Girdaab Episode 23 written by siddiqui


گرداب ( از قلم صدیقی )

قسط نمبر ۲۳

اچانک موبائل فون کی گھنٹی بجی۔۔
اس نے ڈریسنگ ٹیبل پر رکھے موبائل کی جانب دیکھا۔ اسکرین پر فہیم چچا کا نام جگمگا رہا تھا۔
امن نے ایک لمحے کے لیے اسکرین کو دیکھا، پھر اُس نے بنا کسی تاثیر کے کال ریسیو کر لی۔
السلام علیکم چچا! سب خیریت ہے؟ ارحا ٹھیک ہے؟
دوسری جانب سے فہیم چچا کی مانوس آواز سنائی دی۔
وعلیکم السلام بیٹا! ہاں ہاں، بالکل خیریت ہے۔ وہ بھی بالکل ٹھیک ہے۔
امن نے اپنی گھڑی کی پٹی درست کرتے ہوئے فوراً اگلا سوال کیا۔
طبیعت ٹھیک ہے اُس کی؟
ہاں بیٹا، سب ٹھیک ہے۔
اچھا، تو اب کوشش کریں کہ اسے سبزی زیادہ کھلایا کریں۔
امن کی آواز میں ایک سنجیدہ سی ہدایت تھی، جیسے وہ دور رہ کر بھی اُس کی ہر چھوٹی بڑی ضرورت کا خیال رکھنا چاہتا ہو۔
فہیم چچا ہلکا سا ہنس دیے۔
اُسے سبزی نہیں پسند ، بلکل بھی سبزی کھانے نہیں مانتی ہے۔۔۔
امن کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ ابھری۔
تو آپ ایسی چیزیں بنوایا کریں جن میں سبزی اور گوشت دونوں شامل ہوں۔ کم از کم کچھ سبزی تو اُس کے پیٹ میں جائے گی۔
اچھا بیٹا، ٹھیک ہے۔ اب ایسا ہی کریں گے۔
چند لمحوں کی خاموشی کے بعد امن نے اپنی کلائی پر بندھی گھڑی پر نگاہ ڈالی اور قدرے حیرت سے پوچھا۔
اچھا، آپ نے مجھے فون کس لیے کیا تھا؟ کوئی خاص بات تھی؟
دوسری جانب فہیم چچا جیسے اسی سوال کے منتظر تھے۔
وہ بیٹا، ہم نے دراصل نہات بابا کے لیے فون کیا تھا۔
امن کے ہاتھ یکدم رک گئے۔ اس نے آئینے سے نظریں ہٹا کر موبائل کی طرف دیکھا۔
کیوں؟ کیا ہوا نہات کو؟ وہ بیمار ہے؟
اس کی آواز میں فوراً تشویش در آئی تھی۔
نہیں بیٹا، بیمار تو نہیں ہے۔ بس آج صبح ابھی تھوڑی دیر پہلے جلدی جلدی بغیر ناشتہ کیے گھر سے نکل گئے ہیں۔ میں نے بہت روکا، مگر کہاں سنتے ہیں! بس ایک ہی رٹ لگائی ہوئی تھی کہ کام ہے، کام ہے۔
فہیم چچا نے ایک گہری سانس لی، پھر اپنی شکایت جاری رکھی۔
اب تم ہی بتاؤ، ایسے بھی کوئی گھر سے نکلتا ہے؟ صبح کا ناشتہ کیے بغیر نکلے ہیں۔ پھر ان کے کاموں سے واپسی تک دوپہر ہو جاتی ہے۔ اور باہر کا کھانا بھی اپنی مرضی سے لے کر نہیں کھاتے۔ بس کام میں ایسے مگن رہتے ہیں کہ انہیں اپنی بھوک پیاس کا بھی ہوش نہیں رہتا۔
امن خاموشی سے ان کی بات سنتا رہا۔
وہ جانتا تھا کہ نہات کی یہ عادت کوئی نئی نہیں تھی۔ کام کے معاملے میں وہ خود کو اس قدر الجھا لیتا تھا کہ اپنے وجود کی بنیادی ضرورتوں تک کو نظرانداز کر دیتا تھا۔
امن نے ایک ہاتھ سے اپنی قمیص کا کالر درست کیا اور قدرے اطمینان سے جواب دیا۔
اچھا، ٹھیک ہے۔ آپ پریشان مت ہوں۔ اُسے میں دیکھ لوں گا۔ ابھی کال کرتا ہوں اسے۔ کروا دونگا میں ناشتہ اُسے، آپ فکر نہ کریں۔۔۔
فہیم چچا کی آواز میں اطمینان اتر آیا۔
اچھا بیٹا، اللہ تمہیں خوش رکھے۔ اپنا خیال رکھنا۔
جی چچا، آپ بھی اپنا خیال رکھیے گا۔ اللہ حافظ۔
اللہ حافظ، بیٹا۔
کال منقطع ہوتے ہی اس نے فوراً کانٹیکٹس میں نہات کا نمبر تلاش کیا۔ انگلی اسکرین پر چند لمحے رکی، پھر اس نے کال کا بٹن دبا دیا۔
اور چند ہی لمحوں بعد دوسری جانب سے کال ریسیو کر لی گئی۔
امن نے بنا کسی تمہید کے پوچھا۔
کہاں ہو؟
نہات نے ڈرائیونگ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے جواب دیا۔
گاڑی میں ہوں۔
امن نے فوراً کہا۔
گاڑی موڑو اور سیدھا میرے گھر آؤ۔
نہات نے قدرے حیرت سے پوچھا۔
کیوں؟ کیا ہوا؟
امن کے لہجے میں سنجیدگی برقرار تھی۔
ابھی آؤ۔
نہات نے ایک ہاتھ سے اسٹیئرنگ سنبھالتے ہوئے قدرے بے بسی سے کہا۔
بھائی، یار! میں این جی او جا رہا ہوں۔ وہاں بہت ضروری کام ہے۔
امن نے اس کی بات سنی، پھر قدرے تحمل سے پوچھا۔
کتنا وقت لگے گا؟
نہات نے بے بسی سے ایک سانس خارج کی۔
کچھ کہہ نہیں سکتا۔ پتا نہیں وہاں کیا مسئلہ ہو گیا ہے۔ مجھے ابھی چیئرمین کی کال آئی ہے۔ وہ کہہ رہے تھے کہ ایک مسئلہ ہوگیا ہے، آپ جیسے ہی فری ہو یہاں آجائے۔۔۔
امن چند لمحے خاموش رہا۔ پھر اس کے لہجے میں خفگی کے ساتھ فکر بھی نمایاں ہونے لگی۔
دیکھو، اگر تم اپنا خیال نہیں رکھو گے تو ان سب کا خیال کیسے رکھ سکو گے؟ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہاں مت جاؤ۔ بالکل جاؤ، اپنا کام کرو، مگر پہلے سکون سے بیٹھو، ناشتہ کرو، اپنا مائنڈ فریش کرو اور پھر جاؤں۔۔
ہر مسئلے کو جلدبازی میں حل نہیں کرتے۔ جلدبازی میں کام ہمیشہ بگڑتے ہی ہیں۔
میں تمہیں سمجھا سمجھا کر تھک جاؤں گا، لیکن تم سمجھو گے نہیں۔ ایسے کام نہیں چلتے۔۔۔
نہات نے اس کی بات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے قدرے لاپروائی سے جواب دیا۔
بھائی، کچھ نہیں ہوتا۔
اس نے آخری بار نہایت سنجیدہ لہجے میں کہا۔
جو انسان اپنا خیال نہیں رکھ سکتا، وہ کسی دوسرے کا خیال کیسے رکھ سکتا ہے؟
یہ کہتے ہی امن نے کال منقطع کر دی۔
امن نے فون میز پر رکھا ہی تھا کہ کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی۔
اس نے دروازے کی جانب دیکھے بغیر قدرے بلند آواز میں کہا..
آ جاؤ، یُسریٰ!
امن نے ایک نظر دروازے کی جانب دیکھا تو اسے فوراً اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ یسریٰ کا روزانہ اسی وقت اس کے کمرے میں آنا معمول تھا۔ وہ اس قدر اس کی عادت میں شامل ہو چکی تھی کہ امن ایک لمحے کے لیے بھول ہی گیا تھا کہ وہ اسے اپنے کمرے میں آنے سے منع کر چکا ہے۔
اس نے اپنی توجہ بوا کی طرف مبذول کی اور قدرے سنجیدہ لہجے میں کہا۔
اچھا بووا! آپ یُسریٰ سے جا کر کہیے گا کہ امن بیٹے نے حکم دیا ہے، نہات آ رہا ہے، اس لیے اُس کے لیے اچھا سا ناشتہ اور کافی تیار کر دے۔
بوا نے سر ہلایا۔
ٹھیک ہے بیٹا۔
یہ کہتے ہوئے وہ خاموشی سے واپس پلٹ گئیں اور کمرے کا دروازہ بند کر دیا۔

+++++++++++

فہیم چچا نے جیسے ہی کال منقطع کی تو ان کی نظر اپنے پیچھے کھڑی ارحا پر پڑی، جو شاید ابھی ابھی نیند سے بیدار ہو کر وہاں آئی تھی۔
فہیم چچا کے چہرے پر شفقت بھری مسکراہٹ پھیل گئی۔
اٹھ گئی بیٹی تم؟
ارحا نے ہلکے سے سر ہلایا، پھر ان کے ہاتھ میں موجود موبائل کی طرف دیکھتے ہوئے سوال کیا۔
آپ کس سے بات کر رہے تھے؟
امن بیٹے سے۔ وہ نہات بابا آج صبح بغیر ناشتہ کیے گھر سے نکل گئے ہیں۔ میں نے بہت روکا، مگر بس ایک ہی بات کہے جا رہے تھے کہ کام ہے، کام ہے، اور جلدی جلدی نکل گئے۔
انہوں نے ذرا توقف کیا، پھر اطمینان سے بات آگے بڑھائی۔
اسی لیے امن بیٹے کو فون کیا تھا۔ اب وہ اسے اپنے گھر بلا لیں گے اور وہاں ناشتہ بھی کروا دیں گے۔
ارحا کے چہرے پر حیرت کے آثار نمودار ہوئے۔ اس نے قدرے الجھن سے فہیم چچا کی طرف دیکھا۔
کیا وہ اسے فون کریں گے اور وہ اپنا کام چھوڑ کر ان کے پاس چلا جائے گا؟ وہ تو بہت جلدی میں نکلا تھا۔ یقیناً کوئی ضروری کام ہوگا۔
فہیم چچا اس کی بات سن کر مسکرائے۔ ان کی مسکراہٹ میں جیسے برسوں کی دیکھی بھالی ایک داستان سمٹی ہوئی تھی۔
ہاں، امن بیٹے نہات بابا کے پیچھے بہت سال خوار ہوئے ہیں، اب انہیں اس کا صلہ تو ملنا ہی تھا۔
ارحا نے ان کی بات سنی تو چند لمحوں کے لیے خاموش ہو گئی۔ پھر بولی
لیکن مجھے لگتا ہے نہات خود کو ان کے پیچھے کُچھ زیادہ ہی برباد کر رہا ہے۔ کل کو اگر انہیں کچھ ہو گیا تو یہ تو بالکل پاگل ہی ہو جائے گا۔
اس بار فہیم چچا کی مسکراہٹ پہلے سے بھی گہری ہو گئی۔ انہوں نے ارحا کی طرف دیکھا،
نہیں، امن بیٹے کی کمزوری نہات بابا ہیں، لیکن نہات بابا کی کمزوری امن بیٹا نہیں ہے۔
وہ ان کے بغیر بھی اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ وہ کمزور نہیں پڑیں گے، نہ ہی اپنی زندگی سے ہار مانیں گے۔
فہیم چچا کی آنکھوں میں ایک عجیب سا اطمینان تھا۔ ان کے لبوں پر مسکراہٹ اب بھی قائم تھی۔
ہاں، بس ان کی زندگی سے محبت چلی جائے گی۔۔۔
ان کے الفاظ فضا میں ٹھہر گئے۔
ارحا کی نگاہیں بے اختیار فہیم چچا کے چہرے پر جم گئیں۔ شاید وہ پہلی بار سمجھ رہی تھی کہ کچھ رشتے انسان کی زندگی کا حصہ نہیں، بلکہ اُس کی زندگی جینے کی سب سے بڑی وجہ ہوتے ہیں۔

+++++++++++

کچھ ہی دیر بعد گھر کے تمام افراد ڈائننگ ٹیبل کے گرد جمع تھے۔  افتخار صاحب ڈائننگ ٹیبل کی مرکزی کرسی پر براجمان تھے۔ ان کے دائیں جانب امن بیٹھا تھا، جبکہ امن کے ساتھ سنان کی نشست تھی۔ بائیں جانب انیسہ بیگم موجود تھیں، ان کے ساتھ امل اور امل کے برابر میں زرقان بیٹھا تھا۔ صبح کے ناشتے کے ساتھ حسبِ معمول ہنسی مذاق اور چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ بھی جاری تھا۔
افتخار صاحب نے امن کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔
سب کام ٹھیک چل رہا ہے؟
امن نے ناشتہ کرتے ہوئے جواب دیا۔
جی دادا۔
افتخار صاحب نے اطمینان سے سر ہلایا، پھر پوچھا۔
کوئی مدد چاہیے؟
امن نے نفی میں سر ہلایا۔
نہیں۔
افتخار صاحب مسکرائے اور فخریہ انداز میں بولے۔
بالکل ہم پر گیا ہے۔۔
انیسہ بیگم نے فوراً ان کی طرف دیکھا اور اکتاہٹ بھرے لہجے میں بولیں۔
پتا ہے، یہ سنتے سنتے ہمارے کان تھک چکے ہیں۔ اب کچھ نیا بھی بول لیا کریں۔
افتخار صاحب نے مصنوعی حیرت سے انہیں دیکھا۔
ارے! ہم خود پرانے ہو چکے ہیں، اب پرانی ہی پرانی باتیں بولیں گے۔ اچھا، ایک اور پرانی بات کرتے ہیں۔ ملکہ! کیا آپ اس خادم کے سر کا تاج بنیں گی؟
ان کے سوال پر ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھے تمام افراد کے لبوں پر دبی دبی مسکراہٹ پھیل گئی۔
اس بار انیسہ بیگم جیسے واقعی شرما گئیں، مگر اپنی روایتی اکڑ برقرار رکھتے ہوئے فوراً بولیں۔
قبر میں پاؤں لٹک رہے ہیں اور دیکھ لو، بے شرمی ہی ختم نہیں ہو رہی۔۔ بچے بیٹھے ہیں سارے اور…
سنان نے ہنسی دباتے ہوئے دادا کو مخاطب کیا۔
ویسے دادا! آپ ہیں تو نائنٹیز کے، لیکن ڈائیلاگ بہت اچھا مارا ہے۔
امن مسکرا دیا اور نوالہ پلیٹ میں رکھتے ہوئے بولا۔
ڈائیلاگ نہیں ہے یہ۔ دادا نے دادی کو یہ بول کر پروپوز کیا تھا۔ میں بھی اپنی ہونے والی بیوی کو یہی بول کر پروپوز کروں گا۔
ابھی اس کی بات مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ پیچھے سے ایک مانوس آواز سنائی دی۔
ایسا نہ ہو وہیں سے ملکہ کی سینڈل اترے اور سیدھی سر پر لگے۔
امن نے آواز کی سمت رخ موڑا تو سامنے نہات کھڑا تھا۔
آ گئے تم؟
نہات نے کرسی کھینچتے ہوئے جواب دیا۔
فون پر جو ایموشنل ڈرامہ کیا تھا، میں مر چکا ہوتا تو میری لاش بھی اٹھ کر یہاں آ جاتی۔
امن مسکرا کر رہ گیا۔۔
نہات اب سنان کے ساتھ والی کُرسی پر بیٹھ گیا۔۔۔
امل فوراً انیسہ بیگم کی طرف متوجہ ہوئی۔
دادی! آپ بتائیے نا؟ آپ نے پھر کیا جواب دیا تھا؟ آپ نے بھی کچھ کہا تھا؟
افتخار صاحب نے فوراً موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جواب دیا۔
یہ تو وہاں سے ایسے بھاگی تھیں جیسے بھوت دیکھ لیا ہو۔
سنان نے ہنستے ہوئے کہا۔
دادا، یار! تھوڑا فیشل وشال کروا کر جانا چاہیے تھا۔
اس کی بات پر سب ایک بار پھر ہنس پڑے۔
افتخار صاحب نے اسے گھورا
امل نے بھی شرارت سے لقمہ دیا۔
ہاں دادی ڈر گئی ہوں گی۔
افتخار صاحب نے فخریہ انداز میں کہا۔
ہم اپنی جوانی میں بہت خوب صورت، ہینڈسم اور جوان تھے۔ امن کی طرح۔۔ دیکھو امن کو، امن کو دیکھ کر کوئی لڑکی بھاگتی ہے؟
امن نے بس مسکرا کر سر جھکا لیا۔
اسی دوران یسریٰ نہات کے لیے ناشتہ اور کافی لے آئی۔ اس نے نہات سلیقے سے دونوں چیزیں اس کے سامنے رکھیں اور خاموشی سے ایک طرف ہو گئی۔
امل نے فوراً امن کی طرف دیکھا۔
ویسے بھائی! آپ کا کیا خیال ہے؟ اگر آپ نے یہی الفاظ بولے اور آپ کی ہونے والی بیوی بھی بھاگ گئی تو؟
امن نے بلا جھجک جواب دیا۔
تو میں اس کے پیچھے چلا جاؤں گا۔
نہات کافی کا کپ اٹھاتے ہوئے بولا
کیا ڈھیٹوں کی طرح پیچھے چلے جاؤ گے؟ اسے شرمانے کا موقع نہیں دو گے؟
امل نے بے اختیار آنکھیں پھیلائیں۔
اوہ۔۔۔ ہم نے تو یہ سوچا ہی نہیں۔ دادی تو شرما کر بھاگی ہوں گی۔۔۔
یہ کہتے ہی وہ فوراً اپنے ساتھ بیٹھی انیسہ بیگم کی طرف مڑی اور معصومیت سے پوچھا۔
دادی! آپ شرم کر بھاگی تھیں؟
ابھی اس کے الفاظ فضا میں ہی تھے کہ انیسہ بیگم کا ایک تھپڑ اس کے بازو پر پڑا۔
شرم نہیں ہے نا تیرے اندر! جا کر پڑھائی کر۔ یہ سب تیرے بات کرنے کی باتیں نہیں ہیں۔۔۔
یہ کہتے ہی انیسہ بیگم اپنی جگہ سے اٹھیں اور وہاں سے چلی گئیں۔
افتخار صاحب انہیں جاتے ہوئے دیکھ کر مسکرائے، پھر سب کی طرف رخ کرتے ہوئے بولے۔
یہ پھر شرما گئیں! پوری جوانی گزر گئی، لیکن ہم جب جب اسے ایسی کوئی بات کہتے ہیں یا وہ پرانا قصہ دوبارہ یاد کرواتے ہیں تو یہ ہمیشہ کی طرح شرما کر وہاں سے بھاگ جاتی ہیں۔
امل نے فوراً سوال کیا۔
اور آپ ان کے پیچھے جاتے؟
نہات نے درمیان میں ہی ہنستے ہوئے جواب دیا۔
ارے! وہ بیوی پاگلوں والا ورژن ابھی نیا نیا امن بھائی کے اندر ہی ڈاؤن لوڈ ہوا ہے۔
افتخار صاحب نے بھی اس کی تائید کی۔
ہاں، یہی پاگل ہے۔۔۔
یہ کہتے ہوئے وہ بھی اپنی کرسی سے اٹھے اور اسٹڈی روم کی طرف چل دیے۔ ان کا ناشتہ مکمل ہو چکا تھا۔
امل نے انہیں جاتے دیکھا، پھر امن کی طرف دیکھ کر بولی۔
ایسے مردوں کے ہی گھر بستے ہیں۔ آپ اپنا سوچیں، آپ کا گھر کیسے بسے گا؟
زرقان نے فوراً لقمہ دیا۔
گھر بسے گا تب نا جب بسانے والی ہوگی۔
سنان نے بھی اس کی ہاں میں ہاں ملائی۔
ہاں، وہ تو کسی اور کے ساتھ اپنا گھر بسا چکی ہے۔
یسریٰ جو ابھی وہیں کھڑی تھی، اس کے ذہن میں سنان کی دو بچوں کی ماں والی بات فوراً کلک کر گئی۔
کون؟ وہ دو بچوں کی ماں؟
نہات نے فوراً اپنے ساتھ کھڑی یسریٰ کو گھورا۔
تمہیں بڑا یاد ہے۔۔۔
امل نے شرارت سے یسریٰ کی طرف دیکھا۔
میموریز اچھی ہیں نا اس کی، اسی لیے۔۔۔
امن نے الجھن سے دونوں کو دیکھا۔
یہ دو بچوں کی ماں والا کیا سین ہے؟
نہات نے فوراً بات ٹالنے کی کوشش کی۔
کچھ نہیں، پاگل ہیں یہ دونوں۔
زرقان نے بے نیازی سے جواب دیا۔
وہ تو ہمیں پتا ہے۔۔
امل نے بے یقینی سے آنکھیں پھیلاتے ہوئے فوراً اپنے دائیں جانب بیٹھے زرقان کی طرف مڑی۔
بھائییی؟!
زرقان نے بغیر کسی تاخیر کے اس کا چہرہ دوسری جانب موڑ دیا، جہاں امن بیٹھا تھا۔
ادھر بیٹھا ہے تمہارا بھائی۔
سنان نے زرقان کو گھورتے ہوئے کہا،
ارے، اسے چھوڑو! اس کی کون سنتا ہے؟ جو خود پاگل ہے۔
زرقان نے فوراً پلٹ کر جواب دیا۔
اپنی شکل دیکھی ہے کبھی؟ پاگلوں کا سردار تو تُو ہے۔
وہ تو دکھ رہا ہے، پاگل ادھر کون ہے؟
امن نے دونوں کو دیکھتے ہوئے تنبیہ کی۔
پھر لڑنا شروع مت ہو جانا دونوں۔۔۔
سنان نے اپنا ناشتہ ختم کرتے ہوئے کرسی پیچھے کھسکائی۔
میرا ناشتہ ہو گیا، میں جا رہا ہوں، ورنہ یہ منحوس تو ہے ہی آستین کا سانپ۔۔۔
زرقان نے بھی فوراً جواب دیا۔
لیکن سانپوں والی حرکتیں تو تیری ہیں۔
سنان نے ہاتھ اٹھا کر اسے خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔
ابے چل، نکل۔۔۔
یہ کہتے ہوئے وہ وہاں سے باہر کی طرف چلا گیا، جبکہ زرقان بھی اپنی جگہ سے اٹھ کر کمرے کی جانب روانہ ہو گیا۔
ان دونوں کے جاتے ہی نہات نے ناشتہ کرتے کرتے یسریٰ کی طرف ایک نگاہ ڈالی، پھر امل کو مخاطب کیا۔
ویسے یہ کسی اور کی شیف کسی اور کی، کیوں خدمتِ خلق کر رہی ہے؟
امل نے فوراً اس کی طرف دیکھا۔
کیوں؟ کیا ہوا؟ ناشتہ اچھا نہیں لگا؟ اور ویسے بھی آپ کی تو نظر ہے ہی میری شیف پر، ہنہ۔۔ دِل ہی دِل میں تو خوش ہورہے ہوگئے، یسریٰ کے ہاتھ کا بنا ناشتہ کھا کر۔۔۔
نہات نے کافی کا ایک گھونٹ لیا اور بڑے اطمینان سے بولا۔
تو یار! تم ایسی اچھی اچھی چیزیں اپنے پاس رکھا ہی مت کرو کہ دوسروں کا دل کرے چرانے کا۔
نہات کی بات سنتے ہی یسریٰ کا منہ حیرت سے کھل گیا۔ وہ چند لمحے اسے دیکھتی رہی، جیسے اسے سمجھ ہی نہ آیا ہو کہ اس نے ابھی کیا سنا ہے۔
نہات اب پوری طرح اس کی جانب مڑ چکا تھا۔
تو کیا بولتی ہو پھر؟ چرا لوں تمہیں؟
یسریٰ تو جیسے وہیں ساکت رہ گئی۔ اس کے چہرے پر حیرت اور گھبراہٹ کے ملے جلے تاثرات تھے۔ وہ ہکا بکا سی نہات کو دیکھ رہی تھی۔
امل نے اس کی حالت دیکھی تو فوراً پوچھا۔
یسریٰ! تمہارا گال؟
یسریٰ نے گھبرا کر فوراً اپنے گالوں پر ہاتھ رکھے۔
کیا ہوا؟
نہات نے مسکراہٹ دباتے ہوئے جواب دیا۔
بلش کر رہے ہیں۔۔۔
اب تو یسریٰ کی حالت ہی غیر ہو گئی۔ اس نے نظریں جھکا لیں، جبکہ امن بھی سر جھکائے اپنا منہ چھپا کر ہنس رہا تھا۔
یسریٰ نے شرمندگی اور خفگی کے ملے جلے انداز میں دونوں کو دیکھا۔
کیوں تنگ کر رہے ہیں آپ دونوں مجھے؟ مجھ سے اسی لیے ناشتہ بنوایا تھا؟
نہات نے فوراً جواب دیا۔
وہ ناشتہ تو بہانہ تھا، ہمیں تو آپ کا دیدار کروانا تھا۔
یسریٰ نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے فوراً کہا۔
نہیں! ناشتہ تو بہانہ تھا، اصل میں آپ کو مجھے تنگ کرنا تھا۔
امل نے خوش ہو کر نہات کی طرف دیکھا۔
نہات بھائی۔۔ پیاری تو سمجھدار ہورہی ہے۔۔۔
نہات نے فخر سے سینہ پھلایا۔
ہمارے پیار کا اثر ہے۔
یسریٰ سے اب وہاں مزید کھڑا رہنا مشکل ہو رہا تھا۔ اس نے ایک نظر نہات کو دیکھا اور تیزی سے اندر کی جانب بھاگ گئی۔
امل نے اسے جاتے دیکھا تو فوراً ہنس کر بولی۔
یہ بھی بھاگ گئی! مطلب یہ بھی شرما گئی؟
امن نے ہنسی دباتے ہوئے دونوں کو دیکھا۔
مت کرو، تم دونوں زیادہ ایکسٹریم کر دیتے ہو۔
امل نے فوراً صفائی پیش کی۔
میں کہاں؟ یہ نہات بھائی۔۔۔
نہات نے اس کی طرف انگلی اٹھائی۔
شروع کس نے کیا تھا؟ اور میں جب آتا ہوں تو اسے میرے سامنے کیوں کرتے ہو؟ میری نعمان والی روح جاگ جاتی ہے۔۔۔
امل نے اسے گھورتے ہوئے کہا۔
کسی دن تھپڑ بھی پڑ سکتا ہے۔
نہات نے بڑے مزے سے جواب دیا۔
ارے! معصوم لڑکیوں کو تنگ کرنے کا یہی تو فائدہ ہوتا ہے۔ تمہاری طرح تھوڑی کہ فوراً چپکنا شروع کر دے۔
امل نے اسے زبان نکال کر چڑایا اور اپنی کرسی سے اٹھ گئی۔ ابھی اُسے یونی کے لیے تیار بھی ہونا تھا، اسی لیے وہ یہاں زیادہ وقت ضائع نہیں کر سکتی، اسی لیے اٹھ کر چلی گئی۔۔۔
امل کی اس حرکت پر نہات مسکرا دیا، پھر امن کی طرف دیکھ کر بولا۔
بھائی، تمہاری بہن بھی آدھی پاگل ہے۔
امن نے فوراً جواب دیا۔
ہاں، دنیا میں سب ہی پاگل ہیں، ایک بس تم اچھے ہو۔
نہات نے بے فکری سے کندھے اچکائے۔
کوئی شک ہے کیا؟
امن نے اب سنجیدگی سے پوچھا۔۔
ویسے این جی او میں کیا مسئلہ ہے؟ فون پر مینیجر نے کچھ بتایا نہیں تھا؟
نہات نے ناشتہ کرتے ہوئے نفی میں سر ہلایا۔
نہیں نا، وہی تو! پتا نہیں کیا مسئلہ ہے۔
امن نے چند لمحے اسے دیکھا، پھر پوچھا۔
میں چلوں ساتھ؟
نہات نے فوراً جواب دیا۔
نہیں، میں سنبھال لوں گا۔
امن نے سر ہلایا۔
وہ تو مجھے معلوم ہے۔
نہات نے اسے دیکھتے ہوئے پوچھا۔
تو پھر؟
امن نے بے نیازی سے کندھے اچکائے۔
تو پھر کچھ نہیں۔
نہات چند لمحے اسے دیکھتا رہا، پھر مسکرا کر بولا۔
اچھا، چل لو۔ تمہیں کوئی اپنا کام نہیں ہے تو۔
امن کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ پھیل گئی۔

++++++++++++++

امل کمرے میں داخل ہوئی تو سیدھی الماری کی جانب بڑھی۔ اس نے الماری کا پٹ کھولا اور اندر لٹکے کپڑوں پر ایک سرسری نگاہ دوڑائی۔ کچھ سوچنے کے بعد اس نے ایک بیگی پینٹ نکالی، اس کے ساتھ میچنگ کرتی ہوئی کُرتی اور پھر اسی رنگ کے جوتے اور اسکارف بھی نکال لیے۔
ابھی وہ نہا کر کپڑے تبدیل کر کے باہر نکلی ہی تھی کہ اس کی نظر بیڈ کے ساتھ رکھے سائیڈ ٹیبل پر پڑی۔ وہاں ایک ڈائری رکھی ہوئی تھی۔
امل کے قدم بے اختیار رک گئے۔
یہ ڈائری یہاں کیسے آئی؟
وہ چند قدم آگے بڑھی اور ڈائری اٹھا لی۔ اس کے سرورق پر بڑے بڑے حروف میں سرخ رنگ سے ڈیتھ نوٹ لکھا ہوا تھا۔
امل کے چہرے کا رنگ یکدم بدل گیا۔
اس نے دھڑکتے دل کے ساتھ ڈائری کھولی تو پہلے ہی صفحے پر درج نام دیکھ کر اس کے ہاتھوں میں لرزش دوڑ گئی۔
علی۔۔
نام کے اوپر سرخ رنگ سے ایک بڑا سا کراس بنا ہوا تھا، جبکہ اس کے بالکل نیچے چھوٹے حروف میں لکھا تھا۔
آر۔
امل کی انگلیاں ڈائری کے کناروں پر سختی سے جم گئیں۔ اس کی سانس جیسے سینے میں کہیں اٹک کر رہ گئی تھی۔ اگلے ہی لمحے ڈائری اس کے کانپتے ہاتھوں سے چھوٹ کر فرش پر جا گری۔
اس کی آنکھیں خوف سے پھیل گئیں۔
اس کا مطلب۔۔۔؟
اس کا کیا مطلب ہے یہ؟
اس نے بے یقینی سے فرش پر پڑی ڈائری کو دیکھا۔ ذہن میں ایک ساتھ کئی سوالات نے جنم لے لیا۔
مجھے علی بھائی کو بچانا پڑے گا۔۔۔ لیکن کیسے؟ کیا  اتنی سی بات پر انہیں مار دے گا؟
امل نے بے اختیار اپنے بازوؤں کو تھام لیا۔
وہ آہستہ آہستہ چلتی ہوئی بیڈ کے کنارے پر بیٹھ گئی۔ اس کی نظریں اب بھی فرش پر پڑی ڈائری پر جمی ہوئی تھیں۔ کچھ دیر بعد اس نے جھک کر ڈائری دوبارہ اٹھائی اور کانپتی انگلیوں سے اسے کھول کر دیکھنے لگی۔
اس نے پہلا صفحہ پلٹا، پھر دوسرا، پھر تیسرا۔۔۔
مگر ہر طرف خالی صفحات تھے۔
نہ کوئی تفصیل، نہ کوئی تاریخ، نہ کوئی وضاحت۔ صرف علی کا نام، اس پر بنا سرخ کراس اور نیچے لکھے ایک حرف۔
آر۔
امل نے الجھن سے ڈائری بند کر دی۔ اس کی نگاہ بے اختیار بیڈ پر رکھے اپنے موبائل فون کی طرف اٹھ گئی۔
کیا یہ سب سم دینے کی وجہ سے۔؟
اس کے ذہن میں فوراً وہ لمحہ تازہ ہو گیا جب ریپر نے اسے اپنے گھر میں بھی خبردار کیا تھا۔ اس وقت بھی اس نے اس کی بات کو معمولی سمجھنے کی غلطی کی تھی، مگر اب اس ڈائری کو دیکھنے کے بعد اسے احساس ہو رہا تھا کہ معاملہ کتنا سنگین ہو سکتا ہے۔
اس نے بے بسی سے اپنی پیشانی پر ہاتھ رکھ لیا۔
وہ اب زرقان کو بھی مصیبت میں ڈال رہی تھی۔
امل نے نم آنکھوں سے ایک بار پھر ڈائری کو دیکھا۔
کیا کروں میں؟ کس سے بات کروں؟ کس کو بتاؤں؟
اس کے پاس سوال بہت تھے، مگر جواب ایک بھی نہیں۔
وہ نہیں جانتی تھی کہ یہ ڈائری محض ایک دھمکی تھی یا کسی آنے والے قتل کی پیشگی اطلاع۔ مگر ایک بات اسے اچھی طرح سمجھ آ چکی تھی کہ اب خاموش رہنا بھی خطرے سے خالی نہیں تھا۔
اور سب سے خوفناک بات یہ تھی کہ اس کی ایک چھوٹی سی غلطی کئی زندگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی تھی۔
امل نے چند لمحے خاموشی سے بیٹھے رہنے کے بعد فیصلہ کیا کہ اسے اس معاملے کے بارے میں بھائی کو ضرور بتانا ہوگا۔ اگر اس نے ابھی کچھ نہ کہا اور بعد میں امن کو خود اس سب کا علم ہو گیا تو وہ یقیناً بہت ناراض ہوگا۔ اور امل کسی صورت یہ نہیں چاہتی تھی کہ بات اتنی بڑھ جائے کہ اسے بھائی کے غصے کا سامنا کرنا پڑے۔
یہی سوچ کر وہ اپنے کمرے سے باہر نکلی اور امن کے کمرے کی طرف چل دی۔
کمرے میں داخل ہوئی تو وہاں امن موجود نہیں تھا۔ اس کی نظر ایک لمحے کے لیے پورے کمرے میں گھومی، مگر جب وہ واپس پلٹنے لگی تو اچانک اس کی نگاہ بک شیلف پر جا ٹھہری۔ وہیں ایک شیلف پر کئی ڈائریاں ترتیب سے رکھی ہوئی تھیں۔
امل کے قدم بے اختیار رک گئے۔ وہ چند قدم آگے بڑھی اور ان ڈائریوں کو غور سے دیکھنے لگی۔ ان کی ساخت، جسامت اور انداز بالکل ویسا ہی تھا جیسی ڈائری اسے اپنے کمرے میں ملی تھی، جس کے سرورق پر بڑے حروف میں ڈیتھ نوٹ لکھا ہوا تھا۔
فرق صرف اتنا تھا کہ ان تمام ڈائریوں کے سرورق سادہ بھورے رنگ کے تھے۔ ان پر کوئی نام، کوئی عبارت یا کوئی نشان درج نہیں تھا۔
امل کی پیشانی پر حیرت کی ہلکی سی شکن ابھری۔
یہ سب ایک جیسی ڈائریاں کیوں ہیں؟
ایک لمحے کے لیے اس کے ذہن میں کئی سوالات نے سر اٹھایا، مگر پھر اس نے خود ہی اس خیال کو جھٹک دیا۔ آخر ڈائریاں اکثر ایک جیسی ہی تو ہوتی ہیں۔ ضروری نہیں کہ ہر ملتی جلتی چیز کے پیچھے کوئی راز چھپا ہو۔
وہ مزید کچھ سوچے سمجھے بغیر کمرے سے باہر نکل آئی۔
باہر آ کر اس نے ملازمہ سے امن کے بارے میں پوچھا تو معلوم ہوا کہ وہ آج ناشتہ کی ٹیبل پر سے ہی نہات کے ساتھ نو بجے سے پہلے ہی گھر سے نِکل چکا ہے، ورنہ عموماً وہ روز نو بجے کے بعد گھر سے نکلتا تھا۔۔۔
یہ سُن کو وہ واپس اپنے کمرے میں لوٹ آئی۔
اسے اس معاملے میں کچھ نہ کچھ کرنا ہی ہوگا۔
فی الحال وہ یونی جانے کی تیاری کرنے لگی۔۔۔

+++++++++++++

نہات اور امن کی گاڑی ایک وسیع و عریض عمارت کے سامنے آ کر رکی۔ عمارت کا بیرونی منظر نہایت دلکش تھا۔ سفید اور ہلکے کریم رنگ کی دیواروں پر نفاست سے کیا گیا کام، بلند محراب دار کھڑکیاں، مرکزی دروازے کے دونوں جانب لگے خوب صورت ستون اور داخلی راستے کے ساتھ پھیلی ہری بھری بیلیں اس جگہ کو ایک پُرسکون گھر کا روپ دے رہی تھیں۔ عمارت کے سامنے ایک کشادہ باغیچہ تھا، جس میں رنگ برنگے پھولوں کی کیاریاں اور درمیان میں بچوں کے کھیلنے کے لیے چھوٹا سا جھولا لگا ہوا تھا۔
مرکزی دروازے کے اوپر سنہری حروف میں نومی چلڈرن ہوم لکھا تھا۔
یہ عمارت صرف اینٹوں اور پتھروں سے تعمیر کیا گیا کوئی ادارہ نہیں تھی، بلکہ ان ننھی جانوں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ تھی جن کی زندگی سے اپنوں کا سایہ بہت جلد اٹھ گیا تھا۔
گاڑی سے اتر کر دونوں اندر داخل ہوئے۔ داخلی ہال کشادہ اور روشن تھا۔ دیواروں پر بچوں کی بنائی ہوئی رنگ برنگی تصویریں آویزاں تھیں۔ کہیں کسی بچے کی مسکراتی ہوئی تصویر تھی تو کہیں ننھے ہاتھوں سے بنائے گئے پھول، گھر اور تتلیاں۔
اندر قدم رکھتے ہی نہات سیدھا بائیں جانب مڑ گیا، جبکہ امن دائیں طرف چل دیا۔
نہات کو معلوم تھا کہ اسے سب سے پہلے ادارے کے منتظم سے ملنا ہے، جو یہاں کے تمام انتظامی معاملات اور بچوں کی دیکھ بھال کا ذمہ دار تھا۔
چند لمحوں بعد وہ مجید صاحب کے کمرے میں موجود تھا۔
مجید صاحب ایک سنجیدہ اور ذمہ دار طبیعت کے آدمی تھے۔ ادارے میں ان کی موجودگی بچوں اور دوسرے ملازمین کے لیے کسی مضبوط سہارے سے کم نہ تھی۔ نہات کو دیکھتے ہی وہ اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے۔
السلام علیکم!
وعلیکم سلام..
نہات نے سلام کا جواب دیتے ہوئے ان کے سامنے نشست سنبھالی اور استفسار کیا۔
بتائیے، کیا مسئلہ ہے؟
مجید صاحب نے قدرے فکرمند انداز میں بات شروع کی۔
سر، اصل میں ہمارے بچے جس اسکول میں جاتے ہیں، وہاں سے ایک نوٹس موصول ہوا ہے۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب وہ مزید بچوں کو تعلیم فراہم نہیں کر سکتے۔ ان کے پاس جگہ کی کمی ہے اور فی الحال وہ صرف پندرہ بچوں کو ہی پڑھا سکتے ہیں۔
نہات کی پیشانی پر بل پڑ گئے۔
ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟
جی، وہ اب نئے بچوں کے داخلے کرنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے پرانے بچوں کی تعداد کم کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
نہات نے بے اختیار اپنا ہاتھ ماتھے پر رکھا
کیسے خودغرض ہو جاتے ہیں لوگ! ذرا سا فائدہ نظر آئے تو دوسرے کا کیا، احسان تک بھول جاتے ہیں۔
اس نے ایک گہری سانس لی اور پھر مجید صاحب کی جانب متوجہ ہوا۔
اچھا، ایک مرتبہ پھر ان سے بات کر لیجیے۔ انہیں کہہ دیجیے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہوتے ہی میں اپنے تمام بچوں کو اس اسکول سے نکال لوں گا۔
مجید صاحب نے قدرے جھجکتے ہوئے جواب دیا۔
سر، وہ ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
نہات نے ناگواری سے انہیں دیکھا۔
لیکن کیوں؟ وہاں میرے بچے ایڈجسٹ ہو چکے تھے۔ ان کے دوست بن گئے ہیں، اساتذہ سے مانوس ہو گئے ہیں۔ اب اچانک انہیں ایک نئے اسکول اور نئی جگہ پر منتقل کر دیا جائے گا تو ان کے ذہنوں پر کیا اثر پڑے گا؟ آپ جانتے ہیں، یہ بچے پہلے ہی بہت حساس ہوتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں بھی انہیں اندر تک متاثر کر دیتی ہیں۔
مجید صاحب نے اثبات میں سر ہلایا۔
سر، میں نے انہیں اس حوالے سے سمجھانے کی کوشش بھی کی تھی، مگر پرنسپل صاحب ہماری بات سننے کو ہی تیار نہیں۔
نہات نے چند لمحے خاموش رہ کر کچھ سوچا، پھر فیصلہ کن انداز میں بولا۔
ٹھیک ہے، آپ پریشان نہ ہوں۔ میں کسی نئے اسکول کا انتظام کرتا ہوں۔ کوشش کروں گا کہ بچوں کو جلد از جلد وہاں منتقل کرنے کے بجائے کوئی ایسا حل نکال سکوں جس سے انہیں کم سے کم پریشانی ہو۔
یہ کہتے ہوئے وہ اپنی نشست سے اٹھا اور کمرے سے باہر نکل آیا۔
باہر آتے ہی اس کے قدم بے اختیار رک گئے۔
سامنے کا منظر دیکھ کر اس کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ پھیل گئی۔
سامنے امن چھوٹے بچوں کے درمیان بیٹھا ہوا تھا۔ کوئی اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے اپنی طرف کھینچ رہا تھا، کوئی اس کی گود میں چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا، جبکہ ایک ننھا سا بچہ اس کے کندھے پر ہاتھ رکھے کھلکھلا رہا تھا۔ امن بھی بچوں کے ساتھ خوب ہنسی مذاق کر رہا تھا۔ کبھی کسی کے بال بگاڑ دیتا، کبھی کسی کو گدگدی کرتا اور کبھی کسی بچے کی معصوم شرارت پر بے اختیار قہقہہ لگا دیتا۔
اس وقت اس کے چہرے پر بے ساختہ مسکراہٹ تھی،  بڑے بچے تو اسکول جا چکے تھے۔ اس وقت صرف وہی ننھے منے بچے وہاں موجود تھے جو ابھی اسکول جانے کی عمر کو بھی نہیں پہنچے تھے۔ کوئی کھلونوں سے کھیل رہا تھا، کوئی دوڑ رہا تھا اور کوئی امن کے ساتھ چمٹ کر بیٹھا تھا۔
نہات کچھ دیر وہیں کھڑا انہیں دیکھتا رہا۔ پھر اس کی نگاہ امن پر ٹھہر گئی۔
وہ سوچنے لگا۔
مجھے تو ان بچوں کا احساس ہے، کیونکہ میں خود کبھی ان ہی میں سے ایک تھا۔ میں جانتا ہوں کہ ماں باپ کی شفقت سے محروم ہونا کیا ہوتا ہے، کسی اپنے کے بغیر زندگی گزارنا کیا ہوتا ہے۔ کسی اپنے کے انتظار میں دن گزارنا کیسا لگتا ہے۔
شاید اسی لیے میرے دل میں ان سب کے لیے اتنی محبت ہے۔
لیکن بھائی۔۔۔ تمہیں؟
تمہیں ان بچوں سے اتنی محبت کیوں ہے؟ تمہیں ان کے دکھ کا اتنا احساس کیسے ہے؟
جبکہ تمہارے پاس تو سب کچھ ہے۔ دادا، دادی، بہن، یہاں تک کہ ماں باپ کی محبت بھی تمہیں نصیب ہوئی ہے۔ تم نے اپنی زندگی میں کبھی ایسی محرومی نہیں دیکھی۔ کبھی اپنوں کے ہوتے ہوئے بھی تنہا رہنے کا درد نہیں جھیلا۔ پھر تم ان محرومیوں کو کیسے محسوس کر لیتے ہو، بھائی؟
ہم میں سے اکثر لوگ بہت سی چیزوں کی قدر اسی لیے کرتے ہیں کہ ہم کبھی ان سے محروم رہ چکے ہوتے ہیں۔ مگر وہ لوگ جو بنا کسی محرومی کے، کسی دوسرے کے درد کو اپنا سمجھنے لگتے ہیں۔۔۔ وہ آخر ایسا کیسے کر لیتے ہیں؟
آخری وہ کیسے کِسی کا درد سمجھ لیتے ہیں۔۔؟؟
جنہوں نے کبھی کسی محرومی کا سامنا نہ کیا ہو، جن کی زندگی میں محبت مانگنے سے پہلے ہی مل گئی ہو، جن کے لیے گھر کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہا ہو، جنہیں کبھی کسی اجنبی چھت کے نیچے اپنائیت تلاش نہ کرنی پڑی ہو… وہ آخر دوسروں کے درد کو اتنی گہرائی سے کیسے محسوس کر لیتے ہیں؟
نہات کے ذہن میں یہ سوال بار بار گردش کر رہا تھا۔
وہ امن کو دیکھ رہا تھا، جو اس وقت ایک ننھے بچے کو اپنی بانہوں میں اٹھائے اس سے کچھ کہہ رہا تھا۔ بچہ اس کی بات سن کر ہنس پڑا تو امن نے بھی مسکراتے ہوئے اس کے گال پر ہلکی سی چٹکی بھری۔
نہات کے لبوں پر بے اختیار مسکراہٹ پھیل گئی۔
شاید کچھ لوگ درد کو محسوس کرنے کے لیے خود اس سے گزرنا ضروری نہیں سمجھتے۔ شاید ان کے دل میں قدرت نے دوسروں کے دکھ کو سمجھنے کی ایک الگ ہی صلاحیت رکھی ہوتی ہے۔ وہ کسی کی نم آنکھوں میں چھپی کہانی پڑھ لیتے ہیں، کسی کی خاموشی کے پیچھے دبے ہوئے احساسات کو سمجھ لیتے ہیں اور کسی کی محرومی کو اپنی ذمہ داری بنا لیتے ہیں۔
امن بھی شاید انہی لوگوں میں سے ایک تھا۔
اس کے پاس زندگی کی ہر آسائش موجود تھی، مگر اس کے باوجود وہ ان بچوں کے درمیان آ کر خود کو ان سے الگ محسوس نہیں کرتا تھا۔ وہ ان کے ساتھ کھیلتا، ان کی چھوٹی چھوٹی فرمائشیں پوری کرتا، ان کی شکایتیں سنتا اور کبھی کبھی تو ان کی شرارتوں میں خود بھی شامل ہو جاتا۔
اس کے لیے یہ بچے محض کسی فلاحی ادارے کے زیرِ کفالت افراد نہیں تھے، بلکہ ایسے ننھے وجود تھے جنہیں محبت کی ضرورت تھی۔ اور امن کے پاس محبت کی کوئی کمی نہیں تھی۔
اللہ نے اسے محبت کرنے والے دیے، اور وہ خود محبت کرنے والا بن گیا تھا،
نہات نے ایک گہری سانس لی اور آہستہ آہستہ اس کی طرف بڑھنے لگا۔
حالانکہ یہ این جی او نہات کی تھی۔ امن نے آج تک اس میں ایک پیسہ بھی نہیں لگایا تھا اور نہ ہی وہ یہاں کے انتظامی معاملات میں کوئی مداخلت کرتا تھا۔ اس کا اس جگہ سے تعلق کسی مالی تعاون یا ذمہ داری کا محتاج نہیں تھا۔ وہ تو بس یہاں آتا تھا، ان معصوم چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے، ان کے ساتھ چند لمحے گزارنے اور اپنی محبت بانٹنے۔
امن کی شخصیت کا سب سے خوب صورت پہلو یہ تھا کہ وہ خوشیاں صرف سمیٹتا نہیں، بانٹتا بھی تھا۔
نہات کو دیکھتے ہی چند بچے خوشی سے چلاتے ہوئے اس کی طرف بھاگے چلے آئے۔ کسی نے اس کا ہاتھ تھام لیا تو کوئی اس کے گرد جمع ہو کر اپنی ننھی ننھی فرمائشیں سنانے لگا۔ ان کے معصوم چہروں پر پھیلی خوشی دیکھنے کے قابل تھی۔
نِہات نے مسکراتے ہوئے سب کی باتیں سنیں اور اپنے ساتھ لائے ہوئے تھیلوں کی طرف اشارہ کیا۔ ان میں بچوں کے لیے مختلف کھلونے، خوب صورت کپڑے اور ان کی پسند کی کئی چھوٹی بڑی چیزیں موجود تھیں۔
وہ ایک ایک کر کے سب کو ان کی پسند کے تحفے دینے لگا۔ کوئی اپنا کھلونا ملنے پر خوشی سے اچھل پڑتا تو کوئی نئے کپڑے دیکھ کر انہیں سینے سے لگا لیتا۔
کچھ دیر بعد نہات کی نظر امن پر پڑی تو اس نے شرارت سے پوچھا۔
بھائی! تم ان بچوں کے لیے کچھ نہیں لائے؟
امن نے بے نیازی سے اپنے سینے کی طرف اشارہ کیا اور مسکراتے ہوئے بولا۔
میں خود آ گیا ہوں، کیا یہ کافی نہیں ہے؟
اس کی بات ابھی مکمل ہی ہوئی تھی کہ قریب کھڑی تقریباً چار سالہ بچی نے اپنی ننھی سی آواز میں معصومیت سے کہا۔
نومی بھائی! یہ بھی ہماری طرح ہیں، ان کے پاس بھی کچھ نہیں ہے۔ آپ انہیں بھی ایک کھلونا دے دیں نا۔۔۔
اس کی توتلی آواز سن کر نہات اور امن دونوں کے لبوں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔
نہات نے ہنستے ہوئے امن کی طرف دیکھا،
اچھا بتاؤ، کون سا کھلونا دوں تمہیں۔۔؟؟
امن نے فوراً سامنے موجود بچوں کی طرف اشارہ کر دیا۔
ان سب سے پوچھ لو،
اس کی بات سنتے ہی بچے خوشی خوشی اپنے اپنے کھلونے اٹھا کر اس کی طرف بڑھانے لگے۔ کوئی اپنی گاڑی لے آیا، کوئی گڑیا، تو کوئی رنگ برنگی گیند اٹھائے اس کے پاس پہنچ گیا۔
امن نے مسکراتے ہوئے سب کے ہاتھوں سے کھلونے لیے اور باری باری ان سے باتیں کرنے لگا۔
ارے واہ! یہ گاڑی تو بہت خوب صورت ہے۔ یہ تمہاری ہے؟
ایک بچے نے فخر سے سر ہلایا۔
اچھا! تو پھر آج مجھے اس سے کھیلنا سکھاؤ گے؟ مُجھے تو کھیلنا ہی نہیں آتا۔۔۔
بچے نے فوراً اثبات میں سر ہلا دیا۔ بچے اس کے گرد جمع ہو کر اپنی اپنی چیزوں کے بارے میں بتانے لگے، اور وہ پوری دلچسپی سے ان کی باتیں سنتا رہا۔
کچھ دیر بعد امن اور نہات بھی بچوں کے ساتھ قالین پر بیٹھے ان کے کھلونوں میں مصروف تھے۔ کوئی امن کے ساتھ گاڑی چلانے میں لگا تھا تو کوئی نہات کے قریب بیٹھا اپنا نیا فوجی دکھا رہا تھا۔ بچوں کی ہنسی اور چہکار سے پورا کمرہ گونج رہا تھا۔
اسی دوران امن نے نہات کی طرف دیکھا، جو بظاہر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا مگر اس کے چہرے پر اب بھی کچھ دیر پہلے والی پریشانی کے آثار موجود تھے۔
کیا ہوا؟
نہات نے اس کی طرف دیکھا اور قدرے سنجیدگی سے بولا۔
وہ جو ہمارے سارے بچے ایک ہی اسکول میں پڑھتے ہیں نا، وہاں سے کہہ رہے ہیں کہ بچوں کا اسکول تبدیل کر دیں۔
امن نے حیرت سے پوچھا۔
کیوں؟
نہات نے ایک کھلونا گاڑی اٹھا کر اس کے پہیے گھماتے ہوئے بتایا۔
اصل میں جب انہوں نے چھ سال پہلے اسکول شروع کیا تھا تو ان کے پاس طلبہ کی کمی تھی۔ انہوں نے خود ہم سے رابطہ کیا تھا کہ ہمارے بچوں کو آدھی فیس پر پڑھا لیں گے۔ میں نے بھی سوچا کہ اسکول قریب ہے، اچھا ہے اور بچوں کو بھی سہولت رہے گی، سو انہیں وہاں داخل کروا دیا۔
اب چھ سال میں ان کا اسکول اچھا چل نکلا ہے تو انہیں ہمارے بچے بوجھ لگنے لگے ہیں۔ اب وہ نئے بچوں کو داخل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان سے پوری فیس وصول کر سکیں۔ اسی لیے ہمارے بچوں کو نکالنے کا کہہ رہے ہیں۔
امن نے چند لمحے سوچا، پھر نِہات کی طرف متوجہ ہوا۔
اسکول تبدیل کرنے میں تو کوئی خاص مسئلہ نہیں، لیکن اصل مسئلہ بچوں کا ہے۔ بڑے بچے تو شاید نئے ماحول میں خود کو ایڈجسٹ کر لیں، مگر چھوٹے بچوں کا کیا ہوگا؟ وہ پہلے ہی ایک جگہ سے مانوس ہو چکے ہیں۔ ان کے لیے اچانک سب کچھ بدل دینا آسان نہیں ہوگا۔
نہات نے اثبات میں سر ہلایا۔
بس، یہی تو مسئلہ ہے۔
امن نے کچھ دیر سوچنے کے بعد اپنی رائے دی۔
اچھا، ایسا کرو! جو بڑے بچے ہیں، انہیں وہاں سے نکال کر کسی دوسرے اچھے اسکول میں داخل کروا دو۔ اور جو چھوٹے بچے ہیں، ان کے اسکول والوں سے کہو کہ ہم ان کی پوری فیس ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پھر انہیں کیا مسئلہ ہوگا؟ وہ انہیں رکھنے پر راضی ہو جائیں گے۔
نہات نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔
تو بڑے بچوں کی پوری فیس بھی ہم ہی دے دیں؟ انہیں بھی وہیں رہنے دیں؟
امن نے فوراً نفی میں سر ہلایا۔
نہیں، انہیں وہاں سے ہٹا دو۔ اگر ہم پوری فیس بھی ادا کریں گے تو بھی وہ ہمارے بچوں کو وہ توجہ نہیں دیں گے جس کے وہ حق دار ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ یہ یتیم خانے کے بچے ہیں، اس لیے ممکن ہے وہ انہیں باقی بچوں جیسی اہمیت ہی نہ دیں۔ بہتر ہے کہ بڑے بچوں کے لیے کوئی ایسا اسکول تلاش کرو جہاں انہیں کسی قسم کے احساسِ کمتری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نہات نے اس کی بات پر غور کیا، پھر سر ہلاتے ہوئے بولا۔
ہاں، تم ٹھیک کہہ رہے ہو۔
چند لمحے خاموش رہنے کے بعد اس نے امن کو ایک نظر دیکھا اور پھر شرارت سے پوچھا۔
لیکن بھائی! تم واقعی ان بچوں کے لیے کچھ نہیں لائے؟
امن نے بے یقینی سے اسے دیکھا، جیسے اس کی بات پر یقین نہ آیا ہو۔
میں تمہارے ساتھ ہی تو آیا ہوں، کیا تُم نے مُجھے کُچھ لاتے دیکھا۔۔؟؟
نہات نے فوراً منہ بنایا۔
کنجوس۔۔۔ اثر آرہا تُم پر سیاست دانوں کا۔۔۔
امن نے اس کے سر پر ہلکی سی چپت لگائی۔
پاگل۔۔۔
پھر اس نے اپنے اردگرد کھیلتے بچوں اور کمرے میں موجود سہولتوں کی طرف اشارہ کیا۔
یہاں دیکھو ذرا! کیا تم نے ان بچوں کے کمروں میں کسی چیز کی کمی چھوڑی ہے؟ ان کے پاس کھلونے ہیں، کتابیں ہیں، کپڑے ہیں، کھیلنے کے لیے جگہ ہے، پڑھنے کے لیے ہر سہولت موجود ہے۔ اور تم خود بھی آج اتنا کچھ اٹھا کر لائے ہو۔
نہات نے مسکراتے ہوئے اس کی بات سنی۔
امن نے ایک لمحے کے لیے بچوں کی طرف دیکھا، پھر قدرے سنجیدگی سے بولا۔
یہاں اور بھی بہت سے لوگ آتے ہیں، عطیات دینے کے لیے۔ جو بھی آتا ہے، بچوں کے لیے ڈھیروں تحفے لے کر آتا ہے۔ کوئی کھلونے دے جاتا ہے، کوئی کپڑے، کوئی کتابیں اور کوئی ان کی ضروریات کا سامان۔
اس نے ایک ننھے بچے کے ہاتھ سے گاڑی لیتے ہوئے اسے مسکرا کر دیکھا، پھر اپنی بات جاری رکھی۔
لیکن وہ اپنے ساتھ یہ احساس نہیں لاتے کہ ہم بھی تمہاری طرح ہیں۔ انہیں یہ احساس نہیں دلاتے کہ وہ ہم سے الگ نہیں، ہم بھی انہی جیسے ہیں۔
امن نے بچے کے ہاتھ میں کھلونا واپس تھمایا اور مسکرایا،
کیونکہ ہر محرومی کا ازالہ چیزوں سے نہیں ہوتا، کچھ کمیوں کو صرف محبت ہی پورا کر سکتی ہے۔
امن نے ایک لمحے کے لیے اپنے اردگرد کھیلتے بچوں کو دیکھا۔ ان کے چہروں پر پھیلی بے فکری، آنکھوں میں چمکتی خوشی اور اس کے قریب بیٹھنے کی خواہش اسے ہمیشہ ایک عجیب سا سکون دیتی تھی۔
میں چاہوں تو بہت سی چیزیں لا کر انہیں دے سکتا ہوں، لیکن پھر یہ میرا نہیں، میری چیزوں کا انتظار کرنے لگیں گے۔
اس نے ایک ننھے بچے کے بکھرے بال سنوارتے ہوئے مسکرا کر کہا۔
ابھی یہ میرا انتظار کرتے ہیں، مجھے اپنے جیسا سمجھتے ہیں۔ انہیں انتظار رہتا ہے کہ میں کب آؤں گا، کب ان کے ساتھ بیٹھوں گا اور کب یہ اپنی چھوٹی چھوٹی باتیں مجھے سنائیں گے۔
اس نے ایک نظر نہات پر ڈالی اور پھر بچوں کی طرف متوجہ ہو گیا۔
جہاں پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے، وہاں پیسے دیتے ہیں اور جہاں محبت کی ضرورت ہوتی ہے، وہاں محبت دیتے ہیں۔

++++++++++++

ظفر جاوید چند دنوں کے لیے شہر سے باہر تعینات تھا۔ اس کی غیر موجودگی میں مائرہ نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی تھی، مگر اب جب وہ واپس لوٹا تو اسے جو خبر ملی، اس نے اس کا پارہ آسمان تک پہنچا دیا۔
اس نے آتے ہی مائرہ کو اپنے روم میں طلب کر لیا۔
کچھ ہی دیر بعد دروازے پر دستک ہوئی۔
جی سر؟
مائرہ اندر داخل ہوئی تو ظفر جاوید کی نگاہ فوراً اس کے چہرے پر جا ٹھہری۔ اس کے سر پر پٹی بندھی ہوئی تھی اور ایک ہاتھ پر بھی بینڈیج کی گئی تھی۔ چہرے پر تھکن کے آثار نمایاں تھے، مگر اس کے انداز میں حسبِ معمول خوداعتمادی موجود تھی۔
ظفر نے چند لمحے اسے خاموشی سے دیکھا۔ اس کی غیر موجودگی میں مائرہ نے ایک ایسے خطرناک کیس میں ہاتھ ڈال دیا تھا جس نے پورے محکمے کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی تھی۔
بچوں کو اغوا کرنے والے ایک منظم گروہ کا سراغ ملا تھا، جس کے سات ارکان تھے۔ معلومات کی تصدیق ہوتے ہی مائرہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے شدید مزاحمت ہوئی، فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور اسی دوران مائرہ زخمی ہو گئی۔
تاہم وہ اپنے مشن میں کامیاب رہی تھی۔ ساتوں ملزمان کو قابو کر لیا گیا تھا اور اغوا کیے گئے بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا تھا۔
اپنی کامیابی پر مائرہ کو یقیناً فخر تھا، مگر اس کے سامنے بیٹھے افسر کے چہرے پر اس وقت فخر سے زیادہ غصہ دکھائی دے رہا تھا۔
کیوں؟ سکون سے بیٹھ نہیں سکتیں آپ؟ اپنی جان پیاری نہیں ہے آپ کو؟
مائرہ نے اس کے غصے سے بے نیاز ہو کر جواب دیا۔
جان بھی بہت پیاری ہے اور کام بھی۔ دونوں میں سے کسی ایک پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔
ظفر نے بے یقینی سے اسے دیکھا۔
اور بھی کتنے کیسز پڑے ہیں، لیکن آپ نے ہاتھ ڈالنا بھی ہے تو اغوا جیسے خطرناک کیس میں! ہر بار کسی نہ کسی مصیبت میں خود کو ڈالنا ضروری ہے؟
مائرہ نے سنجیدگی سے جواب دیا۔
کراچی کے حالات آپ کے سامنے ہیں، سر۔ یہاں آئے دن ایسے واقعات ہوتے ہیں۔ اگر ان جرائم کے خلاف کارروائی نہیں کروں گی تو پھر کس کے خلاف کروں؟
ظفر جاوید نے میز پر انگلیاں بجاتے ہوئے کہا۔
ادھر بہت سے لوگ اپنے دفتروں، اسپتالوں، مارکیٹنگ اور دوسری جگہوں پر ہیر پھیر کر رہے ہیں۔ آپ وہ کیسز بھی اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہیں۔ ضروری نہیں کہ ہر بار کسی خطرناک مجرم کے پیچھے ہی بھاگتی پھریں۔
مائرہ کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔
یہ سارے کیسز تو آپ کے لیے چھوڑ رکھے ہیں، سر۔
ظفر نے اسے گھورا۔
مائرہ نے اسی بے باکی سے اپنی بات مکمل کی۔
آپ بھی کچھ کام کر لیا کریں، ورنہ آگے سینئر افسران کو کیا رپورٹ دیں گے؟
ظفر جاوید اسے گھور رہا تھا، جبکہ مائرہ کے چہرے پر ایسی معصومیت تھی جیسے اس نے کوئی غیر معمولی بات کہی ہی نہ ہو۔ سر پر بندھی پٹی اور زخمی ہاتھ کے باوجود اس کی زبان کی تیزی میں کوئی کمی نہیں آئی تھی۔
آپ آخر کیوں چاہتی ہیں کہ میں آپ کے خلاف کوئی سخت قدم اٹھاؤں؟ باقی سب کی طرح ایک اچھے بچے کی طرح میری بات کیوں نہیں مان لیتیں؟
مائرہ خاموشی سے اس کے سامنے رکھی کرسی پر آ بیٹھی۔
آپ جانتے ہیں، صرف یہ وردی پہننے کے لیے میں نے کیا کچھ برداشت کیا ہے؟ پہلے خاندان کی بے رخی، پھر رشتے داروں کے طعنے… اور اب بھی میں اپنے گھر میں تو رہتی ہوں، مگر اجنبیوں کی طرح۔ میرے گھر والوں نے آج تک مجھے اس وردی کے ساتھ قبول نہیں کیا۔
وہ ایک لمحے کے لیے رکی، جیسے اپنے ہی لفظوں کا بوجھ محسوس کر رہی ہو۔
صرف اس لیے کہ میں ایک لڑکی ہوں، انہوں نے مجھے گھر سے باہر تو نہیں پھینکا، مگر ان کے رویّے نے مجھے کبھی یہ محسوس بھی نہیں ہونے دیا کہ میں اپنے گھر میں رہتی ہوں۔
ظفر نے اس کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے کی سختی میں ذرا سی نرمی در آئی، مگر لہجہ اب بھی سوالیہ تھا۔
تو آپ کو لگتا ہے کہ یہ سارے کیس حل کرنے سے آپ کے گھر والے مان جائیں گے؟
نہیں، وہ تبھی مانیں گے جب میں یہ وردی اتار دوں گی۔ لیکن ان سب کیسز کو حل کرکے مجھے اپنے آپ پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ کم از کم مجھے یہ اطمینان تو رہتا ہے کہ میں اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے کچھ کر رہی ہوں۔ اگر میں بھی آپ کی طرح ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جاؤں تو میرا ضمیر مجھے اندر ہی اندر مار دے گا۔
اس بار ظفر کچھ نہیں کہہ سکا، وہ واقعی کچھ نہیں کہہ سکا۔۔۔
ایک بار پھر وہ اس لڑکی کے سامنے ہار گیا تھا۔ اپنی ضد، اپنے رعب اور ہر بات منوانے کی عادت کو ایک طرف رکھ کر وہ اس کے سامنے بے بس ہوگیا تھا۔
وہ جانتا تھا کہ مائرہ کو روکنا آسان نہیں، مگر اس کی یہ بے خوفی اسے خوف زدہ کرتی تھی۔ کاش! اسے بھی کبھی احساس ہو کہ ہر جنگ میں خود کو داؤ پر لگانا بہادری نہیں ہوتی۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں تمہاری واپسی کا انتظار رہتا ہے۔

++++++++++++

امل اور ہنزہ اس وقت کلاس روم میں بیٹھی تھیں۔ کچھ ہی دیر میں کلاس شروع ہونے والی تھی، مگر ابھی تک سر کا کوئی اتا پتا نہیں تھا۔ کلاس کے بیشتر طلبہ اپنی اپنی جگہوں پر بیٹھے آپس میں محوِ گفتگو تھے، جبکہ امل اور ہنزہ کی توجہ ایک نئے موضوع نے اپنی طرف کھینچ رکھی تھی۔
ہنزہ نے قدرے تجسس سے امل کی طرف جھکتے ہوئے پوچھا۔  تم نے صارم کے بارے میں سنا؟
کیا؟
بہت چرچے ہو رہے ہیں اُس کے۔
ہاں، پھر؟
تو کیا پتا نہیں؟ ہماری کلاس کی حفصہ ہے نا، وہ بھی کہہ رہی تھی کہ اُس نے اپنے متھس کے سارے سوالات اُس سے حل کروا لیے ہیں۔
اور اُس نے بنا دیے؟
ہاں،
امل نے ذرا سا سر ٹیڑھا کیا، جیسے ابھی بھی اسے اس بات پر مکمل یقین نہ آیا ہو۔
تو کیا پتہ کریں، کہ وہ واقعی میتھس میں اچھا ہے بھی یا نہیں؟
ہنزہ نے فوراََ ہاں ہاں میں سر ہلایا۔۔۔ جیسے یہی تو وہ چاہتی تھی ۔۔
اچھا، کلاس کے بعد ہم میتھس کا سب سے مشکل سوال لے کر اُس کے پاس جائیں گی۔
پھر؟
پھر اُس سے کہیں گی کہ حل کرو۔ اس کے بعد سر کے پاس لے جا کر چیک کروائیں گی کہ جواب درست ہے یا نہیں۔
ہاں! اور اگر صحیح نہ ہوا تو؟
تو پھر وہ میتھ میں اچھا نہیں ہے۔
ہاں۔۔۔ لیکن مجھے ابھی بھی یقین نہیں آتا۔
یقین تو مجھے بھی نہیں آتا۔ اسی لیے تو ٹیسٹ کر لیتے ہیں نا! ویسے سب کہہ رہے ہیں کہ وہ تو بڑے آرام سے میتھ کے سوال حل کر دیتا ہے۔
ہاں، یہی بات تو مجھے اور کھٹک رہی ہے۔
دیکھ لیتے ہیں پھر۔
دونوں ابھی اسی بحث میں مصروف تھیں کہ اتنے میں سر کلاس روم میں داخل ہوئے۔ ان کی آمد کے ساتھ ہی گفتگو کا سلسلہ تھم گیا اور کلاس شروع ہو گئی۔

++++++++++++++++

ظفر جاوید نے ایک گہری سانس لی اور کرسی کی پشت سے سر ٹکا کر چند لمحوں کے لیے آنکھیں موند لیں۔ شاید وہ اپنے اندر اٹھتے غصے کو قابو کرنے کی کوشش کر رہا تھا، یا پھر اس لڑکی کی ضد کے آگے ہتھیار ڈالنے کے لیے خود کو ذہنی طور پر تیار کر رہا تھا۔
کچھ دیر بعد اس نے آنکھیں کھولیں اور مائرہ کی جانب دیکھا۔ اس بار اس کے لہجے میں پہلے جیسی سختی نہیں تھی، بلکہ ایک عجیب سی سنجیدگی اور اپنائیت در آئی تھی۔
ٹھیک ہے! تمہیں جو کرنا ہے کرو۔ میں پیچھے کھڑا ہوں تمہارے۔ جہاں ہاتھ ڈالنا ہے ڈالو، جس کا گریبان پکڑنا ہے پکڑو۔
مائرہ نے قدرے حیرت سے اس کی طرف دیکھا۔ اسے شاید توقع نہیں تھی کہ اتنی بحث کے بعد ظفر جاوید اتنی آسانی سے ہتھیار ڈال دے گا۔
ظفر نے انگلی اٹھا کر اپنی بات مکمل کی۔
بس مجھے بتا دیا کرو، تاکہ تمہیں اس بار جو چوٹیں آئی ہیں، اگلی بار نہ آئیں۔
مائرہ نے اس کی طرف دیکھا مگر مسکرائی نہیں، اُسے ظفر کی فکر یا اپنائیت کی ضرورت نہیں تھی۔۔۔ وہ اس وقت محض اپنے مقصد اور اپنی وردی کو دیکھ رہی تھی۔
امن ذرا سا بھی اس کی طرف دیکھ کر مسکرا دیتا تو وہ سب کچھ بھول کر محض ایک عام سی لڑکی، ورنہ وہ تو ہر وقت ایک کڑک پولیس آفیسر بنی رہتی۔
ظفر نے ہاتھ کے اشارے سے اسے جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا۔
جاؤ، بھر لو اپنی اڑان! اور یہ جو جنات بیٹھا ہے یہاں
کرسی پر، یہ تُمہاری پروں کی حفاظت کریں گا۔۔۔
ظفر جب غصے میں ہوتا تو مائرہ سے “آپ جناب” کر کے بات کرتا تھا، اور جب سارا غصہ ٹھنڈا ہو جاتا تو وہ “آپ” سے “تم” میں آ جاتا تھا۔۔۔
اور مائرہ کو اُس کے “تم” تک پہنچنے کے لیے ہر بار اُس کے “آپ” سے گزرنا پڑتا تھا۔
مائرہ نے ذرا سا سر ٹیڑھا کرتے ہوئے جواب دیا۔
میں اپنے پروں کی حفاظت خود کر سکتی ہوں۔ آپ اپنے ضمیر کی حفاظت کیجیے۔
یہ کہتے ہوئے وہ اپنی جگہ سے اٹھی اور میز کے قریب آ کر دونوں ہاتھ اس پر ٹکا دیے۔ اس کی آنکھوں میں وہی مخصوص بے باکی تھی،
اور ویسے بھی، آپ کی بڑی بڑی باتیں میرے چھوٹے چھوٹے کانوں سے اندر جانے سے پہلے ہی باہر نِکل جاتی ہے۔۔۔
ظفر نے اسے گھورا، مگر مائرہ کہاں رکنے والی تھی۔۔۔
اس نے اپنی بات جاری رکھی۔
اور مائرہ سرمد کو کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، سر! آپ کے منع کرنے کے باوجود بھی میں وہی کروں گی جو میں کرنا چاہتی ہوں۔
آخری جملہ ادا کرتے ہوئے اس نے ظفر کو ایک بھرپور گھوری ڈالی، پھر میز سے ہاتھ ہٹائے اور پورے اعتماد کے ساتھ دروازے کی طرف بڑھ گئی۔
دروازہ کھولنے سے پہلے ایک لمحے کے لیے پلٹی، جیسے کچھ اور کہنا چاہتی ہو، مگر پھر خاموشی سے باہر نکل گئی۔
ظفر جاوید اسے جاتے دیکھتا رہ گیا۔ پھر اس نے ایک طویل سانس خارج کی، سر کو ہلکا سا جھٹکا دیا اور بڑبڑایا۔
تھوڑا سا اچھے سے کیا بات کر لوں، یہ تو سیدھا سر پر ہی بیٹھ جاتی ہے۔۔۔۔

++++++++++++++

کلاس ختم ہوئی تو طلبہ آہستہ آہستہ اپنا سامان سمیٹنے لگے۔ ہنزہ نے اپنا بیگ اٹھاتے ہوئے امل کی طرف دیکھا۔
یار! آج تو میں میتھ کی کتاب لائی ہی نہیں۔ تم لائی ہو؟
آج میتھ کی کلاس ہی نہیں تھی تو کیوں لاتی؟
اچھا، میں زوبیہ سے مانگ کر آتی ہوں۔ اُس کے پاس ہو گی، وہ تو ساری کتابیں لے کر آتی ہے۔
ہاں، جاؤ تم اُس سے مانگ لو۔ مانگ کر کینٹین میں آجانا۔ میں بیگ پیک کرکے وہیں ملوں گی، پھر دونوں مل کر سوال منتخب کریں گی۔ امل اپنی کاپی بیگ میں ڈالتی بولی۔۔۔
ہاں، ٹھیک ہے۔ ہنزہ بیگ کندھے پر ڈال کر کلاس سے نکل گئی۔
امل ابھی اپنے بیگ میں کاپیاں اور دوسری چیزیں رکھ ہی رہی تھی کہ اچانک اسے اپنے نوٹس نہیں مل رہے تھے۔ وہ کبھی بیگ کے ایک خانے میں ہاتھ ڈالتی، کبھی دوسرے میں، مگر نوٹس جیسے کہیں غائب ہو گئے تھے۔
دیکھتے ہی دیکھتے پوری کلاس خالی ہو گئی۔ چند لمحے پہلے جہاں طلبہ کی آوازیں گونج رہی تھیں، وہاں اب خاموشی چھا چکی تھی۔
تبھی ایک آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی۔
گریملن۔۔
اور یہ لفظ سنتے ہی امل کی سانس سینے میں اٹک جاتی۔
اس نے آہستگی سے گردن موڑ کر دیکھا۔
وہ آخری نشست پر بیٹھا تھا۔
اپنے معمول کے مطابق سیاہ لباس میں ملبوس، جلا کے راگ کرنے دینے والے سیاہ آنکھیں لیے، ریپر۔۔ اُسے گھورتے ہوئے۔۔۔۔ اور اس کے ہاتھ میں امل کے وہی نوٹس تھے جنہیں وہ اتنی دیر سے ڈھونڈ رہی تھی۔
امل نے فوراً پلٹ کر کلاس روم کی کھڑکی سے باہر جھانکا۔ اس کی نظریں بے چینی سے ادھر اُدھر دوڑیں، مگر تانیہ اسے کہیں دکھائی نہ دی۔
وہ دوبارہ ریپر کی طرف مڑی۔
ڈیتھ نوٹ تو تمہیں مل گیا ہوگا؟
امل نے اس کی بات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے ہاتھ آگے بڑھایا۔
میرے نوٹس واپس کریں۔ میں نے بڑی محنت سے بنائے ہیں۔
آؤ، میرے ہاتھ سے لے لو۔ وہ ہاتھ میں نوٹس لہراتے بولا۔۔۔
مت دیں۔ میں جا رہی ہوں۔ یہ کہہ کر اُس نے اپنا بیگ اُٹھ کر کندھے پر ڈال لیا۔۔۔
لے لو، ورنہ پھاڑ دوں گا۔
امل نے بے نیازی سے کندھے اچکائے۔
پھاڑ دیں۔
ریپر نے اس کے جواب پر ایک لمحہ اسے دیکھا، پھر نوٹس کا ایک صفحہ پھاڑ کر ہوا میں لہرا دیا۔
اور پھر۔۔۔ پھر کیا تھا۔۔۔۔
اَمل کا پارہ فوراََ چڑھ گیا۔ اتنے محنت سے بنایا گیا اُس کا نوٹس جنہیں ترتیب دینے میں اُس نے نہ جانے کتنے گھنٹے صرف کیے تھے،
اس نے غصے سے اپنے بیگ سیدھا کیا زپ کھولی اور پورا بیگ ریپر کے سامنے الٹ دیا۔ کتابیں، کاپیاں، پین، سب کچھ دھڑ دھڑ کر کے فرش پر بکھر گیا۔ ریپر نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا۔
یہ کیا کر رہی ہو؟
لیکن وہ ان سنی کرتی نیچے  جھکی، فرش سے اپنا دوسرا نوٹس اٹھایا اور سیدھی کھڑی ہو گئی۔
یہی چاہتے ہیں نا آپ؟
اس نے غصے سے خود ہی خود کے نوٹس کا ایک صفحہ پھاڑا۔
لیجیے۔۔۔
پھر ایک کے بعد ایک صفحہ پھاڑتے ہوئے بولی۔
میں آپ کا کام آسان کر دیتی ہوں۔
وہ پوری بے رحمی سے اپنے نوٹس کے صفحے پھاڑتی جا رہی تھی۔ کاغذ کے ٹکڑے فرش پر بکھرتے جا رہے تھے، مگر اس کی آنکھوں میں ایک آنسو تک نہیں تھا۔ وہاں صرف غصہ تھا۔۔۔ شدید غصہ۔۔۔۔۔
ریپر خاموشی سے اسے دیکھ رہا تھا۔
امل چاہتی تھی کہ ریپر جب بھی اسے دیکھے، اس کی آنکھوں میں اسے صرف نفرت اور بے خوفی دکھائی دے۔ وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس شخص کو کبھی اس کی کمزوری کا اندازہ ہو۔ اسی لیے آنکھوں میں جتنے بھی آنسو امڈ آئیں، وہ انہیں پلکوں کی دہلیز سے باہر نہیں آنے دیتی تھی۔ اپنے ہر آنسو کو غصے کی چادر میں چھپا لیتی تھی، ہر خوف کو تلخ لہجے اور بے باک نظروں کے پیچھے دفن کر دیتی تھی۔
ورنہ اگر اس وقت ریپر کی جگہ اس کا بھائی امن ہوتا تو وہ کب کی چیخ چیخ کر اپنا سارا غصہ رو کر نکال چکی، شاید اس کے سامنے اپنی بے بسی بھی ظاہر کر دیتی۔ مگر ریپر کے سامنے وہ ایسا کچھ نہیں کر سکتی تھی۔
البتہ وہ یہ نہیں جانتی تھی کہ ریپر اس کی آنکھوں میں اترنے والے آنسو بھی دیکھ چکا تھا اور ان میں چھپا خوف بھی پہچان چکا تھا۔ وہ اس کی نفرت سے بھری نگاہوں کے پیچھے چھپی کمزوری سے بھی ناواقف نہیں تھا۔
ریپر خاموشی سے اسے دیکھ رہا تھا۔
امل نے نوٹس کے باقی صفحات بھی ایک ایک کرکے پھاڑے اور غصے میں اپنے آس پاس بکھرے ہوئے سامان پر دے مارے۔ پھر اسے گھورتے ہوئے بولی۔
اور ہاں! یہ تو میں نے آپ کا کام آسان کر دیا۔۔۔ اور میں بتا دوں۔۔۔
وہ سینے پر دونوں بازو باندھ کر اس کے سامنے کھڑی ہو گئی۔
بھائی میرے باہر جانے کا انتظام کر رہے ہیں۔ روک سکتے ہیں تو روک لیں مجھے۔۔۔ ورنہ پھر آپ کو کبھی مجھے تنگ کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ نہ ہی میری وجہ سے آپ میرے بھائی کو دھمکا سکیں گے۔
ریپر خاموشی سے اسے دیکھتا رہا۔ دل ہی دل میں اس کی بات پر مسکرایا۔
یہ اب مجھے استعمال کرنا چاہتی ہے؟ دلچسپ۔۔۔ امن کی بہن تو واقعی کچھ بھی کر سکتی تھی۔ اس کا نام بالکل ٹھیک رکھا تھا اس نے۔۔۔ گریملن۔۔۔
وہ جانتا تھا کہ امل اپنے لفظوں کی حفاظت کرنے میں کتنی ماہر ہے۔ غصے میں بھی وہ کچھ ایسا نہیں بولتی تھی جو بے سوچے نکل جائے۔ پھر وہ اس پر نظر بھی رکھتا آیا تھا، اس لیے اسے معلوم تھا کہ امل باہر جانا ہی نہیں چاہتی۔ مگر امن کو وہ منع نہیں کر پائے گی، اسی لیے اب ریپر کو استعمال کرنے کا سوچ رہی تھی۔۔۔
وہ ایک گینگسٹر کا فائدہ اٹھانا چاہتی تھی۔۔۔ اور وہ گینگسٹر، جو اُس کی چال سمجھ چکا تھا، خاموش بیٹھا تھا،
امل نے اُس کی طرف دیکھا، وہ جاننا چاہتی تھی کہ امن کے اسے باہر بھیجنے کی بات سن کر اسے غصہ آیا ہے یا نہیں، مگر ریپر کی آنکھوں پر کوئی تاثر نہیں ابھرا۔ وہ خاموشی سے اپنی نشست پر بیٹھا بس اسے دیکھتا رہا۔
کچھ دیر گزر گئی، مگر ریپر کی طرف سے کوئی جواب نہ آیا۔ وہ اپنی خاموش نگاہیں اسی پر جمائے بیٹھا تھا۔
آخر امل نے اسے گھورا۔
صرف دو دن کا وقت ہے آپ کے پاس۔ روک سکتے ہیں تو روک لیں۔۔۔
وہ ایک لمحے کو رکی، پھر طنزیہ انداز میں بولی۔
اور وہ جو ڈیتھ نوٹ بنایا ہے نا آپ نے، اس میں اپنا ہی نام لکھ کر خود کو ہی گولی مار لیجیے گا۔۔۔
کسی اور نے یہ کہا ہوتا تو اب تک قبر میں ہوتا۔ لیکن وہ تو گریملن تھی نا، اور گریملن کے لیے اُس کے سارے اصول معطل تھے۔
یہ کہہ کر وہ اپنا سارا سامان، حتیٰ کہ اپنا بیگ بھی فرش پر بکھرا چھوڑ کر وہاں سے نکل گئی۔
کتنی اکڑ ہے اس کے اندر۔۔۔
ریپر نے زہر خند لہجے میں بڑبڑاتے ہوئے اپنے بازوؤں کو ذرا سا پھیلایا، پھر نشست سے اٹھ کھڑا ہوا۔ دبے دبے قدموں سے وہ امل کے بکھرے ہوئے سامان کے قریب آیا۔ نیچے جھک کر اس نے اس کا بیگ اٹھایا اور جھاڑنے کے بعد فرش پر پڑی چیزیں سمیٹنے لگا۔
جیومیٹری باکس، لپ بام، کاپی، رجسٹر۔۔۔ وہ ایک ایک چیز اٹھا کر بیگ میں رکھتا گیا۔
پھر اس کی نظر فرش پر بکھرے نوٹس کے پھٹے ہوئے صفحات پر پڑی۔ اس نے انہیں بھی سمیٹا اور قریب پڑی نوٹ بک اٹھا کر اس کے سرورق پر نگاہ ڈالی۔
وہ ایک عام سی نوٹ کاپی تھی، جس میں امل اپنے لیکچر کے نوٹس لکھا کرتی تھی۔ سرخ رنگ کا سرورق، جس پر نوٹس ڈائری درج تھا، اور اندر صفحات پر کاپی کی طرح لکیریں بنی ہوئی تھیں۔
پھر ریپر نے اپنے ہاتھ میں لیا نوٹس دیکھا۔۔۔ وہ نوٹ بک امل کی نہیں تھی۔
وہ امل کی نوٹ بک جیسی ضرور تھی، مگر اس کے اصل نوٹس اس میں موجود نہیں تھے۔ ریپر نے اسے دھوکا دیا تھا۔۔۔ اور امل غصے میں اپنا ہی نقصان کر بیٹھی تھی۔
ریپر نے نوٹ بک کو چند لمحے دیکھا، پھر دھیمی آواز میں خود سے کہنے لگا۔
ایک وجہ ہے جس کی وجہ سے باعث میں تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔۔۔ اسی لیے تمہیں تنگ کر رہا ہوں، کہ تُم اپنے بھائی کو سیاست چھوڑنے پر مجبور کردو۔۔
لیکن اب تم مجھے دوسری وجہ دے رہی ہو کہ میں تمہیں تنگ بھی نہ کروں۔
یہ کہتے ہوئے اس کی نظر فرش پر پڑے ایک چھوٹے سے پاکٹ پرفیوم پر پڑی۔ اس نے اسے اٹھایا، چند لمحے ہاتھ میں گھمایا اور پھر اپنی جیب میں ڈال لیا۔
باقی سارا سامان سمیٹ کر اس نے امل کے بیگ میں رکھ دیا۔
مگر ایک بات عجیب تھی۔۔۔ وہ اس کی بکھری ہوئی چیزیں کیوں سمیٹ رہا تھا؟
جس لڑکی کو وہ مسلسل پریشان کرنے پر تلا ہوا تھا، اسی کے سامان کو یوں احتیاط سے سنبھالنے کی آخر کیا ضرورت تھی؟
اُس کی اکڑ پہ یوں تو غصہ بہت تھا مجھ کو،
پر جانے کیوں ہر اَدَا پر پیار آ گیا آخر!

++++++++++++

ہنزہ زوبیہ کے ساتھ ہی بیٹھی تھی۔ دونوں کسی بات میں مصروف تھیں کہ اچانک سامنے سے امل آتی دکھائی دی۔ زوبیہ کی نظر جیسے ہی اس پر پڑی، اس کے چہرے کے تاثرات یکدم بدل گئے۔ وہ بغیر کچھ کہے خاموشی سے اپنی نشست سے اٹھی اور وہاں سے ہٹ گئی۔
امل اس کی اس حرکت کو نظر انداز کرتی ہوئی ہنزہ کے سامنے آ بیٹھی۔ ابھی وہ ٹھیک سے بیٹھی بھی نہ تھی کہ ہنزہ نے اسے دیکھتے ہی سوال کر دیا۔
تمہارا بیگ کہاں ہے؟
کلاس میں۔ امل نے بے پروائی سے جواب دیا۔
وہاں کیوں چھوڑ آئی؟ تمہیں پتا نہیں، ابھی وہاں دوسری کلاس ہونے والی ہے۔ کسی نے اٹھا لیا تمہارا بیگ تو؟
چھوڑ کر نہیں آئی، پھینک کر آئی ہوں۔
امل کے جواب پر ہنزہ نے حیرت سے اسے دیکھا۔
لیکن کیوں؟
امل نے اپنا سر دونوں بازوؤں پر رکھ کر میز پر ٹکا دیا۔ اور اس کے چہرے پر جھنجھلاہٹ نمایاں تھی۔
ہنزہ نے فوراً اپنا بیگ کھولا اور اس میں سے پیناڈول کی گولی نکال کر اس کی طرف بڑھا دی۔
لو۔۔
امل نے سر اٹھا کر پہلے گولی کو دیکھا، پھر ہنزہ کے چہرے پر نگاہ جمائی۔
یہ کہاں سے آیا تمہارے پاس؟
ہنزہ نے بیزاری سے کندھے اچکائے۔
تم مجھے جانتی نہیں ہو کیا؟ میں ایک پورا میڈیکل اسٹور ہوں۔ آدھی دوائی میرے پیٹ کے اندر رہتی ہے اور آدھی میرے بیگ میں۔ گھر تو میرا پورا دوائیوں سے بھرا پڑا ہے۔
امل نے معصومیت اور فکر مندی سے اسے دیکھا۔ پھر اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھتے ہوئے دھیرے سے بولی۔
کیوں اتنی ٹینشن لیتی ہو تم؟ دیکھنا، ایک دن تم بالکل ٹھیک ہو جاؤ گی۔
ہنزہ نے اس کی بات کو نظر انداز کرتے ہوئے گولی دوبارہ اس کی طرف بڑھائی۔
لو، فی الحال تم اپنے سر درد کا علاج کرو۔
امل نے گولی لیتے ہوئے بولی
پانی کی بوتل بھی پھینک آئی ہوں میں۔
ہنزہ نے ایک گہری سانس لی، پھر اپنے بیگ سے پانی کی بوتل نکال کر اس کی طرف بڑھا دی۔ امل نے خاموشی سے دونوں چیزیں لیں اور دوا کھا لی۔
یہ میری باڈی گارڈ کہاں ہے؟ کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ یہ میری نہیں، میں اس کی باڈی گارڈ ہوں۔
امل نے پانی کی بوتل میز پر رکھتے ہوئے بولی
جب میں کلاس سے نکلی تھی تو وہ وہیں کھڑی تھی۔
کیا آسمان کھا گیا اسے۔۔۔ امل نے حیرت سے کہا، پھر  اچانک کُچھ یاد آنے پر زیرِ لب بڑبڑائی۔
آسمان نہیں، ریپر کھا گیا ہوگا۔۔۔ منحوس کہیں کا۔۔۔
اسی دوران اس کی نظر میز پر ہنزہ کی کاپی کے ساتھ رکھے سرخ رنگ کے نوٹس پر پڑی۔ وہ چونک کر سیدھی ہوئی۔
یہ۔۔۔؟
ہنزہ نے اس کی نگاہوں کے تعاقب میں نوٹس کو دیکھا تو اسے کچھ یاد آیا۔
اوہ ہاں! میں جلدی جلدی میں تمہارے نوٹس بھی اپنے ساتھ لے آئی تھی۔
اس نے اپنی کاپی کے نیچے سے سرخ رنگ کی نوٹ بک نکالی اور امل کی طرف بڑھا دی۔
امل کے کیمسٹری کے تمام نوٹس کے سرورق سرخ رنگ کے تھے۔ وہ ہر چیپٹر کے لیے الگ نوٹ بک بناتی تھی؛ پہلے چیپٹر کے لیے پہلی، دوسرے کے لیے دوسری، اور اسی ترتیب سے باقی ابواب کے نوٹس بھی الگ الگ محفوظ رکھتی تھی۔ اس وقت کلاس میں کیمسٹری کا چھٹا چیپٹر پڑھایا جا رہا تھا، اس لیے اس کے پاس پانچویں اور چھٹے باب کے نوٹس ہی موجود تھے۔ باقی کے گھر پر رکھے تھے۔۔۔
ایسے اُس نے الگ الگ رنگ کے الگ الگ سبجیکٹ کے نوٹس بنا کے رکھے تھے۔۔۔ جیسے کیمسٹری کے نوٹس سارے سرخ رنگ کے تھے، میتھ کے بلیو، بائیولوجی کے گرین۔۔
کلاس میں پانچویں چیپٹر کے نوٹس ریپر کے ہاتھ میں تھے، جبکہ چھٹے چیپٹر کے نوٹس اس کے بیگ میں تھے۔۔
تو پھر یہ ہنزہ کے پاس کون سے نوٹس تھے؟
امل کی نگاہیں سرخ سرورق پر جم گئیں۔ اس کے ذہن میں ایک ہی خیال بجلی کی طرح کوند گیا۔
کیا ریپر کے ہاتھ میں اس کے نوٹس نہیں تھے؟
وہ ایک دم اپنی نشست سے اٹھ کھڑی ہوئی۔
میں ابھی آتی ہوں، اسے سنبھال کر رکھنا۔۔۔
یہ کہہ کر وہ تیزی سے وہاں سے نکل گئی اور اپنی کلاس کی طرف بھاگی۔
مگر جب وہ کلاس کے دروازے تک پہنچی تو اس کے قدم وہیں رک گئے۔
کلاس اب خالی نہیں تھی۔ نئے طلبہ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ چکے تھے اور اندر باقاعدہ لیکچر جاری تھا۔ استاد بورڈ کے سامنے کھڑے پڑھا رہے تھے، جبکہ تمام طلبہ پوری توجہ سے ان کی طرف متوجہ تھے۔
امل دروازے کے باہر کھڑی اندر جھانکتی رہ گئی۔ اس کی نگاہیں بے چینی سے اپنی نشست اور بیگ کو تلاش کر رہی تھیں۔
میرا سامان۔۔۔۔۔۔
اس کے لبوں سے بے اختیار نکلا۔ وہ پریشان نظروں سے کلاس کے اندر دیکھ رہی تھی،
ہنزہ بھی بھاگتی ہوئی اس کے پیچھے آ پہنچی۔
کیا ہوا؟
پھر ہنزہ نے کلاس کی طرف دیکھا جہاں سارے طلبہ بیٹھے کلاس لے رہے تھے۔۔۔
میں نے کہا تھا نا کہ یہاں دوسری کلاس ہونے والی ہے۔ اچھا، پریشان مت ہو۔ ابھی یہ کلاس ختم ہوگی تو سر سے پوچھ لینا، شاید کسی نے تمہارا بیگ اٹھا کر سر کو دے دیا ہو۔
مگر امل کا ذہن تو کہیں اور الجھا ہوا تھا۔ وہ اپنے نوٹس بھی پھاڑ چکی تھی، اور اب اسے شدت سے احساس ہو رہا تھا کہ غصے میں آ کر اس نے کتنی بڑی حماقت کر دی تھی۔
اس کا دل چاہ رہا تھا کہ ریپر کا گلا ہی دبا دے۔
گھٹیا انسان۔۔ یہ کیا فضول حرکت تھی؟
اس نے دانت پیستے ہوئے دل ہی دل میں اسے کوسا۔
ہنزہ نے اس کا بازو پکڑ کر کہا۔
چلو نا، اب یہاں کھڑی رہو گی؟ کلاس ابھی ختم نہیں ہوگی۔
امل نے بے بسی سے اسے دیکھا۔ اب اپنے غصے پر افسوس ہو رہا تھا، مگر جو ہونا تھا وہ ہو چکا تھا۔
تم جاؤ، میں کلاس ختم ہونے کا انتظار کرتی ہوں۔
یہاں کھڑی رہ کر؟
تو اور کیا کروں؟
ہنزہ نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
کینٹین میں چل کر بیٹھو۔ جیسے ہی کلاس ختم ہوگی، ہم واپس آ جائیں گے۔ سر کو تو ہم نے دیکھ ہی لیا ہے، اگر کسی نے تمہارا سامان انہیں دیا ہوگا تو وہیں سے مل جائے گا، ورنہ خود جا کر پوچھ لیں گے۔ اور اپنی باڈی گارڈ کو بھی ڈھونڈوں، پتا نہیں کہاں غائب ہے۔۔۔
یہ کہتے ہوئے اس نے امل کا ہاتھ پکڑا اور اسے اپنے ساتھ لے جانے لگی۔
امل نے چند قدم چلنے کے بعد اسے روکا۔
اچھا سنو! میرے سر میں بہت درد ہو رہا ہے، میں لائبریری چلی جاتی ہوں، تھوڑی دیر آرام کر لوں گی۔ ویسے بھی ہماری کلاس آدھے گھنٹے بعد ہے۔
ہنزہ نے اثبات میں سر ہلایا۔۔
اچھا، چلو۔
امل نے اسے دیکھا، پھر پوچھا۔
تم کہاں جا رہی ہو؟ تم نے زوبیہ سے میتھس کی کتاب لے لی؟
ہاں، اور سوال بھی ڈھونڈ لیا ہے۔
امل نے فوراً کہا۔
تو اب جا کر اسے حل بھی کروا لو۔ سوال بنا کر آنا، پھر ہم وہ لے کر میتھس سر کے پاس جائیں گے۔
ہنزہ نے منہ بناتے ہوئے کہا۔
تم ساتھ چلو نا۔۔۔
امل نے طنزیہ انداز میں کہا۔
نہیں، تم اپنی دوسری بیسٹ فرینڈ کو لے جاؤ۔
پھر ہاتھ آگے بڑھاتے ہوئے بولی۔
اور اپنا فون دو، میں تانیہ کو کال کر لوں۔
اچھا۔ ہنزہ نے اپنے بیگ سے فون نکال کر اسے تھما دیا۔ امل فون لے کر لائبریری کی طرف بڑھ گئی، جبکہ ہنزہ کینٹین کی جانب چل دی۔

+++++++++++

جاری ہے۔۔۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *