا اور یک طرفہ محبت یک طرفہ ہی رہ گئی۔
یغوث خاموشی سے، سنجیدہ چہرے کے ساتھ گاڑی چلاتا رہا۔
شائل شیشے سے باہر بھاگتے درختوں کو دیکھتی رہی۔
آنکھوں کے اندر سے دل پر گرتے آنسو تکلیف دے رہے تھے۔ وہ لب بھینچے، ڈھیٹ بنی بیٹھی رہی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
جہانزیب ہیڈ کوارٹرز
جہانزیب ہیڈ کوارٹرز میں ورکرز ابھی تک آ رہے تھے، لیکن وہ تینوں پہلے ہی آ چکے تھے۔
پرتعیش آفس میں موجود دیان جہانزیب لیپ ٹاپ پر فائل کھولے غور سے دیکھ رہا تھا۔
مینوئل اس کے ساتھ ہی موجود تھا۔
“دیان، کب تک آسٹریلیا جانے کا ارادہ رکھتے ہو؟”
“بہت جلد، لیکن ابھی نہیں۔”
مینوئل نے اسے غور سے دیکھا۔
(یہ اتنا پرسکون کیوں ہے؟)
“وہ کیوں؟”
“ہر بات نہیں بتائی جاتی، بلکہ سمجھی جاتی ہے۔”
“کیوں؟ مجھے کیوں نہیں بتائی جا سکتی؟”
“خود سوچو کہ کیوں؟”
انداز چڑانے والا تھا اور مینوئل چڑنے لگا تھا۔
“نہیں بتانا چاہتے تو نہ بتاؤ۔”
غصے سے اٹھا، فائل میز پر پٹخی اور اٹھتا ہوا باہر چلا گیا۔
دیان نے ایک نظر ڈالی اور دوبارہ لیپ ٹاپ پر نظریں جما دیں۔
بہت بڑا پراجیکٹ شروع ہونے والا تھا، لیکن فائل میں موجود کچھ نکات صحیح نہیں لگ رہے تھے۔
وہ باریک بینی سے جائزہ لے رہا تھا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

“سسٹم میں سب کچھ جس طرح چل رہا ہے، اسی طرح چلتا رہے، ورنہ چھوٹی سی غلطی ہوئی تو ذمہ دار کو سزا بھگتنی ہوگی۔”
تمام اسکرینوں کے آگے بیٹھے ہیکنگ کے ماہر اور نیٹ سے وابستہ ورکرز خاموشی سے کام کر رہے تھے۔
“سر، پچھلے چند دنوں سے دو بار ہمارے سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن پہلے سے ہی تمام اقدامات نے یہ سب ہونے نہیں دیا۔”
“جانتا ہوں، سب کچھ اچھے سے۔ لیکن دوبارہ ایسا کیا گیا تو پھر منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ ابھی سب ٹھیک چلنے دو، بعد میں اس پر کام کریں گے۔”
خوف سنجیدگی سے کہتا ہوا باہر نکل گیا۔
“یہ بھی نا، بس باتیں کرنے آ جاتا ہے۔ سارا کام ہم کریں اور کریڈٹ یہ لے جائے۔”
اسکرین کے آگے بیٹھے شخص نے دوسرے سے شکوہ کرتے ہوئے کہا۔
دوسرے نے سر ہلانے پر ہی اکتفا کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ
عشاء نے آج کا لیکچر کینسل کر دیا تھا۔
کل رات کے واقعے سے سب واقف ہو چکے تھے اور یہ خبر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی۔ اب تک بہت بڑا ٹرینڈ بن چکی تھی۔
میٹنگ روم میں عشاء اور تمام پروفیسرز موجود تھے۔
“پروفیسرز، میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ جو کچھ ہوا ہے اور آگے ہو سکتا ہے، اس سے ہمارا انسٹی ٹیوٹ متاثر نہ ہو۔ اس کے لیے پہلے سے ہی سب کچھ طے کرنا ہوگا۔”
“لیکن میم، سی سی ٹی وی فوٹیج میں، میں نے کل کی ویڈیو دیکھی۔ اس میں کیمرے خراب فوٹیج دکھا رہے ہیں۔ کچھ کلئیر نہیں ہے۔”
پروفیسر احتشام نے اطلاع دی۔
عشاء نے پروفیسر براق پر نظریں گاڑ دیں۔
خود کو اس طرح سب کے دیکھنے پر وہ بوکھلا سا گیا۔ تھوک نگلی اور ناسمجھی سے ابرو اچکائے۔
“یوں پوچھنا چاہ رہے ہو کہ کیوں دیکھ رہے ہو؟”
“پروفیسر براق، آپ سیکیورٹی کا انتظام دیکھتے ہیں، تو آپ بتائیں کہ کیمروں کا کل ہی خراب ہونا اور کچھ بھی کلئیر نہ ہونا، یہ سب اتفاق ہو سکتا ہے؟”
پروفیسر براق نے گلا کھنکھارا اور سب کو دیکھتے ہوئے جواب دیا۔
“میں دو دن سے نہیں آ رہا تھا اور کیمرے ٹیکنالوجی کی چیز ہیں، خراب ہو سکتے ہیں۔ اس میں اتنی حیرانی کی بات نہیں ہے۔”
عشاء مسکرائی۔ اتنا ہلکا کہ لب ایک لکیر کی صورت بنے۔
“میری بات سنیں، اگر کیمرے خراب ہوئے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ انسٹی ٹیوٹ میں ڈیجیٹل لاک کھول کر کوئی بھی داخل ہو جائے؟ میرا مطلب ہے کہ کوئی بھی داخل ہو سکتا ہے، اگر کیمرے خراب ہو سکتے ہیں تو؟”
وہ پیچھے کی طرف ٹیک لگائے، بات کو اصل انداز سے ہٹاتے ہوئے بدلتے انداز میں بولی۔
فانوس کے گرنے اور کل ہونے والے حادثے کے بارے میں واقعہ وہ چھپا گئی تھی۔
کانچ کے ٹکڑے وہ ملازم سے صاف کروا چکی تھی۔ سب سے پہلے یہی کام کیا گیا تھا۔
اس نے ملازم کو خاموش رہنے کا کہا تھا۔
“میم، آپ کیا کہنا چاہتی ہیں؟ کہ یہ سب جو کچھ ہوا ہے، وہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے؟”
پروفیسر ہوکین نے براق کے چہرے سے لے کر ہاتھوں تک نظر گھمائی۔
“میم جو بھی کہنا چاہتی ہیں، وہ یہ نہیں ہے جو آپ سمجھ رہے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ آپ سیکیورٹی انچارج ہونے کے ساتھ سب کچھ ٹھیک کیوں نہیں دیکھتے اور اپنا کام صحیح سے کیوں نہیں کرتے؟”
پروفیسر احمد نے پہلی بار گفتگو میں حصہ لیا۔
“آپ مجھ پر الزام مت لگائیں۔”
پروفیسر براق بھڑک اٹھا۔
“میں نے تو صرف ایسی ہی بات کی تھی تاکہ آپ کی توجہ ادھر ادھر سے زیادہ کام کرنے پر رہے۔ بس۔”
“مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کل رات عشاء میم پر حملہ ہوا اور بچے کی جان چلی گئی۔ اس بات سے زیادہ آپ کو انسٹی ٹیوٹ کی فکر ہے۔”
“آپ کو کیسے معلوم کہ حملہ مجھ پر ہوا؟”
عشاء چونکی تھی۔
“کیونکہ یہ خبر ہر جگہ ٹرینڈ کر رہی ہے کہ وہ قاتل چھوٹے بچے کو نہیں بلکہ عشاء ہاشمی کو مارنے آیا تھا۔ اور بس ذہن سے زبان پر آیا تو بول دیا۔”
عشاء نے گہری سانس لی، پھر سب کو متوجہ کرتے ہوئے کہا۔
“میٹنگ ختم ہے۔ آپ سب جا سکتے ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر فوکس رکھیں۔ باقی سوالات و جوابات اگلی میٹنگ میں ہوں گے۔”
پروفیسرز اٹھے اور ایک ایک کرکے جانے لگے۔
عشاء چونکی تو تب اسے کل رات والی خوشبو نتھنوں سے ٹکرائی۔
اس نے سر موڑ کر باہر جاتے دروازے کی طرف دیکھا۔
سب سے آخر میں پروفیسر ہوکین اور آگے براق تھے۔
“تو کیا، پروفیسر ہوکین؟”
اس نے دھیرے سے کہا۔
شیشے سے باہر نظریں پروفیسر ہوکین کے ساتھ براق پر جمی ہوئی تھیں۔
وہ دونوں آپس میں باتیں کر رہے تھے، جو اندر سنائی نہیں دے رہی تھیں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

“مجھے تو یہ عورت ایک آنکھ نہیں بھاتی۔”
پروفیسر براق نے بیزاری سے کہا۔
“براق صاحب، ابھی تو آپ کے یہاں دو سال اور رہتے ہیں اور آپ ابھی سے ہار مان رہے ہیں۔”
“ہار نہیں، اس کے سوالات سے تنگ ہوں، جو وہ کرتی ہے۔”
“تو کرنے دیں۔ وہ اس انسٹی ٹیوٹ کی مالکن ہے اور سوالات کر سکتی ہے۔ ہم اس کے جوابات دے سکتے ہیں۔”
پروفیسر ہوکین کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولے۔
لیکن براق نے منہ بنایا۔
“ہم جوابات کیوں دیں؟ یہاں جاب کرتے ہیں، غلامی نہیں۔ اور ویسے بھی ایک عورت کبھی بھی سلطنت نہیں سنبھال سکتی۔ یہ بات یاد رکھنا، عورتیں صرف ایک حد تک رہیں تو صحیح، ورنہ عورتیں سلطنت کے معاملات میں دخل دیں تو بڑے بڑے بادشاہ سب کچھ ہار جاتے ہیں۔”
لمبی بات پروفیسر ہوکین نے سر جھٹکتے ہوئے سنی۔
“جو بھی ہو، آپ چھوڑیں۔”
وہ دونوں لمبی راہداری میں چلتے ہوئے آگے جا کر رک گئے تھے اور ایک طرف کھڑے باتیں کر رہے تھے۔
“اوکے، ویسے خوشبو اچھی ہے۔”
“یہ میری پسندیدہ ترین ہے۔”
“لگ بھی رہا ہے، پچھلے دو سال سے آپ لگا کر آ رہے ہیں۔”
“اور آپ کو بھی دے دی۔”
“بالکل، مجھے بھی پسند آئی ہے۔”
“چلیں، چلتے ہیں کلاس میں۔”
وہ دونوں اپنی اپنی کلاسوں کی طرف رخ کرتے ہوئے چلے گئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ہاشمی یونیورسٹی
ادیب ہاشمی اپنے آفس میں فائنل ہو چکے طلبہ کی لسٹ دیکھ رہے تھے، جو اسکالرشپس کے اہل تھے۔
لیکن ان کی نظروں کے آگے لسٹ میں جو دو نام آئے، وہ دیکھ کر ان کی آنکھوں میں نفرت کی آگ ابھری۔
“یہ تصاویر یہاں کیا کر رہی ہیں؟ اور کس نے ان کے نام لسٹ میں شامل کر دیے؟”
وہ غصے سے پھٹکارے۔
کال ملاتے ہوئے انہوں نے میرب کے ساتھ سمنان کو بھی آنے کو کہا۔
دس منٹ بمشکل ہی گزرے تھے کہ وہ دونوں ناک کرتے ہوئے اجازت لے کر اندر داخل ہوئے۔
“جی سر، آپ نے بلوایا؟”
سمنان نے پوچھا۔
کام کی جگہ پر رشتے بعد میں، پہلے کام۔
“اسکالرشپس کے لیے جو لسٹ تیار کی گئی ہے، اس میں یہ دو نام کیا کر رہے ہیں؟”
“کس کے نام؟”
سمنان نے سوال پوچھا۔
“رومیصہ اور لو۔”
“یہ لسٹ میرے بعد میرب نے دیکھی تھی۔ جب میں نے چیک کی تھی، تب یہ نام نہیں تھے۔”
“یہ دونوں نام میں نے لسٹ میں شامل کیے ہیں۔”
“میں پوچھ سکتا ہوں کہ مجھ سے پوچھے بغیر کیوں کیا ایسا؟”
وہ غصہ بمشکل ضبط کر رہے تھے۔
“وہ اس لیے کہ سالوں پہلے ان کو اسکالرشپس کے تحت یہاں داخلہ ملنا تھا، لیکن ان دونوں کو نہیں مل سکا۔ تو سوچا دوبارہ نام ڈال دیے جائیں۔”
میرب فخریہ انداز میں بولی۔
“تم جانتی ہو کہ مرے ہوئے لوگوں کے ساتھ سب ختم ہو جاتا ہے اور یہ دونوں مر چکے ہیں، تو ان کے نام ہاتھ سے نکال کر میں ان کی جگہ دو اور اسٹوڈنٹس کے نام ڈال رہا ہوں۔”
ادیب ہاشمی نے حتمی جواب دیا۔
لیکن میرب کے چہرے پر غصہ پھیل گیا۔ ہاتھوں کی مٹھیاں بھینچ گئیں۔
سمنان نے بغور نوٹ کیا اور آنکھوں سے اشارہ کیا۔
“اوکے، ٹھیک ہے۔ جو آپ کو مناسب لگے۔”
سمنان نے بات کو سنبھالا اور پھر اجازت لیتا ہوا میرب کے ساتھ باہر نکل گیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وہ دونوں باہر نکلے تو میرب کے اندر ابلتا لاوا باہر نکل پڑا۔
“وہ میری بہن کو کس طرح مرا ہوا کہہ سکتے ہیں؟”
“کیونکہ یہی حقیقت ہے۔ وہ مر چکی ہے اور کبھی واپس نہیں آئے گی۔ اس بات کو سمجھو اور بس کرو سب۔”
“تم مجھ پر چلا رہے ہو، مطلب غصہ کر رہے ہو؟”
“میں حقیقت بیان کر رہا ہوں۔ مرے ہوئے لوگوں کو دوبارہ باتوں سے زندہ نہیں کہا جا سکتا، صرف یاد کیا جا سکتا ہے۔”
وہ بولتا ہوا وہاں سے چلا گیا۔
میرب نے اسے جاتے دیکھا تو پشت کو گھورتی ہوئی نفرت سے جملہ ادا کرتے ہوئے بولی۔
“رومیصہ نے جو کیا، وہ سب صرف عشاء کی وجہ سے کیا۔ عشاء، تمہیں اس کی سزا بھگتنا پڑے گی۔”
لفظ جذب ہوئے اور قصہ گو اداسی سے آگے قلم چلانے لگا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
مون لائٹ اسٹوڈیو
جیکسن الیگزینڈر مون لائٹ اسٹوڈیو کی چکاچوند میں پھر سے واپس آ گیا تھا۔
اسے آنا پڑا اور ساتھ میں ہمیشہ کے لیے جانے کا عندیہ لے کر۔
عصر کے آفس میں موجود وہ پین کو گھماتے ہوئے غور سے دیکھے جا رہا تھا۔
تبھی آفس کا دروازہ کھلنے اور بند ہونے کی آواز سے لے کر، پاس سے گزرتے میز کے دوسری جانب پڑی کرسی پر وجود کے بیٹھ جانے تک، اس نے سر نہیں ہلایا۔
“کیا ہوا، مائی ہیرو جیکسن؟ اس خوبصورت چہرے پر اداسی کیوں ہے؟”
“اداسی نہیں، بلکہ تمہارے لیے پریشانی ہے۔”
پین کو روکتے ہوئے اس نے پہلی بار نظریں اٹھا کر عصر کو دیکھا۔
عصر بھی دونوں ہاتھوں کی انگلیاں آپس میں پھنسائے آگے کو جھک کر بیٹھی، جیکسن کو ہی دیکھ رہی تھی۔
“اچھا، میرے لیے پریشانی ہے؟ دلچسپ۔ پھر میں سننا چاہوں گی۔”
“ضرور، میں سنانا چاہتا ہوں۔”
عصر نے اس کے بولنے کا انتظار کیا، تب تک جب تک وہ بول نہ پڑا۔
“میں آخری دو قسطیں، جو پینڈنگ میں ہیں، وہ کرنا چاہتا ہوں۔”
آواز میں برسوں کی سنجیدگی تھی۔
“یہ میرے لیے پریشانی کی بات کیسے ہو سکتی ہے؟”
جیکسن کے لبوں پر مسکراہٹ ابھری۔
“کہتے ہیں کہ شکار، شکاری کی ہر بدلتی چال کو بھانپ لیتا ہے، لیکن یہاں شکاری، شکار سے چال کے داؤ پیچ سیکھ رہا ہے۔”
عصر نے دانت کچکچائے، لیکن زہریلی مسکراہٹ سجائے لبوں پر بولی۔
“شکاری کبھی کبھی شکار سے بھی سیکھنا چاہے گا کہ جب ان کا شکار کیا جائے تو کس طرح خطرے کو بھانپ کر وہ بھاگنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔”
“تو سنو پھر شکار کی روداد۔”
“سناؤ۔”
کھڑکی سے باہر شیشے پر دھند کی تہہ جم چکی تھی۔
دوسری طرف سے منظر نظر نہیں آتا تھا۔
“میں اس چکاچوند اور شکاری کے جال سے نکلنا چاہتا ہوں۔ اس لیے یہ میرا ریزائن نامہ ہے۔ میں اس جال سے دور جا کر زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔”
آواز میں برسوں کی تھکن تھی۔ یوں اب زندگی میں سکون چاہیے تھا، ورنہ تھکن سی ہوگی۔
“دور جا کر کیا کرو گے؟”
“دور جا کر وہ کروں گا جس کی امید بھی نہیں ہوگی۔ تمہیں وہ کروں گا۔”
“کچھ بڑا کرنے کا ارادہ رکھتے ہو؟ یاد رکھنا کہ میرے بغیر نہیں کر پاؤ گے۔ میری سلطنت چھوڑ کر کہاں جاؤ گے؟”
جیکسن نے عصر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا۔
“میں تمہارے اس جال سے نکل کر کسی اور جال میں نہیں پھنسوں گا، بلکہ مجھے پھنسانے والے خود ہی اس میں پھنس جائیں گے۔”
عصر کے چہرے سے اندازہ لگانا مشکل ہو گیا تھا کہ وہ کیا سوچ رہی ہے، لیکن اس کے تاثرات بتا رہے تھے کہ وہ جیکسن کی بات سے متفق نہیں ہوئی۔
یقیناً وہ اسے روکنے کے لیے ضرور کچھ کرے گی۔
“چلو پھر، آخری دو اقساط کرکے جہاں جانا چاہو، جا سکتے ہو۔”
جیکسن نے چونک کر دیکھا۔
کل تک جو اسے روکنے کے لیے دھمکیاں بھی دیتی تھی، آج وہ اتنی جلدی کیسے مان گئی؟
“اوکے، چلتا ہوں۔”
وہ کہہ کر چلا گیا، تو عصر کا چہرہ نفرت سے بھرا ہوا نظر آنے لگا۔
“تمہیں یوں جانے نہیں دوں گی۔ یاد رکھنا کہ میں عصر ہاشمی ہوں اور اتنی آسانی سے اپنے شکار کو جال سے نکلنے میں کامیاب نہیں ہونے دوں گی۔”
کرسی کی پشت سے ٹیک لگائے وہ جھولتی ہوئی کھڑکی کی طرف رخ کیے دیکھنے لگی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

لیزا یونیورسٹی پہنچ چکی تھی۔
شائل اور یغوث بھی آ گئے تھے۔
شائل گاڑی سے اترتی ہوئی اندر کلاس کی طرف چلی گئی، جبکہ لیزا اور یغوث ساتھ ساتھ چلتے ہوئے باتیں کرتے راہداری میں کلاس کی طرف بڑھتے جا رہے تھے۔
“کیسی ہو؟”
“میں ٹھیک ہوں، لیکن تم سے نہیں پوچھوں گی کہ کیسے ہو؟”
“کیوں؟”
“وہ اس لیے کہ تم میرے سامنے ہو، بالکل ٹھیک ٹھاک، تو پھر کیوں پوچھوں؟”
لیزا کی اپنی منطق تھی۔
یغوث نے مسکراتے ہوئے سر جھٹکا۔
“پھر بھی آداب بھی ہوتے ہیں۔”
“مجھے آداب نہیں سیکھنے، بلکہ تمہیں دیکھ کر خود ہی سب سیکھ جاؤں گی۔”
“نہ سیکھو، جو تمہاری مرضی۔”
یغوث خاموش ہوا تو لیزا نے اس کی طرف دیکھا۔
اس کی نظریں سر کے بالوں سے ہوتی ہوئی چہرے اور داڑھی پر گئیں۔
بھورے رنگ کی داڑھی اور بال اسے پیارے لگے۔
“کیا دیکھ رہی ہو؟”
لیزا نے گڑبڑا کر چہرہ سامنے کی طرف کیا، جہاں ان کے کلاس فیلو اور اسٹوڈنٹس بھی آ جا رہے تھے۔
“کچھ نہیں۔”
“میں بتاؤں، کیا دیکھ رہی تھی؟”
“بتاؤ۔”
“یہ کہ میں بہت پیارا ہوں اور اس دنیا میں کوئی بھی نہیں۔”
اپنی تعریف کرتے ہوئے اس نے کالر کھڑا کیا۔
لیزا نے اس کے کندھے پر دھپ کرتے ہوئے بازو میں چٹکی گاڑی۔
یغوث نے اپنے بازو کو سہلایا اور لیزا کے پیچھے بھاگا، جو پہلے ہی آگے جا کر بھاگ چکی تھی۔
ان کے قہقہے راہداری میں گونج رہے تھے۔
فضاؤں نے بھی انہیں مسکرا کر دیکھا تھا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
جاری ہے۔۔۔
چند دنوں بعد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *