سات رنگِ حیات
از قلم حفظہ مرزا
قسط نمبر 16
صبح کے وقت افی گہری نیند سو رہی تھی جب اس کے موبائل پر کال آنے لگی۔ اس نے نیند سے بوجھل آنکھوں کے ساتھ کال اٹھائی تو دوسری طرف سے اس کی سیکریٹری کی آواز سنائی دی۔
’’میڈم! آپ نے نیوز دیکھی؟‘‘
’’نہیں، ابھی تو سو رہی تھی۔ خیریت؟‘‘ افی نے کروٹ بدلتے ہوئے پوچھا۔
’’میڈم، آپ فوراً ٹی وی آن کریں۔ حمزہ ایمان کے بارے میں خبر چل رہی ہے۔‘‘
ایمانکا نام سنتے ہی افی کی آنکھیں پوری طرح کھل گئیں۔
’’کیا ہوا ۔۔۔
’’میڈم، آپ نیوز دیکھیں، میں آپ کو سمجھا نہیں سکتی۔‘‘
کال منقطع ہوتے ہی افی نے فوراً موبائل پہ ہی نیوز دیکھے ۔۔ اگلے ہی لمحے اس کی نظریں اسکرین پر جم گئیں۔
اسکرین پر حمزہ کی تصویر دکھائی جا رہی تھی، جبکہ نیوز اینکر کی آواز کمرے میں گونج رہی تھی۔
’’ایک اہم خبر کے مطابق حمزہ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسے قتل کیا گیا ہے۔ لاش کے قریب ایسے شواہد بھی ملے ہیں جو اس واقعے کی تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم قتل کے پیچھے موجود شخص کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔‘‘
افی چند لمحوں تک ساکت بیٹھی اسکرین کو دیکھتی رہی۔
’’حمزہ۔۔۔ قتل؟‘‘ اس کے لبوں سے بے اختیار نکلا۔
اگلے ہی لمحے وہ بستر سے اٹھی اور ننگے پاؤں کمرے سے باہر نکل گئی۔
دوسری جانب ہال میں پری صوفے پر بیٹھی موبائل استعمال کر رہی تھی۔ افی کو اپنے کمرے سے یوں بھاگتے ہوئے نکلتے دیکھ کر اس نے حیرت سے سر اٹھایا۔
’’اسے کیا ہوا ؟؟؟‘ اس نے زیرِ لب کہا۔
افی کی تیز قدموں کی آواز سن کر گھر میں موجود باقی افراد نے بھی اس کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے پر پھیلی پریشانی اور ننگے پاؤں بھاگنے کی جلدی نے سب کو حیران کر دیا تھا۔
’’
افی سیدھی گھر کے پچھلے حصے میں بنے کوارٹر کی طرف بڑھی، جہاں اقراء اپنی ماں کے ساتھ موجود تھی۔
’’اقراء! اقراء!‘‘ اس نے دروازے پر پہنچتے ہی اسے آواز دی۔
افی کی گھبرائی ہوئی آواز سن کر اقراء نے چونک کر دروازے کی طرف دیکھا۔
’’کیا ہوا، ‘‘
افی نے اندر آتے ہی اس کا ہاتھ تھام لیا۔
’’جلدی آؤ، نیوز دیکھو!‘‘
’’کیا ہوا ہے؟ آپ اتنی پریشان کیوں ہیں؟‘‘ اقراء نے الجھن سے پوچھا۔
‘‘ افی نے ایک لمحے کے لیے اسے دیکھا، جیسے الفاظ ترتیب دینے کی کوشش کر رہی ہو۔تم خود دیکھ لو۔۔ ۔‘‘
افی نے فوراً اپنا موبائل اس کے سامنے کر دیا، جس پر وہی خبر چل رہی تھی۔
اقراء نے اسکرین کی طرف دیکھا تو اس کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔ وہ کچھ دیر تک خاموشی سے خبر سنتی رہی، جیسے اسے یقین ہی نہ آ رہا ہو کہ یہ سب واقعی ہو چکا ہے۔
’’یہ۔۔۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟‘‘ اس کی آواز لرز گئی۔
اس کی ماں بھی پریشانی سے دونوں کو دیکھنے لگی۔
’’کیا ہوا ہے؟ کس کی بات کر رہی ہو تم دونوں؟‘‘
اقراء نے پلٹ کر اپنی ماں کو دیکھا، مگر اس کے لبوں سے الفاظ ادا نہ ہو سکے۔ افی نے اسے سہارا دیتے ہوئے کہا
اقراء کی ماں بھی پریشانی سے ان دونوں کو دیکھنے لگی۔
’’آخر ہوا کیا ہے؟ تم دونوں مجھے کچھ بتاؤ گی بھی؟‘‘
افی نے ایک گہری سانس لی، پھر اقراء کی طرف دیکھتے ہوئے بولی۔
’’ماں جی حمزہ وہ دوسرا شخص تھا ۔ جس نے ایمان کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ اس کیس میں جو ڈی این اے رپورٹ سامنے لائی گئی تھی، وہ اصل رپورٹ نہیں تھی۔ اصل رپورٹ کو تبدیل کیا گیا تھا تاکہ حقیقت چھپی رہے اور مجرم قانون کی گرفت سے بچ جائے۔‘‘
میں نے تو یہ بھی سنا تھا کہ وہ پاکستان سے باہر چلا گیا ہے لیکن اج اس کی ڈیڈ باڈی ملی ہے۔۔۔
’’نیوز میں حمزہ کے قتل کی خبر چل رہی ہے۔ اس کی لاش ملی ہے، اور پولیس کو کچھ شواہد بھی ملے ہیں۔‘‘
کمرے میں چند لمحوں کے لیے خاموشی چھا گئی۔
جس شخص کے خلاف وہ انصاف کی امید لیے بیٹھی تھی، جس کی وجہ سے اس کی بہن کی زندگی اتنی تکلیف دہ ہو گئی تھی، آج اسی کی موت کی خبر اس کے سامنے تھی۔۔۔
آج اس کی بہن کو انصاف مل گیا تھا۔۔۔
افی نے خاموشی سے اثبات میں سر ہلایا۔
اقراء کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ اس کی ماں نے آگے بڑھ کر اسے اپنے سینے سے لگا لیا۔
’’میری بچی۔۔۔‘‘ وہ بھی رندھی ہوئی آواز میں بولیں۔
اقراء ماں سے لپٹ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔۔۔۔
ثبوتوں کے ساتھ حمزہ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں وہ خود اپنے جرم کا اعتراف کر رہا تھا۔ اس ویڈیو نے اس کے خلاف موجود تمام شکوک و شبہات ختم کر دیے تھے، کیونکہ اب اس کے اپنے الفاظ ہی اس کے جرم کی گواہی دے رہے تھے۔۔۔
افی کے لیے یہ اطمینان کی بات تھی کہ کیس خودبخود حل ہو گیا تھا اور حمزہ کے خلاف ثبوت بھی سامنے آ گئے تھے۔ اس کی اعترافی ویڈیو نے ایمان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو ثابت کر دیا تھا، جس کے بعد اب اس کے مجرم کو پہچاننے میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا تھا۔
مگر اس سب کے باوجود افی کے ذہن میں ایک سوال بار بار ابھر رہا تھا کہ آخر یہ سب کس نے کیا تھا؟ وہ کون تھا جس نے اچانک تمام ثبوت سامنے لا کر کیس کو ایک نیا رخ دے دیا؟ اس کا مقصد کیا تھا؟ کیا وہ واقعی انصاف دلانا چاہتا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور کہانی چھپی تھی؟
افی کی سوچ ایک طرف کیس حل ہونے پر مطمئن تھی، مگر دوسری طرف وہ اس نامعلوم شخص کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین تھی جس نے اتنی خاموشی سے سب کچھ بدل کر رکھ دیا تھا۔۔۔۔۔
پچھلے ایک گھنٹے سے وہ اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے پری کا دماغ کھا رہی تھی۔ کیس حل ہو جانے کے باوجود اس کے ذہن میں اٹھنے والے سوالات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے تھے، اور اب وہ اپنے انہی سوالوں کے ساتھ پری کے صبر کا امتحان بھی لے رہی تھی۔
دوسری طرف پری کا سر درد کرنا شروع ہو چکا تھا۔ اس کی طبیعت پہلے ہی کچھ ٹھیک نہیں تھی اور اب مسلسل ایک گھنٹے سے باتیں سنتے سنتے اس کا سر مزید بھاری ہونے لگا تھا۔
بالآخر اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔
’’کیا تم۔۔۔‘‘ اس نے غصے سے کہتے ہوئے بات ادھوری چھوڑ دی، پھر اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی۔
وہ حیرت سے پری کو دیکھنے لگی کہ آخر اسے اچانک کیا ہوا تھا اور وہ اپنی جگہ سے کیوں اٹھ گئی تھی۔
پری نے کوئی وضاحت نہیں دی۔ وہ سیدھی اپنے آفس کے دروازے تک گئی اور اسے کھول کر ایک طرف کھڑی ہو گئی۔ اس کا خاموش اشارہ ہی کافی تھا کہ اب اسے یہاں سے نکل جاؤ ورنہ میں تمہیں اٹھا کر باہر پھینک دوں گی۔۔وہ پہلے حیرت سے پری کو دیکھتی رہی، اس سے پہلے کہ پری واقعی اسے اٹھا کر باہر پھینک دے۔۔۔
’اوکے، سمجھ گئی! جا رہی ہوں۔‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ آفس سے باہر نکل گئی۔
اس کے جاتے ہی پری نے سر جھٹکا اور دونوں ہاتھوں سے اپنی کنپٹیاں دبانے لگی۔ اس کی طبیعت پہلے ہی کچھ ڈاؤن تھی، مگر اب سر درد بھی شروع ہو گیا تھا۔ اسے یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے کچھ دیر خاموشی سے بیٹھنا بھی اس کے لیے مشکل ہو رہا ہو۔
ابھی وہ اپنی کنپٹیاں دبا ہی رہی تھی کہ اس کی سیکریٹری آرزو، جو آئی سی کمپنی جانے کے لیے ٹیم کے ساتھ موجود تھی، اس کے قریب آئی۔
’’میڈم، آپ ٹھیک ہیں؟‘‘ آرزو نے پری کے چہرے پر تھکن دیکھتے ہوئے پوچھا۔
’’ہاں۔‘‘ پری نے مختصر جواب دیا، پھر اپنی انگلیوں سے کنپٹیاں دباتے ہوئے پوچھا، ’’ٹیم تیار ہے؟‘‘
’’یس میڈم!
ٹھیک ہے۔۔پری نے اپنا لیپ ٹاپ بیگ میں رکھا اور اسے آرزو کی طرف بڑھا دیا۔ پھر اپنا کوٹ اور موبائل اٹھایا۔ آخر میں اس نے اپنی اسٹک اٹھائی، جو آج ہی ٹھیک ہو کر آئی تھی۔۔۔۔
اسٹک ہاتھ میں تھام کر وہ اپنی چیئر سے اٹھی۔ سر درد کے باوجود اسے اپنا کام مکمل کرنا تھا، اس لیے اس نے مزید وقت ضائع کیے بغیر آئی سی کمپنی کے لیے روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔۔۔۔۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
ایزل صبح سے اپنی الماری کھولے کبھی ایک ڈریس نکال رہی تھی تو کبھی دوسری۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے بیڈ پر کپڑوں کا ڈھیر لگا دیا، مگر اب تک فیصلہ نہیں کر پائی تھی کہ آخر کیا پہنے۔
وہ ایک ڈریس اٹھا کر خود پر رکھتی، آئینے میں دیکھتی، پھر اسے واپس بیڈ پر پھینک کر دوسری نکال لیتی۔ اس کی یہ حالت دیکھ کر کوئی بھی اندازہ لگا سکتا تھا کہ آج کا دن اس کے لیے کتنا اہم تھا۔
اسی وقت اس کی ماں اسے ناشتے کے لیے بلانے کمرے میں آئی تو اندر کا منظر دیکھ کر حیران رہ گئی۔
’’بیٹا! یہ سب کیا ہے؟ تم نے پورا کمرہ ہی کپڑوں سے بھر دیا ہے۔‘‘
ایزل نے بے بسی سے اپنی ماں کی طرف دیکھا۔
’’امی! مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا پہنوں۔‘‘
اس کی ماں مسکراتی ہوئی اس کے قریب آئی اور پیار سے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔
’’میری بیٹی کچھ بھی پہن لے، اس پر سب اچھا لگتا ہے۔ میری شہزادی تو ویسے ہی بہت پیاری ہے۔‘‘
’’نہیں نا، امی!‘‘ ایزل نے منہ بناتے ہوئے کہا۔ ’’آج عرشمان نے مجھے ملنے کے لیے بلایا ہے۔ اور آپ نے بتایا تھا نا کہ آپ نے خالہ سے ہماری شادی کے بارے میں بات کی ہے؟ تو یقیناً وہ بھی اسی سلسلے میں بات کرنا چاہتا ہوگا۔ میرے لیے آج کا دن بہت خاص ہے، اس لیے میں بھی تو کچھ خاص پہنوں نا!‘‘
اس کی بات سنتے ہی ماں کے چہرے پر خوشی پھیل گئی۔
وہ بھی یہی سمجھ رہی تھی کہ شاید شادی کی بات آگے بڑھنے کے بعد عرشمان اور ایزل کے درمیان بھی قربت پیدا ہونے لگی تھی۔ آخر وہ اپنی بیٹی کو خوش دیکھنا چاہتی تھی، اور اگر اس کی خواہش پوری ہونے جا رہی تھی تو اس سے بڑھ کر اس کے لیے اور کیا ہو سکتا تھا؟
اس نے بیڈ پر بکھرے کپڑوں پر نظر دوڑائی، پھر ایک سرخ رنگ کی ڈریس اٹھا کر ایزل کی طرف بڑھا دی۔
’’یہ پہن لو۔ اس میں بہت پیاری لگو گی۔‘‘
ایزل نے ڈریس اپنے سامنے پھیلا کر دیکھا، پھر فوراً نفی میں سر ہلا دیا۔
’’امی! یہ کچھ زیادہ ہی اوور نہیں ہو جائے گا؟‘‘
’’تو پھر تم خود ہی فیصلہ کر لو، میری جان!‘‘ اس کی ماں نے ہنستے ہوئے کہا۔
ایزل نے دوبارہ بیڈ پر نظر دوڑائی۔ کچھ لمحوں بعد اس کی نظر سفید رنگ کی ڈریس پر جا ٹھہری۔ اس نے فوراً اسے اٹھایا اور اپنی ماں کے سامنے پھیلا دیا۔
’’امی! یہ کیسی رہے گی؟‘‘
اس کی ماں نے ڈریس کو دیکھا، پھر خوش دلی سے سر ہلا دیا۔
’’ہاں، یہ بہت پیاری ہے۔ تم پر خوب جچے گی۔‘‘
’’بس! پھر یہی فائنل۔‘‘ ایزل نے خوشی سے اعلان کیا اور ڈریس لے کر واش روم کی طرف بڑھ گئی۔
اس کے کمرے سے نکلتے ہی اس کی ماں کی مسکراہٹ مزید گہری ہو گئی۔ اس نے دل ہی دل میں اپنی بیٹی کے اچھے نصیب کی دعا کی۔
یا اللہ! میری بیٹی کے نصیب اچھے کرنا۔ اس کی زندگی خوشیوں سے بھر دینا۔ جس رشتے کی امید اس نے اپنے دل میں باندھی ہے، اگر وہ اس کے حق میں بہتر ہے تو اسے اس کی قسمت بنا دینا۔ میری بچی کو ہمیشہ خوش رکھنا۔
دعا کے بعد اس نے ایک نظر واش روم کے بند دروازے پر ڈالی اور باہر نکلتے ہوئے آواز دی۔
’’ایزل! جلدی سے تیار ہو کر آ جانا، ناشتہ کر لینا۔‘‘
اندر سے فوراً جواب آیا۔
’’امی! آج میں عرشمان کے ساتھ ناشتہ کروں گی۔‘‘
ماں کے قدم ایک لمحے کے لیے رکے۔ پھر اس کے لبوں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔
’’اچھا، ٹھیک ہے۔‘‘
وہ خوشی خوشی وہاں سے چلی گئی، جبکہ ایزل اپنی تیاری مکمل کرنے میں مصروف ہو گئی۔
کچھ دیر بعد وہ تیار ہو کر واش روم سے باہر نکلی تو اس کے چہرے پر الگ ہی چمک تھی۔ سفید رنگ کی ڈریس اس نے نفاست سے پہنی ہوئی تھی، جبکہ اس کے سنہری بال کھلے ہوئے تھے۔ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اس نے آخری بار خود کو دیکھا، اپنے بال درست کیے اور ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کمرے سے نکل گئی۔
آج وہ عرشمان سے ملنے جا رہی تھی، اور اس کے دل میں کئی امیدیں تھیں۔
اسے یقین تھا کہ آج کی ملاقات ان دونوں کے رشتے کو ایک نیا نام دے گی۔
مگر وہ اس حقیقت سے بے خبر تھی کہ جس ملاقات کو وہ اپنی زندگی کا سب سے خاص دن سمجھ رہی تھی، عرشمان اسی ملاقات میں اس کی امیدوں کا رخ بدلنے والا تھا۔
ریسٹورنٹ میں عرشمان پہلے سے موجود تھا۔
وہ اپنی مخصوص سنجیدگی کے ساتھ بیٹھا ایزل کا انتظار کر رہا تھا۔ اس کے سامنے رکھی کافی اب ٹھنڈی ہونے لگی تھی، مگر اس کی نظریں بار بار گھڑی کی طرف اٹھ رہی تھیں۔
بالآخر ایزل وہاں پہنچ گئی۔
اس نے عرشمان کو دیکھتے ہی مسکراتے ہوئے اس کی طرف قدم بڑھائے۔
’’سوری! مجھے تھوڑی دیر ہو گئی۔ راستے میں ٹریفک بہت تھا۔‘‘
عرشمان نے ایک نظر اس پر ڈالی اور سامنے والی کرسی کی طرف اشارہ کیا۔
’’کوئی بات نہیں، بیٹھو۔‘‘
جبکہ عرشمان کی نگاہ چند لمحوں کے لیے اس کے چہرے پر ٹھہری۔ ۔سفید رنگ کی اسکرٹ کے ساتھ میچنگ شرٹ، جبکہ اس کے سنہری بال کھلے ہوئے تھے۔
ایزل دیکھنے میں پیاری تھی، مگر عرشمان نے ہمیشہ اسے ایک دوست اور اپنے گھر کی دوسری لڑکیوں کی طرح ہی سمجھا تھا۔وہ اس کا خیال رکھتا تھا، اس کی عزت کرتا تھا، اس کی نظر میں ایزل کے لیے کبھی وہ جذبات پیدا نہیں ہوئے تھے جو ایک مرد کے دل میں اپنی شریکِ حیات کے لیے ہوتے ہیں۔
مگر اس کی اس خوشی کو دیکھ کر بھی عرشمان کے اندر وہ احساس پیدا نہیں ہوا جس کی ایزل مدت سے منتظر تھی۔
شاید یہی وجہ تھی کہ آج وہ اسے یہاں بلانے پر مجبور ہوا تھا۔
وہ مزید اسے کسی ایسی امید میں نہیں رکھنا چاہتا تھا جسے پورا کرنے کا ارادہ اس کا اپنا کبھی نہیں رہا تھا۔
عرشمان نے ایک گہری سانس لی اور میز پر رکھے مینو کو ایک طرف کر دیا۔
’’ایزل، مجھے تم سے ایک ضروری بات کرنی ہے۔‘‘
اس کی آواز میں موجود سنجیدگی محسوس کرتے ہوئے ایزل کی مسکراہٹ کچھ مدھم ہوئی، مگر اگلے ہی لمحے اس نے خود کو سنبھال لیا۔
’’ہاں، کہو۔‘‘
وہ اس کی طرف متوجہ ہوئی تو عرشمان نے چند لمحے اس کے چہرے کو دیکھا۔ وہ جانتا تھا کہ جو بات وہ کہنے جا رہا ہے، شاید ایزل اسے آسانی سے قبول نہ کر سکے۔
لیکن سچ بتانا ضروری تھا۔
وہ اسے کسی غلط فہمی میں مزید نہیں رکھنا چاہتا تھا، نہ ہی اپنی خاموشی کو اس کی امیدوں کی وجہ بننے دینا چاہتا تھا۔
عرشمان نے بالآخر بات شروع کرنے کے لیے لب کھولے۔
’’تمہیں پتا ہے، ہمارے گھر میں شادی کی بات چل رہی ہے؟‘‘ عرشمان نے سنجیدگی سے بات کا آغاز کیا۔
’’ہاں، مجھے پتا ہے!‘‘ ایزل کے چہرے پر مسکراہٹ مزید گہری ہوگئی۔ ’’اور تمہیں پتا ہے، مجھے کتنی خوشی ہو رہی ہے؟ آخرکار ہماری شادی کی بات آگے تو بڑھی۔‘‘ اس نے خوشی سے کہا، جیسے اس کی برسوں پرانی خواہش پوری ہونے والی ہو۔
عرشمان نے اس کی بات سنی تو چند لمحے خاموش رہا، پھر سنجیدہ لہجے میں بولا۔
’’ایزل، میری بات غور سے سنو۔ میں تمہیں کوئی جھوٹی امید نہیں دلانا چاہتا۔ میں نے کبھی تمہیں اس نظر سے نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی تم سے یہ کہا کہ میں تم سے شادی کروں گا۔ تم میرے لیے ہمیشہ میری چھوٹی بہن اور ایک دوست کی حیثیت رکھتی آئی ہو۔ اس سے بڑھ کر میرے دل میں تمہارے لیے کبھی کچھ نہیں تھا۔‘‘۔۔
’’اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ ہم اس بات کو یہیں ختم کر دیں۔‘‘ عرشمان نے دوٹوک انداز میں کہا۔
ایزل اسے حیرت سے دیکھتی رہ گئی، جیسے اس کے کانوں نے ابھی ابھی سنے گئے الفاظ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہو۔
’’کیا مطلب ہے تمہارا؟‘‘ اس نے بمشکل پوچھا، مگر اگلے ہی لمحے اس کے پاس کہنے کے لیے الفاظ ختم ہوگئے۔
عرشمان نے اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے کہا، ’’تم اس رشتے سے انکار کر دو، ایزل۔‘‘
کیوں؟‘‘ اس کی آواز میں بے یقینی کے ساتھ دکھ بھی شامل ہوگیا۔ ’’میں کیوں انکار کروں؟ میں تو تم سے محبت کرتی ہوں، عرشمان! میں تمہارے ساتھ اپنی پوری زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ میں تو شروع سے ہی تمہیں پسند کرتی آئی ہوں۔‘‘
لیکن میں تم سے محبت نہیں کرتا، ایزل۔‘‘ اس نے صاف لفظوں میں کہا۔ ’’اور میں نہیں چاہتا کہ تم کسی ایسی امید کے سہارے اپنی زندگی گزار دو جسے میں کبھی پورا نہیں کر سکتا۔۔۔۔
لیکن میں تم سے محبت نہیں کرتا، ایزل!‘‘
عرشمان کے دوٹوک الفاظ نے اس کے دل میں جیسے ہلچل مچا دی۔ وہ بے یقینی سے اسے دیکھتی رہی، شاید اس امید پر کہ وہ اگلے ہی لمحے اپنی بات سے مکر جائے گا، مگر عرشمان کے چہرے پر ایسے کوئی آثار نہیں تھے۔
’’مجھے امید ہے کہ تم میری بات سمجھو گی۔ بہتر یہی ہے کہ ہم اس رشتے کو آگے نہ بڑھائیں۔‘‘ وہ اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کرسی پیچھے کھسکا کر کھڑا ہوگیا۔
ایزل نے بے اختیار اس کی طرف دیکھا، مگر اس کے لبوں سے کوئی لفظ ادا نہ ہو سکا۔
’’اپنا خیال رکھنا۔‘‘ یہ کہتے ہوئے عرشمان نے ایک نظر اس پر ڈالی اور وہاں سے چلا گیا۔
وہ اسے جاتا ہوا دیکھتی رہی، یہاں تک کہ وہ اس کی نظروں سے اوجھل ہوگیا، مگر ایزل اپنی جگہ سے ہل تک نہ سکی۔
’’میں تم سے محبت نہیں کرتا۔۔۔‘‘
اس کے کانوں میں عرشمان کے الفاظ بار بار گونج رہے تھے۔
’’میں تم سے محبت نہیں کرتا۔۔۔۔۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
پری آئی سی کمپنی میں داخل ہوئی تو سامنے ہی زین اپنی ٹیم کے چند افراد کے ساتھ پھولوں کا گلدستہ لیے کھڑا تھا۔ وہ اپنے فون میں مصروف اندر داخل ہو رہی تھی کہ اچانک سامنے کھڑے لوگوں کو دیکھ کر رک گئی۔
زین نے مسکراتے ہوئے اس کی طرف گلدستہ بڑھایا۔
’’ویلکم ٹو آئی سی کمپنی، مس پری!‘‘
پری نے ایک نظر اس کے ہاتھ میں موجود گلدستے کو دیکھا، سرخ گلابوں کا گل دستہ تھا، جسے دیکھتے ہی وہ بے اختیار ایک قدم پیچھے ہٹ گئی۔۔۔۔
اس کے اس غیر متوقع ردِعمل پر زین کی مسکراہٹ ایک لمحے کے لیے پھیکی پڑی، مگر اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتا،پری کے ساتھ کھڑی آرزو نے آگے بڑھی اور گلدستہ تھام لیا۔
’’شکریہ، !‘‘ اس نے خوش دلی سے کہا۔
زین نے ایک نظر آرزو کو دیکھا، پھر پری کی طرف نگاہ اٹھائی، جو اسے مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے دوبارہ اپنے فون کی طرف متوجہ ہو چکی تھی۔
اس نے دل ہی دل میں ناگواری سے سوچا کہ گلدستہ اس نے پری کے لیے منگوایا تھا، مگر اسے وصول کرنے کی زحمت بھی نہیں کی تھی۔۔۔
’’آپ لوگ اندر تشریف لائیں۔‘‘
ابھی وہ چند قدم ہی چلے تھے کہ عرشمان نے پیچھے سے آواز لگائی۔
’’زین صاحب! ہمارے لیے کچھ نہیں لائے آپ؟‘‘
اس کے لہجے میں شرارت نمایاں تھی۔
پری نے چلتے چلتے پلٹ کر عرشمان کو دیکھا، پھر زین کے چہرے پر پھیلی ناگواری پر اس کی نگاہ پڑی تو اس کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ ابھر آئی۔ اگلے ہی لمحے وہ دوبارہ سامنے دیکھنے لگی، جیسے اسے اس ساری گفتگو سے کوئی سروکار ہی نہ ہو۔
’’آپ کے لیے پھول نہیں،پھولوں کا پورا گملہ ہی منگوایا ہے، آپ آئیے تو سہی!‘‘ زین نے عرشمان کو جواب دیتے ہوئے طنزیہ مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔۔۔
عرشمان نے زین کی بات سنتے ہوئے معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ اسے دیکھا۔
’’اوہ! مجھے نہیں پتا تھا کہ آپ کو مجھ سے اتنا پیار ہے۔‘‘
اس کی طنزیہ بات سن کر پری سمیت باقی لوگوں نے اپنی ہنسی دبانے کی کوشش کی، مگر ان کے چہروں پر پھیلی مسکراہٹیں ان کے اندرونی جذبات کی عکاسی کر رہی تھیں۔۔۔۔
زین نے ایک ناگوار نظر عرشمان پر ڈالی، جو بالکل پرسکون انداز میں کھڑا تھا، جیسے اس نے کچھ کہا ہی نہ ہو۔
عرشمان ابھی کچھ اور کہنے ہی والا تھا کہ زین کی بہن وہاں آ پہنچی۔ اس کی نظر جیسے ہی عرشمان پر پڑی، وہ باقی سب کو نظرانداز کرتے ہوئے سیدھی اس کے پاس چلی آئی۔
’’ہیلو، عرشمان! کیسے ہو تم؟ اتنے سالوں بعد تمہیں دیکھا ہے۔ ویسے تم تو پہلے سے بھی زیادہ ہینڈسم ہو گئے ہو!‘‘ اس نے خوش دلی سے کہتے ہوئے عرشمان کی طرف ہاتھ بڑھایا۔
وہاں موجود سب لوگ اسے حیرت سے دیکھنے لگے، جبکہ عرشمان نے بھی اس کا بڑھا ہوا ہاتھ تھام لیا۔
’’ہاں، کافی وقت ہو گیا۔‘‘ اس نے معمول کے مطابق مختصر سا جواب دیا۔
ذہن کو ان دونوں کو باتیں کرتا دیکھ کر اسے موقع مل گیا۔۔۔
اس نے فوراً پری کی طرف توجہ مبذول کروائی، جو خاموشی سے یہ سب دیکھ رہی تھی۔
’’مس پری! آئیے، میں آپ کو اپنا آفس دکھاتا ہوں۔‘‘ اس نے خوش اخلاقی سے کہا۔
پری نے ایک نظر اس کی طرف دیکھا، پھر خاموشی سے سر ہلاتے ہوئے اس کے ساتھ چل دی۔ زین کے چہرے پر ایک مطمئن سی مسکراہٹ ابھری، جیسے بالآخر اسے پری کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کا موقع مل ہی گیا ہو۔۔۔۔۔۔۔
اس نے انہیں کمپنی کے مختلف حصے دکھائے، جہاں ملازمین اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ مختلف شعبوں سے گزرتے ہوئے اس نے کمپنی کے انتظامات اور کام کرنے کے طریقۂ کار کے بارے میں بھی بتایا۔
’’ہماری کمپنی میں تقریباً سو افراد کام کرتے ہیں۔ ہر ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں الگ ہیں، لیکن تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں تاکہ پروجیکٹس وقت پر مکمل ہو سکیں۔‘‘
پری خاموشی سے اس کی باتیں سنتی اور مختلف حصوں کا جائزہ لیتی رہی۔ اس کی نظریں ہر چیز کو باریک بینی سے دیکھ رہی تھیں۔۔
کچھ دیر بعد زین انہیں ایک بڑے کمرے میں لے آیا۔ کمرے کے وسط میں دو لمبی میزیں آمنے سامنے رکھی تھیں، جن کے گرد متعدد کرسیاں موجود تھیں۔ کمرے میں اتنی جگہ تھی کہ دونوں ٹیمیں باآسانی بیٹھ کر کام کر سکتی تھیں۔
زین نے ایک میز کی طرف اشارہ کیا۔
’’مس پری! آپ اپنی ٹیم کے ساتھ اس میز پر کام کر سکتی ہیں، جبکہ عرشمان صاحب اپنی ٹیم کے ساتھ دوسری میز استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ لوگوں کو کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو بلاجھجک ہمیں بتائیے گا۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ آپ کو یہاں کام کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔‘‘
پری نے سر ہلا کر اس کی بات سنی، جبکہ عرشمان نے بھی خاموشی سے کمرے کا جائزہ لیا۔
اسی دوران زین کی سیکریٹری کافی کے کپ لیے اندر داخل ہوئی۔ اس نے دونوں میزوں پر موجود افراد کے سامنے باری باری کپ رکھے۔
’’آپ لوگ کافی انجوائے کیجیے۔ دو گھنٹے بعد ہماری میٹنگ ہوگی، تب تک آپ اپنا کام شروع کر سکتے ہیں۔‘‘
یہ کہتے ہوئے زین نے سب کی طرف دیکھا باہر کی طرف بڑا ہی تھا کہ پیچھے سے۔۔۔
’’زین صاحب! آپ شاید کچھ بھول رہے ہیں۔۔
زین نے حیرت سے اسے دیکھا۔ ’’کیا مطلب؟ کیا میں کیا بھول رہا ہوں؟‘‘
’’میرا پھولوں کا گملا!‘‘ عرشمان نے ایسے یاد دلایا جیسے کوئی بہت ضروری بات بھول گیا ہو۔ ’’وہ مجھے کب ملے گا؟‘‘
زین چند لمحوں تک اسے حیرت سے دیکھتا رہا، پھر اس کے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ دیکھ کر اسے ساری بات سمجھ آ گئی۔
’’تمہاری تو۔۔۔‘‘ وہ دانت پیستے ہوئے بڑبڑایا، پھر اسے گھور کر دیکھتا ہوا وہاں سے باہر نکل گیا۔۔
عرشمان نے اس کی پشت کو دیکھا، پھر لب بھینچ کر سر جھٹک دیا۔ زین کو چڑانے میں اسے یقیناً لطف آیا تھا، مگر اس کے چہرے پر ابھرتی ہلکی سی مسکراہٹ بھی پل بھر سے زیادہ نہ ٹھہری، اور وہ حسبِ معمول اپنی سنجیدہ، پُراسرار شخصیت میں لوٹ آیا۔
جبکہ عرشمان کے ساتھ کھڑی زمل حیرت سے کبھی اسے دیکھتی تو کبھی زین کے جانے والے راستے کو۔ اسے سمجھ نہیں آیا تھا کہ ان دونوں کے درمیان یہ گملے والی بات آخر تھی کیا۔
عرشمان کے ساتھ کھڑی زمل نے کچھ لمحوں بعد اس کی طرف دیکھا۔
’’اوکے، پھر ملاقات ہوگی۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے بولی، پھر اس کی طرف سے رخ موڑ کر پری کی جانب بڑھ گئی۔
’’ہیلو، مس پری! آپ کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے۔‘‘ اس نے خوش دلی سے کہتے ہوئے پری کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ ’’ویسے، میں زمل ہوں۔‘‘
پری نے اس کے بڑھائے ہوئے ہاتھ کو تھام لیا۔
’’آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔‘‘ زمل نے مسکراتے ہوئے کہا۔
پری نے جواباً محض سر ہلا دیا۔ اس کے لبوں سے کوئی لفظ ادا نہیں ہوا، جبکہ اس کے چہرے پر حسبِ معمول سنجیدگی چھائی ہوئی تھی۔
زمل نے اس کے خاموش رویے کو زیادہ اہمیت نہیں دی، بلکہ مسکراتے ہوئے اپنا رخ عرشمان کی طرف موڑا اور ہاتھ ہلاتے ہوئے بولی۔
’’بائے، ارشمان! پھر ملتے ہیں۔‘‘
اس کے جاتے ہی پری اور عرشمان کی نگاہیں ایک لمحے کے لیے ایک دوسرے سے ملیں۔ دونوں کے درمیان خاموشی کا ایک مختصر سا تبادلہ ہوا۔۔اور عرشمان پری کو دیکھتے ہوئے بولا۔
’’مس پری! میرے خیال میں ہمیں پہلے یہ طے کر لینا چاہیے کہ پروجیکٹ کے کس حصے پر کون کام کرے گا، تاکہ بعد میں کسی قسم کی الجھن نہ ہو۔‘‘
پری نے اپنا لیپ ٹاپ کھولتے ہوئے اس کی طرف دیکھا۔۔۔
’’آپ اپنی ٹیم کے ساتھ نئے پروجیکٹ کی تیاری پر کام کریں گی، جبکہ ہم اپنی ٹیم کے ساتھ اس کا ڈرافٹ تیار کریں گے۔ اس طرح دونوں ٹیمیں اپنے اپنے حصے پر توجہ دے سکیں گی، اور میٹنگ میں ہم اپنی پیش رفت بھی دکھا سکیں گے۔‘‘
پری نے چند لمحے اس کی بات پر غور کیا، پھر اثبات میں سر ہلا دیا۔
’’ٹھیک ہے۔۔
اوکے۔۔پھر دو گھنٹے بعد میٹنگ میں ملتے ہیں۔ امید ہے تب تک دونوں ٹیموں کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا۔۔۔
عرشمان نے پری کو دیکھا، جس نے اس کی پوری بات سننے کے بعد صرف ایک لفظ میں جواب دیا تھا۔ اس کے لیے پری کا یہ مختصر اور سادہ سا جواب کچھ عجیب تھا۔ اسے سمجھ نہیں آیا کہ وہ حقیقت میں ایسی ہی تھی یا پھر جان بوجھ کر خود کو ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ تاہم، اس نے اس بات کو زیادہ اہمیت نہیں دی اور اسے نظرانداز کرتے ہوئے اپنی توجہ دوبارہ کام کی طرف مبذول کر لی۔۔۔۔
باقی افراد نے کافی کے کپ اٹھا لیے، مگر پری نے اپنے سامنے رکھا کپ چھوا تک نہیں۔
آرزو اس بات سے اچھی طرح واقف تھی کہ پری کافی نہیں پیتی۔ اس نے خاموشی سے اس کا کپ اٹھایا اور میز کے ایک طرف رکھ دیا تاکہ کام کرتے ہوئے وہ اس کے راستے میں نہ آئے۔
پری نے اس کی طرف دیکھے بغیر اپنا لیپ ٹاپ کھولا، ضروری فائلز نکالیں اور کام شروع کرنے کے لیے تیار ہو گئی۔
چند ہی لمحوں میں اس کی انگلیاں کی بورڈ پر حرکت کرنے لگیں۔ اس کے چہرے پر وہی سنجیدگی واپس آ چکی تھی، جیسے کچھ دیر پہلے پیش آنے والا واقعہ اس کے لیے محض ایک معمولی سی بات ہو۔
دوسری طرف عرشمان بھی اپنی ٹیم کے ساتھ پروجیکٹ کی فائلز کھول چکا تھا۔
اب اگلے دو گھنٹے دونوں ٹیموں کے لیے اہم تھے۔۔۔دونوں ہی اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ کام میں مصروف ہو گئے تھے۔۔۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ہنی اور رومی اپنی بوتیک میں مصروف تھیں۔ کام تقریباً مکمل ہو چکا تھا، بس چند چیزوں باقی تھیں۔
رومی باکس میں سے ڈریس نکال کر ایک ایک کرکے اسٹینڈ پر لگاتی جا رہی تھی، مگر اس کے ذہن میں کل سے ایک ہی بات گردش کر رہی تھی۔ پری کی یادداشت واپس آ گئی تھی، یہ سننے کے بعد سے وہ مسلسل اسی بارے میں سوچ رہی تھی۔۔۔
وہ جتنا سوچتی، اتنے ہی سوالات اس کے ذہن میں جنم لینے لگتے۔
آخرکار اس نے ہاتھ میں پکڑا ڈریس اسٹینڈ پر لٹکایا اور ساتھ کام کرتی ہنی کی طرف دیکھا۔
’’ہنی! ایک بات بتاؤ، تم نے پری میں کوئی تبدیلی نوٹ کی؟‘‘
کیا مطلب؟ کیسی تبدیلی؟‘‘ اس نے الجھن سے پوچھا۔
’’میرا مطلب ہے، تمہیں ان کے رویے میں کوئی فرق محسوس ہوا؟ کوئی ایسی بات جو تم نے پہلے نوٹ نہ کی ہو؟‘‘ رومی نے قدرے سوچتے ہوئے وضاحت کی۔۔ہنی نے ایک لمحے کے لیے اسے دیکھا، پھر اپنے کام کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے۔۔
ہنی نے ایک لمحے کے لیے اسے دیکھا، پھر اپنے کام کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے بولی۔
’’تمہیں کوئی وہم ہوا ہوگا۔ مجھے تو ایسا کچھ محسوس نہیں ہوا۔ وہ آج بھی ویسی ہی ہیں، جیسے پہلے تھیں۔‘‘
رومی خاموش ہوگئی۔ اس نے ایک نظر ہنی کو دیکھا، پھر سر ہلاتے ہوئے بولی۔
ہاں، شاید تم ٹھیک کہہ رہی ہو۔‘‘
اس نے اپنی سوچوں کو جھٹک کر دوبارہ کام کی طرف توجہ دینا چاہی، مگر پری کے بارے میں اٹھنے والے سوالات ابھی بھی اس کے ذہن میں موجود تھے۔
اسی وقت بوتیک کے اسٹاف میں سے ایک لڑکی ان کے پاس آئی۔
’’میم! یہ کچھ چیزیں ہیں، جنہیں آپ نے چیک کرنا تھا۔‘‘ اس نے چند کاغذات اور سامان رومی کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔
رومی نے وہ چیزیں اس کے ہاتھ سے لیں اور سر ہلایا۔
’’اچھا، ٹھیک ہے۔ میں دیکھ لیتی ہوں۔‘‘
لڑکی کے جانے کے بعد رومی نے ان چیزوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد وہ ضروری کام نمٹانے کے لیے بوتیک سے باہر چلی گئی، جبکہ ہنی اپنے کام میں مصروف رہی۔ہنی نے رومی کی بات پر زیادہ دھیان نہیں دیا تھا۔۔۔
پری نے انہیں پانچ عبایوں کے ڈیزائن تیار کرنے کا کام دیا تھا۔ چار عبایے مکمل ہو چکے تھے، جبکہ آج آخری عبایا بھی تیار ہونا تھا۔ ہنی چاہتی تھی کہ اسے مکمل کرکے جلد از جلد پری کو دکھائے۔
رومی گاڑی کی چابیاں اٹھا کر باہر نکل گئی۔
کام کرنے کے بعد وہ واپس لوٹ رہی تھی کہ اچانک اسے محسوس ہوا جیسے کوئی اس کا پیچھا کر رہا ہو۔ اس نے بےاختیار عقبی آئینے میں دیکھا، مگر پیچھے آتی گاڑیوں کے علاوہ کچھ خاص دکھائی نہ دیا۔
’’شاید میرا وہم ہے۔‘‘ اس نے خود کو تسلی دی۔
مگر اگلے ہی لمحے اس کے ذہن میں ایک خیال آیا۔ اس نے جان بوجھ کر گاڑی کی رفتار دھیمی کر دی۔ پیچھے آنے والی بائیک بھی آہستہ ہو گئی۔
رومی کی نگاہ فوراً عقبی آئینے پر جم گئی۔
بائیک پر دو افراد سوار تھے۔
اس نے گاڑی کی رفتار بڑھائی تو بائیک بھی تیز ہو گئی۔ وہ جس راستے کا انتخاب کرتی، وہ دونوں بھی اسی راستے پر اس کے پیچھے چلے آتے۔ اب یہ محض اتفاق نہیں لگ رہا تھا۔
رومی کے دل کی دھڑکن تیز ہونے لگی۔
اس نے جان بوجھ کر بازار کی طرف گاڑی موڑی اور کچھ فاصلے تک مختلف راستوں پر گاڑی گھماتی رہی، مگر وہ دونوں کسی سائے کی طرح اس کے پیچھے لگے رہے۔
اب اسے یقین ہو چکا تھا کہ کوئی اس کا تعاقب کر رہا ہے۔
اس نے گاڑی کی رفتار بڑھائی اور بازار کی بھیڑ سے نکل کر مرکزی سڑک کی طرف آ گئی۔ آگے کا راستہ نسبتاً سنسان تھا۔ سڑک پر دور دور تک کوئی گاڑی دکھائی نہیں دے رہی تھی، جبکہ پیچھے موجود بائیک سواروں نے بھی رفتار بڑھا دی تھی۔
رومی نے گھبرا کر ایک بار پھر عقبی آئینے میں دیکھا۔
بائیک تیزی سے اس کی گاڑی کے قریب آ رہی تھی۔
اس کے ہاتھ اسٹیئرنگ پر سختی سے جم گئے۔ ذہن تیزی سے کوئی راستہ تلاش کر رہا تھا ۔۔ آج وہ اپنی گاڑی کے بجائے افی کی گاڑی لے کر ائی تھی۔۔۔ اس نے اگے پیچھے دیکھی کوئی اسے حفاظتی طور پر کوئی چیز مل جائے۔ ۔۔۔ اس نے ایک نظر سامنے سڑک پر ڈالی، پھر ساتھ موجود ڈیش بورڈ کی طرف دیکھا۔
اگلے ہی لمحے اس کی نظر سامنے والے لاک شدہ خانے پر پڑی۔
اس نے چابی نکالی اور جلدی سے لاک کھولا۔ اندر موجود چیز دیکھ کر وہ ایک لمحے کے لیے ساکت رہ گئی۔۔۔وہاں ایک پستول موجود تھی۔
رومی کی آنکھوں میں حیرت اور گھبراہٹ ایک ساتھ ابھری۔ اسے توقع نہیں تھی کہ گاڑی میں ایسی کوئی چیز بھی ہو سکتی ہے۔ اس نے ایک لمحے کے لیے ہچکچاتے ہوئے پستول کو دیکھا، پھر پیچھے سے قریب آتی بائیک پر نظر پڑتے ہی اسے اٹھا لیا۔
اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرے، مگر اتنا ضرور جانتی تھی کہ ان لوگوں کے ارادے ٹھیک نہیں تھے۔۔۔
اس نے پستول میں موجود گولیوں کی تعداد دیکھی۔ اندر صرف دو گولیاں تھیں، جبکہ باقی شاید ساتھ ہی رکھی ہوئی تھیں۔۔۔۔۔
اس نے پستول اپنے پاس رکھی اور گاڑی کی رفتار مزید بڑھا دی۔ وہ کسی ایسی جگہ پہنچنا چاہتی تھی جہاں ان دونوں سے جان چھڑانے کا کوئی راستہ مل سکے۔
کچھ فاصلے کے بعد شہر کی آبادی پیچھے رہ گئی۔ سڑک مزید سنسان ہوتی جا رہی تھی اور بائیک سوار اب بھی اس کے تعاقب میں تھے۔
رومی نے گہری سانس لی، پھر اچانک گاڑی کی رفتار دھیمی کرتے ہوئے اسے روک دیا۔
پیچھے آنے والی بائیک بھی قریب پہنچنے لگی۔
رومی نے گاڑی کا شیشہ نیچے کیا۔ اس کا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا، لیکن اس نے اپنے خوف پر قابو پانے کی کوشش کی۔ پستول تھامے اس نے ہاتھ کھڑکی سے باہر نکالا اور بائیک کے ٹائر کا نشانہ لے کر فائر کر دیا۔
دھماکے کی آواز سنسان سڑک پر گونج اٹھی۔
اگلے ہی لمحے بائیک کا توازن بگڑ گیا اور اس پر سوار دونوں افراد اچانک لڑکھڑا گئے۔۔۔۔سائیڈ پر جا کر گر گئے تھے۔۔۔رومی کو یہی موقع غنیمت لگا۔ اس نے فوراً گاڑی کی رفتار بڑھائی اور وہاں سے نکل گئی، اس سے پہلے کہ وہ دونوں سنبھل کر دوبارہ اس کا پیچھا کر پاتے۔ چند ہی لمحوں میں اس کی گاڑی ان کی نظروں سے اوجھل ہو چکی تھی۔۔۔
عرشیان اپنے دوست کے ساتھ ریسٹورنٹ میں بیٹھا گفتگو میں مصروف تھا کہ اچانک اس کی نظر شیشے کے پار باہر نکلتی رومی پر پڑی۔ وہ ایک لمحے کے لیے اسے دیکھتا رہا، پھر اس کی نگاہ اس کی گاڑی کے قریب کھڑے دو لڑکوں پر جا ٹھہری۔
دونوں لڑکے مسلسل رومی کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ جیسے ہی رومی اپنی گاڑی میں بیٹھی اور انجن اسٹارٹ کیا، وہ دونوں بھی فوراً اپنی بائیک پر سوار ہو گئے۔
عرشیان کی نگاہیں ان کی حرکات کا تعاقب کرتی رہیں۔ رومی کی گاڑی سڑک پر آگے بڑھی تو بائیک بھی فوراً اس کے پیچھے چل پڑی۔
اس کی آنکھیں ذرا سکڑیں۔
مگر جس طرح وہ دونوں رومی کی گاڑی کے پیچھے گئے تھے، وہ اسے معمول کی بات نہیں لگی۔
’’یار، کیا ہوا؟ تم کہاں کھو گئے؟‘‘ دوست کی آواز پر اس نے پلٹ کر اسے دیکھا۔
’’کچھ تو گڑبڑ ہے۔‘‘ اس نے مختصراً کہا اور کرسی پیچھے کرتے ہوئے اٹھ کھڑا ہوا۔
’’کیا مطلب؟ کہاں جا رہے ہو؟‘‘ دوست نے حیرت سے پوچھا۔
’’بعد میں بات کرتا ہوں تم سے۔‘‘
وہ مزید کچھ کہے بغیر تیزی سے ریسٹورنٹ سے باہر نکلا اور اپنی گاڑی کی طرف بڑھ گیا۔ گاڑی میں بیٹھتے ہی اس نے انجن اسٹارٹ کیا اور فوراً سڑک پر آ گیا۔
دور جاتی رومی کی گاڑی ابھی اسے دکھائی دے رہی تھی۔
اس نے رفتار بڑھائی اور اس کے پیچھے چل پڑا۔
دوسری طرف رومی کی گاڑی خاصی تیز رفتار سے آگے بڑھ رہی تھی۔ وہ کبھی ایک راستے پر مڑتی تو کبھی دوسرے پر، جیسے کسی سے بچنے کی کوشش کر رہی ہو۔ عرشیان کی نگاہیں مسلسل اس کی گاڑی پر جمی تھیں۔ جلد ہی اسے اندازہ ہو گیا کہ رومی کے پیچھے آنے والے وہی دونوں لڑکے اس کا تعاقب کر رہے تھے، اور شاید اسی لیے وہ بار بار راستے بدل رہی تھی۔
اس نے گاڑی کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے ان کا پیچھا جاری رکھا۔
کچھ دیر بعد شہر کی آبادی پیچھے رہ گئی اور سڑک سنسان ہونے لگی۔
عرشیان نے الجھن سے سامنے جاتی گاڑی کو دیکھا۔
یہ پاگل لڑکی سنسان راستے کی طرف کیوں جا رہی ہے؟
ابھی وہ اسی سوچ میں تھا کہ اچانک رومی کی گاڑی کی رفتار دھیمی ہوئی۔ اس نے گاڑی روکی، شیشہ نیچے کیا اور اپنا ہاتھ باہر نکالا۔
عرشیان کی نگاہ اس کے ہاتھ میں موجود پستول پر پڑی تو وہ بےاختیار چونک اٹھا۔
’’یہ کیا کرنے والی ہے؟‘‘ اس کے لبوں سے بےساختہ نکلا۔
اگلے ہی لمحے فائر کی آواز سنائی دی۔
عرشیان نے فوراً اپنی گاڑی کی رفتار دھیمی کی اور کچھ فاصلے پر روک دی۔ اس کی نظریں سڑک پر موجود بائیک اور اس پر سوار دونوں افراد پر جمی تھیں، جن کا توازن بگڑ چکا تھا، جبکہ رومی موقع ملتے ہی وہاں سے نکل گئی۔
وہ چند لمحے خاموشی سے گزرتی گاڑی کو دیکھتا رہا، پھر اس کے لبوں پر حیرت بھری ہلکی سی مسکراہٹ ابھری۔
’’ہمم!‘‘ اس نے زیرِ لب کہا۔
اس لڑکی نے تو اسے حیران ہی کر دیا تھا۔
وہ اب تک یہی سمجھ رہا تھا کہ شاید رومی ان دونوں سے خوف زدہ ہو کر بھاگ رہی ہے، مگر اس نے جس طرح موقع ملتے ہی اپنا دفاع کیا تھا، وہ اس کی توقع کے بالکل برعکس تھا۔
عرشیان نے گاڑی کے اسٹیئرنگ پر انگلیاں بجاتے ہوئے ایک نظر ان دونوں لڑکوں پر ڈالی، پھر اس کی نگاہ اس راستے پر جا ٹھہری جہاں سے رومی کی گاڑی اوجھل ہوئی تھی۔۔۔۔
عرشیان نے دور سے اسے گن نکالتے دیکھا تو حیرت سے اس کی طرف دیکھنے لگا۔ یہ وہی لڑکی تھی جسے اس نے اسپتال میں خوف زدہ اور گھبراتے ہوئے دیکھا تھا، مگر آج اس کا انداز اس کی پچھلی کیفیت سے بالکل مختلف تھا۔ وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ اتنی پُراعتماد ہو سکتی ہے۔ البتہ دوری کے باعث وہ اس کے چہرے کے تاثرات نہیں دیکھ سکا تھا، بس اس کا سر اور گن نکالنے کی حرکت ہی نظر آئی تھی۔۔۔
جس مہارت سے اس نے گن نکالی تھی، وہ کسی عام لڑکی کے بس کی بات نہیں لگتی تھی۔۔۔
ـــــــــــــــــــــــــــ
اینا ایک ہاتھ میں کافی کا کپ تھامے لفٹ سے باہر نکلی تو دوسرے ہاتھ میں پکڑے موبائل کی اسکرین پر نظریں جمائے ہوئی تھی۔۔
وہ اپنے دوست کی مدد کرنے کے لیے آئی تھی، جس نے اسے پہلے ہی فون پر ڈیپارٹمنٹ کا ایڈریس سمجھا دیا تھا۔ مگر غلط راستے پر جانے کی وجہ سے وہ دوسری طرف نکل گئی تھی۔ اب وہ موبائل پر ایڈریس دیکھتے ہوئے صحیح راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ ؟؟؟
کافی کا ایک گھونٹ بھرتے ہوئے وہ راہداری سے گزر رہی تھی کہ اچانک پیچھے سے تیزی سے آتی ہوئی ایک لڑکی اس سے ٹکرا گئی۔
’’اوہ!‘‘
اینا لڑکھڑائی تو خود کو سنبھالنے کے لیے اس نے فوراً ہاتھ ایک طرف کر دیا، لیکن اس کی اس حرکت کا نتیجہ کچھ اور ہی نکلا۔ ہاتھ میں پکڑا کافی کا کپ جھٹکے سے ہلا اور اس میں موجود ساری کافی پیچھے کی جانب چھلک گئی۔
بدقسمتی سے عین اسی وقت وہاں سے گزرنے والے ارحم کی سفید شرٹ اس کی زد میں آ گئی۔
اگلے ہی لمحے ارحم کے قدم رک گئے۔
اس کی شرٹ پر کافی کے بھورے دھبے پھیل چکے تھے، جبکہ اینا ابھی تک اس اچانک پیش آنے والے حادثے کو سمجھنے کی کوشش کر رہی تھی۔
وہ فوراً پلٹی تو سامنے کا منظر دیکھ کر اس کی آنکھیں پھیل گئیں۔
’’اوہ مائی گاڈ!‘‘
ارحم کا سیکریٹری بھی تیزی سے آگے بڑھا۔ اس کی نظر پہلے ارحم کی شرٹ پر پڑی اور پھر بے اختیار سامنے کھڑی لڑکی پر جا ٹھہری، جس کے ہاتھ میں اب تقریباً خالی کپ رہ گیا تھا۔
وہ خود بھی حیران تھا کہ آخر چند لمحوں میں یہ سب کیسے ہو گیا۔
دوسری جانب ارحم کی نظریں اپنی شرٹ سے اٹھ کر اینا کے چہرے پر جم چکی تھیں۔ اس کے چہرے پر پھیلتی ناگواری صاف بتا رہی تھی کہ اس وقت اس کا موڈ کس قدر خراب ہو چکا ہے۔
اینا نے اس کی شکل دیکھی تو فوراً وضاحت پیش کی۔
’’دیکھیں، میری غلطی نہیں ہے! سوری، وہ لڑکی پیچھے سے اتنی تیزی سے آئی تھی کہ مجھے سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔‘‘
وہ ایک ہی سانس میں اپنی صفائی پیش کر گئی، ۔مگر سامنے کھڑے شخص کے تیور دیکھ کر اسے یہ بھی لگ رہا تھا کہ اگر اس نے ذرا سی بھی غلط بات کہہ دی تو وہ اسے وہیں کھری کھری سنا دے گا۔
ارحم نے اسے گھور کر دیکھا۔
’’آپ کو لگتا ہے کہ یہ سب بتانے سے میری شرٹ صاف ہو جائے گی؟‘‘
اس کے لہجے میں چھلکتی خفگی پر اینا نے ایک لمحے کے لیے اپنی زبان دانتوں تلے دبائی۔۔۔
’’تو اس میں میری کیا غلطی ہے؟ میں نے جان بوجھ کر آپ پر کافی تو نہیں گرائی، غلطی سے گری ہے!‘‘
وہ اس کے گھورنے پر الٹا خفا ہوتے ہوئے بولی، جیسے ساری غلطی اسی کی ہو جو وہ اسے یوں دیکھ رہا تھا۔
ارحم ابھی اسے جواب دینے ہی والا تھا کہ اسی لمحے اس کے موبائل کی گھنٹی بج اٹھی۔ اس نے اسکرین پر نظر ڈالی تو دوسری طرف اس کا دوست تھی جو اسے جلدی پہنچنے کے لیے کہہ رہا تھی۔
’’اچھا، سوری! مجھے جانا ہے۔‘‘
وہ جلدی سے معذرت کرتی ہوئی پلٹی اور تیز قدموں سے وہاں سے نکل گئی۔
’’ایک منٹ، تم۔۔۔!‘‘ ارحم نے اسے کچھ کہنے کے لیے پکارنا چاہا، مگر وہ اس کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی نظروں سے اوجھل ہو چکی تھی۔
ارحم کے لبوں پر آنے والے الفاظ وہیں رک گئے۔ وہ چند لمحے اس راستے کو دیکھتا رہا جہاں سے وہ ابھی ابھی گئی تھی۔ اس کے چہرے پر ناگواری نمایاں تھی۔ پہلے اس پر کافی گرا دی، پھر الٹا جواب دیا اور اب اس کی بات سنے بغیر ہی بھاگ گئی!
اس نے جھنجھلا کر اپنا کوٹ درست کیا اور وہاں سے آگے بڑھ گیا، مگر لڑکی کا یوں اچانک چلے جانا اسے خاصا ناگوار گزرا تھا۔۔۔۔
سیکریٹری فوراً اس کے پیچھے چل پڑا۔
اسے کیا معلوم تھا کہ چند لمحوں پہلے کافی گرانے کے بعد بھاگنے والی وہی لڑکی جلد ہی دوبارہ اس کے سامنے آنے والی تھی، اور اس بار شاید معاملہ صرف ایک شرٹ تک محدود نہ رہتا۔۔۔۔
ارحم اپنی شرٹ پر لگے کافی کے دھبوں کو دیکھتے ہوئے آفس کی جانب بڑھا تو اس کے چہرے پر ناگواری واضح تھی۔ اس کا سیکریٹری خاموشی سے اس کے پیچھے چل رہا تھا، کیونکہ وہ خوب جانتا تھا کہ اس وقت ارحم سے بات کرنا اپنے لیے مصیبت کھڑی کرنے کے مترادف تھا۔
آفس میں داخل ہوتے ہی ارحم نے اپنی میز پر پڑی فائلیں ایک طرف رکھیں اور انٹرکام اٹھا کر نئی شرٹ بھجوانے کی ہدایت دی۔ ابھی وہ دوبارہ اپنے کام کی طرف متوجہ ہی ہوا تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی۔
’’کم اِن!‘‘
اس کے سیکریٹری نے اندر آ کر بتایا کہ کمپنی کے کمپیوٹر سسٹم میں پیدا ہونے والا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا تھا۔ متعلقہ ٹیم کوشش کر رہی تھی، مگر خرابی کی اصل وجہ سامنے نہیں آ رہی تھی۔ اسی لیے اس نے اپنے ایک جاننے والے سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس نے ایک ماہر لڑکی کو بلایا تھا۔
ارحم نے سر اٹھا کر اسے دیکھا۔
’’تو اب تمہاری ٹیم اتنی نااہل ہو گئی ہے کہ ایک کمپیوٹر کا مسئلہ بھی حل نہیں کر سکتی؟‘‘
’’سر، ٹیم کوشش کر رہی ہے، لیکن مسئلہ کچھ پیچیدہ ہے۔ وہ لڑکی اس کام میں کافی ماہر ہے۔ امید ہے جلد حل ہو جائے گا۔‘‘
ارحم نے ناگواری سے سانس خارج کی۔
’’ٹھیک ہے، جو کرنا ہے کرو۔ بس مجھے دوبارہ شکایت نہیں ملنی چاہیے۔‘‘
’’جی، سر!‘‘
سیکریٹری فوراً باہر نکل گیا۔
دوسری جانب اینا عمارت سے نکلنے کے بجائے اپنی دوست کے بتائے ہوئے آفس کی طرف جا رہی تھی۔ کافی والے واقعے کے بعد وہ پہلے ہی پریشان تھی، مگر اب اسے اپنا کام بھی مکمل کرنا تھا۔ آخر اس کی دوست نے اسی کام کے لیے اسے بلایا تھا، اور وہ اسے ادھورا چھوڑ کر نہیں جا سکتی تھی۔
کچھ ہی دیر بعد وہ مطلوبہ آفس کے سامنے پہنچ گئی۔
’’کہاں پھنس گئی تھی تم؟‘‘ اس کی دوست نے اسے دیکھتے ہی پوچھا۔
’’پوچھو مت! راستے میں ایک نمونہ مل گیا تھا۔ اس کی شرٹ پر کافی گری اور اس نے ایسے گھورا جیسے میں نے اس کی پوری کمپنی جلا دی ہو۔‘‘ اینا نے منہ بناتے ہوئے جواب دیا۔
اس کی دوست ہنس پڑی۔
’’اچھا، اب یہ سب چھوڑو اور اندر آؤ۔ پہلے یہ مسئلہ حل کر دو، پھر آرام سے ساری کہانی سننا۔‘‘
اینا نے اثبات میں سر ہلایا اور لیپ ٹاپ سنبھالتے ہوئے اس کے پیچھے چل دی۔
چند منٹ بعد وہ دونوں ارحم کے سیکریٹری کے کمرے میں داخل ہوئیں۔
’’سر، یہ اینا ہے۔ میری دوست۔ میں نے آپ کو بتایا تھا نا کہ کمپیوٹر کے معاملے میں بہت اچھی ہے؟ اسے سسٹم کی خرابی کے بارے میں بتا دیا ہے۔ یہ اسے چیک کر لے گی۔‘‘
سیکریٹری نے مسکراتے ہوئے تعارف کروایا، مگر اینا کی نظر جیسے ہی کمرے میں موجود شخص پر پڑی، اس کے قدم وہیں رک گئے۔
سامنے بیٹھا شخص بھی اسے دیکھ کر اپنی جگہ ساکت رہ گیا۔
دونوں کی آنکھوں میں ایک ہی وقت میں حیرت ابھری۔
’’تم؟!‘‘ دونوں کے منہ سے بیک وقت نکلا۔
اگلے ہی لمحے ارحم کے چہرے پر ناگواری چھا گئی، جبکہ اینا نے بے یقینی سے کمرے کے اندر نظر دوڑائی۔
یہ یہاں کیا کر رہا ہے ۔۔اینا نے اپنے دوست کی طرف دیکھ کر پوچھا یہ کون ہے جس پر اس نے بتایا یہ میرے بوس ہیں۔۔
اوہ! تو یہ جناب اس کمپنی کے مالک ہیں!
ارحم اپنی کرسی سے اٹھا اور سرد نگاہوں سے اسے دیکھنے لگا۔
’’تو یہ ہیں وہ کمپیوٹر کی ماہر؟‘‘ اس نے اپنے ایمپلائی سے پوچھا، مگر نگاہیں اینا پر ہی جمی رہیں۔
’’جی، سر! اینا اس کام کو بہت اچھی طرح جانتی ہے۔ میں نے اسی لیے اسے بلایا ہے۔‘‘
ارحم نے ایک طنزیہ نظر اینا پر ڈالی۔
’’تمہیں یقین ہے کہ یہ اس کام کے قابل ہے؟‘‘
اینا کی آنکھیں فوراً سکڑ گئیں۔
’’کیا مطلب ہے تمہارا؟‘‘
’’میرا مطلب بالکل واضح ہے۔‘‘ ارحم نے بے نیازی سے جواب دیا۔ ’’جس لڑکی کو اپنے ہاتھ میں پکڑا کافی کا کپ سنبھالنا نہیں آتا، وہ ہماری کمپنی کا سسٹم کیا سنبھالے گی؟‘‘
اینا کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔
’’ایک منٹ! وہ بھی میری غلطی سے نہیں!‘‘
’’لیکن کپ تمہارے ہاتھ میں تھا۔‘‘
’’اور تمہارے پاس آنکھیں تھیں!‘‘
سیکریٹری نے فوراً درمیان میں بولنے کی کوشش کی۔
’’سر، وہ دراصل ایک حادثہ تھا۔ اینا واقعی کمپیوٹر کے کام میں بہت اچھی ہے۔ آپ ایک بار اسے موقع تو دیں۔‘‘
ارحم نے اپنے سیکریٹری کی طرف دیکھا، پھر دوبارہ اینا پر نگاہ جما دی۔
’’’مجھے تو نہیں لگتا کہ یہ کام بھی کر پائے گی، اس قابل بھی ہے یا نہیں۔‘‘ ارحم نے اسے گھورتے ہوئے طنزیہ لہجے میں کہا۔
’’اور ہیلو، مسٹر!‘‘ اینا نے اپنی انگلی ارحم کی جانب اٹھاتے ہوئے اسے گھورا۔ ’’مجھے جانے بغیر تم کیسے کہہ سکتے ہو کہ میں اس کام کے قابل ہوں یا نہیں؟‘‘
ارحم نے اس کی حرکت پر غصے سے اسے دیکھا۔ اس کے سامنے چھوٹے سے قد کی ایک لڑکی کھڑی تھی، جس کے بال،کندھے تک تھے سفید شرٹ پر پہنی کالی جیکٹ اور نیلی جینز اس کی شخصیت کو ایک منفرد انداز دے رہے تھے۔ وہ غصے سے اسے گھور رہی تھی، جیسے ارحم کی بات نے اس کی انا کو بری طرح مجروح کر دیا ہو۔
ارحم کی نگاہ ایک لمحے کے لیے اس کی اٹھائی ہوئی انگلی پر ٹھہری، پھر اس کے چہرے پر جا رکی۔
’’اپنی انگلی نیچے کرو اور بات کرنے کی تمیز سیکھو!‘‘ اس نے سخت لہجے میں کہا۔
’’اور تم دوسروں کو پرکھنے سے پہلے ان کے بارے میں جاننا سیکھو!‘‘ اینا نے فوراً جواب دیا۔ ’’صرف اس لیے کہ تم کسی کمپنی کے باس ہو، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر شخص تمہارے سامنے اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لیے کھڑا رہے گا۔‘‘
ارحم کے جبڑے بھنچ گئے۔
’’’’مجھے تمہارا کام کرنا ہی نہیں ہے!‘‘ اینا نے ناگواری سے اسے گھورتے ہوئے کہا۔ ’’تم جیسے بدتمیز شخص کے لیے تو بالکل بھی نہیں!‘‘
ارحم کی آنکھوں میں غصہ اتر آیا۔
’’کیا کہا تم نے؟‘‘
’’وہی جو تم نے سنا!‘‘ اینا نے بے نیازی سے کندھے اچکائے۔ ’’اپنا کام کسی اور سے کروا لینا، مجھے کوئی شوق نہیں تم جیسے بدتمیز لوگوں کی مدد کرنے کا!‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ اپنی دوست کی طرف مڑی، جیسے اب مزید ایک لمحہ بھی وہاں ضائع نہیں کرنا چاہتی تھی۔
اس کی دوست نے حیرت سے اسے دیکھا۔
’’اینا! تم کیا کہہ رہی ہو؟‘‘
’’بالکل ٹھیک کہہ رہی ہوں!‘‘ اینا نے اپنے بازو سینے پر باندھ لیے۔ ’’میں یہاں کام کرنے نہیں آئی تھی، تمہاری مدد کرنے آئی تھی۔ لیکن اگر یہاں کا باس ہی ایسا ہے تو مجھے نہیں کرنا کوئی کام!‘‘
ارحم نے اسے ایسی نگاہ سے دیکھا جیسے اسے یقین نہ آ رہا ہو کہ کوئی اس کے سامنے کھڑے ہو کر اس انداز میں بات کرنے کی جرأت بھی کر سکتا ہے۔
’’تم جانتی ہو کس سے بات کر رہی ہو؟‘‘
’’ابھی تو معلوم ہوا ہے کہ کمپنی کے باس ہو۔ لیکن افسوس، باس ہونے کے قابل ہی نہیں جسے بات کرنے کی تمیز نہیں۔۔
’’تمہاری ہمت کیسے ہوئی مجھے تمیز کہنے کی؟‘‘ ارحم کی آواز بلند ہوئی۔
اینا نے بے فکری سے کندھے اچکائے۔۔۔
وہ اپنی دوست کی طرف مڑی۔’’چلو، میں یہ کام نہیں کر رہی۔ کسی اور سے کروا لینا۔‘‘
’’اینا، پلیز!‘‘ اس کی دوست نے فوراً اس کا بازو تھام لیا، جو وہاں سے جانے کے لیے پلٹ چکی تھی۔ ’’تم ایسا نہیں کر سکتی، ہمارا کام پہلے ہی بہت رکا ہوا ہے۔ اگر آج یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو سارا پروجیکٹ رک جائے گا۔ پلیز، میری خاطر یہ کام کر دو۔‘‘
اینا نے بے زاری سے اس کی طرف دیکھا۔
’’تمہیں پہلے بتانا چاہیے تھا کہ تمہارا باس اتنا بدتمیز ہے۔ میں تو سمجھ رہی تھی کہ کسی عام سے آفس میں آنا ہے، یہاں تو لگتا ہے ملازموں سے زیادہ ان کے باس کے نخرے اٹھانے پڑتے ہیں!‘‘
’’اینا، پلیز!‘‘ اس کی دوست نے التجائی نظروں سے اسے دیکھا، پھر آہستہ سے بولی، ’’تم جانتی ہو نا کہ میں اس کام کے لیے کتنی پریشان ہوں؟ تمہارے علاوہ مجھے کسی پر اتنا بھروسا نہیں۔‘‘
اینا نے ایک گہری سانس لی اور پھر آہستہ سے ارحم کی طرف دیکھا۔
وہ اب اپنی میز کے پاس کھڑا تھا، جیسے اس ساری گفتگو سے اسے کوئی دلچسپی ہی نہ ہو۔ کم از کم اس کے چہرے سے تو یہی ظاہر ہو رہا تھا۔
اینا کو امید تھی کہ شاید اب وہ اپنی بدتمیزی کا احساس کرتے ہوئے معذرت کر لے، لیکن ارحم نے اس کی طرف دیکھنا تک گوارا نہیں کیا۔
بلکہ اپنے سیکریٹری سے مخاطب ہو کر بولا، ’’مجھے یہ مسئلہ آج ہی حل چاہیے۔ باقی تم لوگ جانتے ہو کہ کیا کرنا ہے۔‘‘
اینا کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔
حد ہے! غلطی بھی خود کرے اور اکڑ بھی دکھائے!
اس نے غصے سے اسے دیکھا، پھر اپنی دوست کا ہاتھ چھوڑ کر دروازے کی طرف بڑھ گئی۔
’’اینا، رکو تو سہی!‘‘ اس کی دوست فوراً اس کے پیچھے لپکی۔
ارحم کا سیکریٹری ان دونوں کو جاتا دیکھ کر کچھ الجھن میں پڑ گیا۔ اس نے ایک نظر اپنے باس کو دیکھا، جو اب بھی بے نیازی سے اپنی میز کی طرف متوجہ تھا۔
’’سر، وہ لڑکی ہی اس کام کو اچھی طرح جانتی ہے۔ اگر وہ چلی گئی تو شاید آج یہ مسئلہ حل نہ ہو سکے۔‘‘
ارحم نے فائل اٹھاتے ہوئے جواب دیا، ’’تو اسے زبردستی تو نہیں روک سکتے۔‘‘
اس کے لہجے میں ایسی بے نیازی تھی جیسے اسے واقعی کوئی فرق نہ پڑتا ہو۔
سیکریٹری خاموش ہو گیا۔
دوسری جانب اینا کی دوست اس تک پہنچ کر ایک بار پھر اس کا راستہ روک کر کھڑی ہو گئی۔
’’اینا، میری بات سنو! تمہیں میری دوستی کا واسطہ، پلیز تمہارے جانے سے میرا کام رک جائے گا۔ تم جانتی ہو کہ میں اکیلی یہ سب نہیں سنبھال سکتی۔‘‘ اس کی دوست نے اسے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے بے بسی سے کہا۔ ’’اگر آج یہ کام مکمل نہیں ہوا تو میری جاب چلی جائے گی۔ تم تو جانتی ہو نا، میں پہلے ہی کتنی مشکل سے یہاں تک پہنچی ہوں۔ پلیز، میری مدد کر دو، میں تمہارے آگے ہاتھ جوڑتی ہوں!‘‘
اینا کے قدم رک گئے۔
اس نے اپنی دوست کے چہرے کی طرف دیکھا، جہاں پریشانی صاف دکھائی دے رہی تھی۔ اس کا غصہ اپنی جگہ، لیکن وہ اپنی دوست کو مشکل میں بھی نہیں ڈال سکتی تھی۔
’’تم بھی نا!‘‘ اس نے بے بسی سے سر جھٹکا۔ ’’ہر بار مجھے ایسے ہی پھنسا دیتی ہو۔‘‘
اس کی دوست کے چہرے پر فوراً امید کی جھلک ابھری۔
’’تو تم کام کر دو گی؟‘‘
’’ہاں، لیکن صرف تمہاری خاطر!‘‘ اینا نے انگلی اٹھا کر اسے خبردار کیا۔ ’’اور یہ مت سمجھنا کہ میں نے تمہارے اس بدتمیز باس کو معاف کر دیا ہے۔ اس نے ابھی تک سوری تک نہیں کہا!‘‘
’’اچھا بابا، نہیں سمجھوں گی۔ اب چلو بھی!‘‘ اس کی دوست نے خوش ہوتے ہوئے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔۔۔۔۔
اینا اپنی دوست کے ساتھ اس جگہ آ پہنچی جہاں کمپیوٹر سسٹم موجود تھا۔ اس نے کرسی کھینچ کر اس کے سامنے بیٹھتے ہوئے لیپ ٹاپ ایک طرف رکھا اور کمپیوٹر آن کرنے لگی۔
’’اچھا، اب بتاؤ کیا مسئلہ ہے؟‘‘ اس نے اسکرین پر نظریں جماتے ہوئے پوچھا۔
اس کی دوست نے فوراً اسے سسٹم میں آنے والی خرابی کے بارے میں بتایا، جس پر اینا نے سر ہلاتے ہوئے کام شروع کر دیا۔ اگلے ہی لمحے اس کی انگلیاں کی بورڈ پر تیزی سے حرکت کرنے لگیں۔ اس کے چہرے پر اب پہلے والی خفگی کے بجائے مکمل سنجیدگی تھی۔ جیسے ہی وہ اپنے کام میں مصروف ہوئی، آس پاس کی ہر چیز کو بھول گئی۔
دوسری جانب ارحم کا سیکریٹری اس کے آفس میں داخل ہوا۔
’’سر، وہ لڑکی کام کرنے کے لیے راضی ہو گئی ہے۔ اس وقت سسٹم پر کام کر رہی ہے۔‘‘
ارحم نے ایک نظر اس کی طرف دیکھا، پھر اپنی میز پر پڑی فائل بند کرتے ہوئے اٹھ کھڑا ہوا۔
’’چلو، دیکھتے ہیں کیا کرتی ہے۔‘‘
یہ کہتے ہوئے وہ اپنے آفس سے نکل کر ساتھ والے کمرے میں آ گیا، جہاں سے شیشے کی دیوار کے پار کمپیوٹر والے حصے کا منظر صاف دکھائی دیتا تھا۔
ارحم کی نگاہ بے اختیار سامنے جا ٹھہری۔
اینا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھی تھی۔ کے شارٹ کٹ بال بار بار آگے آ کر اس کے گالوں کو چھو رہے تھے۔ گردن ذرا سی جھکی ہوئی تھی، جبکہ نظریں مسلسل اسکرین پر جمی تھیں۔ اس کی انگلیاں کی بورڈ پر برق رفتاری سے چل رہی تھیں اور وہ پوری توجہ سے کام میں مصروف تھی۔
ارحم کچھ فاصلے پر کھڑا خاموشی سے اسے دیکھنے لگا۔
چند لمحے پہلے یہی لڑکی اس کے سامنے کھڑی بحث کر رہی تھی، اس کی باتوں کا جواب دے رہی تھی اور کام کرنے سے صاف انکار کر چکی تھی۔ مگر اب اس کے انداز میں ایسی یکسوئی تھی جیسے اس کے لیے اس وقت صرف کمپیوٹر اور اس میں موجود مسئلہ ہی اہم ہو۔
ارحم نے بازو سینے پر باندھ لیے۔
دیکھتے ہیں، محترمہ کتنی ماہر ہیں۔
اس کے چہرے پر ہلکی سی طنزیہ مسکراہٹ ابھری، مگر نظریں اب بھی اینا پر جمی تھیں۔ وہ دیکھنا چاہتا تھا کہ جس لڑکی کو اس نے چند لمحے پہلے نااہل سمجھا تھا، وہ واقعی اس مسئلے کو حل کر بھی پائے گی یا نہیں۔۔۔
محض پندرہ منٹ کے اندر اینا نے نہ صرف پورا سسٹم ٹھیک کر دیا تھا بلکہ خرابی کی اصل وجہ بھی معلوم کر لی تھی۔ اس نے آخری بار اسکرین پر نظر دوڑائی، چند ضروری چیزیں چیک کیں اور پھر اطمینان سے کرسی کی پشت سے ٹیک لگا لی۔
’’ہو گیا!‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے کہا۔
اس کی دوست نے بے یقینی سے اسکرین کی طرف دیکھا، جہاں سسٹم اب بالکل درست کام کر رہا تھا۔
’’واہ، اینا! تم نے تو واقعی کمال کر دیا!‘‘
وہاں موجود دوسرے ملازمین بھی اس کی کارکردگی پر حیران رہ گئے۔
’’اوہ، واہ! اتنی جلدی؟‘‘ ایک نے بے ساختہ کہا۔
’’ہم تو پچھلے کافی وقت سے اس مسئلے میں پھنسے ہوئے تھے، اور تم نے صرف پندرہ منٹ میں اسے حل کر دیا!‘‘ دوسرے نے حیرت سے کہا۔
اینا ہنس دی۔’ارے، اتنا بھی کوئی بڑا مسئلہ نہیں تھا ۔۔یہ تو میرے لیے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا!‘‘۔۔
اس کی دوست تو خوشی سے پھولی نہیں سما رہی تھی۔ اس نے آگے بڑھ کر اینا کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔
’’تمہیں اندازہ بھی ہے، تم نے آج میری کتنی بڑی پریشانی دور کر دی ہے؟ اگر یہ کام آج مکمل نہ ہوتا تو میری نوکری خطرے میں پڑ سکتی تھی۔ تھینک یو سو مچ!‘
اس کی بات پر وہاں موجود سبھی ہنس پڑے۔
دوسری جانب شیشے کی دیوار کے پیچھے کھڑا ارحم خاموشی سے یہ سارا منظر دیکھ رہا تھا۔ اس کی نگاہ بار بار اینا کی طرف اٹھ رہی تھی، جو چند لمحے پہلے اسی کے سامنے غصے سے کھڑی بحث کر رہی تھی اور اب انہی لوگوں کے ساتھ ہنستی مسکراتی باتیں کر رہی تھی۔
اس کے چہرے پر ایک عجیب سا تاثر ابھرا۔
پندرہ منٹ؟
اس نے ایک بار پھر سامنے کمپیوٹر کی جانب دیکھا، پھر اینا کو، جو اپنی دوست کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھی۔
ارحم کے لیے یہ ماننا آسان نہیں تھا کہ جس لڑکی کو اس نے محض ایک لاپروا اور بدتمیز لڑکی سمجھا تھا، اس نے واقعی اتنے کم وقت میں وہ کام کر دکھایا تھا جس میں اس کی ٹیم کافی دیر سے الجھی ہوئی تھی۔
وہ چند لمحے مزید اسے دیکھتا رہا، پھر اپنی نظریں ہٹاتے ہوئے پلٹ گیا۔
اس کے قدم آفس کی جانب بڑھنے لگے۔
ادھر اینا اپنی دوست کی بات پر ہنس رہی تھی کہ اچانک اسے یوں محسوس ہوا جیسے کوئی اسے دیکھ رہا ہو۔
اس کی ہنسی ذرا سی تھمی۔
اس نے بے اختیار سر اٹھا کر شیشے کی دیوار کی جانب دیکھا، مگر وہاں اب کوئی موجود نہیں تھا۔ اس کی نظر راہداری کی طرف گئی تو اسے ایک شخص آفس کی جانب جاتے دکھائی دیا۔
وہ ارحم تھا۔
اینا کی بھنویں سکڑ گئیں۔۔
البتہ اینا نے دل ہی دل میں فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ اس شخص کو اس کی بدتمیزی کا مزہ ضرور چکھائے گی۔
آخر وہ اینا تھی، اور اسے کسی کی اکڑ برداشت کرنے کی عادت نہیں تھی!
وہ اپنی دوست سے اجازت لے کر ارحم کے آفس کی طرف بڑھتی ہے۔ دروازے پر دستک دینے کے بجائے وہ دروازہ کھول کر اندر داخل ہوتی ہے۔۔۔
ارحم اپنی کرسی پر بیٹھا لیپ ٹاپ پر کام کر رہا ہوتا ہے۔ اسے دیکھ کر ایک لمحے کے لیے رک جاتا ہے۔
اس نے نہایت سنجیدہ انداز میں اس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔۔۔اب کیا چاہیے۔۔
اینا مسکراتے ہوئے اس کی میز کے سامنے آ کر کھڑی ہو جاتی ہے۔
’’کچھ نہیں، مسٹر! بس ایک چھوٹی سی بات یاد دلانے آئی ہوں۔‘‘
’’کیا بات؟‘‘
’’یہی کہ جس لڑکی کو آپ کام کے قابل نہیں سمجھ رہے تھے، اس نے آپ کی کمپنی کا پورا سسٹم صرف پندرہ منٹ میں ٹھیک کر دیا ہے۔‘‘
ارحم اسے دیکھتا ہے، پھر دوبارہ اپنے لیپ ٹاپ کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔
’’تو؟‘‘
اینا کی مسکراہٹ ذرا سی مدھم پڑتی ہے۔
’’تو؟ مطلب؟‘‘
’’تم نے اپنا کام کیا، اس کے پیسے مل جائیں گے۔ اب اس میں اتنا جشن منانے والی کیا بات ہے؟‘‘
اینا نے بے یقینی سے اسے دیکھا۔
’’واہ! کیا بات ہے آپ کی! غلطی ہو تو بھی آپ کی اکڑ، اور کام ہو جائے تو بھی آپ کی اکڑ!‘‘
کیا تم کھانے میں اکڑی ہوئی چیزیں کھاتے ہو۔۔۔
ارحم نے لیپ ٹاپ بند کرتے ہوئے اسے دیکھا۔
’’تمہیں آخر مجھ سے چاہیے کیا؟‘‘
اینا نے فوراً جواب دیا۔
’’ایک معافی!‘‘
’’کس بات کی؟‘‘
’’اس بات کی کہ آپ نے مجھے جانے بغیر میری قابلیت پر سوال اٹھایا تھا۔‘‘
ارحم چند لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر بولا، ’’اور اگر میں معافی نہ مانگوں تو؟‘‘
اینا نے مسکراتے ہوئے کندھے اچکائے۔
’’تو پھر میں سمجھ جاؤں گی کہ آپ میں اپنی غلطی تسلیم کرنے کی ہمت نہیں ہے۔‘‘
ارحم کی آنکھوں میں ناگواری ابھری۔
’’تم ہر کسی سے اسی طرح بات کرتی ہو؟‘‘
’’نہیں، صرف ان لوگوں سے جو خود کو دوسروں سے بہتر سمجھتے ہیں۔‘‘
’’تمہیں اپنی زبان بہت چلانی آتی ہے۔‘‘
’’اور آپ کو بس غصہ کرنا آتا ہے۔۔
اینا کی بات پر ارحم چند لمحے خاموش رہا۔ وہ شاید پہلی مرتبہ کسی ایسی لڑکی سے واسطہ پڑنے پر حیران تھا جو اس کے غصے سے دبنے کے بجائے ہر بات کا جواب دینے کے لیے تیار کھڑی تھی۔
پھر اس نے ہاتھ سے دروازے کی طرف اشارہ کیا۔
’’اب تم جا سکتی ہو۔‘‘
اینا نے فوراً سر ہلایا۔
’’ضرور! لیکن جانے سے پہلے ایک بات اور۔‘‘
ارحم نے ناگواری سے اسے دیکھا۔
اینا دروازے کی طرف بڑھتے ہوئے پلٹی اور مسکرا کر بولی:
’’اگلی بار کسی کی قابلیت پر سوال اٹھانے سے پہلے اس کا کام دیکھ لیجیے گا۔ ہر کسی کو آپ کی طرح صرف حکم چلانا نہیں آتا، کچھ لوگ واقعی کام بھی کرتے ہیں!‘‘
یہ کہہ کر وہ دروازہ کھول کر باہر نکل گئی۔
ارحم اسے جاتا دیکھتا رہا۔
چند لمحوں بعد اس نے بے اختیار سر جھٹکا۔
’’عجیب لڑکی ہے!‘‘ وہ بڑبڑایا۔
پھر اسے اچانک صبح والا واقعہ یاد آیا، جب اسی لڑکی نے اس کی شرٹ پر کافی گرا دی تھی۔
اس کے چہرے پر ناگواری پھیل گئی۔
’’اور میری شرٹ کا نقصان کون بھرے گا؟‘‘
لیکن اس سوال کا جواب دینے کے لیے اب آفس میں کوئی موجود نہیں تھا۔۔۔
ــــــــــــــــــــــــــ
